مشرقِ وسطیٰ کشیدگی

مشرقِ وسطیٰ کشیدگی

پاسداران انقلاب کا بحرین میں امریکی وارننگ ریڈار تباہ کرنے کا دعویٰ

ایرانی پاسداران انقلاب کا بحرین میں امریکی ابتدائی وارننگ ریڈار تباہ کرنے کا دعویٰ

ایران کی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ اس کی ایرو سپیس فورس نے بحرین میں امریکی فوج کے ابتدائی وارننگ ریڈار تباہ کر دیا۔

پاسداران انقلاب کے مطابق کارروائی سیریک میں ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور پر دشمن کی فضائی جارحیت کے جواب میں کی گئی، کارروائی جارح دشمن کے لیے پیغام ہے،آبنائے ہرمز میں فضائی اشتعال انگیزی سے باز آئے۔

بیان میں خبردار کیا گیا کہ دوبارہ حملہ ہوا تو ایرو اسپیس فورس جوابی کارروائی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے،

قبل ازیں ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے بتایا کہ ایران کے جنوبی صوبے ہرمزگان کے علاقے سیرک پر حملہ کیا گیا۔

ارنا کے مطابق سیریک کو فوجی حملے کا نشانہ بنایا گیا تاہم حملے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

صوبہ ہرمزگان آبنائے ہرمز کے قریب واقع ہونے کے باعث غیر معمولی سٹریٹجک اہمیت رکھتا ہے۔

سلامتی کونسل میں پاکستان کی سعودیہ پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت

پاکستان نے یمن کی خودمختاری، آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے سعودی عرب کے خلاف حوثی دہشت گرد حملوں کے فوری اور غیر مشروط خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے قرارداد 2140 (2014ء) کے تحت قائم کردہ پابندیوں کی تجدید اور 2140 کمیٹی کی معاونت کرنے والے ماہرین کے پینل کے مینڈیٹ میں توسیع کے بعد خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے سید حیدر شاہ نے اس قرارداد کا خیرمقدم کیا اور یمن میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے کمیٹی کے کام کی اہمیت پر زور دیا۔

خطے کی سنگین سکیورٹی صورتِ حال کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے دہشت گرد حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی، انہوں نے مملکت سعودی عرب کی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل اور غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا اور سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان کی پختہ حمایت کا اعادہ کیا۔

سفیر سید حیدر شاہ نے سعودی عرب کے اس جائز حق پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنے علاقے کا دفاع اور اپنے شہریوں اور وہاں مقیم افراد کا تحفظ کرے، انہوں نے حوثیوں ملیشیا کے قابلِ مذمت حملوں کے فوری اور غیر مشروط خاتمے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے برطانیہ کی تعمیری کوششوں کو سراہا، جو قرارداد کی منظوری کے لیے ہونے والے مذاکرات کے دوران بطور قلم دان ملک مسلسل اپنا کردار ادا کرتا رہا، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا تاکہ 2140 کمیٹی کے کام کی اہمیت کو دوبارہ اجاگر کیا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یمن کے امن، سلامتی اور استحکام کو خطرے میں ڈالنے والے افراد اور اداروں کا احتساب پائیدار امن کے قیام کے لیے ضروری ہے۔

پابندیوں کے نظام پر عمل درآمد کے حوالے سے انہوں نے سلامتی کونسل کے قائم کردہ ادارہ جاتی نظام کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا، ان کا کہنا تھا کہ ماہرین کے پینل کو اپنے مینڈیٹ کے مطابق پیشہ ورانہ مہارت، غیر جانب داری اور مستقل مزاجی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دینی چاہئیں، تاکہ اس کے کام کی ساکھ اور مؤثریت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

یمن میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سید حیدر شاہ نے ایک جامع سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اقوام متحدہ کی قیادت میں جاری کوششوں کی اہمیت پر زور دیا، ایسا سیاسی عمل جس کی قیادت یمن کے عوام خود کریں اور جو یمن ہی کی ملکیت ہو۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان یمن میں امن، استحکام اور سلامتی کی بحالی اور وہاں کے عوام کی شدید انسانی مشکلات کو کم کرنے کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت کے لیے تیار ہے۔

ٹرمپ کی انتخابی شکست ہمارے لئے ایک اچھا موقع ہے: نعیم قاسم

حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے کہا کہ ٹرمپ کی انتخابی شکست ہمارے لئے ایک اچھا موقع ہے۔

حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے کہا کہ امریکا میں سیاسی زلزلہ آیا ہے اور ٹرمپ کو بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، لوگ کہتے ہیں کہ ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز کی پالیسی ایک جیسی ہے لیکن ہمیں یہ مان کر چلنا ہو گا کہ ٹرمپ کی شکست اپنی جگہ انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کو سیاسی طور پر ذلت اور ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے، ایران، لبنان، فلسطین اور یمن کے خلاف محاذ آرائی کرنے والے ٹرمپ کو شکست ہوئی ہے۔

حزب االلہ کے سربراہ کا مزید کہنا ہے کہ ٹرمپ کی شکست کے مثبت اثرات ضرور مرتب ہوں گے، ٹرمپ کا منصوبہ اب پہلے کی طرح آگے نہیں بڑھ سکے گا، نیتن یاہو اور ٹرمپ اب سیاسی طور پر ٹوٹ چکے ہیں۔

اقوام متحدہ کا حوثیوں کو میزائلوں کے پرزے روکنے، اسلحہ سازی کی صلاحیت محدود کرنے پر اتفاق

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے حوثی ملیشیا کو ڈرون اور میزائل بنانے والے پرزوں کی فراہمی روکنے اور ان کی اسلحہ سازی کی صلاحیت محدود کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

سلامتی کونسل نے حوثی ملیشیا سے اپنی کارروائیاں روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس پر عائد پابندیوں میں 14 نومبر 2027 تک توسیع کردی ہے، کونسل نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی بھی مذمت کی۔

برطانوی مندوب نے کہا کہ حوثی ملیشیا کے حملوں سے یمن سمیت پورے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہیں۔

اقوام متحدہ نے بتایا کہ یمن میں 2 کروڑ 23 لاکھ افراد کو انسانی امداد کی ضرورت ہے جبکہ حالیہ لڑائی کے باعث 3 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔

ٹرمپ نے جے ڈی وینس کو خارجہ پالیسی معاملات سے ہٹا دیا، داخلی امور پر توجہ کی ہدایت

 امریکی صدر ٹرمپ نے نائب صدر جے ڈی وینس کو بظاہر خارجہ پالیسی معاملات سے ہٹاتے ہوئے داخلی امور پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کردی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کو ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں ہے، ساتھ ہی انہوں نے نائب صدر جے ڈی وینس جو اس جنگ کے خاتمے کی کوششوں میں کردار ادا کر رہے تھے ان کو ہدایت کی کہ وہ اپنی مکمل توجہ ڈیموکریٹس کے زیرِ انتظام شہروں اور ریاستوں میں مبینہ جرائم اور کرپشن پر مرکوز کریں۔

ٹرمپ کی یہ ہدایت امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کی اس رپورٹ کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ جے ڈی وینس ایک سینیئر ایرانی سکیورٹی عہدیدار کے ساتھ آمنے سامنے امن مذاکرات پر غور کر رہے ہیں۔

اس سے ایک ہفتہ قبل ہی امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکنز کی شکست کی ایک وجہ ایران کے ساتھ جنگ کو قرار دیا تھا۔

ایران کیخلاف طاقت استعمال کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوگی: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس وقت ایران جنگ جیتنے کے مراحل میں ہیں، جب چاہوں ایران کے خلاف جنگ جیت سکتا ہوں، ایران جنگ میں شکست کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے، صدارت ختم ہونے پربھی ایرانی قیادت برسر اقتدار ہوئی تویہ میری شکست ہوگی۔

صدر ٹرمپ نے کہا ہم نے ایران کو بالکل بے اثر کر دیا ہے، ایران میں مہنگائی 301 فیصد تک پہنچ چکی ہے، ایرانی معیشت تباہ ہوچکی، فوجیوں کو تنخواہیں نہیں مل رہیں۔

امریکی صدر بولے ایران کے خلاف طاقت استعمال کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوگی، ضرورت پڑی تو ابھی فوجی کارروائی کرسکتا ہوں، امریکا کو ایران سے ڈیل کی بھی ضرورت نہیں۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ وہ اسرائیل میں 99 فیصد مقبول ہیں، وہ اسرائیل جاکر وزیراعظم بھی بن سکتے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ کیوبا کے خلاف مختصر فوجی کارروائی پر غور کرسکتے ہیں، صدارت چھوڑنے سے پہلے کیوبا کا معاملہ حل کرنا چاہتے ہیں، ٹرمپ بولے انکی صدارت شانداررہی، اگلے دو سال بھی اچھے گزریں گے۔