ایران کے ساتھ معاہدے کی گنجائش موجود ہے: جے ڈی وینس
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے ایران کے ساتھ معاہدے کی گنجائش موجود ہے۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ معاہدے کے لئے تہران کو اپنے وعدوں کی پاسداری کرنا ہوگی، امریکا باتوں کے بجائے عملی اقدامات کی بنیاد پر مذاکرات کررہا ہے۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ اگلے دو ماہ میں ایران سے متعلق فیصلہ بھی عملی اقدامات کی بنیاد پر ہوگا، ہمیں لگتا ہے کہ سپریم لیڈر مجتبی خامنہ ای زندہ ہیں تاہم ایرانی سپریم لیڈر روز مرہ معاملات میں حصہ نہیں لے رہے۔
امریکا کو آخر کار خطے سے نکلنا ہے، وہ دن اس کیلئے پشیمانی کا ہوگا: ایران
ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا کہ امریکا کو آخر کار خطے سے نکلنا ہی ہوگا۔ امریکا کے خطے سے انخلا کا دن پشیمانی کا دن ہو گا۔
ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے ایکس پر بیان میں لکھا کہ خطے سے امریکا کے انخلا کے بعد آخر کار ہم اور ہمارے ہمسائے ہی خطے میں رہیں گے۔
ابراہیم عزیزی نے مزید لکھا کہ اسرائیلی حکومت کے خاتمے کے دن بھی قریب آتے جا رہے ہیں۔
امریکی صدر ایسی دلدل میں پھنس گئے جہاں مذاکرات کر سکتے ہیں نہ جنگ: محسن رضائی
ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے آذربائیجان کے نائب وزیراعظم سے ملاقات کی۔
ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے کہا کہ ایران نے امریکا کو اپنی شرائط سے آگاہ کر دیا، محسن رضائی کا کہنا ہے کہ ٹرمپ فیصلہ کرنے سے قاصر ہیں۔
محسن رضائی نے کہا کہ امریکی صدر ایسی دلدل میں پھنس گئے ہیں جہاں نہ مذاکرات کر سکتے ہیں نہ جنگ، امریکا نے فوجی جنگ میں بے بسی کے باعث فضائی ناکہ بندی کا سہارا لیا۔
ایران میں امریکی ڈالر کی قیمت 2 لاکھ 50 ہزار تومان کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی
ایران میں امریکی ڈالر کی قیمت 2 لاکھ 50 ہزار تومان کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔
ایک یورو کی قیمت 2 لاکھ 84 ہزار تومان سے تجاوز کر گئی، برطانوی پاؤنڈ 3 لاکھ 31 ہزار تومان سے زائد میں فروخت ہونے لگا، ایران امریکا مذاکرات کے مستقبل پر غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
ڈالر کی مسلسل بڑھتی قیمت سے ایرانی کاروباری طبقہ مشکلات کا شکار ہے۔
امریکا سے مذاکرات پہلے سے زیادہ سنجیدہ اور مختصر ہوسکتے ہیں: عراقچی
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکا کے ساتھ حالیہ مذاکرات ماضی کے مقابلے میں زیادہ سنجیدہ اور مختصر ہوسکتے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق تہران میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ پاکستان اور قطر کی ثالثی میں جاری سفارتی کوششوں کے دوران ایران نے اپنا تازہ ترین امن منصوبہ پیش کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اب امریکی ردعمل کا منتظر ہے اور توقع ہے کہ حالیہ مذاکرات کسی ممکنہ معاہدے کی راہ ہموار کرسکتے ہیں۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ماضی میں امریکا کے ساتھ مذاکرات میں کافی وقت لگا، تاہم اس مرتبہ حالات مختلف دکھائی دے رہے ہیں، اس لیے بات چیت زیادہ سنجیدہ انداز میں آگے بڑھنے کی امید ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کا امریکی عوام کے نام کھلا خط، ٹرمپ پالیسیوں کی مخالفت کا مطالبہ
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی عوام کے نام 25 صفحات پر مشتمل کھلا خط جاری کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کی مخالفت اور اسرائیل کی حمایت ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان حسین محبی نے تہران میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان پُرامن بقائے باہمی ممکن ہے، تاہم اس کے لیے امریکا کو اپنی خارجہ پالیسی تبدیل کرنا ہوگی۔
انہوں نے امریکی عوام پر زور دیا کہ وہ بیرونِ ملک جنگوں اور اسرائیل کی حمایت سے متعلق حکومتی پالیسیوں کی مخالفت کریں اور ٹرمپ کی جنگی کارروائیوں سے خود کو الگ کرتے ہوئے ان کی مذمت کریں۔
حسین محبی نے صدر ٹرمپ کو ناقابلِ اعتماد قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکی عوام کو خطے کی صورتِ حال سے متعلق مکمل معلومات فراہم نہیں کی جارہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حقائق سامنے آنے کے بعد امریکی عوام اپنی رائے اور فیصلوں پر نظرثانی کرسکتے ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب نے ٹرمپ حکومت پر جنگی کارروائیوں اور معاشی پابندیوں کے ذریعے ایران پر دباؤ ڈالنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ امریکا اپنی فوجی مداخلت اور مبینہ جنگی کارروائیاں بند کرے۔
امریکا اور ایران میں پیغامات کا تبادلہ، اتفاق رائے کی کوشش جاری ہے: قطر
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان پیغامات کا تبادلہ اب بھی جاری ہے اور اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
قطری وزارت خارجہ کے مطابق فریقین کے پاس مسئلے کے پرامن حل کے سوا کوئی راستہ نہیں، جبکہ کسی بھی فریق کی جانب سے علاقائی انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی مخالفت کرتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ خطے میں انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی دھمکی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، جبکہ خلیجی ممالک نے جنگ کا حصہ بننے کا انتخاب نہیں کیا۔
قطری وزارت خارجہ نے کہا کہ ایران کو علاقائی ممالک کے خلاف جارحانہ رویہ ترک کرنا ہوگا، تاہم قطر کو نشانہ بنائے جانے کے باوجود امن کی کوششوں سے دستبردار نہیں ہوگا۔
ٹرمپ بڑا جھوٹا، ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنا چاہتا: پاسدارانِ انقلاب
ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بڑا جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ کے جوہری ہتھیاروں اور دیگر معاملات سے متعلق بیانات حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔
حسین محبی نے کہا کہ امریکی عوام کو سچ بتایا جانا چاہئے، ایران کے خلاف امریکی فوجی مہم ناکام ہو چکی ہے اور امریکا کو خطے سے نکل جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنا چاہتا۔
ہماری سکیورٹی یقینی نہ بنائی گئی تو کوئی انفراسٹرکچر محفوظ نہیں رہے گا: باقر قالیباف
ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر اور چیف مذاکرات کار باقر قالیباف نے متنبہ کیا ہے کہ اگر ایران اپنا تیل فروخت نہیں کر سکتا تو خطے میں کوئی بھی تیل فروخت نہیں کر سکے گا اور اگر ہماری سکیورٹی یقینی نہ بنائی گئی تو کوئی انفراسٹرکچر محفوظ نہیں رہے گا۔
انہوں نے پارلیمان کے آن لائن منعقد ہونے والے اجلاس کی کارروائی شروع ہونے سے قبل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام کو محاصرے اور دھمکیوں سے کبھی خوف زدہ نہیں ہونا چاہئے، اگر امریکا اس بنیادی حقیقت کو نہ سمجھے تو وہ ایرانی قوم کی جانب سے بار بار سخت جواب ملنے کے چکر میں پھنسا رہے گا۔
اس سے قبل پارلیمان کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا تھا کہ ایران 40 روزہ جنگ سے بھی زیادہ سخت جنگ کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
ایران امریکا مذاکرات پر قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں: اسماعیل بقائی
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا ایران مذاکرات سے متعلق میڈیا رپورٹس کی کوئی حقیقی بنیاد نہیں ہے، نیویارک میں قطری وفد کے ساتھ ملاقات میں ثالث کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایرانی وفد نے قطری ثالث کو اپنے تحفظات اور مؤقف سے آگاہ کیا، ایران نے سفارتی عمل میں ہمیشہ نیک نیتی سے حصہ لیا ہے، ایران اپنے قومی مفادات کے دفاع میں کسی بھی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا۔
سعودی طیاروں کے 24 گھنٹوں میں 38 فضائی حملے، حوثیوں کا متعدد شہریوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کا دعویٰ
یمن حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی طیاروں نے 24 گھنٹوں کے دوران یمن کے تین صوبوں میں 38 فضائی اور میزائل حملے کیے، جن کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
یحییٰ سریع نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ سعودی حملے تعز، صعدہ اور حجہ صوبوں میں کیے گئے، ان حملوں میں خمیس مشیط اور طائف کے اڈوں سے اڑنے والے ایف-15 اور ٹائفون طیاروں نے حصہ لیا، جبکہ نجران اور جیزان سے میزائل حملے کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ کشیدگی میں اضافے کے آغاز سے اب تک سعودی حملوں اور میزائل حملوں کی مجموعی تعداد 1123 ہو گئی ہے۔
قطر نے ہمارے مؤقف سے امریکہ کو آگاہ کر دیا، اب امریکی جواب کا انتظار ہے: عراقچی
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے نیویارک سے تہران روانگی سے قبل کہا ہے کہ قطر کے ذریعے ایران کا سات نکاتی منصوبہ امریکہ تک پہنچا دیا گیا ہے اور اب ایران امریکی جواب کا انتظار کر رہا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ قطری ثالث کے ذریعے ہونے والی بات چیت میں ایران کا مؤقف امریکا تک پہنچایا گیا، توقع ہے کہ وائٹ ہاؤس کا جواب منگل کو ثالثوں کے ذریعے ایران تک پہنچ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن امریکی فریق کو ان شرائط سے آگاہ کرنا اور دیگر تمام ممالک اور عالمی برادری کو یہ بتانا تھا کہ ایران کے پاس اس معاملے میں ایک منصوبہ موجود ہے، اس کی شرائط مکمل طور پر منصفانہ اور منطقی ہیں اور اگر امریکی یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ کسی معاہدے یا پُرامن حل کے خواہاں ہیں تو ہم نے یہ حل پیش کر دیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران سامنے آنے والی ان قیاس آرائیوں کی بھی تردید کی جن میں کہا جا رہا تھا کہ ایران اپنے جوہری پروگرام میں لچک دکھانے پر آمادہ ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند گھنٹوں سے مختلف ذرائع ابلاغ میں پروپیگنڈا جاری ہے اور ایران سے متعلق دعوے کیے جا رہے ہیں اور باتیں منسوب کی جا رہی ہیں، میں واضح طور پر کہتا ہوں کہ ایران کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے ہماری شرائط واضح ہیں۔
عباس عراقچی ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور دیگر اعلیٰ سفارت کاروں کے ہمراہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس دورے کے نتائج سے ظاہر ہوا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، امریکہ اور صہیونی حکومت کی جانب سے پیش کرنے کی کوشش کے برعکس، بالکل بھی تنہا نہیں بلکہ اسے بہت زیادہ احترام حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ متعدد ملاقاتوں میں یہ بات سامنے آئی کہ ان ممالک کے عوام اور حکام ایران کے اقدامات اور دنیا کی سب سے بڑی ورچوئل فوج کے خلاف اس کی مزاحمت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، جس پر بہت سے مختلف ممالک اور لوگ فخر محسوس کرتے ہیں۔
ایران نے دنیا بھر میں امریکی مفادات کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے: مارکو روبیو
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے فاکس نیوز کو انٹرویو میں کہا کہ ایران نے دنیا بھر میں امریکی مفادات کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے، کسی بھی حملے یا حملے کی کوشش کے سنگین نتائج ہوں گے۔
مارکو روبیو نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے ایران کو اس کے خطرناک مقاصد سے روکنے کے لیے حملے کیے، ایران میزائل، ڈرونز اور دیگر ہتھیاروں کی صلاحیت بڑھا رہا تھا، ایران کی حکمت عملی روایتی ہتھیار مضبوط کرکے بیرونی مداخلت روکنا تھی۔
انہوں نے کہاکہ ایران دفاع مضبوط کر کے جوہری صلاحیت کی جانب بڑھنا چاہتا تھا، برطانیہ میں امریکی مفادات سے متعلق مبینہ دہشت گردی کی سازش بھی انتہائی سنگین خطرہ ہے۔
ٹرمپ کی ایران کو پابندیوں میں ریلیف اور منجمد اثاثوں کی پیشکش کی تردید
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ امریکا نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اقدامات کے بدلے تہران کو پابندیوں میں ریلیف دینے یا منجمد ایرانی اثاثے بحال کرنے کی پیشکش کی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے ایران کو کچھ بھی پیشکش نہیں کی اور امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کی رپورٹ کو غلط قرار دیتے ہوئے اسے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب ایگزیوس نے امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ ایران کی جانب سے جوہری پروگرام کو محدود کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کی صورت میں ٹرمپ انتظامیہ پابندیوں میں نرمی اور منجمد ایرانی فنڈز تک رسائی دینے پر غور کر رہی ہے۔
یہ معاملہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان قطر سمیت علاقائی ثالثوں کے ذریعے بالواسطہ سفارتی رابطے جاری ہیں۔
ایگزیوس کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی نمائندوں کے ساتھ مذاکرات میں آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے اور جوہری مذاکرات کی بحالی سے متعلق ایرانی شرائط پیش کی تھیں۔
رپورٹس کے مطابق ایران نے مذاکرات کی پیشرفت کیلئے امریکی بحری ناکہ بندی ختم کرنے، ایرانی تیل کی فروخت پر پابندیاں ہٹانے اور منجمد اثاثوں کی بحالی جیسے مطالبات پیش کیے ہیں، جبکہ امریکی حکام جوہری پروگرام سے متعلق ایرانی یقین دہانیوں اور اقدامات پر زور دے رہے ہیں۔
دریں اثنا ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا تھا کہ تہران سفارتی حل کیلئے تیار ہے اور ثالثوں کے ذریعے واشنگٹن کے جواب کا انتظار کر رہا ہے۔
المخا میں یمنی افواج کے ساتھ جھڑپوں میں 5 حوثی ہلاک، 13 زخمی
یمن کی سرکاری فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثی ملیشیا پر حملوں میں 5 حوثی باغی ہلاک اور 13 زخمی ہوئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق یمنی فوج نے حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں پر زمینی اور فضائی حملے جاری ہیں، سرکاری فوج نے تعز، مارب اور الحدیدہ پر ڈرون طیاروں سے بمباری کی۔
یمنی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ڈرونز سے الجوف کے علاقے میں حوثیوں کی گاڑیوں اور اجتماعات کو نشانہ بنایا۔
گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران حوثی ملیشیا کے خلاف 756 حملے کیے گئے، حملوں کے نتیجے میں 2 ہزار 316 حوثی جنگجوؤں کو ہلاک یا زخمی کیا۔
غزہ میں نیتن یاہو کی پیدا کردہ تکالیف کو جائز قرار نہیں دے سکتے: برطانوی وزیر خارجہ
برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے کہا ہے کہ غزہ میں نیتن یاہو حکومت کی پیدا کردہ تکالیف کو جائز قرار نہیں دے سکتے۔
لیبر پارٹی کانفرنس سے خطاب میں ایڈ ملی بینڈ نے کہا کہ غزہ اور مغربی کنارے کی صورت حال دنیا کے اجتماعی ضمیر پر بدنما داغ ہے۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ مغربی کنارے میں دہشت گردوں کی طرف سے قتل عام، غزہ میں جنگی جرائم کے شواہد کی نشاندہی اور غزہ پر غیر قانونی اسرائیلی قبضے کی مذمت کرتا ہے۔
وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ کا مزید کہنا تھا کہ ہم ان لوگوں کی آواز سن رہے ہیں جو فلسطینیوں کی حالات پر غم و غصے میں ہیں، وہ لوگ درست ہیں۔