ایران، امریکا، اسرائیل جنگ

ایران، امریکا، اسرائیل جنگ

امریکا آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے اسلام آباد معاہدے پر عمل کرے: قالیباف

امریکا کے پاس شکست ماننے کے سوا کوئی راستہ نہیں: پاسداران انقلاب

ترجمان پاسداران انقلاب بریگیڈیئر جنرل حسین محبی کا کہنا ہے کہ امریکیوں سےکسی قسم کی بات چیت نہیں ہورہی، سفارتی معاملات وزارت خارجہ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہیں۔

ترجمان پاسداران انقلاب نے کہا کہ امریکا سے سفارتی ذرائع کے ذریعے بھی کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، سفارتی بات چیت کا فقدان امریکا کی جانب سے وعدہ خلافیوں کا نتیجہ ہے۔

بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے کہا کہ ٹرمپ کے بیانات تیل قیمتوں کو عارضی طور پر کنٹرول کرنے کی کوشش ہے، امریکی صدر کے خیالی تصورات میدانِ جنگ میں ان کی مدد نہیں کریں گے۔

ترجمان پاسداران نے کہا کہ امریکا کے پاس واحد راستہ شکست تسلیم کرنا اور ایرانی شرائط قبول کرنا ہے۔

حوثیوں کا سعودی ریفائنری پر ڈرون حملے کا دعویٰ

یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی ریفائنری پر ڈرون حملے کا دعویٰ کیا ہے۔

فوجی ذرائع کے مطابق حوثیوں نے سعودی عرب کے صوبے جازان میں آئل ریفائنری کو ڈرونز سے نشانہ بنایا، سعودی عرب کی جانب سے فی الحال حملے کی تصدیق نہیں کی گئی۔

آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے امریکا اسلام آباد معاہدے پر عمل کرے: قالیباف

سپیکر ایرانی پارلیمنٹ باقر قالیباف نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو کھلوانے کے لیے امریکا کو پہلے اسلام آباد معاہدے پر عمل کرنا ہو گا۔

ایران کے چیف مذاکرات کار باقر قالیباف نے کہا کہ امریکا کو بحری ناکہ بندی اور تیل کی پابندیاں بھی ختم کرنا ہوں گی، امریکا کو ایرانی منجمد اثاثے بھی بحال کرنا ہوں گے۔

باقر قالیباف نے کہا کہ امریکا کو تمام محاذوں پر دھمکیاں اور فوجی کارروائیاں بھی ختم کرنا ہوں گی، اندرونی اختلافات ملک کو کمزور اور دشمنوں کو ایران کے خلاف ترغیب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن ایران میں بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ایرانی عوام دشمن کی سازشوں کے مقابلے میں قومی اتحاد برقرار رکھے۔

اسرائیل اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو سبوتاژ کر رہا ہے: عباس عراقچی

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اسرائیل اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو سبوتاژ کرنے کے لیے متحرک ہے

تہران میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا کا ایران سے غیر مشروط سرنڈر کروانے کا خواب پورا نہیں ہوا، ایران کی بھرپور مزاحمت سے دشمن اپنے کسی بھی مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

عباس عراقچی نے کہا کہ ایران میں رجیم چینج اور تقسیم پیدا کرنے کی کوششیں بھی ناکام ہوئیں، جنگ شروع ہونے کے کچھ ہی عرصے بعد دشمن نے مذاکرات کی درخواست کی، ایران نے اپنی شرائط پر جنگ بندی اور مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے مذاکرات میں بھی طاقت اور اعتماد کا مظاہرہ کیا، طے پانے والے سمجھوتے کی بیشتر شقیں ایران کے مفاد میں تھیں، سفارتی کامیابی وزارت خارجہ یا کسی فرد کی کامیابی نہیں بلکہ ایرانی عوام کی فتح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کی دنیا میں طاقت کسی بھی ملک کا مرکز ہے، امریکا اسرائیل کے خلاف جنگ میں ایرانی میزائل طاقت کا محور بنے۔

سعودی آرامکو کا ایشیائی ممالک کو تیل فراہم کرنے کا نیا منصوبہ

سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو نے آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی اور بحری آمدورفت میں رکاوٹ کے باعث بعض ایشیائی ریفائنریوں کو ہرمز کے باہر سے خام تیل فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ آرامکو بعض خریداروں سے نجی مذاکرات کررہی ہے اور عرب میڈیم اور عرب ہیوی خام تیل متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ فجیرہ کے قریب سمندر میں جہاز سے جہاز منتقلی کے ذریعے فراہم کرنے کی بات چیت جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ تیل ستمبر میں لوڈ کیا جانا ہے، اس اقدام کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرے بغیر ایشیائی خریداروں تک خام تیل پہنچانا ہے، جہاں سکیورٹی خدشات کے باعث متعدد شپنگ کمپنیاں اپنے جہاز بھیجنے سے گریز کررہی ہیں۔

سعودی آرامکو نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے، کمپنی پہلے ہی عرب لائٹ خام تیل کی کچھ برآمدات بحیرہ احمر کی بندرگاہ ینبع منتقل کرچکی ہے، جبکہ مصر کی بحیرہ روم کی بندرگاہ سیدی کریر سے بھی تیل کی فراہمی کی پیشکش کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز اور بحیرہ احمر میں جاری رکاوٹوں نے بھارت سمیت اہم ایشیائی منڈیوں میں آرامکو کے تیل کی فروخت کو متاثر کیا ہے، دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے خلیج کے اندر سے خام تیل ہرمز سے باہر پہنچا کر اپنی برآمدات جاری رکھی ہیں۔

آبنائے ہرمز میں جہاز رانی سست روی کا شکار

آبنائے ہرمز میں جہاز رانی بدستور سست روی کا شکار ہے، گزشتہ روز 6 کمرشل مال بردار جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے، ان میں سے 3 خلیج میں داخل ہوئے اور 3 خلیج سے باہر نکلے۔

گزشتہ 10 دن کی اوسط تقریباً 11 جہاز روزانہ تھی، ہفتے کے روز آمد و رفت کم ہو کر صرف 3 جہاز رہ گئی تھی، جبکہ اتوار کو یہ تعداد مزید کم ہو کر 2 جہاز رہ گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق کوئی ایل ایم جی ٹینکر آبنائے ہرمز سے گزرتا ہوا ریکارڈ نہیں کیا گیا، جنگ سے قبل آبنائے ہرمز سے روزانہ 130 سے زائد جہاز گزرا کرتے تھے۔

امریکا خوراک کو بھی ایران کے خلاف جنگی اقدامات کا حصہ بنا رہا ہے: ایرانی وزیر زراعت

ایرانی وزیر زراعت غلام رضا نوری نے کہا ہے کہ ایران کے پاس امریکا کے خوراک کو جنگ کا حصہ بنانے کے حوالے سے ٹھوس شواہد موجود ہیں، تہران ملکی غذائی ضرورایات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

غلام رضا نوری نے کہا کہ امریکا انسانی حقوق، غذائی تحفظ اور صحت کے معاملے میں دوہرے معیار کی پالیسی اپنائے ہوئے ہے، امریکا اور اس کے اتحادی ممالک ایران بھیجی جانے والی غذائی اشیاء کی ترسیل میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔

ایرانی وزیر زراعت نے کہا کہ ایران نے ممکنہ رکاوٹوں سے نمٹنے کے لیے کئی برس سے پیشگی اقدامات کیے ہیں۔

عمانی سلطان کی اماراتی صدر محمد بن زاید النہیان سے ملاقات

عرب میڈیا کے مطابق عمان کے سلطان نے ابوظہبی میں اماراتی صدر سے ملاقات کی جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی۔

دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں عمان اور امارات کے درمیان تعلقات کا جائزہ لیا، خطے اور آبنائے ہرمز کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔

آبنائے ہرمز میں ایک اور بحری جہاز پر پروجیکٹائل سے حملہ

برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز میں ایک اور بحری جہاز پر حملہ ہوا ہے، حملے میں جہاز کے انجن روم کو نقصان پہنچا، جہاز کے عملے کا ایک رکن حملے میں زخمی ہوگیا۔

ایجنسی کے مطابق عمان کی کوسٹ گارڈ نے متاثرہ جہاز کے عملے کو امداد فراہم کی، واقعہ کی نوعیت اور نامعلوم پروجیکٹائل کے بارے میں تاحال معلوم نہیں ہو سکا۔

ترکیہ کی ٹرمپ کو ایران سے کشیدگی کے خاتمہ میں مدد کی پیشکش

ترکی صدر رجب طیب اردوان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے فون پر گفتگو کے دوران ایران کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر زور دیا اور امن کی کوششوں میں انقرہ کی حمایت کی پیشکش کی۔ 

صدارتی دفتر کے ایک بیان کے مطابق، اردوان اور ٹرمپ نے غزہ میں جاری جنگ، ترکی، سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے دفاعی معاہدے اور دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اردوان نے ٹرمپ کو بتایا کہ غزہ میں فلسطینیوں پر اسرائیل کے حملوں میں ایسے وقت اضافہ ہوا ہے جب ٹرمپ کے امن منصوبے کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہونا تھا۔ 

امریکی اسرائیلی حملوں سے 100 تجارتی طیارے تباہ ہوئے: ایران

 ایران کی وزیر برائے مواصلات فرازانے صادق نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں ایران کے 100 طیارے تباہ ہوئے ، کوشش کی جارہی ہے کہ مواصلات کا تباہ انفراسٹرکچر جلد از جلد بحال کیا جائے۔

فرازانے صادق نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے 100 طیارے تباہ کئے جانے کے باوجود ایران نے 8 طیاروں کی مدد سے حج پروازیں کامیابی سے انجام دیں جبکہ جنگ کے دوران بھی ریل، روڈ اور بندرگاہوں سے ٹرانسپورٹیشن جاری رہی۔

ایرانی وزیر برائے مواصلات کا مزید کہنا ہے کہ امریکا نے ایران کے 25 صوبوں میں 400 شہروں پر بمباری کی جن میں ایک لاکھ کمرشل اور رہائشی یونٹ متاثر ہوئے۔

امریکا، ایران کے مذاکرات کسی باہمی مفاہمت تک نہیں پہنچ سکے: جیرڈ کشنر

امریکی صدر کے ایلچی جیرڈ کشنر نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات سنجیدہ اور وسیع پیمانے پر جاری ہیں۔

امریکی صدر کے ایلچی جیرڈ کشنر کا فاکس نیوز کو دیئے گئے انٹرویو میں کہنا تھا کہ فریقین ابھی تک کسی باہمی مفاہمت تک نہیں پہنچ سکے، امریکا اور ایرانی حکومت کے مختلف اداروں کے درمیان مذاکرات شاید پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں۔

جیرڈ کشنر کا مزید کہنا تھا کہ دونوں جانب ابھی تک کسی اتفاق رائے یا مفاہمت تک رسائی حاصل نہیں ہو سکی۔

ٹرمپ نے عمان کو آبنائے ہرمز میں مداخلت پر حملے کی دھمکی دیدی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عمان کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عمان نے آبنائے ہرمز میں امریکا کی کوششوں میں مداخلت کی تو اس کے خلاف حملہ کیا جائے گا۔

امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی انتظامیہ نے پاسداران انقلاب کے ساتھ براہِ راست پسِ پردہ رابطے میں راستہ قائم کرلیا ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کے پاس اب بھی ہتھیاروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں، جبکہ اب تک امریکا نے جتنے ہتھیار استعمال کیے ہیں، وہ نہ ہونے کے برابر ہیں۔

امریکی صدر کے مطابق امریکا کے پاس درمیانے درجے کے بھی بہت سے ہتھیار موجود ہیں۔