روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید مہنگا

Published On 22 September,2022 04:09 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں ایک مرتبہ پھر روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت میں مزید اضافہ دیکھا گیا جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں معمولی مندی ریکارڈ کی گئی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر 6 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 239 روپے 65 پیسے سے بڑھ کر 239 روپے 71 پیسے ہو گئی ہے۔

دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 50 پیسے مہنگا ہوا اور قیمت 245 روپے 50 پیسے ہو گئی ہے۔

مزید برآں پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باعث اُتار چڑھاؤ کے بعد 37.63 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 40927.95 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.09 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 10 کروڑ 40 لاکھ 56 ہزار 372 شیئرز کا لین دین ہوا، سرمایہ کاروں کے پانچ ارب سے زائد ڈوب گئے۔
 

 
Advertisement