اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین سے 15 ارب ڈالر توانائی قرض ری شیڈولنگ کیلئے وفاقی وزرا پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ، وزیر توانائی، وزیر اقتصادی امور اور سیکرٹری وزارت خزانہ کمیٹی میں شامل ہیں جبکہ معاونت کیلئے سی پی پی اے، پی پی آئی بی، بینک حکام اور چینی نمائندے بھی ذیلی کمیٹی میں شامل کیے گئے ہیں۔
ذیلی کمیٹی 4 ہفتوں میں چینی توانائی منصوبوں کے قرض کی ری شیڈولنگ کیلئے تجاویز دے گی، وزیر خزانہ کی قیادت میں قائم کمیٹی دو ہفتوں تک ذیلی کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی سفارشات کا حتمی جائزہ لے کر وزیراعظم شہباز شریف کو رپورٹ پیش کرے گی، تجاویز درست ہونے کی صورت میں رپورٹ وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی قیادت میں قائم کمیٹی چینی حکام سے بھی رابطے میں رہے گی، تجاویز میں قرض کی اقساط کی مدت کو بڑھانا یا دیگر تجاویز شامل ہو سکتی ہیں، رپورٹ کی وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد چین کو باقاعدہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔