لاہور : ( دنیا نیوز ) صوبائی دارالحکومت میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران سنگین وارداتوں میں ملوث ملزم ہلاک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سی آئی اے چوہنگ اور اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔
سی آئی اے ترجمان نے بتایا کہ مقابلے کے دوران ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت کرامت عرف کاکا کے نام سے ہوئی ہے جو 150 سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کے لئے این ایف سی کے قریب ریڈ کیا جہاں ملزم اور اس کے دیگر ساتھیوں نے گرفتاری سے بچنے کے لئے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔
ترجمان نے بتایا کہ جوابی فائرنگ کے دوران ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری کے لئے ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والا ڈاکو اکثر پولیس یونیفارم پہن کر واردات کرتا تھا۔