عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک فیصد سے زائد کمی
ایران جنگ کے خاتمے کیلئے مذاکرات کے تیسرے روز عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایشیائی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت 1 ڈالر 51 سینٹ کمی کے بعد 111 ڈالرز 92 سینٹ فی بیرل ہوگئی، جو 1.33 فیصد کمی ہے۔
امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت بھی 1 ڈالر 78 سینٹ کمی کے بعد 102 ڈالرز 34 سینٹ فی بیرل پر آ گئی، جس میں 1.71 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ایرانی اور قطری حکام کے درمیان جنگ کے خاتمے کیلئے مسلسل تیسرے روز بھی مذاکرات جاری ہیں۔
خلیجی تعاون کونسل کی قطر کے گیس بردار جہاز پر حملے کی مذمت
خلیجی تعاون کونسل نے قطر کے مائع گیس بردار جہاز پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کشیدگی میں خطرناک اضافہ قرار دیا ہے۔
کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے ایک بیان میں کہا کہ ایسے حملے علاقائی استحکام اور عالمی توانائی کی منڈیوں کے لیے خطرہ ہیں۔
قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق گیس بردار جہاز المعیدہ خلیج فارس سے گزر رہا تھا جب اسے ایک نامعلوم شے نے نشانہ بنایا۔
البدیوی نے خبردار کیا کہ تیل اور گیس بردار جہازوں پر حملے عالمی توانائی کی فراہمی میں رکاوٹ، منڈیوں میں عدم استحکام اور سمندری ماحول کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکر سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر پھٹ گئے: پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ
ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکر مبینہ طور پر غیر مجاز راستے سے گزر رہے تھے، جہاں وہ سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے اور دھماکوں کا شکار ہو گئے۔
بیان کے مطابق ان میں سے ایک جہاز ایک بہت بڑا آئل ٹینکر تھا، جو شدید دھماکے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آ گیا اور جل رہا ہے۔
سپاہ پاسداران نے اپنے سابقہ بیانات کی طرح ان جہازوں پر یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ انہوں نے اپنے نیویگیشن اور شناختی نظام بند کر رکھے تھے اور وہ خفیہ طور پر آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
یہ دعویٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز اتھارٹی نے چند گھنٹے قبل ایک جہاز کو ایک نامعلوم پرتابی شے کے نشانہ بننے کی اطلاع دی تھی۔
عالمی بحری آمدورفت کی نگرانی کرنے والے ادارے وینگارڈ کے مطابق متاثرہ جہازوں میں سے ایک پاناما کے پرچم تلے سفر کر رہا تھا، دھماکے اور آگ لگنے کے بعد اس کا کچھ حصہ پانی میں ڈوب گیا ہے۔
یمنی فورسز کا حوثیوں کے دو ڈرون مار گرانے کا اعلان
یمن کی سرکاری فورسز نے کہا ہے کہ صوبہ تعز کے علاقے صبر میں حوثیوں کے دو ڈرون مار گرائے ہیں۔
فورسز کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے حوثیوں کی جانب سے جنوبی علاقے کی طرف داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو بھی راستے میں روک لیا، جس کے بعد وہ اپنے ہدف تک نہیں پہنچ سکا۔
یمنی حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز خطے میں کسی بھی ممکنہ حملے سے نمٹنے کے لئے چوکس ہیں، جبکہ حوثیوں کی جانب سے ڈرون اور میزائل حملوں کی کوششوں کو ناکام بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔
امریکی صدر کی ایران کو معاہدہ نہ کرنے پر پھر سخت کارروائی کی دھمکی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کہتے ہیں ایران سے مذاکرات اچھے مرحلے میں ہیں، ایرانی معاہدہ کرتے ہیں اور پھر مکر جاتے ہیں، ان پر زیادہ بھروسہ نہیں کرسکتے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایران کو معاہدہ کرنا ہوگا ورنہ امریکا جلد معاملہ نمٹا دے گا، میں لوگوں کی جانیں بچانے کی کوشش کرنا چاہتا ہوں لیکن ایک مرحلے پر ہمیں سخت کارروائی کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم سے اچھی گفتگو ہوئی، نیتن یاہو سے ایران کے معاملے پر بات ہوئی۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا دنیا میں سب سے زیادہ تیل ہمارے پاس ہے، کینیڈا کے ساتھ معاہدے پر بات چیت مثبت سمت میں جا رہی ہے، کینیڈا کے ساتھ معاہدے کے قریب ہیں۔
خطے کے ممالک ایران کیخلاف جنگ کی حمایت نہ کریں: عباس عراقچی
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کیخلاف نئی جنگ کی حمایت نہ کریں، امید ہے خطے کے ممالک ماضی سے سبق سیکھ چکے ہوں گے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے روسی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے خلیجی ہمسایہ ممالک کو نہیں بلکہ صرف امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا، خطے کے ممالک کو آگاہ کیا تھا حملے کی صورت میں خطے میں امریکی اڈے نشانہ ہوں گے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ایران نے امریکی حملے کی صورت میں جوابی کارروائی سے متعلق پیشگی اطلاع دی تھی، خلیجی ممالک میں ایرانی میزائلوں کے گرنے کی ذمہ داری ایران پر نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوست ممالک اب سمجھتے ہیں کہ امریکی اڈے انہیں تحفظ نہیں دے سکتے، امریکی اڈے خود اپنی حفاظت کی صلاحیت بھی نہیں رکھتے، خطے کے ممالک ایران کے خلاف نئی امریکی جنگ کی حمایت نہ کریں۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ دوست ممالک امریکا کو نئی جنگ سے روکنے میں کردار ادا کریں، جنگ کی حوصلہ افزائی کے بجائے کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی جائے، سکیورٹی خدشات کے باعث مجتبیٰ خامنہ ای کی تصاویر جاری نہیں کی جا رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجتبیٰ خامنہ ای بطور سپریم لیڈر تمام معاملات دیکھ رہے ہیں، ریاستی فیصلے مجتبیٰ خامنہ ای کے سامنے پیش کیے جاتے ہیں، وہ انتہائی متحرک انداز میں کردار ادا کر رہے ہیں۔
عباس عراقچی نے کہا کہ محتاط رہنا ہوگا کیونکہ ایسے دشمنوں کا سامنا کر رہے ہیں جو شخصیات کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔