ایران امریکا امن معاہدہ

ایران امریکا امن معاہدہ

شہداء کے خون کا بدلہ ضرور لیا جائے گا: مجتبیٰ خامنہ ای

شہدا کے خون کا بدلہ ضرور لیا جائے گا: سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای

ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ شہدا کے خون کا بدلہ ضرور لیا جائے گا، ناحق بہایا گیا خون ایرانی قوم کو نئی زندگی دے گیا ہے۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ شہید رہنما نے حسینی طرز زندگی گزاری اور حسینی انداز میں شہادت پائی، شہید رہنما کے نظریات اور راستے کی ہر قیمت پر حفاظت کی جائے گی، دنیا کے آزاد لوگ بھی اس الٰہی مشن کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تعزیتی تقریبات میں ایران اور عراق میں لاکھوں افراد کی تاریخی شرکت پر عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مجرم اپنے بستروں پر پرامن موت کی خواہش بھی اپنے ساتھ قبر میں لے جائیں گے، شہید رہنما اور دونوں جنگوں کے تمام شہدا کے خون کا انتقام ضرور لیا جائے گا۔

امریکا اور اسرائیل کو جنگی جرائم کی سزا اور ہرجانہ ادا کرنا ہوگا: سربراہ ایرانی عدلیہ

ایران کی عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی نے کہا ہے کہ امریکا اور صہیونی حکومت (اسرائیل) نے ایران اور ایرانی عوام کے خلاف جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک اور عوام کے خلاف امریکا اور صہیونی حکومت نے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے، ہم ان جنگی جرائم کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے اور انہیں سزا دلوانے کے لیے پرعزم ہیں، مجرموں کو نہ صرف سزا ملنی چاہئے بلکہ انہیں اپنے جرائم کے مطابق ہرجانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔

چیف جسٹس غلام حسین محسنی نے بین الاقوامی اور غیر ملکی ممتاز و تجربہ کار وکلا اور قانونی ماہرین کے ایک وفد سے ملاقات کی، جس کا مقصد ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مبینہ جنگی جرائم کے مقدمات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ صہیونی تقریباً آٹھ دہائیوں سے فلسطین اور لبنان میں جرائم، قتلِ عام، نسل کشی اور بچوں کے قتل میں ملوث رہے ہیں، ہم ان کے خلاف ہر ممکن طریقے سے جدوجہد جاری رکھیں گے، اور جہاں بھی ان کے خلاف مزاحمت کا پرچم بلند ہوگا، ہم اس کی حمایت اور مدد کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔

ایرانی عدلیہ کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ مجرموں کو یقین ہونا چاہئے کہ ہم ایرانی قوم کو پہنچائے گئے نقصان کا ہرجانہ بھی ان سے وصول کریں گے۔

امریکی جارحیت کی حمایت پر یو اے ای کا احتساب ہونا چاہئے: کاظم غریب آبادی

ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے مطالبہ کیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی جارحیت کی حمایت پر متحدہ عرب امارات کا احتساب ہونا چاہئے۔

کاظم غریب آبادی نے امریکا اور یواے ای پر ملی بھگت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ امریکی محکمہ تجارت کی دستاویز میں برآمدات پر کنٹرول کے ضوابط میں نرمی اور امارات کا تجارتی درجہ بھی بڑھایا گیا ہے، پالیسی میں تبدیلی ایران کے خلاف عسکری جارحیت کی حمایت کے بدلے میں کی گئی ہے۔

دوسری جانب ایران نے اقوام متحدہ سے امریکا کے احتساب کا مطالبہ کیا ہے، ایران کے مندوب امیر سعید ایروانی نے کہا اقوام متحدہ کو امریکا کے غیر قانونی جارحیت کے اقدام روکنے کے لیے مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات کرنے چاہئیں۔

ایران پر امریکا کے حالیہ حملوں میں شہادتوں کی تعداد 17 ہو گئی

ایرانی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ایران پر امریکا کے حالیہ حملوں میں شہادتوں کی تعداد 17 ہو گئی، 115 افراد زخمی ہوئے۔

وزارت صحت کے مطابق امریکا کے حالیہ حملے ایران کے 6 شہروں ہوئے، زخمیوں میں سے متعدد افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے ڈسجارج کر دیا گیا ہے، امریکا نے بندر عباس، قشم، سیرک، چاہ بہار، بوشہر اور ایران شہر پر حملے کیے تھے۔

ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کی عمان میں حکام سے ملاقاتیں

ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی عمانی حکام سے مذاکرات کے لیے مسقط پہنچ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ دورہ ایران اور عمان کے درمیان دوطرفہ مشاورت کے سلسلے کی کڑی ہے، جس میں خطے کی صورتحال، خصوصاً آبنائے ہرمز سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

ایران اور عمان کے وزرائے خارجہ کے درمیان ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ کی شق پانچ کی بنیاد پر آبنائے ہرمز سے جہازوں کی محفوظ آمد و رفت کے لیے مناسب طریقۂ کار پر گفتگو اور تبادلۂ خیال متوقع ہے۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب حالیہ دنوں میں امریکہ اور ایران کے درمیان باہمی حملوں کے بعد آبنائے ہرمز کے حوالے سے کشیدگی میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

دریں اثنا قطری مذاکرات کاروں کا ایک وفد بھی ایران پہنچا ہے، جس کا مقصد ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی بحالی کی راہ ہموار کرنا اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوشش کرنا ہے۔

امریکا نے 2 طیارہ بردار بحری جہاز ایران کے قریب تعینات کر دیے

 خطے میں ایک بار پھر کشیدگی بڑھنے کے ساتھ ہی امریکی بحریہ نے ایران کے قریب اپنے 2 طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن اور یو ایس ایس جارج ایچ ڈبلیو بش تعینات کر دیے۔

بحری نقل و حرکت پر نظر رکھنے والے اداروں کے مطابق دونوں بحری جہاز گزشتہ روز خلیجِ عمان میں داخل ہوئے۔

نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اس اقدام کا مقصد آبنائے ہرمز کے اطراف سیکیورٹی کو مزید مضبوط کرنا اور ضرورت پڑنے پر تہران پر دباؤ بڑھانا ہو سکتا ہے۔

یہ تعیناتی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی پر حملوں کے خدشات بڑھ رہے ہیں، عالمی سطح پر تیل کی تقریباً 20 فیصد ترسیل اسی اہم آبی گزرگاہ کے ذریعے ہوتی ہے۔

امریکا کا آبنائے ہرمز میں حملے روکنے اور راستہ کھلا رکھنے کیلئے ایران کو الٹی میٹم

امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے تین امریکی عہدے داروں کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ایران سے کہا ہے کہ وہ عوامی سطح پر یہ اعلان کرے کہ آبنائے ہرمز جہاز رانی کے لیے کھلا ہے اور وہ تجارتی جہازوں پر حملے بند کر دے گا۔

ایگزیوس کے مطابق امریکی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ واشنگٹن نے علاقائی ثالثوں کے ذریعے یہ پیغام براہِ راست تہران تک پہنچایا ہے۔

امریکا کا کہنا ہے کہ تجارتی جہازوں پر حالیہ حملے اُس مفاہمت کی یادداشت کی خلاف ورزی ہیں جس پر تین ہفتے قبل دونوں فریقین نے دستخط کیے تھے، اور اس بحران نے اس نازک معاہدے کو ٹوٹنے کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی آج مسقط میں عمانی وزیر خارجہ بدر البوسعیدی سے ملاقات کریں گے تاکہ آبنائے ہرمز کے بحران اور سمندری تحفظ پر بات چیت کی جا سکے۔

امریکی عہدیداروں کو توقع ہے کہ ملاقات کے بعد ایران حملے روکنے اور جہاز رانی کے راستے کھلے رکھنے کے حوالے سے عوامی بیان جاری کرے گا، ایک امریکی عہدیدار نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے ایسا اقدام کرنے سے انکار کیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

اس کے برعکس ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ تہران نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آمدورفت کو معمول پر لانے کی مخصوص ذمہ داری قبول کر لی ہے اور اس پر عمل درآمد کے لیے عمان کے ساتھ تعاون کرے گا، تاہم امریکا کے ساتھ مذاکرات کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔

اسرائیل لبنان جنگ بندی پر عمل درآمد کیلئے امریکی فوجی وفد بیروت پہنچ گیا

امریکا نے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان لڑائی کے خاتمے کے لیے طے پانے والے فریم ورک معاہدے پر عمل درآمد میں تعاون کے لیے ایک فوجی وفد لبنان بھیج دیا ہے۔

فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے دو سینئر حکام نے بتایا کہ امریکی فوج کی سینٹرل کمان نے اپنے اہلکار بیروت روانہ کیے، یہ وفد اگلے ہفتے روم میں لبنان اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے تکنیکی مذاکرات سے قبل پہنچا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان مذاکرات میں 26 جون کو امریکا کی سرپرستی میں طے پانے والے فریم ورک معاہدے پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے تحت اسرائیلی افواج مرحلہ وار لبنانی علاقے سے انخلا کریں گی۔

ترکی کی خبر رساں ایجنسی انادولو کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ سینٹ کام لبنان اور اسرائیل دونوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔

ترجمان نے انادولو کو بتایا کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان معاہدہ اب عمل درآمد کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جبکہ پہلے پائلٹ زون، جہاں سے اسرائیلی افواج کے انخلا کی توقع ہے، کا آغاز آئندہ چند روز میں ہونے کا امکان ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا مسلح افواج کو خراجِ تحسین

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج ملک کے ساحلوں، سرحدوں، جزیروں اور حساس مقامات پر پوری طرح چوکس ہے، مسلح افواج دشمن کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ وطن کے بہادر محافظ خاموشی سے قومی سلامتی کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں، ایرانی قوم افواج کی قربانیوں، استقامت اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

ٹرمپ نے ایران کو ہزاروں میزائل برسانے کی دھمکی دے دی

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ امریکا کے ایک ہزار میزائلوں نے ایران کو ہدف بنا رکھا ہے۔

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا ہے کہ ایران کی اسلامی جمہوریہ کی جانب ایک ہزار میزائل ہدف بنا کر تیار رکھے گئے ہیں، جو مجھے قتل کرنے یا قتل کی کوشش کرنے پر داغ دیئے جائیں گے، اس کے بعد مزید ہزاروں میزائل داغے جائیں گے۔

امریکی صدر نے واضح لکھا کہ اگر ایرانی حکومت نے مجھے قتل کرنے کی کوشش کی تو امریکا فوری اور فیصلہ کن کارروائی کرے گا، امریکی فوج کو ایک سال تک ایران کے تمام علاقوں کو تباہ کرنے کے احکامات دیے جا چکے ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ہر فوجی کارروائی کے لیے مکمل طور پر تیار، بااختیار اور قادر ہے، ایران کی کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ایران نے جنگ بندی معاہدے کی مکمل پاسداری کی: عراقچی

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ تہران نے امریکا کے ساتھ ہونے والی جنگ بندی کے حوالے سے اپنے وعدے کی پاسداری کی ہے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جنگ بندی ختم ہو چکی اور وہ مزید مذاکرات پر بھی رضامند ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ایران نے اب تک اپنے وعدے کی پاسداری کی ہے، اس کے برعکس امریکا کے نام نہاد وزیر خزانہ مفاہمتی یادداشت کی شق 9 کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں اس مفاہمتی یادداشت کی شق 9 کا حوالہ دیا، جس کے مطابق امریکا خطے میں مزید فوجی دستے تعینات نہیں کرے گا۔

عباس عراقچی نے کہا کہ معاہدے پر عملدرآمد یکطرفہ نہیں ہو سکتا، ایران نے اب تک اپنے تمام وعدے پورے کیے ہیں، امریکی اقدامات معاہدے اور طے شدہ وعدوں کے منافی ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ آئندہ پیشرفت اسی صورت ممکن ہے جب دونوں فریق یکساں طور پر معاہدے کی پابندی کریں۔

ایران نے اقوام متحدہ سے امریکا کے احتساب کا مطالبہ کر دیا

 ایران نے اقوام متحدہ سے امریکا کے احتساب کا مطالبہ کر دیا۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے امریکا پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واشنگٹن کو اس کے اقدامات پر جوابدہ ٹھہرائے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی مندوب امیر سعید ایروانی نے کہا امریکا اپنے غیر قانونی اقدامات کے تمام قانونی اور سیاسی نتائج کا مکمل بین الاقوامی ذمہ دار ہے۔

امیر سعید ایروانی نے کہا کہ اقوام متحدہ کو امریکا کی غیر قانونی جارحیت روکنے کے لئے مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات کرنے چاہئیں، اقوام متحدہ کو یہ بھی یقینی بنانا چاہیے کہ امریکا اپنی تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں اور وعدوں کی مکمل پاسداری کرے۔

امریکی صدر اور سعودی ولی عہد کا رابطہ، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال

 سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی صدرٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی صدرٹرمپ کے درمیان رابطے کے دوران دوطرفہ تعلقات اورمشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات پر بات چیت ہوئی۔

صدرٹرمپ اورمحمد بن سلمان نے سمندری راستوں اوربحری آمدورفت کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا، دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا ک بین الاقوامی بحری گزرگاہوں کی سلامتی کوہرصورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔

دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں امن، سلامتی اوراستحکام کے فروغ کیلئے سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔

امریکا سے مذاکرات کی درخواست نہیں کی: ایران نے ٹرمپ کا دعویٰ مسترد کر دیا

 ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ تہران نے حالیہ کشیدگی کے بعد امریکا سے مذاکرات جاری رکھنے کی درخواست کی ہے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے مفاہمتی یادداشت کی کسی بھی شق کی خلاف ورزی کی تو ایران اس کا جوابی اقدام کرے گا۔

ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا امریکا کی جانب سے معاہدے کی کسی بھی خلاف ورزی کا مناسب اور اسی زبان میں جواب دیا جائے گا۔

وزارتِ خارجہ نے صدر ٹرمپ کے اس بیان کی بھی تردید کی کہ ایران نے مذاکرات کی بحالی کی درخواست کی تھی، انہوں نے کہا ہم نے امریکا سے مذاکرات کی درخواست نہیں کی، بلکہ قطر کے ثالثوں کے ایران آنے کی تجویز کو قبول کیا تھا۔

آیت اللہ علی خامنہ ای کی مشہد میں آخری آرام گاہ کی تصاویر اور ویڈیو جاری

 آیت اللہ علی خامنہ ای کی مشہد میں آخری آرام گاہ کی تصاویر اور ویڈیو جاری کر دی گئی۔

آیت اللہ علی خامنہ ای کی قبر پر پھول رکھنے کا سلسلہ بھی جاری رہا، سپریم لیڈر کے جنازے اور تدفین میں کروڑوں افراد کی شرکت اتحاد امت کا مظہر ہے۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان کہتے ہیں شہید علی خامنہ ای کی تعزیتی تقریبات اور جنازے میں لوگوں کی شرکت تجدید عہد کا عوامی اظہار تھا، تہران، قم، مشہد، نجف اور کربلا میں عوام نے انقلاب سے دلی لگاؤ کا اظہار کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ آج عمان کا دورہ، خطے کی بڑھتی کشیدگی پر تبادلہ خیال کریں گے

 ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی آج عمان کا دورہ کریں گے جہاں وہ خطے کی تازہ صورتحال، بالخصوص آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی صورتِ حال پر اعلیٰ سطح کی بات چیت کریں گے۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے حکام علاقائی سلامتی، بحری گزرگاہوں کی صورتحال اور آبنائے ہرمز میں پیش آنے والی حالیہ پیش رفت پر تفصیلی مشاورت کریں گے۔

آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لئے نہایت اہم سمندری راستہ تصور کیا جاتا ہے، اس لئے وہاں کی صورتحال پر عالمی سطح پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

ایران اور عمان کے درمیان ہونے والی یہ ملاقات خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دی جا رہی ہے۔

امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا نیا دور آئندہ ہفتے متوقع ہے: امریکی نیوز ویب سائٹ

 امریکی نیوز ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے امریکا ایران مذاکرات کا نیا دور آئندہ ہفتے متوقع ہے۔

امریکی نیوز ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ممکنہ طور پر امریکا اور ایران کے درمیان یہ مذاکرات سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے، امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لئے ثالث متحرک ہوگئے ہیں، وسیع سفارتی کوششیں جاری ہیں، 2 دن کے بعد حملوں کا سلسلہ بھی تھم گیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق قطر، پاکستان، مصر اور سعودی عرب کے حکام نے امریکی اور ایرانی حکام سے کشیدگی میں کمی کے لئے ٹیلیفونک رابطے کئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ثالثی کے عمل میں شریک ذرائع کے مطابق تناؤ میں کمی کی کوششیں جاری ہیں تاکہ تکنیکی ٹیموں کے درمیان مذاکرات کے اگلے دور کی تاریخ مقرر کی جا سکے۔

پاکستان کا حالیہ کشیدگی پر اظہار تشویش، فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے پر زور

 اقوام متحدہ میں ایران کی صورتحال سے متعلق سکیورٹی کونسل کا اجلاس ہوا۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں حالیہ کشیدگی پر تشویش ہے، خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے۔

عاصم افتخار نے کہا کہ فریقین صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، انہوں نے کہا کہ فریقین ایسا قدم نہ اٹھائیں جس سے خطے کے امن کو نقصان پہنچے۔

مستقل مندوب کا مزید کہنا تھاکہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا روڈ میپ فراہم کرتی ہے۔

ترکیہ نے نیتن یاہو حکومت کو بین الاقوامی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ قرار دیدیا

 ترکیہ نے نیتن یاہو حکومت خطے اور اسرائیل کیلئے بوجھ قرار دے دیا ہے۔

ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے اسرائیلی حکومت کو بین الاقوامی سلامتی کے لئے خطرہ قرار دیدیا، انہوں نے کہا یہ بات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حماس، حزب اللہ اور ایران کے خلاف جنگ کے بعد اب نیتن یاہو کو ایک اور دشمن کی ضرورت ہے، نیتن یاہو اینڈ کمپنی اب ترکیہ کو اپنا دشمن بنانے کی کوشش میں ہے۔

ترک وزیر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ اسرائیل میں انتخابات قریب آتے ہی نیتن یاہو اور ان کے ساتھیوں کو نئے دشمن کی ضرورت پڑتی ہے۔

امریکا، ایران کشیدگی کم کرانے کے لیے قطری ثالث دوبارہ متحرک

ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لیے ثالثی کرنے والے ممالک ایک بار پھر سرگرم ہو گئے ہیں، جبکہ قطری مذاکرات کار ایرانی حکام سے بات چیت کے لیے تہران پہنچ گئے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق قطری ثالث دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے اور سفارتی روابط کو آگے بڑھانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملاقاتوں کا بنیادی مقصد ایران اور امریکا کے درمیان وسیع تر مذاکرات کی بحالی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعطل کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

قطر اور مصر کے وزرائے خارجہ کا رابطہ، ایران امریکا مذاکرات جاری رکھنے پر زور

قطر کے وزیرِاعظم اور وزیرِخارجہ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے مصر کے وزیرِخارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور کشیدگی میں کمی کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

قطری وزارتِ خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے علاقائی استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے سفارتی روابط کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔

قطری وزیرِخارجہ نے اس موقع پر امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والے امور پر عمل درآمد یقینی بنایا جانا چاہیے۔

ٹرمپ کا ایران سے مذاکرات جاری رکھنے کا اعلان، جنگ بندی ختم ہونے کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے مذاکرات جاری رکھنے کی درخواست کی ہے، جس پر امریکا نے رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے ایران کو واضح کر دیا ہے کہ جنگ بندی ختم ہو چکی ہے۔

ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے گا، تاہم جنگ بندی کے حوالے سے موقف واضح ہے۔

اسرائیلی فوج کا غزہ میں حماس کمانڈر کو شہید کرنے کا دعویٰ

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ میں فضائی حملے کے دوران حماس کے کمانڈر یحییٰ سعید محمد حمدان کو نشانہ بنا کر شہید کر دیا گیا۔

اسرائیلی فوج کے مطابق یہ کارروائی جمعرات کو کی گئی، جبکہ اس کا مؤقف ہے کہ محمد حمدان 7 اکتوبر 2023 کے حملوں میں ملوث تھے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ہدف اس کی فورسز کے لیے فوری خطرہ تھا، اسی لیے کارروائی کی گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق اس خبر پر حماس کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

'جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی'، نیتن یاہو کی ایران کو سخت وارننگ

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایران کو ایک بار پھر سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جاری تنازع ابھی ختم نہیں ہوا اور اسرائیل ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو نے اسرائیلی فضائیہ کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی قومی سلامتی کا سب سے اہم ستون اس کی فضائی برتری ہے، جسے ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران ایران کو شدید نقصان پہنچا، تاہم اب بھی نئے سکیورٹی چیلنجز سامنے آ رہے ہیں، ان کے بقول اسرائیل ان خطرات سے نمٹنے کے لیے اپنی دفاعی تیاریوں کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نے واضح کیا کہ ان کی حکومت کی پالیسی تبدیل نہیں ہوئی اور ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، خواہ اس مقصد کے لیے کوئی معاہدہ موجود ہو یا نہ ہو۔

سپریم لیڈر کے قتل کا بدلہ لیا جائے گا: سربراہ پاسداران انقلاب

 

ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل احمد واحدی نے رہبرِ انقلاب آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی شہادت کا بدلہ لینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کو سخت نتائج کی دھمکی دی ہے۔

 

جنرل احمد واحدی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کا قتل تاریخ کی یادداشت سے کبھی مٹایا نہیں جا سکے گا، انصاف کی مکمل فراہمی اور ذمے دار عناصر، خصوصاً بچوں کی قاتل امریکی فوج کو مناسب سزا دینا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور تمام دشمن یہ جان لیں کہ اس بزدلانہ قتل کے ذریعے وہ مزاحمت کا پرچم ہرگز سرنگوں نہیں کر سکتے، شہداء کے خون کا بدلہ لینا اور اس کے ذمے داروں کو سزا دینا ایران کا حتمی، جائز اور ناقابلِ فراموش مطالبہ رہے گا۔

ایران کے شہید رہبر آیت اللہ علی خامنہ ای کو امام رضا کے روضے کے احاطے میں سپرد خاک کیا گیا ہے، ان کی آخری رسومات میں 4 کروڑ 30 لاکھ افراد نے شرکت کی جن میں مختلف ممالک کے سربراہ، اعلیٰ عہدیدار اور مذہبی وفود بھی شامل تھے۔

تنازعات کا حل سفارت کاری اور مذاکرات ہیں: قطری وزارت خارجہ

 قطر نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں تنازعات کے حل کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات ہی واحد مؤثر راستہ ہے۔

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے لندن میں چیتھم ہاؤس میں منعقدہ گول میز کانفرنس کے دوران کہا کہ قطر خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مذاکراتی عمل کا حامی ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ کی جانب سے ایران پر آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنانے کے الزامات لگا کر دوبارہ حملے شروع کیے گئے جس کے بعد خطے میں کشیدگی پھر سے بڑھ گئی ہے، قطر نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران نے ایک قطری ایل این جی بردار جہاز سمیت تین ٹینکروں کو نشانہ بنایا۔

سعودیہ اور کینیڈا کی آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر حملوں کی مذمت

کینیڈین وزیراعظم مارک کارنے اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جدہ میں ملاقات ہوئی جس کے مشترکہ اعلامیہ میں تجارتی جہازوں پر حملوں کی مذمت کی گئی۔

مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ حملے عالمی جہاز رانی، توانائی کی ترسیل اور بین الاقوامی قانون کے لیے سنگین خطرہ ہیں، حملوں سے خطے میں کشیدگی بڑھے گی اور سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچے گا، آبنائے ہرمز میں محفوظ اور بلا رکاوٹ جہاز رانی یقینی بنائی جائے۔

سعودی عرب اور کینیڈا کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان اور قطر کی جانب سے امریکہ اور ایران کشیدگی کم کرنے اور معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

امریکہ، ایران کشیدگی کے باوجود تیل کی قیمتوں میں دو فیصد کمی

امریکہ اور ایران کے درمیان مسلسل دو راتوں تک جاری رہنے والی کشیدگی اور ایک دوسرے پر حملوں کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں دو فیصد کمی آئی، جس کے بعد قیمت تقریباً 76 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔

اس ہفتے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوبارہ شروع ہونے والے حملوں کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جو پہلے تقریباً 70 ڈالر فی بیرل تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بدھ کے روز یہ کہنے کے بعد کہ ’ایران کے ساتھ معاہدہ ختم ہو چکا ہے‘، تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔

تیل کی قیمتوں میں اضافے کی ایک وجہ یہ خدشہ تھا کہ آبنائے ہرمز میں سفر کرنے والے بحری جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کے بعد مشرق وسطیٰ سے عالمی توانائی کی فراہمی مزید متاثر ہو سکتی ہے۔

برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 79 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی تیل کی قیمت تقریباً 74 ڈالر فی بیرل رہی۔

یہ قیمتیں جون کے وسط کی سطح کے قریب ہیں، یعنی اس وقت سے پہلے جب ایران اور امریکہ نے اپنے تنازع کے خاتمے کے لیے مذاکرات پر مبنی ایک عارضی معاہدے کا اعلان کیا تھا۔

آسٹریلیا کا ایران کشیدگی پر اظہار تشویش، خطے میں استحکام کی اپیل

آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ نے کہا ہے کہ امریکا ایران بڑھتی کشیدگی پر تشویش ہے،خطے میں فوری استحکام ناگزیر ہے، موجودہ صورتحال عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام فریقین سے اپیل ہے مزید کشیدگی سے گریز کریں، خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

شہید علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں 4 کروڑ 30 لاکھ افراد کی شرکت

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے مقتول رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای کی چھ روزہ نمازِ جنازہ اور تدفین کی تقریبات میں 4 کروڑ 10 لاکھ سے 4 کروڑ 30 لاکھ افراد نے شرکت کی۔

ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی نے دعویٰ کیا کہ علی خامنہ ای کا جنازہ دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا جنازہ تھا، یہ تقریبات پانچ شہروں تہران، قم، نجف، کربلا اور مشہد میں منعقد ہوئیں۔

سرکاری عوامی جنازے کی کارروائیاں ہفتہ کے روز شروع ہوئی تھیں، جب تہران کے گرینڈ مصلیٰ مذہبی کمپلیکس میں ہزاروں افراد خامنہ ای کے تابوت کی آخری زیارت کے لیے جمع ہوئے۔

ان تقریبات میں ایران کے علاقائی اتحادیوں حماس اور اسلامک جہاد (غزہ)، حزب اللہ (لبنان) اور حوثی تحریک (یمن) کے وفود نے بھی شرکت کی۔

ایران کے رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے تہران کے وسط میں ان کی رہائش گاہ پر حملے میں شہید ہو گئے تھے، انہیں چار ماہ بعد مشہد میں امام رضا کے مزار کے احاطے میں سپرد خاک کیا گیا ہے۔

پاکستان، قطر سمیت علاقائی ممالک امریکہ ایران میں کشیدگی کم کرانے کیلئے متحرک

امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کی رپورٹ کے مطابق پاکستان، قطر، ترکی، مصر اور سعودی عرب امریکہ اور ایران میں بڑھتی کشیدگی کم کرنے میں مصروف ہیں۔

ایگزیوس نے مزید بتایا کہ ثالث ممالک جوہری مذاکرات بحال کرانے کے لیے سفارتی رابطے تیز کر رہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات دوبارہ شروع کرانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ثالث ممالک مفاہمتی یادداشت کو برقرار رکھنے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلیفونک گفتگو کی، ایرانی وزیر خارجہ نے فیلڈ مارشل کو بتایا کہ امریکی حملے معاہدے کی خلاف ورزی ہیں۔

ایگزیوس کے مطابق صدر ٹرمپ کشیدگی کے باوجود تنازع کا سفارتی حل چاہتے ہیں، ٹرمپ جوہری معاہدے کے لیے تکنیکی مذاکرات جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔

امریکی میڈیا گروپ کے مطابق حالیہ سفارتی کوششوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی دیکھی گئی۔

امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر تشویش ہے: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ حملوں کے بدلے حملوں کا سلسلہ فوری طور پر رکنا چاہئے، خطے، عالمی امن اور معیشت کے مفاد میں تمام فریق مذاکرات کی میز پر واپس آئیں۔

اسٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ اقوام متحدہ کشیدگی کم کرانے اور سفارتی کوششوں میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے، موجودہ تنازع عالمی معیشت پر منفی اثرات مرتب کر رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا کہ طاقت کے بجائے بات چیت ہی مسئلے کا واحد مؤثر حل ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ ایران جنگ جاری رکھتی ہے تو کانگریس مالی وسائل کی فراہمی روک دے، امریکی سینیٹر

امریکی ڈیموکریٹ سینیٹر ایڈ مارکی نے ایران کے ساتھ جاری فوجی تنازع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کانگریس سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر انتظامیہ جنگ جاری رکھتی ہے تو اس کیلئے مالی وسائل کی فراہمی روک دی جائے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں سینیٹر ایڈ مارکی نے کہا ٹرمپ ایک بار پھر ایران پر حملے کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ جنگ بندی ختم ہو چکی ہے، لیکن کانگریس پہلے ہی 2 جماعتی بنیادوں پر اس لاپروا جنگ کے خاتمے کے حق میں ووٹ دے چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ٹرمپ بمباری نہیں روکتے تو کانگریس کو جنگ کیلئے فنڈنگ روک دینی چاہیے، میں ٹرمپ کی جنگی مشینری کے اخراجات کم کرنے کی کوشش کی قیادت کر رہا ہوں، جنگ ابھی ختم کی جائے۔

جرمن چانسلر کا نیتن یاہو کو فون، مفاہمتی یادداشت کو استحکام کیلئے بہترین موقع قرار دے دیا

جرمنی کے چانسلر فریڈرش میرز نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت خطے میں استحکام کیلئے بہترین موقع ہے۔

جرمن حکومت کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چانسلر میرز نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والا فریم ورک معاہدہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کیلئے سب سے مؤثر امکان فراہم کرتا ہے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان لبنان کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جبکہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔

ایرانی سرکاری ٹی وی نے بندرعباس میں دھماکوں کی اطلاعات غلط قرار دے دیں

ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق بوشہر میں دھماکے کی آواز فضائی دفاعی نظام کی کارروائی تھی جبکہ امریکی حکام نے بھی کہا ہے کہ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران امریکہ نے ایران پر کوئی حملہ نہیں کیا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی دفاعی اہلکار سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ اس وقت یا گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران امریکہ کسی بھی قسم کے فوجی حملے نہیں کر رہا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس پر ایرانی خبر ایجنسی نے رپورٹ کیا تھا کہ ایران کے مختلف شہروں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ایران کےعلاقے بوشہر اور چوغادک میں 6 جبکہ ساحلی شہر کونارک میں 3 دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات جاری، تنازع کے حل کیلئے پرعزم ہیں: امریکی عہدیدار

 امریکی عہدیدار نے بتایا کہ حملوں کے باوجود امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔

امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا ہے کہ امریکا اب بھی ایران کے ساتھ کسی حل تک پہنچنے کے لئے پرعزم ہے۔

امریکی عہدیدار کے مطابق ایران کے ساتھ تکنیکی سطح کے مذاکرات بدستور جاری ہیں، اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی کشیدگی برقرار ہے، تاہم سفارتی رابطے اور مذاکراتی عمل بھی جاری ہے تاکہ تنازع کا کوئی حل تلاش کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے امریکا اور ایران کے درمیان حملوں کا تبادلہ ہوا ہے۔

امریکا نے گزشتہ چند گھنٹوں میں ایران میں کوئی کارروائی کی نہ فضائی حملے کئے: دفاعی حکام

 امریکی دفاعی حکام نے کہا ہے کہ امریکا نے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران ایران میں کوئی فوجی کارروائی یا فضائی حملے نہیں کئے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی دفاعی اہلکار سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا اس وقت یا گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران امریکا کسی بھی قسم کے فوجی حملے نہیں کر رہا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ایران پر حالیہ حملوں کے بعد آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی آمد و رفت میں نمایاں کمی

برطانیہ میں قائم بحری نقل و حمل کے اعداد و شمار فراہم کرنے والے ادارے لائیڈز لسٹ انٹیلی جنس نے کہا ہے کہ خطے میں حالیہ کشیدگی کے بعد آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں، خاص طور پر آئل ٹینکرز کی آمد و رفت میں نمایاں کمی آ گئی ہے۔

برطانوی ادارے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی میں اضافے کے بعد آبنائے ہرمز سے گزرنے والی بحری ٹریفک میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔

جاری بیان کے مطابق امریکہ کی نگرانی میں عمان کے راستے سے گزرنے والے قابلِ سراغ بحری جہازوں کی نقل و حرکت رکنے کے قریب پہنچ گئی ہے، کیونکہ تازہ فوجی کشیدگی کے باعث جہاز رانی کی سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں۔

ادارے نے لکھا کہ موجودہ صورتحال کے باعث عالمی بحری تجارت اور توانائی کی ترسیل کے اہم راستے پر غیر یقینی صورتحال میں اضافہ ہو گیا ہے۔

ایران پر حالیہ حملوں کے پیچھے یقینی طور پر اسرائیل ہے: ڈین گریزیئر

 سابق امریکی میرین ڈین گریزیئر نے کہا ہے کہ امریکی دفاعی اہلکار نے کہا ہے کہ ایران میں حالیہ حملوں کے پیچھے اگر امریکا ملوث نہیں تو یقینی طور پر اسرائیل ہوسکتا ہے۔

الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈین گریزیئر نے کہا یہ بالکل ممکن ہے کہ کسی بھی فوجی کارروائی کے پیچھے اسرائیل ہو، ہمیں اسرائیل کی جانب سے تصدیق کا انتظار کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ امریکا کی کارروائی ہوتی تو ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ ذمہ داری قبول کرتی، ایران میں حملوں کا مقصد آبنائے ہرمز میں جہاز رانی میں خلل ڈالنے کی صلاحیت کو محدود کرنا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جو مستقبل میں فضائی حملوں کے خلاف دفاع کے لیے استعمال ہو سکتے ہیں۔

ایرانی فضائی دفاعی نظام نے امریکی ایم کیو نائن ڈرون تباہ کر دیا، پاسداران انقلاب

پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی فوج کے فضائی دفاعی نظام نے امریکی ایم کیو نائن ڈرون تباہ کر دیا ہے۔

ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب کے مطابق گزشتہ روز جدید فضائی دفاعی نظام نے امریکی ڈرون کو تباہ کیا، ایرانی میڈیا پر جاری ویڈیو میں ڈرون کو نشانہ بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ 

آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آمدورفت ایران کے مقررہ راستوں کے ذریعے ناممکن ہے: سینٹ کام

امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایران کے سرکاری میڈیا کے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی آمد و رفت صرف ایران کی جانب سے مقرر کردہ راستوں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

سینٹ کام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ایران آبنائے ہرمز کو کنٹرول نہیں کرتا۔

بیان کے مطابق مئی کے آغاز سے اب تک امریکی افواج نے اس اہم بین الاقوامی بحری تجارتی گزرگاہ سے 800 سے زائد تجارتی جہازوں اور 380 ملین بیرل خام تیل کی محفوظ اور کامیاب نقل و حمل میں معاونت فراہم کی ہے۔

آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لئے ایک نہایت اہم بین الاقوامی آبی راستہ ہے، اس میں بحری آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لئے امریکی افواج اپنی ذمہ داریاں انجام دیتی رہیں گی۔

آبنائے ہرمز میں غیر ملکی طاقتوں کا کوئی حق یا کردار نہیں، ایران

ایرانی پاسداران انقلاب نے امریکا کو آبنائے ہرمز اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بحری جہازوں کی آمدورفت میں مداخلت سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں غیر ملکی طاقتوں کا کوئی حق یا کردار نہیں ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایک بیان میں ایرانی پاسداران انقلاب کی بحریہ کا کہنا تھا کہ اگر امریکا نے کوئی فوجی اقدام کیا تو اس سے آبنائے ہرمز کو مرحلہ وار دوبارہ کھولنے کا عمل شدید متاثر ہوگا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ان ممالک کے اقتصادی مفادات کو بھی نقصان پہنچے گا جو اس راستے پر انحصار کرتے ہیں۔

ایرانی فوج کا ایک بار پھر علی خامنہ ای کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان

 ایران کے خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر جنرل علی عبداللہی نے کہا ہے کہ ایرانی افواج رہبر انقلاب سید علی خامنہ ای کے قتل کا بدلہ ضرور لے گی۔

ایک بیان میں کمانڈر جنرل علی کا کہنا تھا کہ قاتلوں سے قصاص لیں گے اور ان کو کیفر کردار تک ضرور پہنچائیں گے، دشمن ایرانی قوم کے غم کو ہرگز اس کی کمزوری نہ سمجھے، انہیں اپنے جرائم کا حساب دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم کے بہادر فوجی جوان دشمن کی نیندیں حرام کر دیں گے اور جلد یا بدیر ان دہشت گردانہ جرائم کے ذمہ دار عناصر سے انتقام لے کر رہیں گے۔

ٹرمپ اور نیتن یاہو میں ٹیلیفونک رابطہ، خلیجی خطے کی تازہ صورتحال پر گفتگو

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا ہے، جس میں خلیجی خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان رابطے اور تعاون کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر ٹرمپ نے وزیرِ اعظم نیتن یاہو کو خلیج کے حوالے سے امریکہ کی حالیہ سفارتی اور دیگر پیشرفت سے آگاہ کیا۔

نیتن یاہو نے گفتگو کے دوران ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے اسرائیل کے وجود کے خلاف دیے گئے بیانات پر تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسرائیل کی سرحدوں کے ساتھ سکیورٹی زون برقرار رکھنا ضروری ہے۔

شہید ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو مشہد میں سپرد خاک کر دیا گیا

ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو مشہد میں امام علی رضا کے روضہ کے احاطے میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

شہید رہبر اعلیٰ کی نماز جنازہ ان کے صاحبزادے مصطفیٰ خامنہ ای نے پڑھائی، شہید ایرانی سپریم لیڈر کو الوداع کہنے کیلئے مشہد کی سڑکوں پر انسانوں کا سمندر امڈ آیا، آیت اللہ علی خامنہ ای کا جسد خاکی نجف سے ایران کے شہر مشہد پہنچایا گیا تھا۔

اس سے پہلے آیت اللہ خامنہ ای کی میت کو کربلا میں حضرت امام حسین اور حضرت عباس کے روضوں پر بھی لے جایا گیا تھا اور نمازِ جنازہ ادا کی گئی تھی۔

عراقی حکام کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کے عراق میں تعزیتی جلوس میں ایک کروڑ سے زائد افراد شریک ہوئے، خامنہ ای 28 فروری کو ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں میں شہید ہوئے تھے۔

امریکہ، ایران تنازع کا منصفانہ حل ناگزیر ہے: روسی وزیر خارجہ

ایک بیان میں سرگئی لاوروف نے کہا کہ فریقین کے درمیان معاہدہ تمام متعلقہ ممالک کے مفادات کا عکاس ہونا چاہیے، موجودہ کشیدگی کے اثرات پوری عالمی معیشت پر پڑ رہے ہیں۔

روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز اور خلیج فارس پر روس کا مؤقف واضح ہے، تمام فریقوں کے مفادات اور خدشات پر مبنی معاہدہ ہی دیرپا حل ہے۔

ثابت کر چکے اسرائیل یمن سے ایران تک کہیں بھی پہنچ سکتا ہے، اسرائیلی وزیر دفاع

ایک بیان میں اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ ہم ثابت کر چکے ہیں یمن سے ایران تک کہیں بھی پہنچ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل ضرورت پڑنے پر پہلے سے بھی زیادہ طاقت کے ساتھ ایران پر حملے کرنے کیلئے تیار ہے۔

اسرائیل کاٹز نے مزید کہا ہے کہ ہماری فوج لڑائی دوبارہ شروع کرنے کیلئے پوری طرح الرٹ ہے، ہماری مہم ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔

آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کی تعداد میں نمایاں کمی

 آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کی تعداد میں نمایاں کمی ہوگئی۔

بین الاقوامی ٹینکر مالکان کی تنظیم انٹرٹینکو کے مطابق روزانہ گزرنے والے جہازوں کی مجموعی تعداد تقریبا تیس رہ گئی جو ایک ہفتہ پہلے ستر تھی، بین الاقوامی بحری تنظیم کے مطابق آبنائے ہرمز کے اطراف بحری جہازوں پر سوار عملے کے چھ ہزار ارکان پھنس گئے۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز کی بدلتی صورتحال کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ رہا ہے جس کے باعث برطانوی خام تیل کی قیمت 76 ڈالر 35 سینٹ فی بیرل ہوگئی، امریکی خام تیل کی قیمت 72 ڈالر چار سینٹ فی بیرل ہوگئی۔

امریکہ کے ایران پر مسلسل تیسرے روز بھی حملے جاری، مختلف شہروں میں متعدد دھماکے

ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ایران کے ساحلی شہر کونارک میں 3، بوشہر اور چغادک میں 6 دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، دھماکے بندر عباس میں بھی ہوئے۔

گزشتہ روز بھی امریکہ نے ایران کی شہری تنصیبات پر فضائی حملے کیے تھے، جن میں 5 صوبوں میں 90 اہداف کو نشانہ بنایا گیا، بوشہر، چاہ بہار، بندر عباس، سِرک، کونارک، جسک اور ابو موسیٰ میں دھماکے ہوئے تھے۔

امریکی حملوں کے نتیجے میں ایران میں 14 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں، خوزستان میں پاسداران انقلاب کے 3 اہلکار اور ایران شہر ایئر پورٹ پر حملے میں فائر فائٹر شہید ہوئے تھے۔

مشہد میں شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ، لاکھوں سوگواروں کی شرکت

ایران کے شہر مشہد میں شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں لاکھوں سوگواروں نے شرکت کر کے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

نمازِ جنازہ میں ملک بھر سے آنے والے عوام، مذہبی شخصیات، اعلیٰ حکومتی عہدیداروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مشہد کی سڑکیں سوگواروں سے بھر گئیں اور فضا نوحہ و دعا سے گونجتی رہی۔

ایرانی حکام کے مطابق شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کو روضۂ حضرت امام رضاؑ کے احاطے میں سپردِ خاک کیا جائے گا، جہاں تدفین کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ لاکھوں زائرین کی آمد کے پیش نظر خصوصی انتظامی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔ 

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے عباس عراقچی کا رابطہ، امریکی حملے معاہدوں کی خلاف ورزی قرار

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں اقوام متحدہ کے چارٹر اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی قرار دیا۔

ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کسی بھی امریکی جارحیت کے خلاف مضبوطی سے کھڑا رہے گا اور اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر امریکی حکام اسلام آباد میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ کی پاسداری نہیں کرتے تو یہ واشنگٹن کی محاذ آرائی اور جنگی پالیسیوں کے تسلسل کا واضح ثبوت ہوگا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ نے مزید فوجی کارروائی کی تو ایران اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے دفاع سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گا اور ہر ممکن جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

عباس عراقچی کے عمان اور ترکیہ سے رابطے، امریکا کو مزید کارروائی پر خبردار کر دیا

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے عمان اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کیے، جن میں خطے کی مجموعی صورتحال اور آبنائے ہرمز سے متعلق حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق عباس عراقچی نے دونوں رہنماؤں کو خبردار کیا کہ اگر امریکہ نے مزید فوجی کارروائی کی تو ایران اس کا مناسب جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا۔

انہوں نے امریکی مؤقف کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن اپنے وعدوں سے انحراف اور محاذ آرائی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

قطر اور امارات کی کویت، بحرین پر ایرانی حملوں کی مذمت

قطر اور متحدہ عرب امارات نے اردن، کویت اور بحرین پر ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

قطری وزارت خارجہ کے مطابق ایرانی حملے علاقائی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

وزارت خارجہ نے تمام فریقین پر زور دیا کہ کشیدگی کم کرنے اور سفارتی مذاکرات کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

قطر نے کہا کہ وہ ہمسایہ ممالک کے دفاعی اقدامات کی مکمل حمایت کرے گا۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے بھی کویت اور بحرین پر ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے دونوں ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور استحکام پر حملہ ہیں۔
 

آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین کے انتظامات مکمل، مشہد میں لاکھوں سوگواروں کی آمد

ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ مشہد کی سڑکوں پر سوگواروں کا بڑا ہجوم جمع ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای کو امام علی رضاؑ کے روضۂ اقدس کے احاطے میں سپردِ خاک کیا جائے گا، جہاں تدفین کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق مشہد میں اس وقت 27 ملکوں سے 4 لاکھ 70 ہزار غیر ملکی مہمان موجود ہیں۔

اردن کا ایران کی جانب سے داغے گئے 8 میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ

اردن کی مسلح افواج نے کہا ہے کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے داغے گئے 8 میزائل فضا ہی میں تباہ کر دیے جبکہ گرنے والے ملبے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران سے داغے گئے میزائلوں کے اردنی فضائی حدود میں داخل ہونے کی اطلاعات پر ملک بھر میں فضائی حملے کے خطرے کے سائرن بجا دیے گئے۔

اردنی حکومت کے ترجمان ڈاکٹر محمد حسین المومنی نے بتایا کہ میزائلوں کو بروقت روک کر ناکارہ بنا دیا گیا، اردن کی مسلح افواج مکمل الرٹ ہیں اور مملکت کی سلامتی و شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ 

خوزستان میں امریکی حملوں میں 3 اہلکار شہید ہوئے: ایرانی پاسداران انقلاب

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ صوبہ خوزستان میں امریکی حملوں کے نتیجے میں ان کے 3 اہلکار شہید ہوئے ہیں۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق آبنائے ہرمز میں امریکی مداخلت کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا جبکہ امریکی فوجی اقدامات سے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی کوششیں بھی متاثر ہوں گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کے حالیہ اقدامات نہ صرف خطے کی سلامتی بلکہ آبنائے ہرمز سے فائدہ اٹھانے والے ممالک کے اقتصادی اور تجارتی مفادات کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں۔

پاسدارانِ انقلاب نے امریکی کارروائیوں کو خطے کے استحکام کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ ایران اپنے مفادات اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مناسب ردعمل دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

غزہ میں اسرائیلی حملے جاری، مزید 8 فلسطینی شہید، 17 زخمی

غزہ میں اسرائیلی فورسز کی کارروائیاں بدستور جاری ہیں، 24 گھنٹوں کے دوران صیہونی حملوں میں مزید 8 فلسطینی شہید جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے۔

غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق متعدد متاثرین اب بھی تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، تاہم مسلسل بمباری اور دشوار حالات کے باعث امدادی ٹیمیں ان تک رسائی حاصل نہیں کر سکیں۔

وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 1,092 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ اکتوبر 2025 سے جاری حملوں میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 3,507 تک پہنچ گئی ہے۔ 

امریکی حملے میں چین ایران ریلوے کوریڈور کا اہم پل متاثر، ٹرین سروس معطل

ایران کے صوبے گلستان میں چین ایران ریلوے کوریڈور کا ایک اہم ریلوے پل امریکی حملے میں نشانہ بن گیا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ رات عق تاقہ خان ریلوے پل پر امریکی حملہ کیا گیا، یہ ریلوے راستہ ترکمانستان اور قازقستان کے ذریعے چین کو ایران سے ملاتا ہے، جبکہ روس 2025ء کے آخر سے اس روٹ کو ایران کے لیے کارگو ترسیل کے لیے استعمال کر رہا تھا۔

امریکی حملے کے باعث ریلوے لائن کے کچھ حصے متاثر ہونے کے بعد تہران سے مشہد جانے والی ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہے۔

ایرانی محکمۂ ریلوے کے مطابق تکنیکی عملے کو متاثرہ مقام پر روانہ کر دیا گیا ہے، جبکہ تہران سے مشہد جانے والے مسافروں کے لیے متبادل بس سروس کا انتظام کیا جا رہا ہے۔

ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ریلوے پل کی مرمت جلد مکمل کر لی جائے گی، ایران نے جنوبی صوبوں پر امریکی حملوں اور مشرق میں 2 ریلوے پلوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے ان کو جنگی جرم قرار دے دیا۔

امریکی حملوں سے شہید رہبر کے جنازے پر کوئی اثر نہیں پڑا: ایران

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ حملوں کے باوجود جنازے کے پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، جنازے کا پہلا مرحلہ تہران میں منعقد ہوا، اس کے بعد اگلے روز قم میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی، پھر میت کو عراق کے شہروں کربلا اور نجف لے جایا گیا۔

آج سپریم لیڈر کی میت کو مشہد منتقل کیا گیا، جہاں ان کی پیدائش ہوئی تھی اور جہاں ان کے خاندان کی جڑیں ہیں، مشہد صرف ان کی جائے پیدائش ہونے کی وجہ سے ہی اہم نہیں بلکہ یہاں شیعہ مسلمانوں کے آٹھویں امام، امام رضا کا روضہ بھی ہے، انہیں اسی روضے کے قریب سپردِ خاک کیا جائے گا۔

حکام نے بتایا کہ امریکی حملے میں تہران اور مشہد کے درمیان ریلوے رابطہ متاثر ہونے سے جنازے کے پروگرام پر کوئی اثر نہیں پڑا۔

خیال رہے کہ منصوبے کے مطابق جنازے کے آخری مرحلے اور تدفین کی تقریب آج صبح مقامی وقت کے مطابق 6 بجے ہونا تھی، تاہم اب اسے 8 گھنٹے مؤخر کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق اس تاخیر کی وجہ امریکی حملے نہیں بلکہ بدھ کے روز عراق میں غیر معمولی ہجوم ہے، جس کی وجہ سے جنازے کے شیڈول میں تاخیر ہوئی۔

آبنائے ہرمز میں کشیدگی: پاکستان کو فوری ایل این جی کارگو کی ضرورت

آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث علاقائی توانائی کی سپلائی متاثر ہونے اور ایک طے شدہ ایل این جی (مائع قدرتی گیس) کارگو کے واپس لوٹ جانے کے بعد پاکستان نے فوری طور پر نئی ایل این جی کھیپ حاصل کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

بلومبرگ کے مطابق سرکاری کمپنی پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (PLL) نے 15 اور 16 جولائی کو ترسیل کے لیے متبادل ایل این جی کارگو کی خریداری کا ہنگامی ٹینڈر جاری کر دیا ہے، جبکہ تجارتی پیشکشیں جمع کرانے کی آخری تاریخ جمعہ مقرر کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق حکومت نے اس ہنگامی ٹینڈر کے عمل کو تیز کیا، کیونکہ قطر سے طویل المدتی معاہدے کے تحت آنے والی ایک ایل این جی کھیپ رواں ہفتے کے آغاز میں منسوخ ہو گئی تھی۔

شہید علی خامنہ ای اور اہلخانہ کی میتیں مشہد پہنچ گئیں

ایران کے شہید رہبرِ اعلیٰ آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای اور ان کے اہل خانہ کی میتیں لے کر طیارہ نجف سے مشہد پہنچ گیا، جہاں انہیں آج روضۂ امامِ رضا ؓ کے احاطے میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

مشہد میں آیت اللہ علی خامنہ ای کے جنازے کا جلوس پاکستانی وقت کے مطابق کچھ دیر میں شروع ہو گا، جلوس امام رضا ہائی وے سے ہوتا ہوا حرم امام رضا پہنچے گا، جہاں جنازہ ادا کرنے کے بعد تدفین کی جائے گی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق مشہد میں اس وقت 27 ملکوں سے 4 لاکھ 70 ہزار غیر ملکی مہمان موجود ہیں۔

قبل ازیں شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کے جنازے کا عراق میں تعزیتی جلوس نکالا گیا، نجف میں روضہ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ پر نماز جنازہ ادا کی گئی، اس کے بعد شہید آیت اللہ خامنہ ای کا جسد خاکی تاریخی جلوس کے ذریعے کربلا لایا گیا، جہاں لاکھوں سوگوار جمع تھے۔

شہید علی خامنہ ای اور اہلخانہ کی میتیں مشہد پہنچ گئیں

ایران کے شہید رہبرِ اعلیٰ آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای اور ان کے اہل خانہ کی میتیں لے کر طیارہ نجف سے مشہد پہنچ گیا، جہاں انہیں آج روضۂ امامِ رضا ؓ کے احاطے میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

مشہد میں آیت اللہ علی خامنہ ای کے جنازے کا جلوس پاکستانی وقت کے مطابق کچھ دیر میں شروع ہو گا، جلوس امام رضا ہائی وے سے ہوتا ہوا حرم امام رضا پہنچے گا، جہاں جنازہ ادا کرنے کے بعد تدفین کی جائے گی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق مشہد میں اس وقت 27 ملکوں سے 4 لاکھ 70 ہزار غیر ملکی مہمان موجود ہیں۔

تمام ایرانی فضائی حملے ناکام بنا دیے: بحرینی فوج

بحرینی فوج نے کہا ہے کہ ایران کے تمام حملے ناکام بنا دیئے، فضائی دفاعی نظام نے ایرانی حملوں کو بروقت ناکام بنایا۔

فوج کے مطابق ایرانی ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا، ملکی فضائی دفاع مکمل طور پر متحرک رہا اور کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

کویت، قطر اور بحرین میں امریکی اہداف کو ڈرونز سے نشانہ بنایا: ایران

ایران کی سرکاری ٹی وی کے مطابق ایرانی فوج نے کہا ہے کہ اس نے دن کے اوائل میں امریکی حملوں کے جواب میں کویت، قطر اور بحرین میں مختلف مقامات کو یک طرفہ حملہ آور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔

فوج کے بیان میں کہا گیا کہ خطے میں امریکی اڈوں پر اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کی کارروائیوں کے تسلسل میں، کویت میں پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام، قطر میں ابتدائی انتباہی نظام (ارلی وارننگ سسٹم) اور بحرین میں ایندھن کے ذخائر کو فوج کے مختلف اقسام کے بڑی تعداد میں کامی کاز ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

اس سے پہلے ایران کے پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایران پر امریکی حملوں کے جواب میں کویت میں امریکی فوج کے 2 اڈوں اور بحرین میں بھی 2 امریکی اڈوں پر حملہ کیا۔

پاسداران انقلاب نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ نے دوبارہ حملے کیے تو ردعمل خطے میں موجود دیگر امریکی اڈوں تک بھی پھیل جائے گا۔

لبنان اسرائیل معاہدے کی ایک شق بھی نافذ نہیں ہونے دیں گے: حزب اللہ

حزب اللہ سربراہ نعیم قاسم نے دوٹوک کہا ہے کہ لبنان اسرائیل فریم ورک معاہدے کی ایک شق بھی نافذ نہیں ہونے دیں گے۔

حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ ایران نے مزاحمت کو طاقت، وقار اور استقامت فراہم کی، ایران کی بہادری کے باعث جنگ بندی ممکن ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ لبنان پر اپنی بالادستی مسلط کرنا چاہتا ہے، امریکی مطالبات اسرائیل کے مفادات کو تحفظ پہنچاتے ہیں، یہ معاہدہ کسی صورت قابل قبول نہیں اور اس پر عملدرآمد روک دیا جائے گا۔

حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے واضح کیا کہ لبنان کے عوام اور ہم مل کر امریکی دباؤ کا مقابلہ کریں گے۔

اقوام متحدہ کا مشرق وسطی میں بڑھتی کشیدگی پر اظہار تشویش

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک کے مطابق سیکرٹری جنرل نے تمام فریقوں سے فوری طور پر کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی ہے۔

اسٹیفن ڈوجارک نے بتایا کہ حالیہ حملے سفارتی پیش رفت کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں، مکمل جنگ خطے، عالمی امن، سلامتی اور معیشت کے لیے تباہ کن ثابت ہوگی۔

اسٹیفن ڈوجارک نے مزید بتایا کہ تمام فریقین زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں، بین الاقوامی قانون کی مکمل پاسداری کی جائے،اشتعال انگیز اقدامات سے گریز کیا جائے۔

امریکہ کے حملوں سے ایران میں 14 افراد شہید

ایران کی وزارت صحت کے مطابق امریکہ کے حالیہ حملوں سے 14 ایرانی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔

صوبہ خوزستان کے شہر اہواز کے قریب امریکی حملے میں 3 افراد جاں بحق ہوئے، فضائی حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق امریکی افواج نے شمال مشرقی ایران کے صوبہ گلستان میں واقع شہر آق قلعہ کے قریب ایک ریلوے پل پر فضائی حملہ کیا ہے۔

ایران کے پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایران پر امریکی حملوں کے جواب میں کویت میں امریکی فوج کے 2 اڈوں اور بحرین میں بھی 2 امریکی اڈوں پر حملہ کیا۔

پاسداران انقلاب نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ نے دوبارہ حملے کیے تو ردعمل خطے میں موجود دیگر امریکی اڈوں تک بھی پھیل جائے گا۔

آبنائے ہرمز صرف ایرانی انتظامات کے تحت ہی کھلے گی: باقر قالیباف

ایران کے پارلیمانی سپیکر و چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز صرف ایرانی انتظامات کے تحت ہی کھلے گی، اور امریکی دھمکیاں اس اہم آبی گزرگاہ کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کر سکتیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں قالیباف نے کہا کہ امریکہ نے اب تک یہ سبق نہیں سیکھا کہ دھونس اور وعدہ خلافی اب بغیر قیمت چکائے ممکن نہیں، میں واضح الفاظ میں کہتا ہوں کہ اگر آپ حملہ کریں گے تو جواب بھی ملے گا۔

انہوں نے امریکہ پر مسلسل دباؤ ڈالنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مزید کہا کہ فضول ہاتھ پاؤں نہ ماریں، ورنہ آپ مزید دلدل میں دھنس جائیں گے، آبنائے ہرمز صرف ایرانی انتظامات کے تحت ہی کھلے گی، امریکی دھمکیوں کے تحت نہیں۔

ایران کا 6 کروڑ 30 لاکھ بیرل خام تیل سمندر میں پھنس گیا

امریکہ کی جانب سے ایران کے لیے تیل فروخت سے متعلق پابندیوں میں دی گئی رعایت محدود کیے جانے کے بعد ایران کا تقریباً 6 کروڑ 30 لاکھ بیرل خام تیل سمندر میں پھنس گیا ہے۔

امریکی جریدے بلومبرگ کے مطابق ویسل ٹریکنگ ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کے لاکھوں بیرل خام تیل سے لدے ٹینکرز خلیجِ فارس سے لے کر آبنائے ملاکا تک مختلف مقامات پر یا تو سفر کر رہے ہیں یا لنگر انداز ہیں، جس کے باعث ان کی ترسیل غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی اور امریکہ نے ایران کے خلاف بحری ناکا بندی مزید سخت کر دی تو تقریباً 5 کروڑ بیرل خام تیل اور ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات بھی برآمد نہ ہو سکیں گی۔

واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ روز آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کا الزام ایران پر عائد کرتے ہوئے ایرانی تیل کی فروخت پر پابندیاں دوبارہ نافذ کر دی تھیں۔

ایران نے کچھ دیر پہلے رابطہ کیا، وہ معاہدہ کرنا چاہتا ہے: ٹرمپ کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران نے کچھ دیر پہلے رابطہ کیا تھا، وہ معاہدہ کرنے کے بہت زیادہ خواہش مند ہیں۔

صدارتی جہاز ائیرفورس ون پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے مزید کہا کہ میں نہیں جانتا کہ ان کے ساتھ معاہدہ کرنا واقعی فائدہ مند ہو گا یا نہیں، مسئلہ یہ ہے کہ میں نہیں جانتا کہ آیا وہ معاہدے کا احترام کریں گے یا نہیں۔

ٹرمپ نے یہ دعویٰ دہرایا کہ امریکہ ایران کے ساتھ جنگ میں فوجی اعتبار سے کامیاب ہو چکا ہے، ایران کے پاس زیادہ کچھ باقی نہیں رہا اور وہ امریکہ کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے بہت زیادہ خواہش مند ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ تنازع جنگ نہیں ہے، حقیقت میں اسے مکمل طور پر جنگ نہیں کہا جا سکتا، یہ ایران کی جوہری صلاحیت کو ختم کرنے کے لیے ہے، یہ ایران کو جوہری ہتھیاروں سے محروم کرنے کے لیے ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ پوری بات ایران سے جوہری ہتھیار لینے اور اسے اس قسم کے ہتھیار رکھنے کی اجازت نہ دینے کی ہے۔ اور ہر شخص کو ایسی بات پر خوش ہونا چاہئے۔

انہوں نے بعد میں یہ دعویٰ بھی دہرایا کہ انہوں نے اپنے دورِ صدارت میں آٹھ جنگوں کا خاتمہ کیا ہے، ہم نے ایران کو بہت شدت سے نشانہ بنایا ہے اور میں یہاں آج یہ بات کہوں گا کہ ہم نے انہیں 20 گنا زیادہ طاقت سے جواب دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی وہ ہم پر حملہ کریں گے، ہم انہیں 20 گنا زیادہ طاقت اور شدت سے جواب دیں گے۔

تیل کی قیمت چند ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

 ایشیائی منڈیوں میں تیل کی قیمت بڑھ کر اس سطح پر جا پہنچی ہے جو جون کے وسط میں امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط سے پہلے تھی۔

برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 79 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکہ میں تیل کی قیمت تقریباً 74 ڈالر فی بیرل تک ہے۔

تیل کی قیمتوں میں یہ اضافہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب امریکہ کی جانب سے ایران پر دوبارہ فضائی حملے کیے گئے ہیں۔

اس سے پہلے ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر حملے کیے تھے۔ جس سے یہ خدشات بڑھ گئے ہیں کہ مشرقِ وسطیٰ سے تیل کی رسد مزید متاثر ہو سکتی ہے۔

بحرین میں خطرے کے سائرن

بحرین کی وزارتِ داخلہ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اعلان کیا ہے کہ ملک میں خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں۔

وزارت داخلہ کے پیغام میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور قریبی محفوظ مقام کی جانب چلے جائیں۔

اس سے قبل امریکہ نے ایران کے مختلف علاقوں پر حملے کیے تھے۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق بوشہر، بندر عباس اور ابو موسیٰ جزیرے سمیت متعدد مقامات حملوں کی زد میں آئے۔

امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹ کام) کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کو خطرے میں ڈالنے کی ایران کی صلاحیت کو کمزور کرنا تھا۔

فضائی دفاع کا نظام دشمن کے میزائل اور ڈرون حملوں کا سامنا کر رہا ہے: کویتی فوج

سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کویتی فوج نے کہا ہے کہ فضائی دفاع کا نظام دشمن کے میزائل اور ڈرون حملوں کا سامنا کر رہا ہے، اگر دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں تو وہ فضائی دفاعی نظام کی جانب سے دشمن کے حملوں کو ناکام بنانے کی کارروائیوں کا نتیجہ ہیں۔

ایکس پر پیغام میں کویتی فوج نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ متعلقہ حکام کی جانب سے جاری کردہ سکیورٹی اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔

بیان میں شہریوں اور ملک میں مقیم افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ اس جگہ نہ جائیں جہاں دفاعی کارروائیوں کے دوران گرنے والے شیلوں کے ٹکڑے پڑے ہوں، اور نہ ہی ان کی تصاویر یا ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

کویتی فوج کا یہ بیان ایران پر امریکہ کے حملوں کے کچھ گھنٹوں بعد آیا ہے۔

ایران میں 90 اہداف کو نشانہ بنایا: امریکی مرکزی کمان

 امریکی فوج کا کہنا ہے کہ ایران پر نئی لہر میں 90 اہداف کو نشانہ بنایا گیا، اس کی افواج نے ایران کے خلاف حملوں کا ایک اور مرحلہ مکمل کیا ہے، جس کا مقصد ایران کی آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی اور بے گناہ شہری ملاحوں پر حملہ کرنے کی صلاحیت کو کمزور کرنا ہے۔

امریکی مرکزی کمان نے ایک بیان میں کہا کہ فضائی دفاعی نظام، ساحلی نگرانی کے وسائل، میزائل اور ڈرون ذخیرہ گاہیں، بحری صلاحیتیں، اور ایران کے ساحلی علاقوں میں واقع فوجی لاجسٹک انفراسٹرکچر شامل ہیں۔

یہ تازہ حملے اس دعوے کے ایک دن بعد کیے گئے ہیں جس میں امریکی افواج نے کہا تھا کہ انہوں نے ایران میں 80 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا تھا۔

ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو آج مشہد میں سپرد خاک کیا جائے گا

شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کے جنازے کا عراق میں تعزیتی جلوس نکالا گیا، جس کے بعد ان کی نجف میں روضہ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ پر نماز جنازہ ادا کر دی گئی، ان کی نماز جنازہ آیت اللہ سید محمد تقی الحکیم نے پڑھائی۔

شہید آیت اللہ خامنہ ای کا جسد خاکی تاریخی جلوس کے ذریعے کربلا لایا گیا، جہاں لاکھوں سوگوار جمع تھے، سوگواران نے مسلسل عقیدت اور احترام کا اظہار۔

آیت اللہ خامنہ ای کی میت عراق سے دوبارہ ایران منتقل کی جائے گی، علی خامنہ ای 28 فروری کو ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں میں شہید ہوئے تھے۔

ایران نے حالیہ امریکی حملوں کیخلاف اقوام متحدہ کو احتجاجی خطوط ارسال کر دیے

ایران نے حالیہ امریکی حملوں کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو علیحدہ علیحدہ احتجاجی خطوط ارسال کر دیے ہیں۔

ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے اپنے خطوط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ امریکہ نے ایک بار پھر ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف وسیع پیمانے پر فوجی حملے کیے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ یہ حملے اقوام متحدہ کے منشور اور امریکہ کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں، امریکی کارروائیاں اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 2 کی شق 4 کی بھی خلاف ورزی ہیں۔

مستقل ایرانی مندوب نے خطوط میں مزید لکھا کہ یہ حملے 16 جون کو طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کی پہلی شق کی بنیادی خلاف ورزی بھی شمار ہوتے ہیں۔

ایران کا امریکی کارروائیوں کا منہ توڑ جواب دینے کا اعلان

ایران نے جنوبی علاقوں پر امریکی حملوں کے بعد خبردار کیا ہے کہ ان کارروائیوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

خاتم الانبیا مشترکہ فوجی ہیڈکوارٹرز نے خبردار کیا ہے کہ حالیہ امریکی حملوں کے نتائج برآمد ہوں گے اور ایرانی مسلح افواج ان کارروائیوں کا منہ توڑ جواب دیں گی۔

ایران پر موجودہ حملے گزشتہ کارروائیوں سے زیادہ وسیع ہیں، امریکی عہدیدار

امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایران پر جاری حالیہ حملے گزشتہ روز کیے گئے حملوں کے مقابلے میں زیادہ وسیع اور بڑے پیمانے پر ہیں۔

امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے امریکی عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ تازہ امریکی کارروائی کا دائرہ کار منگل کے حملوں سے کہیں زیادہ وسیع ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق منگل کو کی گئی کارروائی کے دوران ایران میں 80 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا تھا، جن میں فضائی دفاعی نظام بھی شامل تھا۔

علاوہ ازیں ایرانی کمانڈ اینڈ کنٹرول نیٹ ورک، ساحلی ریڈار تنصیبات، بحری جہاز شکن میزائل صلاحیتیں اور پاسدارانِ انقلاب کی 60 سے زائد چھوٹی کشتیاں بھی امریکی حملوں کا نشانہ بنیں۔

ایران نے مزید حملے کئے تو 20 گنا زیادہ طاقت سے کارروائی کرینگے: ٹرمپ کی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایران نے مزید حملے کیے تو امریکا ہر حملے کے جواب میں 20 گنا زیادہ طاقت سے کارروائی کرے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا امریکا ایران کے خلاف پہلے ہی کامیابی حاصل کر چکا ہے، ایران کے پاس بہت کم وقت رہ گیا ہے اور وہ معاہدہ کرنا چاہتا ہے لیکن مجھے نہیں معلوم کہ وہ معاہدے کے قابل بھی ہے یا نہیں، اور نہ ہی یہ یقین ہے کہ وہ اس پر عمل کرے گا۔

صدر ٹرمپ سے جب پوچھا گیا کہ اگر ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے تو پھر اس نے تجارتی بحری جہازوں پر حملے کیوں کئے تو ٹرمپ نے جواب دیا سچ پوچھیں تو وہ کچھ پاگل پن کا مظاہرہ کر رہے ہیں، ان کا رویہ غیر معمولی ہے، وہ کچھ حد تک قابو سے باہر ہیں لیکن پھر بھی وہ معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، ہم نے انہیں بہت سخت نشانہ بنایا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں کہ آیا امریکا ایران کے ساتھ مکمل فوجی جنگ کی طرف واپس جا رہا ہے، ٹرمپ نے کہا میں نہیں جانتا، ہمارے پاس جیتنے کے بہت سے طریقے ہیں لیکن فوجی لحاظ سے ہم پہلے ہی کامیاب ہو چکے ہیں۔

امریکی حملوں کے بعد چاہ بہار فری زون سے گاڑیاں محفوظ مقامات پر منتقل

چاہ بہار میں امریکی حملوں کے بعد چاہ بہار فری زون میں موجود گوداموں سے گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق ایران کی واحد سمندری بندرگاہ اور عالمی تجارت کیلئے اہم مرکز چاہ بہار فری زون آرگنائزیشن کے سربراہ نے بتایا کہ حکام نے گوداموں میں موجود گاڑیوں کو نکالنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

عہدیدار کے مطابق نصف شب تک 300 گاڑیاں گوداموں سے منتقل کی جا چکی تھیں، مزید 100 گاڑیوں کو صبح ہونے سے قبل نکال لیا گیا۔

ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں، امریکی فوج نے بندر عباس میں 8 مقامات کو نشانہ بنایا

امریکی فوج نے مسلسل دوسرے روز ایران کے جنوبی علاقوں پر حملے کیے ہیں، جس کے بعد ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں بندر عباس اور سیریک میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی فوج نے بندر عباس میں 8 مقامات کو نشانہ بنایا، بوشہر، کونارک اور چاہ بہار کے قریب بھی دھماکے ہوئے، چاہ بہار میں مبینہ امریکی حملوں کے بعد بجلی بند ہوگئی جس کو چند گھنٹوں بعد بحال کر دیا گیا۔

ایران کے ابو موسیٰ جزیرے پر بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جنوبی ایرانی شہر سیریک کے علاقے تہروی گاؤں کے قریب مزید 3 دھماکے ہوئے۔

مہر نیوز کے مطابق امریکی فضائی حملوں میں چاہ بہار کی بندرگاہ کے علاقے میں موجود 2 بحری گھاٹوں اور ایک بحری ٹریفک کنٹرول ٹاور کو نشانہ بنایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ایران کے جنوبی صوبے بوشہر میں کیے گئے الگ امریکی حملوں کے حوالے سے بھی بتایا گیا ہے کہ ان سے بوشہر جوہری تنصیب کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، اسی طرح ایران کے جنوب مشرقی شہر میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق چاہ بہار میں حملوں کا نشانہ بحری ٹریفک کنٹرول اور ایک ڈپو تھا، ایران شہر کے ہوائی اڈے پر حملے میں ایک فائر فائٹر شہید ہوگیا جس کی تصدیق سیستان و بلوچستان صوبے کے نائب گورنر اور ایران شہر کے گورنر نے بھی کی ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ رات ساڑھے 12 بجے شہر بھر میں 4 زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، حملے ایران شہر، ایئرپورٹ اور موسمیاتی سٹیشن پر کیے گئے، جن سے دونوں عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

امریکی فورسز نے ایران کے شمال مشرقی صوبے گلستان میں ایک ریلوے پل کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا ہے، رات ڈیڑھ بجے پل پر 7 میزائل فائر کیے گئے جن میں سے 2 ریلوے ٹریک پر گرے اور ان کے نتیجے میں دھماکے ہوئے۔

ایرانی فوج کے مطابق امریکی حملوں کے بعد جنوبی علاقوں میں میزائل دفاعی نظام فعال کر دیا گیا ہے۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ایران میں حملوں سے کتنا نقصان ہوا ہے تاہم گزشتہ رات امریکی فوج نے ایران کے 80 مقامات پر حملے کیے جن میں 8 فوجی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پورا خطہ پریشان ہے۔

امریکی سینیٹر برنی سینڈرز کی ایران کیساتھ دوبارہ جنگی کارروائیوں پر شدید تنقید

امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے ایران کے ساتھ دوبارہ جنگی کارروائیوں کے آغاز پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے امریکا مضبوط نہیں ہوگا بلکہ مزید انسانی جانیں ضائع ہوں گی اور ٹیکس دہندگان کے پیسے ضائع ہوں گے۔

برنی سینڈرز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ایران کے ساتھ اپنی لاپروا جنگ دوبارہ شروع کرنا امریکا کو مضبوط نہیں بنائے گا۔ اس کی قیمت مزید انسانی جانوں اور ٹیکس دہندگان کے مزید اربوں ڈالرز کی صورت میں ادا کرنا پڑے گی۔

انہوں نے کہاکہ جھوٹ پر مبنی جنگ میں امریکا کو دھکیلنے کے بعد ٹرمپ نے اب ایک ماہ سے بھی کم عرصے کے بعد ایران کے ساتھ جنگ بندی کو ختم قرار دے دیا ہے۔

سینیٹر سینڈرز نے امریکی انتظامیہ کے ایران سے متعلق حالیہ اقدامات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ فوجی تصادم کے بجائے سفارتی راستہ اختیار کیا جانا چاہئے۔

امریکی صدر ایران کیخلاف حملوں کو محدود رکھنے کی کوشش کررہے ہیں: عالمی میڈیا

عالمی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف جاری حملوں کو محدود رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ انہیں سیاسی حمایت حاصل رہے۔

واشنگٹن سے امریکی اور عرب میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ زیادہ تر عوامی جائزوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی شہری طویل جنگ یا مسلسل فوجی تنازع کے حق میں نہیں ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس کا مؤقف ہے کہ حالیہ حملے محدود پیمانے اور دائرہ کار میں کئے گئے ہیں، امریکی صدر کے مطابق یہ کارروائیاں آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی پر ایران کے مبینہ حملوں کے جواب میں کی گئی ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے سیاسی طور پر صدر ٹرمپ ان کارروائیوں کو محدود اقدام کے طور پر پیش کرتے ہیں اور مفاہمتی یادداشت برقرار رکھتے ہیں تو انہیں اور ان کے اقدامات کو زیادہ حمایت ملنے کا امکان ہے۔

امریکا نے ایران پر حملے جوابی کارروائی میں کئے: سابق عہدیدار پینٹاگون

 امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے سابق عہدیدار ڈیوڈ ڈیس روشز نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایران پر حالیہ حملے ایرانی حملوں کے جواب میں کیے گئے ہیں۔

پینٹاگون میں نیٹو آپریشنز کے سابق ڈائریکٹر ڈیوڈ ڈیس روشز نے کہا مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکا نے ایران کی بندرگاہوں کی ناکہ بندی ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا جس پر عمل کیا گیا۔

ڈیوڈ ڈیس روشز نے کہا کہ ایرانی تیل کی فروخت پر عائد پابندیوں میں نرمی کرنے کا وعدہ بھی پورا کیا گیا، ایران پر لازم تھا کہ وہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمد و رفت میں مداخلت نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے بحری جہازوں کو نشانہ بنایا تو وہ مفاہمتی یادداشت کی شرائط سے ہٹ کر نئی صورتحال قائم کرنے کی کوشش کر رہا تھا، یہ صدر ٹرمپ کے لئے ناقابل قبول ہے اسی لیے حملے کیے گئے ہیں۔

سابق ڈائریکٹر کا مزید کہنا ہے کہ ایران کا ردعمل روایتی انداز کا ہو سکتا ہے، یہ امکان بھی ہے کہ بحری جہازوں پر حملے ایرانی پاسداران انقلاب کے کسی ایسے دھڑے کی کارروائی تھے جو سفارتی عمل کو ناکام بنانا چاہتا تھا۔

ٹرمپ کی فوجی کارروائی کی دھمکی: امریکا، ایران جنگ بندی معاہدہ خطرے سے دوچار

 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے مؤقف کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ خطرے میں پڑتا دکھائی دے رہا ہے۔

الجزیرہ ٹی وی کے مطابق امریکی صدر نے کہا تھا کہ جنگ ختم ہو چکی ہے اور وہ ایران کے معاملے سے مزید نمٹنا نہیں چاہتے تاہم ان کے حالیہ بیانات نے مفاہمتی یادداشت کے تحت مستقبل میں ہونے والے مذاکرات کے امکانات کو محدود کر دیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس فریم ورک کے تحت جنگ بندی طے کی گئی تھی جس کے بعد وسیع تر مذاکرات کا راستہ کھلنا تھا لیکن ایرانی قیادت کے لیے صدر ٹرمپ کے سخت اور توہین آمیز الفاظ، جن میں انہوں نے ایرانیوں کو "سنکی" قرار دیا، اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ امریکہ کا جھکاؤ سفارتی حل کے بجائے فوجی آپشن کی طرف بڑھ رہا ہے۔

امریکا کا مؤقف ہے کہ یہ کارروائیاں جارحانہ نہیں بلکہ جوابی کارروائیاں ہیں، وائٹ ہاؤس کے مطابق آبنائے ہرمز ایک بین الاقوامی آبی گزرگاہ ہے اور عالمی معیشت کے لئے اس کی آزادانہ آمدو رفت انتہائی ضروری ہے۔

غیر ملکی فوج ایرانی ساحل پر اتری تو علاقہ ان کیلئے جہنم بنا دیں گے: ایرانی بحریہ

ایرانی بحریہ کے ریئر ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے کہا ہے کہ غیر ملکی فوج ایران کے ساحل پر اترنے کی کوشش کرے گی تو علاقہ حملہ آوروں کے لیے جہنم بن جائے گا۔

ایرانی بحریہ کے ریئر ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے کہا کہ امریکا نے ایرانی سرزمین پر اترنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن اسے عملی جامہ پہنانے میں ناکام رہا۔

حبیب اللہ سیاری نے امریکی صدر کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی بحریہ تباہ نہیں ہوئی۔

خطے کو پاک کرنے کیلئے ایران کی انگلی ٹریگر پر، کشیدگی کا ذمہ دار واشنگٹن ہے: علی اکبر ولایتی

 ایرانی سپریم لیڈر کے بین الاقوامی امور کے سینئر مشیر علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ خطہ چھوٹے ممالک کی سیاسی جوئے بازی کی جگہ نہیں ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر کے بین الاقوامی امور کے سینئر مشیر علی اکبر ولایتی نے ایکس پر جاری بیان میں کہا ایران بارہا ثابت کر چکا ہے کہ کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطے کو پاک کرنے کے لئے ایران کی انگلی ٹریگر پر ہے، حالیہ کشیدگی کی مکمل ذمہ داری واشنگٹن پر عائد ہوتی ہے۔

اٹلی کا ایران کیخلاف کسی بھی فوجی کارروائی میں شریک نہ ہونے کا اعلان

 اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ اٹلی ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی میں شریک نہیں ہوگا، اس حوالے سے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جارجیا میلونی نے کہا ایران سے متعلق تنازع کے آغاز سے ہی ہمارا مؤقف بالکل واضح رہا ہے ہم ایران کے خلاف کسی بھی حملے میں حصہ نہیں لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اٹلی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود اپنی پالیسی پر قائم ہے اور ایران کے خلاف عسکری کارروائی کا حصہ بننے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔

اقوام متحدہ کا امریکا اور ایران پر کشیدگی کم، مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر زور

 اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امریکا اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کریں اور مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع کریں۔

اقوامِ متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے نیوز بریفنگ کے دوران بتایا سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے تمام فریقوں سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے، مزید کشیدگی کا باعث بننے والے اقدامات سے گریز کرنے اور فوری طور پر تناؤ کم کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے۔

گوتریس کا مؤقف ہے کہ موجودہ صورتحال میں سفارت کاری اور مذاکرات ہی مسائل کے پائیدار حل کا مؤثر راستہ ہیں، اس لئے تمام متعلقہ فریق کشیدگی میں اضافے کے بجائے بات چیت کا راستہ اختیار کریں۔

جنوبی لبنان میں اسرائیلی ڈرون حملے، مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے

ایران پر امریکی حملوں کے بعد جنوبی لبنان میں اسرائیل نے ڈرون حملے کر دیے جس میں مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق یہ حملہ نبطیہ الفوقہ کے علاقے میں کیا گیا، جہاں 2 افراد غندور ہسپتال کے قریب پیدل جا رہے تھے، دونوں موقع ہی پر دم توڑ گئے، حملے کے بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

لبنان کی وزارت صحت کے مطابق 2 مارچ سے 8 جولائی کے دوران اسرائیلی حملوں میں 4,321 افراد جاں بحق جبکہ 12,203 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

ایرانی و قطری وزرائے خارجہ کا رابطہ، آبنائے ہرمز واقعات پر تفصیلی تبادلہ خیال

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں خطے کی تازہ صورتحال، بالخصوص آبنائے ہرمز میں پیش آنے والے حالیہ واقعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری پیشرفت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو کی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقوں نے علاقائی مسائل کے حل کیلئے سفارتی ذرائع کو بروئے کار لانے کی اہمیت پر زور دیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے کیلئے باہمی رابطے اور قریبی تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

ایران اور قطر نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ موجودہ علاقائی بحران کے پرامن حل کیلئے سفارتی کوششوں اور مسلسل رابطوں کو فروغ دیا جائے گا تاکہ مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے۔

ٹرمپ کے حالیہ بیانات واشنگٹن کی ایران پالیسی کی ناکامی کا اعتراف ہیں، کاظم غریب آبادی

ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات واشنگٹن کی ایران کے حوالے سے پالیسی کی ناکامی کا اعتراف ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کاظم غریب آبادی نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران پر مزید حملوں کی دھمکیوں سمیت حالیہ بیانات طاقت کی علامت نہیں بلکہ برسوں سے طاقت کے استعمال، پابندیوں اور دھمکیوں پر مبنی امریکی پالیسی کی ناکامی کا اعتراف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو ٹرمپ سے اسی کی زبان میں بات کرنی چاہیے، کیونکہ بقول ان کے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ طاقت کی زبان کو ہی بہتر طور پر سمجھتے ہیں۔

آبنائے ہرمز بند کرنے کی کوشش کی تو فوجی کارروائی کریں گے، امریکی نائب صدر کا ایران کو انتباہ

واشنگٹن ڈی سی میں نیوز بریفنگ کے دوران جے ڈی وینس نے کہا اگر ایران آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی کوشش کرتا ہے تو امریکی فوج کی جانب سے اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے واضح طور پر یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ اگر ایران بحری جہازوں پر حملے بند کر دے تو ہم اپنی ناکہ بندی ختم کر دیں گے لیکن اگر وہ جہازوں کو نشانہ بناتا رہا تو ہم بھرپور جوابی کارروائی کریں گے۔

امریکی نائب صدر نے کہا کہ ایران کے پاس دو راستے ہیں، یا تو وہ اس معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے بحری راستہ کھلا رکھے اور جہازوں پر حملے بند کر دے، یا پھر اسے گزشتہ رات کی طرح مسلسل امریکی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

جے ڈی وینس نے مزید کہا کہ یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ایران اس اہم بحری گزرگاہ کو کھول نہیں دیتا اور جہازوں پر حملے بند نہیں کر دیتا۔

امریکی افواج نے ایران پر مزید حملے شروع کر دیے، سینٹ کام

امریکی حکام کے مطابق یہ کارروائیاں امریکی کمانڈر ان چیف کی ہدایت پر کی جا رہی ہیں، جن کا مقصد آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمد و رفت کو لاحق خطرات سے نمٹنا اور ایران کی ان صلاحیتوں کو کمزور کرنا ہے جنہیں واشنگٹن اپنے مفادات کیلئے خطرہ قرار دیتا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ ایران کو حالیہ بلا جواز جارحیت کا ذمہ دار ٹھہرا رہا ہے، جس میں ایک اہم بین الاقوامی آبی گزرگاہ سے آزادانہ سفر کرنے والے تجارتی جہازوں اور شہری عملے کو مبینہ طور پر نشانہ بنایا گیا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ امریکہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی اور عالمی بحری راستوں کے تحفظ کیلئے اقدامات جاری رکھے گا۔ 

ایران نے دوبارہ امریکی حملوں پر آبنائے ہرمز بند کرنے کی دھمکی دیدی

ایران نے امریکہ کی جانب سے تہران پر دوبارہ حملوں کے نتیجے میں آبنائے ہرمز بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ٹرمپ کے خارگ جزیرے پر قبضے کے بیان پر ایران نے خبردار کیا ہے کہ دشمن کے ایک حملے کا جواب 2 حملوں سے دیا جائے گا۔

جنوبی ایران میں دھماکے، ایرانی فضائی دفاعی نظام نے کارروائی شروع کر دی

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی مہر نیوز کے مطابق بندر عباس کے بندرگاہی شہر کے قریب ایرانی فضائی دفاعی نظام نے دشمن کے اہداف کو نشانہ بنانے کیلئے کارروائی کی۔

رپورٹ کے مطابق فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ اہداف کیا تھے، ان کی شناخت کیا تھی یا ان واقعات کے نتیجے میں کسی نقصان کی اطلاع ہے یا نہیں۔
 

ہم بد زبانی کا جواب بد زبانی سے نہیں عمل سے دیتے ہیں: ایرانی وزیر خارجہ

 ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ہم بد زبانی کا جواب بد زبانی سے نہیں عمل سے دیتے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ ایرانی قوم تہذیب، ثقافت اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کیلئے جانی جاتی ہے، توہین آمیز زبان سے مہذب ایرانی قوم کی عظمت میں کمی نہیں آتی۔

عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ہم بے خوفی اور غیر معمولی بہادری کے ساتھ جواب دیتے ہیں۔

تمام فریق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت وعدوں کی پاسداری کریں: ترجمان دفتر خارجہ

 ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ تمام فریق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت وعدوں کی پاسداری کریں۔

پاکستان نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کریں جو خطے کے امن و استحکام کو مزید نقصان پہنچا سکتا ہو۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کسی بھی نئے تنازع یا تصادم میں کسی بھی فریق کا مفاد نہیں، خطے میں پائیدار امن کے لیے مسلسل رابطہ، بات چیت اور سفارت کاری ہی واحد مؤثر راستہ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ تمام فریقین اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کریں۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ خطے اور اس سے باہر باہمی افہام و تفہیم، احترام اور مشترکہ خوشحالی کی ایک مضبوط اور دیرپا بنیاد فراہم کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کے دفتر نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور سفارتی حل کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار آئندہ بھی جاری رکھے گا۔

شہید آیت اللہ خامنہ ای کا جسد خاکی نجف سے کربلا منتقل، لاکھوں سوگواروں کی شرکت

ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا جسد خاکی عراق کے مقدس شہر نجف سے کربلا منتقل کر دیا گیا، جہاں روضۂ حضرت امام حسینؑ پر لاکھوں سوگواروں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور نماز جنازہ، فاتحہ خوانی، نوحہ و مرثیہ خوانی کا سلسلہ جاری رہا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اس سے قبل شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جسد خاکی کو نجف اشرف لایا گیا، جہاں حضرت علیؑ کے روضے پر لاکھوں عزاداروں کی موجودگی میں نماز جنازہ ادا کی گئی۔

بعد ازاں جلوس کی صورت میں جسد خاکی کربلا منتقل کیا گیا، جہاں روضۂ حضرت امام حسینؑ پر بھی نماز جنازہ ادا کی گئی اور رات بھر سوگ کی مختلف تقریبات جاری رہیں۔

نجف اور کربلا میں منعقد ہونے والی نماز جنازہ اور جلوس میں ایران کے صدر مسعود پزیشکیان، عراق کے وزیر اعظم اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ عزادار ایران اور عراق کے قومی پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔

سرکاری شیڈول کے مطابق شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا جسد خاکی کل جمعرات کو ایران واپس لایا جائے گا، جہاں ان کے آبائی شہر مشہد میں روضۂ امام رضاؑ کے احاطے میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

آؤ ہم تمہارا انتظار کر رہے ہیں، ایران کا ٹرمپ کی دھمکی پر ردعمل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے جزیرے خارگ پر حملے کی دھمکی پر ایران نے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

تہران سے ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے اس پر اپنے بیان میں کہا کہ آؤ ہم تمہارا انتظار کر رہے ہیں۔

جوہری معاہدہ وقت کا ضیاع، ٹرمپ کی آج رات پھر ایران پر حملے کی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کا رویہ انتہائی خراب ہے اور وہ گزشتہ 47 برس سے مشرقِ وسطیٰ میں بدامنی اور عدم استحکام پیدا کرتا آ رہا ہے۔

نیٹو اجلاس کے موقع پر یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران میں رجیم چینج ہو چکی ہے اور امریکہ نے ایرانی قیادت کو "ناک آؤٹ" کر دیا ہے، ایران اب مشرقِ وسطیٰ میں کسی کو تنگ نہیں کر سکے گا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران روزانہ کی بنیاد پر معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، ایران کے ساتھ کسی بھی قسم کی ڈیل وقت کا ضیاع ہے اور جنگ بندی بھی ختم ہو چکی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران نے گزشتہ روز آبنائے ہرمز میں جہازوں پر ڈرون اور میزائل حملے کیے اور اس کے بعد دوبارہ بھی جہازوں کو نشانہ بنایا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ آج رات دوبارہ ایران پر حملہ کر سکتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ وہ ایرانیوں کے رویے سے خوش نہیں ہیں اور ایران کو اپنے اقدامات کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔

 

ایران کے ساتھ امن کی کوششوں کیلئے ٹرمپ کا پُرعزم مؤقف متاثر کن ہے: اردوان

ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ امن کی کوششوں کے لیے صدر ٹرمپ کا پُرعزم مؤقف متاثر کن ہے۔

انہوں نے نیٹو کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی اتحادی ممالک کو نیٹو کے دفاع میں زیادہ ذمے داری اٹھانی چاہیے۔

اردوان نے کہا ہے کہ ایران جنگ کے دوران اضافی فضائی دفاعی تعاون پر امریکا، اسپین، جرمنی اور اٹلی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

قطری کابینہ کی آبنائے ہرمز میں ایرانی حملوں کی شدید مذمت

قطری کابینہ نے آبنائے ہرمز میں قطری آئل ٹینکر کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسے خطرناک اقدامات فوری طور پر بند کرے۔

قطری کابینہ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قطر اپنے قومی مفادات اور سلامتی کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ کابینہ نے آبنائے ہرمز میں سعودی آئل ٹینکر کو نشانہ بنانے کے واقعے کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

اعلامیے کے مطابق یہ حملے خطے کے امن و سلامتی کے لیے انتہائی خطرناک ہیں اور خطے میں کشیدگی میں اضافے کی نشاندہی کرتے ہیں۔

بطور فٹبال ورلڈکپ میزبان امریکا کا طرز عمل اسکی خارجہ پالیسی کا عکاس ہے: ایرانی صدر

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ بطور فٹبال ورلڈکپ میزبان امریکا کا طرزعمل اس کی روایتی خارجہ پالیسی کا عکاس ہے، قوانین کو اپنے مطابق موڑنا، دباؤ ڈالنا، رکاوٹیں لگانا، دھوکا دینا ہی امریکی خارجہ پالیسی ہے۔

مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ہم ایسے کھیل کو مسترد کرتے ہیں، ایران اپنے حقوق کے دفاع میں مضبوطی سے کھڑا ہے۔

ایران، امریکا کشیدگی: قطر اور چین کی فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل

ایران اور امریکا کے درمیان ایک بار پھر بڑھتی ہوئی کشیدگی پر قطر اور چین نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے، جنگی صورتحال کو مزید بڑھنے سے روکنے اور سفارتی مذاکرات جاری رکھنے کی اپیل کی ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق قطر نے ایران کی جانب سے کویت اور بحرین پر کئے گئے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لئے نقصان دہ ہیں۔

قطری وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ خطے کو ایسے بلاجواز حملوں کے نتائج سے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔

وزارت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کشیدگی میں کمی لانے کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کیا جائے اور ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے تحت ہونے والی پیش رفت کو آگے بڑھایا جائے۔

دوسری جانب چین نے بھی امریکا کی جانب سے ایران میں متعدد اہداف پر کیے گئے حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ظاہر کی ہے۔

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نِنگ نے بیجنگ میں میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ کو دوبارہ بھڑکانا کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں ہے، انہوں نے زور دیا کہ فوجی کارروائیاں بنیادی مسائل کا حل نہیں ہوتیں اور تمام متعلقہ ممالک کو مذاکرات اور سفارتی ذرائع اختیار کرنے چاہئیں۔

چینی حکومت نے ایران اور امریکا دونوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، مزید کشیدگی سے گریز کریں اور اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں۔ 

ایران کے ساتھ جنگ بندی ختم ہو چکی، وقت ضائع نہیں کرنا چاہتا: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ہماری جنگ بندی ختم ہوچکی، ان کے ساتھ معاملات کرنا وقت کا ضیاع ہے، اب ہمیں اپنا کام کرنا ہوگا۔

ترکیے کے دار الحکومت انقرہ میں نیٹو چیف جنرل مارک روٹے کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نیٹو چیف کے ساتھ تعمیری مذاکرات ہوئے، نیٹو امریکا کا مشکل ترین پارٹنز ہے، ہم نے ایران کو نیوکلیئر ہتھیاروں سے پاک کرنے کی بات کی، ایران کسی صورت جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ میں نیٹو سے خوش نہیں ہوں کیونکہ انہوں نے ایران کے خلاف ہماری مدد نہیں کی، ہمیں مدد کی ضرورت نہیں تھی لیکن میں امتحان لے رہا تھا، ہم نیٹو کو 100 فیصد فنڈ دے رہے تھے جبکہ کچھ ممالک کچھ بھی حصہ نہیں ڈال رہے تھے۔

ان کا کہا تھا کہ نیٹو کو سب سے زیادہ مالی معاونت امریکا فراہم کرتا ہے، اس لئے اتحادی ممالک کو اپنی ذمہ داریاں مزید مؤثر انداز میں ادا کرنی چاہئیں۔

امریکی صدر نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے بارے میں سوال کے جواب میں کہا کہ ’میرے خیال میں یہ ختم ہو چکی ہے، ان کے خیال میں ایران کے ساتھ مفاہمتی یادداشت ختم ہوگئی ہے، میں اب ان کے ساتھ مزید معاملہ نہیں کرنا چاہتا، ایران کے معاملے میں بہت زیادہ وقت ضائع کیا، اب ہمیں اپنا کام کرنا ہوگا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ایران نے سعودی عرب اور دیگر ممالک کے جہازوں پر حملے کئے، ایران کے حملوں کے جواب میں امریکی فوج نے بھی کارروائی کی، ایران کی تمام قیادت کو ختم کر دیا، اب وہاں نئے لوگ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سپین کے ساتھ کوئی تعلق نہیں رکھنا چاہتے، سپین انتہائی خراب شراکت دار ہے، اس کے ساتھ تجارت ختم کر دی اب وہ گڑگڑا رہا ہے کہ ہمارے ساتھ تجارت کریں۔

بحرین میں ایک بار پھر فضائی خطرے کے سائرن بج اٹھے

بحرین میں ایک بار پھر فضائی خطرے کے سائرن بجا دیئے گئے ہیں، جس کے بعد وزارت داخلہ نے شہریوں اور رہائشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی ہدایت کی ہے۔

اس سے قبل ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے نے اعلان کیا تھا بحرین میں امریکی اڈوں پر ایرانی میزائل حملوں کا نیا مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔

وزارت داخلہ کے حکام کی جانب سے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گھروں یا قریبی محفوظ پناہ گاہوں میں رہیں اور سکیورٹی اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

آبنائے ہرمز اور لبنان کی صورتِحال عبوری معاہدے کو غیر مؤثر بنا رہی: ایران

ایران نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے عبوری معاہدے کی کھلی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہیں۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایرانی انتظامات کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے اور لبنان میں اسرائیلی حملوں کا تسلسل بھی جاری ہے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز اور لبنان کی صورتِ حال عبوری معاہدے کو غیر مؤثر بنا رہی ہیں۔

نجف میں حضرت علیؓ کے روضے پر شہید ایرانی سپریم لیڈر کی نماز جنازہ ادا

ایران کے شہید سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای اور ان کے ساتھ شہید ہوئے اہلِ خانہ کی نمازِ جنازہ عراق کے شہر نجف میں حضرت علیؓ کے روضے پر ادا کر دی گئی۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ رات آیت اللہ علی خامنہ ای کے جسد خاکی کو خصوصی طیارے کے ذریعے نجف پہنچایا گیا، جہاں ان کے آخری دیدار اور خراجِ عقیدت کیلئے عراقی شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔

نجف میں تعزیتی جلوس میں سڑکوں پر عوام کا سمندر اُمڈ آیا، لاکھوں افراد شریک ہوئے اور مختلف مقامات پر عوام کی جانب سے شہید ایرانی سپریم لیڈر کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

تعزیتی جلوس میں سرخ جھنڈے اٹھائے شرکاء نے امریکا اور اسرائیل سے انتقام کے نعرے لگائے۔

جسد خاکی کو تعزیتی جلوس کی صورت میں عراق کے شہر نجف میں حضرت علیؓ کے روضے پر پہنچایا گیا جہاں شہید رہبر اعلیٰ اور ان کے اہل خانہ کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔

نماز جنازہ کے بعد شہید سید علی خامنہ ای کے جسد خاکی کو کربلا میں امام حسینؓ کے روضے پر لے جایا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز قم میں جلوس جنازہ کے بعد شہید سید علی خامنہ ای اور ان کے اہل خانہ کی میتیں رات کو عراق منتقل کی گئی تھیں، شہید رہبر اعلیٰ کو کل ان کے آبائی شہر مشہد میں امام علی رضا کے روضے کے احاطے میں سپردخاک کیا جائے گا۔ 

ایران پر نئے امریکی حملے بہت ضروری تھے: نیٹو چیف

انقرہ: (دنیا نیوز) نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک رٹہ نے ایران پر امریکی حملوں کی حمایت کرتے ہوئے انہیں ’انتہائی ضروری‘ قرار دیا ہے۔

انقرہ میں نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں مارک رٹہ نے کہا کہ جب آپ نے سیز فائر کیا ہو اور ایران کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی جا رہی ہو تو میرا خیال ہے کہ امریکا کی جانب سے طاقتور حملہ بہت ضروری تھا۔

ٹرمپ نے بندر عباس پر حملوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کر دی

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر امریکی صدر نے جنوبی ایران کے شہر بندر عباس میں ہونے والے امریکی حملوں اور دھماکوں کی ویڈیو فوٹیج شیئر کی ہے۔

ویڈیو میں بندر عباس میں مختلف مقامات پر دھماکوں اور فضائی حملوں کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکا نے ایران پر تازہ حملے کئے ہیں، یہ حملے ایسے وقت میں کئے گئے جب لاکھوں ایرانی سابق سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور آخری رسومات میں شرکت کیلئے سڑکوں پر موجود ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق بندر عباس، سیریک اور جزیرہ قشم میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ 

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ

امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے ایرانی تیل کی محدود فروخت کی اجازت دینے والا 21 جون کا جنرل لائسنس منسوخ کیے جانے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کاروباری سرگرمیوں کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.87 ڈالر فی بیرل اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 76.03 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

ایران پر حالیہ امریکی حملوں کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی 3 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 72.65 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔

پاسداران انقلاب کا 85 امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملوں کے جواب میں بحرین اور کویت میں امریکی تنصیبات پر 85 مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔

بیان کے مطابق حملوں میں بحرین میں قائم امریکی ففتھ فلیٹ کے بحرین میں قائم اڈے اور کویت میں علی السالم ائیر بیس کو نشانہ بنایا گیا۔

پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی امریکا کی جانب سے جنگ بندی اور اسلام آباد معاہدے کی خلاف ورزی کے جواب میں ’ابتدائی ردعمل‘ کے طور پر کی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ سابق ایرانی رہبرِ اعلیٰ کی تدفین میں عوام کی غیر معمولی شرکت کے بعد امریکہ نے ایک بار پھر جنگ بندی اور اسلام آباد معاہدے کی خلاف ورزی کی اور آج علی الصبح ہرمزگان اور ماہشہر کے ساحلی علاقوں میں بعض فوجی اڈوں اور غیر فوجی مراکز پر فضائی حملے کیے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس جارحیت کے ابتدائی جواب میں، پاسداران انقلاب کی بحری اور فضائی افواج نے مشترکہ میزائل اور ڈرون کارروائیوں کے ذریعے بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بحری بیڑے کے مرکز، پورٹ سلمان اور کویت میں علی السالم فضائی اڈے سمیت 85 اہم امریکی فوجی تنصیبات کو تباہ کر دیا۔

پاسداران انقلاب نے ایک امریکی ایم کیو نائن ڈرون مار گرانے کا دعویٰ بھی کیا۔

اس سے پہلے امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹ کام) کی جانب سے ایران میں 80 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

غنڈہ گردی اور بھتہ خوری کا دور ختم ہو چکا، جھکیں گے نہیں: سپیکر ایرانی پارلیمنٹ

ایران کے چیف مذاکرات کار اور ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ غنڈہ گردی اور بھتہ خوری کا دور ختم ہو چکا ہے، ایران جھکتا نہیں۔

انہوں نے امریکا پر مفاہمتی یادداشت کی سنگین خلاف ورزیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر امریکی حملے، ایرانی تیل کی برآمد پر دوبارہ پابندیاں، مزید حملوں کی دھمکیاں، آبنائے ہرمز میں ایران کے اقدامات کی خلاف ورزیاں اور لبنان کے خلاف اسرائیل کے مسلسل حملے مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی ہیں۔

دوسری جانب ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے اپنے بیان میں کہا کہ تیل برآمدات پر پابندی سے استثنیٰ ختم کرنا اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے آرٹیکل 10 کی خلاف ورزی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیاں بھی معاہدے کے آرٹیکل 1 اور 2 سے متصادم ہیں، گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران لبنان میں اسرائیلی اقدامات کی امریکی حمایت بھی معاہدے سے انحراف ہے، ایران کے خلاف دھمکی آمیز بیانات بھی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی ہیں۔

کاظم غریب آبادی نے کہا کہ ایران امریکا کو خلاف ورزیوں کے نتائج سے آگاہ کر رہا ہے، ایران قومی مفادات و سلامتی کے تحفظ کیلئے فیصلہ کن اقدامات کرے گا، امریکا سے معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہیں۔

امریکا کے ایران پر حملہ کے بعد اسرائیل کی جنوبی لبنان پر بمباری

امریکا کے ایران پر حملہ کے بعد اسرائیل نے جنوبی لبنان پر نئے حملے شروع کر دیئے۔

روسی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی لبنان میں بعض مقامات کو نشانہ بنایا ہے تاہم ان حملوں سے جانی نقصان کی فوری طور پر اطلاع نہیں مل سکی۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے امریکی فوج نے ایران کے خلاف نئے حملے کئے تھے جس میں 80 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا تھا کہ حملے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تین تجارتی جہازوں پر ایرانی حملوں کے ردعمل میں کئے گئے ہیں۔

میزائل اور ڈرون حملوں کا مؤثر جواب دیا جا رہا ہے: کویتی فوج

 کویت کی فوج نے کہا ہے کہ وہ میزائل اور ڈرون حملوں کا مؤثر جواب دے رہی ہے اور عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ حکام کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔

فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں سنائی دینے والے دھماکوں کی آوازیں دراصل فضائی دفاعی نظام کی جانب سے کامیاب کارروائیوں کا نتیجہ ہیں جن کے ذریعے آنے والے خطرات کو بروقت ناکام بنایا گیا۔

فوج نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صورتحال کے پیش نظر پرسکون رہیں اور سکیورٹی و حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

جنوبی ایران پر امریکی حملے کھلی جارحیت ہیں، خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈ کوارٹرز

 ایران کے خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈ کوارٹرز نے جنوبی ایران پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں کھلی جارحیت قرار دیا ہے۔

ایران کے خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈ کوارٹرز سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب ایران کے مرحوم سپریم لیڈر کی میت عراق میں آخری رسومات کے سلسلے میں موجود تھی۔

بیان میں خبردار کیا گیا کہ ایران کی مسلح افواج امریکی کارروائیوں کا فیصلہ کن اور سخت جواب دیں گی، ایرانی فوج نے یہ بھی کہا کہ وہ آبنائے ہرمز کے انتظام و انصرام میں کسی بھی بیرونی مداخلت کو قبول نہیں کرے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تجارتی جہازوں اور آئل ٹینکروں کیلئے آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرنے کا واحد راستہ وہی ہے جس کی نشاندہی ایران نے کی ہے۔

تیل فروخت کا ایرانی لائسنس منسوخ، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ

امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے ایرانی تیل کی محدود فروخت کی اجازت دینے والا 21 جون کا جنرل لائسنس منسوخ کیے جانے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کاروباری سرگرمیوں کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.87 ڈالر فی بیرل اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 76.03 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

ایران پر حالیہ امریکی حملوں کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی 3 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 72.65 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔ 

بحرین کی سعودی و قطری آئل ٹینکروں پر مبینہ ایرانی حملوں کی شدید مذمت

بحرین نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے سعودی اور قطری آئل ٹینکروں پر مبینہ ایرانی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

بحرینی حکومت کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعات سمندری سلامتی اور عالمی توانائی کی فراہمی کیلئے خطرہ ہیں، بحرینی وزارت خارجہ نے سعودی عرب اور قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

بحرینی حکام نے مزید یہ کہتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ آزادانہ بحری آمد و رفت کے تحفظ اور اس اہم آبی گزرگاہ میں مزید واقعات کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کرے۔

حملوں میں ایران کے فضائی دفاعی اور میزائل نظام کو نشانہ بنایا گیا، امریکی حکام

امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ کارروائیوں میں ایران کے فضائی دفاعی نظام، ساحلی نگرانی کے نظام، زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل، بحری جہاز شکن کروز میزائلوں اور ڈرون لانچ سائٹس کو نشانہ بنایا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ اہداف آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر ایرانی حملوں سے منسلک تھے، جہاں مختلف بحری راستوں کے کنٹرول کے معاملے پر کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایران چاہتا ہے کہ جہاز اس کے زیر نگرانی شمالی بحری راستوں سے گزریں، جبکہ امریکہ جنوبی راستہ اختیار کرنے کی حمایت کر رہا ہے۔

آبنائے ہرمز کے وسط سے گزرنے والا روایتی بحری راستہ بارودی سرنگوں کی موجودگی کے خدشات کے باعث قابل استعمال نہیں سمجھا جا رہا، ان تمام معاملات پر ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں بات چیت ہونا تھی۔

تیل کی فروخت پر پابندی ختم: ایران کا امریکا پر مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی کا الزام

 ایران نے امریکا پر مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی کا الزام عائد کر دیا۔

ایرانی وزارت خارجہ نے الزام لگایا ہے کہ امریکہ نے ایرانی تیل کی فروخت پر عائد پابندیوں میں عارضی نرمی ختم کر کے مفاہمتی یادداشت کے آرٹیکل 10 کی خلاف ورزی کی ہے۔

وزارت خارجہ کے بیان میں امریکی محکمہ خزانہ کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسے 18 جون کو طے پانے والی مفاہمت کی واضح خلاف ورزی قرار دیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ معاہدے پر دستخط کے 20 روز سے بھی کم عرصے بعد اٹھایا گیا یہ قدم امریکی حکومت کی بدنیتی ظاہر کرتا ہے اور ثابت کرتا ہے کہ واشنگٹن پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔

ایرانی وزارت خارجہ نے مزید الزام عائد کیا کہ امریکا نے اس مفاہمتی یادداشت کی متعدد شقوں کی بارہا خلاف ورزی کی ہے جبکہ بعض اقدامات براہ راست اور بعض مبینہ طور پر لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں کے ذریعے کئے گئے۔

سعودی عرب نے بھی آئل ٹینکرز کو نشانہ بنانے کا الزام ایران پر عائد کر دیا

 سعودی عرب نے آبنائے ہرمز میں سعودی آئل ٹینکر کو نشانہ بنانے کا الزام ایران پر عائد کرتے ہوئے اس اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران فوری طور پر ایسے اقدامات بند کرے جو بین الاقوامی بحری جہاز رانی اور عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب خطے میں سمندری راستوں کے تحفظ اور عالمی توانائی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔

آئل ٹینکروں پر حملہ: امریکا نے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت انتہائی خطرناک قرار دیدی

 تین ٹینکروں پر حملوں کے بعد آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت کے خطرے کی سطح انتہائی سنگین قرار دے دی گئی۔

امریکی بحریہ کی قیادت میں قائم جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن سینٹر نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لئے خطرے کی سطح کو نمایاں سے بڑھا کر انتہائی سنگین کر دیا ہے۔

جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن سینٹر نے بیان میں کہا کہ حالیہ تصدیق شدہ واقعات ظاہر کرتے ہیں کہ خطے میں خطرے کی صورتحال بدستور بلند ہے اور انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ 15 جون کے بعد آبنائے ہرمز کے لئے خطرے کی سطح کو انتہائی سنگین قرار دیا گیا ہے، بحری جہازوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ راستوں پر مسلسل بحری نگرانی، نیول موجودگی اور آمد و رفت میں ممکنہ رش کے لئے تیار رہیں۔

ایران امریکا مذاکرات کے باوجود آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک مکمل بحال نہ ہوسکی

 ایران، امریکا کے درمیان قطر مذاکرات میں پیش رفت کے باوجود بھی آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک مکمل بحال نہ ہو سکی۔

مارکیٹ انٹیلیجنس پر کام کرنے والے ادارے کیپلر کے مطابق 3 سے 5 جولائی کے دوران مجموعی طور پر 108 بحری جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے، 28 فروری سے پہلے آبنائے ہرمز سے روزانہ تقریباً 120 سے 125 یا اس سے زائد جہاز گزرتے تھے۔

کیپلر کے مطابق ہرمز سے گزرنے والے 108 جہازوں میں مختلف بحری جہاز اور کارگو شپس شامل تھے جبکہ پابندیوں کی زد میں آنے والے جہازوں کی سرگرمی بھی دیکھی گئی، اس دوران پابندیوں کا شکار 14 بحری جہازوں کا گزرنا ریکارڈ کیا گیا۔

جہازوں کی آمدورفت کا رجحان معمولی طور پر مشرق کی نسبت مغرب کی جانب زیادہ رہا یعنی نسبتاً زیادہ بحری جہاز خلیج فارس سے نکل کر بحرِ عمان کی جانب گئے جبکہ اس کے مقابلے میں بحرِ عمان کی طرف سے خلیج فارس میں کم جہاز آئے۔

اس دوران زیادہ تر بحری جہازوں نے ایرانی اور عمانی بحری راستوں کا استعمال کیا جبکہ بعض جہاز آئی ایم او سے رجسٹرڈ اور ڈارک یا نامعلوم راستوں سے بھی گزرتے رہے۔

ماہرین کے مطابق یہ صورتِ حال اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ اگرچہ بحری سرگرمیاں جاری ہیں، تاہم راستوں میں تقسیم اور محتاط طرزِ عمل سامنے آ رہا ہے۔

امریکا مذاکرات کو ناکامی کی طرف لے جائے گا: محسن رضائی

ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر محسن رضائی کا کہنا ہے کہ امریکا مذاکرات کو ناکامی کی طرف لے جائے گا۔

ایرانی سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے مشیر محسن رضائی نے کہا آبنائے ہرمز میں متبادل راستہ بنانے کی امریکی کوششیں ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کی ناکامی کا سبب بنیں گی۔

محسن رضائی نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان مذاکرات کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا یہ واضح ہے کہ امریکہ ایران کے ساتھ مذاکرات کو ناکامی کی طرف لے جائے گا۔

محسن رضائی نے خطے سے امریکہ کے انخلا پر بھی زور دیا اور ایران کے سابق رہنما کے قتل کے ذمہ داروں کے خلاف جوابی کارروائی کا مطالبہ کیا۔

امریکا نے ایرانی تیل کی فروخت کی اجازت دینے والا جنرل لائسنس منسوخ کردیا

 امریکی محکمہ خزانہ نے ایرانی تیل کی فروخت کی اجازت دینے والا جنرل لائسنس منسوخ کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ کے آفس آف فارن ایسیٹس کنٹرول کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 7 جولائی 2026 سے جنرل لائسنس ایکس کو منسوخ کر کے اس کی جگہ جنرل لائسنس ایکس ون نافذ کر دیا گیا ہے۔

امریکا نے جنگ کے خاتمے سے متعلق حوصلہ افزا مذاکرات کے بعد جون میں ایرانی تیل کی برآمدات پر عائد بعض پابندیوں میں جزوی نرمی کرتے ہوئے 60 روزہ پابندیوں سے استثنیٰ دیا تھا جس کے تحت ایرانی تیل کی پیداوار، ترسیل اور فروخت کی اجازت دی گئی تھی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایران کی حالیہ کارروائیاں امریکا کے لئے مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں اور ان کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔

ایران کے خلاف طاقتور حملوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، امریکی سینٹرل کمانڈ

امریکی سینٹرل کمانڈ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایران پر حملہ اس لیے کیا گیا ہے تاکہ بین الاقوامی آبی گزرگاہ میں معصوم شہریوں پر مشتمل تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کی بھاری قیمت وصول کی جا سکے۔

سینٹ کام کے مطابق یہ حملے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے 3 تجارتی جہازوں پر ایران کے مبینہ حملوں کے جواب میں کیے جا رہے ہیں۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران کی جانب سے مبینہ جارحیت بلاجواز، خطرناک اور جنگ بندی کی واضح خلاف ورزی تھی۔

ایران میں قشم جزیرے، سیریک، بندر عباس میں دھماکے سنے گئے: ایرانی میڈیا

ایرانی میڈیا کے مطابق بندر عباس میں دشمن نے فش پائر کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا، امریکی بمباری کے بعد بندر عباس سے آگ کے شعلے اور دھوئیں کے کالے بادل اٹھتے دکھائی دیے، حملے میں عام ماہی گیروں کی متعدد کشتیوں کو آگ لگی۔

ایران کے جنوبی ساحلی شہر سیریک اور قشم جزیرے میں بھی متعدد دھماکے سنے گئے، سیریک کے کمرشل پائر پر امریکی حملے سے میزائل کے ٹکڑے لگنے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی کے مطابق جزیرہ قشم پر ایک مرتبہ پھر دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں واقع جزیرہ خارگ پر بھی متعدد دھماکوں کی آوازیں سنائی دی ہیں۔

ایران پر تازہ امریکی حملے کے بعد ایرانی صدر مسعود پزشکیان عراق سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

ایران نے آبنائے ہرمز میں قطری جہاز پر حملے کے الزام کو مسترد کر دیا

قطر کی جانب سے آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر پر حملے کا ذمہ دار ایران کو قرار دیے جانے کے بعد ایران نے قطری الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں حیران کن قرار دیا ہے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ تہران آبنائے ہرمز میں محفوظ بحری آمدورفت کو یقینی بنانے کیلئے پُرعزم ہے اور اس کے انتظام سے متعلق مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہا ہے۔

آیت اللہ علی خامنہ ای کا جسد خاکی نجف منتقل، صدر پزشکیان بھی پہنچ گئے

شہید ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے جسد خاکی کو خصوصی طیارے کے ذریعے نجف پہنچایا گیا، جہاں ان کے آخری دیدار اور خراجِ عقیدت کے لیے عراقی شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق نجف میں مختلف مقامات پر عوام کی جانب سے شہید ایرانی رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے جبکہ ان کی آخری رسومات کے سلسلے میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

صدر پزشکیان شہید رہبر کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے نجف پہنچ گئے، عراقی وزیراعظم علی الزیدی نے ایرانی صدر کا استقبال کیا، کمانڈر قدس فورس جنرل اسماعیل قانی بھی نجف موجود ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا جسد خاکی ہیلی کاپٹر کے ذریعے قم پہنچایا گیا جہاں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔

اس سے پہلے تہران میں نماز جنازہ ادا کی گئی تھی جہاں عالمی میڈیا کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کے جلوس جنازہ میں ایک کروڑ سے زائد افراد نے شرکت کی، لوگوں کی تعداد اس قدر زیادہ تھی کہ خلا سے بھی ہجوم دیکھا جاسکتا تھا۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ خامنہ ای کے جلوس جنازہ میں ایک کروڑ 20 لاکھ سے ڈیڑھ کروڑ افراد نے شرکت کی، خبررساں ایجنسی رائٹرز نے سیٹیلائٹ تصاویر جاری کیں جس میں جلوس جنازہ میں شریک افراد کو دکھایا گیا۔

رائٹرز کے مطابق جلوس جنازہ قومی سطح پر الوادعیہ سے بڑھ کر تھا، جلوس جنازہ بعد از جنگ مزاحمت کی علامت تھا اور اس میں لوگوں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر موجود تھا۔

ماہرین کے حوالے سے رائٹرز کا کہنا ہے شرکا نے امریکا اور اسرائیل کو پیغام دیا کہ ایران کے حصے بخرے کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی، ایران اس جنگ میں محفوظ رہا ہے اور یہی بقا اور مزاحمت ایران کی مذاکراتی حکمت عملی کی بنیاد بنے گی۔

ماہرین کے مطابق اس جلوس جنازہ نے آبنائے ہرمز پر ایران کا اثر ورسوخ بڑھایا ہے اوراس قابل کیا ہے کہ نیوکلیئر پروگرام پر کوئی بھی ڈیل اس بات کو تسلیم کرنے سے جڑی ہو کہ اس آبنائے کو ایران کنٹرول کرتا ہے۔
 

آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا، برطانوی میری ٹائم ایجنسی

برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز ایجنسی نے بتایا کہ منگل کے روز آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے آئل ٹینکر کو ایک نامعلوم پروجیکٹائل نے نشانہ بنایا۔

برطانوی ٹریڈ آپریشن ایجنسی کے مطابق حملے سے ٹینکر کو نقصان پہنچا تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور تیل کے اخراج کی بھی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

قطر نے آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر پر حملے کا ذمہ دار ایران کو قرار دیدیا

قطر نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے آئل ٹینکر پر حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ایران کو اس کا ذمہ دارقرار دیا۔

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں ٹینکر کو نشانہ بنانا بین الاقوامی بحری جہاز رانی، عالمی توانائی کی فراہمی اور علاقائی سلامتی کے خلاف جارحیت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ حملہ بین الاقوامی قانون، بالخصوص بین الاقوامی آبی گزرگاہوں میں آزادانہ اور محفوظ بحری آمدورفت سے متعلق قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ماجد الانصاری نے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ایسے تمام اقدامات بند کرے جو علاقائی سلامتی، بین الاقوامی بحری جہاز رانی اور عالمی توانائی کی سپلائی کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔

امریکی بحری بیڑہ ابراہام لنکن بحیرہ عرب میں داخل ہوچکا، ایرانی میڈیا کا دعویٰ

ایرانی میڈیا کے مطابق سیٹلائٹ تصاویر کے تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہام لنکن بحیرۂ عمان سے نکل کر بحیرۂ عرب میں داخل ہو گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران امریکی بحری بیڑے کی پوزیشن میں نمایاں تبدیلی دیکھی گئی۔ 22 جون اور 5 جولائی کو لی گئی سیٹلائٹ تصاویر کے تقابلی جائزے سے ظاہر ہوتا ہے کہ یو ایس ایس ابراہام لنکن، جو پہلے ایران کی بندرگاہ چابہار سے تقریباً 140 کلومیٹر دور بحیرۂ عمان میں موجود تھا، اب تقریباً 207 کلومیٹر جنوب کی جانب بحیرۂ عرب میں منتقل ہو چکا ہے۔

ٹرمپ کی ایران کو جوہری معاہدے پر جلد فیصلہ کرنے کی وارننگ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو جوہری مواد کے معاملے پر جلد معاہدہ کرنے کی وارننگ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کو ایران کی جانب سے بعض رعایتیں مل چکی ہیں۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران سے افزودہ جوہری مواد حاصل کر رہا ہے، ایران یا تو معاہدہ کر لے، ورنہ امریکا کسی نہ کسی طریقے سے یہ معاملہ مکمل کر لے گا، اور یہ کام امریکا کے لیے مشکل نہیں ہوگا۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکا ایک گھنٹے کے اندر ایران کے پلوں اور توانائی کی تنصیبات کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ایران اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے۔

شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی میت آج نجف منتقل کی جائے گی

ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی میت قم میں نمازِ جنازہ کے بعد آج عراق کے شہر نجف منتقل کی جائے گی۔

ایرانی خبر رساں ادارے مہر نیوز ایجنسی کے مطابق سابق رہبرِ اعلیٰ کے بڑے صاحبزادے مصطفیٰ خامنہ ای، ایران کے صدر مسعود پزشکیان اور ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف بھی میت کے ساتھ نجف جائیں گے اور عراق میں ہونے والی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔

آیت اللہ علی خامنہ ای کی میت کو عراق میں کربلا اور نجف لے جایا جائے گا جہاں اُن کی نمازِ جنازہ بھی ہو گی۔

بعد ازاں میت کو جمعرات کے روز واپس ایران لا کر مشہد میں امام رضا کے روضے کے احاطے میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

جنوبی لبنان کے مسیحی اکثریتی دیہات نے دوبارہ نیتن یاہو کے دعوے کو مسترد کر دیا

قطری نشریاتی ادارے کے مطابق جنوبی لبنان کی سرحدی پٹی میں واقع مسیحی اکثریتی دیہات نے ایک بار پھر اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ وہ اسرائیل میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔

لبنان کے سرحدی علاقوں کے مختلف دیہات کے میئرز، مذہبی رہنماؤں اور مقامی عمائدین نے ترک نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی لبنانی شناخت اور وطن سے مکمل وابستگی رکھتے ہیں۔

سرحدی مسیحی دیہات کی نمائندہ بلدیاتی کونسلوں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ سرحدی دیہات کے رہائشی لبنانی ریاست اور اس کی قانونی حیثیت کے ساتھ اپنی وابستگی پر قائم ہیں، اور اسرائیلی حملوں سے پیدا ہونے والے سخت حالات کے باوجود انہوں نے کبھی اپنے اس مؤقف سے انحراف نہیں کیا۔

ایرانی رکنِ پارلیمان کی آبنائے ہرمز میں یکطرفہ اقدامات کے خلاف تنبیہ

ایرانی پارلیمان کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے رکن علاء الدین بروجردی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایران کو اعتماد میں لیے بغیر کوئی بھی قدم اٹھایا گیا تو اس کا نتیجہ ناکامی ہے۔

بروجردی نے آبنائے ہرمز پر ایران کے کنٹرول پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے فیصلہ اعلیٰ ترین سطح پر کیا گیا ہے اور اسے یقیناً نافذ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے انتظام سے متعلق قانون پارلیمان سے بھی منظور کرایا جائے گا، ایران خطے میں ہونے والی پیش رفت پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے اور آبنائے ہرمز سے متعلق ہر اقدام کو اپنے قومی مفادات اور قومی سلامتی کے دائرے میں آگے بڑھاتا ہے۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب چند گھنٹے قبل برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز آرگنائزیشن نے اعلان کیا تھا کہ آبنائے ہرمز میں عمان کے ساحل کے قریب ایک آئل ٹینکر پر میزائل حملہ کیا گیا جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی۔

آبنائے ہرمز کے قریب آئل ٹینکر پر حملہ، گیس اور تیل مہنگا

عمان کے ساحل کے قریب ایک ایل این جی جہاز پر حملہ کے بعد یورپی قدرتی گیس اور خام تیل کی قیمتوں میں اس وقت اضافہ دیکھنے میں آیا۔

یورپ میں قدرتی گیس کی بینچ مارک قیمت میں 4.5 فیصد تک اضافہ ہوا، جس کے بعد قیمت  46 یورو (52.50 ڈالر) فی میگاواٹ گھنٹہ تک پہنچ گئی۔ اس سے قبل گزشتہ تجارتی سیشن میں ہونے والی کمی بھی پوری ہو گئی۔

ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق جہاز کو مبینہ طور پر انتباہات نظر انداز کرنے کے بعد نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب خام تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ عالمی معیار کے برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 1.2 فیصد بڑھ کر 73 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی، جو ایک ہفتے کی بلند ترین سطح ہے۔

ٹرمپ کا ایک بار پھر جنگ میں ایران کو شکست دینے کا دعویٰ

امریکی صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر جنگ میں ایران کو شکست دینے اور امریکی فوج کے طاقتور ترین ہونے کا دعویٰ کردیا۔

ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاملات بہتر طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں جب کہ اس دوران انہوں نے وینزویلا میں امریکی فوج کی کارکردگی کی تعریف کی۔

ٹرمپ نے اسرائیل ہیریٹیج فاؤنڈیشن اور اسرائیلی وزیر کی جانب سے اپنی تعریف پر مبنی کی گئی پوسٹ کو بھی شیئر کیا، تعریفی پوسٹ میں ٹرمپ کو اسرائیل کے مضبوط ترین اتحادیوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے یروشلم، ایران اور ابراہم معاہدوں سے متعلق ان کے کردار کو اجاگر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب صدرٹرمپ نیٹو سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیےترکیے روانہ ہوگئے،صحافیوں سے گفتگو میں ترک صدر کو اپنا دوست اور ایک باوقار رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ یہ دورہ صرف ترک صدر رجب طیب اردوان کی وجہ سے کررہے ہیں۔

امریکی دھمکیاں جاری رہیں تو حتمی معاہدے پر مذاکرات شروع نہیں ہوں گے: ایران

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکہ کی دھمکیاں جاری رہیں تو حتمی معاہدے پر مذاکرات شروع نہیں ہوں گے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ لاکھوں باعزت ایرانی متحد ہو کر شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ نہ ایرانی عوام اور نہ ہی ہماری بہادر مسلح افواج کسی قسم کی دھمکی سے مرعوب ہوں گی، اگر دھمکیاں جاری رہیں تو حتمی معاہدے پر مذاکرات شروع نہیں ہوں گے۔ اپنے دستخط کی پاسداری کریں۔

عباس عراقچی نے مزید کہا کہ امریکہ کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت بالکل واضح ہے۔

آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر پر حملہ، ایران اور امریکہ کے متضاد دعوے

آبنائے ہرمز اور خلیج عمان کے قریب ایک آئل ٹینکر پر ہوا ہے جس پر ایران اور امریکہ کے درمیان ایک بار پھر الزامات کا تبادلہ شروع ہو گیا ہے۔

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ متعلقہ آئل ٹینکر امریکی بحریہ کی حمایت سے آبنائے ہرمز میں عمان کے راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا، جس کے بعد اسے نشانہ بنایا گیا، مبینہ طور پر جہاز کو متعدد بار انتباہ کیا گیا تاہم اس نے ہدایات پر عمل نہیں کیا، اس دعوے کی ایران کے کسی سرکاری عہدیدار نے نہ تو تصدیق کی ہے اور نہ ہی تردید کی ہے۔

ایران ماضی میں یہ مؤقف اختیار کرتا رہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں عمان کی جانب سے گزرنے والے جنوبی بحری راستے پر سفر کرنے والے تمام جہازوں کو ایرانی فوج کے ساتھ پیشگی رابطہ اور ہم آہنگی کرنی چاہئے۔

دوسری جانب امریکی حکام نے ایران پر حملے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ خلیج عمان کے قریب ایک تجارتی آئل ٹینکر پر نامعلوم میزائل نما ہتھیار سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ لگ گئی، ایک دوسرا تجارتی جہاز بھی حملے کی زد میں آیا، جس سے دونوں بحری جہازوں کو نمایاں نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ابھی تک اس واقعہ کی آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آئی، جبکہ ایران کی جانب سے امریکی الزامات پر بھی کوئی باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا گیا۔

امریکی، اسرائیلی حملوں میں ہلاک ایرانی شہریوں کا بدلہ لیا جائے گا: باقر قالیباف

ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے ایرانی شہریوں کا بدلہ لینے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ تکبر کرنے والی طاقتوں کو اپنے اقدامات کی سزا ضرور ملے گی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق قالیباف نے یہ بیان اس موقع پر دیا جب مبینہ طور پر سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد ان کی آخری رسومات کا سلسلہ جاری تھا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کا وعدہ ضرور پورا ہوگا، اور ایرانی سرزمین پر حملہ کرنے والوں اور اس دھرتی کے شہداء، خصوصاً قوم کے رہنما، کے قاتلوں کو اپنے جرائم کی سزا دی جائے گی۔

قالیباف نے مزید کہا کہ تکبر کرنے والی طاقتوں سے انتقام کا آخری مرحلہ مقدس شہر قدس (یروشلم) کی آزادی کی صورت میں مکمل ہوگا۔

ٹرمپ دھمکیاں بند کریں ورنہ جواب دوسری زبان میں ملے گا: ایران

ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محمد باقر ذوالقدر نے کہا کہ میں امریکہ کے وہم میں مبتلا صدر سے مخاطب ہوں جنہوں نے آج 9 کروڑ 10 لاکھ ایرانیوں کو دھمکیاں دی ہیں۔

محمد باقر ذوالقدر نے صدر ٹرمپ کو مشورہ دیا کہ وہ ایرانی عوام سے احترام کے ساتھ بات کریں ورنہ ہم بھی آپ کو دوسری زبان میں بھرپور جواب دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ اس سے قبل بھی ایران کی ہزاروں سال پرانی تہذیب کو تباہ کرنے کی دھمکیاں دے چکے ہیں لیکن اس کا نتیجہ امریکہ کے لیے ناکامی، مایوسی اور بالآخر مذاکرات اور جنگ بندی کی درخواست کی صورت میں نکلا تھا۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر ایران معاہدہ کرلیتا ہے تو ٹھیک ہے ورنہ امریکہ اس کا کام تمام کر دے گا۔

آیت اللہ علی خامنہ ای کا جسد خاکی قم منتقل، نماز جنازہ ادا

 ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا جسد خاکی ہیلی کاپٹر کے ذریعے قم پہنچا دیا گیا جہاں آج ایک بار پھر نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے تہران میں نماز جنازہ ادا کی گئی تھی جہاں عالمی میڈیا کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کے جلوس جنازہ میں ایک کروڑ سے زائد افراد نے شرکت کی، لوگوں کی تعداد اس قدر زیادہ تھی کہ خلا سے بھی ہجوم دیکھا جاسکتا تھا۔

ماہرین کے مطابق اس جلوس جنازہ نے آبنائے ہرمز پر ایران کا اثر ورسوخ بڑھایا ہے اوراس قابل کیا ہے کہ نیوکلیئر پروگرام پر کوئی بھی ڈیل اس بات کو تسلیم کرنے سے جڑی ہو کہ اس آبنائے کو ایران کنٹرول کرتا ہے۔

وعدے نہیں عملی اقدامات چاہئیں، غزہ پیس بورڈ کا حماس سے مطالبہ

غزہ پیس بورڈ نے حماس سے مطالبہ کیا ہے کہ وعدے نہیں عملی اقدامات چاہئیں۔

پیس بورڈ نے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ حکمرانی، سکیورٹی اور اقتدار کی منتقلی روڈ میپ کے مطابق ہونی چاہئے، غزہ کی قومی انتظامی کمیٹی کو مکمل اختیارات دیے جائیں، روڈ میپ پر عملدرآمد کے منتظر ہیں۔

پیس بورڈ کا مزید کہنا ہے کہ ہتھیار قومی انتظامی کمیٹی کے کنٹرول میں ہونے چاہئیں، اختیارات کی حقیقی منتقلی سے قومی انتظامی کمیٹی آزادانہ فیصلے کر سکے گی۔

اقوام متحدہ کا انتظامی کمیٹی تحلیل کرنے کے حماس کے فیصلے کا خیر مقدم

اقوام متحدہ نے غزہ میں دو دہائیوں سے انتظامی امور سنبھالنے والے ادارے کو حماس کی جانب سے تحلیل کرنے کے فیصلے کا نوٹس لیتے ہوئے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق ہم ہر ایسے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں جو جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد میں معاون ثابت ہو اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں بیان کردہ مقاصد کے حصول کو آگے بڑھائے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دو جارک نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ بدستور فلسطینی اتھارٹی کی قیادت میں متحدہ فلسطینی طرز حکمرانی کے قیام کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کا مؤقف واضح ہے کہ فلسطینی علاقوں میں ایک متحد اور مؤثر انتظامی نظام کا قیام خطے میں استحکام اور امن کے فروغ کے لیے اہم ہے۔

اسرائیل نے مجھے مارنے کیلئے قید کیا، لگتا نہیں زندہ بچ سکوں: فلسطینی ڈاکٹر حسام ابو صفیہ

غزہ میں اسرائیلی جنگ کے دوران سیکڑوں جانیں بچانے والے معروف فلسطینی ڈاکٹر حسام ابو صفیہ نے اپنی حراست کے دوران کہا کہ وہ مجھے مارنے کے لئے یہاں لائے ہیں۔ مجھے نہیں لگتا کہ میں زندہ بچ سکوں گا، یہی میرا آخری وقت ہے۔

رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو اسرائیل نے اب تک نہ کسی باضابطہ فرد جرم کے تحت عدالت میں پیش کیا اور نہ ہی ان پر مقدمہ چلایا ہے، جبکہ انہیں ایک زیر زمین انتہائی سخت سکیورٹی والی جیل میں منتقل کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔

انسانی حقوق کی تنظیموں اور ڈاکٹر ابو صفیہ کے وکیل نے ان کی جان کو لاحق خطرات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں فوری تحفظ اور رہائی کی ضرورت ہے۔

اسرائیل کی جنوبی لبنان میں مسلسل بمباری، 90 ہزار گھر تباہ، 6 لاکھ افراد واپسی کے منتظر

جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں کے باعث 90 ہزار سے زائد مکان تباہ ہو چکے ہیں، مسلسل بمباری کے سبب 6 لاکھ سے زیادہ افراد اب تک گھروں کو واپس نہیں لوٹ سکے۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے ایسی ویڈیوز بھی جاری کی جا رہی ہیں جن میں رہائشی گھروں کو دھماکوں سے تباہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، متعدد دیہات کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا گیا ہے۔

حکومتی سروے کے مطابق متاثرہ علاقوں کی تعمیرِ نو پر ایک ارب ڈالر سے زائد لاگت آئے گی، مقامی آبادی کے پاس اس کے لئے مالی وسائل موجود نہیں ہیں۔

واپس آنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ مسلسل خوف کے سائے میں زندگی گزار رہے ہیں، انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی کارروائیاں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہیں۔

لبنانی سپیکر کا مسیحی برادری کی جانب سے نبتن یاہو کے بیان کی تردید کا خیر مقدم

 لبنان کی پارلیمنٹ کے سپیکر نبیہ بری نے جنوبی لبنان کے دیہات اور قصبوں کے میئرز، بالخصوص مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے مقامی عہدیداروں کو اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ان دعووں کی تردید کرنے پر سراہا ہے۔

لبنان کی پارلیمنٹ کے سپیکر نبیہ بری نے کہا وہ سرحدی دیہات اور قصبوں کے بلدیاتی سربراہان اور مذہبی شخصیات کی جانب سے جاری کئے گئے بیانات اور اختیار کئے گئے مؤقف کو سراہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان بیانات کو بھی سراہتا ہوں جن میں نیتن یاہو کے ان جھوٹے دعووں کو مسترد، رد اور بے بنیاد قرار دیا گیا کہ ان علاقوں کے عوام اسرائیلی قابض ریاست کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں۔

نبیہ بری نے کہا کہ سرحدی علاقوں کے عوام اور مقامی قیادت کا مؤقف اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وہ اپنے قومی مفاد، خودمختاری اور وطن سے وفاداری پر قائم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرحدی دیہات کے عوام کے مؤقف نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنے قومی مفادات کے تحفظ اور لبنان کی خودمختاری کے حوالے سے یکجہتی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

جنوبی لبنان کے قصبے النبطیہ الفوقا پر اسرائیلی فضائی حملہ، 4 افراد شہید

جنوبی لبنان کے قصبے النبطیہ الفوقا پر اسرائیلی فضائی حملے میں 4 افراد شہید ہو گئے، لبنانی وزارت صحت نے جانی نقصان کی تصدیق کر دی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق گزشتہ سال 2 مارچ سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک ہزاروں لبنانی شہری شہید و زخمی ہو چکے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 4 ہزار 319 افراد شہید جبکہ 12 ہزار 203 زخمی ہوئے ہیں، لبنانی وزارت صحت نے تازہ حملے میں ہونے والے جانی نقصان کی بھی تصدیق کی ہے۔

ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا: ٹرمپ کا ایک بار پھر دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا۔

امریکہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اور اس نے عسکری لحاظ سے ایران کو شکست دی۔

اُنہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاملات بہتر انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، تاہم ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا۔

امریکی صدر کا اپنی حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امریکی فوج نے وینزویلا میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

حماس نے غزہ کی گورننگ باڈی تحلیل کر دی

حماس کے حکام نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی پر 2 دہائیوں سے حکومت کرنے والی باڈی کو تحلیل کر دیا۔

حکام کے مطابق سویلین گورننس کے نفاذ کیلئے حماس نے غزہ کی گورننگ باڈی تحلیل کر دی، حماس کی جانب سے غزہ کا کنٹرول فلسطینی ٹیکنوکریٹ کمیٹی کے سپرد کرنے کی راہ ہموار ہو گئی۔

ایران وقار، ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن رہے گا: صدر مسعود پزشکیان

 ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ان کا ملک قومی یکجہتی، اتحاد اور عوام کی مخلصانہ خدمت کے ذریعے ایران کے وقار، ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن رہے گا۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ہمیں یہ سبق دیا کہ ایران کا سب سے بڑا سرمایہ اس کے عوام اور ان کا اتحاد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی ہم خدا کے حکم پر عمل کرتے ہوئے، قومی اتحاد، یکجہتی اور عوام کی مخلصانہ خدمت کے ذریعے ایران کے وقار، ترقی اور خوشحالی کے سفر کو جاری رکھیں گے۔

امریکہ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد مشکل مگر ممکن ہے: باقر قالیباف

 ایران کے پارلیمانی سپیکر اور چیف ٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ حال ہی میں امریکہ کے ساتھ دستخط ہونے والی مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد مشکل، مگر ممکن ہے، تاہم ایران اور امریکہ کے درمیان اب بھی گہرے اختلافات موجود ہیں۔

ایرانی پارلیمانی سپیکر باقر قالیباف نے یہ بات تہران میں حماس کی قیادتی کونسل کے سربراہ محمد درویش سے ملاقات کے دوران کہی، جو آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے ایران آئے تھے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق باقر قالیباف نے کہا کہ ہمارا امریکہ کے ساتھ کوئی امن نہیں ہے اور نہ ہی ہم اسرائیل کو تسلیم کریں گے، ایران، خامنہ ای کی ہدایات کے مطابق مسلمانوں اور محورِ مزاحمت کی حمایت جاری رکھے گا، اور ضرورت پڑنے پر میزائلوں کے ذریعے یا سیاسی دباؤ درکار ہونے کی صورت میں مذاکرات کے ذریعے دباؤ ڈالے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو صرف مذاکرات برائے مذاکرات سے گریز کرنا چاہئے، ہم نے امریکی فریق کو بتایا تھا کہ خطے کے ممالک کی علاقائی سالمیت اور ایران کے اتحادی مزاحمتی گروہوں کے خلاف جنگ کا خاتمہ بھی مفاہمتی یادداشت کا حصہ ہونا چاہئے، جسے متن میں شامل کر لیا گیا۔

باقر قالیباف نے کہا کہ آج اس مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد جاری ہے، اور اس کا نفاذ مشکل ضرور ہے، لیکن ممکن ہے، مسلم ممالک کا اہم کردار ہے، کیونکہ اب انہیں احساس ہو چکا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ تعاون انہیں سلامتی فراہم نہیں کرے گا۔

اسرائیلی وزیرِ دفاع کی ایرانی قیادت کو ختم کرنے کی دھمکی

اسرائیل کے وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے ملک نے مبینہ طور پر اسرائیل کو تباہ کرنے کے منصوبے کی قیادت کرنے پر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو نشانہ بنایا تھا۔

اسرائیل کاٹز نے ایک بار پھر خبردار کیا کہ جو بھی ایرانی رہنما ایسے اقدامات کو فروغ دے گا، اسے ختم کر دیا جائے گا، اسرائیل ہر وقت اور ہر قسم کے خطرے کے خلاف اپنے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی ٹی وی چینل 13 نے رپورٹ کیا ہے کہ کاٹز نے یہ بیان تہران میں جاری جنازے کے جلوس کے ردِعمل میں دیا۔

مفاہمتی یادداشت سیاسی اور فوجی اعتبار سے امریکہ کی شکست ہے: باقر قالیباف

ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت سیاسی اور فوجی دونوں اعتبار سے امریکہ کی شکست اور مزاحمتی محور کی کامیابی ہے۔

یمنی حوثیوں کی سپریم کونسل کے وائس چیرمین سے ملاقات میں باقر قالیباف نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کو مزاحمتی محور میں ایران کے اتحادیوں کو تسلیم کرنا پڑا، یہ مفاہمتی یادداشت کی ایک کامیابی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سفارتی کامیابی فوجی تیاریوں پر منحصر ہے کوئی بھی کمزوری دکھائی دی تو امریکہ اور اسرائیل ایران پر حملہ کردیں گے۔

ایران میں ہفتۂ سوگ کے باعث امن مذاکرات مؤخر کیے: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبر رساں ویب سائٹ ایگزیوس کو بتایا کہ جنازے سے متعلق تقریبات کے پیش نظر ایران جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے مذاکرات ایک ہفتے کے لیے روک دیے گئے ہیں۔

واشنگٹن کی ثالثی میں ہونے والے ایک نازک جنگ بندی معاہدے کے بعد چار ماہ سے جاری جنگ فی الحال معطل ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے بالآخر ملک کو بڑے معاشی فوائد حاصل ہوں گے، جسے وہ ایک سپر پاور کے خلاف اپنی کامیابی قرار دیتے ہیں۔

گزشتہ ماہ ہونے والے عبوری معاہدے کے تحت بیرونِ ملک منجمد ایرانی اثاثوں میں سے اربوں ڈالر بحال کیے جائیں گے، جبکہ مالی پابندیوں میں بھی نرمی دی جائے گی، جنہوں نے ایران کی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا تھا۔

غلام حسین محسنی اژیائی ایک بار پھر ایران کے چیف جسٹس مقرر

 ایران کے سپریم لیڈر نے غلام حسین محسنی اژیائی کو ایک بار پھر ملک چیف جسٹس مقرر کر دیا ہے۔

سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نےحکم نامےمیں غلام حسین محسنی کی بطور سربراہ عدلیہ خدمات کو سراہتے ہوئےان کی مخلصانہ اور قابلِ قدر کوششوں کی تعریف کی اور انہیں نئی مدت کے لیے ذمہ داریاں سونپ دیں۔

غلام حسین محسنی اژیائی نے رواں سال جنوری میں اعلان کیا تھا کہ دسمبر سےشروع ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران گرفتار افراد کے مقدمات کو تیزی سے نمٹایا جائے گا، انہوں نے ان مظاہروں میں شریک افراد پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

شہیدعلی خامنہ ای کے جنازے کے تعزیتی جلوس کا تہران سے آغاز

 ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ کی تہران میں ادا کی گئی نمازِ جنازہ کے بعد اب اب جنازے کے جلوس کا تہران میں آغاز ہو گیا، سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

ایرانی حکام نے بتایا ہے کہ جلوس امام حسین چوک، انقلاب گلی، انقلاب چوک، آزادی چوک اورشاہد لشگری ہائی وے سے ہوتا ہوا مہرآباد بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، شرکا کو گرمی سے بچانے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

تہران میں جنازے کے جلوس کے بعد میت کو قم لے جایا جائے گا، قم کے بعد پڑوسی ملک عراق کے مقدس شہروں نجف اور کربلا بھی لے جایا جائے گا، جہاں لاکھوں لوگ ان کا آخری دیدار کر سکیں گے۔

ان تمام مقامات سے گزارنے کے بعد نو جولائی کو ان کے آبائی شہر مشہد میں حضرت امام علی رضا کے مزار کے احاطے میں ان کی تدفین کی جائے گی۔

امریکہ ہی واحد طاقتور اتحادی نہیں، ایک چھوٹا سا ملک انڈیا بھی ہے: نیتن یاہو

 اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف امریکہ ہی اسرائیل کا واحد طاقت ور اتحادی نہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ اور ایران میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد بعض اسرائیلی وزرا کی جانب سے امریکی انتظامیہ پر تنقید کی گئی تھی۔

بنیامین نیتن یاہو نے مزید کہا کہ مجھے اس بات کی نشاندہی کرنا ہو گی کہ ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں ہمارے عظیم دوست ہیں اور میں اپنے اس مؤقف پر قائم ہوں، لیکن ہمارے دیگر دوست بھی ہیں، جیسے کہ ایک چھوٹا سا ملک جو انڈیا کہلاتا ہے، آپ جانتے ہیں اس کی آبادی 1.4 ارب ہے۔

شام داخل ہونے کی کوشش میں 100 سے زائد اسرائیلی آبادکار گرفتار

اسرائیلی فوج نے شام میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 100 سے زائد اسرائیلی آبادکاروں کو حراست میں لے لیا ہے۔

جنوری 2025ء میں شام کے صدر احمد الشرع کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے اسرائیل نے شام کے سیکڑوں مربع کلومیٹر علاقے پر قبضہ کر لیا ہے، آبادکاروں کا کہنا ہے کہ وہ متعدد بار شام میں داخل ہو چکے ہیں۔

ان کا مطالبہ ہے کہ اسرائیلی حکومت جنوب مغربی شام میں اسرائیل کے زیر قبضہ علاقوں میں بستیاں قائم کرنے کی اجازت دے، یہودیوں کی بستیاں قائم ہونے سے ان علاقوں پر کنٹرول مزید مضبوط ہوگا۔

سعودی و بحرینی وزرائے خارجہ کی ملاقات، خطے کی تازہ ترین صورتحال پر گفتگو

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد نے ملاقات کی جس میں امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات سمیت خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی وزیر خارجہ کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے امریکہ ایران مذاکرات کے عمل اور دیگر علاقائی پیشرفت کا جائزہ لیا، خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کیلئے دونوں ممالک کی جاری مشترکہ کوششوں پر بھی گفتگو کی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں وزرائے خارجہ نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی اور محفوظ بحری آمدورفت کی اہمیت پر بھی زور دیا اور اس کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔

بیان کے مطابق ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور ان سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

حماس کی محمد باقر قالیباف سے ملاقات، خطے کی صورتحال اور سفارتی امور پر تبادلہ خیال

حماس کی مشاورتی شوریٰ کونسل کے سربراہ نے ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کی جس میں خطے کی صورتحال اور سفارتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق محمد باقر قالیباف نے ملاقات کے دوران کہا فوجی میدان میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کے تحفظ کیلئے سفارت کاری کو بروئے کار لایا جانا چاہیے تاہم اس کی پشت پر دفاعی صلاحیت بھی موجود ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں ایران نے زور دیا کہ کسی بھی معاہدے میں خطے کے ممالک کی علاقائی خودمختاری اور ایران کے اتحادیوں کے خلاف فوجی کارروائیوں کے خاتمے کو شامل کیا جائے۔

رپورٹ کے مطابق یہ ملاقات ایران کے سابق سپریم لیڈر کی نماز جنازہ کے موقع پر ہوئی، اس سے قبل حماس کی عہدیداروں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی تھی۔ 

ایران کا تہران کی فضائی حدود مکمل طور پر بند رکھنے کا اعلان

ایران نے اعلان کیا ہے کہ دارالحکومت تہران کی فضائی حدود شہید سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے جنازے کی سرکاری تقریبات کے باعث مکمل طور پر بند رہیں گی۔

ایرانی خبر رساں ادارے آئی ایس این اے کے مطابق اتوار کو ہونے والی تقریبات کے دوران پروازوں پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی تاہم سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے جاری کردہ شیڈول کے تحت آج تہران کے مہر آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تمام معمول کی پروازیں معطل رہیں گی تاکہ دارالحکومت میں عوامی تقریبات کے انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔

منگل کے روز مہر آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ معمول کے مطابق اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دے گا جبکہ امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ بدستور بند رہے گا، 9 جولائی کو شمال مشرقی شہر مشہد کی فضائی حدود بھی مکمل طور پر بند کر دی جائیں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ شہید ہاشمی نژاد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی آخری تقریب کے دوران تمام فضائی آپریشن معطل رہیں گے، 7 اور 8 جولائی کے دوران ملک کے دیگر حصوں میں پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔ 

ایران اور قطری حکام کی دوحہ میں بیٹھک، بحری تجارت بحال کرنے کا اعلان

ایران اور قطری حکام کے درمیان دوحہ میں بحری تجارت کی بحالی کیلئے بات چیت ہوئی جس کے بعد اب دونوں ممالک کے درمیان بحری تجارت 5 ماہ بعد بحال ہو گئی ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق ایران کی دیر بندرگاہ اور قطر کی الرویس بندرگاہ کے درمیان جہازوں کی آمدورفت شروع ہوگئی ہے، قطر نے ہر قسم کے بحری جہازوں اور کشتیوں کیلئے سمندری آمدورفت کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق قطر کی وزارت ٹرانسپورٹ نے آپریٹرز کو نافذ العمل بحری ضوابط اور ہدایات کی مکمل پابندی کی ہدایت کی ہے، یہ اقدام خطے میں فوجی کارروائیوں کے دوران ایک قطری شہری کی موت کے اعلان کے ایک دن بعد سامنے آیا تھا۔

شہید آیت اللہ خامنہ ای کے قاتلوں کا تعاقب کیا جائے گا، وہ اپنے انجام سے نہیں بچ سکیں گے: ایرانی آرمی چیف

ایران کے آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے قتل کے ذمہ داران کا تعاقب کیا جائے گا اور وہ اپنے انجام سے نہیں بچ سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہید سپریم لیڈر نے عزت، آزادی اور قومی وقار کا راستہ متعین کیا، جس پر ایران کی مسلح افواج پوری ثابت قدمی اور عزم کے ساتھ گامزن رہیں گی۔

جنرل امیر حاتمی نے مزید کہا کہ ایران کی مسلح افواج سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اپنے فرائض انجام دیتی رہیں گی۔ 

وعدہ کرتا ہوں شہید امام کے مشن کو جاری رکھوں گا: مسعود پزشکیان

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے شہید رہبرِ اعلیٰ کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کریں گے۔

اپنے بیان میں صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ شہید رہبرِ اعلیٰ نے پوری زندگی عوام کی خدمت، قومی خودمختاری اور اسلامی جمہوریہ ایران کے استحکام کے لیے وقف کیے رکھی۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ایرانی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور حکومت ان کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے، شہید امام کے افکار و اہداف کی تکمیل کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔

ایران اور قطر کے درمیان بحری تجارت 5 ماہ بعد بحال

ایران کے دوحہ میں تعینات کمرشل اتاشی عباس عبدالخانی کے مطابق 5 ماہ بعد ایران کی دیّر بندرگاہ اور قطر کی الرویس بندرگاہ کے درمیان جہازوں کی آمدورفت دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے مطابق بحری تجارت کی بحالی دوحہ میں ایران اور قطری حکام کے درمیان بات چیت کے بعد ہوئی۔

یہ دونوں بندرگاہیں خلیجی ممالک کے درمیان علاقائی تجارت کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ تاہم ایران کی دیّر بندرگاہ چار ماہ تک جاری رہنے والی جنگ کے دوران متعدد حملوں کا نشانہ بھی بنی تھی۔

گزشتہ ماہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان ہونے والے ایک عبوری معاہدے کے تحت جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا تھا، جس کے بعد خلیج میں جنگ سے پہلے والی بحری تجارتی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اسرائیل کو خطے کو دوبارہ جنگ کی آگ میں دھکیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی: صدر اردوان

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت کو ہرگز یہ اجازت نہیں دی جانی چاہیے کہ وہ ایک بار پھر پورے خطے کو بارود اور خون کی بو میں جھونک دے۔

ترکیہ کے صدارتی دفتر کے مطابق صدر رجب طیب اردوان نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے جاری سفارتی اقدامات کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

ترک صدر نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے بعد دنیا نے سکھ کا سانس لیا ہے، اور اس پیش رفت نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی امید پیدا کی ہے۔

رجب طیب اردوان نے کہا کہ ترکیہ اسرائیل کے اشتعال انگیز اقدامات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جنگ کی عادی اسرائیلی حکومت کو ہرگز یہ اجازت نہیں دی جانی چاہیے کہ وہ دوبارہ پورے خطے کو جنگ، تباہی اور خونریزی کی طرف دھکیل دے۔

آبنائے ہرمز میں غیر ملکی فوج کی موجودگی ناقابل قبول، ایران کا سخت انتباہ

ایران نے آبنائے ہرمز میں غیر ملکی فوجی موجودگی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ حساس آبی گزرگاہ کسی بھی بیرونی طاقت کے فوجی مظاہرے کی جگہ نہیں بن سکتی۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے قانونی و بین الاقوامی امور، کاظم غریب آبادی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز کی سلامتی کی ذمہ داری صرف ایران اور عمان پر عائد ہوتی ہے، اس لیے کسی بھی بیرونی فوجی نقل و حرکت کو قابل قبول نہیں سمجھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران اس اہم آبی گزرگاہ کا ذمہ دار اور سلامتی کا ضامن ملک ہے، لہٰذا خطے میں کسی بھی غیر ضروری فوجی سرگرمی سے گریز کیا جانا چاہیے۔

ایرانی بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے ایک مشترکہ بیان میں آبنائے ہرمز کو عالمی معیشت کے لیے انتہائی اہم سمندری راستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام ممالک کے جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

عباس عراقچی سے حماس اور حزب اللہ کے وفود کی ملاقات، حمایت جاری رکھنے کا اعادہ

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے حماس اور حزب اللہ کے وفود نے ملاقات کی، جس میں خطے کی صورتحال اور اسرائیلی کارروائیوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق ملاقات کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف حماس اور حزب اللہ کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

حزب اللہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کے مطابق لبنان میں جنگ کے خاتمے اور کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

ملاقات میں خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، لبنان میں جاری پیش رفت اور اسرائیل کے ساتھ کشیدگی سے متعلق امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

علی خامنہ ای کی نماز جنازہ: تہران میٹرو میں 70 لاکھ افراد نے سفر کرکے نیا ریکارڈ بنا ڈالا

ایران کے شہید سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور آخری رسومات کے موقع پر تہران کے میٹرو نیٹ ورک پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا، جہاں چند گھنٹوں کے دوران 70 لاکھ سے زائد مسافروں نے سفر کیا۔

ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم نیوز کے مطابق ہفتے کی شام ساڑھے پانچ بجے سے اتوار کی صبح سات بجے تک تہران میٹرو کے ذریعے 70 لاکھ سے زیادہ افراد نے مختلف اسٹیشنوں کے درمیان سفر کیا۔

رپورٹ کے مطابق نمازِ جنازہ اور آخری رسومات میں لاکھوں افراد کی شرکت کے پیشِ نظر حکام نے شہریوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ نجی گاڑیوں کے بجائے میٹرو سسٹم استعمال کریں تاکہ ٹریفک کا دباؤ کم رہے اور عوام کو آمد و رفت میں آسانی فراہم کی جا سکے۔

یمن کی بندر گاہ حدیدہ کے قریب مال بردار جہاز پر حملے کی اطلاع

برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یمن کی بندرگاہ حدیدہ کے قریب مال بردار جہاز پر حملے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کا کہنا ہے کہ واقعہ بندرگاہ حدیدہ کے جنوب مغرب میں تقریباً 30 ناٹیکل میل دور پیش آیا۔

یو کے ایم ٹی او نے کہا ہے کہ ایک مال بردار جہاز نے ہنگامی سگنل جاری کرتے ہوئے حملے کی اطلاع دی، متعلقہ حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کا کہنا ہے کہ جہازوں کو احتیاط برتنے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

علی خامنہ ای کی نماز جنازہ کے موقع پر تہران میٹرو میں 70 لاکھ سے زائد مسافروں کا سفر

شہید ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ کے موقع پر تہران کے میٹرو نیٹ ورک پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا جہاں ہفتے کی شام ساڑھے پانچ بجے سے اتوار صبح 7 بجے تک 70 لاکھ سے زائد مسافروں نے سفر کیا۔

ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق منتظمین نے شرکا کو ہدایت کی ہے کہ وہ نماز جنازہ میں شرکت کیلئے میٹرو سسٹم استعمال کریں تاکہ آمد و رفت میں آسانی ہو سکے۔

اسرائیلی انٹیلیجنس نے ایرانی جوہری پروگرام پر نیتن یاہو کے دعوے کو مسترد کر دیا

اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم نیتن یاہو کو اپنے ہی انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے اس وقت شدید سبکی کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے ایران کے جوہری پروگرام کی مکمل تباہی کے دعوے کی توثیق سے انکار کر دیا۔

رپورٹس کے مطابق وزیراعظم آفس نے موساد اور اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس سمیت متعلقہ اداروں پر دباؤ ڈالا کہ وہ ایران کے جوہری پروگرام کی مکمل تباہی سے متعلق سرکاری مؤقف کی حمایت کریں، تاہم انٹیلی جنس حکام نے پیشہ ورانہ اصولوں کا حوالہ دیتے ہوئے ایسی کسی غیر مصدقہ رپورٹ کی توثیق سے انکار کر دیا۔

اسرائیلی جریدے کے مطابق انٹیلی جنس حکام نے نیتن یاہو کے دعوے کو دستیاب شواہد سے مطابقت نہ رکھنے والا اور غیر پائیدار قرار دیا، جس کے باعث وزیراعظم آفس، موساد اور فوجی انٹیلی جنس کے درمیان شدید اختلافات اور تناؤ پیدا ہوگیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کی بھی توثیق چاہتے تھے کہ ایرانی جوہری پروگرام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے، تاہم اسرائیلی سکیورٹی اداروں نے اس مؤقف کی تصدیق سے گریز کیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایرانی جوہری پروگرام کی مکمل تباہی کا دعویٰ سب سے پہلے صدر ٹرمپ نے کیا تھا، لیکن اسرائیلی اخبار کے مطابق اس دعوے کی تائید کیلئے تاحال ٹھوس شواہد سامنے نہیں آئے، جبکہ جنگ کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کے حتمی اور مستند اعداد و شمار بھی ابھی تک دستیاب نہیں ہیں۔

علی خامنہ ای کے 3 بیٹوں کی والد کی نماز جنازہ میں شرکت

ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای کے تین بیٹے میثم، مسعود اور مصطفیٰ خامنہ ای تہران کی مسجد میں اپنے والد کی نمازِ جنازہ میں پہلی صف میں موجود تھے۔

تاہم، بی بی سی فارسی کے مطابق ان کے چوتھے بھائی یعنی ایران کے موجودہ رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای نمازِ جنازہ میں موجود نہیں تھے۔

یاد رہے کہ تہران کے بڑے مذہبی اور ثقافتی مرکز ’امام خمینی مصلیٰ‘ میں ایرانی رہبر اعلیٰ شہید علی خامنہ ای اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کی نماز جنازہ آیت اللہ جعفر سبحانی نے پڑھائی۔

اسرائیل کا ایران جنگ کے دوران اپنے فوجی اور دفاعی نظام امارات بھیجنے کا دعویٰ

اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اُس نے حالیہ ایران جنگ کے دوران امارات میں آئرن ڈوم سسٹم اور درجنوں اسرائیلی فوجی بھیجے۔

یروشلم پوسٹ اور دیگر میڈیا آؤٹ لیٹس نے 26 اپریل کو اسرائیل کی جانب سے اس اقدام کی اطلاع دی تھی، اس وقت اس رپورٹ کو "غیر ملکی ذرائع" سے منسوب کیا گیا تاہم اب اسرائیلی وزیر ٹرانسپورٹ مری ریجیو نے عوامی سطح پر اس رپورٹ کی تصدیق کی ہے۔

متعدد اسرائیلی حکام نے کہا کہ وزیر اعظم نیتن یاہو کی امارات کے صدر محمد بن زید کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے کے بعد آئرن ڈوم بیٹری اور انٹرسیپٹرز بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ اگر اسرائیلی حکام کا یہ دعویٰ درست ہے تو اسرائیلی آئرن ڈوم کو اسرائیل سے باہر آپریشنل طور پر استعمال کرنے کا یہ پہلا واقعہ ہوگا۔

شہید رہبر اعلیٰ کی نمازجنازہ: اہم ایرانی شخصیات مہینوں بعد منظرِعام پر آگئیں

شہید رہبر اعلیٰ کی نمازجنازہ، اہم ایرانی شخصیات مہینوں بعد منظرِعام پر آگئیں۔

سربراہ پاسدارانِ انقلاب احمد وحیدی نے شہید سپریم لیڈر کا آخری دیدار کیا، ایرانی سرکاری میڈیا نے احمد وحیدی کو سپریم لیڈر کے تابوت کا بوسہ لیتے ہوئے دکھایا، احمد وحیدی کا شمار ایران کےاہم ترین عسکری حکام میں ہوتا ہے۔

احمد وحیدی جنگ کے آغاز سے ایرانی فوجی حکمتِ عملی کی نگرانی کر رہے ہیں۔

آخری رسومات میں ایرانی سیاسی اور عسکری قیادت کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی نظر آئی، تعزیتی تقریب میں عسکری تنظیموں حزب اللہ، حماس کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، فلسطینی اسلامک جہاد کے نمائندوں اور طالبان ارکان نے بھی شرکت کی۔

سابق روسی صدر دمتری میدویدیف کی بھی آخری رسومات میں شرکت، دمتری میدویدیف نے صدر پیوٹن کے خصوصی ایلچی کے طورپر شرکت کی، بیجنگ کی جانب سے سینئر چینی قانون دان ہی وے نے شرکت کی اور قالیباف سے بھی ملاقات کی، سعودی عرب، قطر اور عمان کے وفود کی بھی تہران آمد ہوئی۔

آبنائے ہرمز پر نئی فیس، دوست ممالک کیلئے خصوصی رعایت ہوگی: ایرانی سفیر

چین میں ایران کے سفیر عبرالرضا رحمانی فضلی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ہر جہاز سے نئی فیس وصول کی جائے گی جبکہ ’دوست‘ ممالک کو خصوصی رعایت ملے گی۔

ایران کے سفیر عبدالرضا رحمانی فضلی نے سنیچر کو بیجنگ میں منعقدہ ورلڈ پیس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک عمان کے ساتھ ’باہمی تعاون اور اشتراک‘ کے ذریعے اس اہم آبی گزرگاہ کیلئے ’نئے انتظامات‘ پر کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز جس کے پانیوں میں آتی ہے ہم یقیناً فیس وصول کریں گے، تاہم انہوں نے ساتھ ہی اصرار بھی کیا کہ یہ فیس ’ٹال‘ نہیں ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ نئے انتظامات آبنائے ہرمز کے ذریعے محفوظ طور پر گزرنے، جہازوں کی نگرانی، بڑی تعداد میں جہازوں کی آمد و رفت سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے اور اس کے تدارک سے متعلق ہوں گے۔

عبدالرضا رحمانی فضلی نے کہا کہ ہم یقینی طور پر ان ممالک کیلئے خصوصی رعایت پر غور کریں گے جو ہمارے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھتے ہیں اور خصوصاً مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہے۔

شہید سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی تہران میں نماز جنازہ ادا، لاکھوں سوگواروں کی شرکت

شہید ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ کی نماز جنازہ تہران کی گرینڈ مصلیٰ کمپلکیس میں ادا کر دی گئی۔

نماز جنازہ میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان، سپیکر باقر قالیباف سمیت اعلیٰ حکومتی عہدیدار شریک ہوئے، نماز جنازہ میں 100 ملکوں کے وفود سمیت لاکھوں افراد نے شرکت کی، تہران میں فضا سوگوار، ہر آنکھ اشکبار ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق آیت اللہ جعفر سبحانی نے شہید ایرانی سپریم لیڈر کی نماز جنازہ پڑھائی۔

نماز جنازہ تین مراحل میں ادا کی گئیں، پہلے مرحلے میں رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای، دوسرے مرحلے میں ان کی بیٹی بشریٰ خامنہ ای، داماد مصباح الہدیٰ باقری اور بہو زہرا حداد عادل کی نماز جنازہ اد کی گئی، جبکہ تیسرے مرحلے میں شہید سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی کمسن نواسی زہرا محمدی کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔

گرینڈ مصلیٰ کے بڑے صحن میں جمع ہزاروں لوگوں نے ہاتھوں میں سرخ جھنڈے اٹھا رکھے ہیں، جنہیں ایران میں خون کا بدلہ اور انتقام لینے کی علامت سمجھا جاتا ہے، وہاں موجود لوگ مسلسل ’امریکا مردہ باد‘ اور ’انتقام، انتقام‘ کے نعرے لگا رہے ہیں، جس سے پوری فضا گونج رہی ہے۔

آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ان کے ساتھ شہید ہونے والے ان کے اہل خانہ کی میتیں تہران میں عوامی دیدار کیلئے رکھی گئیں ہیں۔

پیر کو صبح جنازے کا مرکزی جلوس نکالا جائے گا، اس کے بعد میت کو قم منتقل کیا جائے گا جہاں سے جسد خاکی کو عراقی شہر نجف اور کربلا لے جایا جائے گا، 9 جولائی کو شہید سپریم لیڈر کی ان کے آبائی شہر مشہد میں تدفین کی جائے گی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق علی خامنہ ای اور ان کے اہل خانہ کی نماز جنازہ قم میں ناصر مکارم شیرازی اور مشہد میں حسین نوری ہمدانی پڑھائیں گے۔

یاد رہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای 28 فروری کو ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں میں شہید ہوئے تھے۔

گرفتاری کا خدشہ، اسرائیلی وزیر بن گویر نے امریکہ کا دورہ منسوخ کر دیا

اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر بن گویر نے گرفتاری کے خدشے کے پیش نظرامریکا کا دورہ منسوخ کر دیا۔

انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے اسرائیلی وزیر بن گویر کو اقوام متحدہ کی پولیسنگ کانفرنس میں شرکت کیلئے نیویارک جانا تھا، انسانی حقوق کی تنظیموں نے بن گویر کے خلاف مظاہروں کا اعلان کر رکھا ہے۔

ان تنظیموں کا مطالبہ ہے کہ بن گویر کے خلاف تحقیقات کی جائیں اور گرفتار کیا جائے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق بن گویر حالیہ دنوں میں دو بار دورہ امریکہ منسوخ کر چکے ہیں۔

مصر کا ایران امریکہ مفاہمتی یادداشت کی شرائط پر عملدرآمد برقرار رکھنے پر زور

مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے امریکہ اور ایران کے درمیان دستخط ہونے والی مفاہمتی یادداشت کی شرائط پر عملدرآمد کیلئے پیشرفت اور رفتار برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ایک بیان میں مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید کمی لانے، خطے میں امن کو مستحکم کرنے اور علاقائی سلامتی و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے۔

مصری وزیر خارجہ نے یہ بات قاہرہ میں یورپی یونین کی بحیرہ روم سے متعلق کمشنر ڈبرا وکا شوئیسا سے ملاقات کے دوران کہی۔

ایران کا مفاہمت کے تحت کیے وعدوں کی خلاف ورزی پر فیصلہ کن جواب دینے کا اعلان

ایران کے قائم مقام وزیر دفاع میجر مجید ابن الرضا نے کہا ہے کہ اگر امریکہ کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی کی گئی تو ایران ضروری اور فیصلہ کن جواب دے گا۔

آئی ایس این اے نیوز ایجنسی نے مجید ابن الرضا کے حوالے سے بتایا کہ تہران نے خطے کے ممالک کی درخواست پر جنگ بندی کے معاہدے پر اتفاق کیا حالانکہ اسے واشنگٹن پر اعتماد نہیں تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے علاقائی استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے جنگ بندی قبول کی، تاہم معاہدے کی کسی بھی خلاف ورزی کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔

آبنائے ہرمز ہی ایران کا جوہری ہتھیار ہے، نائب چیئرمین روسی سلامتی کونسل

روس کی سلامتی کونسل کے نائب چیئرمین اور سابق صدر دمتری میدویدیف نے کہا ہے کہ جنگ کے دوران آبنائے ہرمز نے ایران کو غیر معمولی تزویراتی برتری فراہم کی، آبنائے ہرمز ہی ایران کا جوہری ہتھیار ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم سے گفتگو کرتے ہوئے دمتری میدویدیف نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے بعد بھی ماسکو ایران کے ساتھ اپنی سٹریٹجک شراکت داری جاری رکھنے کیلئے تیار ہے۔

سابق روسی صدر نے یہ بیان تہران میں دیا جہاں وہ ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ اور تدفین کے عمل میں شرکت کیلئے روسی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ 

ایران کی وزارت انٹیلی جنس کا شہید آیت اللہ خامنہ ای کے خون کا بدلہ لینے کے عزم کا اظہار

ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ایران کی وزارت انٹیلی جنس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ شہید رہبر آیت اللہ خامنہ ای اور امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف مسلط کردہ جارحیت میں ان کے ساتھ شہید ہونے والے دیگر افراد کے خون کا بدلہ لیا جائے گا۔

ایرانی وزارت انٹیلی جنس نے زور دے کر کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے عصر حاضر کی تاریخ کی سب سے بڑی دہشت گردانہ کارروائی کا ارتکاب کیا ہے۔

جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ اس حملے کے ذمہ دار قرار دیے جانے والے عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

ایرانیوں کا آیت اللہ علی خامنہ ای کیلئے جذباتی اظہار دیکھ کر حیران ہوں، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران میں آیت اللہ علی خامنہ ای کے جنازے پر لوگوں کو روتے دیکھ کر حیران رہ گئے۔

امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کے صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں عوام کی بڑی تعداد پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو خامنہ ای کیلئے روتا دیکھ کر حیران ہوں، سمجھتا تھا ایرانی ان سے نفرت کرتے ہیں۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ اگر چاہتے تو خامنہ ای کے جنازے میں موجود تمام افراد کو نشانہ بنا سکتے تھے لیکن ایسا نہیں کروں گا کیونکہ اس صورت میں مذاکرات کیلئے کوئی فریق باقی نہیں رہے گا۔

عباس عراقچی کا 70 سے زائد ممالک کے نمائندوں کی ایران آمد پر خوشی کا اظہار

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ وہ اس بات پر خوش ہیں کہ 70 سے زائد ممالک کے نمائندوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی الوداعی تقریبات میں شرکت کرکے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ یہ تاریخی یادگاری تقریب دوست عرب ممالک کے نمائندوں کی شرکت سے مزید اہمیت اختیار کر گئی۔

عباس عراقچی کا اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ یہ موقع خطے کے ممالک کے مشترکہ تعلقات کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

نیتن یاہو نے ملاقات کی درخواست دی، اصل طاقت کا انہیں علم ہے: ٹرمپ کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ نیتن یاہو نے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی درخواست کی ہے وہ جانتے ہیں اصل طاقت کس کے پاس ہے۔

واشنگٹن سے جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی درخواست پر وائٹ ہاؤس میں آئندہ ہفتے ملاقات متوقع ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا گیا کہ امریکہ اگر چاہتا تو ایران کی اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنا سکتا تھا، حتیٰ کہ ایرانی رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی مبینہ تدفین یا کسی بڑے اجتماع کے دوران کارروائی ممکن تھی، تاہم ایسا فیصلہ اس لیے نہیں کیا گیا تاکہ سفارتی راستہ اور جوہری مذاکرات جاری رہ سکیں۔

امریکی صدر نے مزید دعوؤں میں بتایا کہ امریکہ نے ایران کے ساتھ جاری جوہری مذاکرات کو وقتی طور پر مؤخر کرنے اور بعد ازاں دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران معاہدہ کرنے کے لیے بیتاب ہے، اور موجودہ کشیدگی کے دوران دونوں فریقین نے وقتی طور پر حملے نہ کرنے کا اصول اپنایا ہے تاکہ مذاکراتی عمل متاثر نہ ہو۔

اپنے بیان میں اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک بڑا فوجی حملہ ممکن تھا جس میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا جا سکتا تھا، لیکن اسے اس لیے روکا گیا کہ بعد میں مذاکرات کے لیے کوئی فریق باقی نہ رہے۔

 

امریکا، ایران مذاکرات کا اگلا دور 11 جولائی کو پاکستان میں متوقع: العربیہ

 لعربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور 11 جولائی کو پاکستان میں متوقع ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اہم امور پر بات چیت کی جائے گی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات کے دوران ایران پر عائد پابندیوں، ایران کے منجمد اثاثوں اور جوہری پروگرام سے متعلق معاملات زیرِ بحث آئیں گے۔

العربیہ کے مطابق مذاکرات میں شریک ایرانی وفد کی قیادت کے حوالے سے حتمی فیصلہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین کے بعد کیا جائے گا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایرانی وفد کی نمائندگی کے بارے میں باضابطہ اعلان تدفین کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد متوقع ہے۔

شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کے عوامی دیدار کا آغاز، نمازِ جنازہ کل متوقع

تہران میں گزشتہ روز عالمی وفود نے امام خمینی گرینڈ مصلیٰ میں شہید آیت اللہ علی خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ کی میتوں کا آخری دیدار کیا، فاتحہ خوانی کی اور تعزیتی تاثرات قلم بند کیے، آج عوام کے لیے دیدار کا اہتمام کیا گیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق شہید آیت اللہ علی خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ کی نمازِ جنازہ کل بروز اتوار نمازِ فجر کے بعد متوقع ہے جبکہ میتوں کو شیشے کے تابوتوں میں عوامی دیدار کے لیے رکھا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق آج صبح سویرے ہی ہزاروں سوگوار امام خمینی گرینڈ مصلیٰ پہنچنا شروع ہو گئے تھے، مرکزی صحن سوگواروں سے بھر گیا۔

شہر بھر میں ٹریفک پر خصوصی پابندیاں عائد کی گئی ہیں، متعدد افراد کئی کلومیٹر پیدل چل کر مقامِ جنازہ پہنچے، میٹرو سٹیشنوں پر بھی غیر معمولی رش دیکھا گیا۔

جامع مصلیٰ میں سوگوار اپنے رہبر کا آخری دیدار کر رہے ہیں، اور یہ سلسلہ پورا دن جاری رہے گا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق نمازِ جنازہ میں 100 سے زائد ممالک کے نمائندوں اور ایک کروڑ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے، جس کے لیے تہران میں غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ایران کی وزارتِ تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ تہران اور ملک کے دیگر علاقوں میں 5 ہزار سے زائد اسکول اور تقریباً 40 سے 50 ہزار کلاس رومز ملک بھر سے آنے والے زائرین کے قیام کے لیے کھول دیئے گئے ہیں۔

جس پرچم کیلئے آیت اللہ خامنہ ای نے جدوجہد کی، وہ کبھی سرنگوں نہیں ہوگا: ایرانی صدر

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ وہ پرچم، جسے ہمیشہ سربلند رکھنے کے لیے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے جدوجہد کی، کبھی سرنگوں نہیں ہوگا۔

صدر مسعود پزشکیان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ عظیم ایرانی قوم غم سے بوجھل دلوں اور امید سے بھرپور عزم کے ساتھ یہ ثابت کر دے گی کہ وہ پرچم، جسے ہمیشہ سربلند رکھنے کے لیے آیت اللہ علی خامنہ ای نے جدوجہد کی، کبھی سرنگوں نہیں ہوگا۔

آبنائے ہرمز بیرونی قوتوں کی فوجی طاقت کے مظاہرے کا میدان نہیں: ایران

ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز خطے سے باہر کی قوتوں کی فوجی طاقت کے مظاہرے کا میدان نہیں۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ کا یہ بیان برطانوی وزیرِ اعظم کیئر سٹارمر اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں کے اس مشترکہ بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس مِں کہا گیا ہے کہ دونوں ملک آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آزادانہ نقل و حرکت یقینی بنانے کے لیے کثیر الملکی فوجی مشن کی تعیناتی کی حمایت کے لیے تیار ہیں۔

کاظم غریب آبادی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران ایک ذمہ دار طاقت اور آبنائے ہرمز کی سلامتی کا ضامن ہے اور اس آبی گزرگاہ میں کسی بھی فوجی نقل و حرکت کے بارے میں خبردار کرتا ہے، مہم جوئی کے نتائج بھگتنا ہوں گے، یہ ایک سنجیدہ انتباہ ہے۔

آیت اللہ علی خامنہ ای عظیم عالم اور رہنما تھے: شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شہید آیت اللہ خامنہ ای نے ثابت قدمی، جرات، صبر اور دوراندیشی کا مظاہرہ کیا، شہید سپریم لیڈر نے انتہائی خلوص اور غیرمتزلزل عزم کے ساتھ ایران کی خدمت کی۔

انہوں نے کہا کہ ایران ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے کروڑوں مسلمان انہیں ایک عظیم رہنما کے طور پر یاد رکھیں گے، ہم ایران ان کی شہادت پر اپنی دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرنے آئے ہیں، شہید لیڈر کے عزیزوں اور ہزاروں ایرانی بہن بھائیوں نے وحشیانہ جارحیت کے نتیجے میں جام شہادت نوش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر اسلامی ممالک ہیں، ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، ہم ہر حال میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، میں پاکستانی عوام کی جانب سے ایرانی عوام کے ساتھ دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔

خامنہ ای کا جنازہ، شہریوں کیلئے ہزاروں سکول کھول دیئے گئے

امریکی و اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے آنے والوں کے لیے 5000 سکولوں نے اپنے دروازے کھول دیے۔

ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کے لیے آنے والوں کو ملک بھر میں 5000 سکول اور تقریباً 40 سے 50 ہزار کلاس رومزکھول دیے گئے ہیں۔

خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای کے جنازے میں 100 ممالک کے نمائندوں سمیت ایک کروڑ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔

پاکستان مشکل وقت میں ایران کا حقیقی دوست ثابت ہوا: باقر قالیباف

 ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل وقت میں ایران کا حقیقی دوست ثابت ہوا۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کے دوران ایران کے پارلیمانی سپیکر و چیف مذاکرات کار باقر قالیباف نے کہا کہ مشکل حالات میں پاکستان کے عوام اور قیادت کی رفاقت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

باقر قالیباف نے کہا کہ پاکستان کے عوام خوشی اور آزمائش دونوں مواقع پر ایران کے مخلص دوست ثابت ہوئے ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایران کی ترقی سے خطے میں امن اور استحکام کو بھی فروغ ملے گا، باہمی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کرنا ہو گی۔

ٹرمپ اپنے ملک میں غذائی قلت پر توجہ دیں: قالیباف

 سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں محمد باقر قالیباف نے ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ ذرا تصور کریں، آپ کے اپنے ملک کے چار کروڑ سے زائد شہری فوڈ اسٹیمپس پر گزارا کر رہے ہوں، اور آپ کسی دوسرے ملک کو بھوکا قرار دے رہے ہوں۔

ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے ایک بار پھر یہ دعویٰ دہرایا کہ مستقبل میں اگر ایران کے ساتھ کوئی امن معاہدہ ہوتا ہے تو ایران اپنی زرعی ضروریات کے لیے امریکہ سے خوراک خریدے گا، تاہم ایران اس دعوے کی پہلے ہی تردید کر چکا ہے۔

باقر قالیباف نے کہا کہ ہمارے وسائل ہمارے اپنے ہیں، ہمارے فیصلے بھی ہمارے اپنے ہیں، بہتر ہوگا کہ آپ اپنے ملک میں غذائی قلت کے مسائل پر توجہ دیں۔

ایران کو جنازے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی: ٹرمپ

 امریکہ کی 250ویں یومِ تاسیس کی تقریبات کا آغاز کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم نے ایک ہی دن میں وینزویلا کو شکست دی، اور ایران کو بھی بری طرح نشانہ بنایا، وہ سمجھوتہ کرنے کے لیے بے تاب ہیں، وہ بڑی شدت سے سمجھوتہ کرنا چاہتے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ ہم نے انہیں جنازے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی، کیونکہ ہم اچھے لوگ ہیں، امریکہ کبھی کسی بادشاہ کے سامنے نہیں جھکا، امریکہ دنیا کا طاقت ور ترین ملک ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ امریکی کلچر کے بغیر آزادی کا دعوی نہیں کر سکتا، امریکہ سے زیادہ دنیا سے بھوک کا خاتمہ کسی نے نہیں کیا، امریکہ نے اپنے ہمسایوں کی مشکل میں ہمیشہ مدد کی، امریکی بہت مضبوط قوم ہیں۔

آیت اللہ علی خامنہ کی سرکاری طور پر عوامی نمازِ جنازہ

ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ایران نے سرکاری طور پر آیت اللہ علی خامنہ ای کے عوامی جنازے اور چھ روزہ سوگ کی تقریبات کا آغاز کر دیا ہے۔

آیت اللہ علی خامنہ ای کے تابوت کے جلوس عراق میں بھی نکالے جائیں گے، جس کے بعد انہیں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

ہزاروں سوگوار، جو انتقام کی علامت سمجھے جانے والے سرخ بینر اٹھائے ہوئے تھے، تہران کے مصلیٰ الکبیر کے صحن میں خامنہ ای کے تابوت کی آمد سے قبل جمع ہوئے، اس دوران وہ امریکہ مردہ باد اور انتقام، انتقام کے نعرے لگا رہے تھے۔

آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی، فرانس نے مائن ہنٹرز تعینات کر دیئے

فرانس نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی کے لیے مائن ہنٹرز تعینات کر دیئے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ فرانس کے مائن ہنٹرز شراکت داروں کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی مکمل بحالی اور جہاز رانی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ عمانی حکام سے مشاورت کے بعد طیارہ بردار بحری جہاز چارلس ڈیگال کو بندرگاہ واپس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم بارودی سرنگوں سے نمٹنے کے فرانسیسی اثاثے اور ان کا حفاظتی دستہ علاقے میں تعینات اور کسی بھی کارروائی کے لیے تیار رہے گا۔

واضح رہے کہ ایران نے گزشتہ ماہ کے آخر میں آبنائے ہرمز میں فرانسیسی شمولیت کو مسترد کر دیا تھا جب صدر میکرون نے اس منصوبے کا اعلان کیا تھا۔

برطانیہ اور فرانس نے آبنائے ہرمز کو عالمی معیشت کی ''اہم شہ رگ'' قرار دیدیا

برطانیہ کے وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے اسے عالمی معیشت کی ’’اہم شہ رگ‘‘ قرار دیا ہے۔

مشترکہ بیان میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے تمام ممالک کے جہازوں کی محفوظ آمدورفت کی بحالی عالمی برادری کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

بیان کے مطابق عمان نے برطانیہ اور فرانس کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ اس کے خودمختار علاقائی پانیوں میں جہاز رانی کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی استحکام، تمام ریاستوں کی خودمختاری کے احترام اور عالمی سلامتی، آزادی جہاز رانی اور بین الاقوامی قانون کے فروغ کے لیے اپنے شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
 

ایران کی افزودہ یورینیم اب بھی جوہری تنصیبات میں موجود ہے: رافیل گروسی

سربراہ آئی اے ای اے رافیل گروسی نے کہا کہ ایران کی افزودہ یورینیم ممکنہ طور پر اب بھی جوہری تنصیبات میں موجود ہے۔

سربراہ آئی اے ای اے رافیل گروسی کہتے ہیں بعض جوہری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے، افزودہ یورینیم کی موجودگی کی تصدیق کیلئے حملوں سے متاثرہ تنصیبات کا معائنہ ضروری ہے۔

رافیل گروسی نے کہا کہ آئی اے ای اے کو حملوں سے قبل یورینیم کی منتقلی کے کوئی نمایاں شواہد نہیں ملے تھے، مکمل جانچ کے بعد ہی یورینیم کے ذخائر کی موجودہ صورتحال واضح ہو سکے گی۔

سکیورٹی خدشات، مجتبیٰ خامنہ ای والد کی نماز جنازہ میں شریک نہیں ہونگے

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ مجتبیٰ خامنہ ای سکیورٹی خدشات کے باعث اپنے والد کی نماز جنازہ میں شرکت نہیں کریں گے۔

ایرانی شوریٰ نگہبان نے رہبرِ انقلاب شہید آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان، اسپیکر پارلیمنٹ باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی فوج کے کمانڈر سمیت دیگر عہدے داروں نے شرکت کی۔

دنیا بھر سے تہران آئے وفود نے بھی شہید خامنہ ای کو خراجِ عقیدت پیش کیا، نماز جنازہ میں کئی سربراہانِ مملکت سمیت 100 ممالک کے مندوبین شریک ہوں گے۔

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ مجتبیٰ خامنہ ای سیکیورٹی خدشات کے باعث اپنے والد کی نماز جنازہ میں شرکت نہیں کریں گے، نماز جنازہ کے بعد جسدِ خاکی تہران سے قُم پھر نجف اور کربلا لے جایا جائے گا، میت واپس ایران لا کر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کو مشہد میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔ 

اسلام آباد امن مذاکرات کے دوران ایرانی وفد کو اسرائیلی حملے کا خطرہ تھا: امریکی اخبار

 امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد میں امن مذاکرات کے لیے ایرانی وفد کے دورے کے دوران اسرائیل، ایران کے اعلیٰ مذاکرات کاروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مبینہ منصوبے میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف کو ہدف بنانے کا ارادہ شامل تھا۔

امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ ممکنہ اسرائیلی کارروائی کے خدشات کے پیشِ نظر امریکی انتظامیہ نے خطے کے بعض ممالک کے ذریعے ایران کو پیشگی آگاہ بھی کیا تھا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اپریل میں اسلام آباد کے دورے کے دوران ایرانی حکام نے امریکی حکام سے پاکستانی اور قطری ثالثوں کے ذریعے اس بات کی ضمانت طلب کی تھی کہ ایرانی وفد کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق پاکستانی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے ایرانی وفد کے طیارے کو ایران سے پاکستان اور پاکستان سے ایران واپسی تک حفاظتی حصار میں رکھا۔ 

شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی تعزیتی تقریبات جاری، عالمی وفود کی آمد

ایرانی سپریم لیڈر شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کے سفرِ آخرت کے سلسلے میں تعزیتی تقریبات جاری ہیں، جن میں دنیا بھر سے اعلیٰ سطح کے وفود کی آمد کا سلسلہ برقرار ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پاکستان، ترکیے، عراق، لبنان، فلسطین، روس، بلغاریہ سمیت متعدد ممالک کے سرکاری وفود نے تعزیتی تقریبات میں شرکت کی، شہید رہبرِ اعلیٰ کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور فاتحہ خوانی کی۔

رپورٹس کے مطابق آج کی تمام تعزیتی تقریبات صرف عالمی رہنماؤں اور غیر ملکی وفود کے لیے مختص ہیں، جبکہ سات روزہ تعزیتی تقریبات ایران اور عراق کے پانچ بڑے شہروں میں منعقد کی جائیں گی۔

کل تہران کے گرینڈ مصلیٰ میں عوام کو شہید سپریم لیڈر کا آخری دیدار کرایا جائے گا، جبکہ پیر کے روز تہران میں مرکزی جنازہ جلوس نکالا جائے گا، جس کے بعد میت کو قم منتقل کیا جائے گا۔

بعد ازاں شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی میت قم سے عراق کے مقدس شہروں نجف اور کربلا لے جائی جائے گی، جبکہ 9 جولائی کو ان کے آبائی شہر مشہد میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق جنازے میں ڈیڑھ سے دو کروڑ افراد کی شرکت متوقع ہے۔

واضح رہے کہ ایرانی مؤقف کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای 28 فروری کو ایران پر ہونے والے امریکی اور اسرائیلی حملوں میں شہید ہوئے تھے۔  

وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور پاکستانی وفد کی امام خمینی مصلیٰ آمد، شہید خامنہ ای کو خراج عقیدت پیش

وزیراعظم شہباز شریف گرینڈ امام خمینی مصلیٰ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے شہید آیت اللہ خامنہ ای کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم کے ہمراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور نیئر حسین بخاری بھی موجود تھے۔

تقریب میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سمیت ایران کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت نے بھی شرکت کی۔

امریکی، اسرائیلی حملوں کے حامی یورپی ممالک کو مدعو نہیں کیا: اسماعیل بقائی

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ یورپ کے ان ممالک کے وفود کو سابق رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای کی تدفین کی تقریب میں مدعو نہیں کیا گیا جنہوں نے ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کی سرکاری سطح پر حمایت کی تھی۔

اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ تاہم مشرقی یورپ کے ممالک کے وفود اس تقریب میں شرکت کریں گے، تقریباً 100 ممالک یا تو سرکاری وفود یا پھر اہم شخصیات اور عوامی تنظیموں کو ان تقریبات میں شرکت کے لیے بھیجیں گے۔

اسماعیل بقائی کا مزید کہنا ہے کہ کم از کم آٹھ ممالک کے سربراہانِ مملکت، یعنی صدور یا وزرائے اعظم، اور 12 ممالک کے پارلیمانی سپیکر اس تقریب میں موجود ہیں، بڑی تعداد میں ممالک کے وزرائے خارجہ، دیگر وزرا اور خصوصی نمائندے بھی تقریب میں شریک ہیں۔

وزیراعظم اور فیلڈ مارشل تہران پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران کے شہید لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے تہران پہنچ گئے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نئیر حسین بخاری اور وزیرِاعلی سندھ سید مراد علی شاہ بھی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے تہران پہنچے ہیں۔

اس سے قبل فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے تہران پہنچے۔

ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل ماجد ابن رضا اور ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی و دیگر حکام نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کیا، وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں بھی ایک وفد تہران پہنچ چکا ہے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی آخری رسومات میں شرکت کے لیے تہران پہنچے ہوئے ہیں۔

امریکہ ایران کا فوجی طور پر مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا: باقر قالیباف

ایران کے سپیکر پارلیمان و چیف مذاکرات باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں بھرپور جواب دے گا۔

چیف مذاکرات کار باقر قالیباف نے کہا کہ اگر امریکہ اور اسرائیل عبوری معاہدے پر عمل درآمد نہیں کرتے تو ایران فیصلہ کن جواب دے گا، ایران امریکہ اور اسرائیل سے معاہدے پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کرتا ہے۔

باقر قالیباف نے کہا کہ معاہدے کی کسی بھی خلاف ورزی پر ایران خاموش نہیں رہے گا، امریکہ ایران کا فوجی طور پر مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا، اسرائیل کی دھمکیاں بے بنیاد اور بے وقعت ہیں، حالیہ جنگ میں امریکہ اور اسرائیل اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے، بالآخر امریکا کو خود ہی جنگ بندی کی درخواست کرنا پڑی۔

وزیراعظم شہباز شریف جنازے میں شرکت کیلئے ایران روانہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای شہید کے جنازے میں شرکت کے لیے تہران روانہ ہو گئے۔

وزیراعظم کے ساتھ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نئیر حسین بخاری اور وزیرِاعلی سندھ سید مراد علی شاہ روانہ ہوئے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف تہران میں ایران کے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے، وزیراعظم پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کریں گے اور غم کی اس گھڑی میں برادر ایرانی قوم کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کریں گے۔ 

علی خامنہ ای کی میت تہران کی مصلیٰ الکبیر مسجد پہنچ گئی

ایران کی 36 سال سے زائد عرصہ قیادت کرنے والے آیت اللہ علی خامنہ ای کی میت دارالحکومت تہران میں واقع مصلیٰ الکبیر مسجد پہنچا دی گئی ہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور آخری رسومات میں تقریباً 2 کروڑ افراد شرکت کریں گے، جو ایران کی تاریخ کا سب سے بڑا جنازہ ہو سکتا ہے۔

آخری رسومات کے بعد انہیں ان کے آبائی شہر مشہد میں واقع امام رضاؑ کے روضے کے احاطے میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

علی خامنہ ای 28 فروری کو ایران پر ہونے والے امریکہ اور اسرائیل کے حملوں میں اپنے خاندان کے متعدد افراد کے ساتھ شہید ہوئے تھے۔

ایران کا افزودہ یورینیم ممکنہ طور پر اب بھی جوہری تنصیبات میں موجود ہے: گروسی

آئی اے ای اے کے سربراہ رافیل گروسی نے کہا ہے کہ افزودہ یورینیم کی موجودگی کی تصدیق کے لیے حملوں سے متاثرہ تنصیبات کا معائنہ ضروری ہے، حملوں سے قبل یورینیم کی منتقلی کے کوئی نمایاں شواہد نہیں ملے تھے۔

رافیل گروسی نے کہا کہ بعض جوہری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے، حملوں سے متاثرہ جوہری تنصیبات کے کئی حصوں تک رسائی بھی ممکن نہیں رہی، آئی اے ای اے کی موجودہ تشخیص حملوں سے قبل کیے گئے معائنے اور سیٹلائٹ تصاویر پر مبنی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حقائق جاننے کے لیے فوری طور پر بین الاقوامی معائنہ کاروں کو ایرانی جوہری تنصیبات تک رسائی دی جائے، مکمل جانچ کے بعد ہی یورینیم کے ذخائر کی موجودہ صورتحال واضح ہو سکے گی۔

علی خامنہ ای شہید کی آخری رسومات کا شیڈول

ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای شہید کی سات روزہ آخری رسومات کا آغاز ان کی رحلت کے 125 دن بعد شروع ہو گیا ہے، ان کی آخری رسومات ایران اور عراق کے مختلف شہروں میں مذہبی طریقے سے ادا کی جائیں گی۔

سات روزہ پروگرام کا آغاز 3 جولائی کو تہران سے ہو گیا ہے، جہاں دنیا بھر کے رہنما، اعلیٰ سرکاری شخصیات، مذہبی رہنما اور علماء تعزیت پیش کریں گے۔

4 اور 5 جولائی کو تہران میں عوامی جنازے کی تقریبات منعقد ہوں گی، آیت اللہ علی خامنہ ای اور ان کے کئی اہلِ خانہ کے تابوت مصلیٰ الکبیر میں عوام کے آخری دیدار کے لیے رکھے جائیں گے۔

6 اور 7 جولائی کو جنازے کے جلوس تہران کے مختلف علاقوں سے گزریں گے، جس کے بعد انہیں تہران سے تقریباً 120 کلومیٹر جنوب میں واقع شہر قم لے جایا جائے گا۔

قم ایران میں شیعہ اسلامی تعلیمات کا سب سے اہم مرکز اور مقدس ترین شہروں میں سے ایک ہے، یہاں ایران کے سب سے بڑے دینی مدارس موجود ہیں جہاں ہزاروں علماء تعلیم حاصل کرتے اور تدریس کرتے ہیں، آیت اللہ علی خامنہ ای نے بھی اپنی دینی تعلیم کا ایک اہم حصہ یہیں حاصل کیا تھا۔

8 جولائی کو ایرانی اور عراقی حکام کے مطابق نجف انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سرکاری استقبالیہ ہوگا، جس کے بعد عراق کے شہروں نجف اور کربلا میں عوامی جلوس نکالے جائیں گے۔

نجف میں واقع روضۂ امام علیؓ شیعہ مسلمانوں کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک ہے، جہاں ہر سال لاکھوں زائرین آتے ہیں، کربلا میں روضۂ امام حسینؓ اور حضرت عباسؓ کے مزارات بھی مقدس ترین مقامات میں شامل ہیں۔

اس کے بعد میت کو دوبارہ ایران لایا جائے گا، جہاں 9 جولائی کو مشہد میں واقع روضۂ امام رضا کے قریب  تدفین کی جائے گی، مشہد ایران کا مقدس ترین شہر ہے، امام رضا شیعہ اسلام کے آٹھویں امام ہیں، یہاں تدفین بہت بڑا اعزاز ہے۔

یہ شہر آیت اللہ علی خامنہ ای کے لیے ذاتی حیثیت سے بھی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ وہ 1939 میں مشہد میں پیدا ہوئے تھے۔

اسلام آباد مفاہمتی یادداشت مضبوط سفارت کاری کی فتح ہے: پاکستان

 اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقبل مندوب نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو مضبوط اور پرعزم سفارت کاری کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ امریکہ اور ایران کے درمیان بات چیت کے لیے اب بھی ایک فریم ورک فراہم کر رہا ہے۔

سکیورٹی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار احمد نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پاکستان کے اس دیرینہ موقف کی عکاسی کرتی ہے کہ علاقائی تنازعات صرف سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیے جا سکتے ہیں۔

پاکستان کے مستقل مندوب نے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت کرنے پر قطر، سعودی عرب، ترکیہ، مصر اور چین کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے میں دیرپا امن کے لیے بات چیت ہی واحد پائیدار راستہ ہے۔

شہید علی خامنہ ای کے آخری دیدار پر ایران میں سوگ کی فضا، رقت آمیز مناظر

ایران کے شہید رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی سات روزہ آخری رسومات کا آغاز ہو گیا ہے، جسدِ خاکی کا دیدار کرایا جا رہا ہے، رقت آمیز مناظر دیکھے جا رہے ہیں، ان کا جسد خاکی تہران کے امام خمینی حسینیہ سینٹر میں رکھا گیا ہے تاکہ عوام، رہنما اور معزز شخصیات آخری دیدار کر سکیں۔

دارالحکومت تہران میں تعزیتی تقریبات کے سلسلے میں غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں، مصلیٰ الکبیر اور دیگر اہم مقامات پر سکیورٹی کے سخت انتظامات نافذ ہیں جبکہ لاکھوں افراد کی شرکت کے پیش نظر متعلقہ ادارے مسلسل تیاریاں کر رہے ہیں، آخری رسومات میں کم از کم دو کروڑ افراد کی شرکت کا اندازہ لگایا گیا ہے۔

آخری رسومات میں 30 ممالک کے اعلیٰ حکام اور 90 ممالک کے مذہبی رہنما شرکت کریں گے۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی وفات نے امتِ مسلمہ کو گہرے صدمے سے دوچار کیا ہے، یہ سرخ سفر کا اختتام نہیں بلکہ اتحاد، استقامت اور ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔

ادھر ایران کی خاتم الانبیا بریگیڈ نے امریکہ اور اسرائیل کو متنبہ کیا ہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کے دوران حملہ کرنے سے پہلے دو بار سوچیں، جواب بہت سخت ہوگا۔

پاکستانی وفد تہران پہنچ گیا

پاکستان سے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں وفد تہران پہنچ گیا ہے، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی تہران پہنچ چکے ہیں، انہوں نے ایران کو اپنا دوسرا گھر قرار دیا۔

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی کابینہ کے ارکان آیت اللہ خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے آج ایران روانہ ہوں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں سے ملاقات کے دوران حکومت اور عوامِ پاکستان کی جانب سے تعزیت کا اظہار کریں گے اور اس غم کی گھڑی میں برادر ملک ایران کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کریں گے۔

آیت اللہ علی خامنہ ای کی سات روزہ آخری رسومات کا آغاز ہو گیا ہے، ان کے جسدِ خاکی کے دیدار کا آغاز ہو گیا ہے، ان کا جسد خاکی تہران کے امام خمینی حسینیہ سینٹر میں رکھا گیا ہے تاکہ عوام، رہنما اور معزز شخصیات آخری دیدار کر سکیں، تہران میں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آ رہے ہیں۔

آیت اللہ خامنہ ای کے جنازے کے دوران حملہ ہوا تو جواب نہایت سخت ہوگا: ایران

ایران کے خاتم الانبیا بریگیڈ نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل یا امریکہ نے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے جنازے کے دوران حملہ کیا تو ایرانی جواب نہایت سخت ہوگا۔

خاتم الانبیا بریگیڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ مخالفین شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے جنازے کے دوران حملے سے پہلے دو بار سوچ لیں۔

آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ کل تہران میں ادا کی جائے گی جس میں کئی سربراہان مملکت سمیت 100 ممالک کےمندوبین شریک ہوں گے۔

ایران نے امریکی قیادت میں علاقائی سکیورٹی مذاکرات مسترد کر دیے

ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ بحرین میں امریکی قیادت میں ہونے والے علاقائی سکیورٹی اجلاس کو مسترد کرتے ہیں، آبنائے ہرمز کا انتظام امریکی سینٹ کام کے نہیں، ایران کے اختیار میں ہے، بحرین میں ہونے والا فوجی اجلاس خلیج فارس میں قانونی نظام یا سکیورٹی قائم نہیں کر سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے کا امن صرف غیر ملکی مداخلت کے خاتمے، امریکی افواج کے انخلا، خطے کے ممالک کی خودمختاری کے احترام اور نئی جغرافیائی حقیقتوں کو تسلیم کرنے میں ہے۔

خیال رہے کہ امریکہ سمیت مشرقِ وسطیٰ کے 12 ممالک نے بحرین میں آبنائے ہرمز کی سکیورٹی سے متعلق اجلاس منعقد کیا تھا۔

امریکا نے ایران کی آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی دھمکی ناقابل قبول قرار دیدی

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں امریکا نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی دھمکی ناقابلِ قبول ہے اور اسے دفاعی اقدام قرار نہیں دیا جا سکتا۔

امریکی مندوب برائے اقوام متحدہ مائیک والٹز نے اجلاس کے دوران کہا ہم ایران سے کہتے ہیں کہ بین الاقوامی آبی راستوں کی بندش ناقابل قبول ہے اور اسے دفاعِ نفس نہیں سمجھا جا سکتا۔

یہ ہنگامی اجلاس بحرین کی درخواست پر بلایا گیا جس نے ایران پر بار بار جارحیت کے الزامات عائد کئے تھے، آبنائے ہرمز عالمی تیل کی ترسیل کے لئے ایک انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے اور اس کی بندش کے خدشات نے عالمی سطح پر تشویش پیدا کر دی ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ کو خدشہ تھا اسرائیل ایرانی مذاکرات کاروں کو قتل کر سکتا ہے: امریکی میڈیا

نیویارک ٹائمز کا دعویٰ کیا کہ امریکی حکام کو خدشہ تھا اسرائیل ایرانی مذاکرات کاروں کو قتل کر سکتا ہے۔

امریکی اخبار کے مطابق اسرائیل عبوری امن معاہدے کیلئے جاری مذاکرات کو سبوتاژ کرنا چاہتا تھا، اسرائیل امریکا اور ایران کے درمیان ڈیل سے خوش نہیں تھا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ وہ کسی بھی حد تک جا سکتا تھا، امریکا نے ممکنہ سازش کو کیسے ناکام بنایا تفصیلات آنا ابھی باقی ہیں۔

امریکا نے مغربی ایشیا میں امن و سلامتی کو مسلسل نظر انداز کیا: اسماعیل بقائی

ترجمانی ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا نے مغربی ایشیا میں امن و سلامتی کو مسلسل نظر انداز کیا۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے فوجی اجلاس محض نمائشی اقدام ہیں، امریکی پالیسیاں خطے میں عدم استحکام کو ہوا دے رہی ہیں، امریکا کا طرزِ عمل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ حالیہ امریکی و اسرائیلی حملوں سے خطے کے ممالک سبق سیکھیں، علاقائی ممالک بیرونی مداخلت سے ہوشیار رہیں، امریکی اور اسرائیلی اقدامات نے علاقائی امن و سلامتی کو نقصان پہنچایا۔

ایران ہماری تقریباً تمام ضروری شرائط ماننے پر آمادہ ہو گیا: امریکی صدر کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران ہماری تقریباً تمام ضروری شرائط ماننے پر آمادہ ہو گیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نے یہ دعویٰ میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا، اس کے علاوہ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایلون مسک کے ساتھ بہت اچھا تعلق ہے، سمجھ سے بالا ہے کہ کوئی یہودی ڈیموکریٹ کو ووٹ کیسے دے سکتا ہے، اسرائیل میں میری مقبولیت 99 فیصد تک تھی۔

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا کی ایران کے ساتھ بہت اچھی بات ہورہی ہے، انہوں نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ معاملات خوش اسلوبی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور خطے میں امن کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

امریکی صدر نے ایک پھر کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ روک کر3 کروڑ جانیں بچائیں، پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ میں نے جنگ روک کر 3 کروڑ افراد کو بچایا، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ میں 11 طیارے گرائے گئے۔

خطے میں پائیدار امن صرف بیرونی مداخلت کے بغیر ہی ممکن ہے، عباس عراقچی

ایرانی وزیر خارجہ نے بحرین میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے عسکری اجلاس پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوجی کمانڈ خطے میں سکیورٹی نہیں بدامنی لائی ہے، غیر ملکی طاقتیں خود اپنا تحفظ کرنے کے قابل نہیں۔

خیال رہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ کی قیادت میں بحرین میں خطے کے اعلیٰ فوجی حکام کا سکیورٹی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، علاقائی استحکام اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں امریکہ اور مشرقِ وسطیٰ کے 12 ممالک نے آبنائے ہرمز میں بلا رکاوٹ تجارتی سرگرمیاں جاری رکھنے کیلئے مشترکہ کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ 

اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ کا رابطہ، ایران امریکا مذاکرات میں پیش رفت پر اطمینان

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دوحہ میں ہونے والے حالیہ ثالثی مذاکرات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے مذاکرات میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان بات چیت مستقبل قریب میں بھی جاری رہے گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر عملدرآمد کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے رابطے اور تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

جنگ بندی غفلت نہیں، ایران دفاعی تیاری جاری رکھے ہوئے ہے: ترجمان ایرانی فوج

ایرانی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کو پہلے دن سے ہی دشمن پر کوئی اعتماد نہیں تھا اور جنگ بندی کے باوجود ملک خود کو حالتِ جنگ میں سمجھتا ہے۔

ترجمان کے مطابق مذاکرات کے آغاز پر ہی دشمن پر عدم اعتماد کا واضح اعلان کر دیا گیا تھا، اس لیے جنگ بندی کو ہرگز غفلت کا سبب نہیں بننے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مسلسل مضبوط بنا رہا ہے اور ملکی دفاعی استعداد میں مزید اضافہ کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

ٹرمپ کا نیٹو اتحادیوں پر دفاعی اخراجات بڑھانے پر زور

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا نیٹو اتحاد میں کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ دفاعی اخراجات برداشت کرتا ہے، جبکہ دیگر رکن ممالک اس کے مساوی کردار ادا نہیں کر رہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کسی واضح فائدے کے بغیر نیٹو اتحادیوں کی سلامتی یقینی بناتا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ امریکا کا دفاعی بجٹ 999 ارب ڈالر ہے، جبکہ برطانیہ 90.5 ارب، فرانس 66.5 ارب، اٹلی 48.8 ارب اور پولینڈ 44.3 ارب ڈالر دفاع پر خرچ کرتے ہیں۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ جرمنی سمیت کئی دیگر ممالک کے دفاعی اخراجات اس سے بھی کم ہیں، جو ان کے بقول "مضحکہ خیز" ہیں۔  

امریکا اور 12 ممالک کا آبنائے ہرمز میں بلا رکاوٹ تجارت برقرار رکھنے پر اتفاق

امریکا اور مشرقِ وسطیٰ کے 12 ممالک نے آبنائے ہرمز میں بلا رکاوٹ تجارتی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کی قیادت میں بحرین میں خطے کے اعلیٰ فوجی حکام کا سکیورٹی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، علاقائی استحکام اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں امریکا، سعودی عرب، قطر، عمان، بحرین، مصر، اردن، کویت، لبنان، شام، متحدہ عرب امارات اور یمن کے اعلیٰ فوجی حکام نے شرکت کی۔ شرکا نے آبنائے ہرمز میں بلا رکاوٹ تجارت کے تسلسل کو یقینی بنانے اور خطے میں دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

آبنائے ہرمز جارحیت پسند امریکہ کا کھیل کا میدان نہیں: خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر

ایرانی خاتم الانبیاء ہیڈ کوارٹر نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں کسی بھی امریکی مداخلت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، تمام تجارتی جہاز محفوظ آمدورفت کے لیے ایران کے مقرر کردہ راستوں کو اختیار کریں۔

خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر نے کہا ہے کہ مقررہ راستوں کے علاوہ دیگر راستوں کا استعمال کرنے والے جہاز نتائج کے خود ذمہ دار ہوں گے، آبنائے ہرمز ایران کی بلا شرکت غیرے خودمختاری کا حصہ ہے، آبی گزرگاہ کی سلامتی سرخ لکیر ہے۔

امریکہ کی ایران کو آبنائے ہرمز پر ٹول فیس کے بجائے بڑی اقتصادی پیشکش

 امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے آبنائے ہرمز پر ٹول ٹیکس عائد نہ کرنے کی صورت میں ایران کو بڑی اقتصادی پیشکش کی ہے، دوحہ میں امریکہ اور ایران بالواسطہ تکنیکی مذاکرات آبنائے ہرمز پر مرکوز رہے۔

امریکی حکام نے ایران کو مشورہ دیا کہ بڑا سوچیں، آبنائے ہرمز میں ٹول فیس کے بجائے معاشی فوائد لیں، جامع جوہری معاہدے اور پابندیاں اٹھنے کی صورت میں ایران کو ٹول فیس کی نسبت 100 گنا زیادہ منافع ہو گا۔

ایگزیوس کے مطابق دوحہ مذاکرات میں ایران آبنائے ہرمز سے متعلق اپنے مؤقف پر قائم رہا، امریکہ نے آبنائے ہرمز میں کسی بھی نئے انتظام پر خلیجی ممالک کی منظوری ضروری قرار دی۔

ٹرمپ اسرائیل کو روک لیں ورنہ ایران سبق سکھا دے گا: عراقچی

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسرائیلی وزیر دفاع کے بیان پر ردِعمل میں کہا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت بالکل واضح ہے جس میں امریکی صدر ٹرمپ اسرائیل کی کارروائیاں رکوانے کے پابند ہیں۔

عباس عراقچی نے کہا کہ اگر اسرائیل امریکہ کی ہدایات کو نظرانداز کرے گا تو ایران انہیں سبق سکھائے گا جبکہ ایرانی عوام اور قیادت کے خلاف کسی بھی قسم کی دھمکی کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ایران نے بحرین میں امریکی قیادت میں سکیورٹی اجلاس مسترد کر دیا

ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ بحرین میں امریکی قیادت میں ہونے والے علاقائی سکیورٹی اجلاس کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کا انتظام امریکی سینٹکام کے نہیں،ایران کے اختیار میں ہے، بحرین میں ہونے والا فوجی اجلاس خلیج فارس میں قانونی نظام یا سکیورٹی قائم نہیں کر سکتا۔

کاظم غریب آبادی نے کہا کہ خطے کا امن صرف غیر ملکی مداخلت کے خاتمے،امریکی افواج کے انخلا سے منسلک ہے، خطے میں امن خطے کے ممالک کی خودمختاری کے احترام اور نئی جغرافیائی حقیقتوں کو تسلیم کرنے میں ہے۔

امریکہ سمیت 12 ممالک نے بحرین میں آبنائت ہرمز کی سکیورٹی سے متعلق اجلاس منعقد کیا تھا۔

شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات ایران اور عراق میں ہوں گی

 ایرانی حکام نے بتایا ہے کہ ہفتے کے روز تہران کے گرینڈ مصلیٰ میں عوام کو آخری دیدار کا موقع دیا جائے گا، پیر کو تہران میں مرکزی جنازے کا جلوس نکالا جائے گا۔

شہید سپریم لیڈر کی تعزیتی تقریبات اور جنازے میں ایک کروڑ 50 لاکھ سے 2 کروڑ افراد کی شرکت متوقع ہے، سکیورٹی کے لیے ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔

روس، چین اور پاکستان سمیت 30 سے زائد ممالک کے اعلیٰ حکام کی جنازے میں شرکت متوقع ہے، 90 ممالک کے مذہبی رہنما بھی شہید سپریم لیڈر کے جنازے میں شرکت کریں گے۔

سپریم لیڈر کو قتل کرنے کی اسرائیلی دھمکی ریاستی دہشت گردی ہے: ایران

 اقوامِ متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی نے اسرائیل کی جانب سے ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو قتل کرنے کی حالیہ دھمکی کے خلاف اقوامِ متحدہ میں باضابطہ احتجاج درج کرایا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کو لکھے گئے ایک خط میں امیر سعید ایروانی نے کہا کہ اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز کی یہ دھمکی ایرانی حکومتی عہدیداروں کو نشانہ بنانے کی ایک سوچی سمجھی اور منظم ریاستی دہشت گردی کی پالیسی کا حصہ ہے۔

انہوں نے اس دھمکی کو ایران کے خلاف اسرائیلی حکومت کی غیر قانونی جارحانہ کارروائیوں سے جوڑا، جن میں مرحوم ایرانی رہنما آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور دیگر اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام کا قتل شامل ہے، جو امریکہ کی شرکت، رابطہ کاری اور حمایت سے انجام دیا گیا۔

امیر سعید ایروانی نے مزید کہا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے اسرائیل کو بغیر کسی جواب دہی کے کارروائیاں کرنے کی اجازت دی ہے، اور خبردار کیا کہ تہران کسی بھی دشمنانہ اقدام کا جواب دے گا۔

ایران امریکہ مذاکرات کا اگلا دور خامنہ ای کی آخری رسومات کے بعد ہوگا

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق قطری اور پاکستانی ثالثوں نے دوحہ میں امریکی اور ایرانی مذاکرات کاروں کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں مکمل کیں، جن میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت سے متعلق مختلف امور پر مثبت پیش رفت ہوئی۔

دفتر خار جہ کے مطابق یہ پیش رفت لیک لوسرن سربراہی اجلاس میں ہونے والی بات چیت کی بنیاد پر ہوئی۔

فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آئندہ عرصے میں مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جبکہ اگلی ملاقات سابق ایرانی سپریم لیڈر کی تدفین کی تقریبات کے بعد جلد از جلد منعقد کی جائے گی۔

امریکہ ایران مذاکرات میں مثبت پیشرفت، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گر گئیں

امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات میں پیشرفت کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گزشتہ 4 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی ہیں۔

برطانوی خام تیل کے مستقبل کے معاہدوں کی قیمت میں 1.89 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد قیمت 71.57 ڈالر فی بیرل پر آ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 1.32 فیصد کم ہو کر 68.58 ڈالر فی بیرل رہ گئی ہے۔

امارات کے مربن خام تیل کی قیمت میں 5.25 فیصد کمی ہوئی اور قیمت 65 اعشاریہ 39 فیصد پر آگئی ہے، عالمی معیار کے خام تیل مارچ کے بعد کم ترین اختتامی سطح پر بند ہوئے جو عالمی توانائی مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے اعتماد اور بدلتی ہوئی سفارتی صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر واشنگٹن اور تہران کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری آتی ہے تو ایرانی تیل کی عالمی منڈی میں رسد بڑھنے سے قیمتیں مزید کم ہو سکتی ہیں۔
 

جنگ بندی و مذاکرات کے بیچ ایران کی فوجی صلاحیتوں کے حوالے سے دوبارہ سوالات کھڑے ہوگئے

اسرائیل اور امریکہ کا دعویٰ ہے کہ ایرانی دفاعی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے، ایران کے دفاعی صنعتی ڈھانچے، میزائل لانچرز اور ایئر ڈیفنس سسٹمز کا بڑا حصہ غیر فعال ہو چکا ہے جبکہ بعض اندازوں کے مطابق 80 فیصد سے زائد دفاعی صلاحیت متاثر ہوئی تاہم اتنے بڑے نقصان کے باوجود ایران کا مکمل عسکری ڈھانچہ منہدم نہیں ہوا۔

اب بھی انقلابی گارڈز کے پاس موجود زیر زمین میزائل نیٹ ورکس کا بڑا حصہ محفوظ ہے جن میں سے کئی اب دوبارہ فعال کیے جا رہے ہیں۔

سیٹلائٹ تصاویر اور انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق ایران نے تباہ شدہ تنصیبات کی تیزی سے مرمت شروع کر دی ہے اور بعض مقامات پر دوبارہ پیداوار کا عمل بھی بحال ہو چکا ہے۔

کچھ امریکی ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ ایران کی ڈرون پیداوار جنگ کے بعد دوبارہ تیزی سے بڑھ رہی ہے، ایران کے پاس اب بھی محدود مگر مؤثر عسکری صلاحیتیں موجود ہیں جن میں ڈرونز، زیر زمین میزائل سسٹمز، اور بحیرہ عمان و آبنائے ہرمز میں بحری سرگرمیوں کی صلاحیت شامل ہے۔ 

ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کا آیت اللہ علی خامنہ ای کے خون کا بدلہ لینے کا اعلان

بی بی سی کے مطابق ایران کے میڈیا نے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محمد باقر ذوالقدر کے دستخط سے پیغام شائع کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کے خون کا بدلہ ان کے قاتلوں سے ضرور لیا جائے گا۔

محمد باقر ذوالقدر کا یہ پیغام سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کیا گیا ہے، ایران کے شہید رہبر اعلیٰ خامنہ ای 28 فروری کو ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملے کے پہلے دن شہید ہو گئے تھے، اس حملے میں ان کے خاندان کے کچھ افراد کے ہمراہ ایران کے کئی دیگر اہم عہدیدار بھی شہید ہوئے تھے۔

علی خامنہ ای کی تدفین کی تقریبات 4 سے 8 جولائی تک تہران، قم اور مشہد میں ہونے والی ہیں جبکہ عراق کے شہروں بغداد، کاظمین، کربلا اور نجف میں بھی سوگ کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ 

سپریم لیڈر نے امریکہ کیساتھ مذاکرات پر کوئی پابندی عائد نہیں کی، ایرانی صدر

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے آئی آر این اے کے مطابق صدر پزشکیان نے مذاکرات کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے مذاکرات نہ کرنے کا حکم دیا ہوتا تو حکومت یقینی طور پر اس پر عمل کرتی۔

خیال رہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر سپریم لیڈر کے مؤقف کے بعد ایران میں اس معاہدے سے متعلق اندرونی سطح پر بحث جاری ہے کیونکہ انہوں نے کہا تھا کہ وہ اس معاہدے پر مختلف رائے رکھتے ہیں۔

نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق صدر پزشکیان نے کہا ہے کہ ملک کی مسلح افواج کا دفاع کرنا میرا فرض ہے اور مجھے اس پر فخر ہے۔

ایران کسی بھی نقصان زدہ جوہری تنصیب کا بین الاقوامی معائنہ نہیں ہونے دے گا، قالیباف

ایران کے پارلیمانی سپیکر اور سینئر مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ جن ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے ہوئے ہیں وہاں کسی بھی صورت بین الاقوامی معائنہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ایران کے سٹوڈنٹ نیوز نیٹ ورک سے گفتگو کرتے ہوئے محمد باقر قالیباف نے کہا کہ جن جوہری مراکز کو بمباری میں نقصان پہنچا ہے، ان کا معائنہ کسی بھی حالت میں قابل قبول نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کو ایران میں صرف دو مقامات تک رسائی حاصل ہے جن میں بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ بھی شامل ہے، ایجنسی کو صرف اسی حد تک رسائی دی گئی ہے اور ایران اسی انتظام کا پابند ہے۔ 

پاکستان و قطر کی ثالثی میں ایران امریکہ مذاکرات میں مثبت پیشرفت، فریقین کا بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق

قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ دوحہ میں ہونے والے مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے، بیٹھک میں مفاہمتی یادداشت سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔

ترجمان کے مطابق قطری اور پاکستانی ثالثوں کی امریکہ اور ایران کے وفود کے ساتھ علیحدہ ملاقاتوں میں متعدد نکات پر پیشرفت ہوئی ہے، جہاں فریقین نے آئندہ بھی مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

جاری بیان کے مطابق اگلا اجلاس جلد از جلد منعقد کیا جائے گا تاہم یہ ملاقات ایران کے سابق سپریم لیڈر کی آخری رسومات کے بعد طے کی جائے گی۔

قطری وزارت خارجہ کے مطابق یہ بات چیت خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی عمل کو آگے بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ 

جنوبی لبنان کے ضلع بنت جبیل میں متعدد دھماکوں کی آوازیں

لبنانی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے رشاف قصبے کے قریب بڑا دھماکہ کیا ہے، جبکہ بنت جبیل کے قصبے بیت یاحون میں بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ارسرائیلی فورسز کی جانب سے کیے گئے دھماکوں کے بعد جانی و مالی نقصان کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں۔ 

اسرائیلی دھمکیوں پر ایران کا سخت ردعمل، کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دینے کا اعلان

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسرائیلی وزیردفاع اسرائیل کاٹز کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت انتہائی واضح ہے اور سب کے لیے جاری کی گئی ہے، انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیل نے کسی معاہدے یا اصول کو نظرانداز کیا تو ایران اسے سخت سبق سکھائے گا۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے تل ابیب میں اپنے اتحادیوں کو لگام دینے کا وعدہ کیا تھا، تاہم اگر وہ اسے نظرانداز کرتے ہیں تو ایران جواب دینے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایران کے عوام اور قیادت کو کوئی خطرہ لاحق ہوا تو اس کا فوری اور بھرپور ردعمل دیا جائے گا۔

اس سے قبل اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے تل ابیب میں ایک تقریب کے دوران کہا تھا کہ امریکی سفارتی کوششوں کے باوجود اگر ضرورت پڑی تو اسرائیل ایران کو دوبارہ نشانہ بنا سکتا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل ایران پر پہلے بھی دو مرتبہ حملے کر چکا ہے اور اگر ضرورت پڑی تو تیسری بار بھی کارروائی کی جا سکتی ہے، اسرائیلی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اگر ایران نے امریکا پر حملہ کیا تو اس کا اسی انداز میں جواب دیا جائے گا: وائٹ ہاؤس

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ اگر ایران نے امریکا پر حملہ کیا تو اس کا اسی انداز میں جواب دیا جائے گا۔

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سفارتی حل کو ترجیح دیتے ہیں اور امریکا ایران کے ساتھ ایک اچھے معاہدے تک پہنچنے کا خواہاں ہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق ایران کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے تمام نکات پر تکنیکی سطح پر بات چیت جاری ہے، معاہدے سے متعلق مذاکرات بھی بدستور جاری ہیں۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ مفاہمتی یادداشت کامیاب ہو یا ناکام، ایرانی جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کی راہ ہموار ہو چکی ہے۔

امریکا نے ایران سے جوہری معاہدے کی امید ظاہر کر دی

امریکا نے ایران سے جوہری معاہدے کی امید ظاہر کر دی، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات انتہائی مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور انہیں کامیاب ہونے کا بھرپور موقع دیا جائے گا۔

اپنے بیان میں جے ڈی وینس نے کہا کہ معاہدے کے لیے ایک واضح ہدف مقرر ہے، تاہم پیش رفت کا انحصار ایران کے اقدامات پر بھی ہوگا، انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت ہے کہ ایران کے ساتھ نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات کا عمل جاری رکھا جائے۔

امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ اب تک حاصل ہونے والی پیش رفت کو برقرار رکھنے کے لیے کوششیں جاری ہیں، جوہری پروگرام پر جلد تفصیلی مذاکرات کا آغاز بھی متوقع ہے، ان کے مطابق ابتدائی بات چیت حوصلہ افزا رہی ہے۔

جے ڈی وینس نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے اپنے جوہری پروگرام کو دوبارہ بحال کیا یا بحری جہازوں کو نشانہ بنایا تو امریکا اپنی حکمت عملی تبدیل کر دے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کے بعد امریکا نے بمباری کی، جبکہ آبنائے ہرمز میں محفوظ بحری آمدورفت یقینی بنانے کے لیے دباؤ کی حکمت عملی اختیار کی گئی۔
 

امریکا اور ایران کے درمیان ایران کو 3 ارب ڈالر جاری کرنے پر ابتدائی اتفاق، عرب میڈیا

عرب میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان دوحہ میں ہونے والے بالواسطہ مذاکرات کے دوران ایران کو 3 ارب ڈالر جاری کرنے پر ابتدائی اتفاق ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایران نے مذاکرات کے دوران یہ شرط رکھی تھی کہ ہر مرحلے پر پیشرفت کے ساتھ 3 ارب ڈالر جاری کیے جائیں۔

عرب میڈیا کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بھی عمان کی جانب سے پیش کی گئی نئی تجویز کی بنیاد پر بات چیت جاری ہے، دونوں ممالک کے وفود مزید مشاورت کے لیے اپنے اپنے ممالک واپس جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ تکنیکی مذاکرات آج دن کے آغاز میں ہی شروع ہو گئے تھے، جن میں قطر اور پاکستان ثالثی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ کی دوحہ میں قطری وزیراعظم سے ملاقات

 قطر میں ایران کے نائب وزیرِ خارجہ کاظم غریب آبادی نے امریکا ایران مفاہمتی یادداشت سے متعلق بات چیت کی۔

دوحہ سے ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی نائب وزیرخارجہ کاظم غریب آبادی نے قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی سے ملاقات کی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی نائب وزیرخارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد بات چیت کا محور تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی ایرانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ ایرانی وفد میں وزارت خارجہ، مرکزی بینک اور وزارتِ زراعت کے نمائندے شامل ہیں۔

ایرانی میڈیا کا مزید کہنا تھا کہ کاظم غریب آبادی نے ایران، قطر، پاکستان سہ فریقی اجلاس میں بھی شرکت کی، سہ فریقی ملاقات میں امریکا ایران عبوری معاہدے کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔

آبنائے ہرمز میں غیر ملکی جہاز پھنس گیا: ایرانی میڈیا کادعویٰ

آبنائے ہرمز میں غیر ملکی کنٹینر جہاز پھنس گیا۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایران کے مقرر کردہ بحری راستہ اختیار نہ کرنے کے باعث بحری جہاز آبنائے ہرمز میں پھنس گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ جہاز طے شدہ نیوی گیشن روٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آگے بڑھا، جس کے باعث وہ گراؤنڈ ہو گیا۔

ایرانی حکام نے کہا ہے کہ تمام جہاز صرف جزیرہ لارک کے جنوب میں منظور شدہ بحری راہداری استعمال کریں۔

پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ مقررہ راستے کے بجائے دیگر راستوں سے آمدورفت حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔ 

امریکہ ایران معاہدہ : آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی کی مکمل بحالی اہم ترین ہدف قرار

 امریکا اور ایران کے درمیان عبوری معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی کی مکمل بحالی کو مذاکرات کا اہم ترین ہدف قرار دیا جا رہا ہے۔

ایران اور امریکا کے معاہدے پر آج قطر کی ثالثی میں دوحہ میں مزید بات چیت ہوگی، جبکہ چین نے دونوں ممالک پر معاہدے پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ دوسری جانب غزہ، لبنان اور آبنائے ہرمز سے متعلق بھی اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

سکیورٹی امور کے ماہر اور آسٹریا کے سابق دفاعی اتاشی وولف گینگ پسٹائی نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے کا سب سے اہم نتیجہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت کی مکمل بحالی ہونا چاہیے۔

انہوں نے الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز میں آزادانہ جہاز رانی صرف خلیجی ممالک ہی نہیں بلکہ پوری عالمی معیشت کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

ان کے مطابق موجودہ صورتحال ایران کے لیے بھی فائدہ مند ہے کیونکہ وہ تیل برآمد کر رہا ہے، جس سے اس کے مالی ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنا طویل یہ صورتحال برقرار رہے گی، ایران کو اتنا ہی زیادہ مالی فائدہ پہنچے گا۔

چین نے بھی امریکا اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ عبوری معاہدے پر مکمل عمل درآمد کریں تاکہ مذاکرات کے اگلے مرحلے کی راہ ہموار ہو سکے۔

چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ اس وقت ترجیح عبوری معاہدے کا تحفظ، مذاکرات کی رفتار برقرار رکھنا اور ایسا دیرپا حل تلاش کرنا ہے جو نہ صرف امریکا اور ایران بلکہ مشرق وسطیٰ کے ممالک اور عالمی برادری کے لیے بھی قابل قبول ہو۔

ایک حالیہ تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے بحران کے تناظر میں چین ایشیا میں سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والا ملک بن کر ابھرا ہے، جبکہ ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ کے نتیجے میں پیدا ہونے والی معاشی اور جغرافیائی سیاسی تبدیلیاں بھی بیجنگ کے حق میں جا رہی ہیں۔

ادھر عمان نے واضح کیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر محض گزرنے کی فیس عائد کرنے کی حمایت نہیں کرتا، تاہم بحری سلامتی، ماحولیاتی تحفظ اور جہاز رانی سے متعلق خدمات کے عوض الگ فیس پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔

عمانی وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے کہا کہ ایسی کسی بھی فیس پر متعلقہ ممالک اور کمپنیوں کی رضامندی سے فیصلہ ہونا چاہیے۔

ادھر ایران کے سرکاری میڈیا نے بتایا ہے کہ ایک غیر ملکی کنٹینر بردار جہاز آبنائے ہرمز میں مقررہ بحری راستے سے ہٹ کر کم گہرے پانی میں داخل ہونے کے باعث پھنس گیا۔

رپورٹ میں ایک بار پھر پاسداران انقلاب کی اس ہدایت کا اعادہ کیا گیا کہ تمام جہاز صرف جزیرہ لارک کے جنوب میں واقع منظور شدہ بحری راستہ استعمال کریں، جو تہران کے مطابق آبنائے ہرمز سے گزرنے کا واحد مجاز راستہ ہے۔

حالیہ دنوں تجارتی جہازوں پر حملوں کے باعث خلیج میں معمول کی بحری سرگرمیوں کی بحالی کی امیدوں کو بھی دھچکا پہنچا ہے۔

اسی دوران میری ٹائم انٹیلی جنس کمپنی ونڈورڈ نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک تاحال جنگ سے پہلے کی سطح سے کافی کم ہے۔

کمپنی کے مطابق 29 جون تک بحری سرگرمیوں میں بحالی کا عمل رک گیا تھا، جبکہ متعدد پابندیوں کا شکار آئل ٹینکرز بھی آبنائے سے گزرے، جن میں ایک ایرانی جہاز بھی شامل تھا جو مبینہ طور پر جعلی یورپی پرچم استعمال کر رہا تھا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ فی الحال امریکی معاونت سے قائم جنوبی بحری راہداری ہی محدود اور محفوظ آمدورفت کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔

ایران کے ساتھ معاملات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں: ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاملات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، قطر کی جانب سے ملنے والے طیارے پر آج سفر کروں گا۔

ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاملات بہترین اور خوش اسلوبی سے آگے بڑھ رہے ہیں جبکہ ایرانی وفد کے ساتھ اچھی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے لیے کوششیں جاری ہیں اور سیاسی و معاشی استحکام بھی خطے میں امن کے قیام سے ہی ممکن ہے۔

امریکی صدر نے ایک بار پھر اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا اور اسے جوہری ہتھیاروں سے دستبردار ہونے کے راستے پر آگے بڑھنا ہوگا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے معیشت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی آ رہی ہے، جبکہ سٹاک مارکیٹ میں بہتری سے تمام ممالک کو فائدہ پہنچتا ہے۔

دوحہ میں امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی مذاکرات کا باقاعدہ آغاز

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات کا مقصد امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کے طریقہ کار کو آگے بڑھانا اور مختلف تکنیکی معاملات پر پیش رفت حاصل کرنا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق مذاکرات کیلئے تین ورکنگ گروپ تشکیل دیئے گئے ہیں، پہلا ورکنگ گروپ ایران کے جوہری پروگرام اور اس سے متعلق تکنیکی امور کا جائزہ لے رہا ہے، جبکہ دوسرا گروپ سفارتی معاملات، رابطوں اور آئندہ مذاکراتی فریم ورک پر غور کر رہا ہے۔

تیسرا ورکنگ گروپ ایران کے بیرون ملک منجمد مالی اثاثوں، فنڈز کی واپسی اور ممکنہ مالیاتی انتظامات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کر رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ مذاکرات تکنیکی سطح پر جاری ہیں تاہم فی الحال دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ یا اعلیٰ سیاسی قیادت کے درمیان کسی براہِ راست ملاقات کا شیڈول طے نہیں کیا گیا۔

ترجمان قطری وزارت خارجہ ماجد الانصاری کا کہنا ہے کہ امریکی وفد ایرانی حکام سے براہ راست مذاکرات کیلئے نہیں آیا، دونوں ممالک کے نمائندوں کے درمیان آئندہ دنوں میں کسی براہ راست ملاقات کا امکان نہیں ہے۔

میناب سکول میں مہلک حملہ کبھی نہیں بھلایا جائے گا: ایرانی سفیر

ایران کے اقوامِ متحدہ میں سفیر علی بحرینی نے کہا ہے کہ میناب سکول میں مہلک حملہ کبھی نہیں بھلایا جائے گا، ایران اس حملے کو دنیا کی یادداشت سے محو نہیں ہونے دے گا۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق حملے کے متاثرین اور عینی شاہدین کے ساتھ ایک ورچوئل ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سفیر بحرینی نے کہا کہ ’انصاف کا تقاضا ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ متاثرین کی تکالیف اور شہریوں کے خلاف جرائم وقت کے ساتھ فراموش نہ ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کوئی ایسا ملک نہیں جو اس حملے کی مجرمانہ نوعیت سے ناواقف ہو یا میناب سکول کا نام نہ جانتا ہو۔

اقوام متحدہ میں سفیر علی بحرینی نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس حملے کی ذمہ داری حملہ آور ہونے کے ناطے امریکہ اور اسرائیل پر عائد ہوتی ہے۔

یاد رہے کہ 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر میزائل حملے میں کم از کم 168 بچے اور اساتذہ شہید ہوئے، متاثرین میں زیادہ تر کم عمر لڑکے اور لڑکیاں شامل تھے۔

آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کے موقع پر عام تعطیل اور یومِ سوگ کا اعلان

ایرانی حکومت نے سابق سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کے موقع پر 6 جولائی کو ایران بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔

ترجمان ایرانی حکومت فاطمہ مہاجرانی نے کہا ہے کہ اس تعطیل کا مقصد ’ایران کے سابق رہنما کے سوگواروں کی دارالحکومت سے واپسی کو آسان بنانا‘ ہے۔

ان کے مطابق جمعرات کے روز پورے ایران میں یومِ سوگ بھی منایا جائے گا، علی خامنہ ای کی تدفین 8 جولائی کو مشہد میں کی جائے گی۔

سرکاری شیڈول کے مطابق علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور تدفین کی تقاریب 4 سے 8 جولائی کے درمیان تہران، قم اور مشہد میں منعقد ہوں گی، جبکہ عراق کے شہروں بغداد، کاظمین، کربلا اور نجف میں بھی تعزیتی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ ایران کے شہید رہنما سپریم لیڈر علی خامنہ ای 28 فروری کو ایران پر ابتدائی امریکی حملے میں شہید ہوئے تھے۔

حالیہ جنگ کے دوران ایران میں 44 سائنسی مراکز کو نقصان پہنچا: رپورٹ

وزارتِ سائنس کے پارلیمانی امور، قانونی و بلز سینٹر کے سربراہ افشین صفہان نے کہا ہے کہ امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ کے دوران ملک بھر میں 44 سائنسی مراکز کو نقصان پہنچا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک حتمی رپورٹ، جو ایرانی حکومت کو بھی فراہم کی گئی ہے کہ مطابق تعلیمی و سائنسی مراکز کو ہونے والے نقصان کا تخمینہ تقریباً 700 سے 800 ملین ڈالر سے زائد کا لگایا گیا ہے۔

حالیہ جنگ کے دوران ایران کے بعض تعلیمی اور تحقیقی اداروں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں شریف یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے کچھ حصے بھی شامل ہیں۔

اسی طرح پاسچر انسٹیٹیوٹ کی مرکزی عمارت کے کچھ حصوں کی تباہی نے بین الاقوامی سطح پر شدید ردِعمل کو جنم دیا۔

چین اور سعودیہ کے وزرائے خارجہ کی ملاقات، امریکا ایران مفاہمتی یادداشت پر تبادلہ خیال

چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی بیجنگ میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات ہوئی جس میں امریکا ایران مفاہمتی یادداشت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ مذاکرات کا تسلسل اور جلد جامع معاہدہ خطے کے امن کیلئے ناگزیر ہے، امریکا اور ایران مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد ضروری ہے، موجودہ جنگ بندی کی صورتحال زیادہ اچھی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنگ کے مقابلے میں مذاکرات اور تصادم کے بجائے مکالمہ ہی بہتر راستہ ہے، سعودی عرب کے ساتھ مل کر خطے میں کشیدگی کم کرنے اور پائیدار امن کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ون چائنا پالیسی کی حمایت کرتے ہیں، سعودی عرب چین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے، چین کے ساتھ علاقائی امن و استحکام کیلئے تعاون مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان 2 روزہ دورے پر چین میں موجود ہیں۔

امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی مذاکرات بدستور جاری ہیں: امریکی نائب صدر کا دعویٰ

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی نوعیت کے مذاکرات بدستور جاری ہیں اور یہ بات چیت پہلے سے جاری سفارتی عمل کی بنیاد پر آگے بڑھ رہی ہے۔

ایک انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان تکنیکی سطح پر رابطے اور مذاکرات جاری ہیں جن کا مقصد پہلے سے طے شدہ امور پر پیش رفت کو آگے بڑھانا ہے۔

انہوں نے دوحہ میں جاری ممکنہ مذاکرات سے متعلق ایران کی عوامی سطح پر تردید پر بھی تبصرہ کیا۔

جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ ان کے نزدیک ایران کی جانب سے اس نوعیت کے بیانات مذاکراتی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں، جسے انہوں نے ’فارسی طرزِ مذاکرات‘ قرار دیا۔

امریکی نائب صدر نے مزید کہا کہ تکنیکی مذاکرات کسی نئے مرحلے کا آغاز نہیں بلکہ پہلے سے جاری سفارتی عمل کا تسلسل ہیں، اور دونوں فریق مختلف تکنیکی معاملات پر رابطے میں ہیں۔

ان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کہہ چکے ہیں کہ امریکا کے ساتھ کسی حتمی معاہدے کیلئے باضابطہ مذاکرات کا مرحلہ ابھی شروع نہیں ہوا، تاہم ایران نے اس ہفتے دوحہ میں مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد سے متعلق تکنیکی بات چیت کیلئے ایک ماہر وفد بھیجنے کی تصدیق کی ہے۔

ایران کیخلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، بہت کام باقی ہے: اسرائیلی وزیراعظم

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ اگرچہ اسرائیل نے ایران، حماس اور حزب اللہ کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں تاہم جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی اور ایرانی پراکسیز کے خلاف مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔

یہ بات انھوں نے اسرائیل کے نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں کہی جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ایران، حماس اور حزب اللہ کے خلاف اسرائیل کی جنگیں ختم ہوچکیں یا ان میں کامیابی حاصل کر لی گئی ہے؟

انہوں نے کہا کہ یہ جنگیں کبھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوتی، اگر آپ مشرقِ وسطیٰ اور دنیا میں محفوظ رہنا چاہتے ہیں تو آپ کو ہر وقت مضبوط اور چوکنا رہنا ہوگا۔

نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل پہلے سے زیادہ مضبوط ہوچکا ہے اور اس نے اپنے دشمنوں کو نمایاں حد تک کمزور کر دیا ہے تاہم ان کے بقول ابھی بھی بہت سا کام باقی ہے، ہمیں ایرانی محور کے باقی ماندہ عناصر سے نمٹنا ہوگا اور ساتھ ہی امن معاہدوں کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔

دوران انٹرویو نیتن یاہو سے پوچھا گیا کہ وہ کن ممالک کے ساتھ مستقبل میں امن معاہدوں کی توقع رکھتے ہیں اور کیا ان میں سعودی عرب بھی شامل ہے تو انہوں نے کسی ملک کا نام لینے سے گریز کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں ابھی کسی ملک کا نام نہیں لینا چاہتا کیونکہ میں نتائج دینا چاہتا ہوں لیکن وقت آنے پر سب دیکھیں گے، لبنان کے ساتھ ایسی پیشرفت ہوئی جس کا کسی کو تصور بھی نہیں تھا، دیگر ممالک کے ساتھ بھی رابطے جاری ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ جب کوئی ملک طاقتور ہوتا ہے تو دوسرے ممالک اس کے ساتھ اتحاد بھی کرتے ہیں اور امن معاہدے بھی کرتے ہیں۔

امریکا ایران مذاکرات پر غیر یقینی: تیل مہنگا، ایشیائی سٹاک مارکیٹوں میں اتار چڑھاؤ

امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی رابطوں اور جنگ کے خاتمے سے متعلق مذاکرات پر غیر یقینی صورتحال کے باعث عالمی تیل کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ ایشیائی سٹاک مارکیٹوں میں ملا جلا رجحان دیکھا گیا۔

بین الاقوامی تجارتی اعداد و شمار کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 0.45 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ 73.28 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمت بھی 0.49 فیصد اضافے کے ساتھ 69.84 ڈالر فی بیرل رہی۔

مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بتدریج بحال ہو رہی ہے، تاہم صورتحال اب بھی مکمل طور پر معمول پر نہیں آئی، جہازوں کی نقل و حرکت غیر مساوی، غیر متوقع اور محدود ہے، جس کی وجہ سے عالمی توانائی کی منڈی میں بے یقینی برقرار ہے۔

ادھر ایشیائی سٹاک مارکیٹوں میں بھی ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔

جاپان کے نکی 225 انڈیکس میں 0.6 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ آسٹریلیا کے ایس اینڈ پی/اے ایس ایکس 200 انڈیکس میں 0.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں 1.8 فیصد کی نمایاں گراوٹ دیکھی گئی۔

چین کے شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں معمولی 0.1 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ہانگ کانگ کی سٹاک مارکیٹ سرکاری تعطیل کے باعث بند رہی۔

جنوبی کوریا کا کارگو جہاز خلیج میں حملے کے بعد آبنائے ہرمز سے نکلنے کیلئے تیار

جنوبی کوریا کی سمندری امور کی وزارت نے تصدیق کی ہے کہ مال بردار جہاز نامو کو آبنائے ہرمز میں حملے کے نتیجے میں نقصان پہنچا ہے، نامو اب مرمت مکمل ہونے کے بعد جولائی کے آخر میں آبنائے ہرمز سے روانہ ہوگا، جہاز دبئی کی ایک بندرگاہ پر مرمت کے عمل سے گزر رہا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق یہ جہاز 28 فروری سے خلیجی علاقے میں پھنسا ہوا ہے جب امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف جنگی کارروائیاں شروع کی تھیں۔

جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملے کا ذمہ دار کون تھا یا حملہ جان بوجھ کر کیا گیا۔

دوسری جانب ایران نے جہاز کو نشانہ بنانے کی تردید کی ہے، رپورٹ کے مطابق جہاز میں 32 افراد پر مشتمل عملہ موجود ہے، آبنائے ہرمز میں اس وقت جنوبی کوریا کے 2 جہاز موجود ہیں جبکہ اب تک 24 جہاز وہاں سے نکل چکے ہیں۔

بغداد میں امریکی سفارتخانے کو ڈرون سے نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات

روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ بغداد میں واقع امریکی سفارتخانے کو ڈرون سے نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واضح نہیں کہ ڈرون حملے سے عمارت کو نقصان پہنچا ہے یا نہیں۔

امریکی وفد کی ایرانی حکام کیساتھ کوئی ملاقات شیڈول نہیں: ترجمان قطری وزارت خارجہ

ترجمان قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی وفد کی ایرانی حکام کے ساتھ کوئی ملاقات شیڈول نہیں۔

اپنے بیان میں ترجمان قطری وزارت خارجہ ماجد الانصاری نے کہا کہ امریکی نمائندے جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف دوحہ میں موجود ہیں، امریکی وفد ایرانی حکام سے براہ راست مذاکرات کے لئے نہیں آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایرانی اور امریکی تکنیکی وفود کے درمیان رابطے جاری ہیں، دونوں ممالک کے درمیان آئندہ دنوں میں کسی براہ راست ملاقات امکان نہیں ہے۔

سرحدی علاقے میں علیحدگی پسند گروہ کے داخلے کی کوشش ناکام بنا دی، پاسداران انقلاب

ایران کے پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ شمال مغربی سرحدی علاقے میں علیحدگی پسند گروہ کے داخلے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

آئی آر جی سی کے مطابق یہ گروہ ایران میں داخل ہو کر تخریبی اور دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔

نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی اور سرحدی علاقے میں گھات لگا کر اس گروہ کو نشانہ بنایا، کارروائی کے دوران گروہ کے تمام 6 ارکان مارے گئے۔

خیال رہے کہ ایران میں مختلف سرحدی علاقوں میں کئی مسلح علیحدگی پسند گروہ سرگرم ہیں، جن کے بارے میں تہران اکثر سکیورٹی خطرات کا الزام لگاتا ہے۔ 

ایرانی وزیر خارجہ کا سیکرٹری امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کے بیان پر سخت ردعمل

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کے سیکرٹری مارک وین ملن کے اس بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے جس میں انہوں نے ایران کی فیفا ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر خوشی سے رقص کرنے کا ذکر کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں عباس عراقچی نے لکھا کہ مشن مکمل ہو گیا، مسٹر ملن، آپ نے ایک اور کام بھی کر دکھایا، دنیا کو یہ ثابت کر دیا کہ آپ کسی بین الاقوامی ٹورنامنٹ کی میزبانی کے اہل نہیں ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ مارک وین ملن کا رویہ اس بات کی مثال ہے کہ ایک میزبان ملک اپنی ذمہ داری اور وقار کو کس طرح ضائع کر سکتا ہے۔

واضح رہے کہ مارک وین ملن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایران کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے پر خوش ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ وہ اب ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں اور واپس نہیں آئیں گے، شاید انہوں نے ایک آدھ گانا بھی گایا ہو یا خوشی میں رقص بھی کیا ہو۔ 

آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل دوبارہ جنگ سے قبل کی سطح پر پہنچ چکی، امریکی نائب صدر

ایک بیان میں جے ڈی وینس نے کہا کہ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ آبنائے ہرمز کھلی ہے اور وہاں سے زیادہ مقدار میں تیل کی ترسیل دیکھی جا رہی ہے، بعض دنوں میں جنگ شروع ہونے سے پہلے کے مقابلے میں بھی زیادہ تیل آبنائے ہرمز سے باہر جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ عمل اس بات کی علامت ہے کہ عالمی معیشت دوبارہ فعال ہو رہی ہے، اگرچہ مکمل بحالی میں وقت لگے گا، لیکن تیل کی قیمتوں میں پہلے ہی واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ لبنان اسرائیل امن معاہدے اور امریکہ ایران مفاہمتی یادداشت کو ایک ساتھ دیکھا جائے تو دونوں دستاویزات کا بنیادی نکتہ لبنان کی علاقائی سالمیت کا احترام ہے۔

امریکی نائب صدر کے مطابق خطے میں معاہدوں کے مؤثر نفاذ سے توانائی کی ترسیل اور علاقائی استحکام میں مزید بہتری کی توقع کی جا سکتی ہے۔ 

بحری ناکہ بندی ختم ہونے کے بعد ایران 5 کروڑ بیرل خام تیل برآمد کر چکا، ٹینکرز ٹریکرز

ٹینکرز کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والے ادارے ٹینکرز ٹریکرز نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے ایرانی توانائی کی برآمدات پر بحری ناکہ بندی ختم کیے جانے کے بعد ایران 5 کروڑ بیرل خام تیل برآمد کر چکا ہے۔

ادارے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا جون 2026ء کے دوران ایران کی یومیہ خام تیل برآمدات اوسطاً 16 لاکھ 60 ہزار بیرل رہیں۔

بیان کے مطابق خطے کے بیشتر دیگر ممالک کی تیل برآمدات اب بھی جنگ سے پہلے کی سطح سے کم ہیں جبکہ ایران نے اپنی برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی بحری ناکہ بندی 17 جون کو امریکہ اور ایران کے درمیان دستخط ہونے والی مفاہمتی یادداشت کے تحت ختم کی گئی تھی۔

اس کے بعد امریکی محکمہ خزانہ نے 60 روزہ اجازت نامہ جاری کیا، جس کے تحت ایران کو 21 اگست تک خام تیل کی پیداوار اور فروخت کی اجازت دی گئی ہے۔ 

امریکی وفد کی قطری وزیراعظم سے ملاقات، تہران واشنگٹن مذاکرات پر گفتگو

امریکی خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر نے دوحہ میں قطری وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں تہران اور واشنگٹن کے درمیان جاری مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قطری وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم نے ملاقات کے دوران قطر کی ثالثی کی کوششوں کا اعادہ کیا اور مفاہمتی یادداشت کے مطابق مذاکرات کی حمایت کا اظہار کیا۔

ملاقات میں خطے کی تازہ صورتحال پر بات چیت ہوئی، جبکہ لبنان میں جاری جنگ بندی کی پیشرفت پر بھی غور کیا گیا۔

وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق ایرانی اور امریکی تکنیکی وفود کی بات چیت مختلف سطحوں پر جاری ہے اور یہ اجلاس مختلف مقامات پر ثالثوں کی موجودگی میں ہو رہے ہیں تاکہ مذاکرات کا تسلسل برقرار رہے، خواہ وہ دوحہ میں ہوں یا کسی اور مقام پر۔

ایران اور امریکہ کے درمیان کوئی اعلیٰ سطحی براہ راست ملاقات جاری نہیں ہے، تاہم تکنیکی اور ثالثی سطح پر رابطے برقرار ہیں۔ 

منجمد اثاثوں کی بحالی ایران امریکہ مذاکرات میں اہم اور فیصلہ کن نکتہ قرار

تہران سے عرب میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ ایران کیلئے اپنے منجمد اثاثوں کا اجرا انتہائی اہم ہے اور یہی وہ بنیادی شرائط میں سے ایک ہے جس پر آگے کی بات چیت کا انحصار ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں پیشرفت کیلئے منجمد رقوم کی بحالی بنیادی شرط ہے، معاہدے کے آرٹیکل 11 میں بھی اس کا ذکر موجود ہے۔

گزشتہ روز ایرانی صدر نے کہا تھا کہ امریکہ نے قطر میں موجود 12 ارب ڈالر میں سے 6 ارب ڈالر کی بحالی پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات میں مالیاتی اثاثوں کی بحالی ایک مرکزی تنازع اور پیشرفت کی کلید کے طور پر سامنے آ رہی ہے۔ 

امریکا کا لیبیا میں اتحاد کی بحالی کی کوشش کی حمایت کا اعلان

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے لیبیا میں اتحاد کی بحالی کی کوششوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ بات امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے گزشتہ روز واشنگٹن میں لیبیائی نیشنل آرمی کے نائب کمانڈر صدام حفتر سے ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہی۔

انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ لیبیا میں اتحاد کی بحالی کی کوششوں کی حمایت کے لئے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گی۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے لیبیائی نیشنل آرمی کے نائب کمانڈر صدام حفتر سے ملاقات کے دوران لیبیا کی فوج کو متحد کرنے اور پائیدار امن کے لئے سازگار حالات پیدا کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا لیبیائی رہنماؤں اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر زیادہ پرامن، متحد اور خوشحال لیبیا کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا۔

عراقی وزیراعظم کی خلیجی ممالک پر حملوں میں عراق کی سرزمین استعمال ہونے کی تردید

عراق کے وزیراعظم علی الزیدی نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں خلیجی ممالک پر ہونے والے حملوں کے عراق کی سرزمین سے کیے جانے کے حوالے سے کوئی ثبوت موجود نہیں۔

اپنے بیان میں وزیراعظم علی الزیدی نے کہا کہ عراقی حکومت کو اب تک ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جن سے یہ ثابت ہو کہ مذکورہ حملوں کا آغاز عراق کی سرزمین سے ہوا تھا۔

وزیراعظم علی الزیدی نے کہا کہ ہم اپنی سرحدوں سے باہر سے کسی قسم کی ڈکٹیشن قبول نہیں کریں گے، نہ مشرق سے اور نہ ہی مغرب سے۔

عراقی وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عراق اپنی خودمختاری، قومی مفادات اور آزاد خارجہ پالیسی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ 

تہران کو اپنے بھائیوں پر اعتماد ہے، مخالفین پر نہیں: قائم مقام وزیر دفاع ایران

ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمان بن حسن آل ثانی کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں ایران کے قائم مقام وزیر دفاع سید مجید ابن الرضا نے جنگ بندی کیلئے قطر کے کردار پر شکریہ ادا کیا۔

بریگیڈیئر جنرل سید مجید ابن الرضا کا کہنا تھا کہ مخالف فریق اس مختصر عرصے میں کئی بار اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔

انہوں نے ہمسایہ مسلم ممالک پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے بھائیوں پر اعتماد کرتے ہیں لیکن دشمن پر نہیں، ہماری انگلی ٹریگر پر ہے اور اگر جنگ بندی کی کسی بھی شق کی خلاف ورزی ہوئی تو ہم بغیر کسی ہچکچاہٹ کے مناسب اور ضروری کارروائی کریں گے۔ 

آبنائے ہرمز پر ٹول کا نفاذ انٹرنیشنل لاء کے تحت غیر قانونی ہوگا، بین الاقوامی بحری تنظیم

بین الاقوامی بحری تنظیم کے سیکرٹری جنرل آرسینیو ڈومینگیز نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر لازمی ٹول یا ایسا کوئی بھی نظام جو بین الاقوامی آبی گزرگاہوں میں آزادانہ نقل و حرکت کو متاثر کرے بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے انتظامی امور پر عمانی حکام سے تفصیلی بات چیت کی ہے، جس میں آبنائے ملاکا اور سنگاپور میں رائج انتظامی ماڈل پر بھی غور کیا گیا۔

آرسینیو ڈومینگیز کے مطابق انڈونیشیا، ملائیشیا اور سنگاپور کے درمیان قائم سہ فریقی فریم ورک 2007ء سے کامیابی سے کام کر رہا ہے، اس نظام میں بحری سلامتی اور ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات کیلئے فنڈنگ لازمی ٹول کے بجائے جہاز رانی کی صنعت اور استعمال کرنے والے ممالک کی رضاکارانہ مالی معاونت سے کی جاتی ہے۔

بین الاقوامی بحری تنظیم کے سیکرٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک ایسے ماڈل سے سیکھنے کی کوشش ہے جو پہلے سے موجود ہے اور کامیابی کے ساتھ آزمایا جا چکا ہے، مقصد علاقائی کشیدگی کے باعث پیدا ہونے والے بحران کا قابل عمل حل تلاش کرنا ہے۔ 

ایرانی بحری جہاز پر امریکی آبدوز کا حملہ بزدلی کی علامت ہے، عباس عراقچی

عباس عراقچی نے ایک نمائش کا دورہ کیا جس میں ان اشیا کو رکھا گیا تھا جو حملے کے بعد بحری جہاز کے عملے نے چھوڑ دیں، اس واقعے میں سری لنکا کے ساحل کے قریب بین الاقوامی پانیوں میں حملے کے بعد سمندر سے 87 لاشیں برآمد کی گئیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا جو کچھ ہوا وہ بلاشبہ جنگی جرم ہے، جو تاریخ میں درج کیا جائے گا، یہ بحری جہاز کسی بھی فوجی کارروائی، ہتھیار یا پیشگی وارننگ کے بغیر نشانہ بنایا گیا، اس طرح کسی غیر مسلح ہدف کو میدان جنگ سے دور جا کر نشانہ بنانا کسی صورت بہادری نہیں بلکہ دشمن کی کمزوری اور بزدلی کی علامت ہے۔

عباس عراقچی کا مزید کہنا تھا کہ ایران کی وزارت خارجہ کا قانونی شعبہ بحریہ کے ساتھ مل کر تمام شواہد جمع کرے گا اور اس معاملے پر ضروری قانونی کارروائیاں کی جائیں گی۔ 

ایران کا مفاہمتی یادداشت کی اہم شقوں پر عمل درآمد تک مزید مذاکرات سے انکار

ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران مفاہمتی یادداشت کی اہم شقوں پر عمل درآمد سے قبل کسی حتمی معاہدے کیلئے مزید مذاکرات شروع نہیں کرے گا۔

محمد باقر قالیباف کے مطابق ایران اس وقت تک حتمی مذاکرات میں شامل نہیں ہوگا جب تک مفاہمتی یادداشت کی شق نمبر 1، 4، 5، 10 اور 11 پر مکمل عمل درآمد نہیں ہو جاتا۔

ان شقوں میں لبنان میں جنگی کارروائیوں کا خاتمہ، آبنائے ہرمز میں امریکی بحری ناکہ بندی کا خاتمہ، تجارتی جہازوں کو صرف 60 دن کیلئے بغیر کسی فیس کے محفوظ گزرگاہ کی فراہمی کا عمل شامل ہے۔

اس کے علاوہ ایرانی خام تیل، پٹرولیم مصنوعات اور ان سے متعلقہ مصنوعات کی برآمد پر عائد پابندیوں میں نرمی، اور ایران کے منجمد مالی اثاثوں کی واپسی بھی ان شقوں میں شامل ہیں۔ 

اسرائیلی حملے شام کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہیں: شامی صدر احمد الشرع

شامی صدر احمد الشرع نے جنوبی شام میں اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام کسی بھی غیر ملکی سازشوں کی تجربہ گاہ نہیں ہے۔

صدر احمد الشرع نے کہا کہ شام اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ گولان کی پہاڑیوں کے قریب ہونے والے اسرائیلی حملوں کے باعث شہری نقل مکانی پر مجبور ہوئے، جس سے علاقے کی انسانی اور سیکیورٹی صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ کل دوحہ میں قطری حکام سے اہم ملاقات کرینگے: ایران

ایرانی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ نائب وزیر خارجہ کل دوحہ میں قطری حکام کے ساتھ مذاکرات کریں گے، جن میں مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق مفاہمتی یادداشت کی مختلف شقوں پر عمل درآمد کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ناکہ بندی کے خاتمے اور ایرانی تیل کی فروخت پر عائد پابندیوں میں نرمی سے متعلق ہونے والی پیش رفت کو قابل قبول قرار دیا گیا ہے۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ حتمی معاہدہ لبنان میں جنگ کے خاتمے سے مشروط ہے جبکہ مفاہمتی یادداشت کی شق 13 پر عمل درآمد مذاکرات کی کامیابی کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔

دوحہ میں موجود امریکی وفد کی ایرانی حکام سے کوئی ملاقات طے نہیں: قطر

قطر نے تصدیق کی ہے کہ امریکی وفد دوحہ میں موجود ہے، تاہم ایرانی حکام کے ساتھ اس کی کوئی براہِ راست ملاقات طے نہیں، جبکہ ایران نے بھی امریکا کے ساتھ کسی باضابطہ مذاکراتی شیڈول کی تردید کر دی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق قطر کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور سابق سینئر مشیر جیرڈ کشنر دوحہ میں موجود ہیں، تاہم وہ ایرانی حکام سے براہِ راست ملاقات نہیں کریں گے، امریکی وفد قطری ثالثوں سے ملاقاتیں کرے گا اور امریکا و ایران کے درمیان جاری سفارتی پیش رفت پر تبادلہ خیال ہوگا۔

قطری ترجمان نے کہا کہ ایران کے 6 ارب ڈالر مالیت کے منجمد اثاثے تاحال تہران منتقل نہیں کیے گئے، ان فنڈز کی منتقلی کا معاملہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت سے مشروط ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ ہفتے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے دوران تناؤ کم کرنے کے لیے خصوصی ہاٹ لائن استعمال کی گئی، قطر، عمان کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز سے جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے مسلسل رابطے میں ہے اور اس اہم آبی گزرگاہ میں جہاز رانی کی آزادی کو بنیادی اہمیت دیتا ہے۔ 

غزہ میں اسرائیلی فورسز کی بربریت جاری، مزید 8 فلسطینی شہید

غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 8 فلسطینی شہید اور 26 زخمی ہوگئے۔

غزہ کی وزارت صحت نے منگل کو جاری اپنے یومیہ بیان میں کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کے اسپتالوں میں 8 شہدا کی لاشیں اور 26 زخمی لائے گئے۔

وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج اکتوبر 2025 میں ہونے والی جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ کے مختلف علاقوں میں گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، تاہم حالیہ شہادتوں کی تفصیلات بیان نہیں کی گئیں۔

بیان میں کہا گیا کہ متعدد افراد اب بھی ملبے تلے اور سڑکوں پر پھنسے ہوئے ہیں، جبکہ ایمبولینس اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں مسلسل حملوں کے باعث ان تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہیں۔

وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں اب تک 1,053 فلسطینی شہید اور 3,406 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ اکتوبر 2023 سے مجموعی طور پر 73,066 فلسطینی شہید اور 173,514 زخمی ہوئے ہیں۔ 

دوحہ میں امریکی نمائندوں سے ملاقات کا کوئی منصوبہ نہیں: اسماعیل بقائی

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ دوحہ میں امریکی نمائندوں سے کسی بھی ملاقات کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کل دوحہ میں قطری حکام کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کی مختلف شقوں پر بات چیت ہوگی، جس میں قطر میں منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی سے متعلق شق بھی شامل ہوگی۔

اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں کسی بھی غیر ملکی مداخلت کی ضرورت نہیں، جبکہ مفاہمتی یادداشت میں آبنائے ہرمز سے متعلق ایران کی ذمہ داریاں مکمل طور پر واضح ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران متعلقہ فریقوں کو اس معاملے میں کسی بھی دوسرے فریق سے بہتر سمجھتا ہے۔

آبنائے ہرمز پر ٹرانزٹ فیس کی حمایت نہیں کرتے: عمان

عمانی وزیر خارجہ بدر بن حمد البوسعیدی نے کہا ہے کہ عمان آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر ٹرانزٹ فیس عائد کرنے کی حمایت نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ سمندری، ماحولیاتی اور جہاز رانی سے متعلق خدمات کے عوض فیس پر رضاکارانہ بنیادوں پر بات چیت کی جا سکتی ہے، خدمات میں بحری راستوں کی حفاظت،سمندر کو آلودگی سے تحفظ فراہم کرنا شامل ہے۔

بدر بن حمد البوسعیدی نے کہا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت آبنائے ہرمز کو کسی بھی خطرے سے محفوظ رکھنا ایران کی ذمہ داری ہے، اگر درخواست کی گئی تو عمان خطے اور عالمی سطح پر ان کوششوں میں تعاون کرنے کے لیے تیار ہے جو سمندری راستوں کے تحفظ اور سلامتی کے لیے کی جائیں۔

بعض حلقے مذاکراتی ٹیم کو ہدفِ تنقید بنا رہے ہیں: ایرانی صدر

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکہ سے مذاکرات رہبر اعلی مجتبی خامنہ ای کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے تحت آگے بڑھے۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے قم شہر کے اساتذہ کی انجمن کے ارکان سے گفتگو میں کہا کہ امریکہ کے ساتھ جنگ کے خاتمے سے متعلق مفاہمت سفارت کاری کی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسوس ہے بعض حلقے مخالف میڈیا کی نفسیاتی مہم کا حصہ بن رہے ہیں، بعض حلقے مذاکراتی ٹیم کو ہدف تنقید بنا رہے ہیں، قومی فیصلوں پر سوال اٹھا کر کامیابی کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ حکومت نے ملکی یکجہتی برقرار رکھنے کے لیے بعض بیانات کا جواب دینے سے گریز کیا۔

آبنائے ہرمز ایران کی خودمختاری کا لازمی حصہ ہے: ابراہیم عزیزی

ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز ایران کی قومی خودمختاری کا ناقابل تقسیم حصہ ہے، آبنائے ہرمز کا انتظام صرف ایران کے دائرہ اختیار میں ہے، اہم آبی گزرگاہ کے حوالے سے فیصلہ سازی کا حق بھی صرف تہران کو حاصل ہے۔

ابراہیم عزیزی نے کہا کہ لبنان کی خودمختاری مزاحمتی قوتوں کو غیر مسلح کرنے میں نہیں ہے، اسرائیلی قبضے اور جارحیت کے خاتمے سے لبنان کو حقیقی خودمختاری حاصل ہو گی، خطے میں پائیدار امن کے لیے اسرائیلی قبضے کا خاتمہ ناگزیر ہے۔

دوحہ میں ایران سے ملاقات شاید اہم ہو، شاید نہ ہو: ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ دوحہ میں ایران کے ساتھ ہونے والی ملاقات شاید اہم ہو، شاید نہ ہو، ہمیں معلوم ہو جائے گا۔

واشنگٹن میں اپنی صدارتی رہاش گاہ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے حوالے سے اجلاس دوحہ میں ہو گا لہٰذا ہم دیکھیں گے کہ یہ معاملہ کس طرف جاتا ہے۔

صحافیوں سے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ عسکری طور پر ہم جیت رہے ہیں، بلکہ میں تو کہوں گا عسکری طور پر ہم جیت چکے ہیں، سادہ سی بات ہے، ہم نہیں چاہتے کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہو، اور ان کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہو گا۔

آبنائے ہرمز پر ایران اور عمان میں اہم پیش رفت، مشترکہ حکمتِ عملی پر اتفاق

ایران اور عمان نے آبنائے ہرمز کے انتظام و انصرام کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کر لیا ہے۔

قطری نشریاتی ادارے کے مطابق ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا کہ دونوں ممالک نے آبی گزرگاہ کے مستقبل کے انتظام سے متعلق تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور کئی امور پر مشترکہ رائے کا اظہار کیا گیا ہے۔

کاظم غریب آبادی نے کہا کہ عمان نے بھی ساحلی ریاست ہونے کے ناطے ان انتظامات میں کردار ادا کرنے کی حمایت کی ہے، عمان کا مؤقف ہے کہ آبنائے ہرمز سے فراہم کی جانے والی خدمات کے عوض فیس وصول کی جانی چاہئے۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، جبکہ ماہرین آئندہ سات سے آٹھ دن کے اندر خصوصی مذاکرات شروع کریں گے تاکہ ایک مسودہ تیار کیا جا سکے اور بحری جہازوں کے لیے راستوں سے متعلق امور کو حتمی شکل دی جا سکے۔

یو اے ای نے لبنان کے لیے اپنے شہریوں پر عائد سفری پابندی ختم کر دیں

متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ شہری اب لبنان کا دوبارہ سفر کر سکیں گے، لبنان جانے والے شہریوں کے لیے روانگی سے قبل رجسٹریشن لازمی ہوگی۔

متحدہ عرب امارات نے یہ سفری پابندی 2 ماہ قبل ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کے بعد لگائی گئی تھی، یو اے ای کی جانب سے ایران اور عراق کے لیے سفری پابندی بدستور برقرار ہے۔

ایران امریکہ مذاکرات کی امید پر تیل کی قیمتوں میں کمی

ایران امریکہ مذاکرات کی امید پر تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، برینٹ خام تیل کے اگست کے سودے 75 سینٹ یا 1.03 فیصد کمی کے بعد 72.40 ڈالر فی بیرل پر آ گئے، جبکہ زیادہ سرگرمی سے ٹریڈ ہونے والا ستمبر کا معاہدہ 40 سینٹ یا 0.54 فیصد کمی کے ساتھ 73.51 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔

امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت بھی 47 سینٹ یا 0.66 فیصد کم ہو کر 70.32 ڈالر فی بیرل رہ گئی۔

کے سی ایم ٹریڈ کے چیف مارکیٹ تجزیہ کار ٹِم واٹرر نے کہا کہ سرمایہ کار دوحہ مذاکرات کے مثبت نتائج کی امید پر قیمتوں کا تعین کر رہے ہیں، اگرچہ آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل کی مکمل بحالی کے واضح آثار ابھی سامنے نہیں آئے۔

امریکہ مفاہمتی یادداشت پر عمل کرے، ہم بھی ذمہ داریاں پوری کریں گے: ایران

  ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ مفاہمت دوطرفہ معاملہ ہے، امریکہ مفاہمتی یادداشت پر عمل کرے گا تو ہم بھی اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں گے۔

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ غیر معقول شیخی بگھارنے اور بےبنیاد دھمکیوں کے مقابلے میں ہمارا مؤقف واضح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماراموقف ہے کہ فیصلہ سازی میں عقل و دانش اور انسانی وقار کو بنیاد بنایا جائے اور اقدامات کے وقت فیصلہ کن اور نڈر دفاع کا مظاہرہ کیا جائے۔

اس سے قبل ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے دعویٰ کیا تھا کہ قطر میں منجمد ایرانی اثاثوں میں سے 6 ارب ڈالرز کے اثاثے جَلد جاری کر دیے جائیں گے۔

قطر اور ایران کے وزرائے دفاع میں رابطہ

قطری وزیر دفاع شیخ سعود بن عبدالرحمن اور ایرانی قائم مقام وزیر دفاع مجید ابن رضا میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔

قطری وزارت دفاع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ سکیورٹی صورتحال اور حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا، رابطوں اور تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بھی بات چیت کی گئی۔

ایران کی درخواست پر آج دوحہ میں اہم مذاکرات ہونگے: ٹرمپ

 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے حکام کے درمیان آج دوحہ ملاقات ہوگی۔

سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ایران کی جانب سے ملاقات کی درخواست کی گئی ہے، جس کا اہتمام دوحہ میں کیا گیا ہے۔

ادھر ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ آئندہ چند روز میں امریکہ کے ساتھ مذاکرات شیڈول نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔

امریکی انتظامیہ کا ایران کیساتھ مذاکرات پر کانگریس کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق امریکی انتظامیہ نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات پر کانگریس کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کرلیا۔

ویب سائٹ کے مطابق اعلیٰ حکام آج ایران سے ہونے والے معاہدے اور حالیہ پیشرفت پر باضابطہ بریفنگ دیں گے، مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد پہلی بار امریکی انتظامیہ وسیع پیمانے پر قانون سازوں کو اعتماد میں لے رہی ہے۔

ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ بریفنگ کا مقصد داخلی سطح پر سیاسی دباؤ کو کم کرنا ہے اور امریکی خارجہ پالیسی کے حوالے سے ایک متفقہ حکمت عملی تشکیل دینا ہے۔

امریکی صدر ایران سے تنازع کو پس پشت ڈال کر مذاکرات کو دوبارہ آگے بڑھانے کے خواہاں

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران سے متعلق تنازع کو پس پشت ڈال کر مذاکرات کو دوبارہ آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں، جبکہ ثالثی کی نئی کوششیں بھی جاری ہیں۔

الجزیرہ ٹی وی نے واشنگٹن سے رپورٹ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ اس وقت زیادہ توجہ داخلی معاملات پر مرکوز رکھے ہوئے ہیں تاہم وہ ایران کے ساتھ مذاکرات کی بحالی بھی چاہتے ہیں۔

ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ ایران نے ملاقات کی خواہش ظاہر کی ہے تاہم ایرانی حکام اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ایسا نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق امریکی نمائندہ سٹیو وٹکوف آج قطر کے دارالحکومت دوحہ میں دیگر مذاکراتی ٹیموں کے ساتھ موجود ہوں گے، جہاں فریقین کے درمیان بات چیت کو دوبارہ آگے بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔

مذاکرات کا بنیادی مقصد دونوں جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا خاتمہ اور کشیدگی میں کمی لانا ہے، فی الحال فائرنگ کا سلسلہ رکا ہوا ہے۔

تاہم ثالثوں کو اس بات پر بھی مایوسی ہے کہ دونوں فریقوں کو مذاکرات کی میز پر لانے کے باوجود پیش رفت انتہائی سست اور پیچیدہ ثابت ہو رہی ہے۔

آبنائے ہرمز سے بارودی سرنگیں صرف ایران ہٹائے گا، فرانس معاملہ پیچیدہ نہ بنائے: کاظم غریب آبادی

ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے بارودی سرنگیں صرف ایران ہی ہٹائے گا، فرانس معاملے کو پیچدہ نہ بنائے۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی کہتے ہیں اسلام آباد ایم او یو کے تحت بارودی سرنگیں ہٹانے کا کام ایران کرے گا۔

اس سے پہلے فرانسیسی صدر نے کہا تھا کہ فرانس اور عمان مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں اور اپنے شراکت داروں کے ساتھ آبنائے ہرمز سے بارودی سرنگیں ہٹانے میں تعاون کریں گے۔

آئندہ چند روز میں امریکا کے ساتھ کسی بھی سطح پر مذاکرات طے نہیں: اسماعیل بقائی

تہران: (دنیا نیوز) ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کہتے ہیں، آئندہ چند روز میں امریکا کے ساتھ کسی بھی سطح پر مذاکرات طے نہیں۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا سے مذاکرات کی ذمہ دار ایرانی ٹیم دوحہ ضرور جائے گی، دورے کا مقصد مذاکرات نہیں بلکہ مفاہمتی یادداشت کی شقوں پر عمل درآمد کا جائزہ لینا اور اس پر پیشرفت ہے۔

اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ قطر جانے والے امریکی نمائندوں کے دورے کا ایرانی وفد کے دورے سے تعلق نہیں۔

عراق کی ایران کیساتھ منسلک مسلح گروہوں کو ستمبر کے آخر تک ہتھیار ڈالنے کی مہلت

عراقی حکومت نے ایران کے ساتھ منسلک مسلح گروہوں کو ستمبر کے آخر تک ہتھیار ڈالنے کا وقت دے دیا۔

ترجمان عراقی حکومت کے مطابق مسلح گروہوں کو تین ماہ میں ہتھیار ڈالنے کا حکم دیا گیا ہے، برطانوی ٹی وی کے مطابق عراق کے نئے وزیراعظم کے دورہ امریکا سے پہلے واشنگٹن نے بغداد پر دباؤ ڈالا ہے کہ وہ ان گروہوں کو غیر مسلح کرے۔

ترجمان عراقی حکومت کا مزید کہنا ہے کہ علی زیدی ڈونلڈ ٹرمپ کی سرکاری دعوت پر جلد امریکا کا دورہ کریں گے۔
 

قطر نے تمام بحری سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کر دیں

قطر نے ملک میں بحری سفر اور تمام سمندری سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق قطری وزارتِ ٹرانسپورٹ نے اعلان کیا ہے کہ اگلے نوٹس تک تمام جہاز رانی، بحری آمدورفت اور دیگر سمندری سرگرمیاں عارضی طور پر بند رہیں گی۔

وزارتِ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہے، جبکہ بحری سرگرمیوں کی بحالی سے متعلق آئندہ ہدایات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ فیصلہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر احتیاطی اقدام کے طور پر کیا گیا ہے تاکہ سمندری حدود میں انسانی جانوں اور بحری سرگرمیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

جنوبی لبنان سے انخلا حزب اللہ کے غیر مسلح ہونے سے مشروط ہے: اسرائیل

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ حزب اللہ کے غیر مسلح ہونے تک جنوبی لبنان سے مزید انخلا نہیں کیا جائے گا۔

اسرائیلی وزیر دفاع کے مطابق جنوبی لبنان، شام اور غزہ کے سکیورٹی زونز سے انخلا نہ کرنے کے معاملے پر امریکی سینٹکام کے کمانڈر سے اتفاقِ رائے پایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور لبنان کے محاذ کا باہمی تعلق امریکا کے مفادات سے بھی جڑا ہوا ہے، جبکہ جنوبی لبنان میں ییلو لائن کے علاقے کو مزید وسعت دی جا رہی ہے، امریکی پابندیوں کے بعد جنوبی لبنان میں متبادل سکیورٹی منصوبہ اختیار کیا گیا ہے۔

اسرائیل کاٹز نے واضح کیا کہ لبنانی فوج فوری طور پر حزب اللہ کے خلاف کارروائی نہیں کرے گی، اسی لیے جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کی موجودگی طویل عرصے تک برقرار رہے گی۔

ایران نے قطر میں امریکا سے مجوزہ مذاکرات کی خبروں کی تردید کر دی

ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے امریکی حکام کے ساتھ قطر میں کسی بھی مجوزہ ملاقات کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے کوئی منصوبہ موجود نہیں۔

سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کاظم غریب آبادی نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کے سلسلے میں رواں ہفتے ورکنگ گروپس کے تکنیکی مذاکرات کا کوئی اجلاس طے نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورکنگ گروپس کے تکنیکی مذاکرات کا پہلا دور تمام ضروری شرائط پوری ہونے، تاریخ اور مقام پر باہمی اتفاق کے بعد ہی منعقد ہوگا، مذاکرات کے انعقاد کے لیے ثالث ممالک کے ذریعے مشاورت کا عمل جاری ہے۔

دوحہ میں اہم مذاکرات، ٹرمپ امن عمل کو آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں: وائٹ ہاؤس

وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ امن عمل کو آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں، جس کے لیے دوحہ میں اہم مذاکرات کا انعقاد کیا جائے گا۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق دوحہ مذاکرات میں امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شریک ہوں گے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس نے بتایا کہ ایران کے ساتھ اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے ساتھ ساتھ تکنیکی سطح پر بھی بات چیت ہوگی، تکنیکی مذاکرات اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے موقع پر ہی منعقد کیے جائیں گے تاکہ مختلف امور پر تفصیلی پیش رفت ممکن بنائی جا سکے۔

ایران کی درخواست پر کل دوحہ میں اہم مذاکرات ہونگے: ٹرمپ کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے حکام کے درمیان کل دوحہ ملاقات ہوگی۔

سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ایران کی جانب سے ملاقات کی درخواست کی گئی ہے، جس کا اہتمام دوحہ میں کیا گیا ہے۔

 

واضح رہے کہ امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔ 

امریکہ ایران کشیدگی: سعودی وزیر خارجہ چین جائیں گے

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اس ہفتے دو روزہ سرکاری دورے پر چین جائیں گے۔

چین کی وزارت خارجہ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کل اور پرسوں اپنے چینی ہم منصب وانگ یی کی دعوت پر بیجنگ کا سرکاری دورہ کریں گے۔

سعودی وزیر خارجہ کے اس دورے میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلۂ خیال متوقع ہے۔

قطر میں منجمد چھ ارب ڈالر کے اثاثے ایران کو واپس کر دیے جائیں گے: ایرانی صدر

 ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے تحت تیل اور پیٹروکیمیکل پابندیوں کے خاتمے کے بعد اب قطر میں منجمد ایران کے 12 ارب ڈالر کے اثاثوں میں سے چھ ارب ڈالر ایران کو واپس کر دیے جائیں گے۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کے لیے کام کرنے والی ایرانی اور امریکی تکنیکی ٹیموں کی آئندہ دنوں میں دوحہ میں ملاقات متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق ثالثوں نے کسی بھی ممکنہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے رابطے کے چینلز قائم کر دیے ہیں اور تکنیکی سطح کی بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

ایران اور عمان کا آبنائے ہرمز پر مشترکہ کمیٹی کا اجلاس

ایران کے نائب وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز کے متعلق بنائی گئی مشترکہ کمیٹی کا پہلا اجلاس مسقط میں منعقد ہوا۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ فریقین نے خلیجی ساحلی ممالک کے خودمختار حقوق اور رواں ماہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے تحت آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظام پر تبادلۂ خیال کیا۔

آبنائے ہرمز سے 48 جہاز باحفاظت گزر گئے

امریکہ اور ایران میں حالیہ جھڑپ کے بعد آبنائے ہرمز سے 48 جہاز بحفاظت گزر گئے۔

قطری ٹی وی کے اعداد و شمار کے مطابق 26 جون سے 28 جون تک گزرنے والے جہازوں میں 28 تیل و گیس کے ٹینکر اور 7 بلک کیریئر تھے۔

قطری ٹی وی کا کہنا ہے کہ یہ تعداد حملوں سے پہلے گزرنے والے ٹریفک سے کم ہے، بدھ کو یہ تعداد 70 تک جا پہنچی تھی۔

سعودی ولی عہد اور فرانسیسی صدر کا آبنائے ہرمز پر رابطہ

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں آبنائے ہرمز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں نے امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا، خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق فرانسیسی صدر اور سعودی ولی عہد نے علاقائی سلامتی کو یقینی بنانے پر زور دیا، ایران امریکا کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے آبنائے ہرمز میں آزادانہ جہاز رانی کو ناگزیر قرار دیا۔

ایران امریکہ کشیدگی سے تیل کی قیمتوں میں پھر اضافہ

امریکہ اور ایران کے ایک دوسرے پر حملوں کے بعد آج عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ آبنائے ہرمز کے ذریعے توانائی کی ترسیل کی رفتار دوبارہ سست ہو گئی ہے۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے 58 سینٹ یا 0.8 فیصد اضافے کے ساتھ 72.57 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 88 سینٹ یا 1.3 فیصد اضافے کے ساتھ 70.11 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

آئی این جی کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تیل کی منڈی کو اب بھی کافی خطرات کا سامنا ہے۔ اس کے باوجود مارکیٹ کے شرکا اس بات پر توجہ مرکوز کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ اگر تیل کی ترسیل میں بحالی جاری رہی تو اس کے عالمی توازن پر کیا اثرات ہوں گے۔

ایران کا بحرین کو انتباہ

ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر علی اکبر ولایتی نے بحرین کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسے مزید اشتعال دلایا گیا تو ایران بحرین کو پہلے سے زیادہ شدت کے ساتھ نشانہ بنائے گا۔

قطری نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق علی اکبر ولایتی نے ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم نیوز سے گفتگو میں کہا کہ بحرینی حکام کو سنجیدہ وارننگ دی جا رہی ہے کہ وہ اپنی حدود میں رہیں، اپنی قسمت کے ساتھ ایسا کھیل نہ کھیلیں اور ایران کو سخت فیصلے کرنے پر مجبور نہ کریں۔

امریکہ کا مشرقِ وسطیٰ میں فوجی اڈوں کی ازسرِنو ترتیب پر غور

 امریکی میڈیا اور تھنک ٹینکس کی رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد امریکہ مشرقِ وسطیٰ میں اپنے فوجی اڈوں کے کچھ حصے مزید مغرب کی جانب ممکنہ طور پر اسرائیل منتقل کرنے پر غور کر رہا ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے میزائل حملوں نے خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں کی کمزوریوں کو نمایاں کر دیا ہے۔

ان حملوں کے بعد امریکی انتظامیہ کے اندر خلیجی خطے میں اپنی فوجی حکمتِ عملی پر نظرِ ثانی کا عمل شروع ہو گیا ہے، زیرِ غور تجاویز میں این ایس اے بحرین کے اہم کمانڈ مراکز کو زیرِ زمین منتقل کرنا، دفاعی تنصیبات کو مزید مضبوط بنانا، اور بعض تباہ شدہ عمارتوں کو دوبارہ تعمیر نہ کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔

امریکہ کویت اور سعودی عرب میں اپنی فوجی موجودگی کا بھی جائزہ لے رہا ہے، جبکہ کچھ فوجی اثاثے مزید مغرب کی جانب منتقل کرنے پر غور جاری ہے، ابتدائی منصوبہ بندی میں اسرائیل بھی ایک ممکنہ مقام کے طور پر زیرِ غور ہے، جہاں رپورٹس کے مطابق تنازع کے آغاز سے قبل ہی امریکی فوجی طیارے بن گوریون ایئرپورٹ پر تعینات کیے گئے تھے۔

معاہدے کی کسی بھی خلاف ورزی پر فیصلہ کن کارروائی کریں گے: عراقچی

عراق کے صدر نزار امیدی سے ملاقات کے دوران ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ امریکی اور اسرائیلی حکومت کی جانب سے معاہدے کے بعض نکات خصوصاً اس کے پہلے پیراگراف کی خلاف ورزی خطے میں امن اور استحکام کی بحالی کی راہ میں ایک سنجیدہ رکاوٹ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم مفاہمتی یادداشت پر نیک نیتی کے ساتھ اور ’کمٹمنٹ کے بدلے کمٹمنٹ‘ کے اصول کے تحت عمل درآمد کے خواہاں ہیں تاہم معاہدے کی کسی بھی خلاف ورزی پر ہم دوسرے فریق کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کریں گے۔

چند عناصر قوم کے اتحاد کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں: ایرانی صدر

ایران کے مذہبی مرکز قم میں آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی کو جنگ کے بعد کی صورتحال اور سفارتی کوششوں پر بریفنگ دیتے ہوئے مسعود پزشکیان نے ملک کے اندر اتحاد کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ملک کے اندر اور باہر بعض حلقے قومی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے اور معاہدے کے عمل کو متاثر کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مفاہمتی یادداشت کے تحت واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات پر قدامت پسند حلقوں کی جانب سے تنقید میں اضافہ ہو رہا ہے۔

آیت اللہ مکارم شیرازی نے جنگ اور اس کے بعد کے معاملات سے نمٹنے میں حکومت کی کارکردگی کو سراہا اور حالیہ معاہدوں کے ممکنہ مثبت اثرات کا بھی ذکر کیا، تاہم انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ایسے کسی قدم سے گریز کیا جائے جو دشمنوں کو حوصلہ دے سکتا ہو۔

اس کے علاوہ ایرانی صدر نے قم میں رہبرِ اعلیٰ کے نمائندے آیت اللہ سید محمد سعیدی سے ایک الگ ملاقات کی جس کے دوران مسعود پزشکیان نے ان سیاسی اور سفارتی کوششوں کا جائزہ پیش کیا جس کے باعث ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی معاہدہ ہوا۔

اسرائیل کا معاہدے کے باوجود لبنان پر پھر حملہ

 لبنان اسرائیل فریم ورک معاہدہ طے ہونے کے بعد اسرائیلی فوج نے پھر لبنان میں حملہ کر دیا۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے ایک گاؤں میں حزب اللہ کا زیرِ زمین عسکری انفراسٹرکچر تباہ کر دیا ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے حملے سے قبل امر یکا کو آگاہ کر دیا تھا ، کارروائی میں 200 میٹر لمبی سرنگ کو نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیل کا جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے زیر زمین فوجی مرکز تباہ کرنے کا دعویٰ

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے 200 میٹر طویل سرنگوں کے نیٹ ورک کو نشانہ بنایا ہے۔

اسرائیلی حکام کے مطابق زیر زمین تنصیب میں سیکڑوں ہتھیار اور متعدد میزائل سائلوز موجود تھے، تاہم انہوں نے اپنے اس دعوے کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔ 

ایران امریکہ نے ایک دوسرے پر حملے روکنے پر اتفاق کر لیا، امریکی نیوز ویب سائٹ

ایک سینئر امریکی عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی نیوز ویب سائٹ نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران نے ایک دوسرے پر حملے روکنے پر اتفاق کر لیا ہے اور دونوں ممالک نے اس ہفتے مذاکرات کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکہ اور ایران آبنائے ہرمز کے تنازع کو حل کرنے کیلئے منگل کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ملاقات کرنے پر راضی ہو گئے ہیں۔

امریکی عہدیدار کے مطابق دوحہ میں ملاقات کے دوران آبنائے ہرمز سے متعلق تنازع اور دیگر اہم امور پر بات چیت کی جائے گی۔

اس سے پہلے اعلیٰ ایرانی عہدیدار کا کہنا تھا کہ حالیہ امریکی حملوں اور مفاہمت کی یادداشت کی شرائط کی خلاف ورزی پر ایران نے اتوار کو ہونے والے تکنیکی مذاکرات میں حصہ نہیں لیا تھا۔

خیال رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کو 11 روز ہوئے ہیں تاہم دونوں جانب سے دوبارہ حملوں کے باعث جنگ بندی غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو گئی تھی۔ 

ایران کا بحرین اور کویت میں 8 امریکی فوجی تنصیبات تباہ کرنے کا دعویٰ

 ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملوں کے جواب میں بحرین اور کویت میں 8 امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا ہے۔

ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایرانی حملوں میں بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کا استعمال کیا گیا۔

بیان میں ان کارروائیوں کو سِرک اور قشم میں ایرانی تنصیبات پر حالیہ امریکی حملوں کے جواب میں کی گئی جوابی کارروائی قرار دیا گیا ہے۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا مزید کہنا ہے کہ یہ حملے ایران کی دفاعی صلاحیت اور ردِعمل کی واضح مثال ہیں۔

ایرانی فٹبال ٹیم نے ورلڈ کپ میں غیر انسانی دباؤ کا سامنا کیا، اسماعیل بقائی

ایک بیان میں ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران کی قومی فٹ بال ٹیم نے تمام تر دباؤ کے باوجود ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا، نہ پابندیاں بہانہ بنیں اور نہ ہی دباؤ ہمیں جھکا سکا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ایرانی فٹبال ٹیم کے کپتان مہدی طارمی نے بھی اس معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیفا اور میزبان امریکہ نے ایران کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کیا۔

مہدی طارمی کا کہنا تھا کہ ایرانی لاجسٹک عملے اور میڈیا کو اب تک ویزے نہیں مل سکے، ہر میچ کے بعد میکسیکو واپس جانا پیشہ ورانہ ٹورنامنٹ کے شایان شان نہیں، اگر ہمیں ٹورنامنٹ سے باہر کرنا ہے تو کر دیں، لیکن یہ انصاف نہیں۔ 

ایرانی وزیر خارجہ کی عراقی وزیراعظم سے ملاقات، تعاون جاری رکھنے پر زور

خبر ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں جنگ کے خاتمے کیلئے سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال ہوا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ علاقائی ممالک اپنی سرزمین ایران کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں، فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔

عراقی وزیراعظم نے جنگ کے خاتمے کیلئے مذاکرات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ عراق خطے میں امن و استحکام کیلئے بات چیت کو اہم سمجھتا ہے۔ 

اسرائیلی فوج جنوبی شام کے بفر زون میں داخل، مزاحمت پر متعدد شامی شہری شہید

اسرائیلی فوج جنوبی شام کے بفر زون میں داخل ہو گئی جہاں مزاحمت پر متعدد شامی شہری شہید ہوئے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق مزاحمت پر کئی شامی شہری زخمی بھی ہوئے ہیں، اسرائیلی فوج نے علاقے سے خطرات ختم کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

اسرائیل شام کے 235 مربع کلومیٹر علاقے پر قابض ہے، درعا میں اسرائیلی فوج مزید پیش قدمی کر رہی ہے جہاں نئی چیک پوسٹ قائم کی گئی ہے، سریہ جملہ کے قریب دوسری چیک پوسٹ بھی قائم کر دی گئی ہے۔ 

ایرانی سپریم لیڈر کا امریکی و اسرائیلی حملوں پر قانونی کارروائی کا حکم

ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف مبینہ جنگی جرائم پر قانونی کارروائی شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے ایرانی عدلیہ کو ہدایت کی ہے کہ گزشتہ سال سے ایران پر ہونے والے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ملک اور عوام کو پہنچنے والے نقصانات اور متاثرہ حقوق کی بحالی کے لیے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مؤثر قانونی اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ بعض امریکی اور اسرائیلی رہنماؤں کے بیانات مبینہ طور پر مجرمانہ ذمہ داری کے اعتراف کے مترادف ہیں، جو ایرانی قوم کے حقوق کی بحالی کے لیے قانونی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

ایرانی سپریم لیڈر کے مطابق عدلیہ کی ذمہ داری صرف انفرادی مقدمات تک محدود نہیں بلکہ عوامی حقوق کے تحفظ، قانونی آزادیوں کے فروغ، انصاف کے قیام، بدعنوانی کے خاتمے، قوانین کے نفاذ اور قومی مفادات کے دفاع تک بھی پھیلی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ ان ذمہ داریوں کی مؤثر ادائیگی سے عدالتی نظام پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔ 

یورپی یونین کا جنگ بندی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کایا کالاس سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کایا کالاس نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا، یورپی یونین نے حالیہ جنگ بندی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

اسحاق ڈار نے مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ تمام فریقین جنگ بندی معاہدے کی مکمل پاسداری کریں۔

کویت نے دو ایرانی میزائل تباہ کر دیئے

کویت کی مسلح افواج نے ملک کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے دو بیلسٹک میزائل کامیابی سے تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزارت دفاع کے مطابق میزائلوں کو بروقت ٹریک کرکے منظور شدہ دفاعی طریقہ کار کے تحت فضا ہی میں ناکارہ بنا دیا گیا، جس کے باعث کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

کویتی وزارت دفاع کے ترجمان کرنل سعود عبدالعزیز العطوان نے اپنے بیان میں کہا کہ آج صبح ملک کی فضائی حدود میں دو دشمن بیلسٹک میزائلوں کی نشاندہی ہوئی، جس کے بعد فضائی دفاعی نظام فوری طور پر متحرک ہوا اور دونوں میزائلوں کو کامیابی سے روک لیا گیا۔

آبنائے ہرمز کے اطراف اب بھی جھڑپیں ہو رہی ہیں: عراق

 عراقی وزیر خارجہ فواد حسین نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے اطراف اب بھی جھڑپیں ہو رہی ہیں، آبنائے ہر مز بند ہونے سے عراقی تیل کی سپلائی رک گئی تھی، یہ جنگ پوری دنیا کیلئے نقصان دہ ہے، جنگ کو اب ختم ہونا چاہئے۔

فواد حسین نے کہا کہ خطے کو محفوظ رکھنے کیلئے تمام ممالک کو کام کرنا ہوگا، ایرانی ہم منصب سے باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر گفتگو ہوئی، ٓبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے، ایران سے تعلقات کی بنیاد سٹریٹجک تعاون ہے۔

عراقی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت کی ہمیشہ مخالفت کی، مغربی ایشیا میں سکیورٹی بڑھانے کیلئے ایران سے تعاون کریں گے، جنگ کا تسلسل پورے خطے کی تباہی کا سبب بنے گا۔

ایران کی خلیجی ممالک کے ساتھ مشترکہ سکیورٹی فریم ورک کی اپیل

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی حملوں کے جواب میں مشرقِ وسطیٰ میں امریکی اڈوں پر ایرانی حملوں کے بعد خلیجی ممالک کے ساتھ ایک مشترکہ سکیورٹی فریم ورک قائم کرنے کی اپیل کی ہے۔

عراق میں عراقی وزیر خارجہ فواد حسین کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ہمیں ایک نیا سکیورٹی فریم ورک تشکیل دینا چاہئے جس میں خطے کے تمام ممالک شامل ہوں، اور اس میں خطے سے باہر کسی بھی ملک کی موجودگی یا مداخلت نہ ہو۔

عباس عراقچی نے کہا ہے کہ لبنان سے اسرائیل کا انخلا اور حملے روکنا مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکہ کی ذمہ داری ہے،  آبنائے ہر مز پر ہمارا کنٹرول ہے، اسرائیل کو لبنان کے قبضے والے علاقوں سے نکل جانا چاہئے۔

ایران ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی کر رہا ہے: کویت

کویت نے ملک کی خود مختاری کے خلاف ایرانی جارحیت کی مذمت کی ہے۔

کویتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی جانب سے کویت پر تازہ حملے ملک کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ایرانی پاسدارنِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکہ کی جانب سے ایران کے پانچ ساحلی علاقوں پر حملے کے جواب میں کویت میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

پاسدارنِ انقلاب کے مطابق کویت کی علی السلم بیس میں میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کیا گیا۔

اسحاق ڈار کا بحرینی ہم منصب سے رابطہ، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

 نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے بعد کی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بحرین کے وزیر خارجہ نے اسلام آباد ایم او یو پر دستخط کی مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا، ڈاکٹر الزیانی نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد ایم او یو خطے میں دیرپا امن اور استحکام میں مددگار ثابت ہوگا۔

بحرین کے وزیر خارجہ نے جنگ بندی اور پاکستان کے کردار پر وزیراعظم شہباز شریف ، اسحاق ڈار اور متعلقہ قیادت کا شکریہ ادا کرنے کے لیے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کا عندیہ دیا۔

بحرین کا سلامتی کونسل سے ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ

 بحرین نے اپنے خلاف مبینہ ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

بحرین کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ حملہ ایران کی جانب سے مملکت کی خودمختاری، علاقائی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کے خلاف مسلسل اور منظم کارروائیوں کا حصہ ہے، یہ کوئی الگ تھلگ واقعہ نہیں بلکہ حملوں کا ایک تسلسل ہے۔

بیان میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے 2026 کی قرارداد 2817 پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنائے، مبینہ جارحیت کا سلسلہ روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے اور ذمہ دار عناصر کا احتساب یقینی بنائے۔

ایران کا امریکہ کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا اعلان

 ایرانی وزارت خارجہ نے امریکی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے مفاہمتی یادداشت کی خلاف کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

ایرانی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا نے جنوبی ساحل پر کچھ تنصیبات پر حملے کئے، امریکی حملےمفاہمتی یادداشت میں طےشدہ جنگ بندی کی خلاف ورزی ہیں، حملے ظاہر کرتے ہیں کہ امریکہ اپنے وعدوں کو اہمیت نہیں دیتا۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ وعدہ خلافی امریکی حکومت کی فطرت میں شامل ہے، ایران اپنی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہرقیمت پر دفاع کرے گا، امریکہ کی کسی بھی جارحیت کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

خطے میں امریکی فوجی اڈے جہنم کا سامنا کریں گے: پاسداران انقلاب

 ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے امریکا کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران سخت بیان جاری کرتے ہوئے خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو سنگین نتائج سے خبردار کیا ہے۔

آئی آر جی سی بحریہ کے کمانڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کے جنوبی شہر سیرک پر امریکی حملہ آبنائے ہرمز پر ایران کی برتری کو ختم نہیں کر سکتا۔

بیان میں کہا گیا کہ ایران کی جانب سے قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے بحری جہازوں پر فائرنگ کا مقصد دیگر جہازوں کو یہ یاد دلانا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے واضح اور مقررہ راستے پر عمل کرنا ضروری ہے۔

امریکی عہدیدار کی کویت اور بحرین میں فوجی اڈوں پر حملوں کی تصدیق

ایک امریکی عہدیدار نے برطانوی خبر رساں ادارے کو کویت اور بحرین میں واقع امریکی فوجی اڈوں پر حملے کی تصدیق کی ہے۔

امریکی عہدے دار کا کہنا ہے کہ اس وقت تک مشرقِ وسطیٰ میں امریکی اڈوں پر حملوں میں کسی جانی یا بڑے مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

اس سے قبل امریکہ نے ایران میں مسلسل دوسرے تازہ حملے کیے ہیں اور اس کے بعد پاسدارانِ انقلاب نے خطے میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا، پاسدارانِ انقلاب نے بتایا کہ اس کی بحری اور فضائی افواج نے حالیہ امریکی حملوں کے جواب میں کویت اور بحرین میں واقع امریکی فوجی اڈوں کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایرانی اہداف پر حملے کی ویڈیو جاری کر دی

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی اہداف پر حملے کی ویڈیو جاری کر دی، جس میں ایرانی فوج سے تعلق رکھنے والے 10 انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل ایک بیان میں امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا تھا کہ آبنائے ہرمز میں پاناما کے پرچم بردار ٹینکر جہاز پر ایرانی ڈرون حملے کے جواب میں ایران میں متعدد فوجی اہداف پر فضائی کارروائی کی گئی ہے۔

سینٹ کام کے مطابق ایرانی فوجی نگرانی کے نظام، مواصلاتی مراکز، فضائی دفاعی تنصیبات، ڈرون ذخیرہ گاہوں اور بارودی سرنگیں بچھانے کی صلاحیت سے متعلق اہداف کو نشانہ بنایا ہے، کارروائیاں صدر ٹرمپ کی ہدایت پر کی گئی ہیں۔ 

امریکی جارحیت کا جواب، ایران کے بحرین اور کویت میں امریکی تنصیبات پر حملے

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بحرین اور کویت میں امریکی تنصبیاب کو میزائل اور ڈرون سے نشانہ بنایا۔

جاری بیان کے مطابق ایرانی نیوی اور ایئر و سپیس فورس نے مشترکہ طور پر امریکی تنصیبات کو نشانہ بنایا، حملہ ایران پر حالیہ امریکی حملوں کے جواب میں کیا گیا۔

ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی شق 1 کے منافی ہے، اور خبردار کیا کہ اس کے نتیجے میں تمام سفارتی عمل مکمل طور پر روک دیا جائے گا۔

پاسدارانِ انقلاب نے مزید کہا کہ آئندہ خلاف ورزی کرنے پر زیادہ سخت کارروائی کی جائے گی اور ایران کے خلاف کسی بھی جارحانہ اقدام کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ 

فرانس نے لبنان، اسرائیل معاہدے کی حمایت کا اعلان کر دیا

 فرانس نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والے فریم ورک معاہدے کے نفاذ میں تعاون کرنے کیلئے اپنی آمادگی ظاہر کرتے ہوئے اسے لبنان کی خودمختاری کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔

فرانسیسی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ لبنانی حکومت کے اس مؤقف کی حمایت کرتی ہے کہ ملک میں ہتھیار رکھنے کا اختیار صرف ریاست کے پاس ہونا چاہیے۔

بیان میں اسرائیلی فوج سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ لبنانی سرزمین سے اپنی فوج واپس بلائے، یہ معاہدہ جمعے کے روز واشنگٹن میں 5 ادوار پر مشتمل مذاکرات کے بعد طے پایا۔

معاہدے میں حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کیلئے ایک طریقہ کار بھی شامل ہے، تاہم حزب اللہ اس تجویز کو مسترد کر چکی ہے۔ 

قطر و مصر کے وزرائے خارجہ کے درمیان رابطہ، خطے کی تازہ صورتحال پر گفتگو

قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی نے مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔

دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان علاقائی صورتحال پر گفتگو ہوئی، یہ گفتگو امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے بعد ہونے والی علاقائی پیشرفت کے تناظر میں ہوئی۔

قطری وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق شیخ محمد بن عبدالرحمان نے گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا کہ خطے کو بلاجواز حملوں کے نتائج سے محفوظ رکھا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی آزادی کو یقینی بنایا جائے، کشیدگی کم کرنے کیلئے مکالمے اور سفارت کاری کے راستے کو جاری رکھا جائے۔ 

لبنانی فوج کی شہریوں سے احتجاج کے دوران ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل

لبنانی فوج نے کہا ہے کہ وہ لبنان کو درپیش غیر معمولی چیلنجز کے تناظر میں رائے کے اظہار کی آزادی کا احترام کرتی ہے، فوجی کمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بیروت اور دیگر علاقوں میں احتجاجی مظاہروں کی کالز کے پیش نظر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی ایسے اقدام کی اجازت نہیں دی جائے گی جس سے امن و امان متاثر ہو یا شہری امن کو نقصان پہنچے، ایسے اقدامات کو برداشت نہیں کیا جائے گا جن کے غیر متوقع نتائج سامنے آ سکتے ہوں۔ 

قطری و سعودی وزرائے خارجہ کا رابطہ، خطے کو بلاجواز حملوں سے محفوظ رکھنے پر زور

 قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور انہیں مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا، اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر بھی گفتگو کی، خاص طور پر امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے بعد پیدا ہونے والی سفارتی کوششوں کے تناظر میں بات چیت ہوئی۔

قطری وزیراعظم نے زور دیا کہ خطے کو غیر ضروری کشیدگی اور بلاجواز حملوں کے نتائج سے محفوظ رکھا جائے، آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت کی آزادی کو یقینی بنایا جائے، کشیدگی میں کمی کیلئے مکالمے اور سفارت کاری کے راستے کو جاری رکھا جائے، مفاہمتی یادداشت کے تحت حاصل ہونے والی پیش رفت کو آگے بڑھا کر علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کو مضبوط بنایا جائے۔

انہوں نے قطر کی جانب سے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ وہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی حمایت کرتا ہے تاکہ اختلافات کو پرامن اور سفارتی طریقوں سے حل کیا جا سکے، خطے میں استحکام، تعاون اور ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں اور عوام کے مشترکہ مفادات کو فروغ ملے۔ 

تہران نے سبق نہ سیکھا تو اسلامی جمہوریہ ایران کا وجود باقی نہیں رہے گا، ٹرمپ کی دھمکی

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ امریکہ نے ایران میں ایک بار پھر حملے کیے ہیں جن میں میزائل اور ڈرون ذخیرہ کرنے کی تنصیبات اور ساحلی ریڈار سائٹس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی ایران کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے جواب میں کی گئی ہے، امریکی فضائیہ نے ابھی ایران کے میزائل اور ڈرون ذخیرہ کرنے والے مقامات اور ساحلی ریڈار سائٹس پر حملے کیے ہیں، انہوں نے جنگ بندی معاہدے کی دوبارہ خلاف ورزی کی ہے، یہ ممکن ہے کہ وہ کبھی نہیں سیکھیں گے۔

صدر ٹرمپ نے مزید سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ مستقبل میں مزید کارروائی بھی کر سکتا ہے، ایسا وقت بھی آ سکتا ہے جب ہم مزید تحمل نہیں دکھا سکیں گے اور ہمیں وہ کام فوری طور پر مکمل کرنا پڑے گا جس کی ہم نے بہت کامیابی سے ابتدا کی ہے، اگر ایسا ہوا تو اسلامی جمہوریہ ایران کا وجود باقی نہیں رہے گا۔

امریکہ ایران مفاہمتی یادداشت پر نئے حملوں کے اثرات سے متعلق خدشات بڑھ گئے

اب تک ایران میں سیاسی یا فوجی حکام کی جانب سے تازہ حملوں کے حوالے سے باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاحال سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق امریکہ کی جانب سے دو علاقوں، سرک اور جزیرہ قشم کو نشانہ بنایا گیا ہے، ان علاقوں میں ایران کی متعدد فوجی تنصیبات، مواصلاتی ٹاورز اور نگرانی کے مراکز واقع ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ صورت حال نئے رجحان کی شکل اختیار کرتی دکھائی دے رہی ہے، امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد دونوں ممالک کے درمیان یہ دوسرا براہ راست فوجی تصادم ہے۔

تازہ حملوں کے بعد اس بات پر خدشات بڑھ گئے ہیں کہ آیا امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت برقرار رہ سکے گی یا نہیں، اور اس پر عمل درآمد کس حد تک متاثر ہو سکتا ہے۔ 

سِرک میں ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور کے نشانہ بننے کی اطلاع ہے، ایرانی میڈیا

ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق جنوبی ایران کے شہر سرک کے علاقے میں واقع گاؤں طہروئی کے قریب کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، یہ گاؤں ایران کے جنوبی ساحلی علاقے میں آبنائے ہرمز کے قریب واقع ہے۔

ایرانی سرکاری ذرائع نے واقعے کی اطلاع دی ہے، تاہم ابھی تک گولہ بارود گرنے سے ہونے والے ممکنہ جانی یا مالی نقصان، یا حملے کی نوعیت سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق قشم میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، امریکی حملے میں سرک میں ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور کے نشانہ بننے کی اطلاع ہے۔ 

تجارتی جہاز پر حملے کا جواب، امریکہ نے ایک بار پھر ایران پر حملہ کر دیا

حملے کی تصدیق کرتے ہوئے امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایک تجارتی جہاز پر ایرانی حملے کے جواب میں ایران میں متعدد فوجی اہداف پر فضائی کارروائی کی ہے۔

سینٹ کام کے مطابق ایرانی فورسز نے پاناما کے پرچم بردار آئل ٹینکر کو ڈرون سے نشانہ بنایا، جو آبنائے ہرمز کے قریب تقریباً 20 لاکھ بیرل خام تیل لے کر گزر رہا تھا۔

جاری بیان میں کہا گیا کہ حملے کے جواب میں امریکی فوج نے ایران کی فوجی نگرانی کے نظام، مواصلاتی مراکز، فضائی دفاعی تنصیبات، ڈرون ذخیرہ گاہوں اور بارودی سرنگیں بچھانے کی صلاحیت سے متعلق اہداف کو نشانہ بنایا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر 27 جون کو یہ کارروائیاں کی گئیں۔ 

امریکہ جنوبی لبنان سے انخلا کیلئے اسرائیل پر دباؤ ڈالے: لبنانی صدر

لبنانی صدر جوزف عون نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے، لبنانی ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لبنان صدر نے امریکی ہم منصب سے کہا کہ لبنان اسرائیل کے ساتھ فریم ورک معاہدے پر عمل در آمد کی ذمہ داریاں خود سنبھالے گا۔

اس کے ساتھ ہی لبنانی صدر نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ امریکہ معاہدے کی خلاف ورزیاں روکنے میں مدد کرے اور اسرائیل پر جنوبی لبنان سے انخلا کیلئے دباؤ ڈالے۔

لبنان کے ساتھ معاہدہ ایران اور حزب اللہ کیلئے دھچکا ہے، نیتن یاہو

اسرائیلی وزیرِ اعظم نے لبنان کے ساتھ امریکی ثالثی میں معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے امریکی ثالثی میں ہونے والے اس معاہدے کو تاریخی کامیابی قرار دیا ہے۔

نیتن یایو کا کہنا ہے کہ یہ ایران اور حزب اللہ کیلئے ایک بڑا دھچکا ہے، انہوں نے رواں سال اسرائیل کے انتخابات کے بعد وسیع قومی حکومت بنانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ 

اسرائیلی فوج کی لبنان میں موجودگی کو توسیع دینے پر لبنانی شہریوں کا شدید احتجاج

لبنان اسرائیل معاہدے میں اسرائیلی فوج کی لبنان میں موجودگی کو توسیع دینے پر لبنان میں شدید احتجاج کیا گیا، دارالحکومت بیروت سمیت کئی شہروں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے، ٹائر جلا کر احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔

لبنان اسرائیل مذاکرات امریکہ کی سرپرستی میں ہوئے جس میں طے پایا کہ اسرائیل تب تک جنوبی لبنان میں اپنی فوج رکھ سکے گا جب تک وہ خود یہ سمجھے گا کہ اس کے شہریوں کو خطرات لاحق ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے مطابق معاہدے میں حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے اور اس کے بنیادی ڈھانچے کے خاتمے پر بھی اتفاق کیا گیا، فریم ورک معاہدے کے تحت سہ فریقی فوجی رابطہ گروپ قائم کیا جائے گا۔

اس حوالے سے لبنانی صدر جوزف عون کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ یقینی بنائے گا کہ اسرائیلی افواج لبنان سے نکل جائے، جبکہ حزب اللہ نے کہا کہ لبنان اسرائیل معاہدہ ’’امریکہ ایران اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘‘ کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔ 

بحرین پر مبینہ ایرانی ڈرون حملے، قطر، یو اے ای، کویت اور جی سی سی کی مذمت

 قطر، متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، کویت اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے بحرین پر مبینہ ایرانی ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں خطے کے امن و استحکام اور بحرین کی خودمختاری کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔

 قطر کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بحرین پر حملے خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔ قطر نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ مذاکرات، سفارت کاری اور کشیدگی میں کمی کے ذریعے صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکیں۔

خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے مبینہ ایرانی حملوں کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی ڈرونز نے شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا، جو خطے کے امن و سلامتی کے لیے خطرناک اقدام ہے۔

کویت نے بھی بحرین پر مبینہ ایرانی حملے کی مذمت کرتے ہوئے بحرین کی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع میں مکمل حمایت کا اعادہ کیا، کویتی حکومت کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات خطے میں کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

ادھر متحدہ عرب امارات نے بھی بحرین پر مبینہ ایرانی ڈرون حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی، یو اے ای وزارت خارجہ کے مطابق یہ حملے بحرین کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی اور اس کی سلامتی و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔

یو اے ای نے بحرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بحرین کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے ہر اقدام کی حمایت کی جائے گی، ایرانی حملوں کو ناقابل قبول قرار دیا گیا۔

 

اسرائیلی قبضے کے خاتمے تک مزاحمت ترک نہیں کریں گے: سربراہ حزب اللہ

حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ تنظیم کسی بھی صورت مسلح مزاحمت ترک نہیں کرے گی اور اسرائیلی قبضے کے خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اپنے خطاب میں نعیم قاسم نے کہا کہ حزب اللہ نے انتہائی مشکل حالات میں بھی میدان نہیں چھوڑا اور آئندہ بھی مزاحمت کا راستہ ترک نہیں کرے گی، ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی قبضے کے خلاف مزاحمت جاری رکھنا حزب اللہ کا بنیادی مؤقف ہے۔

انہوں نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان مجوزہ فریم ورک معاہدے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کی سرپرستی میں ہونے والا یہ معاہدہ لبنانی عوام کی خودمختاری سے دستبرداری کے مترادف ہے۔

نعیم قاسم نے کہا کہ اسرائیلی انخلا کو حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے سے مشروط کرنا خطرناک طرزِ عمل ہے اور تنظیم کو غیر مسلح کرنے کی ہر تجویز مسترد کرتے ہیں۔

حزب اللہ کے سربراہ نے لبنانی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اسرائیلی قبضے کو جواز فراہم کیا ہے، اس لیے اسے اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرتے ہوئے انہیں واپس لینا چاہیے۔

انہوں نے ایران کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران نے لبنان کی خودمختاری کو مضبوط بنایا ہے اور اس کا کردار لبنان کے لیے عزت، وقار اور طاقت کا باعث بنا ہے۔

آبنائے ہرمز میں ایک اور تیل برادر جہاز پر حملہ

برطانوی میری ٹائم ایجنسی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایک اور تیل بردار جہاز کو نامعلوم سمت سے داغے گئے میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔

ایجنسی کے مطابق حملے کے تنیجے میں جہاز کو نقصان پہنچا، جہاز کا عملہ محفوظ ہے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ایران نے صبح ڈرون حملے کیے: بحرین

بحرینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایران نے علی الصبح بحرینی سرزمین پر ڈرون حملے کیے۔

بحرینی وزارت خارجہ نے کہا کہ بحرین اپنی سرزمین پر ایرانی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، ایرانی حملے ملکی خودمختاری، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔

اقوام متحدہ عالمی قانون کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے: ایرانی وزارت خارجہ

ایران کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی ہیں، حملوں میں ساحلی نگرانی سے متعلقہ تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق ایرانی مسلح افواج نے خطے میں موجود امریکی اہداف پر جوابی کارروائیاں کی ہیں، خلیجی ممالک اپنی سرزمین کو ایران کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں، اقوام متحدہ عالمی قانون کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

ایران متحدہ عرب امارات کے درمیان خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلۂ خیال

ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے اپنے اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت کا جائزہ لیا۔

ایرانی خبر ایجنسی ارنا کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے ایران اور امریکہ کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کے تناظر میں خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔

شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے بات چیت کے تسلسل اور سفارتی ذرائع کے استعمال کی اہمیت پر زور دیا، امید ظاہر کی کہ جاری سفارتی عمل مثبت اور تعمیری نتائج دے گا، جس سے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کو مزید فروغ ملے گا۔

ایران نے امریکی حملوں کو جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دے دیا

ایرانی پارلیمانی کمیٹی کےسربراہ ابراہیم عزیزی نے امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا ٹرمپ مذاکرات اور جنگ بندی کے اصولوں کے پابند نہیں،امریکی اقدام پسپائی اور پشیمانی کا باعث بنے گا،الزام تراشی کا طریقہ اب کام نہیں کرے گا۔

دوسری جانب امریکی نائب صدر جےڈی وینس نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا تشدد کا جواب تشدد سے دیا جائے گا،اختلافات ہیں توفون اٹھائیں،اوربات کریں،ایران نےجنگ بندی معاہدے پردستخط کیےہیں،امریکا نے جنگ بندی کی پاسداری کی۔

اسحاق ڈار کا عباس عراقچی سے رابطہ، امن و استحکام کے عزم کا اعادہ

 نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں امن و استحکام کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے خطے کے امن و استحکام کے حصول کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امن عمل کو آگے بڑھانے میں پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہا، ایرانی عملے اور ماہی گیروں کی محفوظ وطن واپسی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

ایران نے آبنائے ہرمز میں جہاز پر چار بار حملہ کیا، یہ اقدام پسند نہیں آیا: ٹرمپ

امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہےکہ انہیں ایران کی جانب سےجہاز پر حملہ اچھا نہیں لگا، جواب دیا جائے گا۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاوس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایرانی کارروائی کا جواب دینے کا اشارہ دے دیا اور کہا کہ انہیں اچھا نہیں لگا کہ ایران نے کل چار بار جہاز پر حملہ کیا جس میں سے تین کو ناکام بنادیا گیا تھا،کیا اس پر ردعمل دیا جائےگا،یہ آپ جان لیں گے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ایران کی اس کارروائی پر امریکا کے ردعمل کے بارے میں جلد معلوم ہو جائے گا، تاہم انہوں نے فوری طور پر کسی ممکنہ کارروائی کی تفصیلات بیان نہیں کیں۔

اس کے بعد امریکی سینٹ کام نے کہا ہے کہ اس نے آج صبح ایران پر فضائی حملے کیے ہیں، میزائل، ڈرونز اور ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے جبکہ ایران نے بھی امریکی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ 

ایران کا امریکی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے ایرانی ساحلوں پر امریکی حملوں کے جواب میں خطے میں امریکی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

پاسداران انقلاب نے اہداف کے مقام، حملے کی نوعیت یا ممکنہ نقصانات کے بارے میں کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں۔

اس سے پہلے امریکہ نے آبنائے ہرمز میں ایران کی جانب سے ایک تجارتی جہاز کو نشانہ بنانے پر ایران کے میزائل اور ڈرون سٹوریج کے مقامات اور ساحلی ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

اس کے بعد ایران کی پاسداران انقلاب نے کہا کہ امریکی حملے کا جواب ضرور دیا جائے گا اور اس جارحیت کو بغیر ردعمل کے نہیں چھوڑا جائے گا۔

ایران نے کشیدگی بڑھائی تو تشدد کا جواب تشدد سے دیا جائے گا: وینس

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تہران نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی یا کشیدگی بڑھانے کی کوشش کی تو تشدد کا جواب تشدد سے دیا جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران نے جنگ بندی معاہدے پر دستخط کئے تھے اور امریکہ نے اس کی مکمل پاسداری کی ہے، اگر ایران کو مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کے طریقہ کار پر کوئی اعتراض ہے تو وہ براہ راست رابطہ کر سکتا ہے۔

امریکی نائب صدر جو امریکا کی مذاکراتی ٹیم کی قیادت بھی کر رہے ہیں نے زور دے کر کہا کہ واشنگٹن اپنے وعدوں کا پابند ہے، تاہم کسی بھی جارحانہ اقدام کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ادھر ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایران پر کئے گئے حالیہ امریکی حملے خلیج میں ایک بحری جہاز پر ڈرون حملے کا ردعمل ہیں جس کا الزام امریکہ نے تہران پر عائد کیا ہے۔

 

ایرانی پاسداران انقلاب کا امریکی حملے کا بھرپور جواب دینے کا اعلان

ایران کی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ امریکی حملے کا جواب ضرور دیا جائے گا اور اس جارحیت کو بغیر ردعمل کے نہیں چھوڑا جائے گا۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آئی آر جی سی نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اس کی بحری اور فضائی افواج نے سیریک جزیرے پر کئے گئے امریکی حملے کو ناکام بنا دیا اور اس کے اثرات کو غیر مؤثر کر دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ہم واضح کرتے ہیں کہ اس جارحیت کا جواب ضرور دیا جائے گا اور ہمارا ردعمل ہماری مرضی کے وقت اور مقام پر تیز اور فیصلہ کن ہوگا۔

امریکی فوج کے ایران پر فضائی حملے

امریکی فوج نے آبنائے ہرمز کے قریب فضائی حملے کر دیئے، ایران کے ساحلی علاقے سرک میں دھماکے کی آواز سنی گئی۔

امریکی سینٹ کام کے مطابق آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، کارروائی ایرانی میزائل اور ڈرون ذخائر پر کی گئی، ساحلی ریڈار تنصیبات بھی حملوں کا ہدف بنیں۔

سینٹ کام نے بتایا کہ تجارتی جہاز پر حملے کے جواب میں کارروائی کی، تجارتی جہاز پر ایرانی حملہ جنگ بندی کی خلاف ورزی ہے، ایران نے 25 جون کو سنگا پور کے تجارتی جہاز کو ڈرون سے نشانہ بنایا تھا۔

پاسداران انقلاب نے امریکی حملے پر ردعمل میں کہا کہ ایران نے امریکی فوج کا حملہ پسپا کر دیا، امریکی حملے کا جواب تیز اور فیصلہ کن ہوگا۔ 

امریکا، لبنان اور اسرائیل کے درمیان فریم ورک معاہدے پر دستخط

واشنگٹن میں لبنان اور اسرائیل کے درمیان فریم ورک معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں امریکا، لبنان اور اسرائیل نے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ لبنان اور اسرائیل ایک فریم ورک معاہدے پر پہنچ گئے ہیں، جس سے انہیں امید ہے کہ لبنان میں امن کے قیام کے لیے مثبت پیش رفت ہوگی۔

مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ امریکا چاہتا ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے عوام ایک محفوظ اور پُرامن مستقبل میں زندگی گزار سکیں، اور یہی اس معاہدے کا بنیادی مقصد ہے۔

تقریب کے دوران امریکا، اسرائیل اور لبنان نے فریم ورک معاہدے پر باضابطہ دستخط کیے، تاہم معاہدے کی مزید تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔

ٹرمپ کا ایران پر آبنائے ہرمز میں ڈرون حملوں اور جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر چار ڈرون حملے کیے، جو ان کے بقول جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی جانب سے کیے گئے یہ حملے جنگ بندی معاہدے کی "احمقانہ خلاف ورزی" ہیں۔

امریکی صدر کے مطابق ایران کا ایک ڈرون ایک کارگو جہاز سے ٹکرا گیا، جبکہ امریکی فورسز نے مزید تین ایرانی ڈرون مار گرائے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں، جبکہ ایران کی جانب سے ان الزامات پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔  

جنگ بندی کے باوجود جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے جاری، مزید 7 افراد شہید

جنگ بندی اور سفارتی مذاکرات کے باوجود جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کے فضائی اور زمینی حملے جاری ہیں، جن میں مزید 7 افراد کے شہید ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق جنوبی لبنان میں ہونے والے تازہ اسرائیلی حملے میں 7 افراد شہید ہوئے، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق حزب اللہ سے تھا۔

اسرائیلی فوج نے المنزلہ علاقے میں فضائی حملہ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کارروائی کے دوران ہتھیار منتقل کرنے والے افراد کو نشانہ بنایا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے جس مقام کو نشانہ بنایا، اسے جنگی اور نگرانی کی چوکی قرار دیا ہے جبکہ حملے کے حوالے سے حزب اللہ کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

ایران کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے، اسماعیل بقائی

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران کو اپنی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے دفاع کا فطری اور قانونی حق حاصل ہے۔

اپنے بیان میں اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کی کارروائیوں پر خلیجی ممالک کو بھی جوابدہ ہونا چاہیے، کیونکہ خطے میں ہونے والی پیش رفت کے اثرات پورے خطے پر مرتب ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی دفاعی صلاحیتیں قومی سلامتی کے تحفظ اور خطے کے استحکام کی ضامن ہیں، اور ملک اپنی دفاعی استعداد کو اسی مقصد کے لیے برقرار رکھے ہوئے ہے۔

ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ نے مزید کہا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں ایران اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے اور اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔

ایران نے پڑوسی ممالک میں موجود اسرائیلی فوجی طیاروں کیلئے سخت انتباہ جاری کردیا

ایرانی خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیلی فوجی طیارے پڑوسی ممالک کی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے ایران کی جانب پرواز کرتے ہیں تو انہیں ایران کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ تصور کیا جائے گا۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق جمعے کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پڑوسی ممالک کی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے اسرائیلی فوجی سرگرمیاں ایک خطرناک اقدام ہیں اور ایران کی قومی سلامتی کے لیے براہِ راست خطرہ تصور کی جائیں گی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر امریکا اسرائیلی کارروائیوں کو روکنے یا ان پر مؤثر کنٹرول قائم کرنے میں ناکام رہتا ہے تو ایران اپنی سلامتی کے خلاف کسی بھی قسم کے خطرے کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔

خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر نے اپنے بیان میں زور دیا کہ ایران اپنی قومی سلامتی کے خلاف کسی بھی خطرے کو برداشت نہیں کرے گا اور ایسے خطرناک اقدامات کا مناسب جواب دینا اپنا جائز حق سمجھتا ہے۔

حزب اللہ کا لبنان سے اسرائیل کے مکمل انخلا تک ہتھیار نہ ڈالنے کا اعلان

لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے لبنان سے اسرائیل کے مکمل انخلا تک ہتھیار نہ ڈالنے کا اعلان کر دیا۔

اپنے بیان میں سربراہ حزب اللہ نعیم قاسم نے کہا کہ تنظیم کا صبر کمزوری نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی حکمت عملی کا حصہ ہے، ثابت قدمی ہی کامیابی کا راستہ ہے، دریائے لیطانی کے شمال میں حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ لبنان سے اسرائیل کے مکمل انخلا تک ہتھیار ڈالنے کے معاملے پر کوئی بات نہیں ہوگی، اسرائیلی جارحیت کا مقصد حزب اللہ کا خاتمہ تھا لیکن وہ ناکام رہے، لبنانی حکام آدھی آبادی کو خود سے دور کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے، لبنانی حکومت خودمختاری کے راستے پر چلی تو ہم اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

نعیم قاسم نے کہا کہ لبنانی حکام امریکا اور اسرائیل کے مفادات کیلئے کام کرنا بند کریں، ایران امریکا معاہدہ واشنگٹن اور اسرائیل کی شکست کا باقاعدہ اعلان ہے۔

سربراہ حزب اللہ کا مزید کہنا تھا کہ ایران اپنی مضبوطی اور استقامت کے باعث اس مفاہمت کی یادداشت تک پہنچنے میں کامیاب ہوا۔

پڑوسی ممالک کی فضاؤں میں اسرائیلی طیاروں کی موجودگی خطرناک اقدام ہے: ترجمان ایرانی افواج

ایرانی افواج کی مشترکہ کمانڈ خاتم الانبیا سنٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہمسایہ ممالک کی فضائی حدود میں اسرائیلی طیارے ایران کی جانب آتے دیکھے گئے۔

ترجمان کے مطابق ہمسایہ ممالک کی فضاؤں میں اسرائیلی طیاروں کی موجودگی خطرناک اقدام ہے، ایران اس اقدام کو اپنی قومی سلامتی کیلئے براہ راست خطرہ سمجھتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکا اسرائیل کو روکنے میں ناکام رہا تو ایران مناسب جواب دینے کا حق رکھتا ہے، ایران اپنے خلاف کسی بھی خطرے کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔

امریکا ایران معاہدے کے تحت ایرانی جوہری تنصیبات تک رسائی حاصل ہوگی: سربراہ آئی اے ای اے

عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے سربراہ رافیل گروسی نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے عبوری امن معاہدے کے تحت آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کو ایران کی جوہری تنصیبات تک رسائی حاصل ہوگی۔

جاپان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رافیل گروسی نے کہا کہ ایک معاہدہ موجود ہے اور اس پر عمل درآمد کے لیے ضروری ہے کہ آئی اے ای اے کو رسائی دی جائے تاکہ وہ معائنہ کر سکے، ہمیں امید ہے کہ ہم بہت جلد وہاں موجود ہوں گے اور اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران مفاہمتی یادداشت کے تحت ایرانی جوہری پروگرام کی نگرانی آئی اے ای اے کرے گی، نگرانی کیلئے معائنہ ناگزیر ہے، معائنے کے بغیر اس عمل کو مکمل نہیں کیا جا سکتا۔

رافیل گروسی نے مزید کہا کہ تکنیکی کام کا آغاز ہو چکا ہے، جلد ہی ایرانی جوہری تنصیبات کا معائنہ شروع کر دیا جائے گا، بعض متضاد سیاسی بیانات کے باوجود فریقین کے درمیان معاہدہ موجود ہے۔

ایران اپنے غیر منجمد اثاثے امریکی زرعی اجناس خریدنے پر خرچ نہیں کرے گا:باقر قالیباف

ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر اور چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران کے غیر منجمد اثاثوں سے امریکا کی زرعی مصنوعات خریدے جانے کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ ہم تو صرف وہی فصل کاٹ رہے ہیں جو امریکا نے بوئی تھی۔

ایران کے چیف مذاکرات کار نے مزید کہا کہ امریکا نے جو فصل بوئی وہ دہائیوں پر محیط بداعتمادی ہے، امریکا بظاہر صرف سویا بین، وعدہ خلافی اور تلخ بیانات ہی برآمد کرتا ہے۔

ایران میں سفارتی موجودگی نہ ہونے سے نقصان ہو رہا ہے: کینیڈین وزیراعظم

کینیڈین پارلیمان کی مدت کے اختتام پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنے کا کہنا تھا کہ متعدد مواقعوں پر ایران سے کینیڈین شہریوں کو نکالنے کیلئے دوسرے ممالک سے مدد لینا پڑی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایران کے ساتھ تعلقات کی بحالی پر کوئی بات چیت نہیں کی، ایران سے رابطے انسانی حقوق اور جوہری عدم پھیلاؤ کے معاملات تک محدود ہیں، ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے یا تہران میں سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کا ارادہ نہیں۔

یاد رہے کہ کینیڈا نے 2012 میں تہران میں اپنا سفارتخانہ بند کر دیا تھا اور ایرانی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کے لیے کہا تھا۔

ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق مسلسل چوکنا رہنا ضروری ہے: نیٹو سربراہ

اٹلانٹک کونسل میں خطاب کرتے ہوئے سربراہ نیٹو جنرل مارک روٹے کا کہنا تھا کہ ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیئے جائیں گے، حالیہ امریکی کارروائی نے ایران کے جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگرام کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور یورپ کو اپنی مشترکہ سلامتی کیلئے متحد رہنا ہوگا، یورپ کا دفاع درحقیقت امریکا کے دفاع سے بھی جڑا ہوا ہے، یورپ اور امریکا میں قریبی تعاون ناگزیر ہے۔

مارک روٹے کا کہنا تھا کہ یورپ خود پہ انحصار بڑھا رہا ہے لیکن امریکا نیٹو اتحاد کا مرکزی ستون رہے گا۔

ایرانی فوج نے دشمن کے اندازے غلط ثابت کر دیئے: مسعود پزشکیان

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا قومی اتحاد خطے میں ایران کے باوقار مقام کا سبب ہے، اتحاد اور یکجہتی بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے ناگزیر ہیں۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران کو خطے میں مؤثر طاقت کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے، دشمنوں کا خیال تھا فوجی اور سیاسی دباؤ کے ذریعے وہ چند دنوں میں اپنے مقاصد حاصل کر لیں گے لیکن ایرانی افواج نے مزاحمت کے ذریعے ان کے اندازے غلط ثابت کر دیئے۔

ایرانی صدر نے مزید کہا کہ مسلم دنیا میں اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہو رہا ہے، پاکستان، عراق، لبنان سمیت خطے کے کئی ممالک کے عوام ایرانی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔

امریکی صدر ٹرمپ کا پھر ایران کو سویابین اور گندم بیچنے کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے زراعت سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیئے۔

وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی کسانوں کیلئے دنیا بھر میں نئی مارکیٹیں کھول رہے ہیں، نئی مارکیٹ خوبصورت ایران ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کوغذائی اجناس میں سخت مشکلات کا سامنا ہے، ہم ایرانی رقم گندم، سویابین اور مکئی خریدنے پر جلد خرچ کریں گے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ اگر آپ ایران کو ایٹمی ہتھیار دیں گے تو وہ اسے پہلے ہی گھنٹے میں استعمال کرے گا، ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

حزب اللہ نے اسرائیلی کارروائی کو جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزی قرار دیدیا

لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان میں شہریوں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے۔

تنظیم کے مطابق اسرائیلی فوج نے زوعات الشرقیہ میں جنگ بندی کے اعلان کے بعد اپنے گھروں کا جائزہ لینے جانے والے شہریوں کو نشانہ بنایا تھا، حملے میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوا تھا۔

تنظیم نے اپنے ٹیلیگرام پر جاری بیان میں کہا اسرائیلی کی فوج نے جان بوجھ کر لبنانی شہریوں کو نشانہ بنایا۔

حزب اللہ نے اسرائیلی کارروائی کو جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی لبنان میں شہریوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ 

کارگو جہاز پر حملہ: اقوام متحدہ نے آبنائے ہرمز سے جہازوں کے انخلا کا عمل عارضی طور پر معطل کر دیا

عمان کے جنوب مشرقی ساحلی علاقے میں کارگو جہاز پر حملے کے بعد اقوامِ متحدہ کی بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) نے آبنائے ہرمز سے جہازوں کے انخلا کا عمل عارضی طور پر معطل کر دیا۔

بین الاقوامی میری ٹائم تنظیم کے سیکرٹری جنرل آرسینیو ڈومنگیز نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے جہازوں کے انخلا کے لئے تنظیم کی جانب سے اس ہفتے شروع کیا گیا خصوصی منصوبہ عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ خلیج عمان میں تجارتی جہاز پر حملے کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد کیا گیا۔

آئی ایم او کے مطابق، انخلا کے عمل کی عارضی معطلی کے دوران سکیورٹی صورتحال کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا اور متعلقہ فریقوں سے حفاظتی انتظامات کی تصدیق حاصل کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز برطانوی میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی یو کے ایم ٹی او نے رپورٹ کیا تھا کہ ایک جہاز کو عمان کی بندرگاہ دہیت سے جنوب مشرق میں 7.5 سمندری میل کے فاصلے پر ’نامعلوم پروجیکٹائل‘ سے نشانہ بنایا گیا۔ تاہم اس حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

سمندری خطرات کے حوالے سے کام کرنے والی کمپنی وین گارڈ کے مطابق کہ سنگاپور کے جھنڈے تلے چلنے والا جہاز ایور لَوَلی حملے کے باوجود آبنائے سے گزر گیا۔

عمان کے قریب کارگو جہاز پر حملہ، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں پھر اضافہ

عمان کے جنوب مشرقی ساحلی علاقے میں کارگو جہاز پر پروجیکٹائل حملے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔

برطانوی میری ٹائم ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا کہ عمان سے ساڑھے 7 ناٹیکل میل کے فاصلے پر موجود جہاز پر حملہ ہوا، نامعلوم پروجیکٹائل کے حملے سے جہاز کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا۔

اس حملے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 2 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 1.52 ڈالر یا 2.1 فیصد اضافے کے بعد 75.26 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 1.58 ڈالر یا 2.3 فیصد اضافے سے 71.92 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز خام تیل کی قیمتیں 27 فروری کے بعد اپنی کم ترین سطح پر بند ہوئی تھیں، جو جنگ کے آغاز سے ایک دن قبل کی صورتحال تھی۔

دشمن کی دشمنی محض معاہدے پر دستخط سے ختم نہیں ہوتی: ایران

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ دشمن کی دشمنی محض معاہدے پر دستخط سے ختم نہیں ہوتی۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے ایم او یو سے متعلق امریکا کے متضاد بیانات سامنے آرہے ہیں، امریکا کو ایم او یو کے واضح متن کے منافی تشریحات سے گریز کرنا چاہئے، امریکا کو اپنے وعدے پورے کرنے چاہئیں۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ نیٹو سیکرٹری جنرل کا بیان اس بات کا اعتراف ہے کہ نیٹو نے خودمختار ملک کے خلاف غیر قانونی جنگ میں حصہ لیا، نیٹو کو جواب دہ ٹھہرایا جانا چاہئے۔

ایران کے اعلیٰ مذاکرات کار اور سپیکر باقر قالیباف کا بھی کہنا تھا کہ امریکی دعوے غلط ہیں، ایران اپنے غیر منجمد اثاثے امریکی زرعی اجناس خریدنے پر خرچ نہیں کرے گا۔ 

امریکا کا ایرانی پاسداران انقلاب کے ساتھ براہِ راست رابطہ قائم کرنے پر اتفاق

 امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ امریکا نے کشیدگی کم کرنے کے لیے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ ایک براہِ راست رابطہ چینل قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

برطانوی ویب سائٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران جے ڈی وینس نے بتایا کہ اس انتظام کے تحت ایرانی اور امریکی فوجی حکام دوحہ میں ملاقاتیں کریں گے جہاں وہ باہمی تنازعات کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

جے ڈی وینس نے کہا کہ ایرانی حکام نے بتایا کہ ہم پاسداران انقلاب کا ایک نمائندہ دوحہ بھیج دیتے ہیں، جو امریکی سینٹرل کمانڈ کے ایک اہلکار کے ساتھ بیٹھ کر معاملات طے کرے گا اور اسی طرح ہم بہت سے تنازعات حل کریں گے۔

جے ڈی وینس نے مزید بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے بھی ایران کے ساتھ ایسے رابطے قائم کیے ہیں، جو اس سے پہلے موجود نہیں تھے، جن میں پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ براہِ راست بات چیت بھی شامل ہے، متحدہ عرب امارات ایرانی حکام کے ساتھ ایسے مذاکرات کر رہا ہے جو پہلے کبھی نہیں ہوئے۔

لبنان سے انخلا کا ارادہ نہیں، ایران کو جوہری ہتھیار نہیں بنانے دینگے: نیتن یاہو

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل جنوبی لبنان میں اپنے سیکیورٹی زون پر بدستور قابض رہے گا اور جب تک ضرورت ہوئی وہاں اپنی موجودگی برقرار رکھے گا۔

اپنے بیان میں نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل کا جنوبی لبنان کے سیکیورٹی زون سے نکلنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور وہاں تعیناتی سیکیورٹی ضروریات کے مطابق جاری رہے گی۔

انہوں نے ایران کے حوالے سے کہا کہ معاہدہ ہو یا نہ ہو، ان کے وزیراعظم رہنے تک ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا۔

اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسرائیل کسی بھی صورت ایران کو ایٹم بم تیار کرنے کی اجازت نہیں دے گا اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا۔  

امریکا کو فضائی اڈے ایران پر حملوں کیلئے نہیں دیے: اٹلی کی ایران کو یقین دہانی

 اٹلی نے ایران کو ایک بار پھر یقین دہانی کرائی ہے کہ اس نے امریکا کو ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کے لیے اپنے فضائی اڈے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ یقین دہانی اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کرائی۔

اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ انھوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے تفصیلی گفتگو کی ہے۔

جس میں واضح کیا گیا ہے کہ اٹلی نے کبھی کسی فوجی کارروائی میں حصہ نہیں لیا اور نہ ہی امریکا کو ایران کے خلاف جنگی کارروائیوں کے لیے اپنے فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دی۔

جنوبی لبنان میں اسرائیلی ڈرون حملہ، دو افراد جاں بحق

 اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، سکیورٹی ذرائع کے مطابق جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کے ڈرون حملے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

خبر ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز بھی جنوبی لبنان میں اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

علاقے میں کشیدگی برقرار ہے، جبکہ اسرائیلی حملوں کے باعث جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد سے متعلق خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔  

اسرائیل کو لبنان کے تمام علاقوں سے نکلنا ہوگا: اسماعیل قانی

ایرانی پاسداران انقلاب قدس فورس کے سربراہ اسماعیل قانی نے اسرائیل کو سخت انتباہ جاری کیا ہے۔

تہران سے ایرانی میڈیا کے مطابق سربراہ ایرانی پاسداران انقلاب قدس فورس نے کہا کہ اسرائیل کو لبنان کے تمام علاقوں سے نکلنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ لبنانی سرزمین استقامت اور مزاحمت کا میدان ہے۔ اگر اسرائیل لبنان سے خود نہیں نکلتا تو وہ ذلت اور شکست سے دوچار ہو کر بھاگے گا۔

خلیجی اتحادیوں کا تحفظ ترجیح، ایران پراکسیز کی حمایت ترک کرے: مارکو روبیو

امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ہونے والا کوئی بھی معاہدہ خلیجی اتحادی ممالک کی سلامتی کو یقینی بنائے گا، خلیجی ممالک کے ساتھ مشرقِ وسطیٰ کی تعمیر و ترقی سے متعلق بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

مارکو روبیو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی معاہدے پر ہونے والے عملی اقدامات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، امریکا ایران کے عملی اقدامات کا جائزہ لے کر اس کی معاہدے پر قائم رہنے کی نیک نیتی کو پرکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آمدورفت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے، اور اگر بحری ٹریفک میں رکاوٹ ڈالی گئی تو اسے معاہدے کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک کے ساتھ ایران کے لیے تعمیرِ نو فنڈز یا منجمد اثاثوں سے متعلق کوئی بات چیت نہیں ہوئی، ایران کو اپنی پراکسیزکی حمایت ترک کرنا ہوگی۔

ایران نے منجمد اثاثوں سے امریکی مصنوعات خریدنے کا دعویٰ مسترد کر دیا

 ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے امریکا کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ ایران اپنے منجمد اثاثوں کی بحال ہونے والی رقم سے امریکی زرعی مصنوعات خریدے گا۔

باقر قالیباف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پیغام میں امریکی دعوؤں پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’امریکا جھوٹا دعویٰ کر رہا ہے کہ ہم بحال شدہ اثاثوں سے زرعی مصنوعات خریدیں گے‘۔

انہوں نے کہا کہ دلچسپ بات ہے کہ ہم نے جو واحد امریکی فصل دیکھی ہے وہ ’بے اعتمادی‘ ہے جو خالص اور گھریلو ہے۔

باقر قالیباف نے کہا کہ امریکی دعوؤں سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ صرف جینیاتی طور پر تبدیل شدہ سویا بین، ٹوٹے ہوئے وعدے اور فضول باتیں ہی ایکسپورٹ کرنا جانتا ہے۔

امن کے فروغ کیلئے پاکستان کی کوششیں تہذیبی و ثقافتی روایات کی عکاس ہیں: ایرانی صدر

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستانی کوششوں کو سراہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان اپنے قومی عزائم، امیدوں اور مستقبل کے وژن میں گہری مشترکات رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے فروغ کیلئے پاکستان کی انتھک کوششیں اس ملک کی بھرپور تہذیبی اور ثقافتی روایات کی عکاس ہیں۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مصالحتی اور سفارتی کردار کو سراہنے کیلئے اپنے حالیہ دورۂ پاکستان کے دوران میری اپنے برادران صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے تفصیلی ملاقاتیں ہوئیں، جن میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی روابط کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

یہ قبول نہیں کریں گے آبنائے ہرمز کسی ایک ملک کی ملکیت ہو: مارکو روبیو

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ یہ قبول نہیں کریں گے آبنائے ہرمز کسی ایک ملک کی ملکیت ہو، آبنائے ہرمز کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی، کوئی بھی ملک آبی گزرگاہ سے ٹیکس وصول نہیں کر سکتا۔

بحرین میں خلیج تعاون کونسل کے وزرائے خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ تکنیکی ٹیمیں 30 جون کو دوبارہ سوئٹزر لینڈ جائیں گی جہاں ایران سے جوہری پروگرام اور پابندیوں سے متعلق بات کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ایسا پائیدار امن چاہتے ہیں جو حقیقی ہو اور ہماری اور ہمارے اتحادیوں کی سکیورٹی اور خوشحالی کو نقصان نہ پہنچاتا ہو، ہم یقینی بنائیں گے کہ ایسا کوئی فیصلہ نہ ہو جو ہمارے اتحادیوں کے مفادات کے خلاف ہو، ہم چاہتے ہیں کہ ایران کے ساتھ معاہدے میں ہمارے اتحادیوں کے مفادات کا خیال رکھا جائے۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ معاہدے کو کامیاب کرنا چاہتا ہے اور اس کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا، ہم یہ قبول نہیں کریں گے کہ آبنائے ہرمز کسی ایک ملک کی ملکیت ہو۔

مارکو روبیو کا مزید کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ ایران مفاہمت کی یادداشت کی پاسداری کرے، ایران نے معاہدے کی پاسداری نہ کی تو مختلف آپشنز موجود ہیں، ایران ہمارے ساتھ اچھی ڈیل چاہتا ہے تو ہم تیار ہیں، معاہدے کے مطابق تیل کی قیمتیں مسلسل نیچے گر رہی ہیں۔ 

ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران کو فنڈز جاری کئے جانے کی خبروں کی تردید

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو فنڈز جاری کیے جانے کی خبروں کی تردید کر دی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا آبنائے ہرمز سے گزرنے والےجہازوں سے کسی قسم کا ٹول ٹیکس، انشورنس فیس یا دیگر محصولات نہ تو طلب کی جا رہی ہیں اور نہ ہی وصول کی جا رہی ہیں، ایران کیساتھ معاملات بہت اچھے جا رہے ہیں، ہم جیت رہے ہیں، تہران بہت زیادہ رعایتیں دے رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کو اس وقت خوراک کی فوری ضرورت ہے اور امریکا اس مقصد کیلئے زرعی مصنوعات کی خریداری کے انتظامات کرے گا۔

صدر ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اس معاملے سے متعلق غلط معلومات یا گمراہ کن رپورٹس دونوں ممالک کے درمیان جاری مذاکرات کی معطلی کا باعث بن سکتی ہیں۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 4 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی

امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ معاہدے کے عالمی معیشت پر مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 4 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی۔

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

بین الاقوامی منڈی میں امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت کم ہو کر 69 اعشاریہ 28 ڈالرفی بیرل پر آ گئی ہے، جبکہ برطانوی خام تیل برینٹ بھی سستا ہو کر 72 اعشاریہ 50 ڈالرفی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے۔

خام تیل کی قیمتوں میں کمی سے دنیا بھر میں ٹرانسپورٹ، صنعت اور توانائی کے شعبوں کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واشنگٹن میں نیشنل مال کے مقام پر خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا، ہماری فوجی طاقت کی بدولت ان کے پاس نہ بحریہ رہی ہے اور نہ ہی فضائیہ اور پہلی بار ہم مشرقِ وسطیٰ میں امن کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ ہفتے ہم نے ایران کے ساتھ تنازع کے خاتمے، آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنے اور وہ کامیابی حاصل کرنے کے لیے ایک تاریخی معاہدہ کیا جسے اس سے قبل کوئی بھی امریکی صدر حاصل نہیں کر سکا تھا۔

اسرائیل کی امریکا سے تل ابیب ایئرپورٹ خالی کرنے کی درخواست

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے امریکا سے تل ابیب ایئرپورٹ خالی کرنے کی درخواست کرتے ہوئے امریکا سے مرکزی بن گورین ایئرپورٹ سے ایندھن بردارجہاز ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ امریکا پہلے ہی بن گورین ایئرپورٹ سے 28 ایندھن بردار طیارے منتقل کر چکا ہے تاہم اسرائیل نے اب مزید 20 فوجی طیارے ہٹانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے امریکا کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ موسم گرما میں شہری پروازوں میں خلل کا خدشہ ہے، امریکی ایندھن بردار جہازوں نے مسافرپروازوں کی آمدورفت کو متاثر کیا ہے۔

اس کے علاوہ اسرائیل نے امریکا سے بن گورین ایئرپورٹ پر فوجی طیاروں کی تعداد کم کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔

آبنائے ہرمز سے گزرنے کیلئے پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے ساتھ کوآرڈینیشن لازمی ہے: ایران

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز پر وارننگ جاری کر دی، پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے ’آبنائے ہرمز سے جہازوں کے گزرنے کیلئے ایک نیا راستہ مقرر‘ کیا ہے۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ ایران سے رابطے کے بغیر آبنائے ہرمز کیلئے کسی بھی نئے بحری راستے کا اعلان ناقابل قبول اور انتہائی خطرناک ہے، آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرگاہ صرف ان مخصوص روٹس کے ذریعے ہی ممکن ہے جو ایران نے باقاعدہ طور پر مقرر کئے ہیں۔

انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کیلئے پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے ساتھ کوآرڈینیشن لازمی ہے، ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کو کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز عمان نے اعلان کیا تھا کہ اس نے آبنائے ہرمز سے جہاز رانی کے عمل کو آسان اور تیز بنانے کیلئے ایک نیا سمندری راستہ کھول دیا ہے، تاہم پاسدارانِ انقلاب کے بیان میں واضح نہیں بتایا گیا کہ آیا یہ یہی وہ نیا راستہ ہے یا نہیں۔

واضح رہے کہ عمان نے آبنائے ہرمز میں عارضی بحری راستہ فراہم کیا ہے، عمانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ راہداری کی کوئی فیس عائد نہیں ہوگی، جہاز عمانی حکام سے رابطہ کر کے گزریں گے۔

آبنائے ہرمز کی ٹریفک معمول کی طرف واپس آ گئی ہے، میری ٹائم ٹریکر

برسلز میں قائم کمپنی نے کہا ہے کہ 23 جون کو 31 بحری جہازوں نے آبنائے ہرمز عبور کی ہے، تجارتی اور توانائی سے منسلک دونوں جہاز آگے بڑھ رہے ہیں۔

زیادہ تر جہاز مغرب سے مشرق کی طرف جا رہے ہیں، ایرانی، عمانی اور بین الاقوامی راستے استعمال کیے جا رہے ہیں، آبی گزرگاہ امریکہ ایران مفاہمت کی یادداشت کے تحت کام کر رہی ہے۔ 

اٹلی نے ایران جنگ میں امریکہ کو مدد فراہم کرنے کا نیٹو چیف کا بیان مسترد کر دیا

اٹلی کے وزیر خارجہ نے نیٹو کے سربراہ مارک روٹے کے بیان کی تردید کر دی ہے جس میں انہوں کہا تھا کہ روم نے ایران کے خلاف امریکہ اسرائیل جنگ کی حمایت میں 500 امریکی فوجی طیاروں کو ملک سے اڑان بھرنے کی اجازت دی تھی۔

نیٹو چیف کے اس دعوے کے ردعمل میں اطالوی وزیر خارجہ گوئیڈو کروسیٹو نے مارک روٹے کے بیان کو گمراہ کن قرار دیا اور کہا اٹلی نے تکنیکی اور لاجسٹک سرگرمیوں کی اجازت دی تھی۔ 

مارک روٹے کا بیان جنگ میں نیٹو کی فعال شمولیت کا واضح اور سنگین اعتراف ہے، ایران

 ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے کے اس بیان پر سخت ردعمل دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ یورپی اتحادیوں نے ایران پر حملوں میں امریکہ اور اسرائیل کی حمایت کی ہے۔

اسماعیل بقائی نے مارک روٹے کے بیان کو جنگ میں نیٹو کی فعال شمولیت کا واضح اور سنگین اعتراف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اتحاد اور اس کے وہ رکن ممالک جو اس کارروائی میں شامل رہے ہیں انہیں اس کے تمام نتائج کی ذمہ داری قبول کرنی ہوگی۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے خاص طور پر اٹلی اور رومانیہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں وضاحت دینی چاہیے کہ انہوں نے اس تعاون کا فیصلہ کیوں کیا۔

اٹلی نے اپنے علاقوں سے 500 امریکی طیاروں کو پرواز کی اجازت دی، نیٹو چیف

نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے نے کہا ہے کہ اٹلی نے اپنے علاقے میں موجود امریکی اڈوں سے تقریباً 500 امریکی طیاروں کو پرواز کی اجازت دی۔

فاکس نیوز کو انٹرویو میں مارک روٹے نے کہا کہ اٹلی کی جانب سے امریکی طیاروں کو پرواز کی اجازت کا مقصد ایران کے خلاف آپریشن ایپک فیوری کی حمایت تھا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ میں فضائی ٹریفک میں کمی آئی کیونکہ وہاں ایندھن بھرنے والے طیاروں کی سہولت کیلئے ایئر پورٹس استعمال کیے گئے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی پہلے ہی بڑھ چکی ہے اور مختلف فریقین ایک دوسرے پر الزامات عائد کر رہے ہیں۔

24 گھنٹوں میں 2 کروڑ بیرل تیل آبنائے ہرمز کے راستے عالمی منڈیوں کو روانہ ہوا، کرس رائٹ

امریکہ کے وزیر توانائی کرس رائٹ نے کہا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران آبنائے ہرمز کے راستے 2 کروڑ بیرل خام تیل عالمی منڈیوں کی جانب روانہ کیا گیا ہے۔

نیویارک میں عالمی توانائی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کرس رائٹ نے بتایا کہ تیل کی ترسیل کا عمل جاری ہے تاہم عالمی سطح پر تیل بردار جہازوں کی آمدورفت کو معمول پر آنے میں بعض رکاوٹوں کا سامنا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اہم آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز میں ایران کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگیں تیل کی ترسیل کو مکمل طور پر معمول پر لانے میں تاخیر کا سبب بن رہی ہیں۔

خیال رہے کہ عالمی توانائی کی رسد کیلئے آبنائے ہرمز انتہائی اہم راستہ ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ بین الاقوامی تیل منڈیوں پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔ 

مفاہمت سے متعلق متضاد امریکی بیانات تہران کے واشنگٹن پر عدم اعتماد میں اضافہ کریں گے، ایران

ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے خبردار کیا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے حوالے سے امریکی حکام کے متضاد بیانات ایرانی عوام کے واشنگٹن پر پہلے سے موجود عدم اعتماد کو کم کرنے کے بجائے مزید بڑھا سکتے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایسے بیانات ایرانی عوام کے جمع شدہ عدم اعتماد میں کمی لانے کیلئے کچھ نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بیانات ماضی میں کیے گئے وعدوں اور عہد کی خلاف ورزیوں کی یاد تازہ کرنے کا سبب بنیں گے تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کا اشارہ امریکی حکام کے کن مخصوص بیانات کی جانب تھا۔

ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ نے یہ بھی کہا کہ امریکی حکمران حلقوں کو یہ بات مد نظر رکھنی چاہیے کہ عہد کے بدلے عہد کے اصول کا تقاضا ہے کہ دونوں فریق اپنی باہمی ذمہ داریوں کو پورا کریں اور ایسے مفاہیم یا تشریحات سے گریز کریں جو مفاہمتی یادداشت کے متن میں موجود واضح الفاظ سے مکمل طور پر متصادم ہوں۔

اسماعیل بقائی نے زور دیا کہ کسی بھی معاہدے کی کامیابی کیلئے دونوں جانب سے طے شدہ شرائط اور ذمہ داریوں کا احترام ضروری ہے، بصورتِ دیگر باہمی اعتماد کی بحالی مشکل ہو جائے گی۔

ایران جنگ میں یورپ نے ہمارا ساتھ نہیں دیا، ٹرمپ کا نیٹو چیف سے ملاقات میں شکوہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو چیف مارک روٹے سے ملاقات میں شکوہ کیا ہے کہ ایران جنگ میں یورپ نے ہمارا ساتھ نہیں دیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر نے مارک روٹے سے کہا کہ نیٹو نے ایران جنگ میں ہمیں مایوس کیا، جرمنی، فرانس اور سپین نے بھی ہمیں مایوس کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم واضح برتری سے ایران جنگ جیت رہے ہیں، مذاکرات میں ایران کے ساتھ معاملات بہت اچھی طرح چل رہے ہیں، ایران بڑی رعایتیں دے رہا ہے۔

امریکی صدر نے ایک بار پھر ایران کو رقم دینے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایران امریکی کسانوں سے خوراک خریدے، ادائیگی منجمد اثاثوں سے ہوگی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ یوکرین جنگ نے دفاعی صنعت پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ 

ایرانی صدر کی خطے کے امن میں کردار ادا کرنے پر پاکستان کی تعریف

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ خطے میں امن کیلئے پاکستان نے انتھک کوششیں کیں، مفاہمتی یادداشت پر پاکستان کی ثالثی کا شکریہ ادا کرنے کیلئے اسلام آباد کا دورہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اپنے بھائیوں صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے مشاورت ہوئی، پاکستانی قیادت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید وسعت دینے پر گفتگو کی گئی۔ 

خطے میں عدم استحکام کا ذمہ دار امریکہ ہے، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ

ایک بیان میں ترجمان ایرانی وزیر خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران کے حامی گروہوں پر خطے میں بدامنی کا امریکی الزام مسترد کرتے ہیں۔

اسماعیل بقائی کا مزید کہنا تھا کہ جب تک امریکی مداخلت جاری رہے گی اور اسرائیل جنگیں مسلط کرتا رہے گا خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ 

ایران معاہدے کی پاسداری نہیں کرے گا تو مختلف آپشنز موجود ہیں: مارکو روبیو

 امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر ایران امریکا کے ساتھ ایک اچھا معاہدہ کرنا چاہتا ہے تو واشنگٹن اس کے لیے تیار ہے، تاہم اگر ایران مفاہمتی یادداشت کی پاسداری نہیں کرتا تو امریکا کے پاس مختلف آپشنز موجود ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کویت سٹی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیل کی قیمتیں مسلسل کم ہو رہی ہیں اور امریکا کے خلیجی ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم ہیں۔

مارکو روبیو نے کہا کہ کسی بھی ملک کو آبنائے ہرمز میں ٹول ٹیکس عائد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کیونکہ آبنائے ہرمز کا کھلا اور آزاد رہنا عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے ناگزیر ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ ایران مفاہمتی یادداشت کی مکمل پاسداری کرے اور طے شدہ شرائط پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔

امیرِ قطر کا شہباز شریف سے رابطہ، پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کو سراہا

وزیراعظم محمد شہباز شریف کو قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کا ٹیلیفون موصول ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق امیرِ قطر نے وزیراعظم کو پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں پر مبارکباد دی، جن کے نتیجے میں امریکہ اور ایران کے درمیان تاریخی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے پاکستان کی امن کوششوں کیلئے قطر کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر کا تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کوششوں اور قطر سمیت برادر ممالک کے کردار کی بدولت ممکن ہوئی۔

دونوں رہنماؤں نے سوئٹزرلینڈ کے علاقے برگن سٹاک میں ہونے والے تکنیکی سطح کے مذاکرات کے پہلے دور پر اطمینان کا اظہار کیا اور مذاکراتی عمل کو ہر قسم کی رکاوٹ سے محفوظ رکھنے پر زور دیا۔

امریکا ایران معاہدہ قومی اسمبلی میں پیش، مفاہمتی یادداشت دنیا نیوز کو موصول

 ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی کاپی دنیا نیوز کو موصول ہو گئی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے معاہدہ قومی اسمبلی میں پیش کر دیا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر 19 جون کو دستخط کیے گئے تھے، معاہدے کو قومی اسمبلی کے ریکارڈ کا حصہ بھی بنا دیا گیا ہے۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت ایران اور امریکا نے جنگی کارروائیوں کے فوری اور مستقل خاتمے پر اتفاق کیا ہے، معاہدے میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے خلاف کسی نئی جنگ یا فوجی کارروائی سے گریز کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

 

معاہدے کے مطابق ایران اور امریکا نے ایک دوسرے کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر اتفاق کیا ہے، حتمی معاہدے کے لیے مذاکرات مکمل کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کر دی گئی ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں مفاہمتی یادداشت پیش کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے کو باضابطہ طور پر اسمبلی ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔ 

اسرائیل کا جنوبی لبنان سے فوجیں نہ ہٹانے کا اعلان

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ اسرائیل جنوبی لبنان سے اپنی فوجیں واپس نہیں بلائے گا، چاہے اس حوالے سے امریکا کی جانب سے مطالبہ ہی کیوں نہ کیا جائے۔

اسرائیل کاٹز کا کہنا تھا کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کی موجودگی برقرار رہے گی اور ماضی جیسی صورتحال دوبارہ پیدا نہیں ہونے دی جائے گی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں سکیورٹی زونز میں سڑک کنارے بم دھماکے اور اسرائیلی فوجیوں پر حملے ہوتے رہے، اسی لیے اسرائیل ایسی صورتحال دوبارہ پیدا نہیں ہونے دے گا۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اسرائیلی حملوں اور زمینی کارروائیوں کے باعث بے گھر ہونے والے تقریباً 2 لاکھ افراد اپنے گھروں کو واپس نہیں آ سکیں گے۔  

ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے فیس وصول کی تو مذاکرات ختم ہو جائیں گے: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق غلط معلومات ملیں تو مذاکرات کو فوری ختم کردیئے جائیں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران نے امریکا کو آگاہ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں جہازوں سے نہ کوئی ٹول ٹیکس لیا جا رہا ہے اور نہ ہی انشورنس فیس وصول کی جا رہی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ معلومات غلط ثابت ہوئیں تو امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات فوری طور پر ختم کر دیے جائیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کے بعض منجمد فنڈز مکمل طور پر امریکی کنٹرول میں ہیں اور ان فنڈز کو امریکی کسانوں کو ادائیگی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

ان کے مطابق ایران ان منجمد فنڈز کے ذریعے امریکا سے مکئی، گندم، سویابین اور دیگر غذائی اجناس خرید سکتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کو خوراک کی شدید ضرورت ہے اور یہ خریداری صرف امریکا سے ہی کی جائے گی۔

ایرانی وزیر خارجہ کا حماس سے اہم رابطہ، حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے حماس کی سیاسی قیادت کے ایک سینئر رکن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات، خطے کی تازہ صورتحال اور فلسطین کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق عباس عراقچی نے حماس کے سیاسی بیورو کے رکن باسم نعیم سے گفتگو کے دوران مشرقِ وسطیٰ میں ہونے والی حالیہ پیش رفت اور ایران امریکا مذاکرات سے متعلق تبادلۂ خیال کیا۔

رپورٹس کے مطابق حماس نے ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے ابتدائی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس پیشرفت سے غزہ میں جاری کشیدگی اور تشدد کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران فلسطینی عوام اور ان کے جائز قومی حقوق کی مکمل حمایت جاری رکھے گا، ایران فلسطینیوں کی جدوجہد اور ان کے حقوق کے حصول تک ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

اسلام آباد مفاہمتی یادداشت امریکا کی شکست کا اعلان ہے: باقر قالیباف

ایرانی چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے ایران امریکا معاہدے کو امریکا کی شکست کا اعلان قرار دے دیا۔

آذربائیجان میں او آئی سی پارلیمانی یونین اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت دباؤ اور جبر کا نتیجہ نہیں، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت ایرانی قوم کی مزاحمت، استقامت اور طاقت کا مظہر ہے، یہ یادداشت امریکا کی شکست کا اعلان بن گئی ہے۔

ایرانی چیف مذاکرات کار کا کہنا ہے کہ خطے کے ممالک علاقائی سلامتی کو خود یقینی بنائیں، بیرونی مداخلت مسترد کر دیں، خطے کے ممالک کے ساتھ خود مختاری کے احترام کی بنیاد پر تعاون کیلئے تیار ہیں۔

ایرانی مذاکرات کار کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ مذاکرات اور مفاہمتی اقدامات پر عالمی سطح پر بحث جاری ہے۔

مختلف حلقے اس معاہدے کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں، جبکہ ایران اسے اپنی مزاحمتی پالیسی کی کامیابی کے طور پر پیش کر رہا ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق اس بیان سے واضح ہوتا ہے کہ تہران معاہدے کو سفارتی کامیابی کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہتا ہے، جبکہ مستقبل میں اس معاہدے کے عملی نتائج پر عالمی برادری کی گہری نظر برقرار رہے گی۔

آبنائے ہرمز سے گزرنے پر فیس لگانے کے ایرانی منصوبے کی حمایت نہیں کرینگے: قطر

قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے پر فیس لگانے کے ایرانی منصوبے کی حمایت نہیں کریں گے۔

برطانوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے قطری وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی بحالی کیلئے امریکا ایران ہاٹ لائن انتہائی اہم ہے، ہاٹ لائن کا مقصد غلط معلومات اور کسی بھی ممکنہ اشتعال انگیزی کو روکنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض عناصر معاہدہ سبوتاژ کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں، ضروری ہے کہ جہازوں کو ملنے والی کسی بھی دھمکی کی ایران سے تصدیق کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ قطر آبنائے ہرمز سےگزرنے پر فیس لگانے کے ایرانی منصوبے کی حمایت نہیں کرے گا، ایران نےکوئی مجوزہ ماڈل پیش کیا تو انہیں اس کے حق میں دلائل دینا ہوں گے اور ہمیں ایران کے مجوزہ ماڈل کا جائزہ لینا ہوگا۔

قطری وزیراعظم نے کہا کہ دنیا تک ہماری رسائی کے واحد راستے پر کسی اور کا کنٹرول قابل قبول نہیں ہوگا، امید ہے 30 دن میں بحری سرگرمیاں جنگ سے پہلے کی سطح کے قریب پہنچ جائیں گی، قطر چند ہفتوں میں ایل این جی پیداوار معمول پرلانےکا ارادہ رکھتا ہے لیکن ایل این جی پیداوار معمول پرلانا ہرمز میں صورتحال معمول پر آنے سے مشروط ہوگا۔

محسن نقوی کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں پاک ایران تعلقات، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور حالیہ امن پیشرفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں ہونے والے مشترکہ اعلامیے پر ایرانی ہم منصب کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ پیش رفت ایران کی حکومت اور قیادت کی سنجیدہ اور مخلصانہ کوششوں کے بغیر ممکن نہ تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے خطے اور دنیا میں امن و استحکام کا خواہاں رہا ہے اور مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا،امید ہے حالیہ امن معاہدے کے خطے پر مثبت اور دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

ایرانی وزیر داخلہ نے پاکستان میں اپنے دورے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جلد وہ پاکستان کا تفصیلی دورہ کریں گے جس کا مقصد دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔

ملاقات میں سکیورٹی تعاون، انسداد دہشتگردی، سائبر سکیورٹی اور امیگریشن سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا، ایرانی وزیر داخلہ نے ایران امریکہ مذاکرات میں پاکستان کے کردار اور پاکستانی عوام کی حمایت کو بھی سراہا۔

ملاقات میں وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری، سیکرٹری داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ 

امریکا ایران مذاکرات: پاکستان اور قطر فریقین کے ورکنگ گروپس کیساتھ رابطے میں رہیں گے: دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کی تکنیکی ٹیمیں امریکا ایران مذاکرات کیلئے قائم کی گئی تکنیکی ٹیموں کے ساتھ رابطے میں رہیں گی۔

صحافیوں کو ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرانی نے بتایا کہ21 جون کو سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں ایران امریکا مذاکرات کا دوسرا دور ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی نمائندگی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسرے مرحلے کیلئے 3 مخصوص تکنیکی ورکنگ گروپس بنائے گئے ہیں، پہلا گروپ نیوکلیئر پروگرام سے متعلق معاملات کو دیکھ رہا ہے، دوسرا گروپ پابندیوں اور منجمداثاثوں کے امورکا جائزہ لے رہا ہے جبکہ تیسرا گروپ لبنان کی صورتحال پر کام کررہا ہے۔ پاکستان اور قطری کی تکنیکی ٹیمیں امریکا اور ایران کی تکنیکی ٹیموں کے ساتھ رابطے میں رہیں گی۔

ان کا کہنا تھا مختلف ملکوں نے خطے میں قیام امن کے کردار پر پاکستان کی تعریف کی، پاکستان علاقائی امن کئلیے اپنے تعمیری کردار پر عالمی برادری کی ستائش کا خیرمقدم کرتا ہے، ثالثی اور امن کوششوں میں پاکستانی میڈیا نے بھی ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔

ایران کے جوہری افزودگی مراکز کا معائنہ کیا جائے گا: سربراہ آئی اے ای اے

بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے کہا ہے کہ ایجنسی کے انسپکٹرز بالآخر ایران کی جوہری افزودگی کی تنصیبات کا معائنہ کریں گے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹوکیو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رافیل گروسی نے کہا کہ چاہے یہ عمل پرسوں ہو، 1 ہفتے بعد ہو یا 10 دن بعد، یہ اہم ضرور ہے لیکن فیصلہ کن نہیں، یہ معائنہ بہرحال ہو گا۔

خیال رہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کی نگرانی اور بین الاقوامی معائنوں کے حوالے سے امریکی اور ایرانی حکام کے مؤقف میں نمایاں اختلاف پایا جاتا ہے۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا دعویٰ ہے کہ ایران نے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے معائنہ کاروں کو دوبارہ ملک میں آنے کی اجازت دینے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

دوسری جانب ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی رافیل گروسی سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی ممکنہ معائنے کے حوالے سے کوئی واضح شیڈول طے پایا ہے۔

ایران امریکا جنگ میں پاکستان کے مصالحتی کردار کے سبب معاشی بہتری کے امکانات روشن

ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے دوران پاکستان کے مصالحتی کردار کے سبب معاشی بہتری کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق ایران اور امریکا کے امن معاہدے کی پیشرفت سے پاکستان کا عالمی تشخص بہتر ہوا ہے، عالمی تشخص میں بہتری کے باعث پاکستان کو معاشی فوائد حاصل کرنے کا بھی موقع ملا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان مشرقِ وسطیٰ کا بڑا حصہ بن کر وسیع معاشی اور دفاعی شراکت داریاں قائم کر سکتا ہے۔

نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایران پر پابندیوں میں نرمی سے پاکستان اور ایران کے درمیان بڑے تجارتی مواقع پیدا ہو سکتے ہیں جس سے دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔

امریکی عوام نے ایران میں ٹرمپ کی تاریخی غلطی کی قیمت چکائی ہے: چک شومر

امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹ رہنما چک شومر نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے ایران جنگ سے امریکی عوام کو کنفیوژن، افراتفری اور بھاری قیمت کے سوا کچھ نہیں دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جنگ کے ہر سیکنڈ کے ساتھ امریکی عوام کے اخراجات بڑھتے جا رہے ہیں، امریکی عوام نے ایران میں ٹرمپ کی تاریخی غلطی کی قیمت چکائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تاریخ میں امر یکا بلکہ کسی بھی ملک کی جانب سے کی گئی بدترین خارجہ پالیسی کی مہم کے طور پر درج ہوگی، یہ مضحکہ خیز اور مہنگی جنگ ہے، جس کا کوئی مقصد نہیں۔

چک شومر کا کہنا تھا کہ ایران جنگ کا خاتمہ ہونا چاہیے، ٹرمپ کو یہ جنگ کبھی شروع ہی نہیں کرنی چاہیے تھی۔

امریکی صدر قرارداد کی منظوری پر برہم، سینیٹ نے مجھے روک کر دشمن کی مدد کی: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے متعلق امریکی سینیٹ کے وار پاورز ایکٹ ووٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ووٹنگ کو بے معنی قرار دے دیا۔

اپنے بیان میں امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں نے ایران کو مکمل دباؤ میں لے رکھا ہے، وہ شکست کے دہانے پر کھڑا ہے، ایران ہمیں عملی طور پر ہر وہ چیز دینے پر آمادہ ہے جو ہم چاہتے ہیں، کئی دہائیوں میں پہلی بار ایران امریکا اور اس کے صدر کو بھرپور احترام دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی سینیٹ نے ایک بے وقت اور بے معنی وار پاورز ایکٹ ووٹ کرایا، سینیٹ نے ایران کو یہ پیغام دیا کہ امریکا میری کارروائیوں کو پسند نہیں کرتا، سینیٹ نے مجھے روک کر دشمن کی مدد اور حوصلہ افزائی کی ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ 4 ریپبلکن سینیٹرز اور ناکام سیاست دانوں نے ڈیموکریٹس کا ساتھ دیا، ان سینیٹرز نے میرا کام مزید مشکل بنا دیا ہے، میں اپنا کام ہر ممکن طریقے سے مکمل کر کے رہوں گا، میں ہمیشہ اپنے مقاصد حاصل کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ امریکی سینیٹ نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی روکنے کی قرار داد واضح اکثریت سے منظور کر لی۔

امریکی سینیٹ نے 48 کے مقابلے میں 50 ووٹوں سے ایران کے خلاف فوجی کارروائی روکنے سے متعلق مشترکہ قرارداد کے حق میں فیصلہ دے دیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق قرار داد اس ماہ کے آغاز میں ایوان نمائندگان سے بھی منظور ہوچکی ہے، امریکی سینیٹ میں ری پبلکنز کو اکثریت حاصل ہے۔

اسرائیل کے پاس لبنانی سرزمین سے مکمل انخلا کے علاوہ کوئی راستہ نہیں: حزب اللہ

حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ اسرائیل کے پاس اس کے سوا کوئی راستہ نہیں کہ وہ طے شدہ وقت کے مطابق لبنانی سرزمین سے مکمل طور پر انخلا کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرحدی علاقوں میں لبنانی فوج کی تعیناتی کے بدلے اسرائیل کو لبنان کے تمام مقبوضہ علاقوں سے نکلنا ہوگا۔

نعیم قاسم نے  کہا اس وقت جنگ بندی نافذ ہے اور اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل کو مکمل پسپائی اختیار کرنا ہوگی اور وہ لبنان کی سرزمین کا ایک انچ بھی اپنے قبضے میں نہیں رکھ سکتا۔

سربراہ حزب اللہ کا مزید کہنا تھا کہ کہ جنگ بندی کے پائیدار اور مؤثر رہنے کے لیے ضروری ہے کہ اسرائیل طے شدہ شرائط کے مطابق مکمل انخلا کرے اور لبنانی خودمختاری کا احترام کیا جائے۔

آبنائے ہرمز عالمی گزرگاہ، کوئی ٹول ٹیکس وصول نہیں کر سکتا: امریکا

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کو آبنائے ہرمز میں جہازوں سے ٹول وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ابوظہی میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز بین الاقوامی آبی گزرگاہ ہے اور بین الاقوامی قانون کے تحت کسی ملک کو اس پر ٹول یا فیس عائد کرنے کا حق حاصل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر خطے میں کسی کو قائل کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ سب کا اس پر اتفاق ہے، جب تک ایران کے حمایت یافتہ گروہ عراق سے میزائل اور ڈرون حملے جاری رکھے ہوئے ہیں اس وقت تک تنازع کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں، یہ معاملہ مذاکرات میں زیر بحث آئے گا، ایران انقلابی تحریک کے بجائے عام ریاست بننے کا فیصلہ کرے تو ترقی کے بڑے مواقع مل سکتے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ نے منگل کے روز متحدہ عرب امارات سے خلیجی دورے کا آغاز کیا، اس دوران وہ کویت اور بحرین بھی جائیں گے۔

اسرائیل ایران کے خلاف اکیلا بھی کارروائی کر سکتا ہے، اتمار بن گویر

اسرائیلی چینل 7 کو انٹرویو میں اتمار بن گویر نے کہا ہے کہ اگر امریکہ یہ سمجھتا ہے کہ ایران اپنا جوہری پروگرام ترک کر دے گا تو یہ بڑی سادگی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اس معاملے میں بہت سادہ لوح ہے، وہ یہ توقع رکھتا ہے کہ ایران اپنا جوہری پروگرام ختم کر دے گا اور اسرائیل کے خلاف مبینہ عزائم سے دستبردار ہو جائے گا۔

بن گویر کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایرانی خطرے کا مقابلہ کرے اور اگر ضرورت پڑے تو اکیلے ہی کارروائی کرے۔

انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے وزیر نے یہ بھی کہا کہ حالات اسرائیل کو اس بات پر مجبور نہیں کر سکتے کہ وہ کسی دوست ملک کی ہدایات کے مطابق چلے، چاہے وہ دوست کتنا ہی اہم کیوں نہ ہو۔

ٹرمپ کے قریبی اتحادیوں کی اسرائیل کو اعتماد میں لینے کی کوشش

امریکہ اور ایران کے درمیان عبوری معاہدے اور وائٹ ہاؤس کی جانب سے اسرائیل پر تنقید کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے دوران ٹرمپ کے قریبی اتحادیوں نے اسرائیل کو اعتماد میں لینے کی کوشش کی ہے۔

امریکہ میں اسرائیل کے سفیر مائیک ہکابی سمیت دیگر اعلیٰ امریکی شخصیات نے اسرائیلی خدشات کو کم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن اور تل ابیب کے تعلقات مضبوط ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ باہمی اختلافات کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان اتحاد برقرار رہے گا، موجودہ سفارتی اختلافات امریکہ اور اسرائیل کے سٹریٹجک تعلقات کو متاثر نہیں کریں گے۔

منجمد فنڈز سے امریکی زرعی مصنوعات کی خریداری کوئی لازمی شرط نہیں، ایران

ایران کے مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی نے کہا ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ معاہدے کے تحت ایران کو ملنے والے منجمد فنڈز میں سے رقم امریکی زرعی مصنوعات کی خریداری پر خرچ کی جا سکتی ہے تاہم اس حوالے سے کوئی لازمی شرط عائد نہیں کی گئی۔

ویڈیو پیغام میں عبدالناصر ہمتی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوے کی تردید کی کہ معاہدے کے تحت ایران پابند ہے کہ وہ یہ رقم صرف امریکی برآمدات کی خریداری پر خرچ کرے۔

انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے تہران کو ابتدائی طور پر جاری کیے گئے 12 ارب ڈالر ضروری اشیا اور ادویات کی خریداری کیلئے استعمال کیے جائیں گے لیکن اس سے ایران کو یہ سہولت ملے گی کہ وہ اپنے دیگر مالی وسائل اپنی ضرورت اور ترجیحات کے مطابق خرچ کر سکے۔ 

امریکی عوام کی اکثریت کو جنگ بندی زیادہ عرصہ برقرار نہ رہنے کا خدشہ

ہر چار میں سے صرف ایک امریکی شہری کا خیال ہے کہ ایران کے خلاف جنگ نقصانات کے مقابلے میں فائدہ مند ثابت ہوئی، جبکہ اکثریت کو خدشہ ہے کہ جنگ بندی زیادہ عرصہ برقرار نہیں رہ سکے گی۔

رائٹرز اور اپسوس سروے کے نتائج کے مطابق جنگ کے اثرات صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی عوامی مقبولیت پر براہ راست پڑے ہیں، ان کی مقبولیت کی شرح کم ہو کر 34 فیصد رہ گئی جو ان کی دوسری صدارتی مدت کے دوران اپریل میں ریکارڈ کی گئی کم ترین سطح کے برابر ہے۔

سروے میں شامل صرف 23 فیصد افراد کا ماننا ہے کہ جنگ کے بعد ایران کے مقابلے میں امریکا کی پوزیشن زیادہ مضبوط ہوئی ہے، 35 فیصد کے نزدیک امریکہ اب پہلے کے مقابلے میں کمزور پوزیشن میں ہے۔

نتائج کے مطابق 50 فیصد جواب دہندگان نے کہا یہ تنازع اپنے اخراجات اور نتائج کے اعتبار سے فائدہ مند نہیں تھا جبکہ باقی افراد نے اس بارے میں کوئی واضح رائے دینے سے گریز کیا یا غیر یقینی کا اظہار کیا۔

امریکی سینیٹ نے ایران کیخلاف فوجی کارروائی روکنے کی قرار داد منظور کر لی

امریکی سینیٹ نے 48 کے مقابلے میں 50 ووٹوں سے ایران کے خلاف فوجی کارروائی روکنے سے متعلق مشترکہ قرارداد کے حق میں فیصلہ دے دیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق قرار داد اس ماہ کے آغاز میں ایوان نمائندگان سے بھی منظور ہوچکی ہے، امریکی سینیٹ میں ری پبلکنز کو اکثریت حاصل ہے۔ 

پاکستان اور ایران یک جان دو قالب کی طرح ہیں: ایرانی صدر مسعود پزشکیان

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے شاندار میزبانی پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی تقریر کا آغاز مفکرِ پاکستان علامہ اقبالؒ کے شعر سے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان صرف ایران کا ہمسایہ نہیں بلکہ بھائی اور قریبی دوست بھی ہے، جبکہ دونوں ممالک "یک جان، دو قالب" ہیں۔

ایرانی صدر نے کہا کہ اسلام آباد اور تہران کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مستقبل پر مبنی ہیں، حالیہ واقعات نے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت دی ہے جبکہ مذاکراتی عمل میں پاکستان نے بہترین کردار ادا کیا اور امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اس کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔

وزیراعظم اور ایرانی صدر کی پریس کانفرنس، مشترکہ امن کوششوں کا اعادہ

وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک ایران تعلقات، خطے میں امن اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب کا آغاز فارسی میں اظہارِ خیال اور ایک شعر سے کیا، جس پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور وفد نے مسکراتے ہوئے تالیاں بجا کر بھرپور پذیرائی کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ "دوست وہی ہوتا ہے جو مشکل وقت میں ہاتھ تھامے"، اور ایران کے ساتھ پاکستان کی گہری دوستی کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے ایرانی صدر کے دورۂ پاکستان کو باعثِ مسرت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر مسعود پزشکیان ایک عظیم ملک کے عظیم رہنما ہیں اور بطور ڈاکٹر انسانیت کے لیے ان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں، پاکستان نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر بطور ثالث دستخط کیے اور امن معاہدے کے لیے مخلصانہ سفارتی کوششیں کیں۔ 

ایرانی صدر کے دورہ پاکستان پر پاک فضائیہ کا شاندار فضائی استقبال

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی پاکستان آمد پر پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے شاندار فضائی استقبال کیا۔

پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی ایرانی صدر کے طیارے کو پاک فضائیہ کے خصوصی اسکواڈ نے سلامی پیش کی، جے ایف-17 تھنڈر اور ایف-16 جنگی طیاروں پر مشتمل چھ جہازوں کی فارمیشن نے صدارتی طیارے کو فضائی حصار میں لے کر اس کا پرتپاک استقبال کیا۔

فضائی فارمیشن کے لیڈر نے وزیراعظم پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ایرانی صدر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ 

اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں امن کی بڑی کامیابی ہے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اپنے بھائی مسعود پزشکیان کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، اور ہم آج یہاں خطے کے روشن مستقبل کے لیے جمع ہوئے ہیں، الحمدللہ۔

اسلام آباد میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس تاریخی پیش رفت پر انہیں بے حد خوشی ہے اور یہ معاہدہ خطے میں امن و استحکام کی جانب ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے حصول کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انتھک محنت کی، جبکہ پاکستان خطے کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا مثبت کردار آئندہ بھی جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے ایرانی قیادت، عوام اور ان کے عزم و حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مذاکراتی عمل کامیاب ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے پاکستان کی ثالثی پر اعتماد کیا، جس پر ہم تہہ دل سے شکر گزار ہیں، اور پائیدار معاہدے تک پاکستان اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔

شہباز شریف نے اظہارِ امید کیا کہ ایران جلد ایک بڑی معاشی طاقت بن کر ابھرے گا، پاکستان اور ایران ہمیشہ کے لیے دوست اور بھائی ہیں۔

لبنان اور اسرائیل مذاکرات کا پانچواں دور واشنگٹن میں شروع، سفارتی سرگرمیاں تیز

لبنان اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز ہو گئی ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا پانچواں دور واشنگٹن میں شروع ہو گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق لبنانی اور اسرائیلی وفود کے درمیان مذاکرات امریکی محکمہ خارجہ میں جاری ہیں، جو امریکا کی ثالثی میں ہو رہے ہیں۔

لبنانی صدر جوزف عون نے کہا ہے کہ مذاکرات کا یہ نیا دور دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی میں کمی لانے کے حوالے سے فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔  

آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بحال، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی

آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بحال ہونے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت 1.32 ڈالر کمی کے بعد 72 ڈالر 54 سینٹ فی بیرل ہو گئی ہے۔

اسی طرح برطانوی خام تیل کی قیمت میں بھی 1.40 ڈالر کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد فی بیرل قیمت 76 ڈالر 50 سینٹ پر آگئی ہے۔

ماہرین کے مطابق خطے میں صورتحال میں بہتری اور سپلائی کے تسلسل کے باعث عالمی منڈی میں قیمتوں پر دباؤ کم ہوا ہے۔

فیلڈ مارشل سے ایرانی صدر کی ملاقات، علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا

 فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر سے ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل اور ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے علاقائی صورتحال،امن اقدامات اورباہمی دلچسپی کےامورپرتبادلہ خیال کیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر نے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار ، تنازعات کے پرامن حل اور فریقین کے درمیان افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

دوسری جانب فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورانِ گفتگو خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

علاوہ ازیں آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں اطراف سے پاکستان ایران تعلقات مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی مشاورت کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

پاکستان اور ایران کا برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

صدر آصف علی زرداری اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کی جانب سے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کیا اور خطے میں پائیدار امن کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا۔

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے امن اور مکالمے کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔

ملاقات میں اقتصادی تعاون، رابطہ کاری اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

 

صدر زرداری نے اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کا خیرمقدم کرتے ہوئے مستقل امن کی امید ظاہر کی، انہوں نے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

ایرانی صدر نے حالیہ مشکل حالات میں پاکستان کی حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

ایرانی صدر کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں استقبالیہ تقریب

ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایرانی صدر کی وزیراعظم ہاؤس آمد پر پرتپاک خیرمقدم کیا، اس موقع پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا، جبکہ ایرانی صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔

تقریب کے دوران دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے، وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے ارکان کا ایرانی صدر سے تعارف کرایا جبکہ ایرانی صدر نے بھی اپنے وفد کے ارکان کو وزیراعظم سے متعارف کرایا۔

 

ایران نے سخت جوہری معائنوں پر اتفاق کر لیا، مزید بحری ناکہ بندی جاری نہیں رکھی جائے گی: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران نے اعلیٰ سطح کے جوہری معائنوں پر طویل المدتی اتفاق کر لیا ہے جبکہ آبنائے ہرمز میں مزید بحری ناکہ بندی جاری نہیں رکھی جائے گی۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر دوبارہ ناکہ بندی کیلئے تمام بحری جہاز اپنی پوزیشن پر موجود رہیں گے تاہم ناکہ بندی کی بحالی کا امکان انتہائی کم دکھائی دیتا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ایران کیلئے جاری کی جانے والی رقوم امریکی نگرانی والے ایسکرو اکاؤنٹ میں رکھی جائیں گی اور یہ فنڈز صرف خوراک اور طبی سامان کی خریداری پر خرچ کیے جا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کیلئے مکئی، گندم اور سویا بین امریکی کسانوں سے خریدے جائیں گے کیونکہ ایران کو خوراک اور طبی سامان کی شدید ضرورت ہے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق آبنائے ہرمز سے ایک دن میں 19 ملین بیرل تیل کی ترسیل ہوئی۔

ایرانی صدرمسعود پزشکیان پاکستان پہنچ گئے

ایرانی صدرمسعود پزشکیان ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں جہاں ان کے طیارے نے اسلام آباد کے نور خان ائیربیس پر لینڈ کیا، پاک فضائیہ کے جے ایف 17 طیاروں اور 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

نور خان ائیر بیس پر صدرآصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایرانی صدر کا استقبال کیا۔

ایرانی صدر جس طیارے پر پاکستان آئے اس کا نام ’میناب‘ ایران میں سکول پر حملے میں شہید بچوں کے نام پر رکھا گیا ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ دورے کا مقصد امریکا ایران ثالثی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہنا ہے، وہ اپنے دورے میں ثالثی کردار پر وزیرا‏عظم شہباز شریف کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔ 

مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی نے توانائی کے سب سے بڑے بحران کو جنم دیا: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خبردار کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع نے توانائی کے تمام بحرانوں کی ماں کو جنم دے دیا ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں کہا کہ بہت سے ترقی پذیر ممالک کے لیے یہ صرف توانائی کا بحران نہیں بلکہ قرضوں، خوراک اور ترقی سے متعلق ایک بڑا دھچکا بھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی امن معاہدہ انتہائی ضروری ریلیف فراہم کرے گا، تاہم اس تنازع کے اثرات طویل عرصے تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد مفاہمتی یادداشت دیرپا اور پائیدار معاہدے کی راہ ہموار کرے گی: وزیراعظم

 وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران امریکہ مفاہمت میں تاریخی کردار ادا کیا، تاہم مفاہمتی یادداشت دیرپا اور پائیدار معاہدے کی راہ ہموار کرے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی ہو چکی ہے جبکہ آئندہ 60 روز کے دوران تکنیکی سطح پر مذاکرات اور بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا، یہ مفاہمتی یادداشت مستقبل میں ایک مکمل اور دیرپا امن معاہدے کی شکل اختیار کر لے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے قیامِ امن کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے اور آج دنیا کے بڑے عالمی جرائد اور اخبارات میں پاکستان کے مثبت کردار کو نمایاں انداز میں سراہا جا رہا ہے، تمام عالمی اخبارات کے فرنٹ پیجز پر پاکستان کا ذکر موجود ہے، جو ملک کی سفارتی کامیابی کا ثبوت ہے۔

جنوبی لبنان میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

لبنان کے سول ڈیفنس اور ایک سکیورٹی ذرائع نے اس واقعہ کی تصدیق کی ہے، یہ واقعہ گزشتہ ہفتے امریکہ کی ثالثی میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ہونے والی جنگ بندی کے باوجود پیش آنے والے تازہ مہلک واقعات میں سے ایک ہے۔

لبنان کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے جنوبی لبنان کے علاقے نبطیہ الفوقہ کے محلہ الدیر میں سڑک صاف کرنے والے بلڈوزر کے قریب موجود افراد کے ایک گروپ پر فائرنگ کی۔

ایرانی صدر اسلام آباد کے لیے روانہ، پاکستان نے قابل ذکر کوششیں کیں: مسعود پزشکیان

ایران کے صدر مسعود پزشکیان پاکستان کے دورے کے لیے تہران سے روانہ ہو چکے ہیں۔

ایران کے نیم سرکاری میڈیا ادارے تسنیم کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے روانگی سے قبل پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی کوششیں قابل ذکر تھیں۔

تسنیم کے مطابق ایرانی صدر نے یہ بھی کہا کہ اس دورے کا مقصد نہ صرف پاکستان کے تعاون کی تعریف کرنا ہے بلکہ امریکہ کے ساتھ معاہدے پر عملدرآمد کا جائزہ لینا بھی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ تمام شقوں پر بین الاقوامی قوانین اور ایران کے جائز حقوق کے مطابق عمل کیا جائے۔

پزشکیان نے مزید کہا کہ معاہدے پر عملدرآمد بہت سے علاقائی چیلنجز کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے اور ایک ایسے وقت میں زیادہ سے زیادہ استحکام پیدا کر سکتا ہے جب اسلامی ممالک کے خلاف اسرائیلی حملے اور فوجی جارحیت جاری ہے۔

عالمی معائنہ کاروں کو جوہری مقامات کا دورہ کرانے کا ارادہ نہیں: اسماعیل بقائی

ایران وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا اسرائیل جنگ کے خلاف ایران کا ردعمل استقامت، دفاع، وقار اور فخر کی داستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے ہر مرحلے پر اپنی خودمختاری اور قومی عزت کے دفاع کو اولین ترجیح دی، ہم جوہری توانائی ایجنسی کے معائنہ کاروں کو جوہری مقامات کا دورہ کروانے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ منجمد اثاثوں کے استعمال پر کوئی پابندی نہیں، فنڈز مکمل آزادی سے استعمال ہوں گے، فنڈز کے استعمال کے طریقہ کار پر کسی بیرونی شرط کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ تنازع ایران کی تہذیب کے خاتمے کی کوششوں سے جڑا ہوا ہے، منجمد رقوم کا استعمال ایران اپنی قومی پالیسی کے مطابق کرے گا۔

ایران امریکہ تکنیکی مذاکرات مکمل، جامع پیشرفت ہوئی: کاظم غریب آبادی

ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے بتایا کہ سوئٹزرلینڈ میں امریکا کے ساتھ مذاکرات میں اہم اور جامع پیش رفت حاصل ہوئی، چار ورکنگ گروپس قائم کرنے پر اتفاق ہوا، فنی سطح پر مذاکرات کے عملی طریقہ کار پر اتفاق کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کاروں نے فیصلہ کیا کہ چار ورکنگ گروپس پابندیوں کے خاتمے کا گروپ، جوہری امور کا گروپ، تعمیرِ نو اور اقتصادی ترقی کا گروپ اور نگرانی و نفاذ کا گروپ قائم کیے جائیں گے۔

کاظم غریب آبادی کے مطابق معاہدے کے تحت آئندہ مذاکرات ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کی نگرانی میں ہوں گے، کمیٹی میں ایران کی جانب سے باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی شامل ہوں گے، کمیٹی میں امریکی نمائندگی نائب صدر جے ڈی وینس کریں گے، پاکستان و قطر کے وزرائے اعظم بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

اسرائیل نے جنگ بندی توڑی تو خاموش نہیں رہیں گے: حزب اللہ

 لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی تو اس کا جواب اسی انداز میں دیا جائے گا۔

ایرانی پریس ٹی وی کے مطابق محمود قماطی نے کہا کہ حزب اللہ اب ماضی کی صورتحال میں واپس نہیں جائے گی جب اسرائیلی فوج تقریباً روزانہ لبنان میں حملے کرتی تھی جبکہ حزب اللہ جنگ بندی کے احترام میں تحمل کا مظاہرہ کر رہی تھی۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ مکمل طور پر چوکس ہے اور ہر قسم کی ممکنہ خلاف ورزی کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے، تنظیم کے جنگجو ہر وقت تیار حالت میں ہیں اور اسرائیلی اقدامات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

امریکی مصنوعات خریدنے کے پابند نہیں: ایران

ایران کے مرکزی بینک کے گورنر عبدالنصر ہمتی نے کہا ہے کہ ایران امریکہ سے زرعی سامان خریدنے کا پابند نہیں تاہم اگر امریکی قیمتیں اور معیار دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ موزوں ہیں تو ہمیں امریکہ سے تجارت میں کوئی رکاوٹ نہیں۔

عبدالنصر ہمتی نے یہ بھی کہا کہ ایران کی حالیہ زرعی خریداری میں امریکی اور یورپی یونین کی بڑی فرمیں معمول کے مطابق شامل ہیں، مناسب قیمت اور معیار ہی شرط ہے۔ 

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایران کے جو منجمد اثاثے بحال کیے جا رہے ہیں، وہ انہیں امریکہ سے خوراک خریدنے کے لیے استعمال کرے گا۔

معاہدوں پر عمل ہی پیمانہ، بیانات سے مذاکرات آگے نہیں بڑھتے: ایرانی صدر

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ مذاکرات کی کامیابی کا انحصار طے شدہ معاہدوں پر مکمل عملدرآمد پر ہے، پیش رفت صرف اسی صورت ممکن ہے جب فریقین اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے لکھا کہ تسلیم شدہ معاہدوں پر درست اور مکمل عمل ہی اصل پیمانہ ہوگا، معاہدے سے ہٹ کر دیے گئے بیانات مذاکرات کو آگے نہیں بڑھا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ صرف عملی اقدامات ہی اعتماد اور پیش رفت کی ضمانت بن سکتے ہیں۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ چین کرے گا

 امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ امریکا اور ایران آبنائے ہرمز کو مستقل طور پر کھولنے اور تیل کی ترسیل بحال کرنے کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں، لیکن عالمی تیل مارکیٹ کا اگلا رخ چین کے فیصلے طے کر سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایران میں جنگ کے باعث روزانہ 1 کروڑ 10 لاکھ بیرل سے زائد تیل کی سپلائی متاثر ہوئی، تاہم اس کے باوجود عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں وہ بڑا اضافہ دیکھنے میں نہیں آیا جس کی کئی ماہرین نے پیش گوئی کی تھی، بعض تجزیہ کاروں کا خیال تھا کہ تیل کی قیمت 200 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے، لیکن ایسا نہ ہو سکا۔

توانائی کے شعبے سے وابستہ تحقیقی ادارے ایمبر کے ماہر دان والٹر کا کہنا ہے کہ چین نے ایشیا اور عالمی معیشت کو بڑے جھٹکے سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، چین نے تیل کی درآمدات کم کر کے، اپنے بڑے ذخائر استعمال کر کے اور صاف توانائی کے استعمال میں اضافہ کر کے اندرونِ ملک قیمتوں کے دباؤ کو کافی حد تک کم کیا، یہی وجہ ہے کہ عالمی منڈی میں بھی قیمتیں نسبتاً قابو میں رہیں۔

چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی ایرانی سکیورٹی عہدیدار غدیر نظامیپور سے ملاقات

چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے بھارت میں ایرانی سکیورٹی عہدیدار غدیر نظامیپور سے ملاقات میں ایران اور امریکا امن معاہدے پر عملدرآمد سمیت اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں نے جاری سفارتی پیش رفت کا جائزہ لیا، ایرانی وفد نے امن عمل کے حوالے سے چین کی سیاسی حمایت کو سراہا، دونوں رہنماؤں نے خطے میں استحکام اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان سرکاری دورے پر آج اسلام آباد پہنچیں گے

 ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی دعوت پر ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان 23 جون 2026 کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ایرانی صدر کے ہمراہ وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آئے گا، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے بعد جاری سفارتی روابط پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ترجمان نے بتایا کہ صدر مسعود پزشکیان اپنے دورے کے دوران صدرِ پاکستان سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیرِ اعظم پاکستان کے ساتھ باضابطہ مذاکرات بھی ہوں گے، ایرانی صدر چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی اور نائب وزیرِ اعظم سے بھی ملاقات کریں گے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر مسعود پزشکیان بطور صدر یہ ان کا پاکستان کا دوسرا دورہ ہوگا، دورے کے دوران دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیں گے، تجارت، توانائی، بارڈر سکیورٹی، عوامی روابط اور علاقائی رابطہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔

 

عمان کا آبنائے ہرمز میں بلا معاوضہ آمدورفت برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ

 عمانی وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے کہا ہے کہ انہوں نے ایرانی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں آبنائے ہرمز سے بلا معاوضہ اور محفوظ بحری آمدورفت کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں بدر البوسعیدی نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ مفاہمتی یادداشت خصوصاً آبنائے ہرمز سے متعلق شق پر تعمیری گفتگو ہوئی، ہم نے بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور آبنائے ہرمز سے بلا معاوضہ، محفوظ آمدورفت کے عزم کی توثیق کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے عمان کا دورہ کیا تھا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

ایران یورینیم باہر بھیجنے کے بجائے افزودگی کی سطح کم کرے گا: اسحاق ڈار

پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ لبنان پر اسرائیلی حملوں نے مذاکراتی عمل کو شدید متاثر کیا، امریکی اور ایرانی وفود کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششیں تقریباً رک گئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ مفاہمتی کوششوں کے بعد تکنیکی سطح کے مذاکرات دوبارہ شروع ہوئے، مذاکرات حالیہ مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کے لئے ہو رہے ہیں، یہ امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی کوششوں کا دوسرا مرحلہ ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا ہے کہ ایران یورینیئم باہر بھیجنے کے بجائے اس کی افزودگی کی سطح کم کرے گا، جوہری پروگرام، پابندیوں اور منجمد اثاثوں پر ورکنگ گروپس سرگرم ہیں، لبنان سے متعلق معاملات بھی مذاکراتی ایجنڈے میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے جہاز 60 روز تک بغیر کسی ٹیرف کے گزر سکتے ہیں، جہازوں کو صرف سٹینڈرڈ نیوی گیشن یا سروس فیس دینا ہوگی۔

امریکہ 12 ارب ڈالر کے منجمد اثاثے جاری کرے گا: باقر قالیباف

 ایران کے چیف مذاکرات کار باقر قالیباف نے کہا ہے کہ سوئٹزر لینڈ مذاکرات میں 12 ارب ڈالر کے منجمد اثاثوں کے اجرا کے لئے دستخط کو حتمی شکل دے دی گئی، آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمدو رفت پر رابطے کا نظام قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

باقر قالیباف کہتے ہیں اقدام کا مقصد کسی بھی قسم کے تصادم یا کشیدگی سے بچنا ہے، لبنان کی علاقائی سالمیت و خود مختاری کی ضمانت دینے پر اتفاق ہوا ہے، مذاکرات کے ذریعے لبنان کا مسئلہ حتمی حل تک پہنچ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مقاصد حاصل ہونے تک مذاکرات ترک نہیں کریں گے، صرف فوجی کامیابی کافی نہیں، فوائد سفارتکاری کے بغیر مکمل طور پر حاصل نہیں کئے جا سکتے۔

 

ایران معاہدے پر قائم نہ رہا تو وہی کروں گا جو مجھے کرنا ہے: صدر ٹرمپ کی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم مذاکرات کر رہے ہیں اور دیکھیں گے معاملات کیسے چلتے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران معاہدے پر قائم نہ رہا تو وہی کروں گا جو مجھے کرنا ہے، تہران جوہری شفافیت یقینی بنانے کیلئے راضی ہوگا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلی ہے، آبنائے ہرمز میں صورتحال اچھی ہے، جہازوں کی آمدورفت جاری ہے، آبی گزرگاہ کے حوالے سے ایران بہت اچھا کام کر رہا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نیچے آرہی ہیں۔

امریکا نے ایران کو خام تیل، پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کیلئے لائسنس جاری کر دیا

امریکا نے ایران کے لیے خام تیل اور پیٹرو کیمیکل مصنوعات کی ترسیل سے متعلق جنرل لائسنس جاری کر دیا ہے۔

امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق یہ لائسنس ایران کو خام تیل، پیٹرو کیمیکل مصنوعات کی پیداوار، ترسیل اور فروخت کی اجازت فراہم کرتا ہے، جس کی مدت 21 اگست 2026 تک ہوگی۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس لائسنس کے تحت ایرانی خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات کی امریکا میں درآمد کی بھی اجازت ہوگی۔

تاہم واضح کیا گیا ہے کہ ایران کے خام تیل یا پیٹرو کیمیکل مصنوعات کی شمالی کوریا، کیوبا اور یوکرین کو ترسیل کی اجازت نہیں ہوگی۔

امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مخصوص معاشی اور ریگولیٹری فریم ورک کے تحت کیا گیا ہے۔

 

خطے میں جنگ بندی چاہتے، حتمی معاہدے کی مضبوط بنیاد رکھ دی: جے ڈی وینس

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے اور آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے، خطے میں جنگ بندی چاہتے ہیں، مستقبل کے حتمی معاہدے کے لیے ایک مضبوط بنیاد بھی رکھ دی گئی ہے۔

سوئٹزرلینڈ میں میڈیا بریفنگ کے دوران جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ ایرانی وفد کے ساتھ معاملات کو آگے بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جس کے نتیجے میں متعدد اہم امور پر پیشرفت سامنے آئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایران جوہری معاملات پر پیشرفت کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کو دوبارہ مدعو کرنے پر بھی رضامند ہو گیا ہے۔

امریکی نائب صدر کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی مذاکرات شروع ہو چکے ہیں اور دونوں ممالک کی تکنیکی ٹیمیں مختلف امور پر کام کر رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت پر خوش ہونا چاہئے اور فریقین ایک کامیاب حتمی معاہدے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

جے ڈی وینس نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مستقل امن کے قیام کی ہدایت دی ہے اور امریکا پورے خطے میں جنگ بندی کا خواہاں ہے، ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ایسے واقعے سے بچنا ضروری ہے جو پورے خطے کو نئی کشیدگی کی لپیٹ میں لے لے۔

انہوں نے بتایا کہ لبنان میں جاری صورتحال اور اسرائیلی حملوں سے متعلق بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، امریکا لبنان میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مختلف طریقہ کار پر بات چیت کر رہا ہے اور چاہتا ہے کہ ایران حزب اللہ پر اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے حالات کو مزید خراب ہونے سے روکے۔

جے ڈی وینس نے واضح کیا کہ اسرائیل کی سکیورٹی ناگزیر ہے، تاہم لبنان کی خودمختاری کا تحفظ بھی ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔

ایرانی منجمد اثاثوں کے حوالے سے امریکی نائب صدر نے کہا کہ اگر یہ اثاثے بحال کیے جاتے ہیں تو ایران کو یقینی بنانا ہوگا کہ یہ رقم عوامی فلاح و ترقی پر خرچ ہو، انہوں نے زور دیا کہ منجمد اثاثے دہشت گردی یا پراکسی گروہوں کو مضبوط بنانے کے لیے استعمال نہیں ہونے چاہییں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی منجمد اثاثوں سے متعلق میڈیا میں بعض غلط رپورٹنگ ہوئی ہے، اگر یہ اثاثے جاری کیے گئے تو اس سے امریکی کسانوں کو بھی فائدہ ہوگا کیونکہ ایران امریکی سویا بین اور دیگر زرعی اجناس خرید سکے گا۔

جے ڈی وینس نے انکشاف کیا کہ ایرانی وفد نے ایک مرحلے پر مذاکرات سے واک آؤٹ کی دھمکی دی تھی، تاہم وہ مذاکراتی عمل میں شامل رہا، انہوں نے بتایا کہ ایرانی تکنیکی ٹیم اب بھی مذاکرات میں مصروف ہے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطے جاری ہیں۔

امریکی نائب صدر کے مطابق گزشتہ روز سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھی رابطے کیے گئے، خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔

ایرانی صدر کا دورہ پاکستان کل متوقع

ایرانی صدر کا کل بروز منگل ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آنے کا امکان ہے، ان کی وزیراعظم اور صدر سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ 

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے متوقع دورۂ پاکستان کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں، ریڈ زون میں پاکستان اور ایران کے قومی پرچم آویزاں کر دیے گئے ہیں، جبکہ مختلف شاہراہوں اور سرکاری عمارتوں کی سجاوٹ کا کام تیزی سے جاری ہے۔

دوسری جانب سکیورٹی اداروں نے بھی دورے کے پیش نظر حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیے ہیں، اہم مقامات کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے اور ریڈ زون میں سکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی جا رہی ہے۔

چین کی پاکستان اور قطر کی ثالثی کوششوں کی حمایت

چین نے ایران اور امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ امن مذاکرات میں حاصل ہونے والی پیش رفت اور مثبت رفتار کو برقرار رکھیں اور بات چیت کو مزید آگے بڑھائیں۔

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیا کن نے کہا کہ چین پاکستان، قطر اور تمام متعلقہ فریقوں کی ثالثی اور سفارتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

چین نے اس بات پر زور دیا کہ مذاکرات اور سفارت کاری ہی مسائل کے پائیدار اور پُرامن حل کا بہترین راستہ ہیں، اور تمام فریقین کو کشیدگی میں کمی اور باہمی اعتماد کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنا چاہئے۔

اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت پہلی کمیٹی کا اجلاس کامیابی سے مکمل ہو گیا: وزیراعظم

 وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت منعقد ہونے والی پہلی اعلیٰ سطحی کمیٹی کا اجلاس سوئٹزرلینڈ کے برگن اسٹاک میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مذاکرات مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئے اور ان میں حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی، جس میں 60 دن کے اندر حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے روڈ میپ پر اتفاق، سیاسی نگرانی کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کا قیام، اور مزید تکنیکی مذاکرات کے آغاز کا فیصلہ شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں امریکہ اور ایران دونوں کی قیادت کو تعمیری مذاکرات کے لیے ان کے مسلسل عزم پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور تمام برادر اور دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس تاریخی عمل کو آگے بڑھانے میں قیمتی تعاون فراہم کیا۔

امریکہ اور ایران کے درمیان 60 روزہ روڈ میپ پر اتفاق خوش آئند ہے: سوئٹزر لینڈ

سوئٹزرلینڈ نے مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کے تناظر میں امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے والے قطر اور پاکستان کی جانب سے 22 جون کو جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیے کا خیرمقدم کیا ہے۔

سوئس حکومت کی جانب سے جاری بیان میں خاص طور پر اس بات کا خیرمقدم کیا ہے کہ فریقین نے 60 روز کے اندر حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایک روڈ میپ پر اتفاق کیا ہے، یہ روڈ میپ نئے تکنیکی مذاکرات کے فوری آغاز کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتا ہے۔

سوئس حکومت نے اس عمل میں اپنی سفارت کاری کے تحت تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کی کوشش ہے کہ سفارتی اقدامات کشیدگی میں کمی، استحکام اور پائیدار امن کے فروغ میں معاون ثابت ہوں۔

ایرانی قدس فورس کی اسرائیل کو لبنان سے سے انخلا کی وارننگ

پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے چیف نے اسرائیل کا وارننگ دی ہے کہ وہ لبنان سے نکل جائے ورنہ اسے سن 2000 والی تاریخی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا، جب اسرائیلی فوج شکست کے بعد بھاگ گئی تھی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق قدس فورس کے سربراہ اسماعیل قانی نے کہا کہ اگر اسرائیل نے لبنان پر اپنی جارحیت اور قبضہ جاری رکھا تو اسے طاقت کے ذریعے لبنان سے نکال دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ہر سال 25 مئی کو لبریشن ڈے منایا جاتا ہے جب اسرائیلی فوج نے 22 برس قبضے کے بعد لبنان سے انخلاء کیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نیویارک ٹائمز کی خبر پر برس پڑے

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چار ماہ کی ایران جنگ کے بعد زیادہ تبدیلی نہ لانے کا نیویارک ٹائمز کا دعویٰ غلط ہے، ایران کی فوج، بحریہ اور فضائیہ ختم ہوچکی ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ لانچنگ پیڈز، میزائل ڈرونز کی تیاری کی ایرانی صلاحیت تقریباً ختم ہوچکی ہے، ایرانی اعلیٰ قیادت ختم ہوچکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کھلی ہوئی ہے اور تیل کی ترسیل جاری ہے، امریکی سٹاک مارکیٹ ریکارڈ سطح پر ہے، یہ وہ تبدیلیاں ہیں جو رونما ہوئی ہیں۔

امریکہ ایران کے ساتھ نئے سرے سے تعلقات قائم کرے گا: جے ڈی وینس

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ اگر ایران کی قیادت علاقائی عدم استحکام کا باعث بننا اور نیوکلیئر پروگرام چھوڑ دے تو پھر امریکہ ایران کے ساتھ نئے سرے سے تعلقات بنائے گا۔

امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہاکہ ہم سفارتکاری کے ذریعے مشرق وسطیٰ میں تبدیلی لانا چاہتے ہيں، ایسا مستقبل دیکھ رہے ہيں جہاں سب کے لیے امن و خوشحالی ہوگی۔

امریکی نائب صدر کا کہنا ہے کہ ایرانی نیوکلیئر پروگرام کے خاتمے کے بعد اب ہمیں آگے بڑھنا ہے ، اسلام آباد ڈائيلاگ سے پہلے ایسا کبھی نہیں ہوا کہ ایران اور امریکا نے اعلیٰ سطح پر مذاکرات کیے ہوں۔

فٹبالرز ایرانی عوام کے وقار اور عزت کے محافظ ہیں: عراقچی

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایرانی حکام، سفارت کار اور قومی فٹبال ٹیم کے کھلاڑی سب ایک مشترکہ مقصد کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، جو ایرانی عوام کی عزت، وقار اور قومی خودمختاری کا دفاع ہے۔

اپنے سوشل میڈیا پیغام میں عباس عراقچی نے ایک ایسی تصویر شیئر کی جس میں ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملے میں ہلاک ہونے والی طالبات کی تصاویر کو ورلڈ کپ کے فٹبال مناظر کے ساتھ دکھایا گیا تھا۔

عراقچی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سوئٹزرلینڈ میں جاری امریکہ اور ایران مذاکرات کے بارے میں ثالث ممالک نے پیش رفت کی اطلاع دی ہے، اسی دوران ایران نے اپنے ورلڈ کپ میچ میں بیلجیئم کے خلاف مقابلہ برابر کر لیا۔

 

نیتن یاہو کا جنوبی لبنان میں قبضہ برقرار رکھنے کا اعلان

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان میں قبضہ برقرار رکھے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کو آگاہ کیا ہے کہ اسرائیل نے اب تک لبنان کے 20 فیصد رقبہ پر قبضہ کر لیا ہے جس سے لاکھوں لبنانی شہری بے گھر ہو چکے ہیں۔

نیتن یاہو نے کہا کہ ہم شمال کے عزیز شہریوں اور اسرائیل کے تمام شہریوں کے تحفظ کے لیے جنوبی لبنان کے سکیورٹی زون میں جب تک ضروری ہوا موجود رہیں گے، اس عزم کو کوئی چیز تبدیل نہیں کر سکتی۔

امریکہ ایران پیشرفت، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی

امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں مثبت پیش رفت کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی آگئی۔

برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت میں ایک ڈالر سے زائد کی کمی ہوئی ہے، برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت 79.44 ڈالر ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ سوئٹزرلینڈ میں ایران امریکہ مذاکرات کے بعد قطر اور پاکستان نے مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے، فریقین نے مذاکرات کی نگرانی کے لیے اعلیٰ سطح کمیٹی کے قیام پر اتفاق کرلیا، حتمی معاہدے کے لیے 60 روزہ روڈمیپ منظور کرلیا گیا۔

ایران کی تیل برآمدات پر پابندیاں بھی اٹھا لی گئی ہیں اور کچھ منجمد اثاثے بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔

 

مذاکراتی عمل کی مکمل کامیابی تک شراکت داری قائم رکھیں گے: قطری وزیراعظم

 قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان نے کہا کہ یہ صرف شروعات ہیں، ہم اپنے خطے کے بہتر مستقبل کے لئے کام کر رہے ہیں۔

ان کا برگن سٹاک میں لیک لوزن سمٹ کے موقع پر گفتگو کرتے کہنا تھا کہ آج جو کچھ ہو رہا ہے وہ خطے اور دنیا کی سلامتی کے لئے اہم ہے۔

شیخ محمد بن عبدالرحمان نے کہا کہ ہم مذاکراتی عمل کی مکمل کامیابی تک اپنی سپورٹ اور شراکت داری قائم رکھیں گے، ہم امن کے قیام کیلئے اپنی شراکت داری کو مزید بڑھائیں گے، جس سے خطے میں امن ترقی اور خوشحالی یقینی طور پر ممکن ہو گی۔

قطر کے وزیراعظم نے وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

لبنان جنگ کے خاتمے کیلئے بڑی پیشرفت ہوئی، ایران کو کچھ منجمد اثاثے جاری کر دیے گئے: عراقچی

سوئٹزرلینڈ میں ایران امریکہ مذاکرات کے بعد قطر اور پاکستان کی جانب سے مشترکہ اعلامیے پر ردعمل دیتے ہوئے ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ پاکستان اور قطر کی ثالثی میں لبنان جنگ کے خاتمے کیلئے بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کیلئے تیل اور پیٹرو کیمیکل کی برآمدات پر پابندیاں ختم کر دی گئی ہیے، اور کچھ منجمد اثاثے جاری کر دیے گئے ہیں، آبنائے ہرمز پر بحری ناکہ بندی ختم کر دی گئی ہے، ایران کی ترقی اور تعمیر نو کا بڑا منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ 

اسرائیل لبنان میں موجودگی برقرار نہیں رکھ سکتا، حزب اللہ

ایک بیان میں نعیم قاسم نے کہا کہ لبنان جنگ بندی کی کسی بھی خلاف ورزی کا جواب دیں گے، نیتن یاہو نے ایران کے خلاف جارحیت کیلئے ٹرمپ کو آمادہ تو کرلیا لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

حزب اللہ کے سربراہ نے مزید کہا کہ آج ایران اپنے سپریم لیڈر کی شہادت کے باوجود پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے۔ 

حتمی معاہدے کیلئے 60 روزہ روڈ میپ منظور، سوئٹزر لینڈ میں ایران امریکہ مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ جاری

 پاکستان اور قطر کی جانب سے جاری کیے جانے والے مشترکہ اعلامیے میں فریقین نے مذاکرات کی نگرانی کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام پر اتفاق کر لیا ہے، حتمی معاہدے کیلئے 60 روزہ روڈ میپ منظور کرلیا گیا ہے۔

 دفتر خارجہ کے مطابق ایران اور امریکہ کے درمیان تکنیکی مذاکرات فوری شروع ہوں گے، مذاکرات پورے ہفتے برگن سٹاک میں جاری رہیں گے، آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت کیلئے رابطہ لائن قائم کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

اعلامیے کے مطابق ایٹمی پروگرام، پابندیوں سے متعلق ورکنگ گروپس تشکیل دیے جائیں گے، لبنان جنگ بندی پر عملدرآمد کیلئے ڈی کنفلیکشن سیل قائم کرنے پر اتفاق کر لیا گیا، ڈی کنفلیکشن سیل میں لبنان اور ثالث ممالک شامل ہوں گے، ثالث ممالک مذاکرات تعمیری ماحول میں آگے بڑھانےکیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات کی نگرانی کیلئے قائم کمیٹی مذاکراتی عمل کی نگرانی کرے گی، چیف مذاکرات کار کمیٹی کو باقاعدگی سے رپورٹ دیں گے، چیف مذاکرات کار جوہری پروگرام، پابندیاں اور نگرانی و تنازع کے حل سے متعلق گروپس کی قیادت کریں گے، معاہدے پر مؤثرعملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

اس کے علاوہ قطر اور پاکستان نے امریکہ اور ایران کی سفارتی کوششوں کو سراہا، اور امید ظاہر کی ہے کہ سفارتی عمل خطے میں پائیدار امن اور استحکام کی بنیاد بنے گا۔

مذاکراتی وفد کا کام مکمل ہو گیا، تکنیکی ٹیمیں اپنا کام جاری رکھیں گی: ایرانی وزارت خارجہ

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق مذاکراتی عمل کی تکمیل کے بعد اعلامیہ قطر اور پاکستان کی جانب سے جاری کیا جائے گا۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات میں آبنائے ہرمز میں جہازوں کی محفوظ آمدورفت کا میکانزم ترتیب دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی مذاکرات کے مقام پر دوبارہ آمد

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی مذاکرات کے مقام پر دوبارہ پہنچے جہاں امریکی صدر کے خصوصی نمائندے سٹیو وٹکوف بھی موجود تھے، اس کے علاوہ پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر پاکستانی حکام بھی مذاکرات کے مقام پر تھے۔

شرکاء کی ایک مختصر ملاقات ہوئی جس میں مشترکہ اعلامیے کے ڈرافٹ پر بات چیت کی گئی، اس کے بعد تمام لوگ وہاں سے رخصت ہوگئے، مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ تھوڑی دیر تک جاری ہونے کا امکان ہے۔ 

مذاکرات میں سرمایہ کاری، تیل پر عائد پابندیوں کا خاتمہ سنجیدگی سے آگے بڑھایا: ایران

مذاکرات میں شامل ایرانی وفد کے رکن اور ایرانی تیل کمپنی کے ایم ڈی حمید بوارد نے کہا ہے کہ سوئٹزرلینڈ میں 4 فریقی مذاکرات کے دوران ایرانی تیل پر عائد پابندیوں کے خاتمے کا معاملہ زیر بحث آیا، بحری ناکہ بندی کے خاتمے کے بعد ایرانی تیل کی برآمد خلیج فارس کے راستے دوبارہ شروع ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں ایرانی جہاز پہلے سے مقررہ محدود تصوراتی لائن کو عبور کر چکے ہیں اور اب اپنے مقررہ مقامات کی جانب رواں دواں ہیں، ملک کی ماہانہ تیل برآمدات کا آدھا حصہ بیرون ملک بھیجا جا چکا ہے اور مفاہمتی یادداشت پر مکمل عملدرآمد کے ساتھ برآمدات مکمل صلاحیت کے ساتھ جاری رہیں گی۔

حمید بوارد کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات کے دوران ہم نے سرمایہ کاری اور تیل کی پابندیوں کے خاتمے سے متعلق امور کو سنجیدگی سے آگے بڑھایا، اس معاملے پر امریکی فریق کو ترامیم بھی تجویز کی گئی ہے جس کے نفاذ کیلئے ہم پرامید ہیں۔

ایران کے ساتھ بات چیت مثبت رہی، فریقین نے لبنان میں جنگ بندی مؤثر بنانے پر زور دیا: امریکی سفارتکار

امریکی ویب سائٹ کے مطابق امریکی سفارتکار نے بتایا ہے کہ ایران سے مذاکرات میں آبنائے ہرمزکھلا رکھنے پر اچھی پیشرفت ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایران کے ساتھ بات چیت مثبت رہی اور فریقین نے لبنان میں جنگ بندی کو مؤثر بنانے پر زور دیا، مذاکرات میں لبنان میں کشیدگی کم رکھنے کے طریقہ کار پر بھی بات ہوئی۔

امریکی سفارتکار کے مطابق امریکہ نے واضح کیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھلا دیکھنا چاہتا، سیاسی قیادت اور تکنیکی ٹیموں کے درمیان آئندہ رابطوں کے فریم ورک پر بھی اتفاقِ ہوا ہے، چاروں فریق آج ہونے والی پیشرفت پر مطمئن دکھائی دیے۔ 

ایرانی وفد سوئٹز رلینڈ 4 فریقی مذاکرات مکمل ہونے کے بعد واپس روانہ، ایرانی سرکاری میڈیا

سپیکر ایرانی پارلیمان باقر قالیباف کی سربراہی میں ایرانی وفد سوئٹزر لینڈ میں ہونے والے 4 فریقی مذاکرات مکمل ہونے کے بعد واپس ایران روانہ ہو گیا۔

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق مشترکہ اعلامیہ کچھ دیر بعد جاری کیا جائے گا، امریکی صدر کی دھمکیوں کے بعد ایرانی وفد نے امریکی وفد سے شدید احتجاج بھی کیا ہے۔

ٹرمپ نے ایران کو دوبارہ حملے شروع کرنے کی دھمکی دے دی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل میں جاری بیان میں کہا کہ ‘ایران فوی طور پر لبنان میں اپنے بھاری معاوضے والی پراکسیز کو کشیدگی پھیلانے سے روکے’۔

انہوں نے کہا کہ اگر وہ ایسا نہیں کریں تو ہم ایران کو دوبارہ ایسے نشانہ بنائیں گے جیسے ہم نے گزشتہ ہفتے کیا تھا بلکہ اس سے زیادہ شدت سے کریں گے۔

ٹرمپ امن پسند شخصیت، ایرانی قیادت خطے میں امن کیلئے مخلص ہے: شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امن پسند شخصیت ہیں، اسپیکر باقر قالیباف اور ایران کی قیادت خطے میں امن کیلئے مخلص ہے۔

برگن اسٹاک میں میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن پسند شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایٹمی تصادم کے انتہائی قریب پہنچ چکے تھے، تاہم صدر ٹرمپ کی متحرک اور جرات مندانہ قیادت نے نازک وقت میں مؤثر مداخلت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے کروڑوں انسانوں کی زندگیاں بچانے میں اہم کردار ادا کیا، کیونکہ اگر تنازع نہ روکا جاتا تو ایٹمی جنگ کے نتیجے میں بے شمار جانیں ضائع ہو سکتی تھیں۔

دھمکیوں کو خاطر میں نہیں لاتے، باقر قالیباف کا امریکا کو دوٹوک پیغام

ایران کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران امریکی دھمکیوں کو کوئی اہمیت نہیں دیتا اور بہتر ہے کہ امریکی حکام اپنے بیانات میں احتیاط برتیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے اور مختلف انداز میں جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ مخالفین جو بھی بیانات دیں، عملی اقدامات کا فیصلہ ایران خود کرے گا اور اسی کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ 

ایران نے آبنائے ہرمز پر امریکی صدر کی دھمکیوں کو کھوکھلا قرار دے دیا

ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آبنائے ہرمز سے متعلق حالیہ دھمکیوں پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور کھوکھلے دعوے قرار دیا ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے کہا کہ صدر ٹرمپ آبنائے ہرمز کی ممکنہ ناکہ بندی کے بارے میں شکایت کر رہے ہیں اور یہ دعویٰ بھی کر رہے ہیں کہ امریکا آبنائے ہرمز کا کنٹرول سنبھال سکتا ہے۔

ابراہیم رضائی نے کہا کہ صرف ایک بیوقوف ہی ایسے کھوکھلے دعوے کر سکتا ہے، جبکہ اس قسم کی دھمکیوں کا دور اب گزر چکا ہے۔ 

مذاکرات کے دوران ٹرمپ کی دھمکیاں، ایرانی وفد کا دوسرے مرحلے میں شرکت سے انکار

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تازہ دھمکیاں سامنے آنے پر ایرانی وفد نے سوئٹزرلینڈ میں جاری مذاکرات کے دوسرے مرحلے میں شرکت سے احتجاج انکار کردیا۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات کے پہلے مرحلے میں پاکستان کی ثالثی کے تحت امریکا اور ایران کی اعلیٰ سطحی کمیٹیوں کے درمیان 45 منٹ تک تفصیلی بات چیت ہوئی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق پہلے راؤنڈ میں لبنان کی صورتحال، آبنائے ہرمز، ایرانی جوہری ذخائر اور آئندہ 60 روزہ مذاکراتی عمل کے خدوخال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں فریقوں کے درمیان واضح اور کھل کر گفتگو ہوئی۔

عالمی امن کیلئے اہم موقع، مل کر دنیا میں اتحاد قائم کر سکتے ہیں: شہباز شریف

 وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی امن کے لیے یہ اہم موقع ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے معاہدے کے لیے اہم کردار ادا کیا، ہم مل کر دنیا میں اتحاد قائم کر سکتے ہیں۔

سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں امریکا ایران امن مذاکرات کے سیشن کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مدبرانہ قیادت کے باعث امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات ممکن ہوئے۔

وزیراعظم نے کہاکہ امریکی صدر جے ڈی وینس نے مذاکرات کے لیے فعال کردار ادا کیا، امریکا اور ایران میں ایسے نتیجہ خیز مذاکرات کے منتظر ہیں جو مثبت نتائج لائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ براہ راست مذاکرات پر صدر ٹرمپ کے فعال اور بہترین ویژن کے شکر گزار ہیں۔

مشرق وسطیٰ میں قیام امن اولین ترجیح، پاکستان کے کردار کو دنیا نے سراہا: جے ڈی وینس

 امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کو امریکا کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے مثبت کردار کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے۔

اپنے خطاب میں جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکا خطے میں امن کے فروغ کے لیے ایران سے بھی مثبت کردار کا خواہاں ہے اور مستقبل کے لیے بہترین فیصلے کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایک بہترین سپہ سالار ہیں، جنہوں نے امن کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا پاکستان کے سفارتی کردار کا اعتراف

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے پاکستان کے سفارتی کردار کا اعتراف کیا ہے۔

صحافی کے سوال پر امریکی صدر نے پرجوش جواب دیتے ہوئے کہا، ’We Love Pakistan, Thank You‘

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان سے محبت ہے اور آپ نے جو کچھ کیا، اس کے لیے ہم آپ کے شکر گزار ہیں۔ 

وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی ایرانی وفد سے اہم ملاقات، باضابطہ مذاکرات سے قبل مشاورت

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ایرانی اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ مذاکرات کے آغاز سے قبل ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر ابتدائی تبادلۂ خیال کیا گیا، ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شرکت کی۔

ایرانی اور سوئس وزرائے خارجہ کی امریکا ایران مذاکرات سے پہلے ملاقات

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایرانی اور سوئس وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات ہوئی ہے، ملاقات طے شدہ سرکاری شیڈول کا حصہ تھی۔

اسماعیل بقائی نے بتایا کہ ایرانی وفد پاکستان اور قطر کے ساتھ بھی دو طرفہ مذاکرات کرے گا، امریکا پاکستان، قطر اور ایران کی شمولیت سے 4 فریقی مذاکرات بھی ہوں گے، ایرانی وفد آج متعدد ملاقاتیں کرے گا۔

جے ڈی وینس پاکستان کی امن کوششوں کے معترف

 امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ پاکستان نے امن کے لیے بہترین کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کے موقع پر امریکی نائب صدر نے پاکستان کی امن کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ ہم پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔

اس موقع پر امریکی صدر ٹرمپ کے ایلچی سٹیو وٹکوف اور ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر بھی موجود تھے۔ 

اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی تمام شقیں ہمارے حق میں ہیں: ایرانی صدر

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے ابتدائی معاہدے کے تحت قطر میں موجود ایران کے 6 ارب ڈالر کے منجمد فنڈز واپس کیے جائیں گے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق صدر پزشکیان نے کہا کہ اسلام آباد یادداشتِ مفاہمت کی تمام شقیں ہمارے حق میں ہیں، اور ان مذاکرات اور بات چیت کی کامیابیاں جلد واضح ہو جائیں گی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حالیہ تقریر میں ہمیں کئی کاموں سے روکنے کی بات کی تھی، اب وہ انہی امور کو ایرانی قوم کے حقوق تسلیم کر چکے ہیں۔

انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات سے سب سے زیادہ ناخوش وہی ہوں گے، امریکہ کا واحد مطالبہ یہ ہے کہ ہمارے پاس ایٹمی ہتھیار نہ ہوں، یہ وہی بات ہے جو شہید رہبرِ انقلاب بارہا کہتے رہے کہ ہم ایٹمی بم نہیں چاہتے۔

اسرائیل کی جنگ بندی خلاف ورزیاں سب سے اہم موضوع

ایران نے کہا ہے کہ سوئٹزرلینڈ میں امریکہ کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں لبنان میں جاری کشیدگی اور اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیاں سب سے اہم موضوع ہوں گی۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جاری صورتحال پر ایران کو شدید تحفظات ہیں اور آج کے مذاکرات میں اس مسئلے کو اولین ترجیح دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت لبنان میں اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے، اسی لیے یہ معاملہ آج کی بات چیت کا مرکزی موضوع ہوگا۔

اسماعیل بقائی کے مطابق مذاکرات میں لبنان کی صورتحال کے علاوہ ایران کے منجمد یا محدود رسائی والے مالی اثاثوں کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا، تہران کا مطالبہ ہے کہ بیرون ملک موجود ایرانی فنڈز تک رسائی بحال کی جائے اور ان پر عائد پابندیوں میں نرمی لائی جائے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایرانی تیل کی فروخت کے لیے ضروری اجازت ناموں اور لائسنسز کے اجرا کا معاملہ بھی مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل ہے، تیل کی برآمدات پر عائد رکاوٹوں کو ختم کیا جانا چاہئے تاکہ ملک کی معیشت کو سہارا مل سکے۔

ایرانی وفد پہلے پاکستانی اور قطری حکام سے ملے گا

 ایران امریکہ مذاکرات کیلئے ایک دن کا سیشن مقرر کیا گیا ہے، ایرانی وفد پہلے پاکستانی اور قطری حکام کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کرے گا۔

پاکستان اور قطری حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے بعد مذاکرات شروع ہوں گے، مذاکرات میں ایران اور امریکہ کے ساتھ پاکستان اور قطر کا وفد بھی موجود ہوگا۔

وزیراعظم، فیلڈ مارشل کی امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے درمیان برگن اسٹاک مذاکرات مرکز میں ملاقات ہوئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی نائب صدر کے ساتھ ملاقات کے موقع پر ٹرمپ کے ایلچی سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی موجود تھے۔

سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بغل گیر ہوئے، ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔

امریکا، قطر کی منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی کے طریقہ کار پر بات چیت

امریکی اخبار کے مطابق سوئٹزرلینڈ میں منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی کے طریقہ کار پر بات ہو رہی ہے۔

اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت ابتدائی طور پر 6 ارب ڈالر جاری کرنے کی تجویز ہے، منصوبے پر عملدرآمد کے لیے ایران کی منظوری لازمی ہوگی۔

امریکی اخبار کے مطابق منجمد اثاثوں سےایران کا مرکزی بینک خوراک اورادویات خرید سکے گا، چین، بھارت، عراق میں منجمد ایرانی فنڈز کی بحالی کیلئےبھی یہی طریقہ کار ماڈل بنےگا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے

دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر اعلیٰ سطح کے وفود کے ہمراہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں شرکت کیلئے سوئٹزر لینڈ پہنچے ہیں، امریکہ اور ایران کے وفود بھی پہنچ چکے ہیں، قطر بھی شریک ہوگا۔

سوئس وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ سوئٹزر لینڈ میں پاکستانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستانی مذاکرات کیلئے زیورخ سے برگن سٹاک پہنچ گیا، پاکستان بطور ثالث ایران امریکا مذاکرات میں شریک ہے۔

ایرانی وفد بھی چیف مذاکرات کار باقر قالیباف کی قیادت میں برگن سٹاک پہنچ چکا ہے، ایرانی وفد کو ’میناب 168‘ کا نام دیا گیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی، ایرانی قومی سلامتی کونسل کے عہدیدار علی باقری، ایرانی مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی، کاظم غریب آبادی اور اسماعیل بقائی شامل ہیں۔

امریکہ کے وفود کی قیادت امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کر رہے ہیں، امریکی صدر کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر پہلے ہی سوئٹزر لینڈ میں موجود ہیں۔

پاکستان امن، استحکام اور سفارتی حل کی کوششوں کی حمایت کرتا رہے گا: دفتر خارجہ

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایران اور امریکہ کے درمیان طے شدہ مفاہمت پرعملدرآمد کے لیے کردار جاری رکھے گا۔

 ترجمان دفتر خارجہ کےمطابق برگن اسٹاک میں ہونے والے مذاکرات میں امریکا، ایران، پاکستان اورقطر کےنمائندے شریک ہوں گے، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سوئٹزر لینڈ پہنچ گئے ہیں، ایرانی اور امریکی وفود بھی پہنچ چکے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ مذاکرات کے موقع پر وزیراعظم شہبازشریف کی ایران، قطر، سوئٹزرلینڈ اورامریکا کے وفود سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، ملاقاتوں میں مذاکرات اور پائیدار امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔

 

امریکی نائب صدر کا طیارہ لینڈ کر گیا

 امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس کا طیارہ سوئٹزرلینڈ میں لینڈ کر گیا ہے۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے ایک ترجمان نے برطانوی خبر ایجنسی کو طیارہ لینڈ کرنے کی تصدیق کی ہے، جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے سوئٹزرلینڈ ایک دو دن ہی رک پائیں گے۔ 

دوسری طرف اسرائیل کے لبنان پر مسلسل حملوں نے مذاکرات کو مشکل میں ڈالا ہوا ہے، ایران نے کہا ہے کہ امریکہ اسرائیل کی جانب سے لبنان پر حملے نہ کرنے کی ضمانت دے۔

کولمبین صدر نے اسرائیل سے لبنان پر حملے فوری روک کر معاہدے کا احترام کرنے کا مطالبہ کر دیا

کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں لکھا کہ عالمی رہنما امریکہ اور ایران امن معاہدے کا تحفظ کریں۔

انہوں نے اپنے بیان کو زندگی اور امن کے معاہدے کا نام دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کا مقصد دنیا میں جنگوں کا خاتمہ اور امن کا قیام ہونا چاہیے۔

گستاوو پیٹرو نے مزید کہا کہ امریکی صدر تنازع کے خاتمے کی کوشش کر رہے ہیں، انہیں مکمل حمایت حاصل ہونی چاہیے۔

واضح رہے کہ کولمبیا اس ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کر رہا ہے۔ 

تل ابیب میں سیکڑوں افراد کا نیتن یاہو کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق مظاہرین نے تل ابیب کے حبیما سکوائر میں جمع ہو کر حکومت کی پالیسیوں اور ایران سے متعلق حالیہ پیشرفت پر اپنی ناراضی کا اظہار کیا۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے معروف ٹیکنالوجی کاروباری شخصیت اور اسرائیلی فضائیہ کے ریٹائرڈ افسر کوبی رچر نے کہا کہ ہم نے ایران میں فیصلہ کن اور مکمل کامیابی حاصل کی لیکن آپ ناکام ثابت ہوئے ہیں۔

مظاہرین کا مؤقف تھا کہ ایران سے متعلق حالیہ امریکی معاہدے اور اس پر اسرائیلی حکومت کے ردعمل نے قومی مفادات اور سکیورٹی پالیسی کے حوالے سے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔

احتجاج کے دوران حکومت سے اپنی پالیسیوں پر نظرِ ثانی اور عوامی خدشات کو سنجیدگی سے لینے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

اسرائیلی سفیر اور بچوں سے متعلق اقوام متحدہ کی خصوصی مندوب میں تلخ کلامی

اسرائیلی سفیر نے اقوام متحدہ پر اسرائیل کو غیر منصفانہ طور پر نشانہ بنانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ چند ہفتے پہلے اقوام متحدہ نے فلسطینیوں کے خلاف جنسی تشدد کو بطور پالیسی اور ہتھیار بنانے پر اسرائیل کو بلیک لسٹ کیا جس سے ظاہر ہے کہ اسرائیل کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

مسلح تنازعات اور بچوں سے متعلق اقوام متحدہ کی خصوصی مندوب وینیسا فریزیئر نے اسرائیلی مندوب کو جواب دینے کی کوشش کی جس پر دونوں میں تلخ کلامی شروع ہوگئی۔ 

جنوبی لبنان میں جاری جھڑپوں میں اسرائیل کا ایک فوجی مارا گیا

اسرائیلی فوج کے مطابق سارجنٹ نیر بن اری جنوبی لبنان میں کارروائی میں مارا گیا، اس سے قبل حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں میں 4 دیگر اسرائیلی فوجی مارے گئے جبکہ 3 فوجی زخمی بھی ہوئے تھے۔

یہ اطلاعات ایسے وقت میں موصول ہو رہی ہیں جب حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کے چند گھنٹے بعد لبنان میں اسرائیلی حملوں میں 32 کے قریب افراد شہید ہوئے۔

واضح رہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے پر اتفاق کے بعد سے یہ پانچویں اسرائیلی فوجی کی ہلاکت کی خبر سامنے آئی ہے۔

واشنگٹن کی کوشش ہے کہ اسرائیل کی لبنان میں کارروائیوں کو روکا جائے، سابق امریکی سفیر

عمان میں سابق امریکی سفیر رچرڈ شمیئر نے سوئٹزر لینڈ مذاکرات پر امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کی کوشش ہے کہ اسرائیل کی لبنان میں کارروائیوں کو روکا جائے۔

انہوں نے الجزیرہ سے گفتگو میں کہا کہ امریکی حکومت، فوج اور صدر توجہ دے رہے ہیں کہ اسرائیل لبنان میں ایسے اقدامات نہ کرے جن سے حزب اللہ کی جانب سے ردعمل سامنے آئے، امریکہ اس معاملے پر اسرائیل سے پہلے ہی بات چیت کر چکا ہے۔

رچرڈ شمیئر نے کہا کہ میرے خیال میں اسرائیل جنگ بندی کو موقع دینے کی ضرورت کو سمجھتا ہے، توقع ہے کہ جنیوا مذاکرات دوبارہ شروع ہونے تک جنگ بندی قائم ہو جائے گی اور یہ معاملہ پیچھے رہ جائے گا، تاہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی ضرورت رہے گی۔

لبنان پر اسرائیلی حملے مسلسل جاری، گزشتہ روز کے حملوں میں 20 افراد جاں بحق

حزب اللہ سے جنگ بندی کے باوجود لبنان پر اسرائیلی حملے جاری ہیں، جہاں 20 جون کے حملوں میں 20 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اسرائیلی فوج کو جنوبی لبنان میں حملے روکنے کا حکم دیا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نے یہ فیصلہ امریکہ کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا، اس سے پہلے اسرائیل نے لبنان پر حملے اور ایران نے جواب میں آبنائے ہرمز بند کر دی تھی۔

اسرائیلی کے مفاہمت پر عملدرآمد تک سوئٹزرلینڈ جانے والا وفد تکنیکی مذاکرات شروع نہیں کرے گا، ایران

ایران نے کہا ہے کہ سوئٹزرلینڈ جانے والا وفد فوری 60 روزہ تکنیکی مذاکرات شروع نہیں کرے گا، دورے کا مقصد یہ واضح کرنا ہے کہ جب تک اسرائیل مفاہمتی یادداشت کی پابندی نہیں کرتا تہران اس پر عملدرآمد آگے نہیں بڑھائے گا۔

ایرانی حکام کے مطابق امریکہ اسرائیل کی جانب سے معاہدے پر عملدرآمد کی ضمانت دے، یہ دورہ حتمی معاہدے کی تفصیلی بات چیت کیلئے نہیں، جب تک معاہدہ نافذ نہیں ہوتا آبنائے ہرمز کو بند رکھنے کے اقدامات جاری رہیں گے۔

زیر غور نکات میں لبنان میں جنگ بندی، آبنائے ہرمز، امریکی پابندیاں اور بیرون ملک منجمد اثاثوں کی بحالی شامل ہیں، یہ عمل ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے، اگر مفاہمتی یادداشت کے اہم نکات پر عمل نہ ہوا تو فریقین کو اگلے مرحلے کی طرف بڑھنے کی ضرورت نہیں۔

امریکہ ایران تکنیکی سطح کے مذاکرات آج سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے

امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت تکنیکی سطح کے مذاکرات 21 جون کو سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے، سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن سٹاک میں ہونے والے مذاکرات میں امریکہ، ایران، پاکستان اور قطر کے نمائندے شریک ہوں گے۔

مذاکراتی بیٹھک کیلئے فریقین کے وفود کی برگن سٹاک آمد کا سلسلہ جاری ہے، ایرانی وفد بھی باقر قالیباف کی قیادت میں برگن سٹاک پہنچ چکا ہے، ایرانی وفد کو ’میناب 168‘ کا نام دیا گیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی، ایرانی قومی سلامتی کونسل کے عہدیدار علی باقری، ایرانی مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی، کاظم غریب آبادی اور اسماعیل بقائی شامل ہیں۔

امریکی صدر کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر پہلے ہی سوئٹزر لینڈ میں موجود ہیں، جبکہ امریکی نائب صدر بھی مذاکرات میں شرکت کریں گے۔

پاکستان کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر مذاکرات میں شرکت کریں گے۔

میناب کے مظلوم بچوں اور شہدا کو اپنے طرزِ عمل کا گواہ سمجھتے ہیں، باقر قالیباف

ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر اور اعلیٰ مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ محمد باقر قالیباف نے سوئٹزرلینڈ پہنچنے کے بعد سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں مناب کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اہم مذاکرات کے دوران اپنی قومی ذمہ داریوں کو پوری سنجیدگی سے نبھانے کے عزم کے ساتھ آئے ہیں۔

اپنے بیان کے ساتھ ایرانی وفد کو لے جانے والے طیارے کے قریب کھنچوائی گئی تصویر جاری کرتے ہوئے محمد باقر قالیباف نے کہا کہ مناب کے معصوم بچے اور ہمارے پیارے ایران کے تمام شہدا ہماری حرکات و سکنات اور طرزِ عمل کو دیکھ رہے ہیں، وہ ہمیں دیکھ رہے ہیں اور ہم سے توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں۔

ایرانی پارلیمان کے سربراہ نے اپنے پیغام میں اس امید کا اظہار بھی کیا کہ وہ معصوم شہدا اور ایران کے عوام کے سامنے شرمندگی کا باعث نہیں بنیں گے۔

بات چیت کیلئے پر اعتماد اور رازداری پر مبنی ماحول فراہم کرتے رہیں گے، سوئس حکام

سوئٹزرلینڈ کا کہنا ہے امریکہ اور ایران کےدرمیان برگن سٹاک میں مذاکرات جاری ہیں، مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد سے متعلق مذاکرات کیلئے سہولیت فراہم کر رہے ہیں۔

ایک بیان میں سوئس وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ بات چیت کیلئے پر اعتماد اور رازداری پر مبنی ماحول فراہم کرتے رہیں گے، مذاکرات کے شرکاء اور بات چیت کے مندرجات پر مزید تفصیلات ظاہر نہیں کی جائیں گی، مذاکراتی عمل کی رازداری کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔

امریکی کسی بھی چیز سے بڑھ کر معاشی فائدے کی زبان کو سمجھتے ہیں، محمد مخبر

ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے مشیر محمد مخبر کا کہنا ہے کہ امریکی کسی بھی چیز سے بڑھ کر معیشت اور معاشی فائدے کی زبان کو سمجھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک معاہدہ صرف کاغذوں پر رہے گا، مشرق وسطیٰ میں توانائی کی ترسیل معطل رہے گی، یہ واضح پیغام ہے کہ معاہدوں پر صرف دستخط کافی نہیں ہوتے، بلکہ ان پر عملدرآمد بھی ضروری ہے، ورنہ اس کے معاشی اور توانائی کے شعبے پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

معاہدہ مکمل نہ ہوا تو آبنائے ہرمز میں ٹول صرف امریکہ عائد کرے گا، ٹرمپ

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ جنگ بندی کے دوران آئندہ 60 دن تک آبنائے ہرمز میں کسی قسم کا ٹول ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا۔

اپنے بیان میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ 60 دن کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی کوئی ٹول عائد نہیں کیا جائے گا، اگر ٹول ٹیکس عائد کیا بھی گیا تو صرف امریکہ کرے گا اور رقم مشرق وسطیٰ کی سکیورٹی کیلئے خرچ کی جائے گی۔

نائب امریکی صدر ایران کے ساتھ مذاکرات کیلئے سوئٹزرلینڈ روانہ

سوئٹزر لینڈ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ لبنان میں تنازع کی شدت میں کچھ کمی ہوئی ہے، سوئٹزرلینڈ میں ایک یا دو دن قیام کا امکان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کو لبنان پر حملہ کرنے سے روکنے کیلئے کام کریں گے، امید ہے ایران کے ایٹمی معاملے پر پیش رفت ہوگی
 

ایرانی وفد مذاکرات میں شرکت کیلئے سوئٹزر لینڈ پہنچ گیا، سوئس وزارت خارجہ

سوئس وزارت خارجہ کے مطابق ایرانی وفد کا سوئٹزر لینڈ پہنچنے پر خیر مقدم کیا گیا، ایرانی وفد برگن سٹاک میں تکنیکی مذاکرات میں شرکت کرے گا۔

خیال رہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے تسلسل میں آج سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن سٹاک میں ایران اور امریکہ درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات منعقد ہوں گے۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی وزیراعظم کے ہمراہ مذاکرات میں شرکت کریں گے۔
 

ایران امریکہ مذاکرات، وزیراعظم وفد کے ہمراہ اسلام آباد سے سوئٹزرلینڈ روانہ

اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے تسلسل میں آج سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن سٹاک میں ایران اور امریکہ کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات منعقد ہوں گے۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی وزیراعظم کے ہمراہ مذاکرات میں شرکت کریں گے۔

محسن نقوی کی ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات، امریکا سے معاہدے کی صورتحال پر گفتگو

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے اہم ملاقات کی جس میں امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ معاہدے کے بعد خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق محسن نقوی کی ایران آمد پر ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، بعد ازاں تہران میں دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں علاقائی امن و امان اور سکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے کو خطے میں پائیدار امن کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔

رپورٹس کے مطابق ایران کے چیف مذاکرات کار اور وزیر خارجہ عباس عراقچی آج رات سوئٹزرلینڈ روانہ ہوں گے، جہاں وہ فریقِ ثانی سے ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی ملاقات کا مقصد معاہدے پر عمل درآمد کا جائزہ لینا اور دوسرے فریق کی سنجیدگی کو پرکھنا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ایرانی وفد فریقِ ثانی سے اپنے وعدوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کرے گا اور معاہدے پر ایران کے مؤقف کو واضح کرے گا۔

سوئٹزرلینڈ کا یہ اہم دورہ خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

امریکا ایران مذاکرات کل شروع ہونے کا امکان، صورتحال بہتر ہونے کا دعویٰ

امریکا اور ایران کے درمیان مذاکراتی عمل کل سے شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے مطابق اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر مذاکرات کے لیے اس وقت سوئٹزرلینڈ میں موجود ہیں۔

نائب صدر نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش سے متعلق کوئی ثبوت موجود نہیں ہے جبکہ ایران کے ساتھ مذاکرات کی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے سوئٹزرلینڈ جانے کا بھی امکان ہے۔

امریکی نائب صدر کے مطابق امریکا کو یقین ہے کہ جنگ بندی برقرار رکھی جا سکتی ہے اور ایران کے ساتھ مذاکرات کو ایک موقع دیا جا رہا ہے۔

ایران کا جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر آبنائے ہرمز دوبارہ بند کرنے کا اعلان

ایرانی فوج کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر نے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر آبنائے ہرمز دوبارہ بند کرنے کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی نے ایرانی خبر ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ خاتم الانبیا مرکزی ہیڈ کوارٹرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو امریکا اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر بند کیا ہے۔

خاتم الانبیا مرکزی ہیڈ کوارٹرز کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز امریکا کی دھوکا دہی کی وجہ سے بند کی، امریکا نے اپنے وعدے کی کھلی خلاف ورزی کی، امریکا نے مفاہمتی یادداشت کی پہلی شرط کی ہی خلاف ورزی کی۔

بندش کی وجہ اسرائیل کی جانب سےلبنان جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی بھی ہے، آبنائے ہرمز بند کرنا پہلا قدم ہے، جارحیت جاری رہی تو مزید اقدامات کریں گے۔

وعدے پورے نہ ہوئے تو مجموعی مفاہمت مشکل میں پڑ سکتی ہے: ایران

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ دوسرے فریق کے کچھ وعدے پورے نہ ہوئے تو مجموعی مفاہمت مشکل میں پڑ سکتی ہے، امریکا پر لازم ہے کہ وہ اسرائیل کو لبنان پر حملے روکنے پر مجبور کرے، ہم نے اپنے وعدوں کی پابندی کی ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم سوئٹزرلینڈ میں امریکا کے وعدوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کریں گے، امریکا سے وضاحت لی جائے گی کہ وہ اپنے وعدے کیسے پورے کرے گا، دوسرے فریق کو جلد از جلد اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔

اسماعیل بقائی کے مطابق اگر دوسری طرف معاہدوں پر عمل نہ کیاگیا تو ایران جوابی اقدامات کرے گا، ہم نے وعدے کے بدلے وعدے نبھانے کی پالیسی اپنائی ہے۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ ہم نے ایسا کوئی عہد نامہ نہیں کیا جو نافذ نہ کیا جاسکے، مذاکراتی ٹیم چند منٹوں میں سوئٹزرلینڈ کے لیے روانہ ہو جائے گی۔

جنگ بندی پر قائم، اسرائیلی پیش قدمی کا بھرپور جواب دیا جائے گا: حزب اللہ

حزب اللہ نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ طے پانے والی جنگ بندی پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے، تاہم اسرائیلی فوج کی جانب سے مبینہ خلاف ورزیوں اور زمینی پیش قدمی کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔

حزب اللہ کے بیان کے مطابق گروپ جمعے کی شام سے جنگ بندی معاہدے کی مکمل پابندی کر رہا ہے جبکہ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ رات سے معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ جنوبی لبنان کے علاقے نبطیہ کے قریب اسرائیلی فوج کی پیش قدمی کو روکنے کے لیے کارروائی کی گئی، لبنانی سرزمین پر کسی بھی قبضے کی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

حزب اللہ نے مزید کہا کہ اسرائیل کے ماضی کے طرزِ عمل اور مبینہ دھوکہ دہی کو مدنظر رکھتے ہوئے تنظیم ہر قسم کی صورتحال اور ممکنہ ردعمل کے لیے تیار ہے۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ جنگ بندی برقرار رکھنے کی ذمہ داری تمام فریقوں پر عائد ہوتی ہے اور معاہدے کی خلاف ورزیوں سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

ڈیمو کریٹس کو سمجھنا چاہیے ہم نے ایران جنگ میں کتنی بڑی کامیابی حاصل کی:ٹرمپ

 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سوشل میڈیا پر بیان پر جاری اپنے بیان میں کہنا تھا کہ دائیں بازو کے احمق اور ڈیمو کریٹس کو سمجھنا چاہیے کہ ہم نے ایران جنگ میں کتنی بڑی کامیابی حاصل کی۔

اُنہوں نے کہا کہ ایران کو حالیہ جنگ میں مکمل طور پر شکست ہو چکی، سابق صدر اوباما نے ایران کو اربوں ڈالرز فراہم کیے، اوباما نے ایران کیخلاف امریکی فوج کا استعمال ہی نہیں کیا جو ضروری تھا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ دنیا میں دہشتگردی کے سب سے بڑے سر پرست ایران کو قابو کرنا ناگزیر تھا، ایرانی حکام اوباما اور جو بائیڈن کو انتہائی ناکام لیڈر سمجھتے تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی حکام اوباما اور جو بائیڈن کو ناکام سمجھنے میں 100 فیصد درست تھے، میرے برسر اقتدار آنے سے پہلے ایران مسلسل 47 برس من مانی کرتا رہا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ میرےاقتدار میں آنے کے بعد سب کچھ بدل گیاامریکا پھر سے طاقتور ہو چکا ہے۔

امریکا سے تعلقات معمول پر لانے کا کوئی ارادہ نہیں: ابراہیم رضائی

ایرانی پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان فی الحال صرف دشمنی ہے۔

ابراہیم رضائی نے کہا کہ ایران لبنان میں جنگ بندی کو ریڈ لائن سمجھتا ہے اور اس سے پیچھے نہیں ہٹے گا، امریکا کے ساتھ حالیہ مفاہمتی یادداشت میں لبنان کی علاقائی سالمیت کو خاص اہمیت دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لبنان میں جنگ کے خاتمے اور امن کی بحالی کو معاہدے میں واضح طور پر شامل کیا گیا ہے، لبنان ایران کی خارجہ پالیسی میں ایک بنیادی نکتہ ہے، امریکا اور اس کے اتحادیوں کو لبنان میں قبضہ ختم کرنا ہوگا۔

جنوبی لبنان میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے، 5 افراد شہید

لبنانی میڈیا کے مطابق جنوبی لبنان کے علاقے نبطیہ میں اسرائیل نے فضائی اور ڈرون حملے کیے، حملے جنگ بندی نافذ ہونے کے چند گھنٹے بعد ہی کیے گئے۔

لبنانی میڈیا نے بتایا کہ حملوں میں رہائشی عمارتیں اور گھروں کو شدید نقصان پہنچا، اسرائیل اور حزب اللہ میں جنگ بندی معاہدہ جمعہ کو امریکا کی ثالثی میں طے پایا تھا۔

خیال رہے کہ امریکی انٹیلی جنس اداروں نے ٹرمپ انتظامیہ کو متنبہ کیا ہے کہ اسرائیل لبنان سمیت دوسرے محاذوں پر حملے کر کے امن معاہدہ سبوتاژ کر سکتا ہے۔

برطانوی وزیر خارجہ کی اسرائیلی وزیر اتمار بن گویر پر شدید تنقید

برطانوی وزیر خارجہ ایویٹ کوپر نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر اتمار بن گویر کا لبنان سے متعلق بیان قابل نفرت ہے، ایسے اشتعال انگیز بیانات ناقابل قبول ہیں، اتمار بن گویر پر برطانوی حکومت پہلے ہی پابندیاں عائد کر چکی ہے۔

ایویٹ کوپر نے کہا کہ اسرائیل اور حزب اللہ دونوں جنگ بندی کی پاسداری کریں، لبنان میں تمام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

اسرائیلی وزیر اتمار بن گویر نے کہا تھا کہ پورے لبنان کو جلا دینا چاہئے۔

اسرائیل ایران امن معاہدے کو سبوتاژ کر سکتا ہے، امریکی خفیہ ادارے

 امریکی انٹیلیجنس اداروں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ اسرائیل ایران کے ساتھ ممکنہ امن معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر سکتا ہے۔

ایک امریکی عہدیدار کے مطابق نئی انٹیلی جنس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال متوقع قومی انتخابات کے تناظر میں نیتن یاہو کی سیاسی بقا اس تاثر سے جڑی ہوئی ہے کہ وہ لبنان سے فوجوں کی واپسی کے بجائے حزب اللہ کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کریں گے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسرائیل صدر ٹرمپ کے مجوزہ امن منصوبے کی بعض شرائط سے مطمئن نہیں کیونکہ اس کے خیال میں یہ ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ برقرار رکھنے کی حکمت عملی کو متاثر کر سکتی ہیں۔

جوہری توانائی ایجنسی کو تنصیبات کے معائنے کی دعوت نہیں دی: ایران

 ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران نے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے معائنہ کاروں کو اپنی جوہری تنصیبات کے معائنے کی دعوت دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی شق 8 کے مطابق جوہری معاملے پر مذاکرات 60 روزہ مدت کے اندر ہوں گے، بشرطیکہ دستاویز کی شق 13 میں درج مذاکرات کے آغاز کی تمام پیشگی شرائط پوری کی جائیں۔

بقائی کے مطابق مفاہمتی یادداشت کی شق 9 یہ واضح کرتی ہے کہ 60 روزہ مدت کے دوران ایران کے جوہری پروگرام کی موجودہ صورتحال برقرار رکھی جائے گی۔

انھوں نے مزید کہا کہ اسی بنیاد پر بوشہر جیسے جوہری مراکز میں جاری معائنہ کا عمل معمول کے مطابق جاری رہے گا، تاہم ان تنصیبات کے معائنے، جہاں امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے باعث آئی اے ای اے کی رسائی معطل کر دی گئی تھی، مذاکراتی عمل اور اس کے نتائج سے مشروط ہوں گے۔

عبوری امن معاہدے کو ایک مستقل علاقائی امن ڈیل میں بدلنے کی کوششیں تیز

امریکی ایلچی سٹیو وٹکوف اور ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی ایک اہم سفارتی مشن پر سوئٹزرلینڈ روانہ ہو رہے ہیں جہاں لبنان میں ہونے والی حالیہ جنگ بندی کے بعد واشنگٹن اور تہران کے درمیان عبوری امن معاہدے کو ایک مستقل علاقائی امن ڈیل میں بدلنے کی کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔

امریکی ویب سائٹ ایکسیوس کے مطابق سٹیو وٹکوف سوئٹزرلینڈ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر کے ہمراہ اس اعلیٰ سطحی بیٹھک کا حصہ بنیں گے جبکہ ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کے بھی سنیچر کو وہاں پہنچنے کی توقع ہے۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب محض ایک دن قبل لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان شدید لڑائی کے باعث امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے سوئٹزرلینڈ کا اپنا دورہ منسوخ کر دیا تھا جس سے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور عالمی تیل کی سپلائی کو بحال کرنے کی نازک کوششوں پر سوالیہ نشان لگ گیا تھا۔

ایران کا سخت مؤقف، اسرائیل اور حزب اللہ میں جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا، امریکہ نے تصدیق کر دی

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی سخت مؤقف کے بعد اسرائیل اور حزب اللہ میں جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے، معاہدے میں امریکہ، قطر اور ایران نے اہم کردار ادا کیا۔

سینئر امریکی اہلکار نے جنگ بندی معاہدے کی تصدیق کر دی ہے، معاہدے کے تحت خطے میں تمام محاذوں پر فوجی کارروائیاں روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایران نے حزب اللہ کو جامع جنگ بندی پر عملدرآمد کا پیغام دیا ہے۔

دوسری جانب جنگ بندی کی اطلاعات کے باوجود جنوبی لبنان میں اسرائیلی بمباری جاری ہے، رات سے جاری حملوں میں 47 افراد شہید ہو چکے ہیں، جبکہ حزب اللہ کی جوابی کارروائی میں اسرائیلی فوج کے ٹینک بٹالین کمانڈر سمیت 4 فوجی مارے گئے۔

ادھر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ فوج جنوبی لبنان میں موجود رہے گی، شمالی اسرائیلی علاقوں کے تحفظ کیلئے سکیورٹی زون برقرار رہے گا۔

حتمی ڈیل نہ ہوئی تو ہم وہ کریں گے جس سے ایران کو خوشی نہیں ہوگی، ٹرمپ

 میری لینڈ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں ایک ہفتے کے دوران ان کی سب چیزیں ختم کیں، ایران کی فضائیہ، نیوی اور دیگر عسکری طاقت ختم کر دی، ایران کے ساتھ معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں، ایران کے ساتھ 60 دنوں میں حتمی ڈیل کرنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے وینزویلا میں فتوحات حاصل کی ہیں، حتمی ڈیل نہ ہوئی تو ہم وہ کریں گے جس سے ایران کو خوشی نہیں ہوگی، مجھے نہیں لگتا کہ ایسا کچھ کرنا پڑے گا، حتمی ڈیل ہو جائے گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ اس وقت آبنائے ہرمز سے اتنے جہاز گزر رہے ہیں، ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا، آبنائے ہرمز سے جہاز گزرنے پر کمپنیاں بہت خوش ہیں، آبنائے ہرمز سے تقریباً 700 بحری جہاز غیر معمولی انداز میں گزر رہے ہیں۔

اسرائیلی افواج کی جنوبی لبنان کے علاقے علی الطاہر کی پہاڑیوں پر گولہ باری

اسرائیلی افواج کی جانب سے جنوبی لبنان کے علاقے علی الطاہر کی پہاڑیوں پر گولہ باری کی گئی ہے، مقامی ذرائع کے مطابق تازہ کارروائی کے دوران تین توپ خانے کے گولے فائر کیے گئے۔

یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا جا چکا ہے، تاہم اس کے باوجود سرحدی علاقوں میں کشیدگی اور معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

ایران نے آبنائے ہرمز کی بندش سے متعلق اطلاعات بے بنیاد قرار دیدیں

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش سے متعلق اطلاعات بے بنیاد، امریکا ایران مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد سوئٹزر لینڈ میں اجلاس کی فوری ضرورت نہیں تھی۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا آئندہ چند دنوں میں اجلاس کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، مفاہمتی یادداشت کی شق نو کے تحت ساٹھ روزہ مدت کے دوران ایران کے جوہری پروگرام کی موجودہ صورتحال برقرار رکھی جائے گی۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ کے معائنے کا عمل جاری رہے گا، جنگ کے باعث جن تنصیبات تک آئی اے ای اے کی رسائی معطل تھی ان کے معائنے کا انحصار مذاکراتی عمل اور اس کے نتائج پر ہوگا۔
 

جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی، اسرائیل کے لبنان پر ڈرون حملے، 2 افراد شہید

اسرائیلی فوج کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی شدید خلاف ورزیاں جاری ہیں، حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی معاہدہ نافذ ہونے کے باوجود اسرائیلی فوج کے لبنان پر حملے جاری ہیں، لبنان کے جنوبی علاقے میں ڈرون حملے میں 2 افراد شہید ہوگئے۔

یاد رہے کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان لبنان میں جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے، جو مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے سے نافذ العمل ہو چکی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ معاہدہ امریکا اور قطر کی ثالثی سے طے پایا جس میں امریکا نے اسرائیل سے جبکہ قطر نے ایران سے بات چیت کی۔

لبنان میں 4 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت، بن گویر کا سخت ردعمل

جنوبی لبنان میں کارروائی کے دوران چار اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بن گویر نے سخت ردعمل دیتے ہوئے لبنان کے خلاف شدید بیانات جاری کیے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان کے علاقے کفار تبنیت کے قریب آپریشن کے دوران ایک ٹینک کو نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں چار فوجی ہلاک ہو گئے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 32 سالہ لیفٹیننٹ کرنل ڈور گیڈالیا بین سمہون بھی شامل ہیں، جو 401 ویں آرمرڈ بریگیڈ کی 52 ویں بٹالین کے کمانڈر تھے۔

واقعے کے بعد اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بن گویر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ہر اسرائیلی ماں کے آنسو کے بدلے ہزاروں لبنانی ماؤں کو رونا چاہیے، جبکہ انہوں نے لبنان کے خلاف مزید سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔

دوسری جانب اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) کا کہنا ہے کہ اس نے رات بھر جنوبی لبنان میں حملے کیے جن میں حزب اللہ کے جنگجوؤں اور ان کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔

رپورٹس کے مطابق تازہ اسرائیلی حملوں میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ علاقے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔

اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان لبنان میں جنگ بندی پر اتفاق

امریکا ایران معاہدے کے بعد اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان لبنان میں جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق جنگ بندی آج شام مقامی وقت کے مطابق 4 بجے شروع ہو گی، معاہدے میں امریکا، قطر اور ایران نے اہم کردار ادا کیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق سینئر امریکی اہلکار نے جنگ بندی معاہدے کی تصدیق کر دی، معاہدے کے تحت خطے میں تمام محاذوں پر فوجی کارروائیاں روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل حزب اللہ جنگ بندی کے بعد خطے میں کشیدگی میں کمی کا امکان ہے، ایران نے حزب اللہ کو جامع جنگ بندی پر عملدرآمد کا پیغام دیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق لبنان میں کشیدگی نے امریکا ایران معاہدے کو خطرے میں ڈال دیا تھا، لبنان میں رات بھر اسرائیلی حملوں میں 18 افراد جاں بحق ہوئے۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق حزب اللہ کے حملے میں 4 اسرائیلی فوجی بھی مارے گئے۔

جنوبی لبنان میں حزب اللہ سے لڑائی، اسرائیل کی 4 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں کے دوران اس کے چار فوجی ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں اور توپ خانے کی گولہ باری سے کم از کم 16 لبنانی شہری شہید ہوئے ہیں۔ 

اسرائیلی فوج کے ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صبح ایک ڈرون حملے کے نتیجے میں اسرائیلی فوج کے ایک ریزرو افسر شدید زخمی جبکہ تین ریزرو نان کمیشنڈ افسران اور ایک نان کمیشنڈ افسر معمولی زخمی بھی ہوئے۔

اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بین گیور نے لبنان میں اسرائیلی فوج کی جانب سے اپنے چار فوجیوں کی ہلاکت کے اعلان کے بعد کہا کہ پورے لبنان کو جلا دینا چاہئے۔

مذاکرات میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ہوئی: اسحاق ڈار

 نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ محرم الحرام کی وجہ سے ایران کے ساتھ دوسرے مرحلے کے مذاکرات تاخیر کا شکار ہوئے ہیں، مذاکرات میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ہوئی، کل صبح جب ایرانی صدر نے معاہدے پر دستخط کردئیے تو پھر سوئٹزرلینڈ جانے کا مقصد نہیں تھا۔

اسحاق ڈار نے صحافیوں کو بتایا کہ جولائی کے پہلے ہفتے میں شہید آیت اللہ خامنہ ای کی تدفین ہے، ساٹھ روز کے اندر اندر دوسرے مرحلے کے مذاکرات مکمل کرنے ہیں۔

انہوں نے آگاہ کیا کہ سوئٹزرلینڈ میں مذاکرات کے لیے موجود پاکستانی سفارتی حکام کو واپس بلالیا ہے۔

لبنان میں اسرائیلی کارروائیاں روکنے کے لیے امریکا دباؤ ڈالے: فرانس

 فرانس کے وزیر خارجہ ژاں نویل بارو نے کہا ہے کہ لبنان میں اسرائیلی جارحیت اور فوجی کارروائیوں کو روکنے کے لیے امریکا کو اسرائیل پر دباؤ ڈالنا چاہئے۔

فرانسیسی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ ژاں نویل بارو نے کہا کہ فرانس اب بھی لبنانی فوج کی حمایت کے لیے عالمی امداد اور تعاون کو متحرک کرنے کے مقصد سے ایک بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر کام کر رہا ہے۔

ژاں نویل بارو نے مزید کہا کہ فرانس اس وقت تک ایران پر عائد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیاں ختم کرنے کی حمایت نہیں کرے گا جب تک اسے یہ اطمینان نہ ہو جائے کہ تہران کے جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات اس کی توقعات کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔

ایران امریکا معاہدہ: قومی اسمبلی میں اظہار تشکر کی قرارداد منظور

ایران امریکا معاہدہ کے بعد قومی اسمبلی میں اظہار تشکر کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے قرار داد پیش کی گئی، جسے ایوان نے منظور کیا۔

پیش کردہ قرارداد کے متن کے مطابق معاہدہ پوری دنیا میں امن کا باعث بنے گا، ایوان معاہدے پر امریکا اور ایران کی قیادت سمیت دنیا بھر کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔

قرارداد میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی کو امن کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ایران نے لبنان پر حملوں کی وجہ سے سوئٹزرلینڈ کا دورہ منسوخ کیا: قطری میڈیا

قطر کے نشریاتی ادارے نے کہا ہے کہ ایران نے لبنان پر حملوں کی وجہ سے سوئٹزرلینڈ کا دورہ منسوخ کیا، ایران کے سوئٹزرلیند نہ آنے کی وجہ سے مذاکرات ملتوی کیے گئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی لبنان پر بمباری ہی ایران امریکا مذاکرات میں رکاوٹ بنی۔

خیال رہے کہ ایران کی جانب سے واضح کیا گیا تھا کہ جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیل لبنان پر حملے روک دے اور اپنی افواج بھی لبنان سے نکال لے تاہم اسرائیل نے ایسا کرنے سے انکار کیا ہے۔

اسرائیل نے جنوبی لبنان پر تازہ فضائی حملوں کے ساتھ توپ خانے سے بھاری گولہ باری بھی کی جس سے 16 عام شہری جاں بحق ہو گئے ہیں۔

جنگ بندی کے نتیجے میں خطے میں معاشی خوشحالی آئے گی: شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، ایران اور پاکستان کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، آج تیل کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی جائے گی، مزید کمی بھی کریں گے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا اللہ کے فضل وکرم سے پاکستان کو بے پنا عزت ملی، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی شاندار کامیابی پر اللہ کے حضور سربسجود ہیں، دنیا کے ہر خطے میں پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ سیاسی اختلافات کے علاوہ قوم متحدہ ہے، پاکستان کی اس اہم کامیابی پر یہ ایوان ایک متفقہ قرارداد منظور کرے، متفقہ قرار داد اتحاد اور یکجہتی کا واضح پیغام ہوگی، قومی وحدت کیلئے ہم ایک ہیں اور ہمیشہ ایک رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی وفد شہید آیت اللہ خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کرے گا، جنگ بندی کے نتیجے میں خطے میں معاشی خوشحالی آئے گی، ایران کے صدر مسعود پزشکیان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔

پینٹاگون کو ایران جنگ کے اخراجات کیلئے 80 ارب ڈالر درکار

وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق پینٹاگون کو ایران کے خلاف جنگ اور دیگر اخراجات کیلئے 80 ارب ڈالر درکار ہیں، رقم صرف جنگی اخراجات ہی نہیں بلکہ دوسرے بل پورا کرنے کیلئے بھی طلب کی جا رہی ہے۔

امریکی اخبار کے مطابق آئندہ چند دنوں میں امریکی حکومت کانگریس کو ایک اضافی مالی درخواست بھی بھیج سکتی ہے، پینٹاگون حکام نے کانگریس کو بتایا کہ جنگ کے مجموعی اخراجات ابھی واضح نہیں۔

وال سٹریٹ جرنل کے مطابق ایران جنگ سے امریکی معیشت کو تقریباً 1 کھرب ڈالر تک نقصان ہو سکتا ہے۔

صدر پزشکیان کے کہنے پر معاہدہ منظور کیا: ایرانی سپریم لیڈر

 ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ایرانی عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قومی سلامتی کونسل کی سفارش پر امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی گئی، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اس مرحلے تک پہنچنے کے لیے ایرانی حکام نے نیک نیتی کے ساتھ بھرپور کوششیں کیں، جبکہ امریکی صدر نے بھی مختلف ذرائع استعمال کیے تاکہ معاہدہ ممکن بنایا جا سکے، معاہدے کے حوالے سے میری ذاتی رائے مختلف تھی، تاہم ایرانی صدر نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ ایرانی قوم کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا اور امریکا کے حد سے تجاوز کرنے والے مطالبات قبول نہیں کیے جائیں گے۔

ایرانی سپریم لیڈر کے مطابق صدر نے اس حوالے سے مکمل ذمہ داری قبول کرنے کا عہد کیا، جس کے بعد انہوں نے معاہدے کی اجازت دی، اب ایران اس معاہدے میں طے شدہ شرائط کے عملی نفاذ اور ان کے نتائج کا انتظار کرے گا۔

ایران سے معاہدہ عالمی بحران روکنے کے لیے کیا: ٹرمپ

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میری طاقت کی کوئی حد نہیں، ایران سے معاہدہ عالمی بحران روکنے کے لیے کیا، امریکا نے ایران کو مکمل طور پر شکست دی۔

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ایران کا معاہدہ کرنا غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے، جنگ جاری رہنے کی صورت میں آبنائے ہرمز بند رہتی اور دنیا کو شدید تیل بحران کا سامنا کرنا پڑتا، مسلسل بمباری کی صورت میں عالمی معیشت کساد بازاری کا شکار ہو سکتی تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ بحری ناکہ بندی کے دوران کوئی جہاز آبنائے ہرمز سے گزرنے میں کامیاب نہیں ہوا، معاہدہ عالمی اقتصادی تباہی روکنے اور توانائی کی سپلائی بحال رکھنے کے لیے ضروری تھا۔

اسرائیل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی سے باز نہ آیا، 16 لبنانی شہید

 اسرائیل کے جنوبی لبنان میں فضائی حملوں اور توپ خانے کی گولہ باری سے کم از کم 16 افراد شہید ہو گئےجبکہ متعدد زخمی اور لاپتا ہیں۔

لبنان کی سرکاری خبر ایجنسی نے بتایا کہ رات بھر جاری رہنے والی یہ بمباری علاقے پر ہونے والے شدید ترین اسرائیلی حملوں میں سے ایک تھی، جس میں آدھی رات کے بعد متعدد گھروں کو نشانہ بنایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی توپ خانے نے نبطیہ شہر، کفر جوز، کفر رمان اور زبدین سمیت کئی قریبی قصبوں پر گولہ باری کی، اس کے بعد فضائی حملوں کی لہر نے کفر تبنیت اور ریحان کی پہاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا امن کی توقع رکھتا ہے، لبنان، حزب اللہ اور اسرائیل سے تمام محاذوں پر جنگ بندی کی توقع ہے جبکہ عراقی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ بندی یقینی بنانا امریکا کی ذمہ داری ہے۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سوئٹزرلینڈ نہیں جائیں گے: وائٹ ہاؤس

 ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس آج رات ایران کے ساتھ مذاکرات کیلئے سوئٹزرلینڈ روانہ نہیں ہوں گے۔

نائب صدر جے ڈی وینس نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ آئندہ ہونے والے تکنیکی مذاکرات کے منصوبے ابھی حتمی شکل اختیار نہیں کر سکے تاہم امریکی وفد دستیاب ہونے والے پہلے موقع پر ہی روانگی کیلئے تیار ہے۔

وائٹ ہاؤس کے بیان میں مزید کہا گیا مذاکرات کی انتظامی اور عملی پیچیدگیاں کبھی بھی آسان یا قابلِ پیشگوئی نہیں رہی ہیں، موجودہ صورتحال کے مطابق نائب صدر آج رات روانہ نہیں ہو رہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس نے مزید بتایا کہ جیسے ہی مذاکرات کے اگلے مرحلے یا آئندہ اقدامات کے بارے میں کوئی واضح پیشرفت ہوگی، اس سے آگاہ کر دیا جائے گا۔

سوئٹزرلینڈ نے امریکا اور ایران میں آج طے شدہ مذاکرات منسوخ ہونے کی تصدیق کر دی

سوئٹزرلینڈ کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات طے شدہ شیڈول کے مطابق نہیں ہوں گے۔

سوئس وزارت خارجہ نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں،امریکا ایران مذاکرات آج سوئٹزرلینڈ کے برگن اسٹاک ریزورٹ میں طے تھے۔

اس سے پہلے سوئس وزارت خارجہ نے بتایا تھا کہ اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے بعد امریکہ ایران مذاکرات کا سلسلہ آج سوئٹرز لینڈ کے شہر برجنسٹاک میں شروع ہوگا۔

سوئس وزارت خارجہ کے مطابق معاہدے پر عمل کیلئے امریکہ اور ایران کے مندوبین برجنسٹاک میں ملاقات کریں گے، اس موقع پر ثالث پاکستان اور قطر کے نمائندے بھی موجود ہوں گے۔

ادھر ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ سوئٹزرلینڈ کے دورے کے متعلق ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔