اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین واپڈا سجاد غنی کی ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد سے ملاقات کی، ملاقات میں ترقیاتی ترجیحات، روڈ میپ اور واپڈا منصوبوں کی فنانسنگ کے بارے میں گفتگو کی گئی۔
وفد میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے پاکستان، جاپان، چین اور کوریا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز شامل تھے، اس موقع پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کو کم لاگت اور ماحول دوست بجلی کے لئے واپڈا منصوبوں بارے آگاہ کیا گیا۔
— WAPDA (@wapda_pr) February 27, 2023
وفد کو بتایا گیا کہ واپڈا منصوبوں کی بدولت تھرمل بجلی کی پیداوار کے لئے مہنگے اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہوگا، واپڈا پن بجلی منصوبوں کی تکمیل سے ماحولیات پر پڑنے والے منفی اثرات میں بھی کمی آئے گی۔
ملاقات میں واپڈا کی مستحکم مالی حیثیت، ذرائع آمدنی اور منصوبوں کی فنانسنگ کے لئے حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کو زیر تعمیر دیا مر بھاشا اور مہمند ڈیم پر تعمیراتی اور مالی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو توانائی کے شعبے میں 155 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری درکار
ملاقات میں پٹن اور تھاکوٹ پن بجلی منصوبوں کی تعمیر کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک کی فنانسنگ پر بھی بات چیت کی گئی، وفد کو بریفنگ دی گئی کہ واپڈا منصوبوں میں بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے لئے فنانسنگ کے شاندار مواقع موجود ہیں۔