آبنائے ہرمز پر جنگ

آبنائے ہرمز پر جنگ

ٹرمپ کا آبنائے ہرمز کی دوبارہ ناکہ بندی کا اعلان، کارگو پر 20 فیصد فیس کا دعویٰ

ایران میں حالیہ امریکی حملوں میں شہدا کی تعداد 24 ہوگئی

ایران پر امریکا کے حالیہ حملوں میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 24 ہو گئی ہے، جبکہ مختلف حملوں میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق آج ہونے والے امریکی حملوں میں مزید 4 افراد شہید اور 7 زخمی ہوئے، ایرانی شہر آبادان میں امریکی میزائل حملوں کے نتیجے میں 2 افراد شہید جبکہ 3 زخمی ہوئے۔

اسی طرح شہر نائین کے ایک فوجی اڈے پر امریکی حملے میں ایک شخص جاں بحق ہوا، جبکہ ماہ شہر میں واٹر پمپنگ اسٹیشن کو نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں ایک شخص شہید اور 4 افراد زخمی ہوئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ان حالیہ حملوں کے بعد امریکا کے حملوں میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 24 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ مزید نقصانات کی تفصیلات سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

ایران کا ایک ارب ڈالر مالیت کا خام تیل چین روانہ، ایرانی آئل ٹینکروں نے ٹریکنگ سسٹم بند کر دیا

ایرانی میڈیا نے میری ٹائم انٹیلی جنس رپورٹس کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خام تیل کی ایک بڑی کھیپ اس وقت چین کی جانب روانہ ہے، جس میں موجود خام تیل کی مالیت تقریباً ایک ارب ڈالر بتائی جا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ کھیپ ایسے وقت میں چین بھیجی جا رہی ہے جب ایران پر امریکی پابندیاں برقرار ہیں اور خطے میں کشیدگی بھی عروج پر ہے۔

دریں اثنا، سمندری نقل و حمل پر نظر رکھنے والی کمپنی ونڈوارڈ کے مطابق امریکی پابندیوں کی زد میں آنے والے 9 ایرانی آئل ٹینکروں نے ایک مقام پر اپنا آٹومیٹک آئیڈینٹیفکیشن سسٹم (AIS) عارضی طور پر بند کر دیا۔

ٹرمپ کا آبنائے ہرمز کی دوبارہ ناکہ بندی کا اعلان، کارگو پر 20 فیصد فیس کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی دوبارہ ناکہ بندی اور نئے سیکیورٹی نظام کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو آئندہ "آبنائے ہرمز کا محافظ" کے نام سے جانا جائے گا۔

صدر ٹرمپ کے مطابق ایران کے خلاف نافذ کی جانے والی اس ناکہ بندی کا اطلاق صرف ایرانی جہازوں اور ان سے تیل خریدنے والے ممالک یا خریداروں پر ہوگا جبکہ ایران کے علاوہ دیگر تمام ممالک کو آبنائے ہرمز آزادانہ طور پر استعمال کرنے کی مکمل اجازت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی اور تحفظ کے اخراجات پورے کرنے کے لیے امریکا وہاں سے گزرنے والے تمام کارگو پر 20 فیصد کی شرح سے فیس وصول کرے گا۔ 

ایران کا ٹرمپ کے آبنائے ہرمز پر کنٹرول سنبھالنے کے بیان پر ردعمل

ایران کی اعلیٰ مشترکہ فوجی کمان خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آبنائے ہرمز کا کنٹرول سنبھالنے سے متعلق بیان پر ردعمل سامنے آگیا۔

خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کا اپنے ردِ عمل میں کہنا تھا کہ ایران آبنائے ہرمز کے انتظامات میں کسی مداخلت کی اجازت نہیں دے گا۔

ایرانی مشترکہ فوجی کمان کے مطابق امریکا کو آبنائے ہرمز کے معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی، بغیر رابطے کے امریکی انتظامی سرگرمیوں کی مزاحمت کی جائے گی۔

فوجی کمان نے خبردار کیا کہ آبنائے ہرمز کے بجائے متبادل راستوں سے آمدورفت کی کوشش پر بھی سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایرانی فوجی کمان کے مطابق امریکا کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعاون کو ایران کی خودمختاری کے خلاف سمجھا جائے گا اور اسے ایران کی سلامتی کے لیے خطرہ تصور کیا جائے گا۔

ایرانی کمان نے مزید کہا کہ ایسا اقدام خطے کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے اور یہ جنگ خطے کے تمام ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

برطانیہ نےایرانی پاسداران انقلاب فورس کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا

برطانیہ نے ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کے خلاف بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے اسے دہشتگرد تنظیم قرار دیتے ہوئے تنظیم سے وابستہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

برطانوی وزارتِ داخلہ کے مطابق یہ اقدام غیر ملکی ریاستوں کی سرپرستی میں ہونے والی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے متعارف کرائی جانے والی ہنگامی قانون سازی کے تحت کیا جا رہا ہے۔

وزارتِ داخلہ نے بتایا کہ پاسدارانِ انقلاب کے علاوہ اسلامک موومنٹ آف کمپینینز آف دی رائٹ اور روس سے منسلک جی آر یو والنٹیئر کور کو بھی کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا جا رہا ہے، اگر رواں ہفتے کے اختتام پر برطانوی پارلیمنٹ اس فیصلے کی منظوری دے دیتی ہے تو ان تنظیموں سے وابستہ یا ان کی جانب سے تخریب کاری، بشمول آتش زنی، میں ملوث افراد کو عمر قید تک کی سزا سنائی جا سکے گی۔

برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ حکومت کسی بھی ایسی غیر ملکی قوت کو برطانیہ میں سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گی جو ملک میں خوف، تشدد یا تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کرے، برطانیہ اپنی سرزمین کو ایسی کارروائیوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ نہیں بننے دے گا۔ 

امریکا جلد آبنائے ہرمز کا کنٹرول سنبھال کر دنیا سے معاوضہ وصول کریگا: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا جلد آبنائے ہرمز کا کنٹرول سنبھالے گا اور اس کی حفاظت کے عوض دنیا سے معاوضہ بھی وصول کرے گا۔

امریکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا آبنائے ہرمز کا "محافظ" بننے جا رہا ہے، لہٰذا اس اہم آبی گزرگاہ کے تحفظ کے بدلے امریکا کو معاوضہ ملنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک انتہائی خوشحال ہیں، اس لیے انہیں یہ توقع نہیں رکھنی چاہیے کہ امریکا ان کے لیے یہ ذمہ داری مفت میں ادا کرے گا، آبنائے ہرمز کے تحفظ کی قیمت ادا کی جانی چاہیے۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان ایک معاہدہ طے پا چکا تھا، تاہم ایران نے اس کی خلاف ورزی کی، ان کا دعویٰ تھا کہ ایران کے ساتھ اب تک تقریباً دس معاہدے ہو چکے ہیں اور ہر بار ایرانی قیادت نے وعدہ خلافی کی، اسی لیے اب امریکا ان کے خلاف انتہائی سخت اقدامات کرے گا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ جنگ میں ایران کو "عبرت ناک شکست" کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ ایران کی بحری، فضائی اور میزائل صلاحیتیں تقریباً مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔ 

بحرین کا ایران پر شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کا الزام، متعدد میزائل اور ڈرون تباہ

بحرین نے ایران پر حالیہ حملوں میں شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کے حملوں کو فضائی دفاعی نظام نے ناکام بنا دیا۔

منامہ سے خبر رساں ایجنسی کے مطابق بحرینی فوج کے جنرل کمانڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران نے میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے شہری علاقوں کو نشانہ بنا کر اپنی جارحانہ پالیسی جاری رکھی۔

ایران امریکا تنازع ختم کرنے کی صلاحیت صرف پاکستان کے پاس ہے: صدر آذربائیجان

صدر آذربائیجان الہام علیوف نے باکو میں چوتھے شوشا عالمی میڈیا فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی امن کوششیں قابل ستائش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خطے کے امن کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف اور فلیڈ مارشل کے عزم کو سراہتے ہیں، امید ہے پاکستان ایک بار پھر خطے میں امن کے قیام کی کوششوں میں کامیاب ہو گا۔

فرانس کا ایران سے جوہری پروگرام چھوڑنےکا مطالبہ

فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے کہا ہے کہ ایران جب تک اپنا جوہری پروگرام ترک نہیں کرتا، پابندیاں ختم نہیں کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ جوہری پروگرام سے متعلق ٹھوس یقین دہانی کے بغیر ایران پر پابندیوں میں نرمی ممکن نہیں، فرانس آبنائے ہرمز سے بارودی سرنگیں ہٹانے میں تعاون کے لیے تیار ہے۔

چین کا آبنائے ہرمز میں آزاد اور محفوظ بحری آمد و رفت پر زور

چین نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز بین الاقوامی بحری آمد و رفت کا ایک اہم راستہ ہے اور اس میں آزاد اور محفوظ گزرگاہ کی بحالی تمام ممالک کے مفاد میں ہے۔

بیجنگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لین جیان نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق معاملات کو مناسب اور ذمہ دارانہ انداز میں حل کیا جانا چاہئے۔

چینی وزارت خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت کے معاملات پر اختلافات کے باعث ایک ہفتے تک باہمی حملوں کا سلسلہ جاری رہا۔

اس سے قبل چین میں ایران کے سفیر نے کہا تھا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر نئی فیس عائد کی جائے گی، تاہم چین اور دیگر "دوست" ممالک کو خصوصی رعایت دی جائے گی۔

عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز پر مشترکہ طریقہ کار میں امریکا رکاوٹ بن رہا ہے: اسماعیل بقائی

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا نے اسلام آباد میمورنڈم کی خلاف ورزیاں کیں، امریکا کے خلاف جوابی کارروائیاں ایران کا جائز حق ہے، امریکا مفاہمتی یادداشت میں واضح کی گئیں اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہا۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز کے معاملے پر عمان کے ساتھ مشترکہ طریقہ کار تشکیل دینے کی کوشش کر رہا ہے، امریکا کا عمان پر دباؤ اس عمل میں رکاوٹ بن رہا ہے، خطے کو کشیدگی سے بچانے کے لیے پاکستان، قطر اور عمان سے رابطے میں ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ اب اس بات میں شک کی گنجائش نہیں رہی کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت ختم ہو گئی ہے، اگر امریکا اسلام آباد ایم او یو پر عمل نہیں کرتا تو ایران بھی اپنے وعدوں پر عمل نہیں کرے گا، باہمی معاہدوں پر عمل دونوں فریقوں کی یکساں ذمہ داری ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں علی خامنہ ای کیلئے تعزیتی جلوس نکالنے پر درجنوں کشمیری گرفتار

ایران کے شہید سپریم لیڈر علی خامنہ کی آخری رسومات کے موقع پر بھارت کے زیرِقبضہ کشمیر میں سرینگر اور دیگر اضلاع میں امریکہ مخالف مظاہرے کیے گئے جن کے بعد مقامی حکومت نے سکیورٹی پابندیاں نافذ کیں اور احتجاجی مظاہروں کی اجازت نہیں دی گئی۔

مقبوضہ کشمیر کئی علاقوں میں لوگوں نے پابندیوں کے باوجود مظاہرے کرنے کی کوشش کی جس پر پولیس نے وحشیانہ طاقت کا استعمال کرکے انہیں منتشر کیا

بھارتی پولیس نے اعلان کیا کہ سکیورٹی پابندیاں جاری رہیں گی، حکام نے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں درس و تدریس کا عمل سات مارچ تک معطل رکھنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

مظاہروں کو روکنے کے لیے کئی علاقوں میں پولیس نے چھاپوں کے دوران درجنوں نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے، رکن اسمبلی تنویر صادق نے ان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ ان میں بڑی تعداد نابالغ لڑکوں کی ہے اور ان کے والدین ذہنی تناؤ کا شکار ہوگئے ہیں۔

عمان میں فضائی ریڈار تباہ کر دیئے: پاسداران انقلاب

ایران کے پاسداران انقلاب نے جوابی کارروائی کے پانچویں مرحلے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ عمان میں ایف پی ایس (FPS) طویل فاصلے تک نگرانی کرنے والے فضائی ریڈار اور جہازوں کی نگرانی کے ریڈار کو بھی نشانہ بنایا گیا، اور یہ کہ عمان کے ریڈار تباہ کر دیے گئے ہیں۔

پاسداران انقلاب نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو بحری آمد و رفت کے لیے کھلا رکھنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ امریکہ اس آبنائے میں اپنی فوجی مداخلت ختم کرے اور ساحلی ممالک کی اپنی سمندری حدود پر خودمختاری کا احترام کرے، اگر یہ مداخلت جاری رہی تو عالمی تیل اور گیس کے شعبے میں مزید سنگین واقعات پیش آ سکتے ہیں۔

بحرین میں ایک بار پھر خطرے کے سائرن بجا دیے گئے

بحرین کی وزارتِ داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ فضائی حملے کے خطرے کا سائرن دوبارہ بجا دیا گیا ہے۔

وزارت نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام شہریوں اور رہائشیوں سے درخواست ہے کہ پرسکون رہیں، قریب ترین محفوظ مقام پر چلے جائیں، اور سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی تازہ معلومات پر عمل کریں۔

ایران کی جانب سے ہونے والے حملوں کے پیشِ نظر بحرین گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران متعدد بار ہائی الرٹ اور انتباہی اعلانات جاری کر چکا ہے۔

ایران امریکا کشیدگی میں اضافہ، ایشیائی سٹاک مارکیٹس مندی کا شکار

جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں 8 فیصد سے زائد کی گراوٹ دیکھی گئی، جاپان کے نکی انڈیکس میں ڈھائی فیصد سے زائد کی کمی ہوئی۔

چین کے شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں 1.54 فیصد کی مندی ریکارڈ کی گئی، ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں بھی معمولی گراوٹ دیکھے گئی۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی نمایاں مندی دیکھی گئی۔

ایران کو اپنے دفاع کے لیے موردِ الزام ٹھہرانا غیر ذمہ دارانہ ہے: اسماعیل بقائی

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے ایران اور امریکہ سے ایک دوسرے پر فوجی حملے بند کرنے کی اپیل کے بعد ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران نے کہیں بھی حملہ نہیں کیا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ خلیج فارس کے جنوبی ساحل پر واقع امریکی فوجی اڈوں اور اثاثوں کے خلاف ایران کی کارروائیاں بین الاقوامی قانون کے تحت اپنے حقِ دفاع کا استعمال ہیں۔

بقائی نے کہا کہ آپ کو ان ممالک سے پوچھنا چاہئے جو اپنی سرزمین اور اڈے امریکا کو فراہم کرتے ہیں، بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرانے کے بجائے ایران کو اپنے دفاع کے لیے موردِ الزام ٹھہرانا غیر ذمہ دارانہ ہے۔

ایران سے داغے گئے 4 میزائل تباہ کر دیے: اردن

اردن کی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ایران کی سرزمین سے داغے گئے چار میزائل، جو اردن کی فضائی حدود میں داخل ہوئے تھے، فضا ہی میں تباہ کر دیے۔

اس سے قبل اسلامی انقلابی گارڈ کور نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے اردن کے پرنس حسن ایئربیس کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا، جبکہ متعدد ایندھن کے ذخائر (فیول ڈپو) اور اسلحہ گوداموں میں آگ لگا دی گئی۔

امریکا کے ایران پر حملے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ

امریکا اور ایران کے درمیان دوبارہ کشیدگی شروع ہونے کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اضافہ ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

برینٹ خام تیل کی قیمت 2.67 ڈالر (3.51 فیصد) اضافے کے ساتھ 78.68 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

امریکا نے حملے کرکے چند ماہ کی تمام سفارتی کوششوں کو ناکام بنا دیا: ایران

ایران نے اپنی سرزمین پر امریکا کے تازہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کے حالیہ حملوں نے چند ماہ کی تمام سفارتی کوششوں کو ناکام بنا دیا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق امریکا نے آبنائے ہرمز میں ایران کے ضروری انتظامات میں کھلی مداخلت کی، جس سے ناصرف وہاں دوبارہ عدم تحفظ کی صورتحال پیدا ہوئی بلکہ بین الاقوامی تجارتی جہاز رانی میں بھی خلل پڑا، مسقط میں ہونے والے مذاکرات کا محور آبنائے ہرمز کا انتظام تھا لیکن امریکا نے عمان پر دباؤ ڈال کر اس معاملے پر کسی نتیجے تک پہنچنے کا عمل روک دیا۔

ایرانی وزارت خارجہ نے ان ملکوں کو امریکا کے ساتھ کسی بھی قسم کی معاونت کے خلاف خبردار کرتے ہوئے زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون کی پابندی کریں، ورنہ وہ ایرانی فوج کی دفاعی کارروائیوں کے لیے جائز اہداف ہوں گے۔

ایران کے خلاف نئی کارروائیاں مکمل، سمندری ڈرون استعمال کئے: سینٹکام

 سینٹکام کا کہنا ہے کہ 12 اور 13 جولائی کی درمیانی شب ایران کے خلاف نئی کارروائیاں مکمل ہو چکی ہیں جن میں اس کے بقول آبنائے ہرمز پر بین الاقوامی جہاز رانی پر ایرانی حملوں کی صلاحیت کمزور کرنے کے لیے درجنوں اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

سینٹکام کے مطابق امریکی افواج نے لڑاکا طیاروں، بحری جہازوں، فضائی ڈرونز اور پہلی مرتبہ بار سمندری ڈرونز کا استعمال کیا، فضائی اور سمندری ڈرونز یکطرفہ حملوں کے لیے استعمال کیے گئے، اس کے مطابق ان حملوں میں ایران کے فضائی دفاعی نظام، ساحلی ریڈار تنصیبات، میزائل اور ڈرون صلاحیتوں اور چھوٹی کشتیوں کو نشانہ بنایا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے لیے ایک اہم بحری گزرگاہ ہے۔ ایران اس پر کنٹرول نہیں رکھتا، امریکی افواج اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تعینات اور تیار ہیں تاکہ تجارتی جہاز آزادانہ طور پر آمد و رفت کر سکیں، باوجود اس کے کہ ایران اپنی بلاجواز جارحیت، ہراسانی، دھمکیوں اور یک طرفہ اعلانات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

ماہشہر میں واٹر پمپنگ اسٹیشن پر حملہ، ایک شخص جاں بحق، 4 زخمی

ایران کے صوبہ خوزستان کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق ماہشہر میں واقع زرعی واٹر پمپنگ اسٹیشن پر امریکی حملے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق سکیورٹی و قانون نافذ کرنے کے امور کے نائب گورنر ولی اللہ حیاتی نے بتایا کہ حملہ آج علی الصبح ایک میزائل کے ذریعے کیا گیا، حملے میں جاں بحق ہونے والا شخص پمپنگ اسٹیشن پر تعینات سکیورٹی گارڈ تھا۔

ولی اللہ حیاتی کے مطابق زخمیوں کی حالت پر ریسکیو اور طبی ٹیمیں مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور انہیں ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی فوج نے ایران پر مزید حملے کیے ہیں جس کے باعث بوشہر ، بندر عباس، قشم اور جاسک میں دھماکے ہوئے۔

پاسداران انقلاب کے کویت، بحرین اور اردن پر حملے

پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ کویت میں علی السالم اور احمد الجابر ایئربیسز پر میزائل حملے کیے، علی السالم ایئربیس پر ایندھن کے ذخائر اور پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر تباہ کر دیے۔

احمد الجابر ایئربیس پر نصب اسٹریٹجک ایف پی ایس ریڈار سسٹم بھی حملے میں تباہ کر دیا، کارروائی آنکھ کے بدلے آنکھ آپریشن کے تیسرے مرحلے کے تحت کی گئی۔

پاسداران انقلاب نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز میں غیر ملکی فوجی موجودگی اور مداخلت مزید برداشت نہیں کرے گا، اردن میں پرنس حسن ایئربیس پر حملہ کیا ہے، حملے میں ایندھن کے متعدد ذخائر اور اسلحہ گوداموں میں آگ لگ گئی۔

آئی آر جی سی کے مطابق بحرین میں شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر حملے کیے گئے، حملے میں ہیلی کاپٹر مرمت کی تنصیبات، پی 8 طیارے کے ہینگر اور امریکی ڈرون کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو ہدف بنایا گیا۔

جنوبی ایران میں دھماکوں کی اطلاعات

ایران میں فوجی قیادت کے قریب سمجھی جانے والی خبر رساں ایجنسیوں نے سرک، بندر عباس اور جاسک کے قریب واقع دیہات کے اطراف میں دھماکوں کی آوازوں کی اطلاعات دی ہیں۔

خیال رہے کہ سینٹکام نے اعلان کیا ہے کہ اس کی افواج نے ایران کے خلاف حملوں کی نئی لہر شروع کی ہے۔

خوزستان میں مقامی حکام نے آج صبح جنوبی ایران کے اس صوبے کے کئی شہروں پر امریکی فضائی حملوں کی اطلاع دی۔

سرکاری ایرانی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق خوزستان گورنریٹ کے حکام نے ان حملوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آج رات 1:35 بجے اہواز کے اطراف میں دو مقامات کو امریکی دشمن کے میزائلوں نے نشانہ بنایا۔

اسی طرح 1:40 بجے بہبہان اور دزفول شہروں میں مقامات پر حملے کیے گئے، اور 1:45 بجے امیدیہ اور ماہشہر میں چار مقامات دشمن کے حملوں کا نشانہ بنے۔‘

نیوز ایجنسی فارس نے خوزستان گورنریٹ کے حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ پیر کو مقامی وقت کے مطابق تقریباً رات 2 بجے آبادان اور شادگان شہروں کے بعض حصے بھی فضائی حملوں کا نشانہ بنے۔

تاہم خوزستان کے نائب گورنر نے بندر خمیر پر حملے اور دھماکے کی آواز سنے جانے کی تردید کی ہے۔