برنی سینڈرز کی ٹرمپ پر کڑی تنقید، ایران جنگ ختم کرنے کا مطالبہ
امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایران کے خلاف جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
برنی سینڈرز نے اپنے بیان میں ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی عوام نہیں چاہتے کہ آپ آبنائے ہرمز کا نام تبدیل کر کے اسے اپنے نام سے منسوب کریں، بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ ایران کے خلاف جاری غیر قانونی جنگ ختم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس جنگ کے نتیجے میں امریکا میں ڈیزل کی قیمت 5.69 ڈالر فی گیلن جبکہ پٹرول کی قیمت 4.12 ڈالر فی گیلن تک پہنچ گئی ہے۔
امریکی سینیٹر نے صدر ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ اپنے منصب کے تقاضوں کے مطابق عمل کریں، آپ کوئی دیوانہ بادشاہ نہیں، صدر کی طرح برتاؤ کریں۔
سعودی عرب کی آبنائے ہرمز میں سعودی آئل ٹینکر پر ایرانی حملے کی مذمت
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق سعودی پرچم بردار ٹینکر کو آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں عملے کے 2 فلپائنی ارکان ہلاک ہوئے۔
سعودی عرب نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بین الاقوامی بحری آمدورفت کے تحفظ پر زور دیا۔
سعودی وزارت خارجہ نے اردن، بحرین اور کویت کو نشانہ بنانے والے ایرانی حملوں کی بھی مذمت کی اور تینوں ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
اپنے بیان میں ریاض نے کہا کہ وہ اپنی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے ان ممالک کی جانب سے کیے جانے والے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔
سعودی عرب نے خطے میں کشیدگی فوری طور پر روکنے، بین الاقوامی بحری جہازوں کی سلامتی یقینی بنانے اور عالمی توانائی کی فراہمی کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔
سعودی وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ ریاستوں کی خودمختاری، اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین و اصولوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔
شادی کی تقریب میں حملہ: ایرانی ہلال احمر سوسائٹی کا تحقیقات کیلئے عالمی عدالت سے رجوع
ایران کی ہلالِ احمر سوسائٹی نے جنوبی صوبے ہرمزگان میں شادی کی تقریب پر امریکی میزائل حملے کی تحقیقات کے لیے عالمی فوجداری عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق سیرک کاؤنٹی کے شہر کوہستک میں رہائشی عمارت پر امریکی حملے کے ملبے اور شیلنگ کی زد میں شادی کی تقریب آئی، جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد شہید ہوئے جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے، جبکہ 65 افراد زخمی ہوئے۔
ہلال احمر کا کہنا ہے کہ اگر آزادانہ تحقیقات میں یہ ثابت ہوتا ہے کہ مقام پر کوئی جائز فوجی ہدف موجود نہیں تھا اور وہاں موجود افراد عام شہری تھے تو یہ حملہ بین الاقوامی قانون کے تحت جنگی جرم کے زمرے میں آ سکتا ہے۔
ایران نے آئی سی سی سے شواہد محفوظ کرنے اور واقعے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
روس خفیہ طور پر ایران کو جدید سپر سونک کروز میزائل تیار کرنے میں مدد دے رہا: برطانوی میڈیا
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روس خفیہ طور پر ایران کو جدید سپر سونک کروز میزائل تیار کرنے میں مدد دے رہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روس مبینہ طور پر کئی سال سے ایران کو جدید سپر سونک کروز میزائل تیار کرنے کے لئے ریم جیٹ ٹیکنالوجی فراہم کر رہا ہے، یہ روس کی جانب سے ایران کو حساس اسٹریٹجک عسکری ٹیکنالوجی کی منتقلی کے سب سے اہم معلوم واقعات میں سے ایک ہے۔
فنانشل ٹائمز کا دعویٰ ہے کہ اس پروگرام کا کوڈ نام C430L ہے اور یہ 2023 میں شروع ہوا تھا، اس میں روس کے انتہائی تجربہ کار میزائل ماہرین شامل ہیں، اس پروگرام کا مقصد ایران کو ایسا میزائل نظام تیار کرنے میں مدد دینا ہے جس کی مدد سے کروز میزائل آواز کی رفتار سے کئی گنا زیادہ رفتار سے پرواز کرسکیں۔
امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے دوران بھی یہ پروگرام جاری رہا، ریم جیٹ ٹیکنالوجی کو بحری جہازوں کے خلاف اور زمینی اہداف کو نشانہ بنانے والے کروز میزائلوں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔
سپر سونک کروز میزائل انتہائی تیز رفتار کے ساتھ کم بلندی پر پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس کی وجہ سے فضائی اور میزائل دفاعی نظاموں کو انہیں شناخت کرنے اور روکنے کے لیے بہت کم وقت ملتا ہے۔
خلیج میں یہ ٹیکنالوجی ایران کے لیے خاص طور پر اہم ثابت ہو سکتی ہے جہاں امریکا اور اس کے اتحادی جدید زمینی اور بحری دفاعی نظام تعینات کئے ہوئے ہیں۔
امریکی حملوں میں 19 افراد شہید، 108 زخمی ہوئے: ایرانی وزیر صحت کی تصدیق
ایران کے وزیر صحت محمد رضا ظفر قندی نے کہا ہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب مختلف صوبوں میں ہونے والے امریکی حملوں میں 19 افراد شہید اور 108 زخمی ہوئے ہیں۔
ایران کے وزیر صحت محمد رضا ظفر قندی نے کہا کہ حملوں کے دوران ایک خاتون اور ایک بچے سمیت 5 افراد شہید اور 65 زخمی ہوئے، یہ افراد ایک شادی کی تقریب میں شریک تھے، یہ 40 روزہ جنگ کے بعد ہونے والے امریکا کے شدید ترین حملوں میں سے ایک ہے۔
ہرمزگان یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے صدر پژمان شاہ روخی نے بتایا سیرک کے پہاڑی علاقے میں پیش آنے والے واقعے میں زخمی ہونے والے چھ افراد انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں جبکہ 26 سرجیکل وارڈز میں زیر علاج ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ خوزستان صوبے میں اہواز اور آغا جاری کے مختلف مقامات پر حملوں میں 7 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں ایک شخص کو عوامی سکیورٹی فورسز کے رکن کے طور پر شناخت کیا گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب نے بھی تصدیق کی ہے کہ صوبہ کرمانشاہ میں آئی آر جی سی کی ایرو سپیس فورس کے چار اہلکار شہید ہوئے ہیں، رپورٹس کے مطابق لاوان جزیرے پر امریکی حملے کے بعد بسیج فورسز کے تین اہلکار بھی شہید ہوئے ہیں۔
ایران اسرائیل کیساتھ دوبارہ جنگ سے پہلے امریکی اڈوں کو نشانہ بنا رہا: عالمی تجزیہ کار
عالمی عسکری تجزیہ کار نے کہا ہے کہ ایران اسرائیل کیساتھ دوبارہ جنگ سے پہلے امریکا کو خطے سے نکالنے کیلئے اس کے اڈوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
آسٹریا کے عسکری تجزیہ کار ٹام کوپر نے اسرائیلی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ایران کی پاسداران انقلاب کی جانب سے امریکی اڈوں، فوجی اثاثوں اور اتحادیوں کو نشانہ بنانے کی حکمت عملی کا مقصد ممکنہ طور پر اسرائیل کے ساتھ دوبارہ جنگ شروع ہونے سے پہلے امریکا کو خطے سے باہر نکالنا ہے۔
ایران آبنائے ہرمز اور خطے کے دیگر علاقوں میں امریکی اہداف کو نشانہ بنا کر کوشش کر رہا ہے کہ اس جنگ میں بڑے حریف یعنی امریکا کو میدان سے نکالا جاسکے اور اپنی فوجی طاقت کو اس وقت کے لیے محفوظ رکھا جا سکے جب اسرائیل دوبارہ ایران پر حملہ کرے۔
ایران امریکا کو اپنے سٹریٹجک ذخائر میں موجود کروز میزائلوں اور دفاعی میزائلوں کو ختم کرنے پر مجبور کرنے میں کامیاب ہو رہا ہے اور امریکا کی بڑے اور زیادہ مربوط حملے کرنے کی صلاحیت کم ہو رہی ہے۔
یہ صورتحال امریکا اور اسرائیل کے ساتھ ساتھ ان کے اتحادیوں کے لئے شرمندگی کا باعث بھی بن رہی ہے، کیونکہ وہ ایران پر چاہے جتنی بھی بمباری کرلیں ایران کی جوابی کارروائی کرنے کی صلاحیت کو ختم نہیں کر پا رہے۔
ایران جنگ میں شدت: عالمی معیشت کیلئے ایک اور بڑا خطرہ پیدا، مہنگائی کے خدشات بڑھنے لگے
ایران جنگ میں دوبارہ شدت نے عالمی معیشت کے لیے ایک اور بڑا خطرہ پیدا کر دیا ہے، جنگ کے باعث تیل اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے سے امریکا سمیت دنیا بھر میں مہنگائی کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔
امریکی حکومت پہلے ہی 40 کھرب ڈالر کے قرضوں کے بوجھ تلے ہے، جبکہ امریکی 10 سالہ ٹریژری بانڈ کی شرح منافع تین سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق شرح منافع بڑھنے سے حکومت، کاروبار اور صارفین کے لیے قرض مہنگا ملے گا جس سے معیشت اور اسٹاک مارکیٹ پر دباؤ بڑھ سکتا ہے، جرمنی، برطانیہ اور جاپان میں بھی سرکاری بانڈز کی شرح منافع میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کا خدشہ ہے کہ اگر جنگ طویل ہوئی تو مہنگائی، بلند شرح سود اور کمزور معاشی نمو ایک ایسے منفی چکر کو جنم دے سکتے ہیں جس سے عالمی معیشت مزید متاثر ہوگی۔
ایران پر ایک اور حملے کیلئے تیار، نئی مہم زیادہ دیر تک جاری نہیں رہے گی: صدر ٹرمپ
امریکی صدر کا ایران پر مزید حملوں کا اشارہ دیتے ہوئے آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول کا دعویٰ کردیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر ایک اور حملے کیلئے تیار ہیں، ایران کے خلاف نئی مہم زیادہ دیر تک جاری نہیں رہے گی۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی رجیم وقت کے ساتھ کمزور ہوتی جارہی ہے، ہم ایران میں حیرت انگیز نتائج حاصل کررہے ہیں، ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے، ایران ریڈار اور میزائل سسٹم دوبارہ بنانے کی کوشش کررہا تھا۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ایران کی ہر سرگرمی پر ہماری گہری نظر ہے، ایرانی عوام جلد اپنی حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے، ایرانی عوام اپنی حکومت کا مزید جبر برداشت نہیں کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں 65 ہزار مظاہرین ہلاک ہو چکے، ایران مظاہرین کو آنکھوں کے درمیان گولی مارتا ہے۔
ایران کے جوابی حملے: بحرین، اردن، یو اے ای، کویت میں امریکی اڈوں، ریڈار نظام کو نشانہ بنایا
ایران کے بحرین، اردن، یو اے ای اور کویت میں امریکی اڈوں پر جوابی حملے کئے۔
پاسداران انقلاب نے متعدد امریکی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کر دیا، ڈرونز سے امارات کے الظفرہ اور المنہاد اڈوں پر حملہ کیا، ریڈار نظام اور امریکی فوجیوں کے تعیناتی کے مقامات کو نشانہ بنایا گیا، بحرین کے شیخ عیسیٰ اڈے پر بھی ریڈار تنصیبات پر حملے کئے۔
پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کویت میں امریکی اڈے علی السالم پر کمانڈ سینٹر پر میزائل اور ڈرون داغے گئے، حملے میں متعدد امریکی فوجی ہلاک ہوئے، ڈرون ہینگر کو نشانہ بنا کر متعدد امریکی ڈرونز تباہ کردیئے۔
پاسداران انقلاب نے بیان میں کہا حملے بے گناہ شہریوں اور شادی کی تقریب کو نشانہ بنائے جانے کے ردعمل میں کئے گئے۔
ایران نے 3 لاکھ 82 ہزار لیٹر لیجانے والا بحری جہاز قبضے میں لے لیا، 11 غیر ملکی گرفتار
ایرانی بارڈر گارڈز نے شمالی خلیج فارس میں بڑی کارروائی کی۔
ایرانی بارڈر گارڈ نے شمالی خلیج میں 3 لاکھ 82 ہزار لیٹر سمگل شدہ ایندھن لے جانے والے ایک بحری جہاز کو قبضے میں لے لیا ہے اور اس پر سوار عملے کے 11 غیر ملکی ارکان کو حراست میں لے لیا ہے۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد کی شہریت کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
سینٹ کام نے سیرک میں ایرانی شہریوں کو نشانہ بنانے کی سختی سے تردید کر دی
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے جنوبی ایران کے علاقے سیرک میں شادی کی تقریب پر امریکی حملے کے حوالے سے ایرانی میڈیا کی رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے شہریوں کو نشانہ بنانے کی سختی سے تردید کی ہے۔
ایرانی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ سیریک میں امریکی فضائی حملے میں ایک شادی کی تقریب کو نشانہ بنایا گیا جس میں کم از کم 4 افراد شہید ہوئے۔
اس کے جواب میں خبر رساں ادارے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی سینٹ کام نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
سینٹ کام نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاسداران انقلاب کے برعکس، امریکی فوج کبھی بھی عام شہریوں کو اپنا ہدف نہیں بناتی۔
ایرانی بارڈر گارڈز نے سمگل شدہ ایندھن لے جانے والا بحری جہاز قبضے میں لے لیا
ایرانی بارڈر گارڈز نے شمالی خلیج فارس میں کارروائی کرتے ہوئے سمگل شدہ ایندھن لے جانے والے ایک بحری جہاز کو قبضے میں لے لیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی بارڈر گارڈز کی کارروائی کی زد میں آنے والے بحری جہاز پر 3 لاکھ 82 ہزار لیٹر سمگل شدہ ایندھن لے جایا جا رہا تھا، جہاز پر سوار عملے کے 11 غیر ملکی ارکان کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد کی شہریت کے حوالے سے تاحال کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔
ایران نے ابنائے ہرمز سے بغیر قواعد گزرنے والے مزید 11 بحری جہازوں کو بلیک لسٹ کر دیا
ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے کے اپنے مقررہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے مزید 11 بحری جہازوں کو بلیک لسٹ کردیا ہے۔
ایرانی حکومت کی جانب سے قائم کردہ پرشین گلف اسٹریٹ اتھارٹی کی ویب سائٹ کے مطابق بلیک لسٹ کیے گئے بحری جہازوں کی تعداد 56 ہوگئی ہے جنہیں آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش پر جرمانے، ضبطی یا حراست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایران نے 24 اگست کو 45 آئل ٹینکرز کو بلیک لسٹ کیا تھا اور خبردار کیا تھا کہ مقررہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ایرانی کرنسی کی قدر میں تاریخی گراوٹ، ایک امریکی ڈالر 22 لاکھ ریال کا ہو گیا
ایرانی کرنسی کی قدر میں تاریخی گراوٹ، ایک امریکی ڈالر 22 لاکھ ایرانی ریال کا ہو گیا۔
عراقی خبررساں ایجنسی شفق نیوز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 2 لاکھ 20 ہزار تومان سے تجاوز کر گیا ہے جبکہ محض دو روز قبل یہ 2 لاکھ 10 ہزار تومان پر ٹریڈ کر رہا تھا۔
مارکیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق امریکی ڈالر تقریباً 2 لاکھ 20 ہزار 300 تومان، یورو 2 لاکھ 55 ہزار تومان کے قریب اور برطانوی پاؤنڈ تقریباً 2 لاکھ 97 ہزار تومان پر فروخت ہو رہا ہے۔
ایران کے مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی نے گزشتہ روز بیان دیا تھا کہ ایران کے پاس غیر ملکی زرمبادلہ کے خاطر خواہ ذخائر موجود ہیں اور وہ مارکیٹ کے اس تیزی اور اتار چڑھاؤ پر قابو پانے کے لئے 2 ارب ڈالر تک مارکیٹ میں لانے کے لیے تیار ہیں۔
ایران کی نئی حکمت عملی امریکی مفادات کی بنیادیں ہلا دے گی: محسن رضائی
ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کو جلد ایران کی نئی حکمت عملی کا سامنا کرنا پڑے گا، جو امریکی مفادات کی بنیادیں ہلا دے گی۔
محسن رضائی نے کہا کہ مسلط کردہ جنگ کو بچانے کے لیے امریکا کی مایوس کن کوششیں ناکام ہوں گی۔
ایرانی عہدیدار کے مطابق ایران کی نئی حکمت عملی کا مقصد خطے میں امریکی موجودگی کا خاتمہ کرنا ہے۔
انہوں نے امریکا کو خبردار کیا کہ آنے والے دنوں میں اسے ایران کی جانب سے نئی حکمت عملی کا سامنا ہوگا۔
ایران جوہری ہتھیار سے دو ہفتے دور تھا، اس لیے اسے تباہ کردیا، ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے سے صرف دو ہفتے دور تھا، اسی لیے امریکا نے ایران کی جوہری صلاحیت کو تباہ کردیا۔
سوشل میڈیا پر بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران کو ایٹمی ہتھیار رکھنے دیے جاتے تو وہ اسے استعمال کرچکا ہوتا۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکا ایران جنگ میں ’’حیرت انگیز نتائج‘‘ حاصل کررہا ہے۔
سعودی آئل ٹینکر پر ایرانی حملے میں عملے کے دو ارکان جاں بحق ہوئے: وزارت خارجہ
سعودی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں سعودی آئل ٹینکر پر حملے کے نتیجے میں عملے کے دو ارکان جاں بحق ہوگئے۔ سعودی عرب نے واقعے کا الزام ایران پر عائد کیا ہے۔
سعودی حکام کے مطابق متاثرہ بحری جہاز ایس آئی ڈی آر (SIDR) تھا، جسے 31 اگست کو آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ جہاز پر سوار دو فلپائنی اہلکار جان سے گئے۔
دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکرز مقررہ راستے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے۔
ایران نے حملہ کیا تو اسرائیل بھرپور طاقت سے جواب دے گا: اسرائیل کاٹز
اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا تو اسرائیل بھرپور طاقت کے ساتھ جوابی کارروائی کرے گا۔
اسرائیلی وزیر دفاع کے مطابق اسرائیلی فوج یہودیوں کے اہم مذہبی تہواروں کے دوران ایران کی جانب سے ممکنہ حملے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، یہ مذہبی تہوار ستمبر کے وسط میں شروع ہونے والے ہیں۔
اسرائیل کاٹز نے کہا کہ ایران اس وقت خطے میں مختلف مقامات کو نشانہ بنا رہا ہے، تاہم اسرائیل کو بھی ممکنہ ایرانی حملے کا خدشہ ہے اور فوج دفاعی و جارحانہ کارروائی کے لیے تیار ہے۔
امید ہے امریکا ایران مذاکرات کی طرف واپس آئیں گے: دفترِ خارجہ
دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو مردہ یا غیرمؤثر قرار دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، امن کا فریم ورک موجود ہے، پاکستان پُر امید ہے کہ امریکا و ایران بالآخر مذاکرات کی طرف واپس آئیں گے۔
ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ امریکا ایران حالیہ کشیدگی کے باوجود پاکستان مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے مسئلے کے حل کیلئے پُرامید ہے۔
ترجمان نے کہا کہ موجودہ کشیدگی تشویش ناک اور ناپسندیدہ ہے، تاہم پاکستان امن عمل سے مایوس نہیں۔
طاہر اندرابی کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کشیدگی کو پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی ناکامی قرار نہیں دیا جا سکتا، امریکا ایران تنازع کے حل کیلئے پاکستان مکمل خلوص کے ساتھ امن عمل میں مصروف ہے۔
اقوام متحدہ کا فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ معاہدوں اور جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں، تمام فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں۔
اپنے بیان میں کہنا تھا کہ معاہدوں اور بین الاقوامی قانون کا احترام یقینی بنایا جائے،خطے کو مزید کشیدگی سے بچانے کیلئے فوری اقدامات ضروری ہیں۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ منصفانہ اور پائیدار امن کے لئے مذاکرات کی جانب بڑھنا ہوگا، مذاکرات اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قراردادوں کے مطابق ہونے چاہئیں۔
ایران دشمن کو پچھتانے پر مجبور کر دے گا: ابراہیم عزیزی
ایرانی پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا ہے کہ امریکا نے شادی میں شریک بے گناہ خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا۔
اپنے بیان میں ابراہیم عزیزی کا کہنا تھا کہ ایران کی سخت جوابی کارروائی سے کسی کو تحفظ نہیں مل سکے گا، انسانی حقوق کے نام نہاد دعویداروں نے ایک بار پھر اپنی بے حسی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا گزشتہ ردعمل محض دھمکی یا انتباہ نہیں بلکہ ایک باضابطہ پیغام تھا، ایران دشمن کو پچھتانے پر مجبور کر دے گا، شادی کی تقریب پر حملے کا جواب بھی ضرور دیا جائے گا۔
ایرانی پاسداران کے سینئر عہدیدار کی عرب ممالک کو امریکی فوجی انخلاء کی دھمکی
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے سیاسی نائب جنرل یداللّٰہ جوانی نے عرب ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے ممالک سے امریکی افواج کو نکال دیں، بصورتِ دیگر انہیں شدید فوجی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق جنرل یداللّٰہ جوانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایرانی فوج نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ایران پر حملوں کیلئے استعمال ہونے والے کسی بھی اڈے یا مقام کے خلاف فیصلہ کن جوابی کارروائی کر سکتی ہے۔
جنرل یداللّٰہ جوانی نے بالخصوص کویت، بحرین اور اردن کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ان ممالک میں موجود ایسے مقامات، جہاں سے ایران کے خلاف حملوں کیلئے کارروائیاں کی جاتی ہیں، ایرانی جوابی حملوں کی زد میں آ سکتے ہیں۔
امریکی حملوں کے جواب میں ایران کی شدید جوابی کارروائی کی دھمکی
امریکی حملوں کے جواب میں ایران نے شدید جوابی کارروائی کی دھمکی دے دی۔
ایرانی مسلح افواج اور خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر کی جانب سے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ سیستان، بلوچستان اور ہرمزگان پر امریکا نے حملے کئے، امریکی فضائی حملوں کے جواب میں بھرپور اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ خطے میں امریکی فوج کی کارروائیاں جاری رہیں تو امریکا کو مزید بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا، ایران اپنے عوام کے حقوق پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
ایران کوئی بے معنی معاہدہ کر بھی لے تو مجھے کوئی پرواہ نہیں: ٹرمپ
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹروتھ پر اپنے بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے دباؤ ڈالنے کی کوشش نہیں کر رہے، ایران کوئی بے وقعت معاہدہ کر بھی لے تو مجھے اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے موجودہ صورتحال زیادہ پسند ہے، آبنائے ہرمز پر ہمارا مکمل کنٹرول ہے، ایران کی معیشت تباہی کی طرف جا رہی ہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران اپنے ناگزیر انجام کو ٹالنے کی کوشش کر رہا ہے، ایرانی عوام آخر کب کھڑے ہوں گے اورلڑیں گے؟
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید ایک فیصد اضافہ
لندن: (دنیا نیوز) امریکا اور ایران کے درمیان حملوں کے تبادلے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ابتدائی کاروبار کے دوران مزید ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
خبرایجنسی کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 87 سینٹ یعنی 0.92 فیصد اضافے کے بعد 95.52 ڈالرز فی بیرل ہوگئی۔
اس کے علاوہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹر میڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت بھی 80 سینٹ یعنی 0.89 فیصد بڑھ کر 91.02 ڈالرز فی بیرل پر پہنچ گئی۔
ایران کا امریکی حملوں کا جواب کئی گنا زیادہ شدت سے دینے کا اعلان
ایران نے امریکی کے تازہ حملوں کا جواب کئی گنا زیادہ شدت سے دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا ایران وحشیانہ جرائم کا بھرپور جواب دے گا، جرائم پر خاموشی اختیار کرنے والی حکومتیں غیر جانبدار نہیں، بربریت کو جواز فراہم کرنا جرم کو معمول بنانے کے مترادف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیرقانونی حملوں کو سیاسی مفاد کیلئے جائز نہیں کیا جانا چاہیے، جرائم کی مذمت اور انہیں معمول بنانے کے درمیان فرق ختم ہو رہا ہے۔
ایئر ڈیفنس نے فضائی حدود میں داخل ہونے والے میزائلوں کو ناکام بنا دیا: اردن
اردن کی فوج نے کہا ہے کہ اردن کے ایئر ڈیفنس نے فضائی حدود میں داخل ہونے والے میزائلوں کو ناکام بنا دیا۔
اردنی فوج کے مطابق اردن کی فضائی حدود میں 13 بیلسٹک میزائل داخل ہوئے، 10 کو فضا میں تباہ کر دیا، 3 بیلسٹک میزائل آبادی سے دور مقامات پر گرے۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ اردن میں امریکی تنصیبات پر ایرانی حملے میں جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔
واضح رہے کہ پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ حملے میں متعدد امریکی فوجی ہلاک ہوئے جبکہ کیمپ میں موجود کئی تنصیبات اور دشمن کے حملہ آور ہیلی کاپٹرز بھی تباہ کر دیئے گئے۔
روسی صدر پیوٹن کا امریکا کیخلاف جنگ میں ایران کی حمایت کا اعلان
روسی صدر پیوٹن نے امریکا کے خلاف جنگ میں ایران کی حمایت کا اعلان کردیا۔
روسی صدر پیوٹن نے بشکیک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا روس مشکل حالات میں ایران کو ضروری مدد فراہم کر رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون جاری ہے، ماسکو تہران کے ساتھ اپنے رابطے اور تعاون جاری رکھے گا۔
پیوٹن نے امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والی 60 روزہ جنگ بندی کے خاتمے پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا یہ جنگ بندی پائیدار ثابت نہ ہو سکی۔
صدر پیوٹن نے کہا یوکرین کے صدر زیلنسکی کی روسی فضائی حدود بند کرنے کی دھمکی ریاستی دہشت گردی ہے، ماسکو اس کا جواب دے گا، یوکرین کے توانائی مراکز پر بڑے حملوں کی تیاری کر رہے ہیں، یقین ہے روسی افواج فتح حاصل کر لیں گی۔
انہوں نے کہا کہ روسی افواج نے اگست میں ڈونیسک ریجن کا 270 مربع کلو میٹر علاقہ قبضے میں لیا، یوکرینی فوج کی ایک بڑی تعداد کو گھیر لیا گیا ہے، کوئی امریکی نمائندہ مثبت پیش رفت لانے میں کامیاب ہوتا ہے تو ماسکو کو اعتراض نہیں، یوکرین پر کوئی بھی بات چیت ٹھوس ہونی چاہئے۔
پیوٹن نے کہا کہ نئی پیشرفت پیدا کی جاسکے تو ماسکو یوکرین تنازع پر ٹھوس مذاکرات کیلئے تیار ہے تاہم دہشت گردوں سے مذاکرات ممکن نہیں، یقین ہے دشمن بکھرتا رہے گا، روسی افواج فتح حاصل کرلیں گی، روس کیلئے اصل چیلنج ڈرون ہیں، ماسکو ان سے نمٹ رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ روس اور امریکا کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان رابطے ہمیشہ سے موجود رہے ہیں اور اس وقت بھی جاری ہیں، انتہائی مشکل ادوار میں بھی خفیہ اداروں کے رابطے مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے تھے۔
جوابی کارروائی میں امریکی فوج کے ایم کیو نائن ڈرون کو نشانہ بنایا گیا: پاسداران انقلاب
پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ امریکا کے خلاف جوابی کارروائی میں امریکی فوج کے ایم کیو نائن ڈرون کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا کہ امریکا کے ان نئے حملوں نے آبنائے ہرمز کے محاصرے کو مزید سخت کر دیا ہے اور اس آبنائے میں مداخلت کرنے والی غیر ملکی افواج کو کچلنے کے لیے پاسدارانِ انقلاب کے عزم کو تقویت بخشی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی ایران کے علاقوں پر امریکہ کے متعدد فضائی حملوں کے ایک گھنٹے بعد ایرانی عسکری ذرائع نے اردن میں موجود امریکی اڈوں پر میزائل داغے جانے کا اعلان کیا اور ان حملوں سے منسوب تصاویر جاری کیں۔
ایرانی پارلیمنٹ سپیکر کی شہریوں سے پٹرول کی کھپت کم کرنے کی اپیل
امریکی بحری ناکہ بندی کے باعث پٹرول کی درآمد میں مشکلات کا سامنا ہے جس کے بعد ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے شہریوں سے پٹرول کے استعمال میں کمی اور ایندھن بچانے کی اپیل کی ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے ٹی وی خطاب میں کہا پٹرول کی زیادہ کھپت کی کچھ ذمہ داری صنعتی شعبے پر بھی عائد ہوتی ہے تاہم موجودہ صورتحال میں ملک میں ایندھن کی بچت ناگزیر ہے۔
باقر قالیباف نے کہا کہ اگر پٹرول مناسب طریقے سے استعمال کیا جائے تو ایران اپنی مقامی پیداوار سے ضروریات پوری کر سکتا ہے، امریکا نے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز بند کئے جانے کے جواب میں ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز خلیجی ممالک سے عالمی منڈی تک تیل اور گیس کی ترسیل کا اہم راستہ ہے، واشنگٹن نے ایران پر نئی اور وسیع اقتصادی پابندیاں بھی عائد کی ہیں۔
جنگ اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث عوام پر بڑھتے معاشی دباؤ کے پیش نظر قالیباف نے اعلان کیا کہ حکومت الیکٹرانک غذائی سبسڈی پروگرام کے لئے مزید فنڈز مختص کرے گی۔
ایران کے جوابی حملے، اردن میں امریکی اڈے کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کا دعویٰ
ایران نے خطے میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائلوں اور ڈرون سے جوابی حملے کر دیئے، اردن میں امریکی اڈے کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی فوج نے بحرین میں امریکی اڈے کو بڑے پیمانے پر ڈرون سے نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ اردن نے فضائی حدود میں داخل ہونے والے میزائلوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اردن کی فضائی حدود میں13 بیلسٹک میزائل داخل ہوئے،10 کو فضا میں ہی تباہ کردیا، 3 بیلسٹک میزائل آبادی سے دور مقامات پر گرے۔
پاسداران انقلاب نے اردن میں بڑی تعداد میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ امریکا کو اپنے نئے حملوں پر پچھتاوا ہوگا۔
امریکا کا ایران پر پھر حملہ، شادی کی تقریب پر بمباری، 4 افراد شہید، 30 سے زائد زخمی
امریکا نے ایران پر ایک بار پھر حملہ کر دیا، ایرانی ٹی وی کے مطابق بندر عباس، قشم جزیرے اور آبنائے ہرمز کے قریب دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
ایرانی علاقے سیرک کے قریب شادی کی تقریب پر امریکی حملے میں 4 افراد شہید جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق قشم جزیرے کے ماسان گاؤں کے قریب 5 سے زائد دھماکے ہوئے، آبنائے ہرمز کے قریب مزید 4 دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ جنوبی بندرگاہی شہر بندرعباس کے مشرق میں بھی دھماکے ہوئے، امریکی فورسز نے جنوب مشرقی ایران میں جیرفت ایئرپورٹ پر بھی حملہ کیا۔
ڈپٹی گورنر کے مطابق سیرک کے قریب شادی کی تقریب پرامریکی حملے میں میں 2 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔
امریکی فوج کے مطابق ایران میں پاسدارانِ انقلاب کے ٹھکانوں پر حملے کئے ہیں۔
ایران پر حملے اردن میں ہمارے فوجی اڈے پر حملوں کا جواب ہیں: صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران پر حملے اردن میں ہمارے فوجی اڈے پر میزائل حملوں کا جواب ہیں، آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی اہداف پر طاقتور حملے کر رہے ہیں۔
ایران پر حملوں کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز میں اس وقت کوئی بارودی سرنگ موجود نہیں، آبنائے ہرمز میں تمام بارودی سرنگوں کو مکمل طور پر تباہ کردیا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اردن میں امریکی اڈے پر ایران کے داغے گئے 8 میزائلوں کو کامیابی سے تباہ کیا، ایران نے امریکا کی کارروائی پر جوابی ردعمل دیا تو پہلے سے زیادہ سخت حملہ ہوگا۔
امریکی صدر کا مزید کہنا ہے کہ ہماری جانب سے سب سے بڑا حملہ ابھی باقی ہے، بڑا حملہ کرنا پڑا تو اس کے بعد ایران کا بہت ہی کم حصہ باقی بچے گا۔
امریکا کا ایران میں پاسداران انقلاب کے ٹھکانوں پر حملہ، قشم اور آبنائے ہرمز میں دھماکے
امریکی فورسز نے ایران میں پاسداران انقلاب کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے حملے شروع کردیے ہیں۔
امریکی سینٹ کام کے مطابق کارروائی پاسداران انقلاب کی جانب سے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر حملوں کی کوشش کے بعد کی گئی۔
سینٹ کام کا کہنا ہے کہ ایران میں پاسداران انقلاب کے اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ کارروائی امریکی اڈوں اور تجارتی جہازوں پر حملوں کے جواب میں کی گئی۔
دوسری جانب ایرانی ٹی وی کے مطابق قشم جزیرے میں 5 دھماکے سنے گئے، جبکہ آبنائے ہرمز کے قریب بھی 4 دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ عرب میڈیا کے مطابق قشم جزیرے اور بندرعباس میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق قشم کے گاؤں ماسن میں بھی 5 دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول، امریکا جہازوں کو غلط ضمانتیں دے رہا ہے: ایران
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول رکھتا ہے اور امریکا جہازوں کو آبنائے کے جنوبی راستے سے گزرنے کی غلط ضمانتیں دے رہا ہے۔
ایرانی خبر رساں اداروں کی جانب سے جاری ویڈیو پیغام میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایرانی فورسز آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کو گزارنے کی امریکی کوششوں کی مزاحمت کر رہی ہیں۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ دشمن کچھ جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزارنے میں کامیاب ہوا ہے، تاہم ان کے بقول ایرانی فورسز اب بھی آبنائے پر مکمل کنٹرول رکھتی ہیں اور اسے کھولنے کی اجازت نہیں دیں گی۔
قالیباف نے کہا کہ امریکا جہازوں کو جنوبی راستے سے آبنائے ہرمز عبور کرنے کی یقین دہانیاں کرا رہا ہے، لیکن یہ غلط ضمانتیں ہیں اور جو جہاز اس راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہے ہیں انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے الزام عائد کیا کہ امریکا مفاہمت کی یادداشت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے کو استعمال کرنا چاہتا ہے، تاہم ایران ایسا نہیں ہونے دے گا۔
امریکا جھوٹ کو صنعت بنا چکا، من گھڑت دعوے بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے: ایران
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکا پر ایران کے خلاف من گھڑت دعوے بطور ہتھیار استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کو انسانی جانوں کی کوئی قدر نہیں۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ امریکا میں جھوٹ بولنا ایک صنعت بن چکا ہے اور واشنگٹن لالچ کا عادی ہوچکا ہے۔
ایرانی ترجمان نے کہا کہ امریکا نے مذاکرات کو حکم دینے کے مترادف سمجھ لیا ہے، تاہم ایران اس طرز عمل کو کسی صورت قبول نہیں کرے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی افواج ہر بار کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیں گی۔
ٹرمپ نے ایران پر ایٹمی حملے کا سوال احمقانہ قرار دے کر مسترد کردیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کے امکان سے متعلق سوال کو ’’احمقانہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی فوج پہلے ہی مکمل طور پر شکست خوردہ ہے، اس لیے جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی کوئی وجہ نہیں۔
صحافی نے ٹرمپ سے سوال کیا کہ کیا انہوں نے ایران کے خلاف ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کا آپشن خارج کردیا ہے؟ امریکی صدر نے جواب دیا کہ ’’میں کبھی ایسا نہیں کہوں گا، لیکن جواب ہاں ہے، اس کی کوئی وجہ نہیں۔‘‘
ٹرمپ نے کہا کہ ایران مکمل طور پر فوجی شکست سے دوچار ہے، تو پھر اسے شکست دینے کے بعد اس پر ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ انہوں نے سوال کو ’’احمقانہ‘‘ قرار دیتے ہوئے صحافی پر سخت ردعمل دیا۔
آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کی آمدورفت کی آزادی برقرار رہنی چاہیے: کایا کالاس
سربراہ یورپی یونین خارجہ پالیسی کایا کالاس نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کی آمدورفت کی آزادی برقرار رہنی چاہیے
اپنے بیان میں کایا کالاس کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی پر ٹولز یا فیس عائد نہیں ہونی چاہیے، آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کی آمدورفت کی آزادی برقرار رہنی چاہیے، پہلے سے کھلے راستوں پر نئے ٹولز عائد نہیں ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے معاملے پر سفارتی کوششیں جاری ہیں، سفارتی کوششیں تاحال کسی نتیجے تک نہیں پہنچ سکیں۔
اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب اہم قدم ہے: وزیراعظم شہباز شریف
بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے علاقائی بحران کے دوران امن کیلئے موثر کردار ادا کیا، پاکستان کی سفارتی کوششیں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط تک پہنچیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب اہم قدم ہے، پاکستان کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانے کا حامی ہے، عالمی اداروں کو اعلانات کو عملی اقدامات میں بدلنا ہوگا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غزہ اور مغربی کنارے میں انسانی المیہ ناقابلِ تصور مصائب کا باعث ہے، عالمی برادری فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کا احترام کرے، جنوبی ایشیا پائیدار امن کے بغیر اپنی مکمل صلاحیت حاصل نہیں کر سکتا۔
امریکا اسلام آباد ایم او یو پر عمل کرے تو ایران بھی تیار ہے: ایرانی صدر
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر عمل کرے تو ایران بھی تیار ہے۔
رائٹرز نے ایران کی خبر ایجنسی ایسنا کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ جون میں طے پانے والے عبوری معاہدے کے تحت اپنے وعدوں کی پاسداری کرتا ہے تو ایران فوری طور پر اس کا مثبت جواب دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر امریکی صدر کے دستخط موجود تھے، تاہم اس دستاویز سے امریکہ کی وابستگی دو ہفتوں سے بھی کم عرصے تک برقرار رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی، شہباز شریف نے یقین دلایا کہ مکہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے، کسی ملک کے خلاف نہیں، معاہدے کا مقصد امن اور سلامتی یقینی بنانا ہے۔
ایرانی صدر نے ثالثی کے عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک متحد ہوں تو اسرائیل آسانی سے حملہ آور نہیں ہوگا، مسلم ممالک باہمی ڈائیلاگ اور تعاون سے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
مسعود پزشکیان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کا معاہدہ مسلم دنیا میں اتحاد مضبوط کرنے کی جانب قدم ہے، دیگر علاقائی و مسلم ممالک بھی شامل ہو کر مختلف میدانوں میں تعاون بڑھائیں گے۔
اسحاق ڈار کی عباس عراقچی سے ملاقات، باہمی امور پر تبادلہ خیال
بشکیک میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ایس سی او کے سربراہ اجلاس کے موقع پر ہوئی، ملاقات میں وزرائے خارجہ نے باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
قبل ازیں وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور بیلاروس کے وزیر خارجہ کی بھی ملاقات ہوئی، جس میں باہمی تعلقات، خطے کی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ
لندن: (دنیا نیوز) امریکا اور ایران کے درمیان دوبارہ کشیدگی بڑھنے کے باعث خام تیل پیدا کرنے والے خطے سے سپلائی متاثر ہونے کے خدشات بڑھ گئے۔
برینٹ خام تیل کے فی بیرل نرخ میں 56 سینٹ یعنی 0.6 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد قیمت 91.05 ڈالرز فی بیرل ہوگئی ہے۔
ویسٹ ٹیکساس انٹر میڈیٹ خام تیل کی قیمت 83 سینٹ یعنی ایک فیصد اضافے کے بعد 86.59 ڈالرز فی بیرل پر پہنچ گئی۔
یورپی یونین واشنگٹن کے غیر قانونی اقدامات میں شریک بن چکی ہے: اسماعیل بقائی
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے یورپی یونین کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی یونین اپنی خودمختاری، قوانین اور اقدار امریکا کے پاس گروی رکھوا چکی ہے۔
اپنے بیان میں اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ یورپی یونین ایران کے خلاف یکطرفہ پابندیوں کی حمایت کر رہی ہے، 1996 میں یورپی یونین نے امریکی پابندیوں کے خلاف اپنی خودمختاری کا دفاع کیا تھا، آج یورپی یونین واشنگٹن کے غیر قانونی اقدامات میں شریک بن چکی ہے، یورپی یونین کا امریکی معاشی دباؤ کی حمایت کرنا عالمی قانون کی سنگین خلاف ہے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ یورپی یونین علاقائی استحکام کی بات کرنے کی اہل نہیں رہی، یورپی یونین کا مؤقف اخلاقی زوال اور سیاسی نااہلی کا ثبوت ہے۔
ایران تیل و گیس کی ترسیل میں خلل ڈالنے کیلئے کچھ بھی کرنے کو تیار ہے: جے ڈی وینس
فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ ایران کی قیادت پاگل ہے، ایرانی جنگی اقدامات میں کوئی واضح سٹریٹجک حکمت عملی نظر نہیں آتی۔
انہوں نے کہا کہ اندازہ تھا کہ ایران امریکی مفادات کو نشانہ بنائے گا، ایران کی جانب سے اپنے اتحادیوں کو بھی نشانہ بنانا ہمارے لئے حیران کن ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ سکاٹ بیسنٹ کا کہنا ہے کہ سخت اقتصادی پابندیوں نے ایران کو معاشی بحران میں مبتلا کر دیا، معاشی دباؤ کے باعث ایران جوابی حملے کر رہا ہے، امریکی پابندیوں کا مقصد ایران کو مذاکرات کی میز پر لانا ہے۔
آبنائے ہرمز سے گزرنے والے سعودی آئل ٹینکر کو روک لیا گیا: ایرانی میڈیا
ایرانی پاسداران انقلاب سے وابستہ خبر رساں ادارے فارس نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی آئل ٹینکر ’سیڈر‘ کو آبنائے ہرمز میں روک دیا گیا۔
فارس کے مطابق سعودی ٹینکر آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے سے گزر رہا تھا کہ اسے اچانک روک دیا گیا جبکہ جہاز کی جانب سے خودکار شناختی نظام بھی اچانک فعال کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ٹینکر میں 20 لاکھ بیرل تک تیل لے جانے کی گنجائش ہے۔
دوسری جانب برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے بھی ایک آئل ٹینکر اور فوجی فورسز سے متعلق واقعے کی اطلاع موصول ہونے کی تصدیق کی ہے تاہم فارس نے یہ واضح نہیں کیا کہ برطانوی تصدیق کا واقعہ اسی سعودی ٹینکر سے متعلق ہے یا نہیں۔
ٹرمپ کی مقبولیت کی شرح سیاسی کیریئر کی کم ترین سطح پر
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت کی شرح ان کے سیاسی کیریئر کی کم ترین سطح 33 فیصد تک گر گئی۔
رائٹرز اور اپسوس کی تازہ سروے رپورٹ کے مطابق آزاد ووٹرز میں سے 36 فیصد کا کہنا ہے کہ وہ وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹکس کو ووٹ دیں گے جبکہ 22 فیصد کا کہنا ہے کہ وہ ریپبلکن امیدوار کو ووٹ دیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایران جنگ اور معاشی پالیسیاں ٹرمپ کی مقبولیت میں کمی کی بڑی وجوہات ہیں، 71 فیصد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مہنگائی اور روزمرہ اخراجات سے نمٹنے کے طریقۂ کار سے ناخوش ہیں۔
دوسری جانب نومبر مڈ ٹرم انتخابات سے پہلے ٹرمپ کی گرتی مقبولیت پر ڈیموکریٹس خوش ہیں۔
ایران کی حملوں کیلئے سرزمین دینے والے ممالک کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی
ایران کی مسلح افواج کے جنرل سٹاف نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے خلاف کسی حملے کے لیے خطے کے ممالک کی سرزمین استعمال کی گئی تو تہران ایسے حملوں کے ذرائع کو بھی نشانہ بنائے گا۔
جنرل سٹاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض علاقائی ممالک اپنے سابقہ مؤقف کے باوجود امریکا کو ایران کے خلاف کارروائیوں کے لئے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت دے رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران اپنے پڑوسی ممالک کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے، تاہم وہ ’کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کرے گا‘ اور ایسے اقدامات کا ’مزید سخت جواب‘ دے گا۔
ایرانی فوج کے مطابق گزشتہ رات کی جوابی کارروائیاں بھی اسی پالیسی کے تحت کی گئیں۔
ایران کا امریکا کے کسی بھی حملے کا جواب کئی گنا زیادہ شدت سے دینے کا اعلان
ایرانی حکام نے کہا ہے کہ امریکا کے کسی بھی حملے کا جواب کئی گنا زیادہ شدت سے دیا جائے گا۔
سینئر ایرانی حکام نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ لارک پر امریکی حملوں کے جواب میں ایران کی کارروائی نے ثابت کر دیا ہے کہ خطے میں کوئی بھی ہدف تہران کی پہنچ سے باہر نہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام نے بتایا کہ اگر ایران پر دوبارہ حملہ کیا گیا تو تہران سخت جواب دینے کے لئے تیار ہے۔
آبنائے ہرمز کے حوالے سے ایرانی ذرائع نے خبردار کیا کہ تہران کے مقرر کردہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے بحری جہازوں کے لیے صورتحال مزید خراب ہو جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران خطے میں کسی بھی ہدف تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ٹرمپ آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ بنانے کا خواب بھی نہیں دیکھ سکتے: ابوفضل شکارچی
ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ بنانے کا خواب بھی نہیں دیکھ سکتے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق ایران کی دفاعی امور سے متعلق ویب سائٹ سے گفتگو میں شکارجی نے کہا کہ ایران خطے میں امریکی موجودگی کی اجازت نہیں دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ ایران خطے سے امریکی افواج کے انخلا کے لئے پرعزم ہے۔
صدر ٹرمپ کی اردن میں فوجی اڈے پر کارروائی کے جواب میں ایران پر شدید حملوں کی دھمکی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اردن میں فوجی اڈے پر حملوں کے جواب میں ایران کو سخت ردعمل کی دھمکی دیدی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی میڈیا فاکس نیوز کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ ایران کے خلاف امریکی کارروائی انتہائی سخت ہوگی، امریکی صدر نے ایران کو ’ناکام ریاست‘ قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ ایران کے پاس مؤثر فوج موجود نہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی حکومت پولیس اور فوجیوں کو تنخواہیں ادا نہیں کر پا رہی، امریکی صدر نے ایران میں افراط زر 300 فیصد تک پہنچنے کا دعویٰ کر دیا۔
امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایران اس وقت شدید معاشی مشکلات اور دباؤ کا شکار ہے۔
خلیجی ریاستوں کو نشانہ بنانے کی ایرانی پالیسی ناکام ہو چکی: انور قرقاش
یو اے ای صدارتی مشیر انور قرقاش نے کہا کہ خلیجی ریاستوں کو نشانہ بنانے کی ایرانی پالیسی ناکام ہو چکی ہے۔
یو اے ای صدارتی مشیر انور قرقاش نے ایرانی حملے پر سخت ردعملمیں کہا کہ سیاسی حل کا آغاز کشیدگی میں کمی سے ہونا چاہئے، آبنائے ہرمز میں معمول کی بحری آمدورفت فوری بحال کی جائے۔
انور قرقاش نے مزید کہا کہ ایرانی حملہ ملکی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے، ایران کے خلاف جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
امریکی فوج نے آبنائے ہرمز میں ٹینکر کے بارودی سرنگ سے ٹکرانے کا دعویٰ مسترد کردیا
امریکی فوج نے آبنائے ہرمز میں ٹینکر کے بارودی سرنگ سے ٹکرانے کا دعویٰ مسترد کردیا۔
سینٹ کام نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں کسی جہاز کے بارودی سرنگ سے ٹکرانے کی تصدیق نہیں ہوئی، ٹینکر کے بارودی سرنگ سے ٹکرانے کا دعویٰ غلط معلومات پر مبنی ہے۔
سینٹ کام کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے، سینٹ کام کے مطابق دعویٰ تجارتی بحری جہاز رانی کو خوفزدہ کرنے کی مہم کا حصہ ہے۔
نیتن یاہو نے امریکا کو ایران کیخلاف جنگ میں دھکیلا: عباس عراقچی
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو ’’سانپ‘‘ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے امریکا کو ایران کے خلاف جنگ میں دھکیلا۔
عباس عراقچی نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ نیتن یاہو اسرائیلی عوام سے عبرانی زبان میں خطاب کرتے ہوئے اس بات پر فخر کرتے اور ہنستے ہیں کہ انہوں نے اسرائیل کے مفاد میں امریکا کو کس طرح اپنے مؤقف کا حامی بنایا، جبکہ انگریزی میں وہ عوامی سطح پر امریکی صدر کی قیادت کی تعریف کرتے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید دعویٰ کیا کہ نیتن یاہو نے امریکی انتظامیہ کو دھوکے میں رکھتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ میں شامل ہونے پر آمادہ کیا۔
ایرانی حملے کی مذمت، یو اے ای کا جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھنے کا اعلان
متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے المنہاد ایئر بیس پر ایران کے مبینہ ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یو اے ای کو جواب دینے کا مکمل حق حاصل ہے۔
اماراتی وزارت خارجہ کے مطابق ایرانی ڈرون حملہ کشیدگی میں خطرناک اضافہ اور متحدہ عرب امارات کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اماراتی فضائی دفاعی نظام نے ایران سے آنے والے ڈرون کو اماراتی سمندری حدود میں مار گرایا۔
واضح رہے کہ ایرانی فوج نے آج صبح متحدہ عرب امارات کے المنہاد ایئر بیس کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔
بشکیک میں ایرانی صدر اور انڈین وزیر اعظم کی ملاقات
کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات ہوئی ہے۔
چینی صدر شی جن پنگ، روسی صدر ولادیمیر پوتن، ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور ایک درجن سے زائد دیگر ممالک کے رہنما آج کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے دو روزہ سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔
روس، چین، انڈیا، پاکستان، ایران، بیلاروس اور وسطی ایشیا کے چار ممالک اس تنظیم کے رکن ہیں، جو اپنے قیام کی 25ویں سالگرہ منا رہی ہے۔
یہ اجلاس ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب روس کے یوکرین پر حملے کو ساڑھے چار سال جبکہ امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ کو چھ ماہ گزر چکے ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب کا آبنائے ہرمز میں امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ
ایرانی میڈیا نے پاسدارانِ انقلاب کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے اوپر ایک امریکی ’ایم کیو-9‘ ڈرون مار گرایا گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا ہے کہ ڈرون کو پاسدارانِ انقلاب کے جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ڈرون خلیج فارس کے پانیوں میں گر کر تباہ ہوا ہے۔
ایرانی فوج کا متحدہ عرب امارات میں امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک کارروائی کے دوران متحدہ عرب امارات میں المنہاد ائیر بیس پر امریکی ہیلی کاپٹروں اور فوجی اہلکاروں کی موجودگی کے مقام کو نشانہ بنایا ہے۔
ایرانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق یہ حملے گزشتہ رات امریکی فورسز کی جانب سے لارک جزیرے پر کیے گئے حملے کے جواب میں کیے گئے۔
واضح رہے کہ گذشتہ رات امریکی فورسز نے لارک جزیرے پر ایران کے دو میزائل لانچرز کو نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا تھا کہ اس نے جوابی کارروائی میں اردن میں دو امریکی اڈوں کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا ہے۔
ایرانی فوج کے بیان میں آخر میں لارک جزیرے کا ذکر بھی کیا گیا ہے، جو خلیج فارس میں ایران کے اہم ترین تیل برآمدی مراکز میں سے ایک ہے اور جہاں قائم ٹرمینلز سے ملک کی خام تیل کی برآمدات کا ایک بڑا حصہ کیا جاتا ہے۔
جنگ نہیں چاہتے، جارحیت پر خاموش بھی نہیں بیٹھیں گے: ایرانی صدر
ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران جنگ کی تلاش میں نہیں ہے، تاہم کسی بھی جارحیت کے سامنے ایران کبھی خاموش نہیں بیٹھے گا۔
ترکیہ کی خبر ایجنسی انادولو کے مطابق ایرانی صدر نے یہ بات ایران کے لارک جزیرے پر امریکا کے حملے کے بعد کہی ہے۔
کرغزستان میں ایک بین الاقوامی سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہونے سے قبل گفتگو کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران مستقبل میں ہونے والے کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دے گا، اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو ہم جارحین کو فیصلہ کن جواب دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں عدم استحکام اور بدامنی کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں اور یہ سب کے لیے مشکلات پیدا کرے گی۔
آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد سپر ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی
آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں 2 بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد ایک سپر ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث ٹینکر مکمل طور پر رک گیا۔
ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق ایرانی ٹینکر آبی گزرگاہ سے غیر قانونی طور پر گزرنے کی کوشش کر رہا تھا] جہاز اور عملے سے متعلق کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
اس حوالے سے پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ سکیورٹی قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے دیگر بحری جہازوں کو بھی اسی انجام کا سامنا کرنا پڑے گا، آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے مقررہ ضوابط پر عمل لازمی ہے۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کا کہنا ہے کہ امریکی افواج نے آبنائے ہرمز میں خطرہ بننے والی ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی مائن لیئنگ فورسز کے خلاف محدود اور انتہائی درست کارروائی کی ہے۔
سینٹ کام کے مطابق لارک جزیرے پر موجود ایرانی پاسداران انقلاب کی بارودی سرنگیں بچھانے والی فورسز آبنائے ہرمز میں فوری خطرہ بن رہی تھیں۔
امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ
امریکا کی جانب سے ایرانی جزیرے پر حملے اور تہران کی جانب سے جوابی کارروائی کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں ایک ڈالر فی بیرل سے زیادہ بڑھ گئیں۔
مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع چھٹے ماہ میں داخل ہونے کے ساتھ برینٹ خام تیل کی قیمت 1.08 ڈالر یا 1.23 فیصد اضافے کے بعد 89.18 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
دوسری جانب امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 92 سینٹ یا 1.10 فیصد اضافے کے بعد 84.32 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ صورتحال ایک بار پھر کشیدگی میں اضافے کے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔یہ صورتحال کتنی دیر برقرار رہے گی، اس بارے میں کچھ کہنا مشکل ہے، یہ چند دن بھی ہوسکتے ہیں اور کئی ہفتے بھی۔
واضح رہے کہ امریکا نے ایران کے جزیرے لارک پر فضائی حملہ کیا جس میں پاسداران انقلاب کے 2 راکٹ لانچرز تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ جزیرہ لارک پر امریکی حملے میں متعدد ایرانی اہلکار اور شہری شہید و زخمی ہوئے، بعد میں ایران نے لارک جزیرے پر حملے کے جواب میں قطر اور اردن میں تعینات امریکی فورسز پر حملہ کر دیا۔
ایران کے خارگ جزیرے کو مکمل تباہ کیا جارہا ہے: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کا خارگ جزیرہ تباہ کیا جارہا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری کردہ بیان کے ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ نے اے آئی سے بنی ویڈیو بھی جاری کی۔
اس فرضی ویڈیو میں ایران کی تیل تنصیبات کو تباہ ہوتا دکھایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کو امریکی فوج نے ایران کے لارک جزیرے پر فضائی حملہ کیا تھا۔
ایران امریکی حملے کا تباہ کن، تکلیف دہ اور سبق آموز جواب دے گا: ابراہیم عزیزی
ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا ہے کہ ایران امریکی حملے کا تباہ کن، تکلیف دہ اور سبق آموز جواب دے گا۔
اپنے بیان میں ابراہیم عزیزی نے کہا کہ جزیرہ لارک پر حملے کا جواب دینا ناگزیر ہے، ایران کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کرے گا، ایران کی قوتِ ارادی آزمانے کی کوشش امریکا اور اسرائیل دونوں کیلئے بھاری ثابت ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کسی بھی ممکنہ حملے کا جواب دینے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے اور ملک کی دفاعی و عسکری صلاحیتیں کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی اہلیت رکھتی ہیں۔
خیال رہے کہ ابراہیم عزیزی کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران اور امریکا کے درمیان خطے میں جاری کشیدگی کے باعث براہِ راست فوجی تصادم کا خطرہ بڑھ گیا ہے، اس سے قبل بھی عزیزی امریکا کے ساتھ مذاکرات اور خطے میں امریکی پالیسی پر سخت مؤقف اختیار کرچکے ہیں۔
ایران کی معاشی تنہائی کیلئے چین پر پابندیوں سمیت تمام آپشنز زیر غور ہیں، سکاٹ بیسنٹ
امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ امریکا رواں ہفتے ایران کے ایک اور بینک پر پابندیاں عائد کر سکتا ہے، ضرورت پڑی تو ایران کے خلاف امریکی مالیاتی طاقت استعمال کریں گے۔
امریکی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ گروپ 20 کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں چینی حکام سے ایران کے ساتھ تجارت پر بات ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ چین کے خلاف پابندیوں سمیت تمام آپشنز زیر غور ہیں، چین ایران کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور ایرانی تیل کا اہم خریدار ہے۔
ایران کے امریکی فوجی اڈوں، بحری جہازوں پر جوابی حملے
ایران نے لارک جزیرے پر حملے کے بعد قطر میں العدید ایئر بیس اور اردن میں 2 امریکی فوجی اڈوں اور خلیج میں بحری جہازوں پر جوابی حملے کر دیے۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فورسز کی جانب سے ایرانی جزیرے لارک پر حملے کے جواب میں اردن میں موجود 2 امریکی فوجی اڈوں کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے اردن میں کنگ حسین اور الازرق کے امریکی فوجی اڈوں کو میزائل حملوں کا ہدف بنایا، ایرانی حکام نے کارروائی کو لارک جزیرے پر امریکی حملے کا جواب قرار دیا ہے۔
امریکی ذرائع کے مطابق ایران سے داغے گئے تقریباً تمام میزائلوں کو فضا میں ہی روک لیا گیا اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا، امریکی حکام کے مطابق اردن میں موجود امریکی اور اتحادی دفاعی نظام نے آنے والے میزائلوں کو ناکام بنانے میں کردار ادا کیا۔
برطانوی میری ٹائم کا آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ٹینکر کو پروجیکٹائل نشانہ بنانے کا دعویٰ
برطانوی میری ٹائم ایجنسی یوکے ایم ٹی او نے کہا ہے کہ ہفتے کو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ایک ٹینکر کو کسی نامعلوم پروجیکٹائل کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
یو کے ایم ٹی او نے ایک ایڈوائزری نوٹ میں بتایا کہ یہ واقعہ عمان کے علاقے ’خصب‘ سے 12 ناٹیکل میل شمال میں پیش آیا۔
ایجنسی نے مزید واضح کیا کہ اس حملے کے نتیجے میں تاحال کسی قسم کے جانی نقصان یا ماحولیاتی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
ایران کیخلاف آپریشنز کو طول دینا خطرناک ہوسکتا ہے: امریکی فوجی افسر
امریکی فوج کے افسروں نے سیکرٹری دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر جاری فوجی آپریشنز کو مزید طول دینا خطرناک ہوسکتا ہے۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق اس اقدام سے امریکی سرزمین سمیت دنیا کے دیگر خطوں میں موجود خطرات سے نمٹنے کی امریکی عسکری صلاحیت کے کمزور ہونے کا شدید خطرہ ہے۔
اخبار کے مطابق سیکرٹری دفاع کے لئے تیار کی گئی ایک حالیہ خفیہ رپورٹ سے واقف ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ انتباہ آرمی، نیوی اور ایئر فورس کے سربراہان کے ساتھ ساتھ یورپ، ایشیا اور لاطینی امریکا میں امریکی آپریشنز کی نگرانی کرنے والے فور اسٹار کمانڈرز کی جانب سے دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس کا اظہار 14 اگست کو جاری ہونے والی خفیہ سیکرٹری آف ڈیفنس آرڈرز بک کے ایڈیشن میں کیا گیا، سیکرٹری آف ڈیفنس آرڈرز بک عام طور پر مہینے میں دو بار تیار کی جاتی ہے جس میں دنیا بھر میں امریکی جنگی جہازوں، طیاروں، اہلکاروں اور جنگی سازوسامان کی دستیابی کی تفصیلات درج ہوتی ہیں۔
یہ دستاویز فورسز کے حوالے سے امریکی صدر کی ترجیحات کی عکاسی کرتی ہے جن پر سیکرٹری دفاع عمل درآمد کراتے ہیں۔
امریکا، اسرائیل ایران کیخلاف مقاصد میں ناکام، اقتصادی دباؤ، نفسیاتی جنگ کی کوششیں
ایران کے پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا، اسرائیل اور ان کے اتحادی ایران کے خلاف براہ راست فوجی کارروائی میں اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
ایران کے پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس ادارے نے کہا کہ اب حکمت عملی تبدیل کرکے اقتصادی دباؤ، نفسیاتی جنگ اور اندرونی بے چینی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، آئی آر جی سی کے مطابق دشمن کا نیا مقصد قومی استحکام اور عوامی حوصلے کو کمزور کرنا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس مقصد کے لئے محدود حملوں، بحران کے نئے مراکز کو فعال کرنے، مالیاتی منڈیوں کو غیر مستحکم کرنے اور سکیورٹی کارروائیوں جیسے طریقے اختیار کیے جا رہے ہیں۔
ایران اس کا مقابلہ دشمن کی کمانڈ صلاحیت کو متاثر کرکے، معاونین کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی اور قومی اتحاد و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو ناکام بنا کر کرے گا۔
بیان میں ایران کی جانب سے 200 روزہ مزاحمت کا حوالہ بھی دیا گیا، ایران کے مطابق یہ عرصہ 28 فروری 2026 کو امریکا اور اسرائیل کی مشترکہ فوجی کارروائیوں کے آغاز سے شمار کیا جا رہا ہے، جن میں ایرانی جوہری تنصیبات سمیت مختلف مقامات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
لارک جزیرے پر امریکی حملے میں متعدد ایرانی فوجی و شہری شہید یا زخمی ہوئے ہیں: پاسداران انقلاب
ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق امریکا نے لارک جزیرے پر ڈرون حملہ کیا، جس متعلق ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ تہران اس کارروائی کا جواب اور ذمہ داروں کو اس کی سزا دے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ آبنائے ہرمز کے بین الاقوامی پانیوں میں موجود تمام بارودی سرنگیں یا تو دھماکے سے ختم کردی گئی ہیں یا نکال دی گئی ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر ایران نے نئی بارودی سرنگیں نصب کرنے کیلئے کوئی جہاز یا کشتی بھیجی تو اسے تباہ کر دیا جائے گا۔
امریکا کا ایران کے لارک جزیرے پر فضائی حملہ، 2 راکٹ لانچرز تباہ کرنے کا دعویٰ
ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق ایران کے لارک جزیرے کے قریب دھماکے کی آواز سنی گئی، فوری طور پر دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔
اس سے قبل امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے امریکی عہدیدار کے حوالے سے بتایا تھا کہ امریکی فورسز نے لارک جزیرے پر موجود ایرانی میزائل لانچرز کو نشانہ بنایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی حملے میں 2 لانچرز کو نشانہ بنایا گیا، جن کے بارے میں امریکی حکام کا کہنا تھا کہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب آبنائے ہرمز میں سمندری بارودی سرنگیں نصب کرنے والے راکٹ داغنے کی تیاری کر رہے تھے۔
خیال رہے کہ لارک جزیرہ آبنائے ہرمز کے قریب ایک اہم تزویراتی مقام ہے، اس لیے یہ واقعہ خطے میں بڑھتی ہوئی امریکا ایران کشیدگی کے تناظر میں اہم سمجھا جا رہا ہے۔
پابندیاں جاری رہیں تو ایران میں مہنگائی مزید بڑھ سکتی ہے: صدر مسعود پزشکیان
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ پابندیاں جاری رہیں تو ایران میں مہنگائی مزید بڑھ سکتی ہے۔
ایرانی صدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پابندیوں کے اثرات سے انکار کرنے والوں پر طنزیہ ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی برآمدات میں 25 سے 35 فیصد کمی ہوئی۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ درآمدات میں کمی برآمدات سے بھی زیادہ ہوئی ہے، پابندیوں کے اثرات معیشت سمجھنے والے بخوبی جانتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے دو ٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا تھا کہ ایران جنگ نہیں چاہتا لیکن ہر جارح کیخلاف پوری قوت سے کھڑا ہوگا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ کسی طاقت کیلئے ایرانی قوم کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنا ممکن نہیں، ایران نے جنگ شروع نہیں کی اور نہ ہی جنگ کا خواہاں ہے، خطے میں امن و استحکام قائم کرنا ہماری ترجیح ہے، عالمی امن اور استحکام کا آغاز خطے سے ہونا چاہئے۔
دشمن ایرانی فوج کی صلاحیتوں سے متعلق شدید غلط فہمی کا شکار ہے، شہرام ایرانی
ایرانی بحری فوج کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی نے کہا ہے کہ دشمن نے ایرانی عوام اور مسلح افواج کے عزم و ارادے کا انتہائی غلط اندازہ لگایا ہے۔
ایک بیان میں شہرام ایرانی نے کہا کہ دشمن ایرانی فوج کی صلاحیتوں کے بارے میں شدید غلط فہمی کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی بحریہ اپنے شہدا کے خون سے مزید قوت حاصل کرے گی اور مزید عزم و حوصلے اور پختہ ارادے کے ساتھ آگے بڑھتی رہے گی۔
اسرائیل نے ایران پر ایک بار پھر حملے کی دھمکی دیدی
اسرائیل نے ایران پر ایک بار پھر حملے کی دھمکی دے دی۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر توانائی ایلی کوہن نے اسرائیلی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے جوہری یا بیلسٹک میزائل بنائے تو ایران پر دوبارہ حملہ کریں گے۔
اسرائیلی وزیر کا کہنا تھا ایران امریکا سے معاہدہ کر بھی لے تو بھی جوہری ہتھیار بنانے پر ایران پر حملہ کریں گے، ایران جوہری پروگرام دوبارہ شروع کرنے کی غلطی دُہرائے گا تو نشانہ بنائیں گے۔
ایلی کوہن نے مزید کہا کہ اگر اسرائیل نے حملہ نہ کیا ہوتا تو ایران جوہری ہتھیار حاصل کر چکا ہوتا، امریکا و اسرائیل کے حملوں نے ایرانی جوہری پروگرام دو، چار سال پیچھے دھکیل دیا ہے۔
میناب سکول سانحہ ایران کے لیے کبھی نہ بھرنے والا زخم ہے: ایرانی وزیرِ خارجہ
ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے میناب سکول سانحے کو ملک کے لیے ایک دائمی زخم قرار دیتے ہوئے عوام اور جدید فنون کے شائقین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس واقعہ سے متاثرہ فن پاروں کی نمائش ضرور دیکھیں۔
انسٹاگرام پر جاری بیان میں عراقچی نے بتایا کہ انہوں نے ایک روز قبل نمائش کا دورہ کیا، ان تصویروں میں میناب کے بچوں کا درد اور معصومیت جھلکتی ہے، جہاں رنگ لفظوں کی جگہ بولتے ہیں اور کینوس وہ کچھ بیان کرتا ہے جو زبان میں نہیں کہا جا سکتا۔
عراقچی نے کہا کہ ان رنگوں اور تصویروں کے پیچھے ایران کے دشمنوں کی جانب سے اس سرزمین کے معصوم بچوں پر کیے گئے جرم کی تلخ یاد موجود ہے، یہ سانحہ نہ وقت کے ساتھ مٹ سکتا ہے اور نہ ہی سوگوار قوم کی یادداشت سے محو ہوگا۔
وزیرِ خارجہ کے مطابق فنکاروں نے اپنے کام کے ذریعے اس سانحے کی یاد کو محفوظ رکھنے اور متاثرین کے درد کو فراموش نہ ہونے دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال 28 فروری کو شجرۂ طیبہ پرائمری سکول کو میزائل حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا، جو ایران پر امریکی اسرائیلی جارحیت کے پہلے دن پیش آیا۔ حملے میں تقریباً 170 افراد جن میں طلبہ، اساتذہ اور والدین شامل تھے جاں بحق ہو گئے۔
مجتبیٰ خامنہ ای کی مسلم ممالک سے امریکا، اسرائیل کے خلاف متحد ہونے کی اپیل
ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے مشرقِ وسطیٰ میں جنگ شروع ہونے کے چھ ماہ مکمل ہونے کے موقع پر جاری کیے گئے ایک تحریری پیغام میں خطے کے مسلم ممالک سے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔
آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے تحریری پیغام میں کہا کہ اسلامی اقوام کے مسائل کا حل اتحادِ کلمہ، دوستی اور بھلائی کی راہ میں تعاون میں ہے، دشمن دنیا بھر کے مسلمانوں کے درمیان تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ مسلمانوں کو تقسیم کرنے والے کسی بھی اقدام سے گریز کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
امریکا اور اسرائیل کا حوالہ دیتے ہوئے بیان میں مزید کہا گیا کہ وہ مختلف نسلی، ثقافتی، سماجی، اقتصادی، سیاسی اور جغرافیائی اختلافات کو ایران اور کسی بھی دوسرے اسلامی ملک میں مسلم عوام کے درمیان اختلاف پیدا کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے خلیجی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے حقیقی دشمن کی شناخت کریں، وہ اپنے حقیقی دشمنوں کے منصوبوں کو سمجھیں اور اس کا مقابلہ کریں۔
آیت اللہ مجتبیٰ علی خامنہ ای نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل دوستی اور اتحاد کے دشمن ہیں، امریکا اور اسرائیل صرف ایران کے نہیں بلکہ ساری اسلامی دنیا کے دشمن ہیں۔
اس سے قبل ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے حکومت کو معاشی مشکلات سے نمٹنے کیلئے مؤثر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت ایسے بیانات دینے سے گریز کرے جن سے عوام میں مایوسی پھیلے، انہوں نے مشکل جنگی حالات میں ملک کے معاملات احسن طریقے سے چلانے پر ایرانی صدر اور حکومت کے دیگر ذمہ داران کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے مشکل جنگی حالات میں ملک کے معاملات کو بہتر انداز میں چلانے پر ایرانی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے تمام ملازمین اور منتظمین نے مشکل صورتحال میں اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔
دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ سپریم لیڈر کا حکومت اور ان کے لیے پیغام مسلسل حمایت کا اظہار ہے، انہوں نے ایرانی قوم اور قیادت کو یقین دہانی کرائی کہ مکمل اتحاد کے ساتھ ملک کی حفاظت کریں گے اور موجودہ حالات میں قومی یکجہتی برقرار رکھی جائے گی۔
امریکا کے وعدے پورے ہونے تک آبنائے ہرمز نہیں کھلے گی: ایران
ایران کے نائب وزیرِ خارجہ کاظم غریبآبادی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز اس وقت تک نہیں کھلے گی جب تک امریکہ اپنے وعدے پورے نہیں کرتا۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا کہ ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سے گزرنے کے انتظامات پر سمجھوتہ ہو چکا، تاہم راستہ کھولنے کا فیصلہ امریکی ذمہ داریوں کی تکمیل سے مشروط ہے۔
کاظم غریب آبادی کے مطابق امریکا کی جن ذمہ داریوں کا ذکر کیا جا رہا ہے، وہ اسلام آباد میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ کی شقوں سے متعلق ہیں، جن میں ایران پر فوجی حملوں کا مکمل خاتمہ اور ملک کی بحری ناکہ بندی کا اٹھایا جانا شامل ہے۔
یہ بیان تہران اور مسقط کے درمیان آبنائے ہرمز میں ایک نئے اور عارضی بحری راستے کے قیام پر ہونے والی بات چیت کے بعد سامنے آیا ہے۔
غریبآبادی اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ یہ نیا راستہ ریٹرن ہائی وے کی طرح کام کرے گا، جس کے تحت جہاز ایران کی طرف سے داخل ہوں گے اور عمان کی طرف سے باہر نکلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر بند ہے اور اگر کوئی جہاز گزرتا ہے تو وہ ایران کی اجازت اور ہم آہنگی کے بغیر ممکن نہیں، ایرانی مسلح افواج آبنائے ہرمز میں ہر حرکت سے مکمل طور پر باخبر ہیں اور امریکی دعوے کہ جہاز گزر رہے ہیں، کسی طور درست نہیں۔
اسلام آباد یادداشت پر عملدرآمد سے مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں: ایرانی صدر
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اندرونی اتحاد کے ساتھ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد سے ایران کو اپنے مسائل پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی اثنا کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ حکومت کا ماننا ہے کہ اگر اندرونی اتحاد کی بنیاد پر ہم اس مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کریں، جسے ملک کی عزت و وقار اور ترقی کی فکر رکھنے والے تمام افراد نے منظور کیا ہے، تو ہم ان مسائل پر قابو پا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد سے امریکا اور اسرائیل کو خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے سے روکا جا سکے گا، جبکہ خطے کے ممالک اتحاد اور تعاون کے ذریعے استحکام اور ترقی کی راہ پر آگے بڑھ سکیں گے۔
ایرانی صدر پزشکیان نے تہران کی جانب سے ایک متحد سیاسی مؤقف اختیار کرنے پر بھی زور دیا اور کہا کہ حکومت کے تینوں شعبوں کے سربراہان اور سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے درمیان رابطہ اور ہم آہنگی بہتر ہوئی ہے۔
پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران جنگ نہیں چاہتا، تاہم کسی بھی جارحیت کے خلاف پوری قوت سے کھڑا ہوگا، کوئی بھی طاقت ایرانی قوم کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں کر سکتی، ایران نے جنگ شروع نہیں کی اور نہ ہی وہ جنگ کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ تہران دھمکیوں اور دباؤ کے سامنے سر نہیں جھکائے گا، ایرانی قوم اپنے دفاع اور قومی خود مختاری کے تحفظ کیلئے متحد ہے، خطے میں امن و استحکام کا قیام ایران کی ترجیحات میں شامل ہے، عالمی امن اور پائیدار استحکام کا آغاز خطے سے ہونا چاہیے۔
ایرانی صدر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے قیام کیلئے مؤثر کردار ادا کیا جائے، تاکہ مزید تنازع سے بچا جاسکے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اعتراف کیا ہے کہ امریکی پابندیاں ملک کی معیشت کو نقصان پہنچا رہی ہیں، کچھ لوگ کہتے ہیں کہ پابندیوں کا بالکل کوئی اثر نہیں، ایسے لوگوں سے میں واقعی نہیں جانتا کہ کیا کہوں، ہم جنگ کی صورتِ حال میں ہیں اور ہمیں جنگ کے ان حالات کو قبول کرنا ہوگا۔
دشمن کوئی سٹریٹجک مقصد حاصل نہیں کرسکے: ایرانی آرمی چیف
ایرانی فوج کےکمانڈران چیف میجرجنرل امیرحاتمی نے کہا ہے کہ دشمن ایران کے خلاف کسی بھی سٹریٹجک مقصد کو حاصل نہیں کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ دشمنوں کے خلاف بھرپورطاقت کے ساتھ کھڑے ہیں، دشمن خود جانتا ہے ایرانی مسلح افواج اب بھی طاقت،عزم، جدت اور بہادری کے ساتھ ڈٹی ہوئی ہیں۔
ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل سید مجید ابن الرضا نے کہا ہے کہ دفاعی تیاریوں میں کسی قسم کا تعطل نہیں آئے گا، قومی اتحاد ایران کی مجموعی دفاعی طاقت کا اہم ترین عنصر ہے۔
امریکا میڈیا کے ذریعے توانائی مارکیٹ میں ہیرا پھیری کر رہا ہے، عباس عراقچی
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا ذرائع ابلاغ کے ذریعے توانائی کی عالمی مارکیٹ میں ہیرا پھیری کر رہا ہے اور جنگ کو طول دینے کیلئے توانائی کی منڈی پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔
اپنے بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ اسرائیل سے منسلک بعض عناصر موجودہ صورتحال کے حوالے سے امید افزا جائزے پیش کر رہے ہیں، تاہم جنگ کے حقیقی اثرات اور اس کے معاشی نتائج امریکی عوام بالخصوص صارفین کو برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق توانائی کی قیمتوں اور عالمی منڈی میں پیدا ہونے والی بے یقینی کے اثرات براہ راست عام صارفین تک پہنچ رہے ہیں، امریکا کی جانب سے توانائی کی مارکیٹ میں مداخلت کا مقصد جنگ کے دورانیے اور اس کے اثرات کو مزید بڑھانا ہے۔
عراقچی نے امریکی پالیسی اور میڈیا بیانیے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں حقائق کو سامنے لانے اور جنگ کے معاشی اثرات کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ کے حوالے سے پیش کیے جانے والے بعض دعووں کے برعکس اس کے مالی اور معاشی اثرات کا اصل بوجھ امریکی صارفین پر پڑ رہا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں جاری کشیدگی کے باعث توانائی کی عالمی منڈی میں قیمتوں اور رسد کے حوالے سے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔
ایران کا امریکا اسرائیل سے منسلک دہشتگرد گروپ کے 6 ارکان کی گرفتاری کا دعویٰ
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوب مشرقی ایران میں امریکا اور اسرائیل سے منسلک ایک مبینہ دہشتگرد گروپ کے 6 ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق گرفتار افراد تخریبی کارروائیوں کیلئے جنوب مشرقی ایران کے علاقے میں داخل ہوئے تھے، سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے تمام 6 افراد کو حراست میں لے لیا۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے امریکا اور اسرائیل سے روابط تھے اور وہ ملک میں تخریبی سرگرمیوں کیلئے کام کر رہے تھے۔
ایرانی حکام کی جانب سے گرفتار افراد کے خلاف عائد الزامات کی مزید تفصیلات یا ان کے مبینہ روابط کے شواہد فوری طور پر سامنے نہیں لائے گئے، تاہم یہ کہا گیا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔
مسلم ممالک سکیورٹی کیلئے بیرونی طاقتوں کی بجائے اپنی صلاحیتوں پر بھروسا کریں، قالیباف
ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف نے نئے علاقائی معاہدوں کو خطے میں ایک نئے دور کا آغاز قرار دیتے ہوئے مسلم ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سلامتی کیلئے بیرونی طاقتوں کے بجائے اپنی صلاحیتوں اور باہمی تعاون پر انحصار کریں۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی طاقتیں مسلم ممالک کو دیرپا اور پائیدار سکیورٹی فراہم نہیں کرسکتیں، اس لیے علاقائی سلامتی کا نظام مسلم ممالک کے باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں پر مبنی ہونا چاہیے۔
ایرانی سپیکر کے مطابق حالیہ واقعات نے مسلم ممالک کے اتحاد اور باہمی تعاون کے فوائد کو واضح کر دیا ہے، مسلم ممالک کے درمیان تعاون نے دشمن کی خطے میں بالادستی قائم کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
قالیباف نے کہا کہ نئے علاقائی معاہدے صرف سکیورٹی کے حوالے سے نہیں بلکہ خطے کے مستقبل کیلئے بھی اہم پیشرفت ہیں، مسلم ممالک کو مشترکہ مفادات، خودمختاری اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کیلئے باہمی روابط مزید مضبوط بنانے چاہئیں۔
ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کے ممالک اپنی اجتماعی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر ایک ایسا سکیورٹی نظام تشکیل دے سکتے ہیں جس میں بیرونی طاقتوں پر انحصار کم سے کم ہو۔
فنڈز میں تاخیر، اسرائیلی فوج کا ستمبر سے ریزرو فوج میں کٹوتیوں کا عندیہ
اسرائیلی وزارت خزانہ کی فنڈز منتقلی میں تاخیر پر اسرائیلی فوج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ستمبر سے ریزرو فوج میں کٹوتیوں کا عندیہ دے دیا۔
اسرائیلی فوجی حکام کے مطابق بجٹ بحران کے باعث اسرائیل کے انٹیلی جنس شعبے میں بھی کٹوتیوں کا امکان ہے، فنڈز کی تاخیر سے ایران کے خلاف اسرائیلی دفاعی تیاریوں کو نقصان کا خدشہ ہے۔
فوجی حکام کا کہنا ہے کہ بجٹ میں تاخیر کے باعث امریکا سے اسلحے کے معاہدے خطرے میں پڑنے کا بھی خدشہ ہے، ستمبر کے آغاز سے سخت اور فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔
یو ایس ایس ابراہم لنکن سے کودنے والے امریکی اہلکار کیخلاف کارروائی، اہلیہ کا ردعمل سامنے آ گیا
امریکی بحریہ کے طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن سے چھلانگ لگانے والے اہلکار کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق واقعے کے بعد نیوی اہلکار کے خلاف محکمانہ کارروائی جاری ہے، اہلکار کی اہلیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے شوہر نے متعدد مرتبہ چھٹی کی درخواستیں دیں، تاہم ان درخواستوں کو نظر انداز کیا گیا۔
امریکی نیوی اہلکار کی اہلیہ کے مطابق ان کا شوہر ذہنی صحت کے علاج سے گزر رہا تھا اور بچے کی پیدائش کے بعد بھی اسے مطلوبہ چھٹی نہیں دی گئی، ان کے شوہر کو سزا دینے کے بجائے مناسب ذہنی اور نفسیاتی مدد فراہم کی جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ ذہنی مدد کے محتاج اہلکار کے خلاف تادیبی کارروائی اس کیلئے مزید ذہنی دباؤ کا باعث بن سکتی ہے، شوہر کی ذہنی صحت کے مسائل کو سنجیدگی سے لینے اور اسے ضروری معاونت فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
ایران جنگ نہیں چاہتا، مگر ہر جارح کیخلاف پوری قوت سے کھڑا ہوگا: ایرانی صدر
اپنے بیان میں ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ کوئی بھی طاقت ایرانی قوم کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں کر سکتی، ایران نے جنگ شروع نہیں کی اور نہ ہی وہ جنگ کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ تہران دھمکیوں اور دباؤ کے سامنے سر نہیں جھکائے گا، ایرانی قوم اپنے دفاع اور قومی خود مختاری کے تحفظ کیلئے متحد ہے۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کا قیام ایران کی ترجیحات میں شامل ہے، عالمی امن اور پائیدار استحکام کا آغاز خطے سے ہونا چاہیے۔
ایرانی صدر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے قیام کیلئے مؤثر کردار ادا کیا جائے، تاکہ مزید تنازع سے بچا جاسکے۔
ایران کا دفاعی صلاحیتیں مزید مضبوط بنانے کا عمل جاری رکھنے کا اعلان
ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل سید مجید ابن الرضا نے کہا ہے کہ ملک کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کا عمل جاری رہے گا اور دفاعی تیاریوں میں کسی قسم کا تعطل نہیں آنے دیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزیر دفاع نے کہا کہ موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کیلئے ایران کی دفاعی صلاحیت میں مسلسل اضافہ ناگزیر ہے، ایرانی مسلح افواج مضبوط ایران کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گی۔
جنرل سید مجید ابن الرضا نے کہا کہ ایرانی نوجوان اور ماہر سائنسدان ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، جنہوں نے پابندیوں کے باوجود اہم اور جدید ٹیکنالوجیز تیار کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد ایران کی مجموعی دفاعی طاقت کا اہم ترین عنصر ہے۔ دفاعی شعبے سے وابستہ اہلکار اپنی ذمہ داریوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور ملک کی دفاعی طاقت میں اضافے کا عمل کبھی نہیں روکا جائے گا۔
ایرانی وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ ایران موجودہ حالات اور مستقبل کے ممکنہ خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی دفاعی تیاریوں اور صلاحیتوں کو مزید بہتر بناتا رہے گا۔
ایران جنگ، ٹرمپ کی ساکھ متاثر، مشرق وسطیٰ میں امریکی پوزیشن کمزور ہوئی: امریکی اخبار
امریکی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران کی حکومت اب بھی قائم ہے، آبنائے ہرمز بڑی حد تک بند ہے اور امریکا کے ہتھیاروں کے ذخائر بھی کم ہو رہے ہیں، جبکہ ملک کے اندر ووٹرز میں ٹرمپ کی ساکھ متاثر اور مشرق وسطیٰ میں امریکا کی پوزیشن کمزور ہوئی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ کو مختصر قرار دیا تھا، لیکن جنگ کے آغاز کے 6 ماہ بعد بھی اس کے خاتمے کے کوئی واضح آثار نظر نہیں آرہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنگ کے نتائج کو اپنے حق میں موڑنے کی امریکی صدر کی صلاحیت بھی شدید محدود دکھائی دیتی ہے۔
خاص طور پر جب ایرانی قیادت یہ جان چکی ہے کہ وہ شدید بمباری کا مقابلہ اور بارودی سرنگوں، ڈرونز جیسے کم لاگت ہتھیاروں کے ذریعے دنیا کی طاقتور ترین فوج کی صلاحیتوں کو بتدریج کمزور کرنے کی سکت رکھتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق طویل جنگ نے امریکی فوجی تیاریوں پر بھی دباؤ بڑھایا ہے جبکہ ٹرمپ کی عوامی مقبولیت میں کمی اور جنگ کے سیاسی اثرات بھی نمایاں ہو رہے ہیں۔
ایران کی میزائل اور ڈرون صلاحیتیں برقرار ہیں: ایرانی آرمی چیف
ایرانی آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ حالیہ جنگ کے دوران ایران کی میزائل اور ڈرون صلاحیتیں برقرار رہیں، دشمن نے ایران کی میزائل اور ڈرون صلاحیتوں کو تباہ کرنے کی بھرپور کوشش کی۔
امیر حاتمی نے کہا کہ ایرانی افواج نے آخری لمحات تک دشمن کے اہداف پر میزائل اور ڈرون حملے جاری رکھے، فضائی دفاع بھی پوری جنگ کے دوران فعال رہا، فضائی دفاع نے دشمن کے طیاروں کو شدید نقصان پہنچایا۔
ایرانی آرمی چیف نے کہا کہ دشمن کے ایرانی فوج کی تباہی کے دعوے بے بنیاد ہیں، دشمن جنگ میں اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے، مسلح افواج نے طاقت،تخلیقی صلاحیت اور حوصلے کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا، ایرانی افواج آئندہ بھی دشمن کے مقابلے میں مضبوطی سے کھڑی رہیں گی۔
آبنائے ہرمز میں اب بھی 400 جہاز پھنسے ہوئے ہیں, اقوام متحدہ
اقوام متحدہ کی میری ٹائم ایجنسی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز اور خلیج کے علاقے میں اب بھی تقریباً 400 بحری جہاز پھنسے ہوئے ہیں، جن پر لگ بھگ 6,000 ملاح سوار ہیں۔
میری ٹائم ایجنسی کے سیکریٹریی جنرل آرسینیو ڈومنگیز نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال ابھی حل نہیں ہوئی اور رکن ممالک و شپنگ انڈسٹری سے سمندری آمدورفت کی آزادی بحال کرنے کے لیے مزید سیاسی کوششوں کا مطالبہ کیا ہے۔
ایران کی صلاحیتیں ختم نہیں ہوئی ہیں: دمتری میدویدیف
روسی سلامتی کونسل کے نائب چیئرمین دمتری میدویدیف نے کہا ہے کہ امریکا ایران کو شکست دینے کا بارہا دعویٰ کرچکا ہے لیکن حقیقت برعکس ہے، حقیقت یہ ہے کہ ایران کی صلاحیتیں ختم نہیں ہوئی ہیں۔
دمتری میدویدیف نے کہا کہ ماضی میں بھی مغرب نے سوویت یونین کے خاتمے کے بعد خود کو فاتح سمجھنے کی غلطی کی تھی، موجودہ عالمی صورتحال ایک نئے عالمی نظام کی تشکیل کی متقاضی ہے۔
خاتون رکنِ کانگریس کا ایران جنگ پر امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ کے مواخذے کا مطالبہ
امریکی رکنِ کانگریس یاسمین انصاری نے ایران کے خلاف ٹرمپ انتظامیہ کی فوجی کارروائی پر شدید تنقید کرتے ہوئے وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ کے مواخذے کا مطالبہ کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں یاسمین انصاری نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران میں جنگ شروع کیے جانے کے گزشتہ 6 ماہ کے دوران امریکی فوجی حملے میں ایک سکول کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں 120 بچے شہید ہوئے جبکہ 18 امریکی فوجی بھی مارے گئے۔۔
انہوں نے کہا ہے کہ جنگ کے باعث امریکی شہریوں کو ریکارڈ بلند پیٹرول قیمتوں کا سامنا کرنا پڑا، دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے بیٹوں نے سرکاری معاہدے حاصل کرنے والی دفاعی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کر کے مسلسل منافع کمایا ہے۔
یاسمین انصاری کا کہنا ہے کہ نہ ڈونلڈ ٹرمپ اور نہ ہی پیٹ ہیگستھ ایران جنگ میں کوئی مقصد حاصل کر سکے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ فوجی اہلکاروں، بچوں اور بے گناہ شہریوں کی ہلاکتیں بے مقصد ہوئیں، اس لیے جنگ فوری ختم ہونی چاہئے اور وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ کا مواخذہ کیا جانا چاہئے۔
ایران کے خلاف امریکی ناکہ بندی برقرار ہے، سینٹ کام
امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ ایران کی بحری ناکہ بندی برقرار ہے، بحری جنگی جہاز یو ایس ایس جان پال جونز آبنائے ہرمز میں تعینات ہے۔
سینٹ کام کے مطابق فورسز نے 82 تجارتی بحری جہازوں کا رخ موڑا، فورسز نے 3 بحری جہاز ناکارہ بنائے، امریکی فورسز نے 2 بحری جہازوں کی تلاشی بھی لی۔
ایران نے امریکی اقتصادی پابندیوں کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دے دیا
ایران نے امریکا کی جانب سے عائد نئی اقتصادی پابندیوں کو ریاستی دہشت گردی اور انسانیت کے خلاف جرم قرار دے دیا۔
ایرانی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی پابندیوں میں شرکت غیر قانونی امریکی اقدامات میں معاونت کے مترادف ہے، لہٰذا تمام ممالک ایران کے خلاف امریکی پابندیوں پر عمل درآمد سے گریز کریں۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق نئی امریکی پابندیاں لاکھوں ایرانی شہریوں کی صحت اور روزگار کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
ایرانی صدرمسعود پزشکیان نے بھی کہا ہے کہ سعودی عرب، یواے ای سمیت خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران نے عبوری معاہدے کے نفاذ کے دوران تقریباً 9 کروڑ بیرل تیل فروخت کیا۔
اس سے قبل تہران میں انٹرنیشنل اسلامک یونٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نےکہا تھا کہ اسلامی ممالک کو خطےکی سلامتی خود سنبھالنی چاہیے اور ایک دوسرے کی سلامتی کو نقصان نہ پہنچانےکا عہد کرنا چاہیے۔
دوسری جانب ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے ملک میں قومی اتحاد اور سماجی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے ایسی تمام سرگرمیوں اور بیانات سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے جو عوامی حوصلے کو کمزور یا معاشرتی یکجہتی کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ہم ڈالر پر انحصار ختم کریں گے اور دشمن کے بیانیے کو قومی اتحاد سے شکست دیں گے۔
امریکی پابندیوں کے تسلسل سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے: ایرانی صدر
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکی پابندیوں کے تسلسل کی وجہ سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
ملکی صورتحال اور معاشی چیلنجز پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ دشمن کا ایران کو انتشار کا شکار کرنے کا اندازہ مکمل طور پر غلط نہیں تھا، عوام کی بھرپور شرکت اور رہبر انقلاب کی رہنمائی کے باعث دشمن کے منصوبے ناکام ہوئے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کی بنیاد پر فیصلہ کرنے والوں کا خیال تھا کہ ایران کو افراتفری کا شکار کیا جا سکتا ہے، محسن رضائی کی آمد سے سفارت کاری کے میدان میں نقطہ نظر مزید واضح ہوا۔
مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھنا ترجیح ہے، اسلامی ممالک کے ساتھ باہمی تعاون پیدا کرنا ناگزیر ہے، ایران نے اسلام آباد ایم او یو پر عمل درآمد کے دوران تقریباً 9 کروڑ بیرل تیل فروخت کیا۔
پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز کھلنے سے متعلق امریکی دعویٰ مسترد کر دیا
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز کھلنے سے متعلق امریکی دعویٰ مسترد کر دیا۔
ایک بیان میں پاسداران انقلاب نے کہا کہ ایرانی بحریہ کا آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول ہے، امریکی دعوے اپنی ناکامیوں کو چھپانے کی کوشش ہیں۔
ایرانی سپاہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی کارروائیوں کے خاتمے تک آبنائے ہرمز پر پابندیاں رہیں گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی وزیر خزانہ نے دعویٰ کیا تھا کہ گزشتہ 2 ہفتوں میں 130 ملین بیرل تیل آبنائے ہرمز سے لے جایا گیا ہے۔
امریکا نے ایران میں ان لوگوں کو مضبوط کیا جو سمجھتے ہیں ایران ایٹمی طاقت ہو، روس
روسی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی حملوں نے ایران میں ان لوگوں کو مضبوط کیا جو سمجھتے ہیں کہ ایران کو ایک ایٹمی طاقت ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور علی لاریجانی کے دور میں ایران کے ایٹمی طاقت ہونے کی یہ آوازیں معنی نہیں رکھتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ جنگ سے پہلے آبنائے ہرمز کھلی ہوئی تھی، لیکن اب ٹرانزٹ فیس کی بات ہو رہی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کہتے ہیں کہ وہ ایران سے بات کرنا چاہتے ہیں مگر اب وہاں بات کیلئے کوئی بچا ہی نہیں۔
ٹرمپ انتظامیہ کا ایران سے کاروبار پر مصری بینک پر پابندیاں عائد کرنے کا منصوبہ
ٹرمپ انتظامیہ نے ایران سے کاروبار پر مصری بینک کی یو اے ای برانچز پر پابندیاں عائد کرنے کا منصوبہ بنا لیا۔
امریکی حکام کے مطابق مصری بینک کی یو اے ای برانچز کو امریکی مالیاتی اداروں کے ذریعے لین دین کی اجازت نہیں ہوگی، ہانگ کانگ میں قائم ایک ادارے اور ایرانی بینک سے منسلک ایک شخص پر بھی پابندیاں عائد کر دیں۔
امریکی حکام کا مزید کہنا ہے کہ اقدامات کا مقصد ایران پر اقتصادی دباؤ بڑھانا ہے۔
لبنانی حکومت اسرائیل کو وہ سب کچھ دے رہی ہے جو وہ چاہتا ہے، سربراہ حزب اللہ
حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے لبنانی حکام پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنانی حکومت اسرائیل کو وہ سب کچھ دے رہی ہے جو وہ چاہتا ہے۔
اپنے بیان میں سربراہ حزب اللہ نے کہا کہ لبنانی حکام نے دشمن کو سب کچھ دے دیا، لبنانی حکام نے ایسا راستہ اپنایا جو ان کے اور لبنان کیلئے باعث عزت نہیں، لبنان اور اسرائیل کا معاہدہ اسرائیل کیلئے تحفہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ لبنان کی خودمختاری کو نقصان پہنچا رہا ہے، لبنانی حکومت مزاحمت کے ہتھیاروں کو نظر انداز کر رہی ہے، ہم نے گریٹر اسرائیل کا نام نہاد پروجیکٹ ناکام بنا دیا ہے۔
نعیم قاسم کا مزید کہنا تھا کہ آج دشمن جنوبی لبنان میں یہودی بستی قائم کرنے کی جرات نہیں کرسکتا، مزاحمت کی طاقت سے دشمن کے منصوبے ناکام ہوئے ہیں۔
یو اے ای سمیت خطے کے تمام ممالک سے افہام و تفہیم کیلئے تیار ہیں، ایرانی صدر
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ہم سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت خطے کے تمام ممالک سے افہام و تفہیم کیلئے تیار ہیں۔
ایک بیان میں ایرانی صدر نے کہا کہ ہم مزاحمت کر پائے ہیں تو اس کی وجہ اندرونی اتحاد اور یکجہتی ہے، معاشی مشکلات کے باوجود عوامی حمایت نے ہمیں ثابت قدم رکھا۔
صدر مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں، اسی اتحاد کی بدولت ہم مشکلات کا مقابلہ کر رہے ہیں، قومی یکجہتی ہی امریکی دباؤ کے مقابلے میں ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر کا حکومت کو ایران کی طاقت اور مزاحمت اجاگر کرنے کا حکم
جاری بیان میں ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ایسے بیانات نہ دیئے جائیں جو قوم کا حوصلہ کمزور کریں، اور ایسا کوئی اقدام نہ کیا جائے جو سماجی اتحاد کو نقصان پہنچائے۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے حکومت کو معاشی مشکلات سے نمٹنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی کمزوریوں کو نمایاں کرنے سے دشمن کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت مہنگائی، بے روزگاری اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سمیت معاشی مسائل حل کرے۔
امریکی فوج کا آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے صاف کرنے کا دعویٰ
امریکی فوج نے آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے صاف کرنے کا دعویٰ کر دیا۔
امریکی سینٹ کام کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر کا کہنا ہے آبنائے ہرمز بحری جہازوں کیلئے مکمل کھلی ہے، 1500 سے زائد جہازوں کو گزرنے میں مدد فراہم کی، بحری گزرگاہ سے آمد و رفت جنگ سے پہلے کی سطح کے قریب ہے۔
سینٹ کام کے سربراہ نے آپریشنل اپڈیٹ سے متعلق ویڈیو بھی جاری کی۔
ایرانی سپیکر باقر قالیباف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا آبنائے ہرمز صرف اسی صورت میں محفوظ ہوگی جب وہاں امریکی افواج موجود نہ ہوں، یا تو تمام ممالک تیل فروخت کریں گے یا پھر کوئی بھی تیل فروخت نہیں کرے گا۔
امریکا ایران تنازع کا واحد قابلِ عمل حل مذاکرات اور سفارت کاری ہے: چین
چین نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات اور سفارتی کوششوں کو واحد قابلِ عمل راستہ قرار دے دیا۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بیجنگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے معاملے پر مذاکرات ہی موجودہ کشیدگی سے نکلنے کا واحد قابلِ عمل راستہ ہیں۔
چینی ترجمان نے ایران کے خلاف امریکا کی جانب سے نئی اقتصادی پابندیوں کے تناظر میں کہا کہ چین غیر قانونی اور یکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے معاملے پر چین کا مؤقف واضح اور مستقل ہے، جبکہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے تمام فریقوں کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کرنا چاہیے۔
آبنائے ہرمز سے کسی جہاز کو بغیر اجازت گزرنے کی اجازت نہیں: ایران
ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا ہے کہ ایرانی مسلح افواج کی اجازت کے بغیر کوئی بھی جہاز آبنائے ہرمز سے گزر نہیں سکتا۔
ابراہیم عزیزی نے اپنے بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کو ایرانی حکام سے پیشگی اجازت حاصل کرنا ہوگی، جبکہ گزرگاہ کے استعمال کے لیے پاسداران انقلاب کی بحریہ سے رابطہ اور مقررہ طریقہ کار پر عمل بھی ضروری ہوگا۔
ایرانی حکام اس سے قبل بھی آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمدورفت کے لیے ایران سے منظور شدہ راستوں اور اجازت نامے کی شرط عائد کرچکے ہیں۔
ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو منظم کرنے کے لیے نیا طریقہ کار متعارف کرانے کی کوششیں بھی سامنے آچکی ہیں۔ ایرانی حکام کے مطابق اس نظام کا مقصد آبنائے سے گزرنے والے بحری جہازوں کی آمدورفت کو سکیورٹی تقاضوں کے تحت منظم کرنا ہے۔
امریکا کو سمجھنا ہوگا کہ دباؤ سے سفارتکاری بحال نہیں ہوسکتی: عباس عراقچی
ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ سفارت کاری کو دوبارہ درست سمت پر لانا ناممکن نہیں، تاہم امریکا کو سمجھنا ہوگا کہ یہ دباؤ کے نتیجے میں نہیں ہوگی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ قطری وزیراعظم و وزیر خارجہ سے تعمیری بات چیت ہوئی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا کو اعتماد قائم کرنا، احترام کے ساتھ بات چیت کرنا، ایران کے حقوق کو تسلیم کرنا اور اپنے وعدوں کی پاسداری کرنا ہوگی۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ سفارتکاری کی بحالی کے لیے امریکا کو دباؤ کے بجائے اعتماد اور احترام کی بنیاد پر آگے بڑھنا ہوگا۔
ایران نے امریکی پابندیوں کو ریاستی دہشتگردی قرار دے دیا
ایران نے امریکی معاشی اقدامات کو ریاستی دہشتگردی، غیرقانونی اور قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اپنی اقتصادی مہم کو ایرانی عوام کے خلاف بے رحم ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی پابندیاں لاکھوں ایرانی شہریوں کی صحت اور روزگار کو سنگین خطرے میں ڈال رہی ہیں۔
وزارت خارجہ کے مطابق امریکی پابندیوں میں شمولیت کسی ریاست کی غیرقانونی مرضی دوسروں پر مسلط کرنے کے جرم میں شرکت کے مترادف ہوگی۔
ایرانی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ امریکی پالیسیوں کے خلاف قانون کی عملداری برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
دشمن کو ایران کی تمام شرائط قبول کرنا ہوں گی: ابراہیم عزیزی
ایرانی پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے بیان دیا ہے کہ مخالفین تمام راستے آزما سکتے ہیں، دشمن جانتا ہے آخر کار اسے عظیم ایرانی قوم کے سامنے سرنڈر ہی کرنا ہوگا۔
ابراہیم عزیزی نے کہا ہے کہ دشمن کو ایران کی تمام شرائط قبول کرنا ہوں گی، تمام وعدے پورے کرنا ہی دشمن کے لیے بچ نکلنے کا واحد راستہ ہے۔
ایران کا امریکا کو دباؤ ختم کرکے سفارت کاری کی بحالی کا پیغام
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایکس پر بیان دیا ہے کہ قطری وزیراعظم سے تعمیری بات چیت ہوئی، سفارت کاری کو دوبارہ درست سمت میں لانا ناممکن نہیں ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا کو ایک بنیادی حقیقت سمجھنے کی ضرورت ہے کہ دباؤ کارگر نہیں ہوتا، امریکا اعتماد سازی کے لیے اقدامات کرے اور احترام کے ساتھ بات کرے۔
انہوں نے کہا کہ واشنگٹن کو ایران کے حقوق کو تسلیم کرنا چاہئے، امریکا کو اپنے وعدوں اور معاہدوں کی پاسداری کرنا چاہئے۔
امریکی سینیٹر مارک کیلی کی ایران جنگ کے حوالے سے ٹرمپ پر تنقید
امریکی سینیٹر مارک کیلی نے کہا ہے کہ ٹرمپ ایران تنازع سے نکلنے کی راہ تلاش کرنے میں مشکلات کا شکار ہیں، امریکی عوام ایران تنازع کی قیمت مہنگے پٹرول اور خوراک کی صورت میں ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے پاس ایران تنازع سے نمٹنے کے راستے محدود ہیں، ایران میں زمینی فوج بھیجنے سے ہزاروں امریکیوں کی جانیں جا سکتی ہیں، ایران سے مکمل طور پر پیچھے ہٹنا بھی ٹرمپ کے لیے ایک آپشن ہے۔
مارک کیلی نے کہا کہ اقتصادی دباؤ اور یورپ کے ساتھ دوبارہ اتحاد بہتر راستہ ہے، یورپ کے ساتھ امریکی اتحاد گزشتہ ڈیڑھ سال میں کمزور ہوا، موجودہ بحران خود ٹرمپ کا پیدا کردہ ہے۔
ایران کی ترکیہ میں امریکی صدر کو قتل کرنے کے منصوبے کی تردید
ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ترکیہ میں قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
حزب اللہ کے نزدیک سمجھے جانے والے ال منار نیٹ ورک کو دیے گئے ایک انٹرویو میں محسن رضائی کا کہنا تھا کہ دورہ ترکی کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کے منصوبے اور ٹرمپ کے چھوٹے بیٹے کو قتل کرنے کی افواہ اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے پھیلائی تھی۔
انٹرویو کے دوران محسن رضائی نے دعویٰ کیا کہ نیتن یاہو نے ایرانیوں کی جانب سے ٹرمپ کے قتل کی سازش کے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلا کر ٹرمپ کو خوفزدہ کر دیا ہے، جس سے ان کے فیصلہ سازی کے عمل میں خلل پڑا ہے۔
خیال رہے کہ ٹرمپ اس خبر کے خوف سے ترکیہ کے دورے کے دوران ایک فوڈ ٹرک کے کارکن کی طرح اِدھر اُدھر گھومتے رہے۔
محسن رضائی کا کہنا تھا کہ اگر ایران کوئی فیصلہ کرلے تو اس پر عمل درآمد کو کوئی چیز نہیں روک سکتی، لیکن یہ خبر محض نیتن یاہو کی گھڑی ہوئی کہانی ہے۔
یاد رہے کہ جولائی میں ترکیہ میں نیٹو سربراہی اجلاس سے واپسی پر ٹرمپ نے خفیہ طور پر متبادل طیارہ استعمال کیا تھا۔
ترکیہ سے واپسی پر انہوں نے میڈیا کے نمائندوں اور اور وائٹ ہاؤس کے بیشتر عملے کو صدارتی طیارے ایئر فورس ون پر سوار کروایا، جو کہ ایک فریب تھا۔
یہ ایک پیچیدہ چال تھی جس میں صدر ٹرمپ کو ایئرفورس ون پر سوار ہونے کے بعد ایک کیٹرنگ ٹرک کے ذریعے دوسرے طیارے میں منتقل کیا گیا اور بعدازاں لینڈنگ کے بعد انہیں دوبارہ اُسی طیارے پر سوار کروایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق یہ اقدام ایک انٹیلیجنس اطلاع کی بنیاد پر کیا گیا تھا، امریکی حکام کو خدشہ تھا کہ ایئر فورس ون کے خلاف ایرانی میزائل حملہ ہو سکتا ہے۔
بعد ازاں صدر ٹرمپ نے بھی اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں سیکریٹ سروس اور فوج کی ہدایات پر عمل کرتا ہوں، وہ چاہتے تھے کہ میں دوسری پرواز اور مختلف طیارے میں سفر کروں۔ مجھے وہی کرنا ہوتا ہے، جو وہ کہتے ہیں۔
ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے شرائط مقرر کرنے کا عندیہ دے دیا
ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے کہا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے شرائط کی ایک فہرست تیار کر رہا ہے، ثالثوں نے تہران سے ان شرائط کو واضح طور پر پیش کرنے کو کہا تھا، ان شرائط میں خطے میں جاری جنگ کا خاتمہ بھی شامل ہے۔
محسن رضائی نے مزید کہا کہ ایران نے عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز کے ذریعے بحری جہازوں کے لیے ایک مخصوص شپنگ کوریڈور پر اتفاق کیا ہے، اس راستے کا کچھ حصہ عمانی پانیوں اور کچھ حصہ ایرانی پانیوں میں ہوگا۔
انہوں نے المنار ٹی وی کو مترجم کے ذریعے دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ اگر امریکا ایران کی شرائط پوری کرتا ہے تو بحری جہاز آبنائے ہرمز میں مقررہ مرکزی بحری راستہ استعمال کر سکیں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے مذاکرات کی تردید کر دی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے مذاکرات کی تردید کردی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کہتے ہیں ایران سے کوئی بات چیت نہیں ہو رہی، امریکا نہ ہی تہران سے ملاقات کا ارادہ رکھتا ہے، تہران کیخلاف معاشی دباؤ مزید بڑھانے پر توجہ مرکوز ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران کیساتھ کاروبار کرنیوالے ممالک کیخلاف بھی کارروائی کرسکتا ہے، امریکا چینی بینکوں پر پابندیاں عائد نہیں کرے گا۔
امریکی صدر کا مزید کہنا ہے کہ روس کیخلاف کارروائی کا فیصلہ حالات پر منحصر ہوگا، روسی صدر پیوٹن نیٹو کے کسی رکن ملک پر حملہ نہیں کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی آئی اے ڈائریکٹر ریٹکلف نے روس کا دورہ کیا اور روسی ہم منصب سے ملاقات کی تاہم انہیں کوئی خصوصی پیغام پہنچانے کے لئے نہیں بھیجا گیا۔
آبنائے ہرمز میں کویتی آئل ٹینکر السلام ٹو پر حملہ، عملہ محفوظ
برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں کویتی آئل ٹینکر السلام ٹو کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
برطانوی میری ٹائم حکام کے مطابق حملے کے نتیجے میں ٹینکر میں پانی کی سطح سے اوپر کے حصے میں ایک چھوٹا سوراخ ہوگیا اور معمولی آگ بھڑک اٹھی، ٹینکر کے عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا، جبکہ واقعے میں کسی بھی شخص کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
حکام کے مطابق حملے کے بعد جہاز کی صورتحال قابو میں ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں، حملے میں استعمال ہونے والے نامعلوم پروجیکٹائل اور اس کے ذمہ دار کے بارے میں تاحال کوئی حتمی معلومات سامنے نہیں آسکیں۔
خیال رہے کہ آبنائے ہرمز خلیج فارس اور بحیرہ عمان کے درمیان ایک انتہائی اہم سمندری راستہ ہے، دنیا کی توانائی کی تجارت میں اس گزرگاہ کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے کیونکہ بڑی مقدار میں خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات کے ٹینکر روزانہ اسی راستے سے گزرتے ہیں۔
خطے میں جاری کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی سلامتی کے خدشات میں اضافہ ہوا ہے، حالیہ واقعات کے بعد سمندری حکام نے جہاز رانی سے وابستہ کمپنیوں اور عملے کو محتاط رہنے اور علاقے میں موجود خطرات پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
السلام ٹو پر حملہ بھی ایسے وقت میں ہوا ہے جب خلیج کے اہم سمندری راستوں میں تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت کو سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم تازہ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ایران کا امریکی اقتصادی پابندیوں کے خلاف اقوام متحدہ سے رجوع
ایران نے امریکی اقتصادی پابندیوں کے خلاف اقوام متحدہ سے رجوع کر لیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سیکرٹری جنرل یو این انتونیو گوتریس اور سلامتی کونسل کو خط لکھ دیا، خط میں کہا گیا امریکی اقدامات اقتصادی دہشت گردی کے مترادف ہیں، امریکا مختلف ممالک سے ایران کے اقتصادی تعلقات ختم کرانا چاہتا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ اقوام متحدہ یکطرفہ پابندیوں اور معاشی دباؤ کی مذمت کرے، پابندیوں سے بنیادی ضروریات تک ایرانی عوام کی رسائی متاثر ہوسکتی ہے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے امریکی پالیسی مذاق بن چکی، امریکا بحرین جیسے ملک کا سہارا لے کر ثابت کرنا چاہ رہا ہے کہ اس کا اتحاد کام کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بحرین اور ایران کے درمیان کوئی قابل ذکر اقتصادی تعلق موجود نہیں، واشنگٹن پہلے سے پابندیوں کے شکار ملک پر مزید پابندیاں لگا رہا ہے۔
یورپ کو اپنے دفاع کی زیادہ ذمہ داری خود سنبھالنا ہوگی، امریکا کا واضح پیغام
خبر ایجنسی کے مطابق ایلبرج کولبی نے اپنے بیان میں کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی اور سکیورٹی حالات کے تناظر میں نیٹو کو خود کو نئے حالات کے مطابق ڈھالنا ہوگا، امریکا یورپ میں اپنی فوجی موجودگی کا جامع جائزہ لے رہا ہے، تاہم یہ جائزہ صرف فوجی اڈوں اور امریکی فوجیوں کی تعیناتی تک محدود نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یورپ اب بھی امریکا کیلئے انتہائی اہم خطہ ہے، تاہم یورپی ممالک کو اپنے دفاع کی زیادہ ذمہ داری خود سنبھالنا ہوگی، امریکا یورپ کے دفاع میں یورپی قیادت کو مزید مضبوط دیکھنا چاہتا ہے تاکہ یورپی اتحادی اپنی سلامتی کیلئے زیادہ مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
ایلبرج کولبی کا کہنا تھا کہ یورپ میں امریکی فوجی موجودگی کا جائزہ لیتے ہوئے نیٹو اتحادیوں سے مشاورت ضروری ہے، واشنگٹن کا مقصد اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایسا دفاعی ڈھانچہ تشکیل دینا ہے جو موجودہ اور مستقبل کے سکیورٹی چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرسکے۔
خیال رہے کہ امریکی فوجی پالیسی میں یہ جائزہ ایسے وقت میں اہمیت اختیار کرگیا ہے جب نیٹو اتحادیوں پر اپنے دفاعی اخراجات اور یورپی سلامتی میں زیادہ ذمہ داری ادا کرنے کیلئے دباؤ بڑھ رہا ہے، امریکا طویل عرصے سے یورپی ممالک پر زور دیتا آیا ہے کہ وہ دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کریں اور براعظم کے دفاع میں واشنگٹن پر انحصار کم کریں۔
کولبی کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ امریکا یورپ سے اپنی وابستگی ختم کرنے کے بجائے خطے میں اپنی فوجی موجودگی اور ذمہ داریوں کو نئے تقاضوں کے مطابق ترتیب دینے پر غور کر رہا ہے۔
تاہم حتمی پالیسی اور امریکی فوجیوں کی تعیناتی میں ممکنہ تبدیلیوں کا انحصار جاری جائزے اور نیٹو اتحادیوں سے مشاورت پر ہوگا۔
امریکی طیارہ بردار جہاز تھیوڈور روز ویلٹ مشرق وسطیٰ بھیجنے کا فیصلہ
امریکی طیارہ بردار جہاز تھیوڈور روزویلٹ مشرق وسطیٰ بھیجنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق تھیوڈور روزویلٹ کی مشرق وسطیٰ میں کم از کم سات ماہ تعیناتی متوقع ہے، تھیوڈور روزویلٹ 5 ہزار اہلکاروں کے ساتھ آنے والے ہفتوں میں روانہ ہوگا۔
امریکی حکام نے بتایا کہ عملے کو آٹھ ماہ کی تعیناتی کی منصوبہ بندی کی ہدایت کی گئی ہے، تھیوڈور روز ویلٹ کی تعیناتی یو ایس ایس جارج واشنگٹن کی جگہ ہوگی۔
امریکی میڈیا نے مزید کہا کہ امریکی طیارہ بردار جہازوں کی خطے میں طویل تعیناتیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
پابندیوں کے باوجود تیل کی عالمی منڈیوں تک ترسیل جاری ہے، ایرانی وزیر پٹرولیم
ایران کے وزیر پٹرولیم محسن پاک نژاد نے کہا ہے کہ پابندیوں کے باوجود تیل کی عالمی منڈیوں تک ترسیل جاری ہے۔
ایران کے وزیر پیٹرولیم محسن پاک نژاد نے کہا ہے کہ دور دراز سمندری علاقوں میں صارفین تک ایران کے تیل کی ترسیل جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تیل کی فروخت میں کمی ضرور آئی، تاہم سرگرمیاں مکمل معطل نہیں ہوئیں، تیل کی ترسیل سے متعلق تفصیلات دشمن کو فائدہ پہنچا سکتی ہیں۔
اسرائیلی فوج کو فنڈز کی کمی کا سامنا، جنگی تیاری متاثر ہونے کا اعتراف
خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج کے چیف آف سٹاف ایال زامیر نے کہا ہے کہ بجٹ بحران اسرائیلی فوج کی جنگی تیاری کو نقصان پہنچا رہا ہے، اسرائیلی فوج کو تقریباً 40 ارب شیکل کے بجٹ خسارے کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلسل فوجی آپریشنز اور ریزرو ڈیوٹی اخراجات سے بجٹ خسارہ بڑھا، تمام محاذوں پر سرگرمی کے باوجود اسرائیلی فوج کو فنڈز کی کمی کا سامنا ہے۔
صیہونی فوج کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ بجٹ کے موجودہ بحران کے باعث اسرائیلی فوج کے آپریشنل پروگرام بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
امریکا نے کارروائی کی تو ایسا نقصان دیں گے جو تاریخ میں یاد رہے گا، محسن رضائی
ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے کہا ہے کہ امریکا نے کارروائی کی تو ایسا نقصان دیں گے جو تاریخ میں یاد رہے گا۔
محسن رضائی نے کہا کہ ایران کیخلاف جارحیت پر امریکی مفادات کو نشانہ بنائیں گے، ایران کو امریکا پر اعتماد نہیں، واشنگٹن مذاکرات میں دھوکا دے چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز امریکا کی شرائط پر دوبارہ نہیں کھلے گی، ایران کی شرائط پوری ہونے کے بعد ہی آبنائے ہرمز کھولی جائے گی۔
ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری کا مزید کہنا تھا کہ امریکا پہلے ایران کی شرائط پوری کرنے کیلئے عملی اقدامات کرے۔
ایرانی صدر کی اسلامی ممالک کے درمیان عدم جارحیت کے معاہدے کی تجویز
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خطے کے اسلامی ممالک کے درمیان عدم جارحیت کے معاہدے کی تجویز پیش کردی ہے۔
تہران میں اسلامی اتحاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران ہمسایہ ممالک کے ساتھ مشترکہ سکیورٹی انتظامات کے لیے تیار ہے۔ اگر اسلامی ممالک کے درمیان کوئی تنازع ہو تو اسے خود باہمی طور پر حل کرنا چاہیے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ تہران یہ پیشکش کمزوری کی وجہ سے نہیں بلکہ جنگ سے حاصل ہونے والے تجربے کی بنیاد پر کر رہا ہے۔
مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران کا دفاع کرنا مسلم ممالک کے ساتھ دشمنی کے مترادف نہیں۔ اسلامی ممالک کو ایک دوسرے کے خلاف حملوں کے لیے پلیٹ فارم بننے سے گریز کرنا چاہیے۔
ایرانی صدر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے اسلامی ممالک کے درمیان تعاون اور مشترکہ سکیورٹی انتظامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ایران کیساتھ فی الحال کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے: ترجمان وائٹ ہاؤس
وائٹ ہاؤس نے واضح کیا ہے کہ اس وقت امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے یا کسی نئے معاہدے کے لیے براہِ راست مذاکرات نہیں ہو رہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے فوکس نیوز کو انٹرویو میں کہا کہ فی الحال دونوں ممالک کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے اور یہ صورتحال اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ محسوس نہ ہو کہ ایران بامعنی مذاکرات کے لیے سنجیدگی سے میز پر آنے کو تیار ہے۔
کیرولین لیویٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کی اولین ترجیح یہ ہے کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے بعد امریکا نے اب اقتصادی دباؤ بڑھانے پر توجہ مرکوز کرلی ہے، تاہم صدر ٹرمپ کے پاس فوجی کارروائی سمیت تمام آپشنز اب بھی موجود ہیں۔
وائٹ ہاؤس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب قطر امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی راستہ بحال کرنے کے لیے سرگرم ہے، قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے جمعرات کو تہران کا دورہ کیا اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔
قطری وزیراعظم کا دورہ تہران، آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بحال کرنے پر بات چیت
قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی سرکاری دورے پر تہران پہنچے، جہاں انہوں نے ایرانی قیادت سے مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور خطے میں جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قطری وزیراعظم نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے کی تازہ صورتحال، کشیدگی میں کمی اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بحال کرنے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
قطری وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات میں آبنائے ہرمز سے بارودی سرنگیں صاف کرنے کے لیے ایران اور قطر کے مشترکہ منصوبے پر بھی بات چیت کی گئی۔
دونوں ممالک نے آبنائے ہرمز میں محفوظ بحری آمدورفت یقینی بنانے کے لیے عارضی بحری راہداری قائم کرنے کے ممکنہ انتظام پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
امریکا کی پالیسی مذاق بن چکی ہے، اسماعیل بقائی
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا بحرین جیسے ملک کا سہارا لے کر ثابت کرنا چاہ رہا ہے کہ اس کا اتحاد کام کرتا ہے، بحرین اور ایران کے درمیان کوئی قابل ذکر اقتصادی تعلق موجود نہیں۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا نے ایران کے کھیلوں اور تعلیم سے متعلق پہلے سے مردہ روابط ختم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے، واشنگٹن پہلے سے پابندیوں کا شکار ملک پر مزید پابندیاں لگا رہا ہے، امریکا خالی جگہ کو اتحاد کا نام دے رہا ہے۔
جنوبی لبنان میں نبطیہ اور دیگر علاقوں پر اسرائیلی فضائی حملوں کی اطلاعات
لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان میں نبطیہ کے مشرقی نواحی علاقے میں واقع علی طاہر کی پہاڑیوں پر دو مرحلوں میں فضائی حملے کیے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ علاقے میں کئی شدید دھماکے ہوئے جن کی آوازیں دور دور تک سنی گئیں، جبکہ دھوئیں کے گہرے بادل فضا میں بلند ہوتے دیکھے گئے۔
ایجنسی کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے رات کے وقت مشرقی زوتار اور مفدون کے درمیان واقع علاقوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
امریکا، ایران کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کی کوششیں جاری ہیں: دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور فوجی تعطل کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان طاہر اندرابی کا کہنا تھا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ موجودہ علاقائی چیلنجز کا پائیدار حل بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے اور اس مقصد کے لیے پاکستان اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے سلسلے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے 24 اگست کو ایران کا دورہ کیا ، جس میں ایرانی قیادت سے کشیدگی کے خاتمے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل وزیر خارجہ نے 14 اگست کو تہران کا دورہ کیا، جہاں ہونے والی بات چیت میں خطے میں کشیدگی میں کمی، فوجی تعطل ختم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے تنازع کا حل تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
ایران کا ایک بار پھر حملوں سے متاثرہ جوہری تنصیبات کے معائنے سے انکار
ایرانی جوہری توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا ہے کہ امریکی اسرائیلی حملوں سے متاثرہ جوہری تنصیبات کا معائنہ نہیں کرنے دیا جائے گا۔
سربراہ ایرانی جوہری توانائی تنظیم محمد اسلامی نے کہا کہ حملوں سے متاثرہ تنصیبات کے لیے معائنے کا نیا پروٹوکول تیار کیا جانا ضروری ہے، عالمی جوہری توانائی ایجنسی غیر متاثرہ مقامات پر حفاظتی معائنے جاری رکھ سکتی ہے۔
محمد اسلامی نے کہا کہ حملوں سے متاثرہ تنصیبات سے متعلق پارلیمنٹ کے منظور کردہ قانون پر عمل کر رہے ہیں، آئی اے ای اے کی جانب سے ایران پر حملوں کی مذمت نہ کرنا اس کی اہلیت اور آزادی پر سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایجنسی متاثرہ جوہری مقامات تک رسائی کی کوشش امریکی و اسرائیلی دباؤ کے تحت کر رہی ہے، آئی اے ای اے متاثرہ جوہری تنصیبات کے معائنے کے طریقہ کار پر اپنا مؤقف واضح کرے۔
ایران نے نئی امریکی پابندیوں کو ریاستی اور معاشی دہشت گردی قرار دے دیا
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے نئی امریکی پابندیوں کو ریاستی اور معاشی دہشت گردی کا اقدام قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، سلامتی کونسل اور تمام رکن ممالک کو خط لکھ دیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکا جنگ کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے یا دیگر ممالک کو اپنی مہم میں شامل کرنے میں ناکامی کے بعد اب ایران کے دیگر ممالک کے ساتھ جائز اقتصادی تعلقات منقطع کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پابندیاں جان بوجھ کر شہریوں کو نقصان پہنچاتی ہیں، کیونکہ ان کے باعث خوراک، ادویات، طبی آلات، توانائی اور دیگر بنیادی ضروریات تک رسائی محدود ہوتی ہے، جو زندگی، صحت، خوراک اور مناسب معیارِ زندگی سمیت بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
ایران نے سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکا کی جانب سے عائد کی گئی یکطرفہ جبری پابندیوں اور ثانوی پابندیوں کی مذمت اور انہیں مسترد کریں۔
عباس عراقچی نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ امریکی پابندیوں کو تسلیم یا ان پر عمل درآمد نہ کریں۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکا کو ایران کے ساتھ جائز اقتصادی تعلقات تبدیل کرنے کے لیے تیسرے ممالک پر دباؤ ڈالنے کا عمل فوری طور پر روکنا ہوگا۔
ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای زندہ مگر شدید زخمی ہیں: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہےکہ ان کے خیال میں ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای شدید زخمی ہیں لیکن وہ ہلاک نہیں ہوئے ہیں۔
ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ نئے ایرانی سپریم لیڈر ہلاک ہو چکے ہیں لیکن اگر ایسا ہے بھی تو ایرانی حکام بہت اچھا ڈرامہ کر رہے ہیں کیونکہ ایرانی ہر معاملے پر حتمی منظوری لینے کے لیے سپریم لیڈر سے دوبارہ بات کرنے کا ذکر کرتے رہتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہاکہ انہیں یقین ہےکہ ایران کے سپریم لیڈر جسم کے بائیں جانب بہت شدید زخمی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ 28 فروری کو ایران پر امریکی حملوں کے پہلے دن مجتبیٰ خامنہ ای شہید ہوئے تھے، اُس واقعہ کے بعد سے مجتبیٰ خامنہ ای کو عوامی سطح پر نہیں دیکھا گیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکا کا عسکری اور اقتصادی دباؤ کارگر ثابت ہو رہا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق قدامت پسند ریڈیو ہوسٹ گلین بیک کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ تمام چیزیں ایک بہت بڑی کامیابی کی طرف بڑھ رہی ہیں، ہم بہت جلد یہاں ایک بڑی کامیابی حاصل کرنے والے ہیں۔
امریکی صدر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آبنائے ہرمز اب درحقیقت مکمل طور پر کھلی ہے، آبنائے اب کھلی ہے، ہم اب بہت سے بحری جہاز اس آبنائے سے گزار رہے ہیں، تمام بارودی سرنگیں اب ختم کر دی گئی ہیں۔
آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر پر پروجیکٹائل سے حملہ، جہاز میں آگ بھڑک اٹھی
برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر کو نامعلوم پروجیکٹائل نے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔
برطانوی میری ٹائم ایجنسی نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور ٹینکر کے تمام عملے کو محفوظ قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق واقعہ کے نتیجے میں ماحولیاتی آلودگی یا کسی ماحولیاتی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
40 روزہ جنگ کے بعد ایران کی تزویراتی توجہ آبنائے ہرمز کی جانب منتقل ہوگئی: کاظم غریب آبادی
ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ حالیہ 40 روزہ جنگ کے بعد ایران کی تزویراتی توجہ آبنائے ہرمز کی جانب منتقل ہوگئی ہے اور اب یہ آبی گزرگاہ ایران کی قومی سلامتی کا معاملہ بن چکی ہے۔
غریب آبادی کے مطابق ایران اور عمان آبنائے ہرمز کے واحد ساحلی ممالک ہیں، حالیہ جنگوں سے قبل آبنائے ہرمز کے حوالے سے کوئی مسائل نہیں تھے، تاہم گزشتہ 58 برس سے بحری جہاز عمانی حدود سے گزرتے رہے، جس سے ایران کو نمایاں نقصان پہنچا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمان کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کا مطلب یہ نہیں کہ آبنائے ہرمز کو فوری طور پر مکمل طور پر کھول دیا جائے گا، آمدورفت کے موجودہ راستوں میں تبدیلی ضروری ہے۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ نے بتایا کہ عبوری انتظام کے تحت خلیج فارس میں داخل ہونے والے بحری جہاز ایرانی حدود سے گزریں گے، جبکہ خلیج فارس سے باہر جانے والی بحری ٹریفک عمان کی علاقائی حدود سے گزرے گی۔
غریب آبادی کے مطابق عبوری انتظام کے تحت ایران اور عمان کو 30 سے 60 روز کے اندر مستقل بحری راستے کے حوالے سے مذاکرات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے کو بند رکھنے پر اتفاق ہوگیا ہے، جبکہ مستقل انتظام کے لئے ایران اور عمان کے درمیان مزید مذاکرات جاری رہیں گے۔
ٹرمپ انتظامیہ کا ایران کیخلاف فوری نئے حملوں کا ارادہ نہیں: امریکی میڈیا
امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے کہا کہ امریکا کا ایران کے خلاف فوری نئے حملوں کا ارادہ نہیں۔
امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کی رپورٹ میں کہا امریکا ایران پر نئی اقتصادی پابندیوں کے ذریعے دباؤ بڑھانے پر توجہ دے رہا ہے، آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی اور بحری جہازوں کی آمدورفت میں اضافے سے ایران کا دباؤ کم ہوا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا آبنائے ہرمز سے زیادہ سے زیادہ تیل عالمی منڈیوں تک پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے، بحری ناکہ بندی کے باعث ایران کی تیل کی برآمدت تقریبا رک گئی ہیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال واشنگٹن مذاکرات کے بجائے ایران پر دباؤ بڑھا رہا ہے۔
جنگ کے بعد امریکا کو سٹریٹجک ہتھیاروں کی کمی کا سامنا ہے: پاسداران انقلاب
پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے کہا کہ جنگ کے بعد امریکا کو سٹریٹجک ہتھیاروں کی کمی کا سامنا ہے۔
ایرانی کمانڈر نے دعویٰ کیا کہ امریکا کو ایران جنگ میں فوجی اور معاشی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا، واشنگٹن کو ایران کے میزائل ذخائر ختم ہونے کی توقع تھی، ایران کے میزائل ذخائر ختم نہ ہوسکے۔
حسین محبی نے کہا کہ ایران جنگ میں امریکا کو پسپائی کا سامنا کرنا پڑا، امریکا نے جنگ کے اخراجات دوسروں پر منتقل کئے، ایران جنگ نے امریکا کی سٹریٹجک کمزوریاں نمایاں کر دیں۔
دشمن کا کوئی بھی غلط اقدام فوری جوابی کارروائی کا باعث بنے گا: ایرانی فوج
ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ دشمن کا کوئی بھی غلط اقدام فوری جوابی کارروائی کا باعث بنے گا۔
ایرانی فوج نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ تنازع جغرافیائی حدود تک محدود نہیں رہے گا، مستقبل کی جنگ میں نئے اہداف شامل ہوسکتے ہیں، باب المندب اور شام میں امریکی اڈے تنازع کا حصہ بن چکے۔
ایران نے خطے میں توانائی اور مواصلاتی تنصیبات کو ممکنہ ہدف بنانے کا انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل کی ممکنہ جنگ میں پورے خطے کے بنیادی ڈھانچے کو خطرہ ہے۔
کشیدگی میں کمی کی کوششیں: قطری وزیراعظم آج ایران کا دورہ کریں گے
قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آج ایران کا دورہ کریں گے۔
قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ قطری وزیراعظم آج ایران کے دورہ کے دوران کشیدگی کم کرنے پر بات چیت کریں گے، شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی کی ایرانی حکام سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔
قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ قطر نے ایران امریکا کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتی کوششیں تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ایرانی حکام سے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔
وزارت خارجہ کے مطابق آبنائے ہرمز میں جنگ سے پہلے کی صورتحال کی بحالی زیرغور آئے گی، قطر ایران امریکا مذاکرات میں ثالثی کا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
امریکا اقتصادی دباؤ سے اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکتا: ایرانی صدر
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکا اقتصادی دباؤ سے ایران سے اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکتا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران امریکی پابندیوں اور دباؤ کے باوجود اپنی پالیسی پر قائم رہے گا، نئی امریکی اقتصادی پابندیوں سے نمٹنے کیلئے اقدامات تیار ہیں، امریکا جنگ میں مقاصد حاصل نہ کرسکا، اقتصادی دباؤ بھی ناکام ہوگا۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ اقتصادی دباؤ کے مقابلے میں ایران اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا، حکومت اور نجی شعبہ مارکیٹ مستحکم رکھنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
ایرانی صدر کا مزید کہنا ہے کہ مشکل حالات کے باوجود عوام کی بنیادی ضروریات پوری کی جارہی ہیں۔
قالیباف کا ایران پر نئی امریکی پابندیاں مسترد کرنے پر چین سے اظہارِ تشکر
ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے ایران پر نئی امریکی پابندیاں مسترد کرنے پر چین سے اظہارِ تشکر کیا۔
ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایران چین سٹریٹجک شراکت داری بیرونی دباؤ سے متاثر نہیں ہوگی، ایران چین 25 سالہ جامع تعاون معاہدے کے تحت تعلقات مزید مضبوط کریں گے۔
محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایران چین تعلقات کیلئے کسی تیسرے ملک کی اجازت درکار نہیں، ایران چین شراکت داری باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر قائم ہے، قالیباف نے امریکی پابندیوں کو مسترد کرنے کے چینی مؤقف کو سراہا۔
آبنائے ہرمز مذاکرات کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی بڑی وجہ ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز کے ذریعے عارضی بحری راستہ قائم کرنے کے لیے فریم ورک پر بات چیت کو قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایران اور عمان کے مذاکرات کے بعد عالمی سطح پر تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات میں کسی حد تک کمی آئی ہے، جس کے باعث تیل کی قیمتوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔
ایران اور عمان نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے لیے عارضی راستہ قائم کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا ہے، جس سے سرمایہ کاروں میں یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ خطے میں کشیدگی کے باوجود عالمی سطح پر تیل کی سپلائی برقرار رکھنے کا عملی راستہ نکالا جاسکتا ہے۔
عالمی منڈی میں کاروبار کے اختتام پر برینٹ کروڈ کی قیمت 86.28 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کے سودے 80.29 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئے۔
امریکا، ایران مذاکرات کی بحالی کیلئے رابطے جاری ہیں: قطر
ترجمان قطری وزارت خارجہ ماجد الانصاری نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے رابطے جاری ہیں۔
ماجد الانصاری کے مطابق قطری حکام روزانہ کی بنیاد پر ٹیلی فون پر مختلف فریقوں سے رابطے کر رہے ہیں جبکہ مذاکرات کی بحالی کے لیے ایران سے بھی براہِ راست رابطہ برقرار ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکام فریقین کو مذاکرات کی میز پر واپس لانے کے لیے مختلف تجاویز اور طریقہ کار پر غور کر رہے ہیں، قطر اور پاکستان کی زیرِ قیادت ثالثی کے عمل میں تمام فریقوں کی مکمل شرکت پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں، جبکہ قطر کی اولین ترجیح آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو معمول پر بحال کرنا ہے، قطر اس مقصد کے لیے کشیدگی میں کمی، جنگ بندی اور مذاکرات کی بحالی کی کوششوں کی حمایت کر رہا ہے۔
ٹرمپ کا ایران پر مکمل غلبے کا دعویٰ، بڑی فتح جلد حاصل کرنے کی امید ظاہر کردی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے شروع ہی سے ایران پر مکمل غلبہ حاصل کر رکھا ہے اور بہت جلد ایران کے خلاف ایک بڑی فتح حاصل کرنے والا ہے۔
صدر ٹرمپ نے ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے حوالے سے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ وہ جاں بحق ہوئے ہیں۔
ٹرمپ کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای کے بائیں بازو اور ٹانگ میں شدید چوٹیں آئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں کچھ ہوا ہے تو ایرانی فریق اس حوالے سے بہت عمدہ ڈرامہ کر رہا ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایرانی حکام ہر بار یہ کہتے ہیں کہ کسی بھی معاملے پر حتمی منظوری سپریم لیڈر سے لی جائے گی۔
نیتن یاہو نے ایران کے ساتھ سفارتی معاہدے کے امکانات مسترد کردیے
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایران کے ساتھ سفارتی معاہدے کے امکانات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ ایرانی قیادت کے ساتھ کسی قابلِ اعتماد معاہدے تک پہنچنا ممکن نہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے ایرانی حکمرانوں کے لیے سخت الفاظ استعمال کیے اور موجودہ قیادت کے ساتھ معاہدے کے امکان پر شکوک کا اظہار کیا۔
اسرائیلی وزیراعظم نے بتایا کہ انہوں نے حالیہ ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ایران کے معاملے پر سفارت کاری کے امکانات پر بھی گفتگو کی، تاہم انہیں یقین نہیں کہ ایران کی موجودہ قیادت کے ساتھ کوئی نتیجہ خیز معاہدہ طے پاسکتا ہے۔
نیتن یاہو نے کہا کہ موجودہ ایرانی حکمرانوں کے ساتھ معاہدہ ممکن نہیں، اسی لیے سفارتی راستے سے متعلق ان کی امیدیں بہت محدود ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم نے ایران کے خلاف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شروع کی گئی نئی اقتصادی دباؤ کی مہم کو بھی سراہا، امریکا نے حالیہ دنوں میں ایران کے خلاف مزید مالی و اقتصادی پابندیوں اور دباؤ کے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
امریکا ایران مذاکرات کی بحالی کیلئے رابطے جاری ہیں: قطر
قطر نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی کیلئے رابطے جاری ہیں اور فریقین کو مذاکرات کی میز پر واپس لانے کیلئے مختلف تجاویز اور طریقہ کار پر غور کیا جا رہا ہے۔
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ قطری حکام روزانہ کی بنیاد پر فون پر فریقین سے رابطے میں ہیں۔
ماجد الانصاری کے مطابق قطر مذاکرات کی بحالی کے لئے ایران سے بھی براہِ راست رابطے میں ہے، جبکہ مذاکرات کی میز پر واپسی کے لئے مختلف خیالات اور طریقہ کار زیرِ غور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قطر اور پاکستان کی قیادت میں جاری ثالثی کے عمل میں فریقین کی مکمل شرکت پر زور دیا جا رہا ہے، بحران سے نکلنے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں، قطر کی ترجیح آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی معمول کی صورتِ حال بحال کرنا ہے۔
ایران عمان مذاکرات: خام تیل کی قیمت میں 2 ڈالر سے زائد کمی
ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے سے متعلق مذاکرات کی بحالی کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی آگئی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ابتدائی کاروبار میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں 2 ڈالر 30 سینٹ، یعنی تقریباً 2.6 فیصد کمی ہوئی اور یہ 86.28 ڈالر فی بیرل پر آگئی، اس سے قبل برینٹ کی قیمت 13 اگست کے بعد اپنی کم ترین سطح تک بھی پہنچ گئی تھی۔
امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت بھی 2 ڈالر 8 سینٹ، یعنی 2.53 فیصد کم ہوکر 80.29 ڈالر فی بیرل ہوگئی، ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت اس سے قبل 10 اگست کے بعد کی کم ترین سطح تک گر گئی تھی۔
سرمایہ کار پرامید ہیں کہ مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت کی پابندیاں کم ہوسکتی ہیں اور عالمی توانائی کی سپلائی میں بہتری آسکتی ہے۔
سعودی کابینہ کا آبی گزرگاہوں کو کھلا اور محفوظ رکھنے کی ضرورت پر زور
خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرِ صدارت سعودی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں آبی گزرگاہوں کو کھلا اور محفوظ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
سعودی کابینہ کے اجلاس میں علاقائی کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتی کوششوں کی حمایت کی گئی ہے۔
اجلاس میں علاقائی و بین الاقوامی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا اور فریڈم آف نیویگیشن اور شپنگ راستوں کے تحفظ کی اہمیت کا اعادہ کیا گیا۔
سعودی کابینہ کے اجلاس میں سعودی ولی عہد اور فرانسیسی صدر کی ملاقات کو سراہا گیا، اجلاس میں دونوں ملکوں کے تاریخی تعلقات اور سٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ایران نئی لڑائی کیلئے امریکی انتخابات کی ٹائم لائن کا انتظار نہیں کرے گا: مختار حداد
ایرانی سینئر صحافی مختار حداد نے کہا ہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ کے ایران پر فوری نئے حملے نہ کرنے سے متعلق بیانات سے واضح ہوتا ہے کہ واشنگٹن موجودہ کشیدگی کو وسط مدتی انتخابات تک محدود رکھنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔
عرب میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں مختار حداد نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جانب سے انتخابات کے بعد وسیع فوجی کارروائی دوبارہ شروع کی جا سکتی ہے، ایران امریکا کے انتخابات گزرنے کا انتظار نہیں کرے گا اور کسی بھی کارروائی کی صورت میں جارحانہ جواب دے گا۔
ایرانی سینئر صحافی کے مطابق اگر واشنگٹن انتخابات کے بعد دوبارہ وسیع جنگ کی طرف بڑھنے کا ارادہ رکھتا ہے تو تہران اس دوران خاموش نہیں بیٹھے گا۔
امریکا نے ایران پر حملوں کو پابندیوں میں منتقل کر دیا، مارکو روبیو
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اتحادیوں کو آگاہ کیا ہے کہ امریکا ایران پر حملوں کو پابندیوں میں منتقل کر رہا ہے۔
امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ فی الحال امریکا کی جانب سے ایران پر مزید حملے کیے جانے کی توقع نہیں ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ امریکا کی توجہ ایران پر دباو ڈالنے کے دیگر ذرائع پر مرکوز ہے جن میں اس ہفتے اعلان کی گئی پابندیوں کی مہم شامل ہے۔
امریکی نیوز ویب سائٹ کا دعویٰ ہے کہ وزیر خارجہ مارکو روبیو نے حالیہ دنوں میں غیر مملکی ہم منصبوں کو مزید حملوں سے متعلق بتا دیا ہے۔
امریکا اور ایران نے نئی جنگ بندی پر اتفاق کرلیا: روسی میڈیا کا دعویٰ
روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران نے نئی جنگ بندی پر اتفاق کرلیا۔
روسی میڈیا نے یہ بات ایران اور پاکستان میں ذرائع کے حوالے سے کہی اور ساتھ ہی بتایا کہ جنگ بندی میں آبنائے ہرمز سے آزادانہ نیوی گیشن بھی شامل ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق سرکاری طور پر جنگ بندی کا اعلان چند روز میں متوقع ہے، مذاکرات اور تکینکی میٹنگز اس کے بعد ہوں گی، جون کے وسط میں دونوں فریقوں نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے تھے جس کی بنیاد پر امن معاہدہ طے پایا جانا تھا مگر ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں دوبارہ کشیدگی کاآغاز کردیا گیاتھا۔
تاہم پچھلے چند ہفتوں میں امریکا اور ایران کے درمیان نئی جنگ بندی کیلئے ثالثوں کے ذریعے کسی ڈیل پر پہنچنےکی کوشش کی جاتی رہی ہے، اسی دوران امریکا کے صدر نے ایران کیخلاف معاشی جنگ کا اعلان کیا تھا اور دنیا کو خبردار کیا تھا کہ ایران کا معاشی گھیرا تنگ کرنے میں امریکا کا ساتھ نہ دینے والے ممالک کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔
صدر ٹرمپ کے اس اقدام کو ایران نے جنگ میں اعتراف شکست تسلیم کرنے کے مترادف قرار دیا تھا، عباس عراقچی نے کہا تھا کہ امریکا اب جنگ سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہا ہے تاکہ داخلی بحران سے بچ سکے تاہم اس اقدام سے امریکا کو پہلے سے بھی بڑی شکست ہوگی۔
واضح رہے کہ ایران یا امریکا کی جانب سے اب تک اس حوالے سے کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔
عمانی وزیر خارجہ نے ایرانی ہم منصب کیساتھ بات چیت کو تعمیری قرار دے دیا
ایران کا دورہ کرنے والے عمانی وزیر خارجہ بدر ابو سعید نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی کے ساتھ ہونے والی بات چیت کو تعمیری قرار دیا ہے۔
ایکس پر جاری بیان میں عمانی وزیر خارجہ بدر ابو سعید نے لکھا کہ مجھے امید ہے ہم جلد ہی آبنائے ہرمز کیلئے ایک عارضی راہداری کے قیام اور جہاز رانی کے تحفظ کی بحالی کیلئے عملی اقدامات کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت کے آرٹیکل 5 کے مطابق مناسب وقت پر آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظام اور اس کے مستقل حل کیلئے کوششیں کی جائیں گی۔
اسلامی اقوام میں بیداری اور اتحاد دشمن کی سازشوں کا واحد توڑ ہے، ایرانی صدر
عراق کی سپریم جوڈیشل کونسل کے سربراہ سے ملاقات کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اسلامی اقوام کے اتحاد سے خطے سے امریکی انخلا میں کامیاب ہو سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن وسائل پر قبضے کیلئے جنگ بھڑکانے کی کوشش کر رہا ہے، مغربی ایشیا کے تمام مسلمان ایک امت ہیں، طرز عمل تقویٰ کے جذبے سے ہونا چاہیے۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ معاشی بے چینی پیدا کرنا دشمنوں کی حکمت عملی ہے، دشمن جان چکا ہے کہ فوجی طاقت سے ہمیں ہرا نہیں سکتا، امریکا سے معاہدے پر دستخط خوف یا دباؤ کی بنیاد پر نہیں کیے تھے۔
عمان کے ساتھ معاہدے کا مطلب آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھولنا نہیں، کاظم غریب آبادی
ایک بیان میں کاظم غریب آبادی نے کہا کہ ایران عمان آبنائے ہرمز کے واحد ساحلی ممالک ہیں، حالیہ جنگوں سے قبل آبنائے ہرمز کے حوالے سے کوئی مسائل نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ 40 روزہ جنگ کے بعد ایران کی تزویراتی توجہ آبنائے ہرمز کی جانب منتقل ہو گئی، 58 سال سے بحری جہاز عمانی حدود سے گزرتے رہے، جس کا ایران کو نمایاں نقصان پہنچا۔
کاظم غریب آبادی نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز اب ایران کی قومی سلامتی کا معاملہ ہے، آمدورفت کے راستوں میں تبدیلی ضروری ہے، عمان سے معاہدے کے تحت خلیج فارس میں داخلے کا راستہ ایرانی حدود سے گزرے گا، جبکہ خلیج فارس سے باہر نکلنے کا راستہ عمان کی علاقائی حدود سے گزرے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کا راستہ دو طرفہ موٹروے کی طرح کام کرتا ہے، جس کی چوڑائی کم و بیش 7 میل ہے، عارضی انتظام کے تحت ایران عمان کو 30 سے 60 دن میں مستقل راستے کیلئے مذاکرات کرنا ہوں گے، آبنائے ہرمز کا جنوبی راستہ بند کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ کا ایران کو سہارا دینے والے تمام معاشی ذرائع ختم کرنے کا اعلان
امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ ایرانی قیادت نے تسلیم کر لیا معاشی دباو اثر دکھا رہا ہے۔
امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ ایرانی صدر نے ملک میں معاشی مشکلات کا اعتراف کیا، ایرانی صدر نے کہا جنگ کسی نہ کسی مرحلے پر ختم ہونی چاہئے، قالیباف نے بھی کہا فوجی طاقت کتنی ہی ہو، عوام بھوکے ہوں تو ملک نہیں رہ سکے گا۔
سکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ قالیباف کا یہ بھی کہنا ہے کہ معاشی ترقی اور ملکی پیداوار نہ ہو تو ملک قائم نہیں رہ سکے گا، ٹرمپ انتظامیہ ایران کو سہارا دینے والے تمام معاشی ذرائع ختم کرتی رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران کے مکمل تنہا رہنے تک معاشی ذرائع ختم کرتی رہے گی۔
ایران اور عمان کا ہرمز میں محفوظ جہاز رانی کی مرحلہ وار بحالی پر اتفاق
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور عمانی ہم منصب بدر البوسعیدی کی تہران میں ملاقات ہوئی۔
عمان اور ایران نے آبنائے ہرمز میں محفوظ جہاز رانی بحال کرنے کیلئے مرحلہ وار فریم ورک پر اتفاق کر لیا، عارضی مشترکہ راہداری قائم کرنے، بارودی سرنگیں صاف کرنے کے مشترکہ منصوبے کا فیصلہ کیا گیا۔
مستقل بحری گزرگاہ اور مستقبل میں آبنائے ہرمز کے انتظام کیلئے تکنیکی مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، عمانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران و عمان کا ہرمز میں محفوظ جہاز رانی کی مرحلہ وار بحالی پر اتفاق ہوا۔
امریکا نے عالمی سلامتی خطرے میں ڈال دی: ترجمان ایرانی وزارت خارجہ
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا نے عالمی سلامتی خطرے میں ڈال دی ہے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ واشنگٹن کا الٹی میٹم، اختتامی کارروائی کا معاملہ اب ایران تک محدود نہیں رہے گا، امریکی طرز عمل عالمی قانون، یو این چارٹر، ریاستوں کی خود مختاری کیلئے خطرہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی باوقار حکومت بدمعاشی کو معمول تسلیم نہیں کرتی، کینیڈا بھی اس کا تجربہ کرر ہا ہے۔
امریکی صدر کا آبنائے ہرمز سے تمام سمندری بارودی سرنگیں ہٹانے کا دعویٰ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز سے تمام سمندری بارودی سرنگیں ہٹانے کا دعویٰ کردیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی بحریہ نے اطلاع دی کہ آبنائے ہرمز میں تمام بارودی سرنگیں ہٹا دی گئی ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران کو آگاہ کردیا، نئی بارودی سرنگیں بچھانے والے جہاز یا کشتی کو نشانہ بنائیں گے، خلائی فوج کے ذریعے ہم آبنائے ہرمز کے ایک ایک حصے پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جوہری تنصیبات پر بھی نظر رکھی جارہی ہے جو پہلے ہی تباہ کی جاچکی ہیں، بارودی سرنگیں بچھانے کے معاملے میں زیرو ٹالرنس پالیسی پوری طرح نافذ ہے۔
فیلڈ مارشل کا دورہ کامیاب رہا، نتائج جلد سامنے آنا شروع ہو جائیں گے: ایرانی صدارتی دفتر
ایرانی حکومت نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کے حالیہ دورے کو نتیجہ خیز اور سود مند قرار دے دیا۔
ایرانی صدارتی دفتر سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایران کا دورہ انتہائی نتیجہ خیز رہا، فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے میں قابلِ قدر سفارتی کامیابیاں حاصل ہوئیں۔
ترجمان سید مہدی طباطبائی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل دورے کے نتائج جلد ہی سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔
ایران پر امریکی پابندیاں یکطرفہ، اپنے مفادات کا تحفظ کریں گے: چین
ایران پر امریکی پابندیوں کے اعلان کے بعد چین نے دو ٹوک کہا ہے کہ وہ اپنے مفادات کا تحفظ کرے گا۔
امریکا نے ایران کو اقتصادی طور پر مفلوج کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے، امریکا نے بعض اداروں، جن میں چین کے ادارے بھی شامل ہیں، پر پابندیاں عائد کی ہیں اور ثانوی پابندیوں کے خطرے کو مزید بڑھا دیا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لین جیان نے کہا کہ چین کئی مرتبہ واضح کر چکا ہے کہ وہ غیر قانونی یک طرفہ پابندیوں کی سختی سے مخالفت کرتا ہے، چین اپنے حقوق اور مفادات کے مضبوطی سے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔
چین کا یہ بیان امریکا کی جانب سے ایران پر اقتصادی دباؤ مزید بڑھانے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔
امریکا کی پاسدارانِ انقلاب کے عہدیداروں کی معلومات پر ایک کروڑ ڈالر انعام کی پیشکش

امریکی محکمہ خزانہ نے پاسدارانِ انقلاب کے پانچ سینئر عہدیداروں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر ایک کروڑ ڈالر تک انعامات کی پیشکش کی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ سے وابستہ ریوارڈز فار جسٹس اکاؤنٹ نے ایکس پر جاری ایک پیغام میں لکھا کہ یہ افراد پاسدارانِ انقلاب کی اُن یونٹس کی کمان کرتے ہیں جنہوں نے مسلح حملوں کے ذریعے امریکی اہلکاروں کو نشانہ بنایا اور تباہ کن سائبر کارروائیوں کے ذریعے اہم تنصیبات کو ہدف بنایا۔
اس فہرست میں پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر احمد وحیدی، خاتم الانبیا ہیڈکوارٹر کے کمانڈر علی عبداللہی اور پاسدارانِ انقلاب کے سائبر شعبے کے کمانڈر حمید رضا لشگریان شامل ہیں۔
فہرست میں سعید آقاجانی اور مجید خادمی کے نام بھی شامل ہیں، سعید آقاجانی پاسدارانِ انقلاب کی فضائی و خلائی فورس کے سابق کمانڈر تھے جبکہ مجید خادمی پاسدارانِ انقلاب کے انٹیلیجنس کمانڈر تھے، دونوں حالیہ جنگ کے دوران مارے گئے تھے۔
یمنی فوج کا حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں پر ڈرون حملوں کا دعویٰ
یمن کی حکومتی مسلح افواج نے حوثی فورسز کے خلاف ڈرون حملوں کا اعلان کیا ہے۔
یمنی مسلح افواج کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ویڈیوز جاری کی گئی ہیں جن کے متعلق دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ چھٹے اور ساتویں فوجی ریجن کی جانب سے ’حوثی ملیشیا‘ کے جنگجوؤں اور حوثیوں کے زیرِ کنٹرول ٹھکانوں پر کیے گئے حملوں کی ویڈیوز ہیں۔
یمنی فوج عالمی برادری کی جانب سے تسلیم کردہ حکومت کے تحت کام کرتی ہے۔ اس فوج نے حالیہ ہفتوں میں ایران سے وابستہ حوثیوں کے خلاف متعدد حملے کیے ہیں۔
ایران کے خلاف نئی پابندیاں محض دکھاوا ہیں: امریکی سینیٹر کرس مرفی
امریکی سینیٹر کرس مرفی نے ٹرمپ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران جنگ جیت رہا ہے،ٹرمپ کو شکست کا سامنا ہے، ایران نے آبنائے ہرمز پر اپنا کنٹرول مزید مضبوط کرلیا ہے۔
کرس مرفی نے کہا کہ ایران نے خطے میں اپنے بیشتر میزائل اڈے بھی برقرار رکھے ہیں، امریکا اپنی فوجی صلاحیت کا بڑا حصہ استعمال کرچکا ہے، ایران پر ہر ممکن پابندیاں عائد کی جاچکی ہیں۔
فیلڈ مارشل کی ایرانی صدر کے ساتھ ملاقات انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز رہی: محسن نقوی
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے دورہ ایران میں اہم پیشرفت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ ملاقات انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز رہی۔
وفاقی وزیر نے اپنے ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا ہے کہ ہماری گفتگو کا محور ایران اور امریکا کے درمیان تنازع، مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور آئندہ کا لائحۂ عمل تھا، اس کے علاوہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی بحالی کے لیے دونوں جانب سے درکار اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جو تنازع کے جامع حل کی جانب پیش رفت کا باعث بن سکتے ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ایران کے صدر نے کھل کر اپنی حکومت کا مؤقف اور خدشات ہمارے سامنے رکھے، جبکہ متعلقہ امور پر ہمارے درمیان تعمیری اور مفید گفتگو ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملاقات کے دوران اہم پیش رفت ہوئی اور بات چیت انتہائی مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت مستقبل میں مزید مثبت اقدامات کی راہ ہموار کرے گی اور خطے میں دیرپا امن کے قیام میں مددگار ثابت ہو گی۔
فوجی طاقت کا استعمال خارج از امکان نہیں: امریکی وزیر جنگ
امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ ایران کے خلاف فوجی طاقت استعمال کرنے کے امکان کو خارج نہیں کر رہی، جبکہ واشنگٹن نے تہران کے خلاف ایک اقتصادی ڈی ڈے کا اعلان کیا ہے۔
ہیگسیتھ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم آبنائے ہرمز یا ایران کے گرد کسی بھی مقام پر فوجی حملوں کے امکان کو ہرگز خارج نہیں کر رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اس پر ڈالے جانے والے اقتصادی دباؤ کو برداشت نہیں کر سکتا۔
عمان کے قریب آئل ٹینکر پر نامعلوم پروجیکٹائل سے حملہ
برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں عمان کے ساحل کے قریب ایک آئل ٹینکر کو ایک پروجیکٹائل نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں جہاز کو نقصان پہنچا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
یو کے ایم ٹی او نے ایک آن لائن بیان میں کہا کہ آئل ٹینکر کے کپتان نے اطلاع دی ہے کہ جہاز کو ایک نامعلوم پروجیکٹائل نے نشانہ بنایا، جس سے انجن روم کو نقصان پہنچا اور جہاز ناکارہ ہو گیا۔
بیان کے مطابق جہاز کا عملہ محفوظ ہے۔
پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے کوششیں کر رہا ہے: اسماعیل بقائی
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے کوششیں کر رہا ہے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے ایران اور پاکستان کے تعلقات تاریخ کے بہترین دور سے گزر رہے ہیں، فیلڈ مارشل کے دورے کا مقصد خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینا ہے۔
اسماعیل بقائی نے اس سے پہلے کہا تھا کہ امریکا نے اسلام آباد معاہدے کی خلاف ورزی کی، امریکا کے اقتصادی دباؤ کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے، مکہ معاہدے میں شمولیت کی باضابطہ دعوت نہیں ملی۔
انہوں نے کہا کہ عمان کے وزیر خارجہ سید بدر البو سعیدی آج تہران کا دورہ کریں گے، دورے کا مقصد خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینا ہے، آبنائے ہرمز کے ساحلی ممالک کے درمیان سیاسی مشاورت کو آگے بڑھایا جائے گا۔
ایران 20 سال تک جنگ لڑنے کے لئے تیار ہے: جنرل امیر حاتمی
ایرانی فوج کے سربراہ جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ ایران 20 سال تک بھی جنگ لڑنے کے لے تیار ہے۔
ایرانی فوج کے سربراہ جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ دشمن کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ایرانی سرزمین کو دشمن کی سازشوں کا میدان نہیں بننے دیں گے۔
جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ ہر جارحیت کا دندان شکن جواب دیں گے، ایران کی خودمختاری اور قومی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیں گے، دشمن کو ناکام بنا کر شکست کا مزہ چکھائیں گے۔
خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کیلئے پاکستان کی کوششیں، فیلڈ مارشل کا دورہ ایران مکمل
خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کیلئے پاکستان کی کوششیں جاری ہیں اسی سلسلے میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا ایران کا ایک روزہ دورہ مکمل ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کے دورہ کے دوران ایرانی صدر سمیت اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور کشیدگی میں مزید اضافے کی روک تھام، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور تنازع کے جلد خاتمے کیلئے اقدامات پر جامع تبادلہ خیال کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ ایران مکمل ہوگیا، دورے کے دوران فیلڈ مارشل کے ہمراہ وزیرِداخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایران پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال ایرانی وزیرِداخلہ سکندر مومنی اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا ہے کہ فیلڈ مارشل نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل میں رہبرِ اعلیٰ کے نمائندے محسن رضائی ، ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف، ایرانی وزیرِخارجہ و ایرانی وزیر داخلہ سے ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں کشیدگی میں مزید اضافے کی روک تھام، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور تنازع کے جلد خاتمے کیلئے اقدامات پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں جانب سے علاقائی امن اورتنازعات کے مذاکرات کے ذریعے حل کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی قیادت نے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور تنازع کے پرامن حل میں سہولت کاری کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار اور مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔
ایران کا امریکی توانائی مراکز کو نشانہ بنانے کا انتباہ
ایران نے امریکی توانائی مراکز کو نشانہ بنانے کا انتباہ جاری کر دیا۔
حسین محبی نے کہا کہ ایران پر حملہ ہوا تو شدید جواب دیں گے، ایرانی انفراسٹرکچر پر حملہ، امریکی مفادات نشانے پر ہوں گے، ایران کی میزائل پیداوار بدستور جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی دفاعی صلاحیتیں برقرار ہیں، امریکی مقاصد ناکام ہوچکے، ایران کی دفاعی صلاحیت برقرار ہے، آبنائے ہرمز دوبارہ مکمل کھولنے کا امریکی مقصد ناکام ہوگا۔
ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے 45 آئل ٹینکرز بلیک لسٹ کر دیئے
امریکی نئی پابندیوں کے بعد ایران نے مؤقف اپناتے ہوئے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے 45 آئل ٹینکرز بلیک لسٹ کر دیئے۔
45 ٹینکرز پر ایرانی قواعد کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا، ایران کا کہنا ہے کہ بلیک لسٹ ٹینکرز کے خلاف کارروائی ہوگی، خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کو جرمانے اور حراست کا سامنا ہوسکتا ہے۔
ایران کا مزید کہنا ہے کہ بلیک لسٹ ٹینکرز سے سامان منتقلی پر بھی کارروائی ہوگی، آبنائے ہرمز میں ایران نے نگرانی اور پابندیاں سخت کردیں۔
ہم ایران سمیت ہر میدان میں کامیاب ہو رہے ہیں: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا ہے کہ ہم ایران سمیت ہر میدان میں کامیاب ہورہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی معیشت اور فوج تباہی کے بھنور میں پھنس چکی ہے، انتہا پسند ڈیموکریٹس جعلی سرویز کے ذریعے پاگل پن کی حد کراس کررہے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ جعلی سرویز کا مقصد ریپبلکنز کا حوصلہ توڑنا ہے تاکہ وہ ووٹ ڈالنے نہ نکلیں، حقیقی رائے شماریوں کے نتائج انتہائی شاندار ہیں۔
ایرانی پارلیمنٹ کی آبنائے ہرمز استعمال کرنے والے جہازوں پر فیس کی منظوری
ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں سے مختلف خدمات کے عوض فیس وصول کرنے کی شق کی منظوری دے دی۔
ترکش خبر ایجنسی اناطولیہ کے مطابق ایران کی پارلیمانی کمیٹیوں نے آبنائے ہرمز کی سلامتی اور ترقی یقینی بنانے سے متعلق مجوزہ قانون کے آرٹیکل 3 کی منظوری دی ہے۔
اس قانون کے تحت آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ان ممالک کے بحری جہازوں سے فیس وصول کی جائے گی جنہیں بحری راستے سے گزرنے کی اجازت حاصل ہو گی۔
امریکی مؤقف اقتصادی پابندیوں سے مطابقت نہیں رکھتا: کاظم غریب آبادی
ایرانی نائب وزیرِ خارجہ کاظم غریب آبادی نے امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے ایران کی فوجی صلاحیت ختم کرنے سے متعلق بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی مؤقف اقتصادی پابندیوں کے دعوے سے مطابقت نہیں رکھتا۔
کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ مسٹر بیسنٹ! ایران کی فوجی صلاحیت ختم کرنے کا آپ کا بیان اقتصادی پابندیوں سے میل نہیں کھاتا، تمام اقدامات کے باوجود امریکا کو ایران کے خلاف تاریخ کا سب سے بڑا مالی حملہ کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟
ایرانی نائب وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ آخر یہ فتح ہے یا امریکا کی ناکامی کا اعتراف؟
پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے کوششیں کر رہا ہے: ایران
ایران کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے کوششیں کر رہا ہے، فیلڈ مارشل کے دورے میں دوطرفہ تعلقات اور سکیورٹی امور پر بات ہوگی۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا کا اقتصادی دباؤ کسی صورت قبول نہیں کریں گے، امریکا کی اقتصادی پابندیاں غیر قانونی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سلطنت عمان کے وزیر خارجہ سید بدر البوسعیدی کل تہران کا دورہ کریں گے، دورے کا مقصد خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینا ہے، آبنائے ہرمز کے ساحلی ممالک کے درمیان سیاسی مشاورت آگے بڑھائی جائے گی۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ مکہ معاہدے میں شمولیت کی باضابطہ دعوت نہیں ملی۔
عمانی وزیر خارجہ آبنائے ہرمز سے متعلق کل ایران کا دورہ کریں گے
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ عمان کے وزیر خارجہ سید بدر البوسیدی آبنائے ہرمز پر ایران اور عمان کے درمیان مذاکرات کو جاری رکھنے کے لیے کل تہران کا دورہ کریں گے۔
دوسری جانب ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ بغداد کی جانب سے مختلف چینلز کے ذریعے بار بار کی درخواستوں کے بعد ایران نے متعدد عراقی آئل ٹینکروں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دے دی ہے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے مال بردار بحری جہازوں کا مفت گزرنا ایران کے ساتھ بات چیت میں بنیادی مسائل میں سے ایک رہا ہے، ایران اور امریکا اس بات پر ایک دوسرے سے متصادم ہیں کہ آیا یہ آبنائے ہرمز کھلا ہے یا بند اور اس پر کس ملک کا کنٹرول ہے۔
اسرائیلی فوج کا جنوبی لبنان میں ایک گھر پر حملہ

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے نبطیہ الفوقا گاؤں کے رہائشی علاقے الدیر میں ایک گھر کو نشانہ بنایا ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ حملے میں کوئی ہلاکت ہوئی ہے یا نہیں۔
اسرائیلی فورسز نے نبطیہ کے علاقے میں علی طاہر کی پہاڑیوں اور دحا کفَر رمان سے ملحقہ پہاڑی علاقوں پر بھی گولہ باری کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے بنت جبیل کے علاقے میں واقع قصبے حداثہ میں متعدد عمارتوں کو بھی مسمار کر دیا ہے۔
امریکا کے پاس ایران سے نمٹنے کے لیے بہت سے طریقے ہیں: جے ڈی وینس
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں امریکی موجودگی کا بنیادی مقصد ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے،امریکا کے پاس ایران سے نمٹنے کے لیے بہت سے طریقے موجود ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایران سے نمٹنے کا سب سے مؤثر طریقہ اسے تیل اور گیس کی تجارت روکنے کی قیمت چکانے پر مجبور کرنا ہے، ایران کے پاس بین الاقوامی تجارتی راستے مکمل طور پر بند کرنے کی صلاحیت نہیں ہے۔
جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ امریکا آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل جاری رکھنے میں کامیاب ہو رہا ہے اور روزانہ 7 سے 15 ملین بیرل تیل آبنائے ہرمز سے منتقل کیا جا رہا ہے۔
ایران پر نئی پابندیوں سے قبل عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گر گئیں
امریکا کی جانب سے ایران پر مزید سخت پابندیوں کے متوقع اعلان سے قبل عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں ایک ڈالر سے زائد کم ہوگئیں، سرمایہ کاروں نے گزشتہ ہفتے قیمتوں میں ہونے والے اضافے کے بعد منافع کمانے کو ترجیح دی۔
واضح رہے کہ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایران کے خلاف تاریخ کی سخت ترین پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دیا ہے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ تجارت کرنے والے ممالک پر بھی پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت ایک ڈالر 22 سینٹ کمی کے بعد 93.17 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جو 1.29 فیصد کمی ہے، امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت بھی ایک ڈالر 20 سینٹ کم ہوکر 85.86 ڈالر فی بیرل پر آگئی، جس میں 1.38 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
تیل کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے مسلسل دوسرے ہفتے اضافہ ہوا تھا اور دونوں میں 5 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ایران کے خلاف ایک فیصلہ کن اقتصادی کارروائی آج شروع کی جائے گی: امریکی وزیرِ خزانہ
امریکی وزیرِ خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف ایک فیصلہ کن اقتصادی کارروائی آج شروع کی جائے گی، جو کسی دشمن کے خلاف کیا جانے والا اب تک کا سب سے بڑا معاشی حملہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اب آخری مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی فوجی صلاحیتوں کو تباہ کر دیا ہے، اس کی تقریباً 100 فیصد فوجی فیکٹریاں تباہ کر دی ہیں اور اس کے جوہری پروگرام کو دفن کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کا مقصد ایران کے آمرانہ نظام کو برقرار رکھنے والی تمام اہم اقتصادی شریانوں اور راستوں کو کاٹ دینا ہے، تاکہ بالآخر تہران مکمل طور پر تنہا رہ جائے۔
امریکی وزیرِ خزانہ نے مزید لکھا کہ صدر ٹرمپ نے ایسے حالات پیدا کر دیے ہیں جن میں حکومت کے تمام اداروں کی مکمل صلاحیت، تمام قانونی اختیارات اور وہ اقدامات استعمال کیے جا سکتے ہیں جن کے بارے میں بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ امریکا کبھی ان کا سہارا نہیں لے گا۔
سکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ ایران گزشتہ کئی برسوں سے سکیورٹی ضمانتوں کے لیے دباؤ ڈال کر زندہ رہا ہے، اس نظام نے اپنی طاقت اس سوچ سے حاصل کی کہ ایران کی جوابی کارروائی یقینی ہے، جبکہ امریکا کی جانب سے سخت اقدامات پر عمل درآمد قابلِ مذاکرات ہے، لیکن ٹرمپ کی صدارت میں یہ دور ختم ہو چکا ہے اور جو لوگ تہران کی جوابی کارروائی کے خطرے سے خوفزدہ ہیں، انہیں واشنگٹن کے عزم کو آزمانے کی قیمت کو کم نہیں سمجھنا چاہئے۔
سکاٹ بیسنٹ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکی حکومت پیر سے ایران کے خلاف مزید سخت اقتصادی پابندیوں کا اعلان کرے گی، یہ پابندیاں ایرانی حکومت کے خاتمے کا باعث بنیں گی۔
ایران جنگ مشرقِ وسطیٰ میں امریکی اڈوں کے مستقبل پر سوالیہ نشان ثابت ہوئی، برطانوی اخبار
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے لکھا ہے کہ ایران کے ساتھ 6 ماہ کی جنگ نے مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی فوجی اڈوں کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
برطانوی اخبار کے مطابق 4 دہائیوں سے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی موجودگی خلیج کے مختلف ممالک میں پھیلے ہوئے بڑے فوجی اڈوں کے وسیع نیٹ ورک پر قائم رہی ہے لیکن ایران نے امریکی تنصیبات پر مختصر فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں اور ڈرونز سے شدید حملے کیے جس سے یہ بات واضح ہوگئی کہ ایران کے ساحلوں کے اتنے قریب واقع یہ بڑے فوجی اڈے کس قدر کمزور ہیں۔
ایران نے امریکا کو مجبور کر دیا کہ وہ اپنے فوجیوں اور طیاروں کو ایرانی حملوں کی زد سے باہر اسرائیل، اردن اور دیگر دور دراز مقامات پر منتقل کرے، جنگ کے دوران امریکا نے کچھ افواج اسرائیل اور اردن منتقل کی ہیں، اس کے علاوہ امریکی طیاروں اور ڈرونز نے یورپ میں موجود فوجی اڈوں سے بھی پروازیں کی ہیں۔
اسرائیلی فوجی انٹیلی جنس کے سابق عہدیدار کا کہنا ہے کہ ایران ایسے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں پر زیادہ سرمایہ کاری کرے گا جو اردن اور اسرائیل کو نشانہ بنا سکیں۔
اخبار کے مطابق خلیجی اتحادیوں کے ساتھ امریکا کا تیل کے بدلے سکیورٹی کا معاہدہ گزشتہ کئی دہائیوں میں بدلتا رہا ہے، بعض خلیجی ممالک اب اپنی سکیورٹی کیلئے امریکا کے علاوہ دیگر ممالک کے ساتھ بھی تعلقات بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پرشین گلف سٹریٹ اتھارٹی کا ایرانی ضوابط توڑنے والے بحری جہازوں کو انتباہ
آبنائے ہرمز کی نگرانی کرنے والے ایرانی ادارے پرشین گلف اسٹریٹ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایرانی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے بحری جہازوں کو آئندہ اس آبی گزرگاہ سے گزرنے پر پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اتھارٹی نے سرکاری ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کے خلاف جرمانہ، حراست یا ضبطگی سمیت مختلف اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔
خلیج فارس سے آنے جانے والے مال بردار جہازوں کے مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی جہاز کو کرایہ پر لینے سے پہلے نان کمپلائنٹ ویسلز فہرست کا جائزہ ضرور لیں تاکہ بعد میں ممکنہ مشکلات سے بچا جاسکے۔
فوری طور پر نافذ العمل نئے ضابطے کے تحت فہرست میں شامل جہازوں کے ساتھ تعاون کرنے والے دیگر بحری جہاز بھی اس فہرست میں شامل کیے جائیں گے۔
کسی جہاز کا نام فہرست سے نکلوانے کیلئے متعلقہ جہاز کو باقاعدہ درخواست جمع کروانی ہوگی۔
ترکیہ کے ساتھ جنگ کی کوششیں، اسرائیلی اخبار کی نیتن یاہو پر تنقید
اسرائیلی اخبار ہارٹز نے شام میں ایئربیس پر حملے کے فیصلے پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے اسرائیل ترکیے کے ساتھ بے مقصد جنگ میں پھنس سکتا ہے۔
اخبار نے لکھا ایسا لگ رہا تھا الیکشن سے قبل نیتن یاہو غزہ یا لبنان میں جنگ چھیڑیں گے یا مغربی کنارے میں کشیدگی بڑھائیں گے تو انہوں نے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے شام میں ترکیے کے ساتھ ایک نیا محاذ کھولنے کا فیصلہ کر لیا، اس سے قبل گزشتہ مہینوں میں اسرائیل کی جانب سے ترکیے کے خلاف بیان بازی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
اخبار نے نیتن یاہو کے اس دعوے کا حوالہ بھی دیا کہ یہ حملہ مبینہ طور پر خطے میں ترکیے کی موجودگی کو بڑھانے کی کوششوں کو روکنے کیلئے کیا گیا تھا، تاہم ترکیے اور امریکا دونوں نے اسرائیل کے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو الیکشن میں فائدہ حاصل کرنے کیلئے ایسا کر رہے ہیں۔
چین کے 2 بحری جہاز آبنائے ہرمز کے ایرانی علاقے میں داخل ہو گئے
سمندری نقل و حرکت کی نگرانی کرنے والی شپنگ ڈیٹا کمپنی کے مطابق چین کا پرچم بردار ایک آئل ٹینکر اور ایک دوسرا چینی جہاز آبنائے ہرمز کے ایرانی حصے میں داخل ہوا۔
ایک چینی جہاز متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ سے روانہ ہوکر آبنائے ہرمز کے ایرانی راستے سے گزرا جبکہ چینی پرچم بردار آئل ٹینکر کو بھی آبنائے ہرمز میں داخل ہوتے دیکھا گیا ہے۔
برطانوی خبر ایجنسی نے گزشتہ ہفتے رپورٹ کیا تھا کہ چین کی 2 سرکاری کمپنیوں نے اپنے آئل ٹینکروں کو آبنائے ہرمز اور باب المندب سے گزرنے سے روک دیا ہے تاہم سمندری نقل و حرکت کے تازہ اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ کم از کم 2 چینی پرچم بردار جہاز اس وقت آبنائے ہرمز میں ایرانی راستہ استعمال کر رہے ہیں۔
اس سے ممکنہ طور پر یہ اشارہ ملتا ہے کہ اس اہم آبی گزرگاہ سے چین کی کچھ بحری اور تجارتی سرگرمیاں اب بھی جاری ہیں۔
ایران کیخلاف امریکی جنگ کے اخراجات یومیہ 5 ارب ڈالر تک جا پہنچے
سابق ایرانی نائب وزیر خارجہ نے امریکی ادارے کی رپورٹ کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کیخلاف امریکی جنگ کے اخراجات 5 ارب ڈالر روزانہ تک پہنچ چکے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے سابق نائب وزیر خارجہ نے ہارورڈ کینیڈی سکول کی رپورٹ کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی جنگ کے براہ راست اور بالواسطہ اخراجات تقریباً 5 ارب ڈالر روزانہ ہیں۔
سابق ایرانی نائب وزیر خارجہ کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا کی جانب سے ہر روز کی جانے والی براہ راست فوجی کارروائی پر 2 ارب ڈالر خرچ ہوتے ہیں، جبکہ بالواسطہ اخراجات مزید 3 ارب ڈالر روزانہ بنتے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی اندازہ لگایا گیا تھا کہ امریکا کو ہر روز 8 ارب ڈالر کے معاشی فوائد سے محرومی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس کا اثر عام امریکی شہریوں اور ان دیگر لوگوں پر بھی پڑتا ہے جن کا اس تنازع سے کوئی تعلق نہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ امریکا کو ایران کی تیل کی تجارت میں مداخلت کا کوئی حق نہیں، بہت سے ممالک عملی طور پر ایران کے ساتھ اپنے تعلقات اور لین دین جاری رکھے ہوئے ہیں، اگرچہ وہ باضابطہ طور پر اس کا اعلان نہیں کرتے، اس جنگ نے صرف امریکی عوام اور مغربی ممالک پر اضافی معاشی بوجھ ڈالا ہے۔
ہتھیاروں کی فراہمی سے برطانیہ، فرانس بھی اسرائیلی جرائم میں شریک ہو رہے ہیں: ایران
ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ہتھیاروں کی فراہمی سے برطانیہ اور فرانس بھی اسرائیل کے جرائم میں شریک ہو رہے ہیں۔
ایک بیان میں کاظم غریب آبادی نے اسرائیل کیلئے مسلسل حمایت پر برطانیہ اور فرانس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا برطانیہ اور فرانس کو فلسطین کی صورتحال پر محض تشویش کا اظہار کرکے اپنی ذمہ داری سے بچنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو مسلسل ہتھیار فراہم کرنا اور کسی بھی شکل میں اس کی حمایت جاری رکھنا دراصل برطانیہ اور فرانس کی جانب سے ایک سوچا سمجھا فیصلہ ہے، جس کے ذریعے وہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے جرائم میں شریک ہو رہے ہیں۔
ایران آئندہ 50 برسوں کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کی تیاری کر رہا ہے، جنرل ابن الرضا
اپنے ایک بیان میں ایران کے قائم مقام وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل ابن الرضا نے کہا ہے کہ حالیہ جنگ سے حاصل ہونے والے تجربات کی بنیاد پر طویل المدتی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
وزارت دفاع کی حکمت عملی میں ملک کی قومی اور مقامی صلاحیتوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے پر توجہ دی جائے گی۔
دفاعی صنعت جدید ہتھیاروں کے نظام اور فوجی سازوسامان تیار کر رہی ہے، ایرانی وزارت دفاع
ایرانی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ایران کی دفاعی صنعت اس وقت ایک ہزار سے زیادہ جدید ہتھیاروں کے نظام اور فوجی سازوسامان تیار کر رہی ہے۔
ایک بیان میں ترجمان ایرانی وزارت دفاع جنرل رضا طلائی نے کہا کہ 1979ء سے پہلے ایران کی دفاعی پیداوار صرف 31 سادہ نوعیت کی اشیاء تک محدود تھی جن میں غیر ملکی جی تھری رائفلوں کی سمبلنگ بھی شامل تھی۔
انہوں نے کہا کہ آج یہ صورتحال مکمل طور پر تبدیل ہو چکی ہے اور ایران جامع دفاعی صنعت رکھنے والا ملک بن گیا ہے، اب مقامی سطح پر صرف بنیادی فوجی سامان ہی نہیں بلکہ بیلسٹک میزائل، ڈرونز، فضائی دفاعی نظام، ریڈار، فوجی الیکٹرانکس اور بھاری گولا بارود بھی تیار کیا جا رہا ہے۔
جنرل راضا طلائی نے مزید بتایا کہ میزائل کے شعبے میں ایران اب دنیا کی 10 بڑی طاقتوں میں شامل ہے، شہاب، قدر، عماد، قیام، ذوالفقار، خرمشہر، سجیل اور خیبر شکن جیسے میزائلوں کے کئی ورژن تیار کیے جا چکے ہیں۔
ایرانی کرنسی نئی امریکی پابندیوں کے باعث تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کی اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی اور ڈالر کے مقابلے میں ایرانی تومان کی قدر ملکی تاریخ کی کم ترین سطح پر ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک امریکی ڈالر 2 لاکھ تومان سے بھی مہنگا ہو گیا ہے، مہنگائی میں مسلسل اضافے نے عام گھرانوں پر معاشی دباؤ مزید بڑھا دیا ہے اور ایران میں سالانہ مہنگائی کی شرح بڑھ کر 61.4 فیصد ہو گئی ہے۔
اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 128.1 فیصد اضافہ ہوا ہے، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے تسلیم کیا کہ ایرانی شہری اس وقت بہت سے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہم پورے دل و جان سے مہنگائی، روزگار اور معاش سے متعلق مشکلات پر قابو پانے اور عوام کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاکہ وہ عزت اور وقار کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔
امریکا کا ایران پر نیا معاشی دباؤ فوجی محاذ پر ناکامی کا بالواسطہ اعتراف ہے، پاسداران انقلاب
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کہتے ہیں انہوں نے معاشی جنگ کا حکم دیا اور ایران کے خلاف سب سے شدید معاشی مہم شروع کی، یہ فوجی میدان میں دشمن کی ذلت آمیز شکست کا بالواسطہ اعتراف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر امریکا فوجی محاذ پر کامیابی حاصل کر چکا ہوتا تو اسے معاشی جنگ کا سہارا لینے کی ضرورت پیش نہ آتی، ایران کے خلاف معاشی دباؤ کوئی نئی بات نہیں، مخالف ممالک گزشتہ 47 برس سے ایران کے خلاف معاشی جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں اور معیشت کے تمام بڑے شعبوں پر پابندیاں عائد کرچکے ہیں۔
ترجمان پاسداران انقلاب نے کہا کہ ہم بارہا اعلان کر چکے ہیں کہ دشمن کی جانب سے کسی بھی جارحانہ اقدام کیلئے ہمارے پاس مختلف منصوبے موجود ہیں۔
بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے مزید کہا کہ دشمن کی کارروائیوں میں سے ایک معاشی اقدامات اور معاشی جنگ ہے، ایران کے پاس دشمن کی معاشی جنگ کے منفی اثرات کا مقابلہ کرنے کیلئے بھی منصوبے موجود ہیں اور تہران دیگر ممالک کے ساتھ آسانی سے معاشی تعلقات قائم کر سکتا ہے۔
واشنگٹن مایوسی کا شکار، نئی پابندیاں بھی تہران کو شکست دینے میں ناکام رہیں گی: عراقچی
ایرانی وزیر خارجہ نے نئی امریکی پابندیوں کی دھمکی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن مایوسی کا شکار ہے، متوقع نئی پابندیاں تہران کو شکست دینے میں ناکام رہیں گی۔
ٹیلی گرام پر جاری ویڈیو پیغام میں ایرانی وزیر خارجہ نے امریکی اقدامات کو بار بار دہرائے جانے والے منصوبے قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حقیقت کہ امریکی رہنما فوجی کارروائیوں سے آگے بڑھ کر ایک بار پھر انہی پرانے منصوبوں کی بات کر رہے ہیں، ظاہر کرتی ہے کہ وہ مایوس ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ واشنگٹن کو ایران کے ساتھ احترام کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے تاکہ انصاف اور عزت پر مبنی حل تلاش کیا جاسکے۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ایران کبھی خوفزدہ نہیں ہوا، ان کی تمام کارروائیاں چاہے وہ ناکہ بندیاں ہوں یا دیگر فوجی اقدامات، ناکام ہوچکی ہیں اور ان کا یہ نیا اقدام بھی ناکام ہوگا۔
''منجمد خارجہ پالیسی، منجمد معیشت کو جنم دیتی ہے''، ایرانی سپیکر کا امریکی پالیسی پر طنزیہ وار
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں امریکی پالیسیوں پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ منجمد خارجہ پالیسی، منجمد معیشت کو جنم دیتی ہے۔
باقر قالیباف نے کہا کہ امریکا گوشت کی قیمتیں کم کرنے کیلئے منجمد گوشت درآمد کررہا ہے، کیا بانڈز کے لیے منجمد شرح منافع بھی درآمد کی جائے گی؟
ایرانی سپیکر نے مزید کہا کہ گھروں کی قیمتوں کے لیے منجمد خریدار لائے جائیں گے، اجرتوں کیلئے منجمد تنخواہیں رکھی جائیں گی؟
باقر قالیباف نے اپنے بیان میں کہا کہ واحد چیز جو حرکت میں ہے وہ ایران کا پلٹ کر آنے والا وار ہے۔
ٹرمپ کی دھمکی پرانی فلم، ہم کئی بار دیکھ چکے ہیں: عباس عراقچی
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ٹرمپ کی معاشی جنگ وہی پرانی امریکی غنڈہ گردی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ٹرمپ کی دھمکی پرانی فلم ہے، ہم کئی بار دیکھ چکے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی دھمکیوں کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں، ہم دھمکیوں، پابندیوں سے خوفزدہ نہیں۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ امریکا کی تمام چالیں ناکام ہو چکی ہیں۔
ایران کے خلاف جنگ نے ایک نئی جغرافیائی سیاسی بیداری کو جنم دیا: فوجی ترجمان
ایران کی فوج کے ترجمان کے مطابق ایران کے خلاف جنگ نے ایک نئی جغرافیائی سیاسی بیداری کو جنم دیا ہے، خاص طور پر آبنائے ہرمز کی تزویراتی اہمیت اور اس کے ممکنہ اثر و رسوخ کے بارے میں عوام میں شعور بڑھا ہے، یہ صورتحال ایران کی خارجہ پالیسی اور خطے میں اس کی پوزیشن پر بھی اثرانداز ہو سکتی ہے۔
بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے کہا کہ حالیہ دو جنگوں کے دوران ایران کے فوجی نظریے میں بتدریج تبدیلی آئی ہے اور یہ محض دفاعی پوزیشن سے زیادہ فعال اور پیش قدمی پر مبنی حکمتِ عملی کی طرف بڑھا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس کا لازمی مطلب یہ نہیں کہ ایران خود تنازعات کا آغاز کرے گا، بلکہ اس کا مقصد جارحیت کی صورت میں فوری اور بھرپور جواب دینے کی صلاحیت برقرار رکھنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ جنگ بندی کے دوران فوج اپنے نقصان زدہ نظام کی بحالی، نئی صلاحیتوں کو متعارف کرانے اور فوجی اہلکاروں کی تربیت پر توجہ دے رہی ہے۔
امریکی بحریہ نے طویل فاصلے کے نئے ایئر ٹو ایئر میزائل کی رونمائی کر دی
امریکی بحریہ نے کہا ہے کہ امریکی بحریہ نے طویل فاصلے کے نئے ایئر ٹو ایئر میزائل کی رونمائی کر دی، ایئرٹوایئرمیلس میزائل انتہائی طویل فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، میزائل 463 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر ہدف کو نشانہ بناسکتا ہے۔
نئے میزائل کی تصاویر پینٹاگون کے سرکار میڈیا پلیٹ فارم پر جاری کی گئیں، پینٹاگون نے آفیشل پلیٹ فارم کے ذریعے نئے میلس میزائل کی تصدیق کر دی، امریکی بحریہ نے اسٹیلتھ فائٹر جیٹس کو نئے میزائل سے لیس کردیا۔
نیا امریکی ایئر ٹو ایئر میزائل 4.11 میٹر لمبا اور 0.34 میٹر چوڑا ہے، جدید امریکی میزائل کے پروں کا پھیلاؤ 0.67 میٹر رکھا گیا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کل تہران کا دورہ کریں گے: ایرانی وزارت خارجہ
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر پیر کو تہران کا دورہ کریں گے، دورے کے دوران اہم ملاقاتیں ہوں گی۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ فیلڈمارشل عاصم منیر کے دورے کا مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کیلئے پاکستان کی کوششوں کا تسلسل ہے، دورے کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ایران مزاحمت اور استقامت سے دنیا کو حیران کرنے والی طاقت بن کر ابھرا: پزشکیان
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ہم اس وقت مکمل پیمانے کی معاشی، عسکری اور سکیورٹی جنگ کا سامنا کر رہے ہیں۔
ٹی وی پر نشر ہونے والے اپنے خطاب میں ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کو ایک اور وینزویلا بنانے کوشش کی گئی، تاہم ایران نے اپنی مزاحمت، یکجہتی اور اتحاد کے باعث خود کو ایک ایسی ’’طاقت کے طور پر منوایا جس نے دنیا کو حیران کر دیا۔
ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے دُشمنوں کو اُمید ہے کہ وہ مسائل کے ذریعے معاشرے میں تقسیم اور پھوٹ ڈال سکیں گے، ہم تقسیم، پھوٹ، تنازعات اور انا پرستی سے بچنے کے لیے اپنی پوری کوشش کریں گے۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ ہماری قوم نے ایک غیر معمولی کارنامہ انجام دیا ہے، ایران مکمل جنگ میں ہے، ہم ایک مکمل پیمانے کی معاشی، فوجی اور سکیورٹی جنگ لڑ رہے ہیں۔
مسعود پزشکیان نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ حکومت اس بات پر شرمندہ ہے کہ ملک کی معیشت کو سنگین مسائل کا سامنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ آسانی سے کہتے ہیں کہ وہ ایران پر سب سے زیادہ تباہ کن یا انتہائی سخت پابندیاں عائد کریں گے۔ ہم کھڑے ہیں اور اس غیر مساوی جنگ کے سامنے عوام کی خدمت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
چین کے بغیر امریکا کیلئے ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنا ممکن نہیں: نیویارک ٹائمز
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنے تجزیے میں کہا ہے کہ ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کی امریکی کوششیں چین کے تعاون کے بغیر کامیاب ہونا مشکل ہیں۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق چین ایران کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور ایرانی تیل کا اہم ترین خریدار ہے، جس کی وجہ سے واشنگٹن کے لیے بیجنگ کو نظر انداز کرنا آسان نہیں۔
رپورٹ کے مطابق چین نے 2025 میں ایران کے ساتھ تقریباً 41.2 ارب ڈالر کی تجارت کی، جبکہ اسی سال چین نے ایران سے تقریباً 31.2 ارب ڈالر مالیت کا خام تیل درآمد کیا، چینی خریدار ایران کی مجموعی تیل برآمدات کا بعض اوقات تقریباً 90 فیصد تک حصہ لیتے ہیں۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق ایران کے تیل کے بڑے خریدار چین کی چھوٹی نجی ریفائنریاں ہیں، جنہیں عام طور پر ٹی پاٹس کہا جاتا ہے، یہ کمپنیاں عالمی مالیاتی نظام سے نسبتاً کم منسلک ہونے کی وجہ سے روایتی امریکی پابندیوں سے زیادہ محفوظ رہ سکتی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا ایران کے بینکوں، کمپنیوں، تیل کے تاجروں اور بحری جہازوں پر پابندیاں عائد کرسکتا ہے، لیکن اگر چین ایرانی تیل خریدتا اور تہران کے ساتھ تجارتی روابط برقرار رکھتا ہے تو ایران کے پاس آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ موجود رہے گا۔
دوسری جانب چین کے پاس بھی امریکا پر معاشی دباؤ ڈالنے کے ذرائع موجود ہیں، بیجنگ امریکا کو درکار اہم معدنیات کی برآمد محدود کرکے امریکی ٹیکنالوجی اور دفاعی صنعت کو متاثر کرسکتا ہے، چین نے گزشتہ سال امریکا کے ساتھ تجارتی کشیدگی کے دوران اہم معدنیات کی برآمد محدود کرکے اپنے معاشی اثر و رسوخ کا مظاہرہ بھی کیا تھا۔
تجزیے کے مطابق یہی صورتحال واشنگٹن کے لیے ایک مشکل پیدا کرتی ہے، امریکا ایران پر مزید پابندیاں عائد تو کرسکتا ہے، لیکن چین کے تعاون کے بغیر ایران کو مکمل طور پر معاشی طور پر تنہا کرنا مشکل ہوگا۔
رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی سرگرمیوں کے باعث امریکا نے بحرالکاہل سے بعض فوجی اثاثے منتقل کیے ہیں، چینی مبصرین ان اقدامات کو ایشیا میں امریکی فوجی پوزیشن کے لیے ممکنہ کمزوری کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
نیویارک ٹائمز کے تجزیے کا کہنا ہے کہ ایران پر معاشی دباؤ بڑھانے کی امریکی حکمت عملی کا انحصار بڑی حد تک اس بات پر ہے کہ چین واشنگٹن کے ساتھ تعاون کرتا ہے یا تہران کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات برقرار رکھتا ہے۔
صدر پزشکیان کے 'نہ جنگ نہ امن' کے بیان کے بعد ایرانی وزیرِ خارجہ کے علاقائی ممالک سے رابطے
ایرانی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے عمان کے وزیرِ خارجہ بدر البوسعیدی کے ساتھ ’مذاکرات کی بحالی کے لیے موزوں حالات‘ اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
عمان حالیہ مہینوں میں ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں ایک اہم ثالث کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔ فی الحال دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے اپنے مصری ہم منصب بدر عبد العاطی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں خلیجِ فارس اور بحیرہ احمر کی صورتِ حال نیز خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے جاری تازہ ترین سفارتی کوششوں پر بھی بات چیت کی۔
یہ رابطے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایک بار پھر ’نہ جنگ، نہ امن‘ کی کیفیت کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسائل کے حل کے لیے طاقت کے ساتھ، مگر منطق کے ساتھ مذاکرات کرنا ممکن ہے۔
چلی کا تہران میں اپنا سفارت خانہ بند کرنے کا اعلان
چلی کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ 31 اگست سے ایران میں اپنا سفارت خانہ بند کر دے گی، تاہم اس بات پر زور دیا ہے کہ اس فیصلے کا مطلب دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کا خاتمہ نہیں ہے۔
چلی کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ تہران میں سفارت خانہ بند ہونے کے بعد، ملک کے قونصلر امور ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں موجود چلی کے قونصل خانے کے ذریعے انجام دیے جائیں گے۔
وزارت نے اس فیصلے کی وجوہات میں حکومتی خارجہ پالیسی کے اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے آپریشنل تنظیمِ نو اور وسائل کی ترجیحات کا تعین، نیز مشرقِ وسطیٰ میں سکیورٹی کی صورتِ حال سے متعلق احتیاطی پہلوؤں کا حوالہ دیا ہے۔
چلی کے دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے صدر ہوزے انتونیو کاسٹ، جو مارچ سے اقتدار میں ہیں، ٹرمپ انتظامیہ سے ہم آہنگ موقف اختیار کیے ہوئے ہیں۔ تاہم، ان کی انتظامیہ کے کچھ ارکان نے حالیہ ہفتوں میں لاطینی امریکہ کے حوالے سے امریکی طرزِ عمل پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔
امریکا کے رویے میں تبدیلی تک آبنائے ہرمز بند رہے گی: ایران
ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے کہا ہے کہ امریکا کی قیادت میں جاری اقتصادی ناکہ بندی میں شامل ہونے والے کسی بھی ملک کو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ ناکہ بندی جاری رہی تو خلیج فارس سے تیل کا ایک قطرہ بھی کسی بھی راستے سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ ایران نے ابھی تک امریکی اقتصادی مفادات کو نشانہ نہیں بنایا، تاہم اگر ایسی دشمنانہ کارروائیاں جاری رہیں تو یہ آپشن بدستور موجود ہے، آبنائے ہرمز بند ہے اور اس وقت تک دوبارہ نہیں کھلے گی جب تک امریکا اپنا رویہ تبدیل نہیں کرتا اور اپنے وعدوں کی پاسداری نہیں کرتا۔ سب سے پہلے انہیں عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
ایرانی ہیکرز کے برطانیہ پر پہلے سائبر حملے کا انکشاف، پاور پلانٹ 4 روز تک بند رہا
برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے انکشاف کیا ہے کہ ایرانی ہیکرز نے گزشتہ ماہ اپنی نوعیت کے پہلے سائبر حملے کے ذریعے ایک برطانوی پاور پلانٹ کو 4 دن کے لیے بند کر دیا تھا۔
برطانوی اخبار کے مطابق خیال کیا جاتا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب ایرانی حکومت سے وابستہ ہیکرز برطانیہ میں کسی ایسی تنصیب کو بند کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
ٹیلی گراف کے مطابق یہ واقعہ عین اسی وقت پیش آیا جب گزشتہ ماہ امریکا میں پانی کی ترسیل کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں کا ایک سلسلہ شروع ہوا تھا جس نے 12 امریکی ریاستوں کو متاثر کیا اور وائٹ ہاؤس میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔
برطانوی حکام نے سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات کی تصدیق کرنے سے گریز کیا ہے کہ اس حملے میں کون سا پاور پلانٹ متاثر ہوا ہے، تاہم متاثرہ پاور پلانٹ 4 دن تک مکمل طور پر غیر فعال رہا اور اس دوران عملہ اسے دوبارہ فعال کرنے کے لیے مسلسل تگ و دو کرتا رہا۔
اخبار کے مطابق امکان ہے کہ متاثرہ پلانٹ نسبتاً چھوٹا تھا اور اس کی بندش سے برطانیہ کے بجلی کی پیداوار اور ترسیل کے وسیع تر نظام پر کوئی اثر نہیں پڑا۔
اخبار کا کہنا ہے کہ اگرچہ بنیادی ڈھانچے پر حملوں کے عام ہونے کے حوالے سے انتباہات جاری کیے جاتے رہے ہیں لیکن خیال کیا جاتا ہے کہ اس سے قبل کوئی بھی ہیکر کسی برطانوی پاور پلانٹ کو مکمل طور پر بند کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکا تھا۔
دی ٹیلی گراف کے مطابق ماہرین کا خیال ہے کہ اس واقعے کا مقصد غالباً یہ ثابت کرنا تھا کہ ایرانی پاسداران انقلاب سے منسلک ہیکرز برطانیہ کے حساس سسٹمز تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں اور اہم تنصیبات کو بند کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
دشمن کے سامنے ذلت آمیز طور پر نہیں جھکیں گے: ایرانی صدر پزشکیان
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ایک بار پھر نہ جنگ، نہ امن کی صورتحال کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای نے بھی اپنے قتل سے قبل اسی مؤقف کا اظہار کیا تھا۔
صدر پزشکیان نے ڈاکٹروں کے دن کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خامنہ ای نے اپنی ملاقاتوں اور تقاریر میں ’عوامی طور پر اعلان کیا تھا کہ ہمیں نہ جنگ، نہ امن کی اس صورتحال سے باہر نکلنا چاہئے۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے ’حکمت، تدبر، دانشمندی اور وقار‘ کی بنیاد پر فیصلے کرنا ہوں گے، ہم دشمن کے سامنے ذلت آمیز طور پر نہیں جھکیں گے۔ ہم طاقت کے ساتھ، لیکن منطق کی بنیاد پر بیٹھ کر اپنے مسائل حل کر سکتے ہیں۔
صدر پزشکیان نے یہ بھی کہا کہ انھوں نے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل میں متعدد بار اس بات پر زور دیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت کے بارے میں مذاکرات اور فیصلہ سازی میں شامل افراد کے نزدیک یہ بہترین مفاہمت کی یادداشت تھی۔
ان کے یہ تازہ بیانات گزشتہ چند دنوں کے دوران جنگ کے خاتمے اور سیاسی حل کی جانب پیش رفت کی ضرورت سے متعلق ان کے مؤقف کا تسلسلسمجھے جا رہے ہیں۔
ایران کیخلاف معاشی جنگ سے امریکا کو کوئی کامیابی نہیں ملے گی: سابق امریکی وزیر دفاع
سابق امریکی وزیر دفاع لیون پینیٹا نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف چھیڑی گئی معاشی جنگ سے امریکا کو کوئی خاطر خواہ کامیابی نہیں ملے گی۔
ایک بیان میں لیون پینیٹا نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز بند کر کے امریکا پر اقتصادی دباؤ بڑھا رہا ہے، ٹرمپ انتظامیہ کے حالیہ اقدامات تہران کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں کرسکیں گے۔
انہوں نے ٹرمپ انتظامیہ کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کو زیادہ دباؤ کی پالیسی کے بجائے تہران کے ساتھ سفارتی راستہ اختیار کرنا چاہئے۔
امریکی فوج کے سابق افسر سیڈریک لائٹن نے کہا ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ایران کو غذا اور طبی سامان کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنا جنگی جرم ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے اقدام سے عالمی سطح پر بہت چیخ و پکار مچے گی، اقدام سے دیگر ممالک کا امریکا سے متعلق رویہ بھی تبدیل ہو سکتا ہے۔
امریکا کی معاشی جنگ میں مدد کرنے والے ممالک کے مفادات کو نشانہ بنائیں گے: محسن رضائی
ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل محسن رضائی نے کہا ہے کہ دوسرے ممالک ایران کے خلاف اقتصادی اقدامات میں امریکا کا ساتھ دینے سے گریز کریں بصورت دیگر ایران ان کے مفادات کو نشانہ بنائے گا۔
اپنے بیان میں محسن رضائی نے کہا کہ ایران پر حملوں کے ساتھ ٹرمپ کی حماقتوں نے دنیا بھر کے ممالک میں ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی خواہش کو بڑھا دیا، اس خواہش میں تب اضافہ ہوا جب دیکھا گیا آئی اے ای اے اور جوہری عدم پھیلاؤ معاہدے کی رکنیت امریکی حملوں کو روکنے میں غیر مؤثر رہی۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے جوہری سلامتی کے بجائے جوہری عدم تحفظ پیدا کیا، ایران نے تمام بین الاقوامی حفاظتی اقدامات کو قبول کیا، ایران واحد ملک ہے جو ایٹمی ضوابط کی پاسداری میں تمام ممالک سے آگے ہے، ایران کو امریکا کے ساتھ تنازع اور اپنے سفارتی طرز عمل میں تبدیلی لانی چاہیے۔
محسن رضائی نے کہا کہ آج کا ایران جنگ سے پہلے والا ایران نہیں، فوجی تقرریاں نشاندہی کرتی ہیں کہ ایران جنگ کیلئے ہر دم تیار رہنے کا ارادہ رکھتا ہے، ایرانی نوجوانوں میں امریکا کا امن پسند ملک کا تصور یکسر بدل چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا سمجھ چکی ہے ٹرمپ بے وقوف انسان ہیں، دنیا ایران کو نئے انداز سے دیکھ رہی ہے، جنگ کے طریقے میں تبدیلی لائی جائے گی، امریکا سے جنگ کے تجربات اگلی جنگ میں استعمال کریں گے۔
ایرانی عہدیدار کے مطابق امریکی سمجھتے تھے جنگ ختم کر کے تیل اور گیس پر قبضہ کر لیں گے، جنگ میں 1200 آئل ٹینکر استعمال کے قابل نہیں رہے، 15 فیصد عالمی فلیٹ ناکارہ ہوگیا، خلیج فارس اور آبنائے ہرمز سے تیل کا ایک قطرہ بھی باہر نہیں جائے گا، ہم تیل کی برآمد کے دیگر راستوں کو بھی نشانہ بنائیں گے۔
محسن رضائی نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ کو اسرائیلی وزیراعظم نے ایران پر اقتصادی جنگ مسلط کرنے کیلئے قائل کیا، ٹرمپ شکوک و شبہات کا شکار تھے لیکن نیتن یاہو نے قائل کیا کہ وہ اس اقدام کو محض 2 سے 3 ماہ تک آزما کر دیکھیں اور پھر جائزہ لیں کہ آیا اسے مزید 6 ماہ تک جاری رکھنا ہے یا نہیں۔