راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری تاریخی ٹیسٹ میں انگلش بلے بازوں کی جانب سے برق رفتار بیٹنگ کے بعد پاکستانی اوپنرز سنچریاں سکور کرنے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 225 رنز پر عبداللہ شفیق کی گری جو 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ دوسری وکٹ 245 رنز پر امام الحق کی گری جو 121 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔
قبل ازیں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز 181 رنز بغیر کسی وکٹ کے نقصان سے کیا۔
امام الحق 90 اور عبداللہ شفیق 89 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، عبد اللہ شفیق نے 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے اپنے کیرئیر کی تیسری سنچری مکمل کی۔
اس سے قبل انگلینڈ نے پنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 657 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان نے گزشتہ روز بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 181 ر نز بنا لیے تھے۔
انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک نے 153، اولی پوپ نے 108، بین ڈکٹ نے 107 اور ریک کرالی نے 122 رنز کی اننگز کھیلی تھیں جبکہ پاکستان کی جانب سے زاہد محمود نے 4 اور نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔