امریکا ایران جنگ

امریکا ایران جنگ

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا دفاعی معاہدہ ایران کیلئے خطرہ نہیں: اسماعیل بقائی

جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کی جانب سے فائرنگ اور گولہ باری کی اطلاعات

لبنان کے سرکاری خبر رساں ادارے نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فورسز نے آج صبح جنوبی لبنان کے علاقے وادی السلوکی کی جانب مشین گنوں سے فائرنگ کی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے رات کے وقت المنصوری کے قصبے پر گولے بھی فائر کیے، تاہم ان واقعات میں اب تک کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں۔

اسرائیلی فوج نے حال ہی میں المنصوری کے لیے جبری انخلا کا حکم جاری کیا تھا، جو کئی ہفتوں میں اس نوعیت کی پہلی ہدایت تھی۔

امریکا ایران سے جنگ ہار چکا ہے: امریکی سینیٹر کرس مرفی

امریکی سینیٹر کرس مرفی نے امریکی صدر ٹرمپ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران سے جنگ ہار چکا ہے، مسلسل لڑائی سے امریکا کمزور جبکہ ایران مزید مضبوط ہو رہا ہے۔

کرس مرفی نے کہا کہ ایران کے ساتھ طویل جنگ امریکی طاقت اور وسائل کو متاثر کر رہی ہے، موجودہ جنگی صورتحال صدر ٹرمپ کی ناکام حکمت عملی کا نتیجہ ہے، جنگ کو طول دینے کے بجائے ختم کرنے کی کوشش ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کو کھولنے کے لیے کسی برے معاہدے کی بھی حمایت کروں گا، آبنائے ہرمز کی بندش سے عالمی معیشت پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

ایرانی عوام دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر رہے ہیں: باقر قالیباف

ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے اعلیٰ سلامتی کونسل میں شمولیت پر جنرل محسن رضائی کو مبارک باد دی ہے۔

باقر قالیباف نے کہا ہے کہ محسن رضائی کی ایرانی سلامتی کونسل میں شمولیت رہبرِ اعلیٰ کے اعتماد کی علامت ہے، جنرل محسن رضائی ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے مخلص سپاہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام آج تاریخ کے حساس ترین دور سے گزر رہا ہے، آج دنیا نے سمجھ لیا ہے کہ ایران کو جھکایا نہيں جا سکتا۔

ایرانی سپیکر کا کہنا ہے کہ رہبر اعلیٰ کی قیادت میں عوامی، فوجی، سفارتی میدان میں ملی اتحاد و یکجہتی موجود ہے، ایرانی عوام دشمن کو اس کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر رہے ہیں۔

تیسری قوت مداخلت نہ کرے تو آبنائے ہرمز کو کھولا جا سکتا ہے: ایرانی وزارت خارجہ

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ تیسری قوت مداخلت نہ کرے تو آبنائے ہرمز کو کھولا جا سکتا ہے، امریکا مشرق وسطی میں عدم استحکام کا ذمہ دار ہے۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ باہمی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری رہیں تو کوئی بات چیت نہیں ہو گی، امریکی سکیورٹی کی ناکامی کے بعد خطے میں نئے معاہدے ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان،ترکیے اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے سے ایران کو کوئی خطرہ نہیں، امریکی سکیورٹی کی ناکامی کے بعد خطے میں نئے دفاعی معاہدے ہو رہے ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ خطے کے ممالک ایران کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دیں، نیا علاقائی اتحاد ظاہر کرتا ہے کہ امریکی سکیورٹی گارنٹی قابل اعتبار نہیں۔

ایران کو فوجی دباؤ سے زیادہ امریکی اقتصادی پابندیوں کی فکر ہے: امریکا

اقوام متحدہ میں امریکی سفیر مائیک والٹز نے کہا ہے کہ ایران کو فوجی دباؤ سے زیادہ امریکی اقتصادی پابندیوں کی فکر ہے۔

فاکس نیوز کو انٹرویو میں امریکی مندوب مائیک والٹز نے کہا کہ ایران کو وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ سے وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ کی نسبت زیادہ خوف ہے، سکاٹ بیسنٹ کی قیادت میں آپریشن اکنامک فیوری ایرانی معیشت کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے۔

مائیک والٹز نے کہا کہ ایرانی مذاکرات کی میز پر بار بار نقد رقم اور منجمد اثاثوں تک رسائی کا مطالبہ کر رہے ہیں، ایران میں کرنسی کی قدر میں کمی اور مہنگائی نے معاشی دباؤ مزید بڑھا دیا ہے، پاسداران انقلاب ایران کی معیشت کے ایک بڑے حصے پر کنٹرول رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران میں کرپٹ اور مذہبی انتہا پسند نظام قائم ہے، ایرانی نظام نے عوام کو دہائیوں سے مشکلات میں مبتلا کر رکھا ہے، اقتصادی دباؤ کے ساتھ بحری ناکہ بندی بھی ایران پر دباؤ بڑھا رہی ہے، واشنگٹن کا یہی دباؤ بالآخر ایران کو مؤقف میں تبدیلی پر مجبور کر سکتا ہے۔

آبنائے ہرمز میں پاسدارانِ انقلاب کے حملوں کا سسلہ جاری ہے: برطانیہ

برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز آرگنائزیشن نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں خطرے کی سطح بدستور شدید ہے جبکہ آبنائے ہرمز میں تجارتی بحری جہازوں پر حملے جاری ہیں۔

برطانوی میری ٹائم ایجنسی کے مطابق آبنائے ہرمز میں متحدہ عرب امارات کے ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ آبنائے ہرمز سے تجارتی آمدورفت کی سطح بدستور کم ہے اور اس وقت صرف چند بحری جہاز ہی اس راستے سے گزر رہے ہیں۔

تنظیم نے اپنی تازہ ماہانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ ’ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے حملے اور ڈرانے دھمکانے کی کارروائیاں جاری ہیں، ان کارروائیوں میں بحری جہازوں سے ریڈیو کے ذریعے رابطہ کرکے ان کی شناخت کرنا، ڈرونز کی پروازیں اور تجارتی جہازوں کی نگرانی شامل ہیں۔‘

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ یہ اقدامات اس بات کا اظہار ہیں کہ ایران اہم بحری گزرگاہوں میں اپنی موجودگی قائم رکھنا اور وہاں سے گزرنے والے بحری جہازوں پر دباؤ برقرار رکھنا چاہتا ہے۔

تنظیم کے مطابق براہِ راست فوجی کارروائیاں بھی جاری ہیں، جن میں بحری جہازوں کے قریب میزائل یا دیگر پرجیکٹائل فائر کرنا اور دھماکے شامل ہیں، یہ واقعات عمان کی جانب جانے والے جنوبی بحری راستوں، بالخصوص لیما، خصب اور کمزار کے علاقوں میں پیش آ رہے ہیں۔

برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز آرگنائزیشن نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کے مسلسل خطرے سے بھی خبردار کیا ہے۔

ایران جنگ کے مستقبل پر امریکی کابینہ اور مسلح افواج کے درمیان اختلافات

ایران اور عمان آبنائے ہرمز سے متعلق معاہدے کے قریب پہنچ رہے ہیں، تاہم امریکی میڈیا میں اس معاہدے کے ممکنہ اثرات پر بحث جاری ہے، جنگ کے مستقبل سے متعلق اختلافات امریکی کابینہ اور جوائنٹ چیفس آف سٹاف تک پہنچ گئے ہیں۔

امریکی نیوز چینل سی این این نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکا کے اعلیٰ ترین فوجی عہدیدار جنگ سے نکلنے اور امریکی فوجیوں کو محفوظ رکھنے کا راستہ تلاش کر رہے ہیں، جبکہ کانگریس میں ایران کے خاتمے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مزید سخت اقدامات، جن میں ایرانی مظاہرین کو ہتھیار فراہم کرنا بھی شامل ہے، کے حامیوں کی آوازیں زور پکڑ رہی ہیں۔

مزید پڑھئے۔۔۔

امریکا کو آبنائے ہرمز پر کئی مطالبات ماننا پڑیں گے: ایران

ایران نے کہا ہے کہ وہ عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز کے ذریعے نئی بحری گزرگاہوں کے تعین سے متعلق ایک حتمی معاہدے کے قریب پہنچ گیا ہے، تاہم اس نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ اس اہم آبی گزرگاہ کو دوبارہ کھولنے کے لیے امریکا کو ایران کے دیگر مطالبات بھی تسلیم کرنا ہوں گے۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ان مطالبات میں معاوضہ ادا کرنا، پابندیاں ختم کرنا اور فوجی دھمکیوں کا خاتمہ شامل ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق عمان کے ساتھ معاہدہ حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے، تاہم انہوں نے پہلے دیے گئے بیانات کو دہراتے ہوئے کہا کہ تہران اس وقت تک آبنائے ہرمز کو دوبارہ نہیں کھولے گا جب تک امریکا ایران کی جانب سے پیش کیے گئے مخصوص مطالبات کو تسلیم نہیں کرتا۔

ایرانی پارلیمانی کمیٹی میں آبنائے ہرمز اور خلیج فارس کا سکیورٹی بل منظور

سربراہ پارلیمانی نیشنل سکیورٹی کونسل ابراہیم عزیزی نے کہا ہے کہ ایرانی پارلیمانی کمیٹی نے آبنائے ہرمز اور خلیج فارس کے متعلق سکیورٹی بل منظور کر لیا ہے، اقدام کا مقصد آبنائے ہرمز اور خلیج فارس میں سکیورٹی اور پائیدار ترقی یقینی بنانا ہے۔

ابراہیم عزیزی کے مطابق اس بل کا مقصد قومی مفادات کا تحفظ یقینی بنانا ہے، بل سپریم لیڈر کی ہدایات کے مطابق تیار کیا گیا ہے، بل کی تیاری میں متعلقہ اداروں اور حکومتی محکموں کی تجاویز کو بھی شامل کیا گیا۔

سینٹ کام کا بحری ناکہ بندی کے دوران مزید 55 تجارتی جہازوں کا رخ موڑنے کا دعویٰ

امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے کہا ہے کہ اس نے ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی کے دوران اب تک 55 تجارتی بحری جہازوں کا رخ موڑا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں سینٹ کام نے کہا کہ یہ تعداد گزشتہ روز بتائے گئے 53 بحری جہازوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

بیان کے مطابق اس وقت 20 سے زائد امریکی جنگی بحری جہاز مشرق وسطیٰ میں تعینات ہیں، جو مختلف فوجی مشنز میں حصہ لے رہے ہیں، جن میں ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی پر سختی سے عملدرآمد بھی شامل ہے۔

آبنائے ہرمز کی غیر یقینی صورتحال، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں

آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیا میں ہونے والی تجارت کے دوران تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، برینٹ خام تیل کی قیمت ایک فیصد سے زائد بڑھ کر 84 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی، جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی ایک فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔

دنیا کی اہم ترین آبی گزرگاہوں میں شامل آبنائے ہرمز کے مستقبل کے حوالے سے اب بھی صورتحال غیر واضح ہے۔

ایران کا کہنا ہے کہ عمان کے ساتھ نئے بحری راستوں کے تعین کے حوالے سے معاہدہ حتمی مراحل میں ہے، تاہم امریکہ کو ابھی دیگر شرائط پوری کرنا ہوں گی۔

ایرانی سر زمین پر قدم رکھنے والے کسی امریکی فوجی کو زندہ نہیں چھوڑا جائے گا، ایران

ایران کی بری فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علی جہان شاہی نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر کسی بھی امریکی فوجی نے ایرانی سرزمین پر قدم رکھا تو اسے زندہ نہیں چھوڑا جائے گا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اپنے ایک بیان میں جنرل علی جہان شاہی نے واضح الفاظ میں کہا کہ دشمن کی کسی بھی کارروائی کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔

ایرانی بری فوج کے کمانڈر کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی زمینی افواج مکمل جنگی تیاری کی حالت میں ہیں اور ملک کی سرحدوں پر مسلسل نگرانی جاری ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر نے محسن رضائی کو نئی ذمہ داری سونپ دی

ایرانی میڈیا کے مطابق محسن رضائی کو ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کا نمائندہ مقرر کر دیا گیا ہے، محسن رضائی ایران کے سپریم لیڈر کے سینئر مشیر بھی ہیں۔

محسن رضائی ماضی میں پاسداران انقلاب کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں، انہوں نے 1981ء سے 1997ء تک پاسداران انقلاب کی قیادت کی تھی۔

محسن رضائی کو ایرانی سکیورٹی امور میں اگیرا تجربہ رکھنے والی شخصیت سمجھا جاتا ہے، وہ ایرانی سپریم لیڈر کے کافی قریبی اور با اعتماد ساتھیوں میں سے ایک ہیں۔