ایران کے ساتھ براہ راست مذاکرات کیلئے ہمیشہ تیار ہیں: امریکی صدر کا اعلان
.jpg)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ براہ راست مذاکرات کے لئے ہمیشہ تیار ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ جلد ختم ہو جائے گی، آبنائے ہرمز سے بڑی مقدار میں تیل کی ترسیل جاری ہے، تیل کی قیمتیں بڑھنے کی اصل وجہ ریفائنریز ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ برطانوی اڈے سے لانچرز ہٹانے کی وجہ مخصوص خطرہ تھا، لانچرز کو برطانوی اڈے سے ہٹا کر بہت دور مقام پر منتقل کر دیا۔
امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ یمن میں حوثیوں کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری رہے گا۔
امریکا مذاکرات نہیں ایرانی حکومت کا تختہ الٹنا چاہتا ہے: صدر مسعود پزشکیان
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران امریکا پر قطعی اعتماد نہیں کرسکتا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ مذاکرات کے دوران بھی امریکا ایران پر حملے کرتا ہے، جب بھی مذاکرات کی میز پر آتے ہیں جنگ کا سامنا ہوتا ہے، ایسے دشمن سے مذاکرات مکمل طور پر بے معنی ہیں۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکا نے ایران پر تین بار حملہ کیا، امریکا مذاکرات نہیں ایرانی حکومت کا تختہ الٹنا چاہتا ہے۔
دشمن کی نئی غلطی کا منہ توڑ جواب دیں گے، ایرانی آرمی چیف
ایرانی آرمی چیف جنرل امیر حاتمی نے خبردار کیا ہے کہ دشمن کی کسی بھی نئی غلطی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور اسے کچل دیا جائے گا۔
امیر حاتمی نے کہا کہ جنگ میں جانی نقصان اپنی جگہ، لیکن جنگ ایران کے لیے عزت اور فخر کا باعث بنی۔
ایرانی آرمی چیف نے کہا کہ فوجی محاذ پر ناکامی کے بعد دشمن نے پابندیوں اور معاشی دباؤ کا راستہ اختیار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن ایران میں عدم تحفظ اور بدامنی پیدا کرنے کی کوششیں کر رہا ہے، تاہم ایران کسی بھی نئی کارروائی کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
سعودی عرب اور یمن کو باب المندب میں حوثیوں کا کنٹرول قبول نہیں: روبیو
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ باب المندب کے قریب حوثیوں کا کنٹرول سعودی عرب اور یمنی فورسز کو قبول نہیں ہے۔
مارکو روبیو نے کہا کہ یمن میں جاری کارروائی حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں کی واپسی کے لیے جوابی حملہ ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ حوثی حملوں کا سامنا کرنے والے سعودی عرب کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔
مارکو روبیو نے واضح کیا کہ یمن میں حالیہ فوجی نقل و حرکت کا گزشتہ ہفتے فیئر فورڈ بیس پر پیش آنے والے واقعے سے براہِ راست تعلق نہیں ہے۔
نئی جنگ کی صورت میں خطے کے امریکی اتحادی بھی متاثر ہوں گے: ایران
ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل علی عبداللہی نے خبردار کیا ہے کہ نئی جنگ کی صورت میں اس کی آگ خطے میں امریکا کی میزبانی کرنے والے تمام ممالک تک پہنچے گی۔
میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا کہ ایران امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج کا انتظار نہیں کر رہا، ایران کسی بھی فوجی کارروائی کا سخت جواب دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران ہر قسم کے خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی ممکنہ فوجی کارروائی کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آئی اے ای اے بھیڑ کی کھال میں بھیڑیا ہے۔
میجر جنرل علی عبداللہی نے ایرانی جوہری مراکز سے متعلق آئی اے ای اے کے تبصروں کو بے بنیاد قرار دیا۔
امریکا سعودی عرب کو فوجی مدد فراہم کر رہا ہے، امریکی حکام
امریکی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا سعودی عرب کو حوثیوں کے خلاف کارروائیوں کے لیے فوجی مدد فراہم کر رہا ہے۔
نیویارک ٹائمز سے گفتگو میں امریکی حکام نے بتایا کہ امریکی اہلکار حوثیوں کے خلاف اہداف کے تجزیے اور انتخاب میں سعودی عرب کی مدد کر رہے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق امریکا سعودی عرب کے دفاعی گشت کے لیے فضائی ایندھن کی فراہمی بھی کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکی فوجی معاونت سعودی عرب کی دفاعی صلاحیتوں اور حوثیوں کے خلاف کارروائیوں میں تعاون تک محدود ہے۔
یمن: آپریشن میں 100 جنگی طیاروں کی شرکت، 324 اہداف تباہ
یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے صدر رشاد محمد العلیمی نے اعلان کیا ہے کہ فجر الیمن کے نام سے ایک آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد ریاستی اداروں کی بحالی، دار الحکومت صنعا کی آزادی اور حوثیوں کی بغاوت کا خاتمہ بتایا گیا ہے۔
العلیمی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ یمنی عوام کے عزم، مسلح افواج کی بہادری اور برادر و دوست ممالک کی حمایت کے ساتھ، یمن آزادی، امن اور استحکام کی ایک نئی صبح کی جانب بڑھے گا۔
اتحادی افواج کے ترجمان نے کہا کہ فجر الیمن آپریشن میں پیر کی صبح 100 جنگی طیاروں نے حصہ لیا۔ ان کے مطابق اتحادی افواج نے 324 ایسے اہداف کو تباہ کیا جنہیں اعلیٰ اہمیت کے حامل قرار دیا گیا۔
یمنی فوج نے باب المندب کے قریبی علاقے ذباب کا کنٹرول حاصل کر لیا
عرب میڈیا کے مطابق یمنی فوج نے باب المندب کے قریبی علاقے ذباب کا کنٹرول حاصل کر لیا۔
حوثی ملیشیا کے خلاف آپریشن میں یمن کی جائنٹس اور ہوم لینڈ شیلڈ فورسز نے حصہ لیا، یمنی فورسز کو فضائی معاونت بھی حاصل رہی۔
عرب میڈیا کے مطابق فورسز ذباب میں حوثی ملیشیا کی سپلائی لائن منقطع کرنے کے قریب پہنچ گئی ہیں، جائنٹس اور ہوم لینڈ شیلڈ فورسز کی باب المندب کے اطراف کے علاقوں میں بھی پیش قدمی جاری ہے۔
باب المندب کے قریب ذباب کا علاقہ اسٹریٹجک اہمیت رکھتا ہے۔
یمنی حکومتی فورسز کے حوثیوں کیخلاف 1122 حملے، 1747 جنگجو ہلاک
یمنی حکومتی فورسز کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ماجد عبداللّٰہ النزیلی نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں پر 1122 حملوں کے دوران 1747 حوثی جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق حملوں میں حوثیوں کے مورچوں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے بتایا ہے کہ یمنی فورسز نے صعدہ، الجوف، تعز اور ساحلی علاقوں میں لڑاکا طیاروں، ڈرونز اور میزائلوں کے ذریعے کارروائیاں کیں۔
ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران حوثیوں کی 364 فوجی گاڑیاں، عسکری ساز و سامان اور دیگر گاڑیاں تباہ یا ناکارہ بنا دی گئیں۔
ایران نے سٹار لنک کی کارروائیوں پر ناروے کے سفیر کو طلب کر لیا
ایران نے اپنی حدود میں غیر مجاز سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کی مبینہ سرگرمیوں پر ناروے کے سفیر کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔
ایران انٹرنیشنل کے مطابق ایرانی وزارتِ خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل محمد حسن نجاد پیرکوہی نے اتوار کو تہران میں ناروے کے سفیر پال بیورنستاد کو طلب کیا اور انہیں باضابطہ احتجاجی مراسلہ دیا۔
ایرانی عہدیدار نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل امریکی ارب پتی شخصیت ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کی ملکیت اسٹارلنک کو ایران کے خلاف مداخلت پسندانہ مقاصد کے لیے منظم انداز میں استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ناروے اقوامِ متحدہ کے عالمی مواصلاتی ادارے میں اسٹار لنک کی خدمات کے رجسٹرڈ ملک کی حیثیت سے اپنی قانونی ذمے داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا ہے۔
ایرانی عہدیدار کے مطابق عالمی مواصلاتی ادارے کے ریڈیو ضوابط بورڈ کے گزشتہ برسوں کے فیصلوں کے تحت ناروے کی حکومت پر لازم ہے کہ وہ ایران کی حدود میں اسٹارلنک کی غیر مجاز نشریات روکنے کے لیے ضروری اقدامات کرے۔
محمد حسن نجاد پیرکوہی نے یہ بھی کہا ہے کہ ناروے نے ایران کی جانب سے بارہا کی گئی ان سرگرمیوں کو روکنے کی درخواستوں کو نظر انداز کیا ہے جنہیں تہران قومی سلامتی اور علاقائی خودمختاری کے لیے نقصان دہ قرار دیتا رہا ہے۔
یمنی وزیر خارجہ کی حوثی ملیشیا کے خلاف فوجی کارروائی کیلئے عالمی حمایت کی اپیل
یمنی وزیر خارجہ افراح الزوبہ نے حوثی ملیشیا کے خلاف فوجی کارروائی کیلئے عالمی حمایت کی اپیل کر دی۔
یمنی وزیر خارجہ افراح الزوبہ نے کہا ہے کہ یمنی عوام کو اپنی ریاست اور سلامتی بحال کرنے کا حق حاصل ہے، حکومتی کارروائی کا مقصد ملک بھر میں ریاستی خودمختاری بحال کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہتھیاروں کو ریاستی کنٹرول میں لانا بھی فوجی مہم کا مقصد ہے، عالمی برادری یمنی عوام اور ریاستی اداروں کی حمایت کرے، کشیدگی میں کمی اور امن کیلئے تمام مواقع ختم ہوچکے ہیں۔
یمنی وزیر خارجہ نے کہا کہ حوثی ملیشیا طاقت کے ذریعے یمنی عوام پر اپنی مرضی مسلط کر رہی ہے، حوثی ملیشیا کی کارروائیوں سے لاحق خطرات یمنی سرحدوں سے آگے بڑھ چکے ہیں۔
مکہ دفاعی اتحاد کی سٹریٹجک کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج، علاقائی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سٹریٹجک پولیٹکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج ہو رہا ہے جس میں خطے کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر آج سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ریاض جائیں گے۔
پاکستانی وفد مکہ معاہدے کے تحت قائم سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کرے گا جس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال اور مکہ معاہدے کے تحت جاری تعاون کا جائزہ لیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں پاکستان کی شرکت علاقائی امن و استحکام میں مسلسل کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار ہے۔
ترک وزارت خارجہ کے مطابق اجلاس میں ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان، سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کے علاوہ ترک وزیر دفاع یاشر گلر اور ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بایراکتار اوغلو بھی شریک ہوں گے۔
ترکیہ کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں حالیہ علاقائی پیش رفت اور اتحاد کو ادارہ جاتی شکل دینے کی کوششوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔
یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومت نے ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ کے خلاف ایک بڑی فوجی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد ان علاقوں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنا ہے جو اس گروہ کے قبضے میں ہیں۔
ایک ٹیلی وژن خطاب میں یمنی صدارتی قیادت کونسل کے سربراہ رشاد العلیمی نے کہا کہ قومی دفاعی کونسل کے فیصلوں کی بنیاد پر ہم آج جمہوریہ کے باقی ماندہ علاقوں کی بازیابی اور پورے ملکی علاقے میں ریاستی اختیار اور اداروں کی عملداری بحال کرنے کے لیے فوجی کارروائیوں کے آغاز کا اعلان کرتے ہیں۔
رشاد العلیمی نے مزید کہا کہ میں مسلح افواج، سکیورٹی فورسز اور تمام فوجی تشکیلوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اعلان کردہ منصوبوں کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دینا شروع کریں، یہاں تک کہ ملک کو حوثی دہشت گرد ملیشیا کے قبضے سے آزاد کرا لیا جائے۔
یہ اعلان گزشتہ ماہ حوثیوں کی جانب سے کیے گئے اچانک حملے کے بعد جنگ میں ایک بڑا نیا اضافہ سمجھا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں گروہ نے بحیرہ احمر کے ساحل پر وسیع علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ
حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
سرمایہ کاروں میں خدشات پیدا ہوئے ہیں کہ حملوں سے خطے کے سب سے بڑے تیل برآمد کنندہ سعودی عرب کی پیداوار متاثر ہو سکتی ہے۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق برطانوی خام تیل 103 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا، امریکی خام تیل کی قیمت 91 ڈالر فی بیرل سے زائد ریکارڈ کی گئی۔
متحدہ عرب امارات کے مربن کروڈ آئل کی قیمت بھی 111 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تاہم قدرتی گیس کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔
امریکا نے برطانوی فوجی اڈے سے اپنے تمام بمبار طیارے ہٹا لیے
امریکا نے برطانیہ کے آر اے ایف فیئر فورڈ فوجی اڈے سے اپنے تمام بمبار طیارے واپس امریکہ میں ان کے مستقل اڈوں پر منتقل کر دیے ہیں۔
امریکا نے اس انخلا کی کوئی وجہ نہیں بتائی، تاہم یہ اقدام 27 ستمبر کو پیش آنے والے ایک بڑے واقعہ کے بعد سامنے آیا ہے، جب گلوسٹرشائر میں واقع اس فضائی اڈے کے قریب تین ’مشکوک گاڑیوں‘ کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس کو طلب کیا گیا تھا۔
اس واقعہ کے سلسلے میں ابتدائی طور پر پانچ افراد کو دہشت گردی سے متعلق الزامات کے شبہے میں گرفتار کیا گیا تھا، تاہم بعد میں انہیں پولیس ضمانت پر رہا کر دیا گیا، بعد ازاں ایک چھٹے شخص، جو برطانوی۔ایرانی شہری بتایا جاتا ہے، کو بھی گرفتار کرکے ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔