ایران امریکا جنگ

ایران امریکا جنگ

آبنائے ہرمز کی بندش عالمی سطح پر سنگین تشویش کا باعث ہے: ترک صدر

جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کا جنوبی لبنان کے قصبے پر حملہ

ترکیہ کی خبر ایجنسی انادولو کے مطابق اسرائیلی فوج نے جاری جنگ بندی کے باوجود جنوبی لبنان کے بنت جبیل ضلع کے قصبے حداثہ پر حملہ کیا۔

لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے قصبے کے مغربی علاقے میں خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔

اطلاعات کے مطابق اسی دوران اسرائیلی فوجی گاڑیاں بھی قصبے کے اندر نقل و حرکت کرتی رہیں۔

فوجی ناکامیوں کے بعد امریکہ اقتصادی دباؤ استعمال کر رہا ہے: ایرانی نائب صدر

ایران کے پہلے نائب صدر محمد رضا عارف نے کہا ہے کہ واشنگٹن اپنی فوجی ناکامیوں کی تلافی کے لیے اقتصادی دباؤ استعمال کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران جس طرح میدانِ جنگ میں کامیاب رہا، اسی طرح وہ اقتصادی جنگ پر بھی قابو پا لے گا۔

آبنائے ہرمز کی بندش عالمی سطح پر سنگین تشویش کا باعث ہے: ترک صدر

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش عالمی سطح پر سنگین تشویش کا باعث ہے، آبی گزرگاہ عالمی تجارت، خصوصاً تیل اور توانائی کے وسائل کے لیے انتہائی اہم ہے۔

ترک صدر نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو جلد از جلد دوبارہ کھولنا انتہائی ضروری ہے، ترکیہ عالمی سطح پر تیل کی بلا تعطل فراہمی کی حمایت کرتا ہے۔

ایران نے 60 روزہ مفاہمتی معاہدے کو جنگ کی تیاری کے لیے استعمال کیا: امریکی اخبار

امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے 60 روزہ مفاہمتی معاہدے کو جنگ کی تیاری کے لیے استعمال کیا۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق ایران نے مفاہمتی معاہدے کے بعد کشیدگی کم کرنے کے بجائے وسیع جنگ کی تیاری کی، ایرانی سخت گیر رہنماؤں نے معاہدے کو وقت حاصل کرنے کی امریکی کوشش سمجھا۔

اخبار کے مطابق ایرانی قیادت کو خدشہ تھا کہ امریکا،اسرائیل عالمی معاشی دباؤ کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ایرانی قیادت کا ماننا تھا کہ امریکا اسرائیل نئے حملوں کے لیے وقت حاصل کر رہے ہیں۔

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق تہران نے یمن، عراق اور لبنان میں اپنے اتحادی مسلح گروہوں کے ساتھ رابطہ اور تعاون بڑھایا، ایران نے جنگ سے متاثرہ فوجی انفراسٹرکچر کی بحالی کا عمل بھی تیز کر دیا۔

امریکی اخبار نے مزید لکھا کہ ایران نے میزائل اڈوں تک رسائی بھی اسرائیلی حکام کی توقعات سے زیادہ تیزی سے بحال کی، ایران کے پاس اب بھی خطے میں امریکی مفادات اور توانائی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی صلاحیت موجود ہے۔

اسرائیلی فوج کی لبنان میں دوبارہ جنگ شروع کرنے کی تیاری

برطانوی خبر ایجنسی نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج لبنان میں دوبارہ جنگ شروع کرنے کی تیاری کر رہی ہے، جنوبی لبنان میں مزید حملوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

اسرائیل حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کو مکمل تباہ کرنا چاہتا ہے، جنوبی لبنان کے علاقے جبل علی الطاہر میں حزب اللہ کے درجنوں ارکان زیر زمین پھنسے ہوئے ہیں۔

دوسری طرف امریکی ثالثی میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان مذاکرات بھی جاری ہیں۔

لبنانی حکام کے مطابق 2 مارچ سے جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اب تک 4 ہزار 300 سے زائد افراد شہید ہو چکے،
اسرائیلی کارروائیوں میں 12 ہزار سے زائد افراد زخمی، 10 لاکھ سے زائد بے گھر ہو چکے ہیں۔

آئل ٹینکرز پر حالیہ حملے، آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی آمدورفت میں شدید کمی

 آئل ٹینکرز پر حالیہ حملوں کے بعد آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی آمدورفت میں شدید کمی دیکھی گئی، جبکہ مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کیلئے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات بھی تعطل کا شکار ہو گئے ہیں۔

شپ ٹریکنگ کمپنی کپلر کے اعداد و شمار کے مطابق ہفتے کے روز صرف 5 جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے جبکہ اتوار کو کوئی جہاز ریکارڈ نہیں ہوا، اس کے مقابلے میں گزشتہ ہفتے کے اختتام پر 31 جہاز اس اہم آبی گزرگاہ سے گزرے تھے۔

اعداد و شمار کے مطابق ہفتے کو گزرنے والے جہازوں میں ایک خالی ویری لارج کروڈ کیریئر بھی شامل تھا، جس کا خود کار شناختی نظام بند تھا۔

ایک چھوٹا ٹینکر ایرانی فیول آئل لے کر آبنائے سے باہر نکلا، متحدہ عرب امارات کی جانب سے گزشتہ ہفتے ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی زے 3 جہازوں پر حملوں کی اطلاع کے بعد آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت ٹھپ ہوگئی ہے۔

قطری وزیراعظم کا سعودیہ، شام اور اردن کے وزرائے خارجہ سے اہم رابطے

خبر ایجنسی کے مطابق رابطوں کے دوران تازہ علاقائی پیشرفت اور کشیدگی کم کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قطری وزیراعظم نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتی کوششیں تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام فریقین مذاکرات کیلئے اپنے عزم کا اظہار کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فریقین مفاہمتی یادداشت میں طے پانے والے نکات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

آبنائے ہرمز میں تیل کے اخراج سے ماحولیاتی نقصان کھربوں ڈالر ہو سکتا ہے: ایران

ایران نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں تیل کے اخراج سے ماحولیاتی نقصان کا تخمینہ کھربوں ڈالر ہو سکتا ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں جزیرہ قیشم کے قریب تیل کے رساؤ کی فوٹیج شامل کی اور اس واقعے کا ذمہ دار ایک غیر ملکی جہاز کو قرار دیا، انہوں نے لکھا کہ یہ واقعہ خطے کے ممالک کے ساحلی علاقوں میں آلودگی کی صرف ایک مثال ہے ۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ آلودگی نے گزشتہ کچھ عشروں کے دوران خلیج فارس اور بحیرہ عمان کے پانیوں کے ساتھ ساتھ خطے کے سمندری ماحولیاتی نظام کو بگاڑ دیا ہے اور ایرانی ساحلی علاقوں کے سمندری ماحولیاتی نظام کو کھربوں ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجارتی بحری آپریشنز میں ملوث تمام فریقین کو خطے میں اس آلودگی کو صاف کرنے کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری قبول کرناہوگی۔

واضح رہے کہ 247 میٹر طویل تیل بردار بحری جہاز ’’کیرولین بیزنگی‘‘ جو مئی میں بحیرہ اسود کی ایک بندرگاہ سے روانہ ہوا تھا کے عملہ نے 8 جون کو جہاز پر دھماکے کی اطلاع دی تھی۔

رپورٹ کے مطابق اس کے بعد یہ بحری جہاز عمان کے صوبہ ظفار میں الحلانیات جزائر کے قریب پھنس گیا جس کے نتیجے میں اس سے تیل کا رسائو شروع ہو گیا جس نے اب تک عمان کی 12 کلومیٹر ساحلی پٹی کو آلودہ کر دیا ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ کے ایران سے خفیہ رابطوں کا انکشاف

ٹرمپ انتظامیہ کے ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر سے خفیہ رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔

امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عراق کے کردستان ریجن کے صدر نیچر وان بار زانی کے ذریعے ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر احمد وحیدی سے خفیہ رابطہ قائم کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق تین باخبر ذرائع نے بتایا ٹرمپ انتظامیہ نے مئی میں بار زانی کے ذریعے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی قیادت سے خفیہ رابطے کا چینل قائم کیا، کیونکہ واشنگٹن کو ایران کے سرکاری مذاکرات کاروں کے اختیارات کے بارے میں شکوک تھے۔

ذرائع کے مطابق 10 مئی کو امریکی ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس تلسی گیبارڈ نے صدر ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس کی منظوری سے نیچر وان بار زانی سے رابطہ کیا اور ان سے احمد وحیدی کے ساتھ رابطہ قائم کرانے میں مدد طلب کی۔

رپورٹ کے مطابق خفیہ ٹیلی فونک رابطے میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کی حمایت اور تنازع کا سفارتی حل تلاش کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔

واشنگٹن نے اربیل میں خفیہ ملاقات کی تجویز بھی دی تاہم ایران نے اس خدشے کے باعث اسے مسترد کر دیا کہ وہاں اسرائیلی خفیہ ایجنسی کے اہلکار موجود ہو سکتے ہیں۔

ایران پالیسی پر سوالات، اتحادی امریکی صدر کی سفارتی حکمت عملی سے ناخوش

ایران پالیسی پر سوالات، اتحادی امریکی صدر کی سفارتی حکمت عملی سے ناخوش ہوگئے۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق جنگ کے خاتمے میں ناکامی پر خلیجی ممالک ڈونلڈ ٹرمپ سے مایوس ہونے لگے، امریکی فوجی اڈوں کی میزبانی پر بھی تحفظات ظاہر کر دیئے، مکہ دفاعی معاہدہ امریکا کیلئے پیغام قرار دے دیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کئی ممالک نے اپنی سرزمین پر امریکی فوجی اڈے نہ رکھنے پربھی غور شروع کر دیا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت اور بحرین بے چینی کا شکار ہیں، ٹرمپ ایران کے ساتھ امن عمل کو موثر طریقے سے آگے بڑھانے میں ناکام ہیں۔

اخبار نے اپنی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ خلیجی ممالک اب دفاعی سکیورٹی کیلئے صرف امریکا پر انحصار نہیں کرنا چاہتے، خلیجی حکام کا کہنا ہے ٹرمپ نے ایران کیخلاف کارروائی کی دھمکیاں کئی مرتبہ دیں اور پھر مذاکرات میں پیشرفت کا حوالہ دیکر واپس لیں۔

واشنگٹن پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں مزید بتایا کہ جس سے امریکی پالیسی کو غیر مستقل اور غیر متوقع سمجھا جا رہا ہے۔

آبنائے ہرمز امریکی علاقہ بنانے کی بات پر مذاق بھی بڑی غلطی ہے، ایرانی آرمی چیف

ایرانی آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسی باتوں پر مذاق کرنا بھی بڑی غلطی ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ ’’یہ ایران ہے اور اس کے محافظ آپ کی ٹانگیں توڑ دیں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی افواج کو عملاً خطے سے نکال دیا گیا ہے اور اب انہیں خلیج، بحیرہ عمان یا آبنائے ہرمز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔

ایرانی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو دوبارہ ان کی سابقہ پوزیشن پر واپس آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایران ایسی کسی کوشش کو قبول نہیں کرے گا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان آبنائے ہرمز پر کنٹرول کے معاملے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ ٹرمپ نے حال ہی میں آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کی بات کی تھی، جبکہ ایران امریکی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے آبنائے پر اپنے کنٹرول پر زور دے رہا ہے۔ 

ایران عسکری و سیاسی محاذوں پر فاتح بن کر ابھرا ہے، باقر قالیباف

ایرانی پارلیمان کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران امریکا اور اسرائیل کی مسلط کردہ غیرمنصفانہ جنگ کے عسکری اور سیاسی محاذوں پر فاتح بن کر ابھرا ہے۔

ایک بیان میں باقر قالیباف نے کہا کہ ایران اس وقت امریکا اور صیہونیوں کی مسلط کردہ غیرمنصفانہ جنگ میں ہے، تاہم ایرانی قوم اس جنگ کا بہادری اور ثابت قدمی سے مقابلہ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے جنگ کے عسکری اور سیاسی دونوں محاذوں پر کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ ایرانی قوم دشمن کے خلاف بھرپور مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہے۔

اس سے قبل ایرانی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے کہا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کی مکمل شکست تک ایران پیچھے نہیں ہٹے گا۔ 

اسرائیل نے پورے مشرق وسطیٰ میں بدامنی پھیلا رکھی ہے: پزشکیان

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اسرائیل نے پورے مشرق وسطیٰ میں بدامنی پھیلا رکھی ہے، جبکہ سامراجی طاقتوں کی پشت پناہی سے اسرائیلی تخریب کاری کا سلسلہ جاری ہے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل عالمی طاقتوں کی حمایت سے خطے میں بدامنی پھیلا رہا ہے، تاہم عوامی اتحاد اور مزاحمت کے ذریعے موجودہ مشکلات پر قابو پالیں گے۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ حکومت کو رہبر انقلاب مجتبیٰ خامنہ ای کی بھرپور رہنمائی حاصل ہے، دشمن کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے بلکہ ماہرین کی مشاورت سے معاہدہ کیا۔

امریکا اور اسرائیل کی مکمل شکست تک پیچھے نہیں ہٹیں گے: ایرانی مسلح افواج

 ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی مکمل شکست تک ایران پیچھے نہیں ہٹے گا۔

ایرانی مسلح افواج کے مطابق مزاحمت کی میراث ایران کی نئی نسل میں منتقل ہو چکی ہے، جو دنیا کی طاقتور فوج کے سامنے ڈٹ کر کھڑی رہی۔

ایرانی جنرل سٹاف کا کہنا ہے کہ دشمن کے ہتھیار ڈالنے تک ایران اپنے جائز حقوق کے حصول کی جدوجہد جاری رکھے گا، جبکہ امریکا خطے پر غلبہ حاصل کرنے کے لیے جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے۔ 

امریکی بحریہ کا جوہری دفاعی صلاحیت جدید بنانے کیلئے 31 نئے طیارے تعینات کرنے کا منصوبہ

امریکی بحریہ کے نئے ای-130 جے فینکس ٹوطیارے ڈومز ڈے طیاروں کے نام سے مشہور ہیں، اقدام موجودہ پرانےای-6 بی طیاروں کے بیڑے کو تبدیل کرنے کیلئےاٹھایا گیا ہے۔

ای-6 بی بمبار طیاروں کی تعداد نئے بیڑے کے تقریباً نصف ہے، اقدام سےجوہری آبدوزوں کیساتھ مسلسل سٹریٹجک رابطے میں مدد ملےگی، امریکی بحریہ کاٹیکامو پروگرام ابتدائی ڈیزائن جائزے میں کامیاب رہا۔

امریکی بحریہ کے ٹیکامو پروگرام میں 6 طیاروں کی تیاری جاری ہے، مزید 25 طیاروں کی خریداری کے مختلف مراحل جاری ہیں، تعداد 31 ہو جائے گی۔

خلیجی ممالک صدرٹرمپ سے مایوس ہونے لگے: امریکی اخبار

امریکی اخبار نے رپورٹ جاری کی ہے کہ کئی خلیجی ممالک نے امریکی فوجی اڈے نہ رکھنے پربھی غورشروع کر دیا ہے۔

عرب، مغربی اورامریکی عہدیداروں کے حوالے سے امریکی اخبار نے لکھا ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت اور بحرین بے چینی کا شکار ہیں، ٹرمپ ایران کے ساتھ امن کیلئے موثر طریقے سے آگے بڑھانے میں ناکام ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سعودی عرب، پاکستان اور ترکیے کا دفاعی معاہدہ بھی ٹرمپ کیلئے اشارہ ہے، خلیجی ممالک اب دفاعی سکیورٹی کےلیے صرف امریکا پر انحصار نہیں کرنا چاہتے۔

لبنان پر اسرائیلی حملوں سے جنگ پھیلنے کا خطرہ بڑھ رہا ہے: عرب لیگ

عرب لیگ نے لبنان پر اسرائیل کے مسلسل حملوں کی مذمت کرتے ہوئے گزشتہ روز ہونے والے حملوں کو خطرناک کشیدگی قرار دیا ہے، ان حملوں میں 11 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

عرب لیگ کے مطابق یہ صورتحال جنگ بندی کی کوششوں اور کسی حل تک پہنچنے کی کوششوں کو متاثر کر سکتی ہے۔

عرب لیگ کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کی پالیسیاں اور اقدامات واضح طور پر ظاہر کرتے ہیں کہ قابض قوت تنازع کو طول دینا، مذاکرات میں رکاوٹ ڈالنا اور زمینی حقائق کو اپنی مرضی کے مطابق تبدیل کرنا چاہتی ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔

ایران اور عمان کا آبنائے ہرمز میں جہازرانی کے راستے کے نقشے پر اتفاق

ایران اورعمان نےآبنائے ہرمزمیں جہازرانی کے راستے کے نقشے پر اتفاق کرلیا۔

ایرانی وزارت خارجہ کےترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہےکہ مذاکرات میں کوئی بڑی رکاوٹ نہیں، بات چیت جاری ہے اور فریقین پیشرفت کررہےہیں، آبنائے ہرمزمیں عدم استحکام کا ذمہ دار ایران نہیں بلکہ امریکا اوراسرائیل ہیں۔

اسماعیل بقائی نےکہا 28 فروری تک آبنائے ہرمزمیں کوئی مسئلہ نہیں تھا،تاہم امریکا اور اسرائیل نے ہرمز اور ملحقہ علاقوں کوایران کےخلاف استعمال کیا، ایران قومی سلامتی اور اپنےمفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا حق رکھتا ہے۔

ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نےکہا کہ عمان کےساتھ مذاکرات اور آبنائے ہرمز کھولنا دو الگ معاملات ہیں، عمان کےساتھ تکینکی سطح پرمذاکرات ہورہےہیں،مذاکرات کا تعلق آبنائے ہرمزمیں بحری آمدورفت سے ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کھلنے کا انحصار امریکا پر ہے، امریکا کو مفاہمتی یادداشت میں طے ہونے والی شرائط پر عمل کرنا ہوگا۔

کیرولائن لیوٹ نے استعفیٰ ٹرمپ سے دلبرداشتہ ہونے پر دیا: ایرانی سفارتخانہ

 ایرانی سفارت خانے نے دعویٰ کیا ہے کہ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیوٹ نے استعفیٰ فیملی کو وقت دینے کے لیے نہیں بلکہ صدر ٹرمپ سے دلبرداشتہ ہونے پر دیا۔

جنوبی افریقا میں ایرانی سفارتخانے نے کیرولائن لیوٹ کی ناخوشگوار موڈ میں تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ دھوکہ بہت برا ہوتا ہے۔

ایرانی سفارتخانے کے مطابق جب آپ کا باس دھوکہ دے اور آپ کو خطرے میں بھیجے جبکہ خود فوڈ ٹرک میں راہ فرار اختیار کرے تو رفاقت سے متعلق آپ کی تمام امیدیں ختم ہوجاتی ہیں۔ یقیناً آپ قاتل سے اس سے زیادہ توقع نہیں کرسکتے۔

جنوبی افریقا میں ایرانی سفارتخانے نے لکھا کہ کیرولائن لیوٹ آپ نے استعفیٰ دے کر اچھا کام کیا۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے ایرانی سفارتخانے کے اس بیان کو غلط قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ کیرولائن لیوٹ ترکیہ کے دورے میں صدر ٹرمپ کے ساتھ تھی ہی نہیں۔

ٹرمپ نے اسلام آباد مفاہمت کے ذریعے ایران کو تسلیم کر لیا: باقر قالیباف

ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرکے محور مزاحمت کو تسلیم کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کا اصرار تھا کہ ایران میزائل و نیوکلیئر پروگرام، مزاحمت، ہرمز بالائے طاق رکھے، صدرٹرمپ نے دستخط کرکے محاذ مزاحمت کو فارسی میں تسلیم کرلیا، مذاکرات کا نتیجہ یہ نکلا کہ امریکا نے اسی رات ہرمز کی ناکہ بندی ختم کردی تھی، امریکا کے ساتھ مذاکرات کو جارحانہ سفارتکاری سمجھتے ہیں۔

ٹرمپ آبنائے ہرمز بند کرنے کی دھمکیاں دینا بند کریں، اپنی سیکیورٹی کی فکر کریں: ابراہیم عزیزی

ایکس پر جاری بیان میں ابراہیم عزیزی نے کہا کہ امریکی صدر آبنائے ہرمز بند کرنے کی دھمکیاں دینا بند کریں اور اپنی سیکیورٹی کی فکر کریں۔

ایرانی رکن پارلیمنٹ نے سخت لہجے میں کہا کہ امریکی صدر کو اپنی حفاظت کے بارے میں سوچنا چاہیے، ممکن ہے امریکی صدر کو اپنی جان بچانے کیلئے فوڈ ٹرک میں چھپنا پڑے۔

ابراہیم عزیزی کا بیان ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش کے معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان سخت بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔

امریکی سینٹ کام کمانڈر بریڈ کوپر کا 10 روزہ مشرق وسطیٰ کا دورہ مکمل

مشرقِ وسطیٰ کے دورے کے دوران انہوں نے بحرین، عراق، اسرائیل، اردن، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا اور اعلیٰ عسکری و سول حکام سے ملاقاتیں کیں، بریڈ کوپر نے خطے میں تعینات امریکی فوجیوں سے بھی ملاقات کی۔

امریکی سینٹ کام کے مطابق مشرق وسطیٰ میں 50 ہزار سے زائد امریکی فوجی مختلف مشنز پر تعینات ہیں، دورے کے دوران ایڈمرل کوپر نے یو ایس ایس ابراہم لنکن پر تعینات اہلکاروں سے بھی ملاقات کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔

اسرائیل کا جنوبی لبنان میں سیز فائر کے بعد سب سے مہلک ترین حملہ، 11 افراد شہید

جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے، سیز فائر معاہدے کے بعد یہ مہلک ترین حملوں میں سے ایک ہے۔

لبنان کے وزیر اعظم نواف سلام نے بتایا ضلع نبطیہ کے علاقے انصار کے نواح میں گھر پر ہونے والے حملے میں 7 افراد جان سے گئے، مرنے والوں میں 3 بچے اور 2 خواتین بھی شامل تھیں۔

وزارتِ صحت کے مطابق دیر الزہرانی قصبے پر ایک اور حملے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہو گئے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے حزب اللہ کے عسکری ڈھانچے کو نشانہ بنایا اور یہ کارروائی اپنے فوجیوں کے خلاف مبینہ حملے کے جواب میں کی گئی۔

وزیراعظم نواف سلام نے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا مرنے والے عام شہری تھے، اسرائیل کو کشیدگی بڑھانا بند کرنا چاہیے، ہمارے لوگوں کی سلامتی اور اپنی سرزمین پر جینے کا حق کسی قسم کی سودے بازی کا موضوع نہیں۔

لبنان کے صدر جوزف عون نے ایک ہی خاندان کے افراد کی موت اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں امریکی ثالثی میں جاری مذاکرات کیلئے ایک واضح پیغام ہیں۔

حزب اللہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے، خلاف ورزیاں اور زمینی حقائق مسلط کرنے کی کوششیں ناقابلِ قبول ہیں اور ان کا مناسب جواب دیا جائے گا۔

ایران نے فرانس کو ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے خبردار کر دیا

ایک بیان میں ایرانی وزارت انٹیلی جنس نے کہا کہ فرانسیسی سفارت کار ایک غیر ملکی دراندازی کے منصوبے میں ملوث پائے گئے ہیں اور اگر ایسی سرگرمیاں دوبارہ ہوئیں تو ایران مناسب کارروائی کرے گا۔

وزارت نے ہفتے کے روز جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ فرانس کو اپنی غیر قانونی اور مداخلت پسندانہ کارروائیوں کا جواب دینا ہوگا اور اس ناقص منصوبے کی وضاحت کرنی ہوگی۔

آبنائے ہرمز کی بندش کسی کے مفاد میں نہیں، دوبارہ کھولنا ترجیح ہے: ترک صدر

قطری نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں ترک صدر رجب طیب اردوان نے خطے میں لڑائی روکنے کیلئے ثالثی کی کوششوں میں اہم کردار ادا کرنے پر قطر کو سراہا۔

صدر اردوان نے حال ہی میں سعودی عرب اور پاکستان کے ساتھ اعلان کیے گئے مشترکہ دفاعی معاہدے پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ مستقبل میں مصر سمیت دیگر ممالک کے اس معاہدے میں شامل ہونے کا امکان موجود ہے۔

ایران نے امریکی فوجیوں کی تدفین کیلئے جگہ مختص کر دی، 5 ہزار قبروں کی گنجائش ہوگی

ایران کے بہشت زہرا قبرستان کے سی ای او محمد جواد تاجک نے اعلان کیا ہے کہ تہران کی شہری حدود سے باہر ایک مقام کو ممکنہ جنگی حالات میں امریکی فوجی اہلکاروں کی عارضی تدفین کیلئے تیار کیا گیا ہے۔

ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد جواد تاجک نے کہا کہ یہ اقدام بحرانی انتظامات اور غیر معمولی حالات سے نمٹنے کی تیاریوں کا حصہ ہے، مقررہ مقام پر تقریباً 5 ہزار قبروں کی گنجائش ہے، یہ اقدام محض میڈیا مہم یا نفسیاتی کارروائی نہیں بلکہ تہران شہر سے باہر یہ مقام تیار کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ادارے کو مختلف بحرانی حالات کیلئے منصوبہ بندی کرنا ہوتی ہے، جن میں غیر ملکی فوجی دستوں کے ایرانی سر زمین میں داخل ہونے کا ممکنہ منظر نامہ بھی شامل ہے، اسی مقصد کے تحت غیر ملکی فوجی اہلکاروں کی لاشوں کے انتظام، عارضی طور پر محفوظ رکھنے اور ضرورت پڑنے پر تدفین کیلئے انتظامات کیے گئے ہیں۔

محمد جواد تاجک کا مزید کہنا تھا کہ تیاریوں کا یہ مطلب نہیں کہ جنگ یا امریکی فوجی دستوں کا تہران میں داخل ہونا ناگزیر سمجھا جا رہا ہے، بلکہ یہ معمول کی ہنگامی منصوبہ بندی اور بحران سے نمٹنے کے انتظامات کا حصہ ہیں۔

حوثی باغیوں کے حملوں کے بعد یمن کی المخا بندرگاہ نے آپریشن معطل کر دیا

ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے حملوں کے بعد یمن کی المخا بندرگاہ نے آپریشن معطل کر دیا۔

المخا بندرگاہ کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ حالیہ حملوں کے دوران بندرگاہ کو 25 سے زائد میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور تقریباً 16 ملین ڈالر کا مالی نقصان ہوا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق المخا بندرگاہ نے حالیہ حملوں کے بعد تجارتی اور بحری سرگرمیاں مکمل طور پر معطل کر دی ہیں۔

قطر نے ایرانی طیاروں کے 3 پائلٹس سے متعلق ایرانی دعوؤں کی تردید کر دی

قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے ایران کے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ اس کے 3 پائلٹ قطر کی قید میں ہیں۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے جاری سفارتی کوششوں کے تناظر میں وہ ’اس وقت ایسے گمراہ کن بیانات پر بہت حیران ہیں۔

ماجد الانصاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں لکھا مارچ میں قطری فضائی حدود کی خلاف ورزی کے بعد انہوں نے ایرانی پائلٹوں سے رابطہ کیا تھا اور ان کے ہدفی راستے کی تصدیق کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب پائلٹوں کی جانب سے پیغامات کا کوئی جواب نہیں ملا تو قطر نے ’تنازعات سے متعلق قوانین اور بین الاقوامی قانون کے تقاضوں کے مطابق‘ اپنے دفاع میں کارروائی کی۔

قطری امدادی ٹیموں نے ان پائلٹوں کی تلاش کیلئے آپریشن کیا، ایک پائلٹ کی لاش ملی جس کی باقیات ایران کے حوالے کرنے کیلئے قطری حکومت نے تہران سے رابطہ بھی کیا۔

ایران کو اپنے 3 پائلٹس کی قطر میں قید کا شبہ، ریڈ کراس سے مدد کی اپیل

 ایرانی فوج کی گمشدہ افراد کی تلاش سے متعلق کمیٹی کے سربراہ نے دعویٰ کیا ہے کہ 3 ایرانی پائلٹ قطر میں قید ہیں اور انہوں نے ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سے ان کی صورتحال واضح کرنے میں مدد کی اپیل کی ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق بریگیڈیئر جنرل محمد باقر زادہ نے آئی سی آر سی کی صدر ماریانا سپولیئرک کو لکھے گئے خط میں کہا کہ دو ایس یو 24 جنگی طیارے 2 مارچ 2026ء کو قطر میں واقع دشمن فوجی اڈے‘ کو نشانہ بنانے کیلئے مشن پر روانہ ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مشن کی تکمیل کے بعد واپسی کے دوران طیاروں کو دشمن کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں ایرانی پائلٹ متاثر ہوئے، ان 4 پائلٹوں میں سے ایک، ماجد کاظمی کی میت بعد ازاں ایران منتقل کی گئی اور انہیں 29 اگست کو شیراز میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

علاوہ ازیں باقی 3 پائلٹوں، جواد صالحی، عبدالمجید دشتیان اور عمران بہروشیان کو قطری افواج نے زندہ گرفتار کر لیا تھا۔

آبنائے ہرمز ایران کے اختیار میں ہے، ٹرمپ کے بیانات زمینی حقائق تبدیل نہیں کرسکتے: ایرانی عدلیہ

ایرانی عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز ایران کے اختیار میں ہے اور یہ ایران کا ناقابلِ تقسیم حصہ ہے۔

ایک بیان میں ایرانی عدلیہ کے سربراہ نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سوشل میڈیا پر دیے گئے بیانات زمینی حقائق کو تبدیل نہیں کرسکتے، ٹرمپ سیاسی اور فوجی محاذ پر مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔

غلام حسین محسنی نے خبردار کیا کہ امریکی صدر اور ان کے مشیروں کو آبنائے ہرمز میں قدم رکھنے کا خیال ترک کرنا ہوگا، ایران آبنائے ہرمز سے متعلق اپنے مؤقف پر واضح اور مضبوط ہے۔

ایرانی عدلیہ کے سربراہ کے بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب آبنائے ہرمز کی صورتحال پر ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین بحری تجارتی راستوں میں شمار ہوتی ہے اور عالمی سطح پر توانائی کی ترسیل کیلئے اس کی اہمیت غیر معمولی ہے۔

تیل کی قیمتیں کم رکھنا امریکا کی پہلی ، ایران کو جوہری ہتھیاروں سے روکنا دوسری ترجیح ہے: جے ڈی وینس

امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا کی پہلی ترجیح امریکا میں تیل اور گیس کی قیمتوں کو کم رکھنا اور دوسری ترجیح ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔

امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کے دوران اپنے دونوں اہداف حاصل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صورتحال فطری طور پر غیر یقینی ہے کیونکہ خود ایرانی بھی غیر متوقع رویہ اختیار کرتے ہیں اور بعض اوقات وہ ان وعدوں کی پاس داری نہیں کرتے جو انہوں نے کیے ہوتے ہیں۔

آبنائے ہرمز کو کھولنے یا بند کرنے کا اختیار صرف ایران کے پاس ہوگا: ایرانی نائب وزیرخارجہ

ایرانی نائب وزیرخارجہ کاظم غریب آبادی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو کھولنے یا بند کرنے کا اختیار صرف ایران کے پاس ہوگا، ایران امریکا کی دھمکیوں یا طاقت کے مظاہرے سے خوفزدہ نہیں۔

کاظم غریب آبادی نے کہا کہ آبنائے ہرمز ایران کی تھی، ہے اور رہے گی، آبنائے ہرمز کو نہ ٹوئٹ، نہ طیارہ بردار بحری جہاز اور نہ ہی کسی حکم کے ذریعے قبضے میں لیا جاسکتا ہے۔

ایرانی نائب وزیرخارجہ نے کہا کہ جب تک امریکا شکست تسلیم کرکے خوش فہمیوں سے باز نہیں آتا، اس وقت تک ایران ناکا بندی جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ جلد آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کا اعلان کریں گے۔

صدر ٹرمپ نے فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا ایران پر سخت معاشی دباؤ ڈالنے کی تیاری کر رہا ہے تاکہ تہران کو جنگ ختم کرنے پر مجبور کیا جا سکے۔

جنوبی لبنان پر اسرائیل کے فضائی حملے،7 افراد شہید

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی سے باز نہ آئی، جنوبی لبنان پر اسرائیل کے فضائی حملے،7 افراد شہید اور 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔

اسرائیلی حملے میں ایک گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا، امدادی کارکنوں نے ملبہ ہٹا کر لاشیں ہسپتال منتقل کیں۔

عرب میڈیا کے مطابق نبطیہ الفوقا میں تربیتی کالج پر بھی اسرائیل نے حملہ کیا۔

ٹرمپ نے ثالثوں کے کہنے پر آبنائے ہرمز کے متعلق ٹویٹ حذف کر دی: قالیباف

ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر اور امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ جنوبی بیروت میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں حزب اللہ کے ایک سینئر کمانڈر کی شہادت کے بعد امریکا کے ساتھ مذاکرات معطل کر دیے گئے تھے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پارلیمانی سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ جنوبی بیروت کے علاقے ضاحیہ میں ہونے والے آخری حملے میں حزب اللہ کی انٹیلی جنس کے سربراہ اپنے اہل خانہ سمیت شہید ہوئے، جس کے بعد ہم نے وہیں سب کچھ روک دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے واضح کر دیا تھا کہ آج رات ہم آپ کو اسی انداز میں جواب دیں گے اور اگر صہیونی حکومت نے ردعمل دیا تو ہم پورے خطے کو نشانہ بنائیں گے۔

ایرانی چیف مذاکرات کار کے مطابق اسی رات انہوں نے ناکہ بندی ختم کر دی، معاہدے کے 30 دن بعد نہیں، ٹرمپ نے ٹوئٹ کیا کہ ہم آج رات ناکہ بندی ختم کر رہے ہیں، تاہم اس کے نیچے انہوں نے لکھا کہ اس کے بدلے ایرانی آبنائے ہرمز بھی کھولیں گے۔

باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ جب میں نے یہ دیکھا تو میں نے اسے روک دیا اور کہا کہ ہمارا ایسا کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے ثالثوں سے کہا کہ اگر یہ ٹوئٹ ابھی حذف نہ کی گئی تو ہم اسی شدت سے حملہ کریں گے جس کا میں نے اعلان کیا ہے، 58 منٹ بعد ٹرمپ نے ٹوئٹ کا دوسرا حصہ حذف کر دیا اور لکھا کہ آبنائے ہرمز معاہدے کے تحت ہفتے کے روز کھولی جائے گی۔

باقر قالیباف نے مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ یہ مذاکرات دراصل جدوجہد کا نام ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایران کی بحری ناکہ بندی چند روز بعد دوبارہ شروع کر دی گئی اور تاحال جاری ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز دھمکی دی تھی کہ وہ آبنائے ہرمز کو امریکی سرزمین کا حصہ قرار دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ایرانی حکام نے ان بیانات پر شدید تنقید کی ہے۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ ’آبنائے ہرمز ہمیشہ ایرانی رہی ہے، آج بھی ایرانی ہے اور آئندہ بھی ایرانی رہے گی‘ اور اسے ’صرف ایران کی کمان میں ہی بند یا کھولا جائے گا۔

امریکی نظام حکمرانی اور خارجہ پالیسی جھوٹ پر مبنی ہے: اسماعیل بقائی

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکی نظام حکمرانی اور خارجہ پالیسی جھوٹ پر مبنی ہے۔

اسماعیل بقائی نے امریکی پالیسی پر دوستوفسکی کے ناول برادرز کرامازوف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جھوٹ بولنے والا اپنے ہی جھوٹ پر یقین کرنے لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹ انسان کو اپنے اندر اور باہر کی حقیقت سے دور کردیتا ہے، جھوٹ بولنے والا شخص اپنی عزت کھو دیتا ہے۔

لبنانی حکومت فوج کو اسرائیلی دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہی ہے: حزب اللہ

حزب اللہ سربراہ کے سربراہ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ حکومت لبنانی فوج کو اسرائیلی دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہی ہے۔

حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ اسرائیل اور امریکا کے ساتھ نام نہاد فریم ورک معاہدہ اسرائیلی احکامات کا مجموعہ ہے، معاہدے کے تحت اسرائیل کو وہ سب کچھ دیا جا رہا ہے جو وہ چاہتا ہے، معاہدے میں لبنان اپنی خودمختاری سے دستبردار ہو رہا ہے۔

نعیم قاسم نے کہا کہ سات ادوار پر مشتمل مذاکرات میں لبنان کو کچھ حاصل نہیں ہوا، لبنانی حکام مذاکراتی طریقہ کار پر نظرثانی کریں، لبنانی فوج کو اسرائیلی حملوں اور دباؤ کا سامنا ہے جو قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل لبنانی فوج کی تعیناتی اور کارروائیوں کی نگرانی کے لیے تحقیقاتی کمیٹی مسلط کر رہا ہے، موجودہ طریقہ کار جاری رہا تو لبنان کی خودمختاری اور وقار مزید متاثر ہوگا۔

اسرائیلی حملے میں جنوبی لبنان میں 7 افراد جاں بحق

لبنانی سرکاری میڈیا نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملے میں ملک کے جنوبی حصے میں سات افراد جاں بحق ہوگئے جو جون میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان معاہدوں کے بعد کشیدگی میں آنے والی کمی کے بعد سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔

لبنانی نیشنل نیوز ایجنسی نے بتایا کہ دشمن کے جنگی طیاروں کی جانب سے جنوبی لبنان کے گاؤں انصار کے مضافات میں ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا، گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا، تین افراد زخمی بھی ہوئے۔

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ

ایران اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات میں پیشرفت نہ ہونے اور تیل بردار ٹینکرز پر حملوں کی اطلاعات کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

تجارتی سرگرمیوں کے دوران خام تیل کی دونوں اہم اقسام کی قیمتوں میں ایک ڈالر سے زیادہ اضافہ ہوا، برینٹ خام تیل کی قیمت 1.45 ڈالر یا 1.67 فیصد اضافے کے بعد 88.52 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 1.15 ڈالر بڑھ کر 82.40 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

ہفتہ وار بنیاد پر بھی دونوں اقسام کے خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ برینٹ کی قیمت میں قریباً 6 فیصد جبکہ ڈبلیو ٹی آئی میں 5.4 فیصد ہفتہ وار اضافہ متوقع ہے۔

آئل مارکیٹ کے ماہر اینڈریو لیپوو نے کہا کہ نئے حملوں کی اطلاعات اور جنگ بندی کے معاہدے پر مذاکرات میں خاطر خواہ پیش رفت نہ ہونے کے باعث ہفتے کے اختتام پر تیل کی قیمتوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔

ٹرمپ نے مذاقاً آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دیا: وائٹ ہاؤس

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کو مذاقاً امریکی علاقہ قرار دیا ہے۔

امریکی اخبار کے صحافی برائن شوارٹز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ کے بعد آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے سے متعلق بیان مذاقاً دیا تھا۔

عہدیدار کے مطابق ٹرمپ نے اپنے مشیروں کے ساتھ اس طرح کے کسی اقدام کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔

وائٹ ہاؤس کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ نے جنگ کے بعد آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کے معاملے پر اپنے مشیروں سے کوئی ملاقات نہیں کی اور نیویارک میں اپنی تقریر کے دوران وہ مذاق کر رہے تھے۔

امریکی اخبار کے صحافی برائن شوارٹز کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی اس تقریر کے موقع پر میں خود وہاں موجود تھا اور میرا مشاہدہ ہے کہ یہ بات کہنے کے بعد ٹرمپ مسکرائے ضرور تھے، لیکن پھر ایسا محسوس ہوا جیسے انہوں نے کہا ہو، یہ سچ ہے۔

خیال رہے کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ جلد آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دے دیں گے۔

حوثیوں کے میزائل حملے میں کم از کم 6 شہری ہلاک

یمن کی حکومت نے الزام عائد کیا ہے کہ حوثیوں نے جمعے کے روز بحیرہ احمر کی بندرگاہ موچا پر چھ بیلسٹک میزائل داغے جس کے نتیجے میں کم از کم چار شہری ہلاک ہو گئے۔

بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کے حکام کے مطابق حملے میں شہری بنیادی ڈھانچے اور بندرگاہ کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جبکہ متعدد ماہی گیر کشتیوں میں بھی آگ لگ گئی۔

دوسری جانب حوثیوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انھوں نے موچا میں فوجی مقامات، ہتھیاروں اور سعودی حمایت یافتہ افواج کے جہازوں کو بڑی تعداد میں بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا۔

آبنائے ہرمز سے گزرنے والے اماراتی جہاز پر حملے کی اطلاع

 آبنائے ہرمز سے گزرنے والے اماراتی جہاز پر حملے کی اطلاع ہے۔

امارتی تیل کمپنی نے کہا کہ ہرمز سے گزرنے والے ہمارے جہاز پر حملہ ہوا ہے، حملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا، صورتحال قابو میں ہے۔

شہید رہبر آیت اللہ خامنہ ای نے ہمیں شہادت اور شجاعت سکھائی: باقر قالیباف

ایرانی سپیکر باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ شہید رہبر نے اپنے اقوال، کردار اور عمل سے ہم سب کی تربیت کی۔

ایرانی سپیکر باقر قالیباف نے کہا کہ انہوں نے ہمیں شہادت اور شجاعت سکھائی، شہید رہبر نے وحدت، معاف کرنا اور اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا سکھایا۔

باقر قالیباف نے مزید کہا کہ انہوں نے ہمیں سکھایا کہ عوامی اور جمہوری حکومت کسے کہتے ہیں، رہبر شہید نے ہمیں استعمار مخالفت، مزاحمت اور معقولیت کے تصورات سے روشناس کرایا۔

صدر ٹرمپ کا آبنائے ہرمز کو جلد امریکی علاقہ قرار دینے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جلد آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دے دوں گا،،امریکا ایران کو اقتصادی طور پر سخت نقصان پہنچائے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیو یارک میں ناساؤ کاؤنٹی پولیس اکیڈمی کی تقریب سے خطاب میں کہا مہنگا فیول برداشت کرلیں گے، ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے، ایران کو ہم بری طرح شکست دے چکے ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ایران کی ناکہ بندی جاری ہے ان کا کوئی جہاز گزر نہیں سکتا، نیٹو پر تنقید کرتے ہوئے بولے جب ملکوں کی ضرورت ہوتی ہے تو وہ ہم سے رابطہ کرتے ہیں۔

امریکی صدر کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ جب ہمیں ضرورت پڑی تو نیٹو ہمارے ساتھ نہیں تھا۔
 

ملک کا اتحاد سب سے اہم، یہ ٹوٹ گیا تو طاقت بھی بکھر جائیگی: ایرانی صدر

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ملک کا اتحاد سب سے اہم ہے یہ ٹوٹ گیا تو طاقت بھی بکھر جائے گی۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ درآمدی اشیاء طویل راستے سے لانے کے باعث مہنگائی بڑھ گئی، ہماری آمدنی بھی کم ہو گئی، پہلے تیل فروخت کرتے تھے، اب فروخت نہیں کر سکتے۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ دشمن نے کچھ ریفائنریز کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا، معیشت کا چلنے رہنا ضروری ہے، کبھی بھی رہبراعلیٰ کے خلاف کھڑا نہیں ہوں گا۔

آبنائے ہرمز کھولنے یا بند کرنے کا اختیار صرف ایران کے پاس ہے: کاظم غریب آبادی

ایران کا آبنائے ہرمز سے متعلق امریکی صدر ٹرمپ کے بیان پر سخت ردعمل سامنے آگیا۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا کہ آبنائے ہرمز کھولنے یا بند کرنے کا اختیار صرف ایران کے پاس ہے، ایران امریکی دھمکیوں یا طاقت سے خوفزدہ نہیں ہے۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا کہ ایران امریکا کی دھمکیوں یا طاقت سے مرعوب نہیں ہوگا۔

کاظم غریب آبادی نے کہا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

قطر اور پاکستان کیساتھ پیغامات کا تبادلہ کررہے ہیں: ایران کی تصدیق

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ قطر اور پاکستان ایران کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ کر رہے ہیں، اس کا مطلب باقاعدہ مذاکرات نہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا، ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی بحالی فی الحال غیر یقینی ہے۔

عباس عراقچی نے مزید کہا کہ قطر اور پاکستان کے ذریعے سفارتی رابطے بھی جاری ہیں۔

ایران کا ہرمزگان میں ایک اور ایم کیو نائن ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ

ایران نے ہرمزگان میں ایم کیو نائن ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ کر دیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ڈرون کو پاسداران انقلاب کے نئے جدید فضائی دفاعی نظام سے نشانہ بنایا، امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق جنگ کے دوران امریکا کو ایم کیو 9 ریپر ڈرونز کی مد میں ایک ارب 30 کروڑ ڈالر سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سے پہلے امریکا کے کم از کم 45 ایم کیو 9 ریپر ڈرونز تباہ ہو چکے ہیں، امریکی فوج کے پاس اب تقریباً 145 ایم کیو 9 ریپر ڈرونز باقی رہ گئے۔

امریکا کا ایران پر تاریخ کی سخت ترین پابندیاں عائد کرنے کا اعلان

امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ امریکا ایران پر ایسی پابندیاں عائد کرے گا جن کی تاریخ میں پہلے کوئی مثال نہیں ملتی، جبکہ اس حوالے سے مزید اعلانات آئندہ ہفتے متوقع ہیں۔

امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ اگلے ہفتے مزید اعلانات کے لیے تیار رہیں، کیونکہ امریکا ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کے لیے ایسے اقدامات کرنے جا رہا ہے جو اس سے قبل کبھی نہیں دیکھے گئے۔

امریکی وزیر خزانہ کے مطابق ان اقدامات میں ایران پر معاشی دباؤ بڑھانے کے ساتھ آبنائے ہرمز سے متعلق پابندیاں بھی شامل ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کے اقدامات اور آبنائے ہرمز میں جاری ناکہ بندی کا ایسا امتزاج ہوگا جس کی دنیا نے پہلے کبھی مثال نہیں دیکھی۔

اسکاٹ بیسنٹ نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی برقرار رہے گی، جس کے باعث ایرانی بندرگاہوں سے نہ کوئی چیز اندر آسکے گی اور نہ ہی باہر جا سکے گی۔ 

امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جارج واشنگٹن مشرق وسطیٰ کی جانب روانہ

 امریکی میڈیا کے مطابق امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جارج واشنگٹن مشرق وسطیٰ کی جانب روانہ ہوگیا ہے۔

امریکی بحریہ کے عہدیدار نےامریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہاز گزشتہ ہفتے ویتنام کے شہرڈا نانگ سے روانہ ہوا اور آبنائے ملاکاتک پہنچ گیا ہے، امریکی طیارہ بردارجہازکا رخ بحرہند کی جانب ہے۔

امریکی میڈیا کا بتانا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں پہلے سے موجود طیارہ بردار جہازابراہم لنکن پر سپلائی، خوراک، اور فوجیوں کی ذہنی صحت سے متعلق مسائل کی رپورٹس سامنے آئی ہیں 5 ہزار امریکی سیلرز اور میرینز مسلسل 250 دن سے یو ایس ایس ابراہم لنکن پر تعینات ہیں۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ نے جہاز پر خراب حالات سے متعلق رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابراہم لنکن پر تعینات اہلکار 260 سے زائد دن سمندر میں گزارنے کے باوجود پُرعزم ہیں۔

آبنائے ہرمز پر ہمارا مکمل کنٹرول، امریکی اعلانات حقیقت نہیں: ایرانی کمانڈر

ایران کی پاسداران انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل علی عظمائی نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز بند ہے اور اس کے ذریعے ہونے والی تمام نقل و حرکت پر ایران کا مکمل کنٹرول ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق پاسداران انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل علی عظمائی نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں ہونے والی کوئی بھی نقل و حرکت پاسداران انقلاب کی بحریہ کے اہلکاروں کی نظروں سے اوجھل نہیں۔

ایرانی کمانڈر کا کہنا تھا کہ حقیقت زمین پر موجود صورتحال سے دیکھی جانی چاہیے، امریکی حکام کے اعلانات اور بیانات سے نہیں۔

امریکا بدستور مؤقف اختیار کیے ہوئے ہے کہ اہم آبی گزرگاہ بحری آمدورفت کے لیے کھلی ہے، جبکہ ایران کا کہنا ہے کہ اس کی واضح اجازت کے بغیر کوئی بھی جہاز آبنائے ہرمز سے گزر نہیں سکتا۔

علاوہ ازیں یرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف مجوزہ زمینی کارروائی کی سازش کو ابتدا ہی میں ناکام بنا دیا گیا تھا۔

ابراہیم عزیزی کا کہنا تھا کہ امریکا کو اس وقت تک نہیں بخشا جائے گا جب تک اسے مکمل شکست نہیں ہو جاتی، ایران امریکا کا اس کی مکمل شکست تک پیچھا کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی فوجی یونٹس نے مقامی فورسز کی مدد سے مختلف سمتوں سے ہونے والے منصوبہ بند زمینی حملے کو ناکام بنایا، حالیہ جنگ میں امریکا ایران کے خلاف کوئی بھی مقصد حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

متحدہ عرب امارات کا ایران پر آبنائے ہرمز سے گزرنے والے دو آئل ٹینکروں پر حملے کا الزام

متحدہ عرب امارات نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے دو آئل ٹینکروں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بحری قزاقی کی کارروائی قرار دیا ہے۔

متحدہ عرب امارات نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے ابو ظہبی نیشنل آئل کمپنی سے وابستہ دو جہازوں کو نشانہ بنایا، تاحال ان جہازوں کو پہنچنے والے نقصان کی نوعیت کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں، تاہم ان حملوں کے نتیجے میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر یہ اس نوعیت کا دوسرا حملہ ہے۔

ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کیلئے مزید پابندیاں لگائیں گے: امریکی وزیر خزانہ

 امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ امریکا ایران پر ایسی پابندیاں عائد کرے گا جو تاریخ میں پہلے کبھی نہیں دیکھی گئیں، اس حوالے سے مزید اعلانات آئندہ ہفتے متوقع ہیں۔

اسکاٹ بیسنٹ نے امریکی میڈیا کو انٹرویو کے دوران کہا کہ اگلے ہفتے مزید اعلانات کے لیے تیار رہیں، کیونکہ ہم ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کے لیے ایسے اقدامات کرنے جا رہے ہیں جو اس سے پہلے تاریخ میں کبھی نہیں دیکھے گئے۔

امریکی وزیرِ خزانہ کے مطابق ان اقدامات میں تہران پر معاشی دباؤ بڑھانے کے ساتھ آبنائے ہرمز سے متعلق پابندیاں بھی شامل ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایسے معاشی تنہائی کا امتزاج ہوگا جس کی دنیا نے پہلے کبھی مثال نہیں دیکھی اور آبنائے ہرمز میں جاری ناکہ بندی بھی برقرار رہے گی، جس کے باعث ایرانی بندرگاہوں سے نہ کچھ اندر آ سکے گا اور نہ باہر جا سکے گا۔

روس کا یمن کی بحری و زمینی ناکہ بندی فوری ختم کرنے کا مطالبہ

روس نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں یمن کی بحری اور زمینی ناکہ بندی مکمل طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے امریکا اور اسرائیل کو یمن میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اقوامِ متحدہ میں روسی نمائندہ یولیا ژدانوا نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یمن میں خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی پر عائد تمام پابندیاں ختم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ یمن میں امن عمل میں طویل عرصے سے تعطل کے باعث حوثیوں کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے شروع کیے گئے علاقائی تنازع میں گھسیٹا گیا۔

روسی سفارتکار نے یمن میں امن مذاکرات فوری طور پر بحال کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی حل صرف بات چیت کے ذریعے ممکن ہے جس میں حوثیوں سمیت ملک کی تمام اہم سیاسی قوتوں کے جائز مفادات کو مدِنظر رکھا جانا چاہئے۔

ٹرمپ کا درآمدی ڈرونز پر 100 فیصد تک ٹیرف عائد کرنے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا درآمد کیے جانے والے بغیر پائلٹ ڈرونز اور ان کے پرزہ جات پر 100 فیصد تک ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔

وائٹ ہاؤس کے بیان کے مطابق صدر ٹرمپ نے درآمدی ڈرونز پر 100 فیصد تک ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ فیصلہ قومی سلامتی کی بنیاد پر کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ بعض بغیر پائلٹ ڈرونز نظام، جن کا وزن 25 کلوگرام سے زیادہ ہے اور جن میں تھرمل امیجرز اور ڈاکنگ اسٹیشنز جیسی صلاحیتیں موجود ہیں، ان کی درآمد پر 100 فیصد ڈیوٹی عائد کی جائے گی۔

وائٹ ہاؤس کا کہناہے کہ چھوٹے ڈرونز پر 25 فیصد ٹیرف لاگو ہوگا۔زیادہ تر نئے ٹیرف 3 ستمبر سے نافذ ہوں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے ٹیرف کا مقصد ڈرونز اور ان کے پرزہ جات کی مقامی پیداوار میں اضافہ کرنا اور غیر ملکی سپلائی چینز پر انحصار کم کرنا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے چین نے بھی امریکا کو ڈرونز کی برآمدات پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا اور واشنگٹن کی جانب سے جبری مشقت اور قومی سلامتی کے خدشات کے باعث عائد تجارتی پابندیوں کے جواب میں 6 کمپنیوں کو بلیک لسٹ کر دیا تھا۔

ایرانی بعض اوقات ایسے وعدے کرتے ہیں جنہیں وہ پورا نہیں کرتے: جے ڈی وینس

ایران سے متعلق صورتِ حال میں پائی جانے والی غیر یقینی کے بارے میں بات کرتے ہوئے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ںے الزام عائد کیا ہے کہ ایرانی بعض اوقات ایسے وعدے کرتے ہیں جنہیں وہ پورا نہیں کرتے۔

فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ میں پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ اس معاملے کا اختتام اس طرح ہو گا کہ امریکا زیادہ مضبوط پوزیشن میں ہو گا، ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہوں گے، اور آبنائے ہرمز کی صورتِ حال دوبارہ ایسی ہو جائے گی جہاں تیل اور گیس کی قیمتیں امریکی عوام کے لیے مستحکم رہیں۔

ایران کے معاملے میں اتار چڑھاؤ کے متعلق سوال پر جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ امریکا کے پاس اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے بہت سے ذرائع موجود ہیں، بعض اوقات ہم توانائی کے پہلو پر توجہ دیتے ہیں کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ تیل اور گیس کی قیمتیں امریکی عوام کی پہنچ میں ہوں۔ بعض اوقات ہماری توجہ اس کے عسکری پہلو پر ہوتی ہے اور بعض اوقات ایران کے جوہری پروگرام پر زیادہ توجہ دی جاتی ہے۔

جی ڈی وینس کا کہنا تھا کہ ہم اپنے وسائل کو بہت سوچ سمجھ کر اور حکمتِ عملی کے تحت استعمال کر رہے ہیں تاکہ وہ نتائج حاصل کیے جا سکیں جو امریکی صدر امریکی عوام کے لیے حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

وینس کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کے دو اہداف ہیں، تیل اور گیس کی قیمتوں کو مستحکم رکھنا اور ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا، میرے خیال میں ہم ان دونوں مقاصد کے حصول میں کامیاب ہو رہے ہیں۔

امریکا ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی غیر معینہ مدت تک برقرار رکھ سکتا ہے، پیٹ ہیگستھ

 امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج کے پاس اتنے وسائل موجود ہیں کہ وہ ایران کی بحری ناکہ بندی غیر معینہ مدت تک برقرار رکھ سکتی ہے، ضرورت کے مطابق بحری جہازوں کو خطے میں بھیجا اور واپس بلایا جا سکتا ہے۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکہ اپنے بحری جہازوں کی باری باری تعیناتی کر کے ایران کی بحری ناکہ بندی غیر معینہ مدت تک برقرار رکھ سکتا ہے۔

وہ پاناما میں گفتگو کر رہے تھے، جہاں انہوں نے اس سے قبل یو ایس ایس گرڈلی کے عملے سے خطاب کیا تھا، یہ ایک گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر ہے جو ماضی میں مشرقِ وسطیٰ میں تعینات رہ چکا ہے۔

اس سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو کہا تھا کہ امریکا آبنائے ہرمز پر کنٹرول رکھتا ہے۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری ایک پیغام میں کہا تھا کہ آبنائے ہرمز پر امریکا کا مکمل کنٹرول ہے، میرا خیال ہے کہ ہم اسے برقرار رکھیں گے، ہماری بحری ناکہ بندی کو ہر کوئی ’فولادی دیوار‘ قرار دے رہا ہے، اور ایران اس کے بارے میں کچھ نہیں کر سکتا۔

ہیگستھ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی بحریہ کے طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس ابراہم لِنکن پر گزشتہ 250 روز سے زائد عرصے سے تعینات ہزاروں امریکی فوجی اہلکاروں کے مبینہ طور پر خوراک کی قلت، ذہنی صحت اور شدید تھکن جیسے مسائل کا سامنا کرنے کی خبریں آ رہی ہیں۔

اس حوالے سے امریکی قانون سازوں نے پینٹاگون سے وضاحت طلب کر لی ہے۔

ایران کے خلاف جنگ میں امریکا کو ریپر ڈرونز کا بڑا نقصان، 45 طیارے تباہ

ایران کے خلاف جنگ کے دوران امریکی فضائیہ کو ایم کیو-9 ریپر ڈرونز کے حوالے سے بڑا نقصان اٹھانا پڑا ہے، جہاں تقریباً 45 ریپر ڈرونز تباہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق تباہ ہونے والے ریپر ڈرونز کی تعداد جنگ سے قبل امریکی فضائیہ کے پاس موجود بیڑے کا تقریباً 25 فیصد بنتی ہے، جنگ سے قبل امریکا کے پاس تقریباً 185 ایم کیو-9 ریپر ڈرونز موجود تھے۔

رپورٹ کے مطابق ایران اور آبنائے ہرمز کے اطراف جاری مسلسل اور شدید فوجی کارروائیوں کے دوران متعدد ریپر ڈرونز ایرانی فضائی دفاع کی زد میں آئے، ایم کیو-9 ریپر کی کم رفتار اور نسبتاً کم بلندی پر پرواز کرنے کی صلاحیت اسے ایرانی فضائی دفاع کیلئے نسبتاً آسان ہدف بناتی رہی۔

امریکی فضائیہ کیلئے ریپر ڈرونز کا یہ نقصان ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کے دوران ایک اہم چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔

ایران کے خلاف جنگ سے امریکی فوجی ذہنی دباؤ کا شکار، خودکشی کی کوششیں

ایران کے خلاف جنگ سے امریکی فوجی ذہنی دباؤ کا شکار ہوگئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق بعض اہلکاروں نے سمندر میں کود کر خودکشی کی کوشش کی، طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن پر تعینات تقریباً 5 ہزار اہلکار مسلسل 250 دن سے سمندر میں ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فوجیوں کی ذہنی صحت پر اہلخانہ اور ارکان کانگریس نے اظہار تشویش کیا، ارکان نے جہاز پر خوراک، پانی کی فراہمی اور طویل تعیناتی پر سوالات اٹھا دیئے۔

امریکی بحری حکام کا کہنا ہے جہاز پر خودکشی کی کوششوں کے شواہد نہیں ملے، اہلکاروں کو تمام سہولیات میسر ہیں۔

ایران نے مجوزہ زمینی کارروائی کی سازش ابتدا میں ہی ناکام بنا دی، ابراہیم عزیزی

ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف مجوزہ زمینی کارروائی کی سازش کو ابتدا ہی میں ناکام بنا دیا گیا تھا۔

ایک بیان میں ابراہیم عزیزی کا کہنا تھا کہ ایرانی فوجی یونٹس نے مقامی فورسز کی مدد سے مختلف سمتوں سے ہونے والے ایک منصوبہ بند زمینی حملے کو ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ جنگ میں امریکا ایران کے خلاف اپنا کوئی بھی مقصد حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ اگر دوبارہ ایران کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوا تو ایران دنیا بھر میں امریکی اہداف کو نشانہ بنائے گا۔

ابراہیم عزیزی نے مزید کہا کہ امریکا کو اس وقت تک نہیں بخشا جائے گا جب تک اسے مکمل شکست نہیں ہوجاتی، ایران امریکا کا مکمل شکست تک پیچھا کرتا رہے گا۔ 

امریکا ایران کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنےکی کوشش نہ کرے: پاسدارانِ انقلاب

پاسداران انقلاب کے بریگیڈیئر جنرل محمد رضا نقدی نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنےکی کوشش نہ کرے۔

امریکی ٹی وی پی بی ایس کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد رضا نقدی نے کہا ہے کہ امریکا نے ایسی غلطی کی تو دنیا میں موجود امریکی فوجی اڈے قبضے میں لے لیے جائیں گے، جوہری ہتھیاروں کا استعمال امریکا کے لیے ایک بہت بڑی غلطی ثابت ہو سکتا ہے۔

محمد رضا نقدی نے کہا کہ آج حالات دوسری عالمی جنگ کے دور جیسے نہیں، دنیا کے عوام بیدار ہو چکے ہیں، دنیا میں کوئی بھی جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی اجازت نہیں دے گا، اگر کوئی ملک ایسا کرتا ہے تو اگلا نشانہ وہ خود ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی فوجی اڈوں پر قبضہ ایرانی فوج خود کرے گی، ایران کو جوہری بم کی کوئی ضرورت نہیں، امریکی فوج ہماری توقع سے کہیں زیادہ کمزور ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنگ سالوں تک بھی جاری رہی تو ایران کے پاس وافر تعداد میں میزائل موجود ہیں، ہمارے پاس میزائل ختم ہوئے تو ہم امریکا کے لیے مزید خطرناک ہو جائیں گے، امریکا کے دنیا بھر میں معاشی مفادات ہیں جنہیں آسانی سے نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

امریکا انٹیلی جنس کی ناکامیوں کے باعث غلط اندازے لگاتا رہا: عباس عراقچی

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایکس پر بیان میں کہا ہے کہ انٹیلی جنس کی ناکامیوں کے باعث امریکا طویل عرصے سے غلط اندازے لگاتا رہا ہے، ایران کے خلاف جنگ اس کی بہترین مثال ہے۔

عباس عراقچی نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے معاملے پر امریکا بہت بڑی غلط فہمی کا شکار ہو رہا ہے، جعلی خبروں سے بھی زیادہ خطرناک جعلی انٹیلی جنس ہوتی ہے، اللہ زمین کی ہر طاقت سے بڑا ہے اور ایران اللہ پر بھروسہ رکھتا ہے۔

اسرائیلی فورسز جنوبی لبنان میں گھروں کو تباہ اور نذرِ آتش کر رہی ہے: لبنانی میڈیا

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے خبر دی ہے کہ اسرائیلی فورسز نے جنوبی لبنان کے قصبوں مجدل زون اور منصوری اور ان سے ملحقہ وادیوں میں گھروں کو دھماکوں سے تباہ کرنے اور نذرِ آتش کرنے کی کارروائیاں کی ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے نے لبنانی خبر رساں ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے منصوری پر دو فضائی حملے کیے جبکہ صور شہر سے بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

گزشتہ ہفتے اسرائیلی فوج نے منصوری کے رہائشیوں کے لیے جبری انخلا کا حکم جاری کیا تھا۔

یاد رہے کہ اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے جنوبی لبنان کے حالیہ دورے کے دوران اسرائیلی افواج کی وہاں موجودگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی فورسز علاقے میں موجود تمام گھروں کو مسمار کر رہی ہیں۔

دوسری جانب لبنان کے وزیرِ اعظم نواف سلام کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے ان گھروں کی منظم مسماری بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔

ادھر امریکی محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ اسرائیل امریکی ثالثی میں طے پائے جانے والے اس معاہدے کی پاسداری کرے گا جس کے تحت جنوبی لبنان سے اسرائیلی افواج کا انخلا ضروری ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ لبنان کی علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

ٹرمپ کے دعوؤں کے باوجود آبنائے ہرمز بدستور بند ہے: ایران

ایران کی پرشین گلف سٹریٹ اتھارٹی نے امریکا کے آبنائے ہرمز کھلنے کے دعوے مسترد کر دیے۔

ایرانی اتھارٹی کے مطابق امریکی دعوؤں کے باوجود آبنائے ہرمز بدستور بند ہے، امریکی حکام کے بار بار بیانات اور سوشل میڈیا پوسٹس آبنائے ہرمز کی صورتحال تبدیل نہیں کر سکتے۔

اتھارٹی کے مطابق آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم ہونے کے دعوے حقیقت کے برعکس ہیں، آبنائے ہرمز بدستور بند ہے اور ایرانی شرائظ کے تسلیم ہونے تک بند ہی رہے گی۔

یمنی حوثیوں کے ترجمان یحییٰ سریع کا ایکس اکاؤنٹ معطل

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے ایران نواز یمنی حوثی گروہ کے ترجمان یحییٰ سریع سے منسوب اکاؤنٹ معطل کر دیا ہے، تاحال یہ واضح نہیں کہ تقریباً ایک لاکھ 21 ہزار 500 فالوورز رکھنے والے اس اکاؤنٹ کو کیوں بند کیا گیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اکاؤنٹ کھولنے پر پیغام لکھا آتا ہے کہ اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا ہے، پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ ایکس ایسے اکاؤنٹس معطل کر دیتا ہے جو اس کے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔

یحییٰ سریع کا اکاؤنٹ یمنی حوثیوں کی جانب سے بحیرۂ احمر میں حملوں، سعودی عرب کے خلاف کارروائیوں اور بین الاقوامی برادری کی جانب سے تسلیم شدہ یمنی حکومت کے خلاف حملوں سے متعلق معلومات فراہم کرتا تھا۔

یمنی حوثیوں کا سعودی عرب سے جارحیت روکنے اور ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ

یمن کے ایران نواز حوثی گروہ نے سعودی عرب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جارحیت روکنے، ناکہ بندی ختم کرنے اور یمن میں تمام غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کا جرات مندانہ اور دانشمندانہ فیصلہ کرے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق حوثیوں کی جانب سے یہ مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حوثی جنگجوؤں نے ایک روز قبل سعودی مفادات پر مزید حملوں کا دعویٰ کیا تھا۔

حوثیوں کے زیرِ انتظام صبا نیوز ایجنسی کے مطابق حوثی گروہ کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کی کوئی قیمت ادا نہیں کرنی پڑے گی اور اس کے دونوں ممالک کے لیے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے لیے زیادہ بہتر ہوگا کہ وہ یمن میں اپنی فوجی مداخلت جاری رکھنے کے بجائے امن کی راہ اختیار کرے، سعودی قیادت میں قائم اتحاد کی یمن میں مداخلت کے نتیجے میں پہلے ہی سعودی عرب نقصان اٹھا چکا ہے اور خبردار کیا کہ ’مستقبل میں ہونے والے نقصانات اس سے کہیں زیادہ ہوں گے۔

اس بیان سے ایک روز قبل حوثی جنگجوؤں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے یمن کے سرکاری کنٹرول والے علاقوں میں ایک سعودی فوجی جہاز اور سعودی فوجیوں کو نشانہ بنایا ہے، یہ حملے کشیدگی میں وسیع تر اضافے کا حصہ ہیں، جس کے تحت گروپ نے جولائی میں بحیرۂ احمر میں سعودی جہازوں کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا۔

28 فروری کو حملے کا ہدف مجتبیٰ خامنہ ای تھے: میئر تہران کا دعویٰ

تہران کے میئر علی رضا زکانی نے دعویٰ کیا ہے کہ 28 فروری کو جس میزائل حملے میں ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ جس حملے میں آیت اللہ علی خامنہ ای شہید ہوئے، اس کا اصل ہدف مجتبیٰ خامنہ ای تھے۔

یاد رہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد مجتبیٰ خامنہ ای کو ان کی جگہ ملک کا رہبرِ اعلیٰ مقرر کیا گیا تھا۔

سٹوڈنٹ نیوز نیٹ ورک کو دیے گئے ایک انٹرویو میں علی رضا زکانی کا کہنا تھا کہ میزائل نے بالکل اس منزل کو نشانہ بنایا جہاں مجتبیٰ خامنہ ای مقیم تھے، حملوں کا ہدف وہی تھے۔

تہران کے میئر کا کہنا تھا کہ مجتبیٰ خامنہ ای کی اہلیہ زہرا حداد کا معمول تھا کہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے سات بجے کام کے لیے روانہ ہو جاتی تھیں، حملے کے روز زہرا حداد طبیعت ناساز ہونے کے باعث گھر پر ہی موجود تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ حملے میں مجتبیٰ خامنہ ای زخمی ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ 28 فروری 2025 کو امریکا اور اسرائیل نے مشترکہ طور پر ایرانی رہبرِ اعلیٰ کے رہائشی کمپاؤنڈ پر میزائل حملہ کیا تھا، جس میں آیت اللہ علی خامنہ ای اور ان کے اہلخانہ شہید ہوئے تھے۔

آبنائے ہرمز سے فائدہ اٹھانے والے تمام فریق ماحولیاتی نقصان کا ازالہ کریں: ایران

ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے ہونے والی تجارتی جہاز رانی سے فائدہ اٹھانے والے ہر فریق پر خلیج فارس اور بحیرہ عمان کو پہنچنے والے ماحولیاتی نقصان کے ازالے کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں قشم جزیرے کے ساحلوں پر تیل کی آلودگی کی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں، یہ آلودگی خلیج فارس سے ساحل کی جانب بہہ کر آئی، اور ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کا ذریعہ ایک غیر ملکی بلک کیریئر (مال بردار جہاز) ہے، تین ساحلی مقامات اور سمندر کی سطح کے کچھ حصوں میں آلودگی کی نشاندہی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران خلیج فارس اور بحیرہ عمان کے پانیوں اور خطے کے سمندری ماحولیاتی نظام کو پہنچنے والی وسیع پیمانے پر آلودگی، جس میں ظاہری اور پوشیدہ دونوں طرح کی آلودگی شامل ہے، یہ صرف ایک نمایاں مثال ہے، اس آلودگی کے نتیجے میں ایران کے ساحلی علاقوں کو کھربوں ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ان نقصانات کی تلافی کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے؟ کیا ان ممالک پر جو ہمارے خطے سے برآمد ہونے والی سستی توانائی استعمال کرتے ہیں، جہاز رانی کی انشورنس کمپنیوں پر، یا ان حملہ آوروں اور ان کے اتحادیوں پر جنہوں نے خلیج فارس اور بحیرہ عمان کو فوجی کارروائیوں اور انتہائی تباہ کن ہتھیاروں کی آزمائش کا میدان بنا دیا ہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ خلیج فارس اور بحیرہ عمان کے ساتھ سب سے طویل ساحلی پٹی رکھنے والے ملک کی حیثیت سے ایران اس معاملے سے لاتعلق نہیں رہ سکتا۔ آبنائے ہرمز کے ذریعے تجارتی جہاز رانی سے فائدہ اٹھانے والے ہر فریق پر خلیج فارس اور بحیرہ عمان کو پہنچنے والے ماحولیاتی نقصان کے ازالے کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

ایران عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز معاہدے کا اعلامیہ تیار کر رہا ہے: قطر

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا ہے کہ ایران عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز معاہدے کے اعلان کا مسودہ تیار کر رہا ہے۔

ماجد الانصاری کے مطابق ایرانی حکام نے بتایا ہے کہ معاہدے کے اعلان کے لیے الفاظ طے کرنے کا عمل جاری ہے، ایران اور عمان کے مذاکرات ابھی بھی جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قطر کی اولین ترجیح آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھلوانا ہے، قطر آبنائے کی سکیورٹی یقینی بنانے اور اسے سیاسی دباؤ سے آزاد کرنے والے کسی بھی معاہدے کی حمایت کرے گا۔

فرانس کا غزہ اور ایران پر مؤقف منافقانہ، لیکچر دینے سے باز رہے: عراقچی

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فرانس پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرانس انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون پر دنیا کو لیکچر دینے سے باز رہے۔

عباس عراقچی نے کہا کہ غزہ اور ایران کے خلاف جارحیت کی حمایت نے فرانس کے اخلاقی دیوالیے پن کو ظاہر کر دیا، فرانس کا غزہ اور ایران معاملے پر مؤقف منافقانہ ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ فرانسیسی دوہرا معیار واضح اور شرمناک ہے۔

پاسداران انقلاب کو دشمن کی سرزمین پر حملوں کی صلاحیت حاصل کرنے کا حکم

نئے فوجی ڈاکٹرائن کے تحت ایران کے پاسداران انقلاب کو دشمن کی سرزمین پر حملوں کی صلاحیت حاصل کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے سینئر مشیر بریگیڈیئر جنرل رضا نقدی نے کہا پاسداران کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنی صلاحیت اس قدر بڑھائیں کہ ملکی سرحدوں سے جارحانہ آپریشنز کو دشمن کی زمین تک انجام دیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کا جنگی بجٹ ایران کے دفاعی بجٹ سے 100 گنا زیادہ ہے مگر دشمن کے تمام 14 مقاصد ناکامی سے دوچار کئے گئے ہیں۔

کسی دشمن ملک کا نام لئے بغیر پاسداران انقلاب کے سینئر مشیر نے کہا ایران کو اس قابل ہونا چاہئے کہ وہ جنگ دشمن کے علاقے تک لے جاسکے اور جارحانہ ڈاکٹرائن کی یہ خصوصیت پوری ہونی چاہئے۔

ایرانی پاسداران سے کہا گیا ہے کہ وہ اس صلاحیت کو حاصل کریں تاکہ جب ضرورت ہو اسے انجام دیا جاسکے۔

امریکا اور ایران کا 60 روزہ جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق

امریکا اور ایران نے موجودہ 60 روزہ جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق کرلیا ہے، تاہم توسیع کی مدت تاحال طے نہیں کی گئی۔

ترک خبر ایجنسی انادولو کے مطابق پاکستانی حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ دونوں فریقین نے جنگ بندی میں توسیع پر رضامندی سے ثالثوں کو آگاہ کردیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق واشنگٹن اور تہران کے درمیان توسیع کی مدت طے کرنے کے لیے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے۔ موجودہ جنگ بندی 17 اگست کو ختم ہونے والی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان 17 جون کو 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے تھے، جس کے تحت جنگ بندی برقرار رکھنے اور دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے مذاکرات مکمل کرنے کے لیے 60 روز کی مدت مقرر کی گئی تھی۔

مفاہمتی یادداشت میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کے ساتھ آبنائے ہرمز کو تجارتی جہازوں کے لیے کھلا رکھنے کی شق بھی شامل تھی، تاہم اہم معاملات پر مبہم زبان کے باعث دونوں فریق ایک دوسرے پر معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔