ایران کی زمینی تجارتی گزرگاہوں کی نگرانی کیلئے امریکی ٹاسک فورس آئرن گیٹ قائم
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایران کی زمینی تجارتی گزرگاہوں اور بحیرہ کیسپین کے راستے سامان کی نقل و حرکت محدود کرنے کے لیے نئی ٹاسک فورس آئرن گیٹ قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔
سینٹ کام کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے ٹاسک فورس کے قیام کی ہدایت کی ہے، جس کا بنیادی مقصد ایران کو جدید ہتھیاروں، دوہرے استعمال کی ٹیکنالوجی اور پابندیوں کے شکار سامان کی ترسیل روکنا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ ٹاسک فورس آئرن گیٹ ایران کی زمینی سرحدوں اور بحیرہ کیسپین کے راستے سامان کی نقل و حرکت کی نگرانی اور اسے محدود کرنے کے لیے کام کرے گی۔
نئی ٹاسک فورس میں تقریباً 20 سویلین اور فوجی اہلکار شامل ہوں گے، جبکہ اس کا ہیڈکوارٹر امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر ٹمپا میں قائم کیا گیا ہے۔
سینیٹ کام کا کہنا تھا کہ ٹاسک فورس امریکی حکومت کے دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کرے گی تاکہ ایران کے فوجی ذخائر دوبارہ بھرنے کے امکانات محدود کیے جاسکیں اور ایران کو جدید فوجی سازوسامان کی فراہمی روکی جاسکے، ایران کی غیر قانونی آمدن کے ذرائع محدود کرنا بھی ٹاسک فورس کے اہم مقاصد میں شامل ہے۔
دوسری جانب ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا کہ امریکی حکومتی اداروں کے درمیان تعاون بڑھا کر ایران کو فوجی ذخائر دوبارہ بھرنے سے روکنے کی کوشش کی جائے گی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ امریکی بحری ناکہ بندی کے باعث ایران کی 25 ارب ڈالر سے زائد مالیت کی خام تیل کی برآمدات رک چکی ہیں۔
امریکا کا مشرق وسطیٰ میں اپنے شہریوں کیلئے سکیورٹی الرٹ جاری
مشرق وسطیٰ میں مسلح حملوں کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر امریکا نے اپنے شہریوں کے لیے سکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے محتاط رہنے کی ہدایت کردی۔
امریکی حکام کے مطابق ایران کی جانب سے خطے میں امریکی حکومتی عہدیداروں کو نشانہ بنانے کی کوششوں کا خدشہ ہے، جبکہ حوثی ملیشیا کے حملوں سے بھی خلیجی ممالک کی سکیورٹی کو خطرات لاحق ہیں۔
امریکی حکام نے فضائی پروازیں منسوخ ہونے اور فضائی حدود بند ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
آبنائے ہرمز کے مشرق میں ٹینکر بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا: ایرانی بحریہ
ایرانی بحریہ کے مطابق آبنائے ہرمز کے مشرق میں ایک ٹینکر بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ لگ گئی اور وہ ناکارہ ہوگیا۔
ایرانی بحریہ کا کہنا ہے کہ ٹینکر نے نیویگیشن سسٹم بند کرکے ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی، بار بار وارننگ کے باوجود ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے پر ٹینکر بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا۔
ایرانی بحریہ نے خبردار کیا ہے کہ ایران کی وارننگ نظرانداز کرنے والے بحری جہاز بھی اسی انجام سے دوچار ہوں گے۔
ایران کا زیرِ زمین میزائل اڈوں کے وسیع نیٹ ورک کے قیام کا دعویٰ
پاسداران انقلاب کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے ملک کے وسیع جغرافیے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے زیرِ زمین میزائل اڈوں اور تنصیبات کا ایک وسیع نیٹ ورک قائم کیا ہے جنہیں مقامی مہارت سے تیار کیا گیا ہے۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹی وی کے مطابق پاسداران انقلاب کے ترجمان برگیڈیئر جنرل محبی نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ تنازع کے دوران آئی آر جی سی کی ایرو سپیس فورس نے دشمن کے 260 طیارے مار گرائے۔
انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایران نے دشمن کی بمباری کے باوجود میزائلوں اور ڈرونز کی پیداوار جاری رکھی اور پیداواری تنصیبات کو زمین کے اوپر سے زیرِ زمین منتقل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
سعودی اتحادی فوج نے حوثیوں کا کروز میزائل تباہ کردیا
سعودی اتحادی فوج نے حوثیوں کا کروز میزائل تباہ کردیا۔
اتحادی فوج کا کہنا ہےکہ حوثیوں کی جانب سے ریاض کی جانب داغا گیا ڈرون بھی تباہ کردیا گیا۔
امریکا ایران تنازع کا سفارتی حل تلاش کرنے کے لیے تیار ہے: قطری وزیر اعظم
قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے کہا ہے کہ امریکا ایران تنازع کا سفارتی حل تلاش کرنے کے لیے تیار ہے۔
قطری وزیراعظم نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں سے امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں، امریکی انتظامیہ کشیدگی کم کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کے نتائج مستقبل کی امریکی پالیسی پر اثرانداز ہو سکتے ہیں، انتخابی شکست کے باوجود امریکی انتظامیہ کی سفارتی حل کی خواہش تبدیل نہیں ہوئی، حالیہ دنوں میں سفارتی رابطوں کی رفتار ضرور کم ہوئی ہے لیکن یہ سلسلہ ختم نہیں ہوا۔
قطری وزیراعظم نے کہا کہ قطر،ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی کوششیں جاری رکھے گا، مکمل امن معاہدے کا انتظار کرنے کے بجائے کشیدگی کم کرنے کے لیے قابل عمل معاہدہ ضروری ہے۔
صدر ٹرمپ نے ایرانی خطرے کو سابق صدور کی طرح نظرانداز نہیں کیا: مارکو روبیو
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے لاحق خطرے کا سامنا کیا، صدر ٹرمپ نے سابق امریکی صدور کی طرح ایران کا معاملہ آئندہ حکومتوں پر نہیں چھوڑا۔
مارکو روبیو نے کہا کہ ایران، امریکا اور آئندہ نسلوں کو بھی خطرے میں ڈالنا چاہتا ہے، دنیا ایرانی خطرے کی متحمل نہیں ہو سکتی، انتہا پسند اور دہشت گرد ریاست کے پاس بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والا ہتھیار موجود نہیں ہو سکتا۔
سوسی وائلز برطرف، اسٹیفن ملر نئے وائٹ ہاؤس چیف آف سٹاف مقرر
امریکی وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی بدترین شکست پر ٹرمپ ناراض ہیں، سخت گیر امیگریشن پالیسی کے معمار اسٹیفن ملر کو اہم ذمہ داری سونپ دی گئی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں اکثریت کھونے کے بعد وائٹ ہاؤس میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے چیف آف سٹاف سوسی وائلز کو عہدے سے ہٹا دیا ہے، جبکہ ان کی جگہ طویل عرصے سے ٹرمپ کے قریبی ساتھی اور سخت گیر امیگریشن پالیسی کے معمار اسٹیفن ملر کو نیا چیف آف سٹاف مقرر کر دیا ہے۔
یہ ٹرمپ کی دوسری صدارتی مدت میں اعلیٰ سطح پر پہلی بڑی انتظامی تبدیلی ہے، سوسی وائلز پیر سے اپنے عہدے سے سبکدوش ہوں گی اور ٹرمپ کی سیاسی ٹیم میں ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔
امریکی میڈیا کے مطابق انتخابی نتائج پر ٹرمپ کی ناراضی مسلسل بڑھ رہی تھی اور وہ ریپبلکن پارٹی کی شکست کا ذمہ دار اپنی سیاسی ٹیم کی حکمت عملی کو قرار دے رہے تھے۔
اسٹیفن ملر اس سے قبل وائٹ ہاؤس میں نائب چیف آف سٹاف کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے اور ٹرمپ کی پہلی صدارتی مہم 2015 سے ان کے ساتھ ہیں، انہیں ٹرمپ کی متنازع امیگریشن پالیسیوں کا مرکزی معمار سمجھا جاتا ہے۔
سوسی وائلز وائٹ ہاؤس کی پہلی خاتون چیف آف سٹاف تھیں اور 2024 کے صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی انتخابی مہم کی سربراہ بھی رہ چکی تھیں، انہوں نے حال ہی میں چھاتی کے سرطان کا علاج مکمل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
خیال رہے کہ ٹرمپ کی پہلی صدارتی مدت میں 4 چیف آف سٹاف تبدیل ہوئے تھے، تاہم وائلز ان سب سے زیادہ عرصے تک اس عہدے پر فائز رہیں۔
امریکا کی چین سے ایران جنگ ختم کرانے میں کردار ادا کرنے کی درخواست
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے چین سے ایران جنگ ختم کرانے میں کردار ادا کرنے کی درخواست کر دی۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے صدر ٹرمپ کے کہنے پر چین سے رابطہ کیا، چین نے امریکی پیغام ایران تک پہنچا دیا ہے۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایران کے ساتھ سفارتی کوششوں کی قیادت کر رہے ہیں، وینس نے گزشتہ ماہ ایرانی سلامتی کے سربراہ محسن رضائی کو خط بھی ارسال کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی قیادت امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد واشنگٹن کی پالیسی میں تبدیلی کا جائزہ لے رہی ہے، صدر ٹرمپ نے ستمبر میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے دوران بھی ایران معاملے پر مدد مانگی تھی۔
ایران کے قشم جزیرے پر دو میزائل حملے
ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ ان کی فوج نے قشم جزیرے کے قریب امریکی ڈرون مار گرایا۔
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق ایران کے قشم جزیرے پر دو میزائل حملے کیے گئے ہیں تاہم اس حوالے سے کسی سرکاری ذریعے نے تصدیق نہیں کی۔
سینٹ کام کی ایرانی جوہری پروگرام کی معلومات پر 2 کروڑ ڈالر انعام کی پیشکش
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اہم معلومات فراہم کرنے والوں کیلئے 2 کروڑ ڈالر انعام کا اعلان کر دیا۔
سینٹرل کمانڈ کے مطابق انعامی رقم ایرانی جوہری تنصیبات، آلات اور پروگرام سے وابستہ اہم اہلکاروں کے بارے میں قابل اعتماد معلومات فراہم کرنے پر دی جائے گی۔
سینٹ کام کی جانب سے جاری پیشکش میں معلومات فراہم کرنے والے افراد کو انعامی رقم کے علاوہ محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی سہولت دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
یہ پیشکش امریکی حکومت کے پروگرام ’’ریوارڈز فار جسٹس‘‘ کے تحت ایران سے متعلق جاری کی گئی ہے، جس کا مقصد اہم معلومات حاصل کرنا ہے۔
علاقائی کشیدگی میں کمی کیلئے ایران کے عراق، تیونس اور مصر سے سفارتی رابطے
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے علاقائی کشیدگی کم کرنے اور خطے میں استحکام کی بحالی کیلئے عراق، تیونس اور مصر کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق عباس عراقچی نے عراقی وزیر خارجہ فواد حسین اور تیونس کے وزیر خارجہ محمد علی نفتی کو خطے میں امن و استحکام کی بحالی کیلئے جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے مصری ہم منصب بدر عبدالعاطی سے بھی علاقائی صورتحال اور کشیدگی میں کمی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
مصری وزارت خارجہ کے ترجمان سفیر نادر ذکی کے مطابق گفتگو میں خطے میں دوبارہ فوجی تصادم کے خدشات اور اس کے علاقائی و عالمی امن و سلامتی پر ممکنہ اثرات زیر بحث آئے۔
اس موقع پر مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے سفارتی ذرائع اور سیاسی حل کو ترجیح دینے پر زور دیتے ہوئے تمام فریقین سے لچک اور مذاکرات کیلئے آمادگی ظاہر کرنے کا مطالبہ کیا۔
ایران کی مدد، امریکا کی کینیڈا میں قائم 8 کمپنیوں پر مالیاتی پابندیاں
امریکا نے کینیڈا میں قائم 8 مالیاتی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دیں۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق کینیڈا میں رجسٹرڈ کمپنیوں نے ایرانی حکومت کو مالیاتی سہولت فراہم کی، کمپنیوں نے ایران میں رقوم کی منتقلی اور وہاں سے باہر بھیجنے میں کردار ادا کیا۔
امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ کمپنیاں ایرانی ریال اور دیگر کرنسیوں کے عوض ڈیجیٹل اثاثوں کا تبادلہ کرتی تھیں، کینیڈا ایرانی حکومت کے مالیاتی سہولت کاروں کی محفوظ پناہ گاہ نہیں بن سکتا۔
امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ کے مطابق ایرانی حکومت کو پابندیوں سے بچانے والوں کیخلاف کارروائی کریں گے۔
صرف ایک الیکشن کی وجہ سے امریکا کو 3 ٹریلین ڈالر کا نقصان ہو چکا، ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مڈ ٹرم الیکشن کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ صرف ایک الیکشن کی وجہ سے امریکا کو 3 ٹریلین ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کینیڈی سپیس سینٹر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں بیلٹ پر موجود نہیں تھا، اگر ہوتا تو ہم جیت جاتے، ہم یہ یقینی بنا رہے ہیں کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار کے قریب بھی نہ پہنچ سکے۔
قبل ازیں اپنے ایک بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم ایران کے ساتھ بات کر رہے ہیں، اور اچھے انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، ایران کے معاملے پر ہمیں بہت اچھے نتائج مل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ایران کو بہت برے طریقے سے شکست دی، آبنائے ہرمز اس وقت مکمل طور پر کھلی ہے، ہم نے 6، 7 ماہ کے دوران اپنا کوئی فوجی نہیں کھویا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ سٹیفن ملر 9 نومبر سے ٹرمپ انتظامیہ کے نئے چیف آف سٹاف ہوں گے، موجودہ ڈپٹی چیف آف سٹاف سٹیفن ملر قابل اعتماد مشیروں میں سے ایک ہیں، سوزی وائلز چیف آف سٹاف کا عہدہ چھوڑ کو میری سیاسی ٹیم میں شامل ہوں گی۔
علاوہ ازیں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اگر انہوں نے ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے نہ روکا ہوتا تو آج اسرائیل اور پورا مشرق وسطیٰ موجود نہ ہوتے، کوئی اس بات کا اعتراف نہیں کرنا چاہتا لیکن سب جانتے ہیں کہ یہ سچ ہے۔