کراچی میں لٹیرے بے لگام، اداکارہ حرا مانی کو گھر کے دروازے پر لوٹ لیا گیا

Published On 02 May,2021 10:14 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں لٹیرے بے لگام ہو گئے، اداکارہ حرا مانی کوگھر کے دروازے پر لوٹ لیا گیا۔

پاکستان کی معروف اداکارہ حرا مانی نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ پر واقعے کی تصدیق کی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حرا مانی کی گاڑی اُن کے گھر باہر آکر رُکتی ہے جس میں سے سب سے پہلے اُن کا بڑا بیٹا باہر آتا ہے اور گھر کی گھنٹی بجاتا ہے۔

اس کے بعد جیسے ہی حرا مانی کا چھوٹا بیٹا گاڑی سے باہر آتا ہے تو دو موٹرسائیکلوں پر دو ڈاکو آتے ہیں اور گن پوائنٹ پر کار میں موجود اداکارہ حرا مانی کو لوٹ لیتے ہیں حرا مانی کا موبائل فون اور سونے کی چین ڈاکو لوٹ کر باآسانی فرار ہو ئے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ ویڈیو دیکھ کر اندازہ ہوگیا ہے کہ اب ہم اپنے گھروں کے باہر بھی محفوظ نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ حرا مانی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول ترین اداکاراؤں میں سے ایک ہیں، اُن کے شوہر مانی کا تعلق بھی شوبز انڈسٹری سے ہے۔

 

Advertisement