پاکستان سپر لیگ کا گروپ مرحلہ مکمل

Published On 20 June,2021 03:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ کا گروپ مرحلہ مکمل ہو گیا، پلے آف کی چاروں ٹیمیں آج آرام کریں گی ، کل کوالیفائر میں نمبر ون اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز پھر مدمقابل ہوں گے، پہلا الیمینیٹر پشاور زلمی اور دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کے درمیان ہو گا۔

پاکستان کرکٹ کے بڑے برانڈ کا چھٹا ایڈیشن اختتام کی جانب گامزن، کراچی میں شروع ایونٹ کا گروپ مرحلہ ابوظہبی میں مکمل۔ پلے آف کی ٹاپ فور ٹیمیں فائنل ہو گئیں جو ایک روز آرام کے بعد اِن ایکشن ہوں گی۔

کوالیفائر سرفہرست اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان ہو گا، یہ میچ شام چھ بجے شروع ہو گا جو جیتا وہ اسکندر کے مصداق، فاتح ٹیم ڈائریکٹ فائنل میں رسائی پائے گی۔ شکست خوردہ اسکواڈ کو دوسرے الیمینیٹر میں موقع ملے گا۔ ہفتے کو ایونٹ کے 30 ویں میچ میں یہی دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آئیں، سرفہرست ریڈ شرٹس نے برتری کی دھاک بٹھاتے ہوئے سلطانز کو 4 وکٹ سے شکست دی۔

دوسرے میچ میں پشاور زلمی اور دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کا مقابلہ ہو گا۔ پہلا الیمینیٹر رات 11 بجے کھیلا جائے گا، فاتح ٹیم کو فائنل کا ٹکٹ کٹانے کے لیے 22 جون کو ایک اور امتحان سے گذرنا ہو گا۔
 

Advertisement