کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل ہانیہ عامر نے 'کشمیر ہم سٹائل ایوارڈز' کی تقریب کے دوران غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔
رپورٹ کے مطابق کشمیر ہم سٹائل ایوارڈز 2024 کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں فیشن، فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اور باصلاحیت فنکاروں نے شرکت کی، تقریب میں فیشن، فلم، ڈرامہ اور اسپورٹس سے منسلک قابل شخصیات کو اُن کے زبردست کام اور سٹائل کے لیے مختلف ایوارڈز سے نوازا گیا۔
اس تقریب میں ہانیہ عامر کو ٹیلی ویژن کی سب سے سٹائلش اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا، ہانیہ عامر اپنا ایوارڈ وصول کرنے کے لیے سٹیج پر آئیں تو، اُنہوں نے سب سے پہلے اپنے والدین، مداحوں اور دوستوں کی محبت اور سپورٹ کا شکریہ ادا کیا اور پھر غزہ کے لیے آواز اُٹھائی۔
ہانیہ عامر نے کہا کہ میں آج غزہ کے معصوم لوگوں کو یاد کرکے اُن کے لیے آواز اُٹھانا چاہتی ہوں، یہ ہم سب کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے جہاں ہم فلسطین کے حق میں اپنی آواز بُلند کرسکتے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ آپ مشہور ہوں یا نہ ہوں، مجھ سمیت آپ سب کے پاس سوشل میڈیا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جسے ہم غزہ کے حق میں استعمال کرسکتے ہیں، اپنے پلیٹ فارم کے ذریعے غزہ کے لیے بولیں اور اپنی آواز پوری دُنیا تک پہنچائیں۔
آخر میں ہانیہ عامر نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئیے! تاریخ کی درست سمت کے ساتھ رہیں۔