امریکا ایران جنگ

امریکا ایران جنگ

ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سے متعلق معاملات طے پاگئے

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار

امریکی خام تیل کی قیمت کم ہو کر 75 ڈالر فی بیرل تک آگئی ہے جبکہ برطانوی خام تیل بھی 79 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے مربن کروڈ آئل کی قیمت میں ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے تاہم مجموعی طور پر اس کی قیمت بھی کنٹرول میں ہے، مربن کروڈ کے مستقبل کے سودے 78 ڈالر فی بیرل پر طے پا رہے ہیں۔

سپریم لیڈر ماہرین کی رائے سنتے ہیں، اسی بنیاد پر فیصلے کرتے ہیں: ایرانی صدر

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں کہا کہ ملک کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سے رابطہ اور ملاقات فی الحال "انتہائی مشکل" ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجتبیٰ خامنہ ای اپنے والد اور سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی جگہ منصب سنبھالنے کے بعد سے اب تک عوامی طور پر منظرِ عام نہیں آئے۔

خیال رہے کہ سابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے ابتدائی حملوں میں شہید ہو گئے تھے۔

امریکا نے فلائی بغداد ایئرلائن کو پابندیوں کی فہرست سے خارج کر دیا

غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے فلائی بغداد اور عراق ایکسپریس پر عائد کی گئیں پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فلائی بغداد پر قدس فورس سے مبینہ روابط کا الزام تھا، امریکی محکمہ خزانہ نے فیصلے کی باضابطہ وجہ نہیں بتائی۔

امریکی و برطانوی وزرائے خارجہ کی ملاقات، ایران اور خلیج کی صورتحال پر گفتگو

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ کی واشنگٹن میں ملاقات ہوئی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق مارکو روبیو اور ایڈ ملی بینڈ کی ملاقات میں ایران اور خطے کی صورتحال پر گفتگو کی گئی، امریکا اور برطانیہ نے آبنائے ہرمز میں محفوظ جہاز رانی کے عزم کا اعادہ کیا۔

ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے پر بھی امریکا اور برطانیہ نے اتفاق کیا، جبکہ یوکرین، غزہ اور یورپی سلامتی بھی واشنگٹن ملاقات کا محور رہیں، ایڈ ملی بینڈ نے ٹرمپ سے متعلق سوال پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

آبنائے ہرمز میں نیا عارضی بحری راستہ قائم کرنے کی تیاری مکمل کرلی: ایران

ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا کہ ایران، عمان کے درمیان نئے بحری راستے پر اصولی اتفاق رائے ہو گیا۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں نیا عارضی بحری راستہ قائم کرنے کی تیاری مکمل کر لی گئی، نیا راستہ زیادہ تر ایرانی سمندری حدود سے گزرے گا۔

کاظم غریب آبادی نے کہا کہ منصوبے پر عمل درآمد کے بعد موجودہ عارضی راستے بند ہوں گے، ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کو امریکی وعدوں سے مشروط کر دیا، عمان کے ساتھ تین ہفتے مذاکرات جاری رہے۔

ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سے متعلق معاملات طے پاگئے: اسماعیل بقائی

 ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے راستے کی جغرافیائی خصوصیات سے متعلق ایران اور عمان کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں اور دونوں ممالک کی جانب سے باضابطہ اعلان آخری مرحلے میں ہے۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ اگر کوئی تیسرا فریق مداخلت نہ کرے تو ایران اور عمان کے درمیان ہونے والے اتفاقِ رائے کا جلد اعلان متوقع ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران اور عمان کے درمیان ممکنہ معاہدے کا مقصد یہ نہیں کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر محفوظ یا ہر قسم کی پابندی سے آزاد ہو جائے، بلکہ اس کا تعلق بحری راستے کے انتظامی امور سے ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ ایرانی وزیر خارجہ یا پارلیمنٹ کے اسپیکر کے پاکستان یا قطر کے دورے کا فی الحال کوئی منصوبہ نہیں ہے، تاہم ایران نے پاکستان اور قطر کے ساتھ اس معاملے پر خیالات کا تبادلہ کیا ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ متعلقہ فریق تحمل کا مظاہرہ کریں گے تاکہ خطے میں کشیدگی میں کمی آئے اور بحری آمدورفت سے متعلق معاملات آگے بڑھ سکیں۔ 

ایران غزہ مذاکرات میں حماس کے ساتھ کھڑا رہے گا: مسعود پزشکیان

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران غزہ سے متعلق جاری مذاکرات کے دوران حماس کے ساتھ کھڑا رہے گا اور فلسطینی قیادت کے ہر فیصلے کی حمایت کرے گا۔

ایرانی صدر نے حماس کے پولیٹیکل بیورو کے سربراہ خلیل الحیہ سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران مذاکراتی عمل کے دوران فلسطینی رہنماؤں کی جانب سے کیے جانے والے ہر اقدام اور ہر فیصلے کی مکمل حمایت کرے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ مصر، قطر اور ترکیہ کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے بعد حماس نے ہتھیار ڈالنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ 

امریکا نے پاسداران انقلاب سے منسلک تین اداروں پر عائد پابندیاں ختم کردیں

امریکا نے ایران کے پاسدارانِ انقلاب سے مبینہ طور پر منسلک تین اداروں پر عائد پابندیاں ختم کر دی ہیں، جس کی تصدیق امریکی وزارت خزانہ نے کر دی۔

امریکی وزارت خزانہ کے مطابق ایران سے وابستہ بعض فضائی اداروں پر دہشت گردی کے انسداد سے متعلق عائد پابندیاں واپس لے لی گئی ہیں، یہ پابندیاں ان اداروں پر پاسدارانِ انقلاب سے مبینہ تعلق کے الزام میں عائد کی گئی تھیں۔

پابندیاں ختم کیے جانے کی خبر کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی دیکھنے میں آئی، امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل 75.06 ڈالر فی بیرل جبکہ برینٹ خام تیل 78.83 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔ 

عمان سے ممکنہ بحری معاہدہ آبنائے ہرمز کی فوری بحالی کی ضمانت نہیں: ایران

ایرانی سرکاری میڈیا نے واضح کیا ہے کہ اگر ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے مستقبل کے انتظامات سے متعلق کوئی معاہدہ طے بھی پا جاتا ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں ہوگا کہ یہ اہم بحری گزرگاہ فوری طور پر دوبارہ کھول دی جائے گی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ آبنائے ہرمز میں مستقبل کی بحری آمدورفت سے متعلق مذاکرات صرف تہران اور مسقط کے درمیان جاری ہیں اور ان کا امریکا سے کوئی تعلق نہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران اور عمان کے درمیان ممکنہ سمجھوتہ صرف جہاز رانی کے انتظامی طریقہ کار تک محدود ہو سکتا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے یا بند رکھنے کا فیصلہ ایک الگ معاملہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگر دونوں ممالک کسی نئے بحری راستے یا مشترکہ انتظام پر متفق بھی ہو جائیں، تب بھی ایران کے بقول آبنائے ہرمز اس وقت تک بند رہے گی جب تک امریکا اپنی مبینہ خلاف ورزیاں بند نہیں کرتا۔

ایرانی ذرائع نے مؤقف اختیار کیا کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا انحصار امریکا کے رویے میں تبدیلی اور اس کی مبینہ خلاف ورزیوں کے خاتمے پر ہے۔

عمان کے ساتھ معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز فوری نہیں کھلے گی، معاہدے کا امریکا سے کوئی تعلق نہیں: ایران

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے نے باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ عمان کے ساتھ کسی بھی معاہدے سے آبنائے ہرمز فوری طور پر دوبارہ نہیں کھلےگی۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایران کے عمان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کا امریکا سے کوئی تعلق نہیں، آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنا امریکا کے رویے میں تبدیلی اور اس کی خلاف ورزیوں کی اصلاح پر منحصر ہے۔

حوثیوں کا بحیرہ احمر میں سعودی آئل ٹینکر پر بیلسٹک میزائلوں سے حملے کا دعویٰ

یمن کے حوثی گروہ کے عسکری ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے بحیرہ احمر کے شمالی حصے میں ایک سعودی آئل ٹینکر کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔

حوثی ترجمان کے بیان کے مطابق سعودی آئل ٹینکر ’وفا‘ کو سعودی عرب کے ساحلی شہر ینبع کے قریب بحیرہ احمر کے شمالی پانیوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ 22 جولائی کو سعودی عرب کی بحری ناکہ بندی کے آغاز سے اب تک حوثیوں کی جانب سے مجموعی طور پر 8 سعودی آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا جا چکا ہے، 29 سعودی آئل ٹینکرز کو بحیرہ احمر اور بحیرہ عرب میں آگے بڑھنے سے روک کر واپس لوٹنے پر مجبور کیا جا چکا ہے۔

دوسری جانب سعودی حکام کی جانب سے فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔

حوثی ناکہ بندی کے باوجود پاکستانی تیل بردار جہاز باب المندب سے نکلنے میں کامیاب

حوثی ملیشیا کی جانب سے بحیرہ احمر میں کی جانے والی ناکہ بندی کے باوجود 2 پاکستانی ایندھن بردار جہاز سعودی عرب کا خام تیل لے کر بغیر کسی حادثے یا رکاوٹ کے باب المندب اور بحیرہ احمر سے کامیابی کے ساتھ گزر گئے۔

بحری نقل و حمل پر نظر رکھنے والی عالمی انٹیلی جنس کمپنی ’ونڈوارڈ‘ کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق، افرامیکس کلاس کے ان دونوں تیل بردار جہازوں نے سعودی عرب کی ینبع بندرگاہ سے خام تیل لوڈ کیا اور اپنا ٹریکنگ سسٹم مسلسل آن رکھتے ہوئے واپس پاکستان روانہ ہوئے۔

ونڈوارڈ کے مطابق 20 جولائی کو حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کی بندرگاہوں اور متعلقہ جہاز رانی پر ناکہ بندی کے اعلان کے بعد سے، چین سے منسلک بحری جہازوں کے علاوہ سعودی عرب سے وابستہ دیگر تمام تیل بردار جہازوں کو یا تو حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا تھا یا پھر انہیں طویل اور دشوار گزار راستہ، یعنی کیپ آف گڈ ہوپ سے چکر لگا کر گزرنا پڑ رہا تھا۔

ایسے کشیدہ ماحول میں پاکستانی جہازوں کا یہ محفوظ سفر ایک انتہائی اہم پیشرفت سمجھا جا رہا ہے۔

پاکستانی جہازوں کا یہ کامیاب بحری سفر ایک ایسے وقت میں ممکن ہوا ہے جب کچھ ہی دن قبل پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے حوثیوں کو واضح اور سخت وارننگ دی تھی۔

پاکستانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اور حکام کی جانب سے اپنے بیان میں کہا گیا تھا کہ ”کسی بھی پاکستانی پرچم بردار بحری جہاز پر کیا جانے والا کوئی بھی حملہ ملک کی سلامتی اور قومی تحفظ کیلئے برا راست خطرہ تصور کیا جائے گا“۔

اس تنبیہ کے بعد پاکستانی پرچم بردار جہازوں کا محفوظ طریقے سے گزرنا خطے کے بحری راستوں اور تجارتی تحفظ کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔

ایران امریکا جنگ کا مذاکرات کے ذریعے حل ناگزیر ہے: سعودی کابینہ

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت سعودی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں خطے میں کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

سعودی میڈیا کے مطابق ایران امریکا جنگ کا مذاکرات کے ذریعے حل نکالنا ناگزیر قرار دیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ کابینہ نے غزہ میں ہتھیاروں کے خاتمے سے متعلق تاریخی معاہدے کا خیرمقدم کیا، غزہ امن معاہدے کے لئے مصر، قطر، ترکیے،امریکا اور دیگر ثالثی کرنے والے ممالک کے کردار کو سراہا گیا۔

سعودی میڈیا کے مطابق کابینہ اجلاس میں سعودی قیادت میں قائم کثیرالملکی بحری دفاعی اتحاد کے قیام کا بھی خیرمقدم کیا گیا، کابینہ نے بحیرہ احمر، باب المندب اور خلیج عدن میں بحری آمد و رفت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

اسرائیل اور لبنان کے درمیان امریکی ثالثی میں مذاکرات کا نیا دور شروع

خبرایجنسی کے مطابق امریکی ثالثی میں اسرائیل اور لبنان سکیورٹی امور پر اٹلی کے دارالحکومت روم میں مذاکرات کر رہے ہیں، 3 روزہ مذاکرات امریکی سفارت خانے میں کئے جا رہے ہیں، مذاکرات میں دونوں ممالک کے تکنیکی وفود شریک ہیں، اسرائیلی وفد میں اسرائیلی فوج کے اعلیٰ حکام بھی شامل ہیں۔

خبرایجنسی کا کہنا ہے کہ بات چیت میں جنوبی لبنان کی سکیورٹی، سرحدی تنازعات زیر بحث آئیں گے۔

رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا، امریکا حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کو پائیدار معاہدے کے لیے اہم قرار دے رہا ہے، اسرائیل سرحدی حد بندی، جنوبی لبنان کی تعمیر نو پر ورکنگ گروپس قائم کرنا چاہتا ہے۔

خبرایجنسی کے مطابق اسرائیل اور لبنان کے درمیان امریکا کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات کا یہ ساتواں دور ہے۔

ایرانی صدر نے استعفے اور اختلافات کی افواہوں کو مسترد کر دیا

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے استعفیٰ دینے سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

اپنی حکومت کے دو سال مکمل ہونے پر ایک انٹرویو میں صدر پزشکیان نے کہا کہ سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای سے اختلافات کی خبروں میں بھی کوئی صداقت نہیں ہے، میں اپنے عہدے پر برقرار رہتے ہوئے بطور صدر ذمہ داریاں انجام دیتا رہوں گا، حکومت اور مسلح افواج کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور رابطہ موجود ہے۔

استعفیٰ سے متعلق سوال کے جواب میں صدر پزشکیان نےکہا کہ اگر وہ کبھی مستعفی ہونے کا فیصلہ کریں گے تو اس کا اعلان خود کریں گے، فی الحال ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں اور وہ اپنی ذمہ داریاں بدستور جاری رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہ اکہ بعض لوگوں کی یہ کوشش ضرور ہے کہ وہ یہ تاثر پیدا کریں کہ انتظامیہ اور سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید مجتبی خامنہ ای کے درمیان اختلافات ہوں۔

آبنائے ہرمز نہ کھلی تو ایران کو سخت فوجی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز بہت جلد کھل جائے گی، آبنائے ہرمز نہ کھلی تو ایران کو سخت فوجی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا ایران پر ایک بڑا فوجی حملہ کرنے والا تھا، ایران نے ہم سے مذاکرات کی درخواست کی، اگر ایران کے ساتھ مذاکرات ناکام ہوئے تو واشنگٹن انتہائی سخت جواب دے گا۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ معاہدے میں ایران کے جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے کی ضمانت شامل ہوگی۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان اس وقت بہت اچھے مذاکرات جاری ہیں، اگر تہران معاہدہ نہیں کرتا تو صورتحال اس کیلئے بہت خراب ہوگی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ڈیموکریٹس کی پالیسیاں امریکا کو تباہ کر دیں گی، سوشلسٹ اور کمیونسٹ نظریات کے زیر اثر چلنے والے شہر بدحالی اور گندگی کا شکار ہیں۔

ایران اور امریکا 60 روزہ عبوری معاہدے کے قریب پہنچ گئے: امریکی نشریاتی ادارے کا دعویٰ

امریکا، ایران اور عمان آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بحال کرنے کیلئے عبوری معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں جس کا باضابطہ اعلان جلد اور ممکنہ طور پر آج کیا جا سکتا ہے۔

معروف امریکی نشریاتی ادارے ایگزیوس نے دو علاقائی ذرائع اور ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ مجوزہ معاہدہ 60 روز کیلئے ہوگا، جس کے تحت آبنائے ہرمز میں آنے والے تجارتی جہاز ایران کے سمندری راستے سے جبکہ روانہ ہونے والے جہاز عمان کے سمندری راستے سے گزریں گے، یہ نظام ایران کے ساتھ رابطہ کاری میں نافذ کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق عبوری معاہدے کی مدت کے دوران تجارتی جہازوں سے کسی قسم کا ٹول ٹیکس یا ٹرانزٹ فیس وصول نہیں کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کا مقصد امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ بندی کو مضبوط بنانا اور ایران کے جوہری پروگرام پر دوبارہ مذاکرات کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سفارتی پیشرفت میں عمان، قطر، پاکستان اور سعودی عرب نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ثالثی کا اہم کردار ادا کیا۔

ایگزیوس کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے گزشتہ ہفتے کے آخر میں اس فریم ورک سے اصولی اتفاق کیا تھا جبکہ ایران کی اعلیٰ قیادت نے منگل کے روز اس کی منظوری کا عمل مکمل کر لیا۔

تاہم، معاہدے کا باضابطہ اعلان تاحال نہیں کیا گیا اور نہ ہی امریکا، ایران یا عمان کی جانب سے اس حوالے سے سرکاری تصدیق سامنے آئی ہے، لہٰذا اس پیشرفت کو فی الحال میڈیا رپورٹس اور متعلقہ ذرائع کی اطلاعات کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ 

یمن کے قریب بحیرۂ احمر میں بھارتی تجارتی جہاز پروجیکٹائل حملے کے بعد ڈوب گیا

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یمن کے قریب بحیرۂ احمر میں حملے کے بعد بھارتی پرچم بردار تجارتی جہاز ڈوب گیا تاہم کوسٹ گارڈ نے جہاز کے تمام عملے کو بحفاظت بچا لیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مقامی حکام کے مطابق جہاز پر سوار تمام 14 افراد جن میں 13 بھارتی شہری اور ایک یمنی شامل تھا بندرگاہ الحدیدہ کے جنوب میں حملے کے بعد بحفاظت ریسکیو کر لئے گئے۔

بھارت کے وزیرِ جہاز رانی سربانندا سونووال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ جہاز کو یمنی سمندری حدود کے قریب ایک پروجیکٹائل نے نشانہ بنایا۔

بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ خطے میں تجارتی جہاز رانی کو نشانہ بنانے کا سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہئے، بھارت نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بلااشتعال حملہ قرار دیا ہے۔

یمن کی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اس حملے کا ذمہ دار ایران کی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کو ٹھہرایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ حوثیوں نے سعودی عرب کے خلاف بحیرۂ احمر میں بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا اور اس کے بعد سے متعدد آئل ٹینکروں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں کی ذمہ داری قبول کر چکے ہیں۔ 

ایرانی دھمکیوں کے باوجود آبنائے ہرمز کا جنوبی بحری راستہ بدستور کھلا ہے، سینٹ کام

امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ ایرانی دھمکیوں کے باوجود آبنائے ہرمز کا جنوبی بحری راستہ تجارتی جہازوں کیلئے بدستور کھلا ہے اور بحری آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں سینٹ کام نے کہا کہ گزشتہ 3 ماہ کے دوران ایک ہزار سے زائد تجارتی جہاز اس اہم آبی گزرگاہ سے بحفاظت گزر چکے ہیں، باوجود اس کے کہ ایران کی جانب سے بلاجواز جارحانہ اقدامات کا سامنا رہا۔

امریکی فوج نے بتایا اس دوران اس نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کو ضروری معاونت اور تحفظ بھی فراہم کیا، جبکہ اس اہم عالمی توانائی گزرگاہ کو کھلا رکھنے کیلئے آپریشنز بدستور جاری ہیں۔

سینٹ کام کا مزید کہنا ہے کہ ان کے اقدامات کا مقصد خطے میں جاری کشیدگی کے باوجود عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کو بلا تعطل جاری رکھنا ہے۔

امریکا ایران جنگ کے خاتمے کی کوششوں میں ثالثی سے نمایاں پیشرفت ہوئی: قطر

قطر نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کی کوششوں میں ثالثی کے ذریعے نمایاں پیش رفت ہوئی ہے جس کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں چار فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست مذاکرات شروع ہو چکے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ایران خطے کی اہم تجارتی اور توانائی گزرگاہوں کو دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کر کے امریکا پر سیاسی اور اقتصادی دباؤ بڑھانے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔

ٹرمپ کا امیرِ قطر سے ٹیلیفونک رابطہ، خلیج میں استحکام کیلئے مذاکرات کی اہمیت پر زور

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق دوران گفتگو صدر ٹرمپ اور امیرِ قطر نے خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی کوششوں پر اتفاق کیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا کہ دوران گفتگو واشنگٹن اور تہران کو مذاکرات کے ذریعے قریب لانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے ساتھ خلیج میں استحکام اور امن کیلئے مذاکرات کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

امریکا نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کا پورا ذخیرہ استعمال کر لیا

امریکا نے ایران جنگ میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کا پورا ذخیرہ استعمال کر لیا۔

برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایران جنگ میں امریکا کے جدید میزائلوں کے ذخائر بھی تیزی سے کم ہونے لگے، امریکی فوج نے آرمی ٹیکٹیکل میزائل سسٹمز اور پریسیژن سٹرائیک میزائلوں کے تمام ذخائر استعمال کر لئے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکا ذخیرے کے تقریباً نصف ٹوماہاک کروز میزائل بھی استعمال کر چکا، بعض فوجی حکام نے صدر ٹرمپ کو دفاعی میزائلوں کے ذخائر میں کمی سے بھی آگاہ کیا ہے، امریکی فوج ضرورت پڑنے پر دنیا بھر میں موجود اپنے ذخائر سے اسلحہ منتقل کر کے کمی پوری کر رہی ہے۔

رائٹرز کے مطابق جنگ طویل ہونے کی صورت میں امریکا کو مستقبل کی فوجی حکمت عملی پر نظرثانی کرنا پڑ سکتی ہے۔

وائٹ ہاؤس نے اسلحہ ذخائر میں کمی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کے پاس دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ اسلحہ موجود ہے۔

آبنائے ہرمز معاہدے کی راہ ہموار، ایران کی عمان سے مثبت مذاکرات کی تصدیق

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز کے نئے میکانزم سے متعلق ہونے والی بات چیت تکنیکی اور سیاسی دونوں سطحوں پر مثبت رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق مذاکرات کے دوران آبنائے ہرمز میں تجارتی اور دیگر بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت، بحری لینز کے تعین اور نیویگیشن کے طریقہ کار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک نے ایسے طریقۂ کار پر بھی گفتگو کی جس کے ذریعے ایران اور عمان کی خودمختاری، قومی سلامتی اور قانونی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ مذاکرات کا مقصد آبنائے ہرمز میں محفوظ اور منظم بحری آمدورفت کو فروغ دینا اور خطے میں استحکام کو یقینی بنانا ہے۔ 

آبنائے ہرمز کھولنے کے مذاکرات میں پیش رفت، معاہدہ جلد متوقع

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ مکمل طور پر کھولنے کے لیے جاری مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے اور امریکا کو امید ہے کہ معاہدہ بہت جلد طے پا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا اس وقت اہم نہیں، تاہم مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کو توقع ہے کہ آبنائے ہرمز سے متعلق معاہدہ جلد طے پا جائے گا، جس کے بعد تجارتی جہازوں کی محفوظ اور آزادانہ آمدورفت مزید بہتر ہو سکے گی۔

امریکی وزیر خارجہ کے مطابق مذاکراتی عمل جاری ہے اور تمام متعلقہ فریق اس اہم بحری گزرگاہ میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے رابطے میں ہیں۔
 

ایران کو آخری موقع دے دیا، آبنائے ہرمز کل مکمل طور پر کھل جائے گی: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کل مکمل طور پر کھل جائے گی جبکہ اس کے بعد دوسرے مرحلے میں ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات ہوں گے۔

وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق معاملہ جلد کسی ایک نتیجے پر پہنچ جائے گا اور یہ کوئی پیچیدہ مسئلہ نہیں ہے، آبنائے ہرمز کا کھلنا پہلے مرحلے کی کامیابی ہوگی، جبکہ دوسرے مرحلے میں ایران کے جوہری معاملے پر بات چیت کی جائے گی۔

امریکی صدر نے کہا کہ امریکا اپنے مؤقف پر قائم ہے کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہییں، آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر کوئی فیس عائد نہیں ہوگی، تاہم اگر کوئی دوسرا فریق ایسا کرنے کی کوشش کرے گا تو امریکا بھی اس کے مطابق جواب دے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا کا آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول ہے اور ایران کے پاس یہ آخری موقع ہے کہ وہ مجوزہ دستاویز پر دستخط کر دے۔ 

آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آزادانہ آمدو رفت بحال، معاہدہ جلد طے پا جائے گا: اسکاٹ بیسنٹ

امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے متعلق معاہدہ آج یا کل طے پانے کا امکان ہے، جبکہ ایران کے ساتھ بات چیت بھی جاری ہے۔

ایک انٹرویو میں اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ خطے میں کشیدہ صورتحال کے باوجود متعدد تجارتی جہاز بدستور آبنائے ہرمز سے گزر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ متوقع معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آزادانہ اور محفوظ آمدورفت کو یقینی بنایا جائے گا، جس سے عالمی تجارتی سرگرمیوں میں استحکام آئے گا۔

امریکی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلنے سے عالمی توانائی منڈی کو فائدہ پہنچے گا اور تیل و گیس سمیت توانائی کی قیمتوں میں مزید کمی آنے کا امکان ہے۔ 

کویت میں دھماکوں اور عمان کے قریب کارگو جہاز پر حملے کی اطلاعات

ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کویت میں زور دار دھماکوں کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔

ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق کویت میں موجود ایک امریکی فوجی اڈہ بھی براہِ راست متاثر ہوا ہے، تاہم واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی گروہ یا فریق نے قبول نہیں کی۔

دوسری جانب برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (UKMTO) نے اطلاع دی ہے کہ عمان کے قریب ایک کارگو جہاز کو حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق یہ واقعہ عمان کے علاقے خصب سے تقریباً 20 بحری میل شمال مشرق میں پیش آیا، جہاں ایک کارگو جہاز نے اطلاع دی کہ اسے ایک نامعلوم شے نے نشانہ بنایا۔

حکام واقعے کی نوعیت اور ذمہ دار عناصر کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں، جبکہ دونوں واقعات کے بعد خطے میں سیکیورٹی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ 

لبنان اور اسرائیل کے مذاکرات شرمندگی اور ذلت کا باعث ہوں گے: حزب اللہ

حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان براہِ راست مذاکرات لبنان کے لیے شرمندگی، ذلت اور مسلسل سمجھوتوں کے سوا کچھ نہیں لائیں گے۔

حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے یہ بیان روم میں ہونے والے لبنان اور اسرائیل کے نئے مذاکرات سے قبل دیا ہے۔

ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے اپنے خطاب میں نعیم قاسم نے کہا کہ لبنان کے صدر جوزف عون نے ثالث یا قومی اتحاد کی علامت کے طور پر کردار ادا نہیں کیا، بلکہ وہ جانبدار اور تقسیم پیدا کرنے والی شخصیت بن گئے ہیں، جو ان کے آئینی منصب اور لبنان کی طاقت کے منافی ہے۔

ایران امریکا اور اسرائیل کے ساتھ حالیہ جنگ میں کامیاب رہا: سربراہ حزب اللہ

سربراہ حزب اللہ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ ایران کی امریکا اسرائیل کے خلاف کامیابی میں اب کوئی ابہام باقی نہیں رہا، ایران ایک بااثر عالمی طاقت کے طور پر سامنے آیا ہے۔

نعیم قاسم نے کہا کہ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں مزید کامیابیاں حاصل ہوں گی، ایران امریکا ایم او یو سے لبنان پر اسرائیلی حملوں کی شدت میں کمی آئی، ایران نے لبنان سے متعلق معاملات کو معاہدے کی پہلی شق میں شامل کرایا۔

پاکستان کی حمایت اور ثالثی کی کوششوں پر ایران کا اظہارِ تشکر

ایران کے وزیرِ صنعت، کان، اور تجارت محمد اتابک نے اسرائیل اور امریکا کے ساتھ حالیہ تنازع کے دوران پاکستان کی حمایت پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان-ایران مشترکہ تجارتی کمیٹی کے دسویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد اتابک نے کہا کہ ایرانی حکومت اور قیادت حالیہ امریکا اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ کے دوران حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے کیے گئے اصولی اور برادرانہ تعاون پر دلی طور پر شکر گزار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران پاکستان کی تعمیری سفارتی کوششوں اور مخلصانہ کاوشوں کا بھی یکساں طور پر معترف ہے، جن کا مقصد مذاکرات اور ثالثی کے ذریعے تنازع کے خاتمے میں مدد فراہم کرنا تھا۔

استعفیٰ نہیں دوں گا اور ڈٹا رہوں گا: ایرانی صدر

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایرانی ذرائع ابلاغ نے صدر مسعود پزشکیان کے ایک ویڈیو بیان کے حصے نشر کیے ہیں جن میں ایران کے صدر کہتے ہیں کہ میں استعفیٰ نہیں دوں گا اور ڈٹا رہوں گا۔

اس ویڈیو میں پزشکیان نے کہا کہ ہم فوجی دستوں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق موجودہ صورتحال، بشمول جنگ سے متعلق واقعات پر پزشکیان کی گفتگو کی مکمل ویڈیو اور متن جلد جاری کیا جائے گا۔

مسعود پزشکیان نے کہا تھا کہ ایران اپنی حدود اور خود مختاری کا دفاع کرتا ہے، لیکن جنگ کو وسعت دینے کا خواہاں نہیں۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، تاہم تہران نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت طے نہیں کی گئی۔

ایران وسیع جنگ کا خواہاں نہیں: صدر مسعود پزشکیان

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران اپنی سرحدوں کے دفاع کے لیے پُرعزم ہے، تاہم وہ جنگ کو مزید وسعت دینے کا خواہاں نہیں۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے صدر پزشکیان کے حوالے سے بتایا کہ ہمیں ایسی معاشرت تشکیل دینے کے لیے کام کرنا ہوگا جو دشمن کو مداخلت کی ترغیب نہ دے، اسے دراندازی کا کوئی موقع نہ ملے، اور نہ ہی ہمارے درمیان تقسیم پیدا کرنے یا ہمیں کمزور کرنے کا کوئی ذریعہ میسر آئے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک روز قبل کہا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، تاہم تہران نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی قسم کے مذاکرات کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی۔

عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ

آج کاروبار کے آغاز پر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تقریباً ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے،  مشرقِ وسطیٰ سے تیل کی فراہمی کے تسلسل کے بارے میں خدشات اور امریکہ ایران جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی حل تک پہنچنے کے امکانات کم دکھائی دینے کو اس اضافے کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

برینٹ خام تیل کی قیمت ایک ڈالر 12 سینٹ (1.3 فیصد) اضافے کے ساتھ 84.89 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، برینٹ خام تیل کی قیمت گزشتہ روز سات فیصد گر کر تین ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئی تھی۔

امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت بھی 77 سینٹ (ایک فیصد) اضافے کے ساتھ 81.11 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

تیل کی قیمتوں میں اس وقت کمی آئی تھی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کے کنٹرول سے متعلق تنازع کے حل کے لیے مذاکرات جاری رہنے تک وہ ایران کے خلاف نئے حملوں سے گریز کریں گے۔

ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے گذشتہ روز صدر ٹرمپ کے اس بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کوئی مذاکرات جاری نہیں اور نہ ہی کسی ملاقات کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

آبنائے ہرمز میں کسی دوسرے راستے کی اجازت نہیں دی جائے گی: محسن رضائی

ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے سینیئر مشیر میجر جنرل محسن رضائی نے واضح کیا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز میں کسی دوسرے راستے کی اجازت نہیں دے گا۔

مشیرسپریم لیڈر جنرل محسن رضائی نے اپنے بیان میں امریکا کو خبر دار کیا ہے کہ جنگی جہاز یا فوج لائی گئی تو اسے بھی نشانہ بنائیں گے، لیکن آبنائے ہرمز میں کسی دوسرے راستے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے جہاز ایران کی وارننگ پر واپس مڑ رہے ہیں، امریکا کا حکم ماننے والے جہاز نقصان اٹھاتے ہیں اور پھر خود ہی مڑ جاتے ہیں۔

محسن رضائی نے کہا کہ ایران اپنے مؤقف پر قائم ہے کہ ہرمز امریکا کی شرائط پر دوبارہ نہیں کھلے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران نے یوکرین میں 3 اہداف پر حملوں کی تیاری کرلی تھی، یوکرین نے ایرانی جہاز پر حملہ اپنی غلطی مانا جس پر حملے کا ارادہ ترک کردیا گیا، یوکرین کو ہر صورت قیمت چکانا ہوگی۔

ایران اور عمان ہرمز پر معاہدے کے قریب ہیں، اسماعیل بقائی

ایرانی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ایران اور عمان آبنائے ہرمز سے متعلق نئے بحری راستے پر معاہدے کے قریب ہیں۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ عمان کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے، آبنائے ہرمز کے لیے عارضی محفوظ راستے پر عمان کے ساتھ کام جاری ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ زیربحث نئے روٹ میں ایک گزرگاہ ہوگی، جس میں داخلے، اخراج کے لیے الگ راستے ہوں گے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کی بحالی کے لئے عمان کے ساتھ کسی معاہدے تک پہنچ جانا کافی نہیں، امریکی جارحیت جاری رہی تو صورتحال اسی طرح برقرار رہے گی۔

عمان کے قریب ایک مال بردار جہاز پر پروجیکٹائل سے حملہ

عمان کے قریب ایک مال بردار جہاز کو پروجیکٹائل سے نشانے بنانے کی اطلاع ملی ہے۔

برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز ایجنسی کے مطابق، عمان کے شہر خصب سے تقریباً 37 کلومیٹر شمال مشرق میں ایک کارگو جہاز نامعلوم نوعیت کے پروجیکٹائل کی زد میں آ گیا۔

متعلقہ حکام واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

ایجنسی نے علاقے میں موجود تمام جہازوں کو احتیاط سے سفر کرنے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔

ایران کی ناکہ بندی کے دوران 44 تجارتی جہازوں کا رخ موڑ دیا گیا: امریکی فوج

 امریکی فوج نے کہا ہے کہ ایران کی ناکہ بندی کے دوران 44 تجارتی جہازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔

امریکی فوج کا کہنا ہے کہ 2 جہازوں کو ناکارہ بنایا گیا جبکہ 2 کیخلاف کارروائی کی گئی، امریکی فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ اقدامات ایران کے خلاف جاری بحری ناکہ بندی کے آپریشن کا حصہ ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بحری کارروائیوں کے دوران متعدد تجارتی جہازوں کو متبادل راستہ اختیار کرنے کا حکم دیا گیا۔

ایران کی امریکا کو بحری ناکہ بندی پر سخت نتائج کی وارننگ

 ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر محسن رضائی نے کہا کہ امریکی بحری ناکہ بندی جاری رہی تو سخت جواب دیں گے۔

ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر محسن رضائی نے ایران کا امریکی جنگی جہازوں کے لئے سنگین خطرات پیدا کرنے کا انتباہ جاری کردیا، انہوں نے کہا کہ بحری ناکہ بندی برقرار رہی تو امریکی بحریہ محفوظ نہیں رہے گی۔

محسن رضائی نے کہا کہ ایران نے امریکا کو بحری محاذ پر سخت نتائج کی وارننگ دے دی، محسن رضائی نے امریکا کو بحری ناکہ بندی ختم کرنے کی تنبیہ دیدی۔

سعودی ولی عہد اور ترک صدر کا ٹیلیفونک رابطہ، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

سعودی ولی عہد اور ترک صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا اور دونوں کے درمیان علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ترک صدر اردگان نے بحیرہ احمر کی سکیورٹی پر مشاورت کی، ترک صدر نے حوثیوں کے تجارتی جہازوں پر حملوں کی شدید مذمت کی۔

اردگان نے بحیرہ احمر میں سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، سعودی قیادت میں بحری دفاعی اتحاد کا ترک صدر نے خیرمقدم کیا، سعودی عرب اور ترکیہ نے دوطرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان بحیرہ احمر میں جہاز رانی کے تحفظ کے لئے تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔