امریکی فوج کے مسلسل ساتویں رات بھی ایران پر حملے جاری
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے کہا کہ آج ایران کے خلاف مسلسل ساتویں رات حملوں کا ایک اور مرحلہ شروع کیا ہے۔
— U.S. Central Command (@CENTCOM) July 17, 2026
جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ حملے کمانڈر اِن چیف کی ہدایت پر کیے گئے ہیں جن کا مقصد ایرانی فوجی صلاحیتوں کو مزید کمزور کرنا ہے۔
خطے کے پانیوں میں امریکی فوج کی نقل و حرکت، انکے فوجی ساز و سامان پر نظر ہے: ایران
پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ ایرانی بحریہ کی خطے کے پانیوں میں امریکی فوج کی نقل و حرکت اور ان کے فوجی ساز و سامان پر نظر ہے۔
پاسداران انقلاب کی نیول کمان کا کہنا ہے کہ امریکی اب اس وقت کے قریب پہنچ رہے ہیں جب ایران کی مسلح افواج خطے کے پانیوں میں امریکی سینٹ کام کیخلاف آپریشن شروع کرنے والی ہیں، انتظار کریں اور دیکھیں۔
ایران کی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی کا کہنا ہے امریکا نے جنوبی ایران میں شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا، میناب میں ایک سکول، اہواز میں بچوں کے کینسر ہسپتال پر امریکا نے حملے کئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ لامرد کے سپورٹس ہال اور رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، حملے انسانی حقوق کے دعویداروں کے دوہرے معیار کو بے نقاب کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن جان لے ایرانی قوم کو شکست نہیں دی جا سکتی، بے گناہ شہریوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
پاسدارانِ انقلاب کا قطر میں امریکی العدید ایئر بیس کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ قطر میں واقع امریکی العدید ایئر بیس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق حملے میں امریکی اڈے پر نصب ریڈار سسٹم اور فضائی ایندھن فراہم کرنے والے طیارے تباہ کر دیے گئے ہیں۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا کہ امریکا اور وہ ممالک جو اپنی سرزمین پر امریکی فوجی اڈوں کی میزبانی کر رہے ہیں، سرخ لکیروں کو عبور کرنے سے گریز کریں۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ
خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں امریکی خام تیل کی قیمت میں 3.17 ڈالر اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت بڑھ کر 82.12 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔
دوسری جانب برطانوی خام تیل (برینٹ) بھی 3.26 ڈالر مہنگا ہو گیا، جس کے بعد اس کی قیمت 84.97 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
ایرانی حملے میں بجلی اور ڈی سیلینیشن پلانٹ کو نقصان پہنچا: کویت
کویت کی وزارتِ بجلی، پانی و توانائی نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی حملے کے نتیجے میں ملک کے ایک بجلی اور ڈی سیلینیشن پلانٹ کو نقصان پہنچا، جس کے باعث پلانٹ میں آگ بھڑک اٹھی اور متعدد اہم تنصیبات متاثر ہوئیں۔
وزارت کے بیان کے مطابق حملے کے نتیجے میں بجلی پیدا کرنے والے کئی یونٹس بند ہو گئے، جبکہ قومی بجلی کے نظام کو مستحکم رکھنے اور اثرات کو محدود کرنے کے لیے فوری طور پر ہنگامی منصوبہ فعال کر دیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کویت فائر فورس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، جبکہ وزارت کی ہنگامی اور تکنیکی ٹیمیں متعلقہ اداروں کے تعاون سے نقصانات کا جائزہ لینے، پلانٹ کو محفوظ بنانے اور متاثرہ یونٹس کو جلد از جلد بحال کرنے میں مصروف ہیں۔
اسرائیل امریکی خارجہ پالیسی اور داخلی سیاست پر اثرانداز ہو رہا ہے: عراقچی
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ اسرائیل واشنگٹن کی خارجہ پالیسی اور اندرونی سیاست پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکی عوام کو غیر ملکی اثر و رسوخ سے خبردار کیا جا رہا ہے، لیکن اس اسرائیلی مہم کا کیا جو امریکی انتظامیہ کو ایک ایسی جنگ میں دھکیلنے کی کوشش کر رہی ہے جسے جیتنا ممکن نہیں؟
ایرانی وزیر خارجہ نے ٹائم میگزین کی ایک رپورٹ کا حوالہ بھی دیا، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے سابق سربراہ بریڈ پارسکیل ٹرمپ کے حامی میگا حلقوں کو ہدف بنانے والی ایک اسرائیلی اثر و رسوخ مہم چلا رہے ہیں۔
عراقچی نے مزید کہا کہ اس سے بھی زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ اسرائیل امریکی ٹیکس دہندگان کا پیسہ استعمال کرکے امریکا میں اپنے ناقدین کو خاموش کرانے کی کوشش کر رہا ہے، یہ سب جلد بے نقاب ہو جائے گا۔