امریکی حملے

امریکی حملے

عمان سے مذاکرات: ایران نے موجودہ جنوبی بحری راستہ ناقابل قبول قرار دیدیا

برطانیہ، بلغاریہ اور یوکرین کی ایران کو جنگ میں شامل نہ ہونے کی یقین دہانی

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ برطانیہ، بلغاریہ اور یوکرین نے جنگ میں شامل نہ ہونے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

ایک انٹرویو میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا کہ امریکا نے ایم او یو کے تحت بحری آمدورفت بحالی کی اجازت نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے مدت ختم ہونے سے پہلے حملہ کیا، آبنائے ہرمز کی بندش امریکی وعدوں کی خلاف ورزی سے جڑی ہے۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ایران عمان کے ساتھ نئے بحری راستے پر بات کر رہا ہے، آبنائے ہرمز کھولنا عمان سے مذاکرات سے الگ معاملہ ہے۔

قومی سلامتی کے دفاع کیلئے مکمل تیاری موجود ہے، ماجد ابن رضا

تایران کے قائم مقام وزیر دفاع ماجد ابن رضا نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے دفاع کیلئے مکمل تیاری موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران ہر خطرے کو حقیقی سمجھتا ہے، ہر ممکن خطرے کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔

ماجد ابن رضا کا مزید کہنا تھا کہ ایران نہ حیران ہے اور نہ ہی غیر فعال ہے، ایران اپنی عسکری صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔

سعودی، ایرانی، اردنی اور قطری وزرائے خارجہ کا رابطہ، قیامِ امن کے عزم کا اعادہ

سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے ایرانی، قطری اور اردنی وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک پر خطے کی تازہ صورت حال پر بات چیت کی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق سعودی عرب اور ایران کے وزرائے خارجہ کے درمیان خطے کی صورتحال اور کشیدگی میں کمی کیلئے سفارتی کوششوں پر بات چیت ہوئی، سعودی وزیر خارجہ نے امن و استحکام کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا۔

سعودی وزیر خارجہ نے قطر اور اردن کے وزرائے خارجہ سے بھی رابطے کیے، رابطوں میں مشترکہ کوششوں اور متفقہ مؤقف اپنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا، تینوں ممالک نے بحریہ احمر میں آزادانہ جہاز رانی کی بحالی پر اتفاق کیا۔

عمان سے مذاکرات: ایران نے موجودہ جنوبی بحری راستہ ناقابل قبول قرار دیدیا

ایران، عمان کے درمیان نئے بحری راستے پر مذاکرات جاری رہے۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ مذاکرات کا مقصد مخصوص بحری راہداری پر اتفاق ہے، انہوں نے بتایا کہ ایران نے موجودہ جنوبی بحری راستہ ناقابل قبول قرار دے دیا۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ نیا بحری راستہ باہمی مشاورت سے طے کیا جائے گا، مذاکرات کا آبنائے ہرمز کی بندش یا بحالی سے تعلق نہیں، آبنائے ہرمز کی صورتحال امریکا کی پابندیوں سے جڑی ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران نے قومی سلامتی کے تحفظات کے باعث جنوبی روٹ پر اعتراض اٹھا دیا، تہران اور مسقط کے درمیان مذاکرات مثبت انداز میں جاری ہیں۔

سینٹکام کا ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی میں 35 جہازوں کا رخ موڑنے کا دعویٰ

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری بحری ناکہ بندی کے دوران اب تک 35 تجارتی جہازوں کو روک کر ان کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔

سینٹکام نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ گزشتہ ماہ ایران پر دوبارہ نافذ کی گئی بحری ناکہ بندی پر مسلسل عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔

بیان کے مطابق امریکی فوج نے اب تک 35 تجارتی جہازوں کا رخ موڑا، دو جہازوں کو ناکارہ بنایا، جبکہ مزید دو جہازوں میں داخل ہو کر ان کی تلاشی لی گئی یا ان کا کنٹرول حاصل کیا گیا۔

ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے سے متعلق خبروں کی تردید کر دی

ایران نے ان خبروں کو مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ تہران نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے منصوبے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق باخبر ذرائع نے واضح کیا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز سے متعلق اپنی موجودہ پالیسی میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بعض غیر ملکی اور ایران مخالف ذرائع ابلاغ نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ ایران آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے ایک منصوبے پر متفق ہو گیا ہے، تاہم ذمہ دار ذرائع نے ان اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔  

امریکا سے حملے روکنے کی درخواست نہیں کی، ایران نے ٹرمپ کا دعویٰ مسترد کر دیا

ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ تہران نے امریکا سے نئی فوجی کارروائیاں نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی مہر نے فوجی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کا بیان بے بنیاد ہے اور اس میں کوئی صداقت نہیں۔

ایرانی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا سے حملے روکنے کی کوئی درخواست نہیں کی گئی، جبکہ اس حوالے سے سامنے آنے والے دعوے کو انہوں نے "ایک نیا جھوٹ" قرار دیا۔

حکام کے مطابق ایران کی مسلح افواج مکمل طور پر چوکس ہیں اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں، دفاعی فورسز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور اگر کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو اس کا بھرپور اور مناسب جواب دیا جائے گا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کی جانب سے سخت بیانات کا تبادلہ جاری ہے۔

غزہ میں طویل ریسکیو آپریشن کے بعد ایک ہی خاندان کی 112 نعشیں ملبے سے برآمد

غزہ کی شہری دفاعی ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی علاقے صبرہ میں ایک طویل امدادی کارروائی کے بعد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 112 افراد کی نعشیں اور انسانی باقیات ملبے سے نکال لی گئی ہیں۔

شہری دفاع کے ترجمان کے مطابق امدادی ٹیموں نے تقریباً دو ہفتے قبل الحساینۃ خاندان کے رہائشی بلاک میں سرچ آپریشن شروع کیا تھا، یہ رہائشی عمارت اسرائیلی حملے میں مکمل طور پر تباہ ہو گئی تھی۔

ترجمان نے بتایا کہ امدادی کارکنوں نے 136 گھنٹے مسلسل کام کرتے ہوئے ملبے سے 112 نعشیں اور باقیات برآمد کیں، شہری دفاع کے مطابق ان میں 40 بچے، 38 خواتین اور 7 معذور افراد بھی شامل ہیں۔

ریسکیو آپریشن کے نگران کرنل محمد ابو دان نے کہا کہ خدشہ ہے کہ مزید 157 نعشیں تاحال ملبے تلے دبی ہوئی ہیں، تاہم محدود وسائل اور بھاری مشینری کی عدم دستیابی کے باعث انہیں ابھی تک نکالا نہیں جا سکا، امدادی ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کئی مقامات پر کارکنوں نے اپنے ہاتھوں سے ملبہ ہٹا کر نعشوں تک رسائی حاصل کی۔

کرنل محمد ابو دان کے مطابق بعض نعشیں کنکریٹ اور سریے کے نیچے بری طرح دبی ہوئی تھیں، جبکہ کئی انسانی باقیات شدید تباہی کے باعث شناخت کے قابل نہیں رہیں۔

انہوں نے عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں بھاری مشینری، ریسکیو آلات اور انسانی امداد کی فراہمی کیلئے اقدامات کیے جائیں تاکہ ملبے تلے دبے دیگر افراد کی تلاش کا عمل جاری رکھا جا سکے۔

اسرائیلی حکام کی جانب سے شہری دفاع کی جانب سے پیش کئے گئے ان دعوؤں پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ ان اعداد و شمار کی آزاد ذرائع سے تصدیق بھی نہیں ہو سکی۔

ایران میں تبدیلی سے مراد نظام کا خاتمہ نہیں، رویوں میں تبدیلی ہے: مارکو روبیو

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران میں حکومت کی تبدیلی‘ سے مراد لازمی طور پر حکومت کا مکمل خاتمہ نہیں، بلکہ اس کے کردار، نوعیت اور طرزِ عمل میں تبدیلی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ ممکن ہے ہم حکومت کی تبدیلی سے مراد مکمل اقتدار کا خاتمہ نہ دیکھیں، لیکن خود اس نظام کی نوعیت میں تبدیلی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت کا رویہ ہمیشہ بیرونی مداخلت اور توسیع پسندانہ پالیسیوں پر مبنی رہا ہے، وہ صرف ایران پر حکمرانی نہیں کرنا چاہتے بلکہ پورے خطے پر اپنا اثر و رسوخ قائم کرنا چاہتے ہیں، اس صورتحال کو تبدیل ہونا ہوگا اور اسے تبدیل کرنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ ان پر ایسا دباؤ ڈالا جائے جسے وہ مزید برداشت نہ کر سکیں۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’حکومت کی تبدیلی‘ اور ’نظام کی مکمل تبدیلی‘ کے درمیان عملی فرق موجود ہے کیونکہ ان کے مطابق کسی مخصوص معاہدے کے برعکس کسی حکومت کے رویے کو تبدیل کرنا ایک ایسا عمل ہے جس کا کوئی واضح اختتامی نقطہ نہیں ہوتا۔

مارکو روبیو نے مزید کہا کہ جوہری معاہدہ کیا جا سکتا ہے اور اس پر عمل درآمد کی تصدیق بھی کی جا سکتی ہے تاہم کسی حکومت کو اپنی علاقائی حکمت عملی ترک کرنے پر مجبور کرنا ایک مسلسل عمل ہے، اس لیے اس دباؤ کے خاتمے کے لئے کوئی واضح مدت مقرر نہیں کی جا سکتی۔

غزہ سے انخلا پر اسرائیل میں سیاسی اختلافات، نیتن یاہو دباؤ کا شکار

غزہ میں حماس کے مرحلہ وار غیر مسلح ہونے کے معاہدے کے بعد اسرائیل کے ممکنہ انخلا پر اسرائیلی سیاست میں شدید اختلافات سامنے آ گئے ہیں۔

معاہدے کے مطابق حماس ہتھیار ڈالے گی جبکہ اسرائیل غزہ سے مرحلہ وار انخلا کرے گا اور انتظامی اختیارات ایک فلسطینی انتظامیہ کے حوالے کیے جائیں گے تاہم اسرائیلی حکومت نے تاحال باضابطہ مؤقف نہیں دیا۔

ایک سینئر اسرائیلی عہدیدار نے واضح کیا ہے کہ حماس کے مکمل اور حقیقی غیر مسلح ہونے تک غزہ سے انخلا نہیں کیا جائے گا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق انتخابات کے پیش نظر نیتن یاہو کو سیاسی بقا، اتحادیوں کی حمایت اور امریکا کے ساتھ تعلقات کے درمیان توازن قائم رکھنے کا چیلنج در پیش ہے۔

امریکی جنرل نے اسرائیل کے تحفظ کیلئے دفاعی سامان، فوجیوں کی تعداد میں کمی سے خبردار کردیا

امریکی جنرل الیکسز گرینکیوچ نے اسرائیل کے تحفظ کیلئے دفاعی سامان اور فوجی اہلکاروں کی تعداد میں کمی سے پینٹاگون کو خبردار کر دیا۔

یورپ میں امریکا کے ٹاپ جنرل الیکسز گرینکیوچ نے کہا ہے کہ ایران کے بیلسٹک میزائلوں سے اسرائیل کو اس وقت محفوظ رکھنا ناممکن ہے، خطے میں بحری فوج کی تعداد اتنی نہیں کہ اسرائیل کا دفاع ہو، وہ نیوی ڈسٹرائیرز کی کمی کے سبب اسرائیل کے بجائے امریکا کا تحفظ کرنے پر مجبور ہوں گے۔

ٹرمپ کا ایران پر بڑے حملے کا منصوبہ مؤخر کرنے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے ایران پر مجوزہ حملہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم یہ فیصلہ اس شرط سے مشروط ہے کہ ایران کے ساتھ جلد کسی معاہدے تک پہنچا جا سکے۔

ایک بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر تیزی سے معاہدہ ممکن ہوا تو حملہ نہیں کیا جائے گا جبکہ اسرائیل بھی اس مؤقف میں امریکا کے ساتھ ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران اور مشرقِ وسطیٰ کے بعض دیگر ممالک نے امریکا سے حملہ روکنے کی درخواست کی ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مجوزہ معاہدے میں آبنائے ہرمز کو فوری، مکمل اور مستقل طور پر کھولنا اور ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق خدشات کا خاتمہ شامل ہے۔

اسرائیلی فوج کا جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے کئی ارکان شہید کرنے کا دعویٰ

اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حزب اللہ کے کئی ارکان اسرائیل کی جانب سے سکیورٹی زون قرار دیے گئے علاقے میں پائے گئے جہاں اسرائیلی فوجی بھی تعینات ہیں۔

اسرائیلی فوج کے مطابق ان افراد کی نشاندہی کے بعد فوجیوں نے خطرے کو ختم کرنے کیلئے حملہ کیا، حزب اللہ کو اسرائیلی شہریوں کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس سے قبل اسرائیلی فوج نے تصدیق کی تھی کہ اس کا ایک فوجی زخمی ہو گیا ہے۔

سعودی ولی عہد کا ایران پر ممکنہ بڑے حملوں کے امریکی منصوبے پر اظہار تشویش

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک گفتگو میں ایران کے خلاف ممکنہ بڑے حملوں کے منصوبے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے امریکی حکام اور باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ٹرمپ ایران پر مزید حملوں، خاص طور پر توانائی کے اہداف کو نشانہ بنانے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں، تاہم ابھی حتمی حکم جاری نہیں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق محمد بن سلمان نے ٹرمپ سے منصوبے کی وضاحت طلب کی اور کشیدگی کم کرنے پر زور دیا، تاہم وائٹ ہاؤس اور واشنگٹن میں سعودی سفارتخانے نے اس گفتگو پر تبصرہ نہیں کیا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے علاوہ قطر، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور پاکستان بھی امریکہ اور ایران پر کشیدگی کم کرنے کیلئے زور دے رہے ہیں۔

عراق کی مسلح افواج پڑوسی ممالک پر ممکنہ حملے ناکام بنانے کیلئے تیار

عراقی حکومت نے کہا ہے کہ اس کی مسلح افواج پڑوسی ممالک کو نشانہ بنانے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔

عراقی حکام کی جانب سے جاری سرکاری بیان میں کہا گیا کہ عراقی سکیورٹی فورسز ملک اور خطے کے امن و استحکام کے تحفظ کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گی اور کسی بھی ایسے اقدام کو روکیں گی جو پڑوسی ممالک کی سلامتی کیلئے خطرہ بنے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران، امریکا پر دباؤ بڑھانے کی کوششوں کے تحت خلیجی ممالک کو نشانہ بنا رہا ہے۔

عراقی ملیشیا گروپوں کی اردن پر حملے کی منصوبہ بندی، اردن کی جوابی کارروائی کی وارننگ

عرب میڈیا کے مطابق اردن کی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ اگر عراق کی سر زمین سے کسی بھی قسم کا حملہ کیا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق اردن نے واضح کیا ہے کہ حملے کی صورت میں عراقی سر زمین پر سرگرم ملیشیا گروپوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

ایرانی انفراسٹرکچر پر حملوں کا نتیجہ امریکی حاکمانہ نظام کی تباہی ہوگی، محمد مخبر

ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے سینئر مشیر محمد مخبر نے کہا ہے کہ ایران کے انفراسٹرکچر پر حملوں کا نتیجہ امریکی حاکمانہ نظام کی تباہی ہوگی۔

ایک بیان میں سینئر مشیر مجتبیٰ خامنہ ای محمد مخبر نے خبردار کیا کہ ایرانی انفراسٹرکچر پر حملے کیے گئے تو میدان جنگ سے باہر اثرات ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مغربی طاقتوں کی جانب سے اڑھائی سو سال میں بنایا گیا گلوبل آرڈر تباہ کر دیا جائے گا، نظام کے ستون ٹوٹیں گے تو کمانڈ سینٹر بچے گا نہ لوٹ کیلئے مارکیٹ۔

ممکنہ امریکی حملوں کا سخت جواب دیا جائے گا، ایران نے ترکیہ اور سعودیہ کو آگاہ کر دیا

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سعودی و ترک وزرائے خارجہ سے رابطہ کر کے آگاہ کیا ہے کہ ممکنہ امریکی حملوں کا سخت جواب دیا جائے گا۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان اور ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان سے الگ الگ رابطے کر کے امریکا کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے امریکا کو کسی بھی مہم جوئی پر مبنی فوجی کارروائی سے باز رہنے کا انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنی قومی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے دفاع کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔

عباس عراقچی کے آفیشل ٹیلی گرام چینل پر جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران اپنے خلاف کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دے گا۔

ایران کا خلیجی ممالک کو امریکا اور اسرائیل کی سہولت کاری پر سخت انتباہ

ایران کی وزارت خارجہ نے خلیجی خطے کے ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ امریکا اور اسرائیل کو ایران پر حملوں کیلئے اپنی سر زمین یا سہولیات استعمال کرنے کی اجازت نہ دیں۔

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت خارجہ نے ہفتے کے روز جاری بیان میں کہا کہ خطے کی حکومتوں کی قانونی، مذہبی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ امریکا اور صیہونی حکومت کو ایران کے خلاف حملوں کیلئے اپنی سر زمین اور سہولیات استعمال کرنے سے روکیں۔

ایرانی وزارت خارجہ نے مزید کہا بحری ناکہ بندی جاری رہنا اور ایرانی فوجی اہداف، شہری علاقوں اور بنیادی ڈھانچے پر حملے جارحیت کے زمرے میں آتے ہیں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہیں، ایران اپنے دفاع کیلئے قانونی حق لازمی استعمال کرے گا۔

میں ایرانی کرنسی کو تباہ کر رہا ہوں، صدر ٹرمپ کا ٹروتھ سوشل پر پیغام

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں امریکی صدر نے کہا ہے کہ ایران کو شدید مہنگائی کا سامنا ہے اور ایرانی کرنسی کی قدر میں نمایاں کمی آ رہی ہے۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک چارٹ بھی شیئر کیا، جس میں ایرانی کرنسی ریال کی قدر میں گراوٹ دکھائی گئی تھی۔

صدر پزشکیان کا ایرانی قوم کو جنگ کے دوران ثابت قدم رہنے پر خراجِ تحسین

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے امریکی اور اسرائیلی جنگ کے دوران ثابت قدم رہنے پر ایرانی عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ہیرو قرار دیا ہے۔

ایکس پر جاری بیان میں صدر پزشکیان نے کہا کہ اس تنازع کا آغاز 31 جولائی 2024ء کو حماس کے سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ کے تہران میں قتل سے ہوا جہاں وہ میری تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے آئے ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد ایران کو مسلسل جنگ، دباؤ اور شدید دشمنی کا سامنا رہا، صدر پزشکیان نے اپنے بیان میں اس عزم کا اظہار کیا ایران کا مستقبل ایرانی عوام خود طے کریں گے۔
 

امریکا کی مشرق وسطیٰ میں اپنے شہریوں کو انخلا کیلئے تیار رہنے کی ہدایت

امریکا نے کویت، مصر، بحرین، سعودی عرب، قطر، اردن اور متحدہ عرب امارات سمیت مشرق وسطیٰ کے ممالک میں موجود اپنے شہریوں کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر وہاں سے نکلنے پر غور کرنے یا فوری انخلا کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کر دی۔

امریکی سفارتخانوں کی جانب سے جاری ہدایات میں امریکی شہریوں کو احتیاط برتنے، انتہائی چوکنا رہنے اور پروازوں کی منسوخی یا فضائی حدود کی عارضی بندش کے امکانات کے لیے تیار رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ خطے کی بعض ائیرلائنز نے پروازوں کے سابقہ شیڈول کی بحالی مؤخر کر دی ہے جبکہ کچھ نے مخصوص روٹس منسوخ کر دیئے ہیں، ایسے میں امریکی شہریوں کو واپسی پر غور کرنے یا کشیدگی بڑھنے کی صورت میں فوری روانگی کے لیے تیار رہنا چاہئے۔

ایران پر حملہ ہوا تو پورا خطہ پتھر کے دور میں پہنچا دیں گے: ابراہیم رضائی

ایرانی پارلیمانی نیشنل سکیورٹی کمیشن کے ترجمان ابراہیم رضائی نے کہا ہے کہ اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو ہم پورے خطے کو پتھر کے دور میں پہنچا دیں گے، خطے میں امریکی تنصیبات کو تباہ کر دیا جائے گا۔

ابراہیم رضائی نے کہا کہ امریکا کے بہترین مفاد میں یہی ہے کہ کوئی احمقانہ قدم نہ اٹھائے، امریکی سمجھتے ہیں ایران کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو نے ایران کو ہرانے کا فریب ٹرمپ کے ذہن میں بٹھا دیا ہے، امریکا کا خواب ہے کہ مارکیٹ کی 2 روزہ بندش کے دوران ہم پر تیز اور تباہ کن حملہ کر سکتا ہے۔

خطے کے ممالک امریکا سے اپنی وابستگی پر نظرثانی کریں: ایرانی فوج

ایران کے اعلیٰ فوجی کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا ہے کہ امریکا کی ایران کے خلاف کارروائیاں پورے خطے کو ایک وسیع جنگ کی طرف دھکیل سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک کو امریکا کے ساتھ اپنے تعاون اور وابستگی پر نظرثانی کرنی چاہئے، امریکا اپنی کمزور ہوتی عسکری طاقت کو سہارا دینے کے لیے خطے کے ممالک کو استعمال کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا خطے کے ممالک کے وسائل،انفراسٹرکچر اور دولت کو اپنے دفاع کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے، جو بھی ملک امریکا کی دفاعی ڈھال بنے گا وہ جنگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔

ایرانی فوجی کمانڈر نے کہا کہ خطے کے ممالک اپنے قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کریں۔

فضائی دفاعی نظام دشمن ڈرونز کو نشانہ بنا رہا ہے: کویتی فوج

کویتی مسلح افواج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایران کی جانب سے کیے گئے ڈرون حملوں کو دفاعی نظام روک رہا ہے۔

کویتی فوج کے مطابق دھماکے فضائی دفاعی نظام کی جانب سے ڈرونز کو تباہ کرنے کی وجہ سے ہوئے، عوام صورتحال پر نظر رکھے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرے۔

عمانی ساحل کے قریب ایک اور آئل ٹینکر پر حملہ

برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز اتھارٹی نے عمان کے علاقے خصب کے قریب ایک اور آئل ٹینکر کے قریب دھماکے کی اطلاع دی ہے۔

برطانوی ادارے کے مطابق آج اسے اطلاع موصول ہوئی کہ عمان کے خصب سے تقریباً 34 کلومیٹر شمال مشرق میں ایک آئل ٹینکر کے کپتان نے اپنے جہاز کے قریب پانی کا ایک بڑا چھینٹا اٹھنے اور دھماکے کی آواز سننے کی اطلاع دی۔

میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اب تک جہاز کو کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

اس سے قبل بھی برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز اتھارٹی نے بتایا کہ عمان کے علاقے لیما سے تقریباً 20 کلومیٹر شمال مشرق میں ایک آئل ٹینکر کو نامعلوم سمت سے ایک پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

خامنہ ای کی شہادت پر لوگوں سے سڑکوں پر آنے کی اپیل کی: قالیباف

محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد ابتدائی گھنٹوں میں حکام نے عوام سے سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا، خامنہ ای کی شہادت کے بعد 29 فروری کی رات آٹھ بجے اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کا اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ اس خبر کا اعلان اگلے روز صبح آٹھ بجے کیا جائے گا۔

قالیباف کے مطابق بیرونِ ملک ذرائع ابلاغ کی جانب سے علی خامنہ ای کی شہادت کی خبر نشر کیے جانے کے بعد حکام کو یہ اعلان مقررہ وقت سے پہلے کرنا پڑا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ ان کے اور اس وقت کے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی کے درمیان مشاورت سے کیا گیا تھا، طے یہ پایا تھا کہ اسلامی جمہوریہ کے سابق رہنما کی شہادت کی خبر صبح سویرے، اس وقت دی جائے گی جب لوگ ناشتے کی میز پر ہوں گے۔

قالیباف نے مزید کہا کہ اسی وقت یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ اس اعلان کے ذریعے عوام سے سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کی جائے گی۔

امریکا اسرائیل کے ساتھ حالیہ جنگ میں ایران کامیاب رہا: باقر قالیباف

ایرانی سپیکر پارلیمنٹ باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکا اسرائیل کے ساتھ حالیہ جنگ میں ایران کامیاب رہا۔

ایران کے چیف مذاکرات کار باقر قالیباف نے کہا کہ کامیابی کو سیاسی، قانونی اور سفارتی سطح پر بھی مستحکم کرنا ضروری ہے، دنیا کو ایران کی جنگ میں کامیابی کو تسلیم کرنا ہو گا۔

باقر قالیباف نے کہا کہ ایران کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قومی اتحاد ضروری ہے، جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد سے ایران کی اعلیٰ قیادت مسلسل مضبوط ایران کے بیانیے زور دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی طاقت کے حصول کے لیے اتحاد، یکجہتی اور قیادت کے گرد اتفاق رائے ناگزیر ہے، اگر ایران کو مضبوط بنانا ہے تو ہر ایرانی،ہر خاندان اور پورے معاشرے کو مضبوط کرنا ہوگا۔

اسرائیلی ہٹ دھرمی برقرار،غزہ سے نکلنے سے انکار

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ حماس کے مکمل غیر مسلح ہونے تک غزہ سے انخلا ممکن نہیں،اسرائیلی فورسز غزہ میں موجود اپنی ییلو لائن سے پیچھے نہیں ہٹیں گی۔

ادھر حماس نے بھی اسرائیلی فورسز کے غزہ سے مکمل انخلا تک غیر مسلح نہ ہونے کا اعلان کر دیا، حماس کا کہنا ہے کہ ہتھیار اسی صورت میں حوالے کریں گے جب اسرائیل غزہ سے اپنی افواج واپس بلائے گا۔

حماس کا دو ٹوک کہنا ہے کہ اسرائیل کو غزہ میں ہر قسم کی جارحیت ختم کرنا ہو گی۔

عمانی ساحل کے قریب ایک آئل ٹینکر پر نامعلوم سمت سے حملہ

برطانیہ کی بحری آمدورفت کی نگرانی کرنے والی تنظیم یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’عمان کے شہر لیما سے تقریباً 20 کلومیٹر شمال مشرق میں ایک آئل ٹینکر کو نامعلوم سمت سے ایک پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

جہاز کی مالک کمپنی کے سکیورٹی افسر کے مطابق حملے میں ٹینکر کے انجن روم کو نقصان پہنچا ہے جس کے بعد جہاز اپنی سمت برقرار رکھنے اور سفر جاری رکھنے کے قابل نہیں رہا۔

حکام کے مطابق علاقے کی کوسٹ گارڈ کو واقعہ سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور حملے کی تحقیقات جاری ہیں، اب تک کسی جانی نقصان یا سمندر میں آئل ٹینکر سے تیل کے رساؤ کی اطلاع نہیں ملی۔

یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے اس علاقے سے گزرنے والے تمام جہازوں کو احتیاط برتنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب ایران اور عمان کے اطراف سمندری کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، حالیہ ہفتوں کے دوران خلیجِ عمان اور آبنائے ہرمز کے قریب متعدد تجارتی جہازوں پر حملے کیے جا چکے ہیں۔

دوسری جانب ایران نے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، جبکہ امریکا نے خطے میں اپنے بحری دستے تعینات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مقصد جہاز رانی کی آزادی کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آئل ٹینکر پر حملے کس نے کیا ہے۔

حوثیوں کی باب المندب سے گزرنے والے جہازوں سے ٹول ٹیکس وصول کرنے کی تردید

یمن کے حوثیوں کے زیرِ انتظام میری ٹائم کوآرڈینیشن باڈی نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ گروہ باب المندب کی آبنائے سے گزرنے والے تجارتی جہازوں سے ٹول ٹیکس وصول کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

ادارے نے آج اپنے بیان میں کہا کہ اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اور اس اہم آبی گزرگاہ سے جہازوں کی آمدورفت بدستور مفت ہے۔

یہ ردعمل اس خبر کے بعد سامنے آیا ہے جس میں برطانوی خبر ایجنسی نے علاقائی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ ایران کی حمایت یافتہ حوثی تحریک سعودی عرب کی جانب سے بحری ناکہ بندی کے اعلان کے بعد جنوبی بحیرۂ احمر سے گزرنے والے تجارتی جہازوں سے ٹول ٹیکس وصول کرنے پر غور کر رہی ہے۔

ایران جنگ میں امریکی میزائل دفاعی ذخائر میں نمایاں کمی ہوئی ہے: امریکی میڈیا

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایران کے ساتھ جنگ کے دوران امریکی میزائل دفاعی نظام کے ذخائر میں نمایاں کمی آئی ہے۔

فاکس نیوز کے مطابق امریکی دفاعی حکام اور ماہرین نے میزائل دفاعی نظام کے ذخائر میں کمی پر تشویش کا اظہار کیا ہے، امریکا کے پاس موجود پیٹریاٹ میزائل انٹرسیپٹرز کی تعداد جنگ سے پہلے تقریباً 2 ہزار 300 تھی۔

بتایا گیا کہ جنگ کے دوارن پیٹریاٹ میزائل انٹرسیپٹرز کی تعداد کم ہو کر 827 ہو گئی، تھاڈ انٹرسیپٹرز کی تعداد 452 سے گھٹ کر 278 تک آ گئی۔

امریکی ٹی وی کے مطابق پینٹاگون نے ہتھیاروں کے ذخائر کی بحالی کے لیے اربوں ڈالر کے ہنگامی فنڈز کی درخواست کر دی ہے، فنڈنگ میں پیٹریاٹ میزائل، ٹوماہاک کروز میزائل اور تھاڈ انٹرسیپٹرز کی دوبارہ خریداری شامل ہے۔

برطانیہ کا ایران کے خلاف جنگ میں شریک نہ ہونے کا اعلان

 ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے برطانوی ہم منصب ایڈ ملی بینڈ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، علاقائی اور عالمی صورتحال پر بات چیت کی۔

خلیجی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایڈ ملی بینڈ نے عراقچی پر واضح کیا کہ ایران کے خلاف جنگ میں برطانیہ شریک نہیں۔

برطانوی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت مسئلہ کا سیاسی حل چاہتی ہے۔

پینٹا گون کا ایران کی توانائی تنصیبات پر ممکنہ حملے کی رپورٹ پر تبصرہ کرنے سے انکار

پینٹاگون نے ایران کی توانائی تنصیبات پر ممکنہ امریکی اسرائیلی حملے کی میڈیا رپورٹس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

پینٹاگون کے چیف ترجمان شان پارنیل نے ایک بیان میں کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حتمی فیصلے سے قبل ممکنہ ایرانی اہداف پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا محکمہ دفاع مکمل طور پر تیار ہے اور صدر کی ہدایات پر کسی بھی وقت عمل درآمد کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ امریکا اور اسرائیل مبینہ طور پر ایران کی توانائی سے متعلق تنصیبات پر بمباری کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ممکنہ حملے ہفتے کے اختتام تک جاری رہ سکتے ہیں اور عالمی مالیاتی منڈیوں کے پیر کو کھلنے سے قبل مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تاحال ان مجوزہ حملوں کی حتمی منظوری نہیں دی ہے، تاہم اس حوالے سے امریکی حکومت یا اسرائیلی حکام کی جانب سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

ایرانی فوج کے پاس جامع منصوبہ تیار ہے، جارحیت کر کے بھاگنے کا دور ختم ہو چکا: ایرانی کمانڈر

ایران کی خاتم الانبیا بریگیڈ کے اعلیٰ ترین کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے امریکا اور اسرائیل کوخبردار کیا ہے کہ جارحیت کرکے بھاگنے کا دور ختم ہوچکا ہے۔

ایرانی خبر ایجنسی تسنیم کے مطابق میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا ہے کہ غلط اندازے لگا کر کی جانے والی کسی بھی کارروائی کے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور اس کے کرائے کے سپاہیوں کو اندازہ ہوگیا ہے کہ ان کے فوجی سامان میں کفن شامل ہونا لازم ہے، ایرانی فوج کے پاس صلاحیت بھی ہے، ارادہ بھی، جامع منصوبہ تیار ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ صدر ٹرمپ نے ایران پر تازہ حملوں کا حکم دے دیا، امریکا اور اسرائیل ایران کی توانائی تنصیبات پر حملے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، یہ حملے ہفتے کے آخر میں ہو سکتے ہیں۔

امریکا ایران جنگ سے عالمی عدم استحکام میں اضافہ ہو رہا: اقوام متحدہ

یو این سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے کہا کہ امریکا ایران جنگ سے عالمی عدم استحکام میں اضافہ ہو رہا ہے۔

یو این سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کا کہنا ہے کہ جنگ کے نتائج تباہ کن ثابت ہو سکتے ہیں، ایران تنازع نے توانائی منڈیوں کو متاثر اور کھاد کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔

ایران جنگ سے عالمی سپلائی چین پر دباؤ بڑھ گیا ہے، عالمی برادری کشیدگی میں کمی اور قیام امن کیلئے فوری اقدامات کرے۔

ایرانی اشتعال دلا رہے ہیں، ایران پر بھرپور فوجی حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں: ٹرمپ

کابینہ میٹنگ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران پر بھرپور فوجی حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، ایران پر بھرپور حملوں سے قدامت پسند بتدریج کمزور ہوں گے، ایران پر حملوں کا مقصد ایران کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنا ہے، ایرانی اشتعال دلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیل کا اعتماد کمزور پڑ رہا ہے، ایرانی جھوٹ بولتے اور وعدوں سے پھر جاتے ہیں، ایران کے ساتھ جنگ بندی کی بحالی سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا صرف فتح چاہتا ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی حملوں میں ایران کو شدید نقصان پہنچا ہے اور اس کی بحریہ، فضائیہ اور فضائی دفاعی نظام تقریباً تباہ ہو چکے ہیں، ایران کو جوہری ہتھیار نہیں حاصل کرنے دیں گے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ اگر ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہوتے تو پورا مشرقِ وسطیٰ تباہ ہو چکا ہوتا، ایران پر سخت حملے کریں گے، ایک وقت آئے گا وہ خود بولیں گے کہ اب ہم مزید برداشت نہیں کرسکتے۔

امریکی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایران کے خلاف کارروائیوں پر اظہار اطمینان کیا اور کہا کہ جنگ ہمارے حق میں جا رہی ہے، ہم ایران کو بھرپور نشانہ بنا رہے ہیں، فتح کا سلسلہ جاری ہے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران کے پاس پیچھے ہٹنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہوگا، امریکی حملوں سے ایران کو بھاری نقصان پہنچ رہا ہے۔

ٹرمپ نے امریکی فوج کو ایران پر تازہ حملوں کا حکم دے دیا، وال سٹریٹ جرنل

امریکی اخبار وال سٹریٹ جنرل نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے امریکی فوج کو ایران پر تازہ حملوں کا حکم دے دیا ہے۔

وال سٹریٹ جرنل کے مطابق ممکنہ حملے ہفتے کے آخر میں شروع ہو سکتے ہیں، جن میں ایران کے بجلی گھروں، آئل ریفائنریز سمیت توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق حملوں کا مقصد ایران کو مذاکرات کی میز پر لانا ہے، ایران پر حملے امریکا اور اسرائیل مشترکہ طور پر کریں گے۔

دوسری جانب امریکی دفاعی ادارے پینٹاگون نے ایران پر ممکنہ حملوں پر تبصرے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے صدر ٹرمپ کے فیصلے سے پہلے اہداف پر بات نہیں کریں گے، صدر کی ہدایات پر کسی بھی وقت کارروائی کیلئے تیار ہیں۔
 

امریکی ووٹرز آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کی قیمت ادا کریں گے، ایرانی عہدیدار کا انتباہ

ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محمد باقر ذوالقدر نے کہا ہے کہ امریکی ووٹرز آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کی قیمت ادا کریں گے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اپنے ایک بیان میں محمد باقر ذوالقدر نے کہا کہ امریکی کارروائیاں جاری رہیں تو آبنائے ہرمز سمیت اہم بحری راستے بند ہو سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز بند ہونے سے عالمی معیشت، تیل، منڈی اور امریکی عوام متاثر ہوں گے، امریکی اقدام کے نتائج دنیا بھر میں بھی محسوس کیے جائیں گے۔

مصر کی دمیاط بندرگاہ پر ڈرون حملہ: خلیج تعاون کونسل کی شدید مذمت

خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے مصر کے شمال میں بحیرۂ روم کے ساحل پر واقع دمیاط بندرگاہ پر ڈرون حملے کی مذمت کی ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی کارروائیاں اور حملے خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جی سی سی کے رکن ممالک مصر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور اس کی سرزمین، سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لئے اٹھائے گئے تمام اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے آبنائے ہرمز کی بندش کا ایرانی دعویٰ مسترد کر دیا

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایران کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ آبنائے ہرمز بند کر دی گئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ آبنائے ہرمز تجارتی جہازوں کی آمدورفت کیلئے بدستور کھلی ہے، ایران کا اس پر کنٹرول نہیں۔

سینٹ کام کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ 4 ماہ کے دوران ہزاروں جہاز اس بین الاقوامی آبی گزرگاہ سے گزر چکے ہیں۔

ایران کا کویت میں امریکی فوجی تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ

ایران نے کویت میں امریکی اڈوں پر حملوں کا دعویٰ کردیا۔

ایرانی فوج کا کہنا ہے کویت کی احمد الجابر ایئر بیس میں امریکی فوجی تنصیبات پر ڈرون حملے کئے، جنگی طیاروں کے ہینگرز، مواصلاتی نظام اور فوجی سازوسامان کے گوداموں کو نشانہ بنایا۔

پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ کارروائی قشم جزیرے میں رہائشی عمارت پر امریکی حملے کے جواب میں کی گئی، کویت میں امریکی فوجی اڈے علی السالم پر حملہ کرکے 2 ڈرون ہینگر اور ایندھن کا گودام تباہ کر دیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بحرین میں شیخ عیسیٰ بیس پر امریکی فوج کے پاور جنریٹرز، نیوی گیشن سسٹمز اور انتظامی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث آج تیل کی قیمت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

غیرملکی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ ایران کی جانب آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کرنے والے دو جہازوں کو روکنے کے بیان کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں اضافے کا رجحان غالب رہا۔

عالمی مارکیٹ میں برینٹ کی قیمت میں 1.104 ڈالر یا 1.3 فیصد اضافہ ہوا اور فی بیرل قیمت بڑھ کر 90.17 ڈالر ہوگئی ہے۔

ایران کی فوجی صلاحیت تیزی سے ختم ہو رہی ہے: ٹرمپ کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ جاری کارروائیوں میں ایران کی بحریہ، فضائیہ اور بری فوج کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے، جبکہ ایران کی ڈرون تیار کرنے کی صلاحیت کو بھی انتہائی کم سطح تک محدود کر دیا گیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ جلد ہی ایران کے پاس قابلِ ذکر فوجی صلاحیت باقی نہیں رہے گی، انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ ایران اپنے معاہدوں کی پاسداری نہیں کر رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مینیسوٹا میں ہونے والے ایک سائبر حملے کا الزام ایران پر عائد کیا گیا، تاہم ان کے مطابق وہ اس کا ذمہ دار مینیسوٹا کی مقامی انتظامیہ کو سمجھتے ہیں کیونکہ وہ "مکمل طور پر نااہل" ہے۔ 

پاسداران انقلاب کا امریکی نگرانی میں آبنائے ہرمز عبور کرنیوالے جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

 ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فضائی نگرانی میں آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کرنے والے 2 جہازوں کو نشانہ بنایا گیا۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے آئل ٹینکروں کو نشانہ بنا کر روک دیا گیا۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ دیگر 4 آئل ٹینکروں نے فوری طور پر اپنا راستہ تبدیل کیا اور سابقہ پوزیشنوں کی جانب واپس لوٹ گئے۔

قبرض میں ایران کیلئے جاسوسی کرنے والا دوہری شہریت کا حامل برطانوی شہری گرفتار

برطانیہ اور آذربائیجان کی دوہری شہریت رکھنے والے ایک شخص کو قبرص میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

برطانوی حکام کے مطابق اس پر قبرص میں واقع برطانوی فضائی اڈے کی مبینہ جاسوسی کر کے معلومات ایران کی اسلامی پاسدارانِ انقلاب کو فراہم کرنے کا الزام ہے۔

برطانوی خبر رساں اداروں کے مطابق 44 سالہ راشد سلطانوف کو 17 جولائی کو قبرص میں گرفتار کیا گیا۔ یہ کارروائی لندن کی انسدادِ دہشت گردی پولیس کی جاری تحقیقات کے تحت کی گئی۔

برطانوی پولیس کے مطابق تحقیقات کا تعلق قبرص میں واقع آر اے ایف اکروتیری فضائی اڈے پر 11 مئی سے 22 جون 2025 کے دوران پیش آنے والے مبینہ جاسوسی کے واقعات سے ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ راشد سلطانوف پر الزام ہے کہ انہوں نے برطانوی فوجی اڈے کی مبینہ طور پر خفیہ نگرانی کی، جو برطانوی قانون کے تحت ایک ممنوعہ مقام قرار دیا جاتا ہے۔

امریکا کا ایرانی ڈرون نیٹ ورک سے متعلق معلومات پر 1 کروڑ 50 لاکھ ڈالر انعام کا اعلان

امریکا نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مالیاتی نیٹ ورک کو متاثر کرنے والی معلومات فراہم کرنے پر 1 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ریوارڈز فار جسٹس پروگرام کے مطابق یہ انعام ایسے شواہد یا معلومات کے لیے رکھا گیا ہے جو کیمیا پارٹ سیوان کمپنی کے مالیاتی اور سپلائی نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے میں مدد دیں۔

واشنگٹن کا دعویٰ ہے کہ یہ کمپنی پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے لیے ڈرون تیار کرنے اور ان کی آزمائش، تکنیکی معاونت اور پرزہ جات کی خریداری میں مرکزی کردار ادا کرتی ہے۔

امریکا نے کمپنی کے 6 اعلیٰ عہدیداروں کے نام بھی جاری کیے ہیں اور الزام عائد کیا ہے کہ وہ عراق، یمن اور شام میں ایران کے حمایت یافتہ گروپوں کو ڈرون فراہم کرنے کے عمل میں ملوث رہے ہیں، ان افراد پر 2024 میں بھی امریکی پابندیاں عائد کی گئی تھیں، جبکہ KIPAS کو 2021 میں امریکی انسداد دہشتگردی قوانین کے تحت بلیک لسٹ کیا گیا تھا۔

کویت میں چینی شہری متاثر نہیں ہوئے: چین

چین کا کہنا ہے کہ کویت میں چینی کمپنی کی عمارت پر ایرانی حملے سے چینی شہری متاثر نہیں ہوئے

چین کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ کویت میں ایک چینی کمپنی کی عمارت کو نشانہ بنانے والے مبینہ ایرانی حملے میں کوئی بھی چینی شہری متاثر نہیں ہوا۔

وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ چین نے کویتی حکام پر زور دیا ہے کہ وہ ملک میں موجود چینی شہریوں اور چینی اداروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔

آبنائے ہرمز سے خام تیل بردار دو بڑے جہاز گزر گئے، بحری آمد و رفت اب بھی محدود

برطانوی خبر ایجنسی نے جہازوں کی نقل و حرکت کا ریکارڈ رکھنے والے ادارے Kpler کے اعداد و شمار کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ خلیجی ممالک سے خام تیل لے جانے والے دو انتہائی بڑے خام تیل بردار جہاز (VLCCs) آبنائے ہرمز سے گزر کر باہر نکل گئے ہیں، جبکہ اس اہم آبی گزرگاہ سے بحری آمد و رفت اب بھی معمول سے کم ہے۔

رپورٹ کے مطابق سپین بی نامی جہاز 12 جولائی کو سعودی عرب کی بندرگاہ راس تنورہ سے خام تیل لادنے کے بعد اس وقت متحدہ عرب امارات کے ساحل کے قریب فجیرہ کے باہر لنگر انداز ہے۔

دوسری جانب نوبل نامی جہاز، جس نے 25 جولائی کو عراق کے بصرہ سے خام تیل لادا تھا، اس وقت چین کی جانب روانہ ہے۔

دونوں بڑے تیل بردار جہاز تقریباً 20 لاکھ بیرل خام تیل لے جا رہے ہیں، یہ دونوں ان چار تجارتی جہازوں میں شامل ہیں جنہوں نے اب تک آبنائے ہرمز سے گزر کیا ہے، اور چاروں جہاز اس آبی گزرگاہ سے کامیابی کے ساتھ نکل چکے ہیں۔

غزہ امن منصوبے کے ثالثوں کا ایک اجلاس جلد قاہرہ میں منعقد ہو گا

مصری خبر رساں ادارے القاہرہ نیوز نے اپنی خبر میں بتایا ہے کہ ملک کے دارالحکومت قاہرہ میں غزہ امن منصوبے کے ثالثوں کا ایک اجلاس جلد منعقد ہو گا۔

القاہرہ نیوز کے مطابق اس عمل میں شامل ثالثوں میں مصر، امریکہ، قطر اور ترکی شامل ہیں۔

خبر رساں ادارے نے ایک باخبر مصری عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ اجلاس کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی ہے تاہم اس کا مقصد تمام متعلقہ فریقوں کی جانب سے معاہدے کی شرائط پر عمل درآمد کے عزم کی توثیق کرنا ہو گا۔

اسرائیل کے جنوبی لبنان میں رات گئے بڑے پیمانے پر دھماکے

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے آدھی رات کے وقت جنوبی لبنان کے علاقوں یوحمر الشقیف ، ارنون اور کفر تبنیت میں بڑے پیمانے پر دھماکے کیے۔

رپورٹ کے مطابق ان دھماکوں کی آوازیں جنوبی لبنان کے وسیع علاقے میں سنی گئیں، جبکہ ان کی شدت سے پیدا ہونے والی ارتعاشی لہریں اقلیم الخروب اور خلدہ تک محسوس کی گئیں۔

مرجعیون ضلع میں بیوفورٹ قلعہ کے قریب ہونے والے شدید دھماکوں سے قریبی قصبے القلیعہ میں گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور متعدد مکانات کو نقصان پہنچا۔

نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ دھماکوں سے پورا علاقہ شدید جھٹکوں سے لرز اٹھا، جبکہ فضا میں بارود کی تیز بو بھی محسوس کی گئی۔

عراق میں ہلاک ہونے والے پاسدارانِ انقلاب کے ارکان کی لاشیں ایران پہنچ گئیں

ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے اطلاع دی ہے کہ اس ہفتے عراق میں مشترکہ امریکی اور سعودی حملوں میں ہلاک ہونے والے پاسداران انقلاب کے پانچ ارکان کی لاشیں ایران واپس پہنچا دی گئی ہیں۔

ارنا کے مطابق لاشیں مغربی صوبہ ایلام میں واقع مہران سرحدی گزرگاہ کے ذریعے ملک میں منتقل کی گئیں۔

امریکا اور سعودی عرب نے کہا تھا کہ انہوں نے ایران کے حمایت یافتہ مسلح گروہوں کو عراق میں نشانہ بنایا، یہ کارروائی حالیہ دنوں میں خلیجی مملکت پر ہونے والے حملوں کے جواب میں کی گئی۔

امریکا اور اس کے اتحادی اب ایران کو بخوبی سمجھ چکے ہیں: خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹرز

خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر کے سربراہ میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا ہے کہ تابوت بھی امریکی فوج کے عسکری سازوسامان کا حصہ بن چکے ہیں۔

علی عبداللہی کے مطابق امریکا اور اس کے اتحادی اب ایران کو بخوبی سمجھ چکے ہیں، امریکا اور اس کے اتحادیوں کو خطے میں کسی بھی جارحیت کی قیمت چکانا پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ حملہ کر کے بچ کر نکل جانے کا دور ختم ہو چکا ہے، ایران کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

کویت میں امریکی فضائی اڈے پر ڈرون حملے کیے ہیں: ایرانی فوج

ایرانی فوج کے مطابق کویت کے احمد الجابر ایئر بیس میں موجود امریکی فوجی تنصیبات پر ڈرون حملے کیے، فائٹر طیاروں کے ہینگرز، سیٹلائٹ مواصلاتی نظام اور فوجی سازوسامان کے گوداموں پر حملے کیے۔

ایرانی فوجی نے مزید کہا کہ کارروائی قشم جزیرے پر ایک رہائشی عمارت پر امریکی حملے کے جواب میں کی گئی، احمد الجابر ایئر بیس خطے میں امریکی فضائی نگرانی اور آپریشنل معاونت کا اہم مرکز ہے۔

ایران نے اردن میں امریکی طیاروں کو نشانہ بنانے کی تصاویر جاری کر دیں

ایران کے پاسداران انقلاب نے اردن میں امریکی طیاروں کو نشانہ بنانے کی سیٹیلائٹ تصاویر جاری کر دیں۔

سیٹلائٹ تصاویر میں اردن کے موفق السلطي ایئر بیس پر واقع وہ ہینگرز دکھائے گئے ہیں جہاں امریکی ایف-35 لڑاکا طیارے موجود تھے۔

پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ہینگر ایران کے جوابی حملوں میں تباہ ہوئے ہیں، سینسرشپ ختم کریں، اور دنیا کو درست معلومات دیں۔

غزہ جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کیلئے قاہرہ میں جلد اہم اجلاس متوقع

غزہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں جلد ایک اہم اجلاس متوقع ہے، جس میں مصر، امریکا، قطر اور ترکیہ کے ثالث شریک ہوں گے۔

مصری نشریاتی ادارے القاہرہ نیوز کے مطابق اجلاس کا مقصد غزہ جنگ بندی کے روڈ میپ پر تمام متعلقہ فریقوں کے عزم کی توثیق کرنا اور معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔

رپورٹ کے مطابق حماس اور دیگر فلسطینی دھڑوں نے بھی اس تجویز کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، جس میں غزہ میں بین الاقوامی فورسز کی تعیناتی اور ایک قومی کمیٹی کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کی شرائط شامل ہیں۔

مجوزہ معاہدہ غزہ میں ابتدائی بحالی کے کاموں اور تعمیرِ نو کی راہ ہموار کرے گا۔

حماس نے غزہ امن معاہدے سے متعلق اپنا مؤقف واضح کر دیا

حماس کے مذاکراتی وفد کے رکن غازی حمد نے کہا ہے کہ حماس کے غیر مسلح ہونے کا معاملہ اسرائیل کے غزہ سے انخلا اور تعمیر نو میں پیشرفت سے مشروط ہے۔

الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے غازی حمد نے کہا کہ اگر اسرائیلی افواج نے غزہ امن معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کیں تو حماس بھی معاہدے پر عمل درآمد کیلئے کوئی اقدام نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس عمل میں اسرائیل کا کوئی کردار نہیں ہوگا، غیر مسلح ہونے کی ذمہ داری ایک قومی کمیٹی انجام دے گی، حتمی معاہدے تک پہنچنے کیلئے مذاکرات انتہائی سخت اور مشکل تھے، تاہم حماس نے ایسی شرائط طے کرنے کی کوشش کی جو ممکنہ حد تک فلسطینی مفادات کے مطابق ہوں۔

غازی حمد کا مزید کہنا تھا کہ حماس اپنے قومی مؤقف پر قائم ہے اور فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کو اپنی بنیادی ترجیح سمجھتی ہے۔

پاسداران انقلاب کا کویت میں امریکا کی علی السالم ایئربیس پر حملے کا دعویٰ

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ علی السالم ایئربیس پر حملہ کر کے ڈرون ہینگرز، فوجی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کیلئے ایندھن ذخیرہ کرنے کی تنصیب کو تباہ کر دیا ہے۔

پاسداران انقلاب نے کویتی عوام سے خطاب میں کہا کہ حملے اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک خطے سے امریکا کی قابض اور لوٹ مار کرنے والی افواج کا انخلا نہیں ہو جاتا، ایران امریکا کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا۔

امریکا کو اپنے اقدامات کی قیمت چکانا ہوگی، محمد باقر قالیباف

ایکس پر جاری ایک بیان میں ایران کے سپیکر پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف نے قشم واقعے پر امریکا کو نتائج بھگتنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ قشم حملہ میناب اور لامرد واقعات کا تسلسل ہے، امریکا بے گناہ شہریوں کو نشانہ بناتا ہے۔

اس سے قبل ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے قشم جزیرے پر امریکی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے میں میاں بیوی اور ان کا 2 سالہ بچہ شہید ہوا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر دھماکے، ہر جرم، ہر پابندی، ہر دھمکی اور ہر بچے کے قتل کے ساتھ آپ ایرانی عوام کو اپنے وطن کے دفاع کیلئے مزید پرعزم اور متحد بنا دیتے ہیں۔

ایران کی قشم جزیرے پر امریکی حملے کی شدید مذمت

ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے قشم جزیرے پر امریکی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے میں میاں بیوی اور ان کا دو سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔

اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا حملے کے نتیجے میں متعدد رہائشی مکانات تباہ ہوئے جبکہ ایک ٹیکسی ڈرائیور قیصر جعفری، ان کی اہلیہ زہرا جعفری اور ان کا دو سالہ بچہ بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

انہوں نے کہا ہر دھماکے، ہر جرم، ہر پابندی، ہر دھمکی اور ہر بچے کے قتل کے ساتھ آپ ایرانی عوام کو اپنے وطن کے دفاع کے لئے مزید پرعزم اور متحد بنا دیتے ہیں۔

عباس عراقچی نے اسرائیل کی سازشوں اور فالس فلیگ کارروائیوں سے خبردار کر دیا

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ مصر کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا ایکس پر بیان میں کہا کہ مصر خطے میں اہم شراکت دار اور دوست ملک ہے، اسرائیل کی مبینہ سازشوں اور فالس فلیگ کارروائیوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔

عباس عراقچی نے کہا کہ خطرہ واضح اور مشترکہ ہے، مسلم اتحاد دشمن عناصر کو قبول نہیں ہے۔

امریکی سینیٹ نے ایران کیخلاف جنگ روکنے کی قرارداد مسترد کر دی

امریکی سینیٹ میں حکومتی جماعت ریپبلکن کے اراکین نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری رکھنے کے اختیار کو محدود کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی سینیٹ میں ایران کے خلاف جنگ روکنے کی قرارداد کے حق میں 49 جبکہ مخالفت میں 50 ووٹ آئے۔

رپورٹ کے مطابق 3 ری پبلکن سینیٹرز نے ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر قرارداد کے حق میں ووٹ دیا، ایک ڈیموکریٹ سینیٹر نے قرارداد مسترد کرنے میں ری پبلکنز کا ساتھ دیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق قرارداد میں ایران جنگ میں امریکی شمولیت کیلئے کانگریس کی منظوری لازمی قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

امریکا نے چین، بھارت، روس اور ایران کے اداروں پر نئی پابندیاں لگا دیں

خبر ایجنسی کے مطابق امریکا نے ایران سے متعلق نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا، ماہان ایئر سے مبینہ تعلق پر ایران، روس، چین اور بھارت کے متعدد ادارے امریکی پابندیوں کی زد میں آئے ہیں۔

چین اور بھارت کی 3 ٹریول و لاجسٹکس کمپنیاں بھی امریکی پابندیوں کا نشانہ بن گئیں جبکہ روسی کارگو کمپنی اور ایرانی سٹارٹ اپ سٹوڈیو بھی پابندیوں کا شکار اداروں کی فہرست میں شامل ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کے خلاف پابندیوں کے ایک نئے مرحلے کا اعلان کرتے ہوئے 8 تیل بردار جہازوں اور 10 مختلف اداروں کو نئی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔

سینٹ کام نے ایران کے امریکی طیارے تباہ کرنے کے دعوے مسترد کر دیئے

سینٹ کام نے ایران کے تمام دعوے مسترد کر دیئے۔

سینٹ کام نے کہا ہے کہ ایرانی حملوں میں کوئی امریکی طیارہ تباہ نہیں ہوا، تمام ایرانی میزائل اور ڈرونز ناکام بنائے گئے، ایرانی میزائل اپنے اہداف تک نہ پہنچ سکے۔

سینٹ نے امریکی ناکہ بندی توڑنے کا ایرانی دعویٰ بھی غلط قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ ایران نے اردن میں تین ایف-35 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا، امریکی فوج نے ایرانی دعوؤں کی باضابطہ تردید کر دی۔

چین نے ایران کو فضائی دفاعی میزائل بھیجنے کی خبر مسترد کر دی

چین نے ایران کو فضائی دفاعی میزائل فراہم کرنے سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے رائٹرز سے منسوب اس رپورٹ کو غلط اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین ایسی اطلاعات کی تردید کرتا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ چین ہمیشہ امن، استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے کام کرتا ہے اور کشیدگی میں اضافے کے بجائے سفارتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ 

عباس عراقچی کا بلغاریہ سے امریکی فوجی طیاروں کو اڈہ دینے کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بلغاریہ کے ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق عباس عراقچی نے ایران کے خلاف امریکی کارروائیوں کی حمایت کے لیے بیزمر ایئر بیس دینے پر تحفظات کا اظہار کیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق عباس عراقچی نے امریکی فوجی طیارے کو اڈہ دینے کے فیصلے پر خبردار کرتے ہوئے اسے قابل مذمت، ناقابل قبول اور روایتی دوستانہ تعلقات کے منافی قرار دیا۔

عباس عراقچی نے بلغاریہ پر زور دیا کہ وہ اپنے فیصلے پر فوری طور پر نظرثانی کرے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کسی بھی دشمنانہ اقدام کے خلاف قومی سلامتی کا دفاع کرنے سے دریغ نہیں کرے گا۔

ایران کا اردن میں تین امریکی ایف 35 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ

ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ قشم جزیرے پر امریکی حملے کے جواب میں اردن کے الازرق ایئربیس کو متعدد بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں تین امریکی ایف-35 طیاروں کو شدید نقصان پہنچا۔

پاسدارانِ انقلاب کے بیان کے مطابق حملے میں دشمن کے کئی افسران اور اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔ بیان میں کہا گیا کہ خطے سے امریکی افواج کے مکمل انخلا تک جدوجہد جاری رہے گی اور "اللہ کی مدد سے جارح ملک کو اس کے اقدام کی سزا دی جائے گی۔"

ایرانی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جب تک امریکہ کی جانب سے دھمکیاں اور بحری جہازوں کی آمدورفت میں مداخلت جاری رہے گی، آبنائے ہرمز بند رہے گی۔ 

اردن کے خلاف ایرانی جارحیت حسنِ ہمسائیگی کے خلاف ہے: سعودیہ

سعودی عرب کا کہنا ہے کہ اردن کے خلاف ایران کی جارحیت حسنِ ہمسائیگی کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

سعودی عرب نے اردن کی جانب سے ایران سے داغے گئے پانچ میزائل مار گرانے کے اعلان کے بعد ایران کی مسلسل کھلی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔

سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مملکت اردن اور اس کے برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ایران کے ان حملوں کے مقابلے میں اردن کی جانب سے کیے جانے والے تمام اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔

چینی کمپنی کی عمارت پر ایرانی حملے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے: کویت

کویت نے دعویٰ کیا ہے کہ آج ایران نے ایک چینی کمپنی کی عمارت کو میزائل اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔

کویت کی وزارتِ دفاع کے ترجمان میجر جنرل سعود عبدالعزیز العتیبی کا کہنا ہے کہ ایران نے ’ملک کے شمالی حصے میں واقع ایک چینی کمپنی کی عمارت کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہاں کام کرنے والا ایک شخص ہلاک جبکہ عمارت کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔

کویتی وزارتِ دفاع نے اسے سنگین جارحیت قرار دیا ہے۔

عراق نے سعودی عرب پر حملے میں اپنی سرزمین کے استعمال کا ثبوت مانگ لیا

عراقی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عراق سے سعودی عرب پر حملے ہونے کے ثبوت کا مطالبہ کرتے ہیں۔

عراقی کمانڈر انچیف کے ترجمان نے کہا ہے کہ کسی فریق نے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا، عراقی خود مختاری کے تحفظ کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔

اس سے قبل عراق میں امریکی و سعودی حملوں کے بعد عراقی قومی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں امریکی و سعودی حملوں کی مذمت کی گئی اور علاقائی کشیدگی میں کمی پر زور دیا گیا۔

عراقی وزیراعظم کے دفتر نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عراق کو علاقائی تنازعات سے دور رکھنے کی پالیسی پر کاربند ہے اور ملکی خودمختاری و استحکام کے تحفظ کے لیے سفارتی اور قانونی ذرائع اختیار کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ امریکی اور سعودی افواج نے عراق میں مبینہ ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے مراکز پر حملے کیے، جسے سعودی تیل تنصیبات پر ڈرون حملوں کا جواب قرار دیا گیا۔

عراقی ملیشیا کے مطابق عراق کے 7 صوبوں میں امریکی و سعودی مشترکہ فضائی حملوں میں 20 اموات ہوئیں، 32 افراد زخمی ہوئے، حملے ملیشیا کے ہیڈ کوارٹرز پر کیے گئے، سب سے بڑا حملہ صوبے نینوا میں ہوا جہاں 10 افراد مارے گئے۔

آبنائے ہرمز بند رہے گی، امریکا کے مددگاروں کو سخت جواب دیں گے: پاسدارانِ انقلاب

پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز بند رہے گی، امریکا کے مددگار ممالک کو سخت جواب دیں گے۔

پاسداران کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جب تک امریکی دھمکیاں اور خطے میں بحری نقل و حرکت میں مداخلت جاری رہے گی،آبنائے ہرمز بند رہے گی، آبنائے ہرمز ایران کا علاقہ ہے، ایرانی بحری فورسز آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، بیرونی مداخلت صورتحال کو مزید پیچیدہ بنائے گی۔

مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش، فریقین کے درمیان مذاکرات جاری ہیں: دفترِ خارجہ

پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ میں سکیورٹی صورتحال پر تشویش ہے، سفارت کاری ہی واحد راستہ ہے، فریقین کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ گزشتہ کچھ دن صورتحال میں بہتری رہی، ہم کوشش کررہے ہیں کہ فریقین کو اسلام آباد ایم او یو پر واپس لایا جائے، پاکستان ایران امریکا معاملے میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔

طاہر اندرابی نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، 25 جولائی کو اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، نائب وزیراعظم کا اردن کے وزیر خارجہ سے بھی رابطہ ہوا، گزشتہ روز کویت کے وزیر خارجہ نے پاکستان کا سرکاری دورہ مکمل کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ اور آبنائے ہرمز میں صورتحال تشویشناک ہے، پاکستان پُرامید ہے کہ دونوں فریقین ٹیکنیکل لیول ٹالکس پر واپس اجائے، خلیج بالخصوص ابنائے ہرمز اور باب المندب میں ہونے والی تبدیلیاں تشویشناک ہیں، تاہم صورتحال کو معمول پر لانے کے لئے مذاکرات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیاں جاری مخاصمت کو خطے کے دیگر حصوں تک نہیں پھیلنا چاہئے، ہم نے سعودی وزارت دفاع کا بیان دیکھا ہے، سعودی وزارت دفاع کے مطابق عراق سے متعدد ڈرونز کے زریعے سعودی عرب کو نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ اس صورتحال پر ہم نے سعودی عرب کی پوزیشن دیکھنا ہے، مجھے علم نہیں کہ عراق نے کوئی بیان جاری کیا ہے یا نہیں۔

متحدہ عرب امارات کی سعودی تیل تنصیبات پر ڈرون حملوں کی شدید مذمت

اماراتی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ حملے سعودی عرب کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہیں، سعودی عرب پر حملے خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اس موقع پر سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

سعودی وزیرِدفاع کی صدر ٹرمپ سے ہنگامی ملاقات، ولی عہد کا پیغام پہنچایا: امریکی میڈیا

سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے بعد امریکی صدر ٹرمپ سے ہنگامی ملاقات کی ہے اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی پیغام امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ تک پہنچایا ہے۔

اس سے قبل امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے ملاقات میں سعودی وزیرِ دفاع نے کہا کہ ایران کے ساتھ کشیدگی میں کمی چاہتے ہیں، ایران نواز عراقی ملیشیاؤں نے بنیادی ڈھانچے اور توانائی تنصیبات پر حملےکرکے ریڈلائن کراس کی جس کی وجہ سےجواب دینا پڑا۔

سعوی وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ عراق میں کارروائی کا مقصد یہ نہیں کہ ہم کشیدگی بڑھانےکے حامی ہیں، عراق میں کارروائی کا مقصد یہ بتانا تھا کہ مملکت دفاع کرنے کے لیے تیار ہے، نیتن یاہو ایران کے ساتھ کشیدگی بڑھانے پر زور دے رہے ہیں، سعودی عرب کشیدگی میں کمی کا خواہاں ہے کیونکہ یہ زیادہ سودمند راستہ ہے۔

امریکی میڈیا نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کا عراق پر حملوں کا مقصد حوثیوں کو پیغام دینا تھا، سعودی وزیرِدفاع نےامریکی نائب صدر کو بتایا کہ سعودی عرب حوثیوں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے، حوثیوں کے معاملے پر فی الحال امریکا کی مداخلت کی ضرورت نہیں، حوثیوں کے ساتھ مذاکرات بھی جاری ہیں۔

ایران سے آنے والے پانچ میزائل تباہ کر دیئے: اردن

اردن کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے ایران سے آنے والے پانچ میزائل تباہ کر دیے۔

اردن کی مسلح افواج کے مطابق آج علی الصبح ایران کی جانب سے اردن کی حدود کو نشانہ بنانے کے لیے داغے گئے پانچ میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے روک کر مار گرایا۔

اردن کی مسلح افواج کے سرکاری ترجمان کے مطابق، فوجی ریڈار نے آنے والے میزائلوں کا بروقت پتا لگا لیا، جس کے بعد فضائی دفاعی یونٹس نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے پانچوں میزائلوں کو کامیابی سے تباہ کر دیا۔

قشم میں رہائشی عمارت پر حملے میں 3 افراد شہید

ایران کے جزیرے قشم میں ایک رہائشی عمارت پر ہونے والے امریکی حملے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جہاں ملبے سے ایک اور بچے کو زندہ نکال لیا گیا ہے جبکہ حملے میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جس عمارت کو نشانہ بنایا گیا، اس میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد رہائش پذیر تھے۔ امدادی اہلکار مسلسل کارروائیاں کر رہے ہیں تاکہ ملبے تلے دبے دیگر افراد تک جلد از جلد پہنچا جا سکے۔

فارس نیوز کے مطابق زخمی ہونے والے دو دیگر بچے، جن کی عمریں 7 اور 9 سال ہیں، اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے، جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی اور ایک بچہ شامل ہیں۔

امریکی فوج کا لاک ہیڈ مارٹن کیساتھ انٹر سیپٹر میزائلز کی تیاری کیلئے 58.6 ارب ڈالر کا معاہدہ

 امریکی فوج نے لاک ہیڈ مارٹن کو پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کیلئے انٹر سیپٹر میزائل تیار کرنے کا بڑا معاہدہ دیا ہے جس کی مالیت 58.6 ارب ڈالر تک ہو سکتی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق پینٹاگون نے اس معاہدے کا اعلان کر دیا ہے، لاک ہیڈ مارٹن کے ساتھ اپریل میں 4.7 ارب ڈالر کا ایک سالہ معاہدہ کیا گیا تھا، اب اس معاہدے کو 7 سال میں تبدیل کر دیا گیا ہے، معاہدے کے تحت مالی سال 2026ء سے 2032ء تک پیٹریاٹ انٹر سیپٹر میزائلوں کی خریداری کا منصوبہ بنایا جائے گا۔

پینٹاگون دفاعی کمپنیوں پر زور دے رہا ہے کہ میزائلوں کی پیداوار میں تیزی لائیں، صدر ٹرمپ کی انتظامیہ نے بھی دفاعی کمپنیوں پر دباؤ بڑھایا ہے کہ وہ شیئر ہولڈرز کو منافع دینے کے بجائے سرکاری دفاعی معاہدوں کی تکمیل اور پیداوار میں اضافے کو ترجیح دیں۔

لاک ہیڈ مارٹن نے کہا ہے کہ اس فنڈنگ سے کمپنی 2030ء کے اختتام تک انٹر سیپٹر میزائلوں کی پیداوار 3 گنا بڑھانے کے اپنے منصوبے پر عمل کر سکے گی، منصوبے کے نتیجے میں ملازمتوں کی تعداد 50 فیصد بڑھ کر 1,200 سے 1,850 تک پہنچ جائے گی۔

یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور یوکرین میں جاری تنازعات کے باعث امریکا کے ہتھیاروں کے ذخائر، فضائی دفاعی اور درست نشانے والے ہتھیاروں کے ذخیرے پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

مصر کی بندر گاہ پر ڈرون حملہ ، 2 جہازوں میں آگ لگ گئی

مصر کی بندر گاہ دامی اطاح پر ڈرون حملہ ہوا جس میں 2 جہازوں میں آگ لگ گئی جسے بجھا دیا گیا، اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

برطانوی بحری سکیورٹی کمپنی کے مطابق حملے میں ایک امریکی گیس سٹوریج ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا۔

اقوام متحدہ کو مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش

اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے بتایا ہے کہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے تمام فریقین سے فوری جنگ بندی اور سفارتی مذاکرات کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔

سیکرٹری جنرل نے خبردار کیا کہ مذاکرات نہ ہوئے تو تنازع مزید پھیل سکتا ہے، سیکرٹری جنرل نے پاکستان، قطر اور دیگر ممالک کی ثالثی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے سفارتی حل پر زور دیا ہے۔

امریکا اور ایران کی کشیدگی کے باوجود عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی

 امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت 1.29 ڈالر کمی کے بعد 89.45 ڈالر فی بیرل رہ گئی۔

امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 56 سینٹ یا 0.66 فیصد کمی کے بعد 83.90 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا۔

رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں امریکا اور ایران کے درمیان تنازع میں شدت آنے کے باوجود تیل بردار جہازوں کی آمدورفت جاری رہنے سے قیمتوں میں کمی آئی۔

اس سے قبل گزشتہ کاروباری سیشن میں جنگ کے باعث تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا تھا، جہاں برینٹ خام تیل 7.91 فیصد اور ڈبلیو ٹی آئی 6.56 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوا تھا۔

یہ اضافہ منگل کو جنگ میں مختصر وقفے کے بعد آنے والی 5 فیصد کمی کے بعد ریکارڈ کیا گیا تھا۔

امریکی حملے کے بعد متعدد ایرانی شہروں سے دھماکوں کی اطلاعات

آج صبح امریکا کی جانب سے ایران پر تازہ حملوں کے اعلان کے بعد ایران کے مختلف شہروں سے دھماکوں اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ہرمزگان صوبے کے نائب گورنر احمد نفیسی نے بتایا ہے کہ آج صبح چار بجے جزیرہ قشم پر فضائی حملہ ہوا ہے، حملے کے ایک گھنٹے بعد احمد نفیسی کا کہنا تھا کہ قشم شہر کے علاقے چاہ ٹنگو میں ایک رہائشی یونٹ کو دشمن نے میزائلوں کا نشانہ بنایا ہے۔

خوزستان کے نائب گورنر نے آبادان کے نواحی علاقوں پر حملوں کی اطلاع دی، تاہم اس حملے کے نتیجے میں ہونے والے کسی بھی ممکنہ نقصان کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔

دوسری جانب خوزستان میں ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے ایک نامہ نگار نے بتایا ہے کہ صوبے کے کم از کم چار شہروں، شادگان، اروندکنار، آبادان اور اہواز میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، صرف اہواز میں سات دھماکے سنے گئے۔

اسی دوران ابوموسی اور کیش کے جزیروں کے علاوہ قشم کے سمندری علاقے اور آبنائے ہرمز میں بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

آج صبح صوبہ فارس کے شہروں نورآباد ممسنی اور کازرون سے دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی متعدد اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

امریکا کے ایک بار پھر ایران پر حملے، درجنوں اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ اس نے ایران پر بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے ہیں، حملوں میں پاسداران انقلاب کے درجنوں اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

سینٹکام کے مطابق فوجی کمانڈ سینٹرز، میزائل اور ڈرون تنصیبات پر حملے کیے گئے، ساحلی نگرانی اور دفاعی مراکز سمیت بحری صلاحیتوں کو بھی ہدف بنایا گیا۔

امریکی فوج کے مطابق کارروائیوں کا مقصد امریکی افواج، تجارتی جہاز رانی اور خلیجی ممالک کو درپیش خطرات کو کم کرنا ہے۔