اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار امریکا روانہ ہوگئے، وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار دورہ امریکا میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے حکام سے مذاکرات کریں گے۔
اسحاق ڈار آئی ایم ایف کے نمائندوں سے قرض پروگرام پر مذاکرات کریں گے جبکہ عالمی بینک کے عہدیداران سے بھی فنڈز سمیت دیگر امور پر مذارکرات ہوں گے۔
پاکستان رواں مالی سال 2022-23 کے لئے میکرو اکنامک فریم ورک پر نظرثانی کے لئے باضابطہ درخواست کرے گا، بڑھتی مہنگائی، جی ڈی پی کی شرح نمو میں کمی، بجٹ خسارے اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے اہداف میں نرمی کی درخواست کی جائے گی۔
اعلیٰ پاکستانی عہدیدار کے مطابق آئی ایم ایف سے توسیعی فنڈ سہولت (EFF) سے منسلک شرائط نرم کرنے کی درخواست بھی کی جائے گی جس میں اگلے چند ماہ کے لئے پیٹرولیم لیوی اور بجلی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ منجمد کرنا بھی شامل ہے۔