لاہور: (ویب ڈیسک) ترکی کے ڈرامے ارطغرل غازی میں ترگت الپ (نور گل) کا کردار ادا کرنے والے اداکار جنگیز جوشقون اور اداکار حمزہ علی عباسی کی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے درمیان سکن کیئر پراڈکٹس کی تشہیر کا معاہدہ طے پاگیا۔
تفصیلات کے مطابق اداکار حمزہ علی عباسی کی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی جو پیشے کے لحاظ سے ماہر کنسلٹنٹ پاکستانی ڈرماٹولوجسٹ ہیں انہوں نے اپنی سکن کیئر مصنوعات کے لیے ترک اداکار جنگیز جوشقون کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔
ڈاکٹر فضیلہ عباسی نے سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایاکہ وہ پاکستان اور گلف میں خصوصی طور پر مردوں کے لیے سکن کیئر لائن متعارف کروانے جارہی ہیں۔ سکن کیئر لائن کے برانڈ ایمبیسیڈر ترک اداکار چنگیز جوشقون ہوں گے۔
دوسری جانب اداکار جنگیز جوشقون نے بھی انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں معاہدے سے متعلق بتایا۔
انہوں نے کہا کہ میں یہ اعلان کرتے ہوئے بہت پُرجوش ہیں کہ ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی جانب سے مردوں کے لیے متعارف کروائی جانے والی پہلی سکن کیئر لائن کی تشہیر بطور برانڈ ایمبیسڈر کروں گا۔ پاکستان میں جلد ملاقات ہوگی۔
خیال رہے کہ جنوری میں ڈاکٹر فضیلہ عباسی کو بامسی کا کردار ادا کرنے والے اداکار نورالدین سونمیر اور ارتک بے کا کردار ادا کرنے والے آئبرک پیکچن کی پاکستان آمد پر ان سے ملاقات کرتے دیکھا گیا تھا۔
یاد رہے کہ ارطغرل غازی میں ترگت الپ کا کردار ادا کرنے والے اداکار جنگیز جوشقون گزشتہ برس ستمبر میں پاکستانی برانڈ جے ڈاٹ فریگرینس کے برانڈ ایمبیسڈر بنے تھے۔
اس حوالے سے جاری ویڈیو میں ترگت الپ نے کہا تھا کہ ہیلو پاکستان، السلام علیکم، میں پاکستان کے معروف برانڈ کا برانڈ ایمبیسڈر بنے پر بہت پرجوش ہوں۔