امریکا ایران جنگ

امریکا ایران جنگ

ایران پر تباہ کن بمباری کا مسلسل بارہواں روز، امریکی فوج نے مزید شدید فضائی حملے شروع کر دیے

آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر دھماکے سے تباہ، 2 واپس لوٹ گئے: پاسداران انقلاب

ایران کے پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر دھماکے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آ گیا، جبکہ 2 دیگر بحری جہاز فوری طور پر اپنا راستہ تبدیل کرکے واپس لوٹ گئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ آئل ٹینکر نے عمان کے ساحل کے قریب آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کی، جس دوران دھماکا ہوا اور جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔

انہوں نے بتایا کہ تینوں بحری جہاز امریکی ہدایات پر عمل کر رہے تھے اور انہوں نے آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں بچھائی گئی، بارودی سرنگوں والے راستے سے گزرنے کی کوشش کی۔

پاسداران انقلاب نے کہا کہ آبنائے ہرمز ہمارے کنٹرول میں ہے، جب تک امریکا خطے میں جارحانہ کارروائیاں جاری رکھے گا یہ آبی گزرگاہ مکمل طور پر بند رہے گی اور کوئی بھی آئل ٹینکر اس میں داخل یا خارج نہیں ہو سکے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جو بھی بحری جہاز امریکا کے بہکاوے میں آ کر ایران سے رابطہ اور ہم آہنگی کے بغیر اس راستے سے گزرنے کی کوشش کرے گا اسے بھی اسی انجام کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایران کی جانب سے آنے والے ڈرونز کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کردیا: کویت

کویتی فوج نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے آنے والے ڈرونز کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کردیا گیا ہے، ملک بھر میں فضائی دفاع فعال ہے۔

کویتی فوج کے جنرل سٹاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں سنی جانے والی دھماکوں کی آوازیں دراصل ایرانی ڈرونز کو فضا میں مار گرانے کی کارروائیوں کا نتیجہ تھیں۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ حکام کی جانب سے جاری کردہ سکیورٹی اور حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

انصار اللہ کا سعودی عرب کے 2 آئل ٹینکرز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق انصار اللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نشانہ بنائے جانے والے سعودی آئل ٹینکرز نے گروپ کی جانب سے عائد کردہ بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی تھی۔

قبل ازیں برطانوی میری ٹائم ایجنسی نے بتایا تھا کہ سعودی عرب کے ساحل الشقیق سے 70 ناٹیکل میل دور جہاز میں آگ لگنے کی اطلاع ملی ہے ۔

رپورٹ میں ٹینکر کے کپتان کے حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ جہاز میں میزائل لگنے سے آگ لگی ہے، علاوہ ازیں کسی قسم جانی نقصان یا ماحولیاتی اثرات رپورٹ نہیں ہوئے۔

سیریک، اہواز اور بوشہر میں دھماکے سنے گئے ہیں، ایرانی میڈیا

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے شہروں سیرک اور بوشہر میں دھماکے سنے گئے ہیں جبکہ اہواز شہر کے قریب بھی امریکی میزائل حملے کی اطلاع ہے۔

ایرانی حکام کی جانب سے حملوں کی نوعیت اور اس سے ہونے والے جانی و مالی نقصان سے متعلق فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

امریکی فوج نے ایران پر مزید شدید فضائی حملے شروع کر دیے

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے کہا ہے کہ کمانڈر اِن چیف کی ہدایت پر امریکی افواج نے ایران کے فوجی اہداف پر مزید حملے شروع کر دیے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں سینٹ کام نے کہا کہ یہ کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ علاقائی سمندری راستوں سے گزرنے والے شہری اور تجارتی جہازوں کو خطرے میں ڈالنے کی ایران کی صلاحیت کو مزید کمزور کیا جا سکے۔

امریکا نے آبنائے ہرمز پر ایران کے کنٹرول کا دعویٰ مسترد کر دیا

امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایران کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ آبنائے ہرمز پر ایران کا کنٹرول ہے۔

سینٹ کام نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا ایران آبنائے ہرمز کو کنٹرول نہیں کرتا، پاسداران انقلاب کی دھمکیوں اور حملوں کے باوجود یہ بین الاقوامی آبی گزرگاہ جہاز رانی اور آمدورفت کے لیے بدستور کھلی ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق اس نے رواں سال مئی کے آغاز سے اب تک آبنائے ہرمز کے ذریعے 900 سے زائد تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت کو ممکن بنایا ہے۔

سینٹ کام نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ آبنائے ہرمز بین الاقوامی بحری گزرگاہ ہے اور اس میں تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت معمول کے مطابق جاری ہے۔

امریکی حملوں میں 3 بچوں سمیت 53 شہری شہید ہوچکے: ایران کی تصدیق

ایران کی وزارتِ صحت کے مطابق 27 جون سے اب تک ایران پر ہونے والے امریکی حملوں میں کم از کم 53 شہری شہید ہو چکے ہیں جن میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔

وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ جنگ میں شدت آنے اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے خاتمے کے بعد امریکی حملوں میں 590 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمان کے مطابق فروری کے آخر میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 18 امریکی فوجی ہلاک جبکہ سیکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔

امریکی ایوان نمائندگان میں قومی دفاعی اختیارات سے متعلق بل کثرت رائے سے منظور

 

امریکی ایوان نمائندگان نے قومی دفاعی اختیارات سے متعلق بل کثرت رائے سے منظور کر لیا۔

منظور کئے گئے بل میں 1.15 ٹریلین ڈالر کے دفاعی اخراجات کے علاوہ امریکا اور اسرائیل کی افواج کے درمیان عسکری انضمام کی شق بھی شامل ہے۔

بل کے حق میں 216 جبکہ مخالفت میں 212 ووٹ آئے اور یہ منظوری ایسے وقت میں دی گئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی اور جنگی صورتحال برقرار ہے۔

منظور کئے گئے بل میں ایک اہم شق امریکا اور اسرائیل کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور عسکری انضمام کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق بھی شامل کی گئی ہے۔

قومی دفاعی اختیارات کا یہ بل اب مزید منظوری کے لئے امریکی سینیٹ کو بھجوا دیا گیا ہے جہاں اس پر غور کیا جائے گا۔

یورپ جارحیت کی پیروی کی بجائے سفارتکاری میں قائدانہ کردار ادا کرے، کاظم غریب آبادی

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کاظم غریب آبادی نے کہا کہ انہوں نے تہران میں تعینات 25 یورپی ممالک کے سفیروں اور ناظم الامور سے ملاقات کے دوران جنگ کے حوالے سے ایران کا مؤقف تفصیل سے پیش کیا۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے انہیں یاد دلایا کہ 40 روزہ جنگ میں ہم نے جارح قوتوں کو سخت شکست دی تھی، موجودہ فوجی جارحیت کے نئے مرحلے میں بھی ہم اپنے وطن اور قومی مفادات کا بھرپور اور مضبوطی سے دفاع کریں گے۔

کاظم غریب آبادی کے مطابق انہوں نے یورپی سفارت کاروں پر زور دیا کہ یورپ کو اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور ہر قسم کی جارحیت کی مذمت کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپین سمیت بعض یورپی ممالک نے اصولی مؤقف اختیار کیا تاہم جن یورپی ممالک نے امریکا کو اپنی سرزمین استعمال کرتے ہوئے ایران پر حملے کرنے کی اجازت دی، وہ بھی جارح ممالک میں شامل ہیں۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ امریکا کو ایران کے خلاف جنگ سے کوئی اسٹریٹجک کامیابی حاصل نہیں ہوئی بلکہ اس کے اقدامات نے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے، یورپ سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ جارح قوتوں کی پیروی کرنے کی بجائے سفارت کاری کے فروغ میں قائدانہ کردار ادا کرے۔

یمنی حوثی گروپ نے بحیرہ احمر میں بحری جہازوں پر حملوں کی تیاریاں مکمل کر لیں

امریکی بحریہ کی قیادت میں قائم بحری سکیورٹی گروپ جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ یمن کے حوثی گروپ نے بحیرہ احمر کے جنوبی داخلی راستے سے گزرنے والے جہازوں پر حملوں کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں جس میں باب المندب کے قریب میزائلوں اور ڈرون کی تعیناتی بھی شامل ہے۔

حوثی اس سے قبل بھی امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے دوران باب المندب کی آبی گزرگاہ بند کرنے کی دھمکی دے چکے ہیں، یہ اہم آبی راستہ بحیرہ احمر کو خلیج عدن، بحیرہ عرب اور عالمی تجارتی منڈیوں سے ملاتا ہے۔

ایران کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، عراقچی

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں عباس عراقچی نے کہا ایران یا ہمارے بنیادی ڈھانچے کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب طاقتور اور فیصلہ کن انداز میں دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی ممالک یا فریقین کسی بھی نوعیت کی حمایت کے ذریعے اس جارحیت میں معاونت کریں گے، انہیں بھی جائز اہداف تصور کیا جائے گا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران اپنی خود مختاری، قومی سلامتی اور اہم تنصیبات کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گا اور کسی بھی حملے کا مؤثر جواب دینے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرے گا۔

امریکا نے کوئی غلطی کی تو نتائج عالمی معیشت کو بھی متاثر کریں گے، علی اکبر ولایتی

ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے کوئی غلطی کی تو اس کے نتائج صرف فوجی میدان تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ توانائی کی عالمی منڈیوں اور عالمی معیشت کو بھی متاثر کریں گے۔

ایکس پر جاری بیان میں علی اکبر ولایتی نے کہا کہ ایران ایک نئے مرحلے کی مزاحمتی حکمت عملی میں داخل ہو چکا ہے، یہ سمجھنا کہ ایران پر کم قیمت یا معمولی نقصان کے ساتھ حملہ کیا جا سکتا ہے، ایک غلط اندازہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وائٹ ہاؤس کو معلوم ہونا چاہیے کہ ایران کو دھمکیاں دے کر اور خطے میں اپنے اتحادیوں کو متحرک کرکے اسے سلامتی یا استحکام حاصل نہیں ہوگا، بلکہ اس کی غلطیوں کے اثرات پوری دنیا تک پھیل جائیں گے۔

دشمن ایرانی میزائلوں کی تیاری کے مراکز سے لاعلم ہے: بریگیڈیئر جنرل شکارچی

ایرانی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل شکارچی نے کا کہ دشمن ایرانی میزائلوں کی تیاری کے مراکز سے لاعلم ہے۔

ایرانی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل شکارچی کا کہنا ہے کہ جنگ یا جنگ بندی کے دوران ہم نے کبھی بھی میزائلوں کی تیاری نہیں روکی، امریکا نے تیسری عالمی جنگ کیلئے مختص ہر ہتھیار ایران کے خلاف استعمال کیا، امریکا کامیاب نہیں ہوسکا۔

بریگیڈیئر جنرل شکارچی نے کہا کہ امریکا کی مغربی ایشیا میں امریکی اڈوں پر پانچ دہائیوں کی سرمایہ کاری حالیہ جنگ میں ضائع ہوگئی، امریکا کو یقین تھا کہ وہ ایک ہفتے کے اندر ایران کی فوجی طاقت ختم کر دے گا اور اگلے ہفتے ایران کو تقسیم کر دے گا۔

مشرق وسطیٰ میں کارروائیاں: بلغاریہ نے امریکی فوج کو فضائی اڈا استعمال کرنیکی اجازت دیدی

بلغاریہ کی پارلیمنٹ نے امریکی فوج کو مشرق وسطیٰ میں کارروائیوں کے لیے ایک فضائی اڈہ استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔

ارکان پارلیمنٹ نے حکومت کی تجویز منظور کرلی، کئی ارکان پارلیمنٹ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس اقدام سے بلغاریہ ایران جنگ میں ملوث ہو سکتا ہے، امریکی حکومت نے جمعہ کو بلغاریہ سے فوجی اڈے کے استعمال کی درخواست کی تھی۔

معاہدے کے تحت بلغاریہ نے امریکا کو مشرق وسطیٰ میں آپریشنز کے لئے زیادہ سے زیادہ آٹھ کے سی-135 ٹینکر طیارے اور 250 فوجی اہلکار تعینات کرنے کی اجازت دی ہے۔

'سب کچھ یا پھر کچھ بھی نہیں'، موجودہ جنگ کا اصول واضح ہے: باقر قالیباف

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ موجودہ جنگ کا اصول واضح ہے، "سب کچھ یا پھر کچھ بھی نہیں۔"

قالیباف نے کہا کہ اگر ایران خطے میں اپنا تیل فروخت نہیں کر سکتا تو پھر کوئی بھی ملک تیل فروخت نہیں کر سکے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران کی سلامتی محفوظ نہ رہی تو خطے میں کسی کا بھی بنیادی ڈھانچہ محفوظ نہیں رہے گا۔

ایرانی اسپیکر کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کی سلامتی امریکی افواج کی موجودگی کے بغیر بھی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔

محمد باقر قالیباف نے مزید کہا کہ ایران پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال اب جنگ سے پہلے جیسی نہیں رہے گی۔ 

ایران اور امریکا دونوں جانب سے ہلاکتوں اور زخمیوں کے اعداد و شمار جاری

ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران دونوں جانب سے ہلاکتوں اور زخمیوں کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے گئے۔

ایرانی وزارت صحت کے مطابق 27 جون سے اب تک امریکی حملوں میں 3 بچوں سمیت 53 شہری شہید جبکہ 590 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے خاتمے کے بعد لڑائی میں شدت آئی ہے۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق جنگ کے دوران 18 امریکی فوجی ہلاک جبکہ سینکڑوں اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

ٹرمپ کی دھمکی پر ایران کا سخت ردعمل، امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی وارننگ

ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تازہ دھمکی پر سخت ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا تو مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکا سے وابستہ اہم تنصیبات بھی محفوظ نہیں رہیں گی۔

ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق ایک نامعلوم فوجی ذریعے نے کہا کہ آبنائے ہرمز پر اپنی خودمختاری کے استعمال کے حوالے سے ایران کا عزم غیر متزلزل ہے اور وہ اس اہم آبی گزرگاہ کو اپنے خلاف خطرہ بننے کی اجازت نہیں دے گا۔

فوجی ذریعے کے مطابق اگر امریکا نے ایران کے پلوں یا بجلی گھروں پر حملہ کیا تو ایران بھی عرب ممالک میں موجود امریکا سے وابستہ اہم شہری بنیادی ڈھانچوں، بشمول پلوں، بجلی گھروں اور دیگر تنصیبات کو نشانہ بنائے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ دس دنوں کے واقعات کے بعد امریکیوں کو یہ یقین ہو جانا چاہیے کہ ایران جہاں چاہے کارروائی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ 

اردن کا ایران سے آنے والے 4 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ، فضائی نگرانی مزید سخت

اردن نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فضائیہ نے ایران کی جانب سے آنے والے چار حملہ آور ڈرونز کو فضا میں مار گرایا ہے۔

اردنی فوجی ذرائع کے مطابق جنگی طیاروں نے خودکش ڈرونز کو اپنے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں تباہ کر دیا، جس کے باعث کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

اردنی فوج کا کہنا ہے کہ انجینئرنگ کور نے ڈرونز کا ملبہ گرنے والے علاقوں کو محفوظ بنا دیا ہے اور متعلقہ مقامات کا جائزہ مکمل کر لیا گیا ہے۔

ایران نے کوہ کلنگ بارے امریکی الزامات بے بنیاد، من گھڑت قرار دیدیئے

ایران کی جانب سے ایران نے کوہ کلنگ سے متعلق امریکی الزامات بے بنیاد، من گھڑت قرار دیدیئے گئے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکی حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں جبکہ امریکا سائنسی و تکنیکی ترقی کا دشمن ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران کی تمام جوہری سرگرمیاں عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے سامنے مکمل طور پر ظاہر کی جا چکی ہیں، انہوں نے کوہ کلنگ سے متعلق امریکی الزامات کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے سوال اٹھایا کہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل اس معاملے پر خاموش کیوں ہیں، انہوں نے کہا کہ امریکی اقدامات جارحیت، تباہی اور تخریب کاری کے لیے من گھڑت بہانے ہیں۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ ملکی خودمختاری اور قومی سلامتی پر ہونے والے ہر حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا جبکہ ایرانی عوام ملکی دفاع کے لیے متحد اور مکمل طور پر تیار ہیں۔

ایران کے ہر حملے کے جواب میں ایک پل یا بجلی گھر تباہ کیا جائیگا: ٹرمپ

 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہر حملے کے جواب میں ایک پل یا بجلی گھر تباہ کیا جائے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو نئی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر حملے کیے گئے تو اس کا جواب ایران کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا کر دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تہران میں یا اس کے نواح میں واقع پاور پلانٹس بھی ممکنہ اہداف میں شامل ہو سکتے ہیں۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر کسی بھی حملے کا سخت جواب دیا جائے گا اور ایران کے اہم بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

امریکی فوج کا ایران کے لارک جزیرے پر حملہ، آبنائے ہرمز میں بھی دھماکے

ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج نے ایران کے لارک جزیرے پر حملہ کیا ہے، جس کے بعد آبنائے ہرمز کے علاقے میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

ایرانی خبر ایجنسی تسنیم کے مطابق حملہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 48 منٹ پر کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق ایرانی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور حملے کے مقام کے ساتھ ساتھ ممکنہ نقصانات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

قبل ازیں ایرانی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے اردن میں واقع فوجی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔

ایرانی فوج کے مطابق حملوں میں اردن کے پرنس حسن اور کنگ فیصل ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں ایف-15 طیاروں اور ڈرونز سے متعلق انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچایا گیا۔

ایرانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ حملوں کے دوران 8 نئے ایم کیو-9 ڈرون تباہ جبکہ مزید 2 ڈرون شدید نقصان کا شکار ہوئے۔

میناب سکول حملہ، شہید طلبا کی باقیات 5ماہ بعد برآمد، تدفین کی تیاریاں مکمل

پانچ ماہ بعد میناب کے شجرہ طیبہ سکول پر امریکی حملے میں شہید ہونے والے طلبا کی باقیات برآمد کر لی گئیں، جن کی تدفین کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ڈی این اے شناخت کے بعد ننھے شہدا کی میناب میں نماز جنازہ ادا کی گئی، جس کے بعد شجرہ طیبہ سکول کے شہدا کو سپردِ خاک کر دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق نماز جنازہ میں سوگواروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہید بچوں کے لیے دعائیں کیں، ایک ایرانی ماں اپنے شہید بچے کے جسم کا ٹکڑا تھامے آبدیدہ ہو گئی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی حملے میں ایک ہی روز 168 بچے اور اساتذہ شہید ہوئے تھے۔

ایران کا اردن میں فوجی اڈوں پر میزائل و ڈرون حملوں کا دعویٰ

ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اردن میں واقع فوجی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔

ایرانی فوج کے مطابق حملوں میں اردن کے پرنس حسن اور کنگ فیصل ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں ایف-15 طیاروں اور ڈرونز سے متعلق انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچایا گیا۔

ایرانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ حملوں کے دوران 8 نئے ایم کیو-9 ڈرون تباہ جبکہ مزید 2 ڈرون شدید نقصان کا شکار ہوئے۔

ایرانی فوج نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ کارروائی کے دوران امریکی فوج کے دو ہیلی کاپٹروں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ 

پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ تجارت کو نشانہ بنانا ناقابل قبول قرار دے دیا

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی کے خلاف جاری دھمکیوں کی شدید مذمت اور اظہار تشویش کیا ہے۔

پاکستان نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت کے لئے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی پرچم بردار جہازوں کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحانہ کارروائی کو قومی سلامتی کیلئے خطرہ تصور کیا جائے گا، پاکستان کے سمندری مفادات کے خلاف جارجانہ کارروائی برداشت نہیں ہوگی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان بات چیت، سفارت کاری اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لئے پر عزم ہے، تمام فریقین بین الاقوامی قوانین کا احترام کریں اور بین الاقوامی سمندری نقل و حمل کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنائیں۔ 

جنگ کے اثرات:عالمی منڈی میں تیل 92 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کر گیا

امریکا اور ایران کے درمیان جاری فوجی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں برینٹ خام تیل کی قیمت 92 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برینٹ کروڈ فیوچرز کی قیمت میں ایک ڈالر یا 1.1 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 92.01 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت میں 82 سینٹ یا تقریباً ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ 85.16 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔

رپورٹ کے مطابق ایک روز قبل بھی عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گزشتہ پانچ ہفتوں کی بلند ترین سطح پر بند ہوئی تھیں، منگل کو برینٹ خام تیل 91.01 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیو ٹی آئی 84.91 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا تھا۔

ماہرین کے مطابق قیمتوں میں حالیہ اضافے کی بنیادی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی فوجی کارروائیاں ہیں۔

ڈیموکریٹ سینیٹر نے ٹرمپ کی جنگی حکمت عملی کو ناکام قرار دے دیا

امریکا میں ایران کے خلاف جاری جنگ کیلئے فنڈنگ سے متعلق سینیٹ کی سماعت کے دوران سخت جملوں کا تبادلہ دیکھنے میں آیا، جہاں ڈیموکریٹ سینیٹر گیری پیٹرز نے ٹرمپ انتظامیہ کی جنگی حکمت عملی کو ناکام قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تلخ جملوں کا تبادلہ اس وقت ہوا جب امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ سینیٹ کی متعلقہ کمیٹی کے سامنے ایران جنگ سے متعلق حکومتی پالیسی اور اخراجات پر بریفنگ دے رہے تھے۔

سماعت کے دوران سینیٹر گیری پیٹرز نے وزیر دفاع سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اصل ناکامی محاذ پر لڑنے والے امریکی فوجی نہیں بلکہ ان کی قیادت ہے، ’ناکام آپ ہیں، نہ کہ وہ مرد و خواتین جو محاذ پر اپنی جانیں خطرے میں ڈال رہے ہیں، اگر کوئی مؤثر اور کامیاب جنگی حکمت عملی موجود نہیں تو ان فوجیوں کو ان کے رہنماؤں نے ناکام بنایا ہے۔‘

سینیٹر پیٹرز نے مزید کہا کہ امریکی فوجی اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں، لیکن اگر واضح اور مؤثر حکمت عملی موجود نہ ہو تو انہیں غیر ضروری خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ایران امریکا جنگ میں دنیا پاکستان کے شاندار ثالثی کردار کی معترف

ایران امریکا جنگ بندی سمیت عالمی تنازعات کے خاتمہ کیلئے دنیا نے نظریں ایک بار پھر پاکستان پر جما لیں۔

عالمی جریدہ فارن افئیر نے ایران امریکا تباہ کن جنگ کے خاتمہ پر پاکستان کو امن کا ضامن اور جنگ کا فاتح قرار دے دیا اور کہا کہ پاکستان نے ایران امریکا جنگ جیت لی ہے اور ایک بڑی عالمی طاقت کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔

فارن افیئر نے کہا کہ 7 اپریل کو امریکی ڈیڈ لائن کے خاتمہ کے آخری لمحہ میں فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی کال نے تباہ کن صورتحال کو ٹال دیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ٹرمپ اور ایران کی قیادت پر زور دینے کی وجہ سے چند ہی گھنٹوں میں جنگ روک دی گئی، فیلڈ مارشل نے بغیر کسی ڈرکےغیر یقینی صورتحال میں اپنی قیادت کا لوہا منوایا ہے۔

عالمی جریدہ کے مطابق بڑی طاقت، معاشی وزن، ریاستوں سے تعلقات سمیت پاکستان میں کسی بااثر ملک والی تمام خصوصیات موجود ہیں، خطرناک بحران کے دوران پاکستان نے وہ کر دکھایا جو چین، فرانس، جرمنی، بھارت، برطانیہ اور جیسی طاقتیں بھی نہ کر سکیں۔

فارن افئیر کے مطابق امریکہ مہنگی جنگوں سے خود کو دور رکھنا چاہتا ہے تو اس کے پاس پاکستان سمیت نئی طاقتوں کیساتھ قریبی تعلقات کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔

ظہران ممدانی کا امریکی حکومت سے نیتن یاہو کی گرفتاری کا مطالبہ

نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے امریکی حکومت سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی گرفتاری کا مطالبہ کر دیا۔

اپنے بیان میں میئر نیویارک کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو جنگی جرائم کے ذمہ دار ہیں، انہوں نے 73 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو قتل کیا، جبکہ ہزاروں بچوں کی نسل کشی کی۔

انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت سے نیتن یاہو کی گرفتاری کا مطالبہ کرتا ہوں، عالمی فوجداری عدالت کے نیتن یاہو پر مقدمہ چلانے کے مؤقف سے متفق ہوں، نیویارک سٹی انتظامیہ کے پاس نیتن یاہو کو گرفتار کرنے کا قانونی اختیار نہیں۔

ظہران ممدانی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے پاس آئی سی سی کے وارنٹ پر عملدرآمد کرنے کا اختیار موجود ہے، اگر نیتن یاہو امریکا آئیں تو آئی سی سی کے وارنٹ پر عمل کیا جائے، نیتن یاہو اور دیگر جنگی جرائم کے ملزمان کو نیویارک سٹی میں خوش آمدید نہیں کہا جائے گا۔

قطر کا ایران اور امریکا سے سفارت کاری اور معاہدے پر عمل درآمد کا مطالبہ

قطری وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

قطری وزرارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کیلئے سفارتی کوششوں کو تیز کرنے پر زور دیا۔

اس موقع پر قطری وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام فریقین سفارت کاری کا راستہ اختیار کریں، امریکا و ایران طے شدہ مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد یقینی بنائیں، خطے میں دیرپا امن کیلئے سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی برقرار رکھنا خطے کے امن اور استحکام کیلئے ناگزیر ہے۔

امریکا اب بھی ایران کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے بحران کا حل چاہتا ہے: مارکو روبیو

فلپائن میں جاری آسیان وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ امریکا مذاکرات کیلئے تیار ہے، ایران سنجیدہ نہیں، ایران امریکا کے ساتھ مذاکرات سے متعلق سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اب بھی ایران کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے بحران کا حل چاہتا ہے، ایران نے ماضی میں طے شدہ وعدوں پر عمل نہیں کیا، اگر ایران مذاکرات میں سنجیدہ ہوا تو امریکا بھی سنجیدگی سے آگے بڑھے گا،ایران نے سنجیدگی نہ دکھائی تو امریکا اپنے اور اتحادیوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے اقدامات کرے گا۔

مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ ایران آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت پر کنٹرول چاہتا ہے، آبنائے ہرمز پر کنٹرول کی کسی بین الاقوامی قانونی نظام میں گنجائش نہیں، اگر ایران کو ایسا کرنے دیا گیا تو یہ دنیا کے دیگر حساس سمندری راستوں کیلئے بھی خطرناک ثابت ہوگا۔

امریکا کا ایک اور فوجی ہلاک، محکمہ دفاع کی تصدیق

امریکی محکمہ دفاع نے اپنا ایک اور فوجی ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی۔

امریکی محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ 17 جولائی کو اردن کے موافق السلطی ایئر بیس پر ایرانی حملے میں لاپتہ ہونے والا امریکی فوجی ہلاک ہو چکا ہے۔

خبرایجنسی کے مطابق ایران کے خلاف جنگ کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد 18 ہوگئی۔

پینٹاگون اس سے قبل اردن میں فوجی اڈے پر اپنے 2 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کر چکا ہے۔

امریکی وزیر دفاع کی سینیٹ کی کمیٹی میں پیشی کے دوران مظاہرین کا احتجاج

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کی سینیٹ کی فنڈز مختص کر نے والی کمیٹی میں پیشی کے دوران مظاہرین نے نعرے لگاتے ہوئے کہا کہ ایران اور فلسطین میں ہمارے بچوں پر بمباری بند کرو، یہ غیر قانونی ہے۔

مظاہرین نے کہا کہ جنگ ایرانی عوام کے خلاف ہے، تمہارے ہاتھ 17 امریکیوں کے خون سے رنگے ہیں، سابق ​​فوجی جنگ کو فوراً ختم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

احتجاج کے باعث کئی بار کارروائی روکنا پڑی، مظاہرین نہ رکے تو کمیٹی چیئر کو مظاہرین کو نکالنے کیلئے پولیس بلانا پڑگئی۔ 

ٹرمپ انتظامیہ نے جنگ کیلئے کانگریس سے مزید 87 ارب ڈالر مانگ لئے

ایران کے ساتھ جاری فوجی کشیدگی کے باعث امریکی دفاعی اخراجات میں غیرمعمولی اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد ٹرمپ انتظامیہ نے آئندہ مرحلے کی کارروائیوں اور دفاعی ضروریات کیلئے کانگریس سے تقریباً 87 ارب ڈالر کے اضافی فنڈز کی درخواست کر دی ہے۔

امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے سینیٹ کی فنڈز مختص کرنے والی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایران کے ساتھ جاری فوجی آپریشنز پر اب تک 37.5 ارب ڈالر خرچ ہو چکے ہیں، ان کے بقول اس رقم میں 30 ستمبر تک متوقع اخراجات بھی شامل ہیں۔

پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی حالات میں دفاعی بجٹ میں کمی نہیں بلکہ امریکی فوج کی استعداد بڑھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطلوبہ فنڈنگ فراہم نہ کی گئی تو امریکا کو سنگین سکیورٹی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

وزیرِ دفاع نے خفیہ سکیورٹی بریفنگ کے بعد سینیٹ کی بجٹ کمیٹی کے سامنے اضافی فنڈز کی باضابطہ درخواست پیش کی جس میں پینٹاگون کی مالی ضروریات اور عالمی سطح پر درپیش خطرات سے نمٹنے کیلئے مکمل بجٹ کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

جوہری تنصیبات پر حملہ ہوا تو خطے میں امریکی اتحادیوں کے مفادات کو نشانہ بنائیں گے، ایران

ایران کی اعلیٰ مشترکہ عسکری کمان نے خبر دار کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کیا تو خطے میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کے مفادات کو نشانہ بنایا جائے گا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق خاتم الانبیا بریگیڈ نے کہا ہے کہ جوہری تنصیبات پر حملہ خطے میں جنگ کے پھیلاؤ کا باعث بنے گا۔

فرانسیسی ایئرلائن نے مشرق وسطیٰ کی پروازیں منسوخ کر دیں

امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث فرانسیسی ایئر لائن نے مشرق وسطیٰ میں پروازوں کی منسوخی کا نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فرانسیسی ایئر لائن کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں ریاض کیلئے پروازیں 24 جولائی تک معطل رہیں گی۔

اسی طرح دبئی کیلئے پروازوں کی معطلی 27 جولائی تک برقرار رہے گی جبکہ بیروت کیلئے پروازوں کی معطلی میں 2 اگست تک توسیع کر دی گئی ہے۔

ایران جنگ میں امریکا کو جھونکنے والا اسرائیل پیچھے ہوگیا

امریکا کو ایران کے خلاف جنگ میں زبردستی جھونکنے والا اسرائیل اب خود جنگ سے پیچھے ہونے لگا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیر خزانہ نے ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا ملک ایران کے خلاف امریکی فوجی مہم میں شامل ہونے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا۔

اسرائیلی وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان تنازع تہران پر مسلسل معاشی دباؤ بڑھا رہا ہے جو اسرائیل کے مفاد میں ہے۔

ایران کے شہر تبریز اور سیریک میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، ایرانی میڈیا

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے شہر تبریز کے مغرب میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں جبکہ جنوبی ایران کےعلاقے سیریک کے اطراف میں بھی دھماکوں کی اطلاعات ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایران کے شہروں کرمانشاہ، بوشہر اور خوزستان سے بھی امریکی حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ تہران میں فضائی دفاعی نظام فعال کر دیا گیا ہے، تاہم دھماکوں کی نوعیت اور ان کے نتیجے میں ہونے والے جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات ابھی جاری نہیں کی گئیں۔

امریکا کے مسلسل گیارہویں رات ایران پر شدید حملے، مختلف شہروں میں دھماکے

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے کہا ہے کہ ان کی فورسز نے مسلسل گیارہویں رات ایران میں فوجی اہداف پر حملے شروع کیے ہیں۔

ایکس پر جاری بیان میں سینٹ کام نے کہا کہ ایران پر جاری ان حملوں کا مقصد آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی کو خطرے میں ڈالنے کی ایران کی صلاحیت کو مزید کمزور کرنا ہے۔

اربیل ایئر پورٹ میں سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر تمام پروازیں عارضی طور پر معطل

عراقی نیوز ایجنسی کے مطابق اربیل ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ حملوں کی حالیہ لہر کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے، حالات معمول پر آتے ہی پروازوں کی بحالی کا اعلان کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب، گزشتہ ہفتے کے اختتام پر شمالی عراق میں واقع ایک فوجی اڈے پر ایرانی ڈرون کو ناکارہ بنانے کی کوشش کے دوران ایک امریکی فوجی ہلاک ہو گیا تھا، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسافروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور سکیورٹی صورتحال بہتر ہوتے ہی فضائی آپریشن دوبارہ شروع کر دیے۔

برطانوی وزیراعظم نے امریکا کو فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دے دی، امریکی اخبار

امریکی اخبار بلومبرگ کے مطابق برطانیہ میں نئے وزیراعظم اینڈی برنہم کے اقتدار سنبھالتے ہی ملک کی خارجہ پالیسی میں بڑی تبدیلی رونما ہو گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اینڈی برنہم نے امریکا کو فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے، جبکہ سابق وزیراعظم کیئر سٹارمر نے امریکا کو برطانوی اڈے دینے سے انکار کیا تھا۔

کویت نے آئل ٹینکر پر حملے کے خلاف ایرانی سفیر کو طلب کرلیا

کویت کی وزارت خارجہ نے ایرانی سفیر کو طلب کرکے اس حملے پر شدید احتجاج کیا ہے جس کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ ایران نے ایک روز قبل آبنائے ہرمز سے گزرنے والے کویتی آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا تھا۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کویتی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ حملہ ریاست کویت کی خود مختاری، اس کی سرزمین اور مفادات کی سلامتی کی کھلی خلاف ورزی، بین الاقوامی بحری آمدورفت کے امن اور آزادی کیلئے خطرہ، اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔

بیان کے مطابق حملے میں ٹینکر کے عملے کے کئی ارکان بھی زخمی ہوئے، کویت نے واضح کیا ہے کہ وہ ضروری اقدامات کرنے کا اپنا حق محفوظ رکھتا ہے اور اس جارحیت اور کویت کے خلاف جاری حملوں کی مکمل ذمہ داری ایران پر عائد کرتا ہے۔

قطر کا حملوں سے نقصانات کے ازالے کیلئے ایران سے ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ

قطر کی حکومت نے مطالبہ کیا ہے کہ ایران حملوں سے نقصانات کے ازالے کیلئے ہرجانہ ادا کرے۔

قطر کی حکومت نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کو خطوط میں کہا ایران نے سات جولائی کو آبنائے ہرمز کے قریب قطری آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا، بارہ اور سترہ جولائی کو ملک میں میزائل حملے کئے۔

بیان میں ایرانی حملوں کو علاقائی سالمیت کیلئے خطرہ قرار دیا گیا۔

بحری ناکہ بندی کے دوران 8 تجارتی جہازوں کا رخ موڑ دیا، ایک ناکارہ بنا دیا: سینٹ کام

امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی کو مؤثر بنانے کیلئے 8 تجارتی جہازوں کا رخ موڑا گیا جبکہ ایک جہاز کو ناکارہ بنا دیا گیا۔

سینٹ کام نے اپنے بیان میں کہا کہ مشرق وسطیٰ میں ہر آپریشنل کامیابی ان امریکی اہلکاروں کی مرہونِ منت ہے جو اپنے فرائض پر پوری توجہ کے ساتھ عمل پیرا ہیں، جن میں ایران کے خلاف امریکی بحری ناکہ بندی بھی شامل ہے۔

سینٹرل کمانڈ کی جانب سے بیان کے مطابق امریکا نے جون میں بحری ناکہ بندی ختم کرنے کے بعد رواں ماہ کے آغاز میں اسے دوبارہ نافذ کیا تھا۔

ایران کا خطے میں امریکی اڈوں پر تابڑ توڑ حملوں، ریڈار سسٹم تباہ کرنے کا دعویٰ

ایران نے خطے میں امریکی اڈوں پر تابڑ توڑ حملوں کا دعویٰ کر دیا۔

پاسداران انقلاب نے اردن کے علاقے الرکبان میں امریکی فوجی اڈے پر ایف پندرہ طیارہ تباہ کرنے اور متعدد امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کر دیا، بیان میں کہا امریکی اڈے پر دفاعی ریڈار سسٹم تباہ کیا، بحرین میں میزائل حملے سے امریکی کمپنی ایمازون کا مرکزی ڈیٹا سینٹر تباہ ہوا۔

بحرین کے شہر محرق اور رفاع میں امریکی ریڈار اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا، کویت میں امریکی ریڈار، مواصلاتی نظام اور سیٹلائٹ تنصیبات پر میزائل اور ڈرونز داغے گئے۔

کویت کی علی السالم اور احمد الجابر ایئربیس پر ایم کیو نائن ڈرون ہینگر کو ٹارگٹ کیا گیا، ایف پی ایس 117 ریڈار، پیٹریاٹ دفاعی نظام اور فضائی دفاع سے متعلق سیٹلائٹ مواصلاتی نظام تباہ ہوگئے۔

کیمپ العدیر میں ہیلی کاپٹروں کے پارکنگ ایریا پر ڈرون حملہ کیا گیا، الجابر بیس میں فوجی دستوں کی رہائشی عمارت کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

پاسداران انقلاب کا کہنا ہے یہ خطہ امریکی جارحیت پسند افواج کیلئے نہیں ہے، مزید جانی نقصان سے بچنے کیلئے امریکی فوج کو خطہ چھوڑ دینا چاہئے۔

بحری ناکہ بندی کی دھمکیوں کا طاقت سے جواب دیا جائے گا: ترکی المالکی

سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے حوثیوں کی جانب سے بحری ناکہ بندی کی دھمکیوں پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے کسی بھی اقدام کا بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی نے کہا کہ باب المندب میں بحری جہازوں کے تحفظ اور بین الاقوامی بحری راستوں کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یمنی بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں کی بندش سے متعلق دعوے گمراہ کن ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں۔

ادھر سعودی وزارتِ خارجہ نے یمن کی حوثی تنظیم انصار اللہ کی جانب سے مملکت کی بحری ناکہ بندی کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب یمنی عوام اور یمن کی قانونی حکومت کی حمایت جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل انصار اللہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ یمن کی بندرگاہوں کی ناکہ بندی اور صنعا ایئرپورٹ پر حملوں کے جواب میں سعودی عرب کے خلاف اقدامات کیے جائیں گے۔

متحدہ عرب امارات کی بحرین، کویت اور اردن پر ایرانی حملوں کی شدید مذمت

متحدہ عرب امارات نے بحرین، کویت اور اردن پر ایرانی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں خطے کے برادر ممالک کی سلامتی، استحکام اور خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

اماراتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بحرین، کویت اور اردن کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات تینوں ممالک کی سلامتی، استحکام اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ 

آبنائے ہرمز ایران کے لیے فیصلہ کن سٹریٹجک دباؤ کا ذریعہ ہے: علی باقری

ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے نائب سیکرٹری علی باقری نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز ایران کے لیے ایک فیصلہ کن اسٹریٹجک دباؤ کا ذریعہ ہے اور تہران اس معاملے پر کسی بھی صورت اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

علی باقری نے کہا کہ وعدہ خلافی امریکی حکومت کی مستقل پالیسی رہی ہے، امریکا نے ایران کے منجمد اثاثے آزاد کرانے کے حوالے سے کوئی عملی اقدام نہیں کیا اور اپنے وعدوں سے پھر گیا۔

سعودی کابینہ کا خطے میں فوجی کشیدگی فوری ختم کرنے کا مطالبہ

سعودی کابینہ نے خطے میں جاری فوجی کشیدگی کے فوری خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے عوام کے امن، استحکام اور تحفظ کے لیے کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرِ صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں خطے کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

سعودی کابینہ نے کویت، بحرین اور اردن کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی حملوں کے بعد ان ممالک کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی حمایت کا اعادہ کیا۔ 

ایران نے ہزاروں سینٹری فیوجز زیرِ زمین سرنگوں میں منتقل کر دیے: اسرائیل کا دعویٰ

اسرائیلی انٹیلیجنس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے گزشتہ سال یورینیم افزودگی کے ہزاروں سینٹری فیوجز ایک پہاڑ کے اندر واقع گہری زیرِ زمین سرنگوں میں منتقل کر دیے ہیں۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق امریکی اور اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ یہ سینٹری فیوجز "پِک ایکس ماؤنٹین" (کوہِ کلنگ) نامی مقام پر منتقل کیے گئے ہیں۔

اسرائیلی حکام کے مطابق یہ منتقلی گزشتہ سال جون میں ہونے والی 12 روزہ جنگ کے بعد کی گئی، جس کے دوران امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ایران کی تین بڑی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق امریکا نے گزشتہ 10 دنوں کے دوران ایران کے خلاف اپنی کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا ہے کہ امریکا پِک ایکس ماؤنٹین کو نشانہ بنانے کے لیے تیار ہے۔ 

وزارت خارجہ ایرانی عوام کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کرے گی: مسعود پزشکیان

 

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سے رابطوں کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے اور حکومت تمام اہم فیصلے ان کی رہنمائی اور مسلسل مشاورت سے کر رہی ہے۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ نجی اجلاسوں میں نہ جنگ اور نہ ہی کشیدگی کی کیفیت برقرار رکھنے کے بجائے مسائل کے حل پر زور دیا جاتا ہے، اسی تناظر میں حکومت نے مذاکرات کا آغاز کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ ایرانی عوام کے حقوق پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور تمام سفارتی اقدامات قومی مفادات کو سامنے رکھ کر کیے جا رہے ہیں۔

ایرانی صدر نے مذاکرات سے متعلق غیر ماہرانہ تبصروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غلط بیانات ایران کی کامیابیوں کو کم تر ظاہر کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ مخالف فریق نے بعض وعدوں کی خلاف ورزی کی، تاہم ایران نے توقعات سے بڑھ کر کامیابیاں حاصل کیں۔

نئے برطانوی وزیر اعظم سے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی پر بات کی: ٹرمپ

امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہوں نے برطانیہ کے نئے وزیر اعظم اینڈی برنہم کے ساتھ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی سمیت دیگر کئی موضوعات پر گفتگو کی۔

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پوسٹ میں ٹرمپ نے کہا کہ برطانوی وزیر اعظم سے بات کے دوران بحیرۂ شمالی کا تیل، تجارت اور فوجی اتحاد بھی زیر بحث آئے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نئے برطانوی وزیر اعظم کے سامنے بڑا چیلنج ہے، لیکن وہ اس سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور یقیناً امریکا ان کی مدد کے لیے موجود ہو گا۔

امریکا نئی برطانوی حکومت پر عسکری اڈوں کی استعمال کیلئے دباؤ ڈال رہا ہے: دی ٹیلی گراف

برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے نو منتخب وزیر اعظم اینڈی برنہم سے آر اے ایف فیئر فورڈ اور ڈیگو گارسیا فوجی اڈوں تک رسائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹیلی گراف کے مطابق سابق وزیر اعظم کیئر سٹارمر سے امریکی صدر کے بی ٹو بمبار طیاروں پر بھی ماضی میں اختلافات سامنے آئے تھے، امریکی صدر کو نو منتخب وزیر اعظم سے اڈوں کی فراہمی میں تعاون کی امید ہے۔

اردن میں امریکی میزائل ڈیفنس ریڈار اور F-15 طیارے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ اردن میں امریکی اڈے پر دفاعی ریڈار سسٹم کو تباہ کیا گیا، امریکی F-15 جنگی طیاروں کے ہینگر کو بھی نشانہ بنایا گیا، کارروائیاں دشمن کے ریڈار نظام کو ناکارہ بنانے، فضائی دفاعی نظام کو ختم کرنے کے لیے کی گئیں۔

یہ بھی کہا گیا کہ خطہ امریکی جارحیت پسند افواج کے لیے نہیں ہے، مزید جانی نقصان سے بچنے کے لیے امریکی فوج کو خطہ چھوڑ دینا چاہئے۔

ایران سے کشیدگی، امریکا کے پٹرولیم ذخائر 4 دہائیوں کی کم ترین سطح پر پہنچ گئے

ایران سے کشیدگی کے آغاز کے بعد سے امریکا میں خام تیل کے ذخائر تیزی سے سکڑ کر 45 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئے۔

بینک آف امریکا کے چارٹ کے مطابق ملک میں تیل کے 43 دن کی سپلائی باقی ہے، یہ سطح جولائی 1983 کے بعد سب سے کم ہے، جو امریکی توانائی سکیورٹی کے لیے ایک اہم اشارہ تصور کی جا رہی ہے۔

امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کے تازہ اعداد و شمار اس کی تصدیق کرتے ہیں کہ کمرشل اور سٹریٹیجک ذخائر مسلسل دباؤ کا شکار ہیں، 10 جولائی تک کمرشل خام تیل کے ذخائر تقریباً 409.7 ملین بیرل ریکارڈ کیے گئے جو 5 سالہ اوسط سے قریباً 6 فیصد کم ہیں۔

اسی طرح سٹریٹیجک پٹرولیم ریزرو 18 جولائی تک گھٹ کر 316.5 ملین بیرل رہ گیا، جو اپریل 1983 کے بعد کم ترین سطح ہے، مجموعی طور پر امریکاکے کل ذخائر تقریباً 730.8 ملین بیرل رہ گئے ہیں جو 4 دہائیوں کی کم ترین سطحوں میں شمار ہو رہے ہیں۔

حوثی دھمکی: سعودی فوجی اتحاد کا باب المندب کی حفاظت یقینی بنانے کا اعلان

سعودی عرب اور یمن میں سرگرم سعودی قیادت والے فوجی اتحاد نے حوثی تنظیم انصار اللہ کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی اور جہازوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ تجارتی بحری جہازوں کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور کسی بھی حملے کا بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں یمن کی حوثی تنظیم کی جانب سے سعودی عرب کی مبینہ سمندری ناکہ بندی کے اعلان کی شدید مذمت کی گئی، حوثیوں کے الزامات بے بنیاد ہیں اور سعودی عرب یمن کے عوام اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ قانونی حکومت کی حمایت جاری رکھے گا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ روز یمن کی حوثی تنظیم انصار اللہ نے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا۔

پاسداران انقلاب نے بحرین میں ایمازون کے ڈیٹا انفراسٹرکچر پر حملہ کر دیا

پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحرین میں ایک امریکی تجارتی ہدف کو کروز میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کی ایرو اسپیس فورس نے متعدد کروز میزائلوں سے حملہ کر کے ایمیزون کے مرکزی ڈیٹا انفراسٹرکچر کو تباہ کر دیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ حملہ دارخوین میں شہری بنیادی ڈھانچے پر امریکا کے حالیہ حملوں کے جواب میں کیا گیا۔

امریکی ڈیموکریٹ سینیٹر چک شومر کا ایران کے خلاف جنگ ختم کرنے کا مطالبہ

امریکی سینیٹر چک شومر نے کہا ہے کہ بس بہت ہو گیا، اب اس جنگ کو ختم کیا جائے، ڈیموکریٹس سینیٹ میں ایک بار پھر ووٹنگ کرائیں گے تاکہ فوجی کارروائیاں روکنے پر فیصلہ ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایران میں جنگ جاری رکھنے سے امریکی فوجی اہلکار خطرے میں ہیں۔

خیال رہے کہ ایوان نمائندگان نے 3 جون کو ٹرمپ کے جنگی اختیارات محدود کرنے سے متعلق قرارداد منظور کی تھی، قرار داد کے مطابق کانگریس کی واضح منظوری کے بغیر ایران کے خلاف کارروائی نہیں کی جاسکتی، قرارداد 24 جون کو سینیٹ سے بھی منظور ہوئی۔

خام تیل کی بڑھتی قیمتوں نے حصص بازاروں کو ہلا کر رکھ دیا

مشرق وسطیٰ میں امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی نے عالمی مالیاتی منڈیوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے، خام تیل کی قیمتیں کئی ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں جبکہ دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹوں میں فروخت کا دباؤ بڑھنے سے سرمایہ کار محتاط ہو گئے ہیں۔

عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل تقریباً 4 فیصد اضافے کے بعد 87.33 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا جو کئی ماہ کی بلند ترین سطح ہے، اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ بھی تقریباً 4 فیصد اضافے کے ساتھ 82.09 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔

خام تیل کے دوسرے اہم بینچ مارکس بھی تیزی کی لپیٹ میں رہے، مربان کروڈ 80.77 ڈالر جبکہ ڈبلیو ٹی آئی مڈلینڈ 81.81 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچا۔

ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں نے خطے میں بڑھتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی خطرات کے باعث توانائی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے خریداری تیز کر دی۔

مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی سے صرف خام تیل ہی نہیں بلکہ توانائی کی دیگر مصنوعات بھی مہنگی ہو گئیں، امریکی گیسولین فیوچرز، ڈچ ٹی ٹی ایف نیچرل گیس، امریکی نیچرل گیس اور جاپان-کوریا ایل این جی بینچ مارک میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

توانائی کی قیمتوں میں اچانک تیزی نے عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی متاثر کیا، امریکا میں وال سٹریٹ کا آغاز منفی رجحان کے ساتھ ہوا جہاں ایس اینڈ پی 500، ناسڈیک اور ڈاؤ جونز انڈیکس دباؤ کا شکار رہے جبکہ یورپ میں جرمنی اور فرانس کی سٹاک مارکیٹوں میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی، برطانیہ کی مارکیٹ کو صرف بڑی تیل کمپنیوں کے حصص نے سہارا دیا۔

ایشیا میں بھی جاپان، جنوبی کوریا اور چین کی سٹاک مارکیٹیں دباؤ میں رہیں جہاں خاص طور پر ٹیکنالوجی اور سیمی کنڈکٹر کمپنیوں کے حصص فروخت کی زد میں آئے۔

ماہرین معاشیات کے مطابق اگر خام تیل کی قیمتیں 90 ڈالر فی بیرل کے قریب برقرار رہیں تو پاکستان جیسے تیل درآمد کرنے والے ممالک کو سنگین معاشی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، درآمدی بل بڑھنے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں اضافے، روپے پر دباؤ اور مہنگائی میں مزید شدت آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بھی سرمایہ کار محتاط دکھائی دیے کیونکہ خدشہ ہے کہ تیل کی مسلسل بلند قیمتیں ملکی معیشت، عوامی مالیات اور روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر براہِ راست اثر ڈال سکتی ہیں۔

ایران کی کویت اور بحرین میں جوابی کارروائی

ایرانی پاسداران انقلاب نے امریکی حملوں کے جواب میں بحرین اور کویت میں امریکی فوجی تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ بحرین کے شہر محرق میں امریکی ریڈار اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا ہے، اس کے علاوہ بحرین کے شہر رفاع میں نصب امریکی پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کو میزائل اور ڈرون سے نشانہ بنایا۔

ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کویت میں امریکی ریڈار، مواصلاتی نظام اور سیٹلائٹ تنصیبات کو میزائل اور ڈرون سے نشانہ بنایا۔

پاسداران انقلاب نے کویت کے علی السالم ائیربیس پر موجود ایم کیو 9 ڈرون ہینگر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، اس کے علاوہ کویت کے احمد الجابر ائیربیس پر موجود امریکی فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا۔

اس کے علاوہ پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے پر 2 آئل ٹینکروں میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی۔

برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق ایک ٹینکر نے اطلاع دی ہے کہ آبنائے ہرمز میں اسے نامعلوم سمت سے آنے والے ایک پروجیکٹائل نے نشانہ بنایا، یہ واقعہ عمان کے علاقے لیما کے شمال مشرق میں تقریباً 8 سمندری میل کے فاصلے پر پیش آیا۔

کویتی فوج کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام ایرانی میزائل اور ڈرونز کو تباہ کر رہا ہے۔

دسویں رات کی کارروائی مکمل، کمانڈ سینٹرز کو نشانہ بنایا: سینٹکام

 امریکی فوج کے مسلسل دسویں رات ایران پر حملے مکمل ہوگئے جس میں میزائل اور ڈرون لانچنگ مقامات، اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایران کے خلاف ایک اور مرحلہ وار حملے مکمل کرلیے۔ امریکی فورسز نے ایرانی فوجی کمانڈ سینٹرز، بحری صلاحیتوں، میزائل اور ڈرون لانچ سائٹس اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا۔

بیان میں کہا گیا کہ اہم بین الاقوامی بحری گزرگاہ سے تجارتی جہازوں کی آمدورفت بدستور جاری ہے۔ مئی کے آغاز سے اب تک سینٹکام کی فورسز نے تقریباً 900 تجارتی جہازوں اور 45 کروڑ بیرل خام تیل کی ترسیل میں مدد فراہم کی ہے۔

سینٹکام نے کہا کہ امریکی فورسز آبنائے ہرمز سے آزادانہ اور کھلے عام گزرنے والے شہری ملاحوں کے خلاف بلاجواز جارحیت پر ایران کو جواب دہ بنانے کے لیے بدستور پوری طرح تیار اور مستعد ہیں۔

آبنائے ہرمز کا بحران: ایل این جی کی فراہمی میں شدید قلت

آبنائے ہرمز کے بحران سے ایل این جی کی فراہمی کو شدید دھچکا لگ گیا، عارضی مسئلہ اب مستقل قلت میں تبدیل ہورہا ہے۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے ایشیا میں توانائی کی مصنوعات، بالخصوص مائع قدرتی گیس کی طلب میں کوئی کمی نہیں آئی جبکہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کی آمدورفت رکنے کے قریب پہنچ گئی ہے۔

خلیجی ممالک سے تیل اور گیس لے جانے والے ٹینکروں کی نقل و حرکت سے متعلق تنازع اب براہ راست گیس کی قیمتوں پر اثر انداز ہو رہا ہے، آبنائے ہرمز سے کم ہوتی ہوئی بحری آمدورفت ایسی طلب کا سامنا کر رہی ہے جو اب بھی برقرار ہے، جنگ سے پہلے قطر دنیا کی پانچویں حصے کی ایل این جی سپلائی فراہم کرتا تھا۔

یہ صلاحیت کئی ماہ سے دستیاب نہیں اور فوری طور پر بحال ہوتی نظر نہیں آرہی، اس کے علاوہ روس بھی اس کمی کو پورا نہیں کر سکتا کیونکہ پابندیاں اور اپنی پیداواری حدود اس میں رکاوٹ ہیں۔

فرانس کی سفارتی اہلکاروں کو حراست میں لینے پر ایران کو سنگین نتائج کی دھمکیاں

ایران میں فرانسیسی سفارت خانے کے عملے کی حراست پر فرانس کا شدید ردعمل سامنے آگیا۔

فرانس کے وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے خبردار کیا ہے کہ تہران میں فرانسیسی سفارت خانے کے دو اہلکاروں کو کئی گھنٹوں تک حراست میں رکھنے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

فرانسیسی وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا ایران میں فرانسیسی سفارت خانے کے دو اہلکار ایرانی سکیورٹی اداروں کی جانب سے انتہائی سنگین ہراسانی کا نشانہ بنے جو سفارتی استثنیٰ کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی ہم منصب کو آگاہ کر دیا ہے کہ ہمارے سفارتی اہلکاروں کی حرمت اور سلامتی کی اس انتہائی سنگین اور ناقابل قبول خلاف ورزی کو بغیر نتائج کے نہیں چھوڑا جا سکتا۔

کویت میں امریکی میزائل نظام کو میزائلوں سے نشانہ بنایا: ایرانی فوجی

ایرانی فوج نے کہا ہے کہ اس نے کویت میں موجود امریکی میزائل نظام کو زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق ایرانی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ یہ حملہ اس کے تھنڈر آپریشن کے 18ویں مرحلے کا حصہ تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی ایران پر کئے گئے امریکی حملوں کے جواب میں کی گئی۔ایرانی فوج کے مطابق حملے کا ہدف کویت میں واقع کیمپ عریف جان میں تعینات امریکی میزائل نظام تھے۔

امریکا کے ساتھ مکمل جنگ کی حالت میں ہیں، ہمیں حقیقت پسند ہونا ہوگا: ایرانی صدر

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکا کے ساتھ مکمل جنگ کی حالت میں ہیں۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے ہمیں حقیقت پسند ہونا ہوگا اور اس مزاحمت کے فطری نتائج کو قبول کرنا ہوگا، امریکا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت میں ایرانی مفادات کو ترجیح دی گئی، چودہ شقوں میں ایسی کوئی شق نہیں جس سے یکطرفہ طور پر صرف امریکا کو فائدہ پہنچا ہو۔

سپیکر باقر قالیباف کہتے ہیں ایران امریکی چالیں سمجھنے میں ماہر ہے، امریکا خطے میں نیا فوجی سازوسامان لا رہا ہے، دوسری جانب دعویٰ کرتا ہے کہ وہ جنگ روکنا چاہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا نے ہماری ذہانت کو اپنی عقل کی طرح محدود سمجھ رکھا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کا ایران کے ساتھ دوبارہ مذاکرات کی خواہش کا اظہار

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کے ساتھ دوبارہ مذاکرات کی خواہش کا اظہار کر دیا۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ سفارت کاری کا دروازہ بند نہیں کرنا چاہتا، آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر حملے مفاہمتی کوشش کے برعکس ہیں، تہران مختلف ذرائع سے مذاکرات کی خواہش کے اشارے دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران سفارتکاری چاہتا ہے تو اسے رویے میں تبدیلی لانا ہوگی، ایران کے اندر معاشی بحران کے باعث پالیسی پر اختلافات بڑھ رہے ہیں، ایران میں ایک حلقہ مذاکرات کا حامی، دوسرا سخت مؤقف پر قائم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کے حامی فیصلہ سازی میں کامیاب ہوتے ہیں تو یہ مثبت پیش رفت ہوگی۔

ثالثوں کی امریکا اور ایران کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کیلئے کوششیں

 امریکا اور ایران کے درمیان دس روزہ جنگ بندی کیلئے کوششیں شروع کر دی گئی۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی عہدیدار کا کہنا ہے ثالثوں نے کشیدگی میں کمی اور مفاہمتی یادداشت کی بحالی کیلئے دس روزہ جنگ بندی کی تجویز دی، آبنائے ہرمز کو دس دنوں سے لیکر دو ہفتوں کیلئے کھولنے پر غور کیا جارہا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق جنگ بندی کی تجویز پاکستان اور قطر نے پیش کی، ایران نے ثالثوں کے ذریعے تجویز ملنے کی تصدیق کر دی، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے بتایا ثالث مزید کشیدگی کو روکنے کیلئے سرگرم ہیں، ثالثوں کے ذریعے امریکی پیغامات مل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی خطے کے ممالک سے کوئی دشمنی نہیں، ایران پر حملوں کیلئے کسی ملک کی سرزمین استعمال نہیں ہونی چاہئے، حملے جاری رہے تو ایرانی مسلح افواج بھی جواب دیتی رہیں گی، آئی اے ای اے دارخوین جوہری بجلی گھر پر امریکی حملے کی مذمت کرے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا بھی کہنا تھا کہ امریکا سے جنگ اس وقت بند ہوگی جب ایران کو میدان جنگ میں برتری حاصل ہوگی۔

ایران کو ایک امریکی فوجی کے قتل کی کئی گنا زیادہ قیمت چکانا پڑے گی: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران کسی بھی امریکی فوجی کو قتل کرتا ہے تو اسے اس کی قیمت کئی گنا زیادہ چکانا پڑے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ "جب بھی ایران کسی امریکی فوجی کو قتل کرے گا، اسے اس قتل کی کئی گنا قیمت ادا کرنا ہوگی۔"

صدر ٹرمپ نے بتایا کہ اس حوالے سے واضح ہدایات پہلے ہی جاری کی جا چکی ہیں۔ ان کے مطابق یہ ہدایت وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈینیل کین اور امریکی فوج کی پوری قیادت کو دی جا چکی ہے۔

امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور حالیہ دنوں میں امریکی فوجی تنصیبات پر حملوں اور جوابی اقدامات کے باعث خطے کی صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔ 

آبنائے ہرمز میں دو یونانی بحری جہازوں پر میزائل حملے

آبنائے ہُرمُز میں دو یونانی بحری جہازوں پر میزائل حملے ہوئے ہیں، ایک میں آگ بھڑک اٹھی۔

عرب میڈیا کے مطابق جہاز میں آگ لگنے کے بعد اس کے تمام عملے نے جان بچانے کے لیے جہاز کو چھوڑ دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مالٹا کے پرچم بردار آئل ٹینکر کاوومالیاس پر حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، متاثرہ آئل ٹینکر یونان کی کمپنی کی ملکیت ہے، عملے کے تمام ارکان کو ایک بوٹ کے ذریعے بحفاظت نکال لیا گیا۔

ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے

ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے، جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

استقبالی تقریب میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے معزز مہمان کو گلدستہ پیش کیا جبکہ پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی ہم منصب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا، "پاکستان آمد پر اپنے بھائی کو خوش آمدید کہتا ہوں۔" انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی اپنے دورہ پاکستان کے دوران خوش آئند پیش رفت کی نوید لائیں گے۔

آبنائے ہرمز سے امریکی اتحادیوں کی آمدورفت مشکل بنائیں گے، ایرانی فوج کا انتباہ

ایرانی فوج نے خبردار کیا ہے کہ کوئی بھی ملک اب آبنائے ہرمز کو فوجی سازوسامان کی منتقلی کے لیے استعمال نہیں کر سکے گا۔

ایرانی فوج کے مطابق بعض ممالک برسوں سے آبنائے ہرمز کی تزویراتی اہمیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تجارت اور تیل کی برآمدات جاری رکھتے رہے، لیکن حالیہ عرصے میں یہی ممالک ایران کے دشمنوں کے ساتھ کھڑے ہو گئے ہیں۔

ایرانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اور اس کا ساتھ دینے والے ممالک کو آئندہ آبنائے ہرمز عبور کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ بیان کے مطابق ایران اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے اس اہم بحری گزرگاہ پر سخت دفاعی اقدامات کرے گا۔ 

حوثیوں کی سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان

یمن کے ایران نواز حوثی گروپ نے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی (نیول بلاکیڈ) کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
بین الاقوامی خبر ایجنسی کے مطابق حوثیوں کے عسکری ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب کے خلاف "آنکھ کے بدلے آنکھ" کی پالیسی کے تحت بحری ناکہ بندی نافذ کی جا رہی ہے۔

بیان کے مطابق یہ اقدام سعودی عرب کی جانب سے یمن پر عائد کیے گئے "غیر منصفانہ اور ظالمانہ محاصرے" کے جواب میں کیا گیا ہے۔

اس سے قبل اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ ایران نے حوثیوں پر زور دیا تھا کہ اگر امریکہ ایرانی توانائی اور بنیادی ڈھانچے پر حملے جاری رکھے تو وہ بحیرہ احمر کے اہم بحری راستے باب المندب کو بند کر دیں۔

واضح رہے کہ باب المندب دنیا کی اہم ترین سمندری گزرگاہوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں سے یورپ، ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے درمیان تیل اور تجارتی سامان کی بڑی مقدار گزرتی ہے۔

امریکی دراندازی کا فوری جواب دیا جائے گا: پاسداران انقلاب

پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ امریکی افواج کی کسی بھی ممکنہ دراندازی کو لمحوں میں ناکام بنا دیا جائے گا، زمینی افواج جدید سازوسامان، مسلسل تربیت اور اعلیٰ آپریشنل صلاحیت کے ساتھ مکمل تیار ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ مسلح افواج کی مکمل تیاری ہی ایران کی پائیدار قومی سلامتی کی ضمانت ہے، ایرانی فورسز کسی بھی دشمن کی پیش قدمی کو فوری طور پر غیر مؤثر بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

امریکا کے ساتھ ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے: اسماعیل بقائی

 ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ مذاکرات کی بحالی کے لیے ثالثوں کی تجاویز موصول ہوئی ہیں۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران کو ثالثی کرنے والے ممالک کی جانب سے امریکا کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے تجاویز موصول ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران ان تجاویز کا جائزہ لے رہا ہے، ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ ہو رہا ہے۔

مزید پڑھئے:۔۔۔

روس کی ایران کے دارخوین جوہری منصوبے پر امریکی کی مذمت

روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کے دارخوین جوہری منصوبے پر امریکی حملے پر شدید تشویش ہے، جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان وزارت خارجہ ماریا زخارووا نے کہا کہ جوہری تنصیبات کو فوجی اہداف بنانا عالمی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی واقعہ کا غیرجانبدارانہ جائزہ لے، ایران کے پرامن جوہری پروگرام کو بنیاد بنا کر خونریزی کا جواز پیدا کرنا پورے خطے اور دنیا کے لیے خطرناک ہوگا۔

ماریا زخارووا نے کہا کہ ایران سمیت تمام غیر جوہری ممالک کو پرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی کے استعمال کا حق حاصل ہے، پر امن جوہری پروگرام کو بیرونی دباؤ کے ذریعے محدود نہیں کیا جا سکتا۔

امریکا کا زیر تعمیر نیوکلیئر پاور پلانٹ پر حملہ خطے کیلئے خطرناک ہے: ایران

ایران نے کہا ہے کہ امریکا نے بوشہر میں کئی شہری مقامات پر حملہ کیا، زیرتعمیر نیوکلیئر پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا جو خطے کے لیے خطرناک ہے۔

نائب وزیرِ خارجہ کاظم غریب آبادی کا کہنا ہے کہ دارخوین میں زیرِ تعمیر جوہری بجلی گھر پر امریکی حملہ ایران کے پُرامن انفراسٹرکچر پر ایک خطرناک حملہ ہے۔

ایکس پر جاری ایک بیان میں کاظم غریب آبادی نے خبردار کیا کہ بڑھتی ہوئی بدامنی اور عدم استحکام کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کی ذمہ داری مکمل طور پر امریکی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران اس جارحیت کی سخت مذمت کرتا ہے اور اپنے قومی مفادات اور سلامتی کے دفاع کے لیے مناسب اقدامات کرے گا۔

بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی نے اعلان کیا تھا کہ اس نے دارخوین میں زیرِ تعمیر جوہری بجلی گھر کی تعمیراتی سائٹ پر ہونے والے مبینہ حملے کی رپورٹس کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔

ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی آج پاکستان پہنچیں گے

ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی آج ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا خصوصی پیغام لے کر پاکستان آرہے ہیں۔

ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقاتیں کریں گے۔

خیال رہے کہ ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی مذاکرات کے عمل میں انتہائی سرگرم رہے ہیں۔

کویت میں امریکی فضائی اڈے پر حملہ، ریڈار سسٹم تباہ

پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ امریکی حملوں کے جواب میں کویت کے علی السالم امریکی فضائی اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔

مریکی ابتدائی وارننگ ریڈار سسٹم،فضائی آلات کے گودام اور ایم کیو 9 ڈرون ہینگر کو نشانہ بنایا گیا، حملے میں متعدد امریکی ایم کیو 9 ڈرون آگ کی لپیٹ میں آ کر تباہ ہو گئے۔

ایران رویہ بدلے تو سفارت کاری ممکن ہے: مارکو روبیو

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران رویہ بدلے تو سفارت کاری ممکن ہے، امریکا ایران کے ساتھ سفارت کاری کا دروازہ بند نہیں کرنا چاہتا۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز کو محفوظ اور کھلا رکھنے کے بجائے 3 بحری جہازوں پر حملے کیے، ایرانی اقدامات کسی بھی مفاہمتی کوشش کے برعکس ہیں، امریکی وزیر خارجہ

مارکو روبیو نے کہا کہ ایران اب بھی میزائل اور ڈرون حملوں کے ذریعے تجارتی جہازوں کو نشانہ بنا رہا ہے، امریکا ایرانی اقدامات کے جواب میں اقدامات کر رہا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران مختلف ذرائع سے مذاکرات کی خواہش کے اشارے دے رہا ہے، ایران کے اندر معاشی بحران کے باعث پالیسی پر اختلافات بڑھ رہے ہیں، ایران میں ایک حلقہ مذاکرات کا حامی جبکہ دوسرا سخت مؤقف پر قائم ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر ایران میں مذاکرات کے حامی فیصلہ سازی میں کامیاب ہوتے ہیں تو یہ ایک مثبت پیش رفت ہوگی، موجودہ صورتحال میں امریکا اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 90 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی

آج برینٹ خام تیل کی قیمت میں تین فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا اور مجموعی قیمت 90 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کر گئی جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی تین فیصد اضافہ ہوا۔

اس نئے اضافے کی وجہ سے ان بندشوں کو قرار دیا جا رہا ہے جو حالیہ دنوں کے دوران آبنائے ہرمز میں دیکھنے کو ملیں کیونکہ یہ آبی گزرگاہ عالمی طور پر تیل کی تجارت کے حوالے سے انتہائی اہم ہے۔

ایران میدان مار کر امریکا کے ساتھ جنگ ختم کرے گا: عراقچی

 ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اُس وقت امریکا کے ساتھ جنگ ختم کرے گا جب اسے میدانِ جنگ میں برتری حاصل ہوگی۔

قطری نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ بحران کے انتظام میں سب سے اہم فیصلہ یہ ہوتا ہے کہ جنگ روکنے اور مذاکرات شروع کرنے کا درست وقت کب ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کا خاتمہ یا تو مکمل فوجی فتح کے ذریعے ممکن ہے یا پھر مذاکرات کے ذریعے، مذاکرات کا صحیح وقت وہی ہوتا ہے جب آپ نے عسکری محاذ پر قابلِ اعتماد عملی اور تزویراتی کامیابی حاصل کر لی ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی جانوں اور پورے ملک کے مستقبل کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا، فیصلے درست اور مکمل حساب و کتاب کی بنیاد پر کیے جانے چاہئیں۔

وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ سیاسی قیادت کو مسلسل یہ جائزہ لیتے رہنا چاہئے کہ آیا جنگ جاری رکھنے سے مزید فوائد حاصل ہوں گے یا اس کے نتیجے میں انسانی جانوں اور قومی مفادات کو زیادہ نقصان پہنچے گا۔

شام میں کمانڈ سینٹر پر حملہ، آبنائے ہرمز میں 2 ٹینکر تباہ

پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے 2 آئل ٹینکر بھی دھماکے سے تباہ ہوگئے۔

شام کے علاقے التنف میں دشمن کے کمانڈ سینٹر پر حملہ کیا ہے، کمانڈ سینٹر پر حملہ شہید فوجیوں کے خون کا بدلہ ہے۔

برطانوی میری ٹائم ایجنسی کے مطابق عمان کے ساحل کے قریب ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

بحرین اور کویت میں سائرن گونجتے رہے

ایران کی جانب سے امریکی اہداف کو نشانہ بنائے جانے پر بحرین اور کویت میں خطرے کے سائرن گونجتے رہے ہیں، بحرین میں امریکی سفارت خانے نے منامہ میں ایرانی حملے سے محتاط رہنے کا الرٹ جاری کیا ہے۔

بحرین کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب فضائی حملوں کے سائرن بج اٹھے جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ پرسکون رہیں اور محفوظ مقامات پر پناہ لیں۔

بحرین جہاں امریکی بحریہ کا ففتھ فلیٹ موجود ہے، حالیہ دنوں کے دوران ایرانی حملوں کا نشانہ بنا ہے جبکہ اس کے حکام کی جانب سے ایران پر شہری مقامات کو نشانہ بنانے کے الزامات بھی لگائے گئے ہیں۔

کویت اور بحرین میں امریکی فوجی تنصیبات موجود ہیں اور یہ دونوں ممالک ہی ابتدائی جنگ بندی اور واشنگٹن و تہران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے باوجود ایرانی حملوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

اردن میں امریکا کو بھاری نقصان، اردنی عوام اور اہلکاروں کی معلومات پر شکر گزار ہیں: پاسدارانِ انقلاب

 پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ اردن میں امریکی اڈے پر حملے میں بھاری نقصان پہنچایا، اردن کے علاقے الازرق میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا گیا، حملے میں امریکی فوج کے سی 17 ٹرانسپورٹ اور پی 8 کمانڈ اینڈ کنٹرول طیارے کو ہدف بنایا گیا۔

پاسداران انقلاب نے کہا کہ اردن کے عوام اور فوجی اہلکاروں کی جانب سے فراہم کی گئی مبینہ انٹیلی جنس معلومات پر شکر گزار ہیں، معلومات کی بنیاد پر الازرق امریکی فوج کے زیر استعمال 20 گوداموں کو تباہ کیا گیا، حملے میں متعدد امریکی فوجی ہلاک ہوئے۔

امریکی فوجیوں کو مارنے کے جواب میں ہم نے آج ایران پر شدید حملہ کیا: ٹرمپ

 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم نے آج رات ایران پر شدید حملہ کیا، ایران پر یہ حملہ امریکیوں کو مارنے کا ردعمل ہے۔

فٹبال ورلڈ کپ فائنل کے بعد واشنگٹن واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ فوجیوں کی ہلاکتوں پر ہمیں بہت افسوس ہے، جو فوجی مارے گئے وہ اس مقصد کےلیےلڑ رہے تھے کہ ایران ایٹمی ہتھیار حاصل نہ کرسکے، ہلاک ہونے والے امریکیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایران پر بہت سخت حملے کر رہے ہیں۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے، عسکری لحاظ سے انہوں نے تقریباً سب کچھ کھو دیا ہے، ان کے پاس کچھ میزائل ہیں، ان کے پاس کچھ ڈرون ہیں، ان کے پاس کچھ پیداواری صلاحیت موجود ہے، لیکن یہ زیادہ نہیں، آبنائے ہرمز پر اب امریکہ کا کنٹرول ہے، ایرانی کسی چیز پر کنٹرول نہیں رکھتے۔

نویں رات کے حملے مکمل، لانچ سائٹس کو نشانہ بنایا: سینٹکام

  امریکی فوج نے ایران کے خلاف مسلسل نویں رات حملے مکمل کرلیے جس میں میزائل و ڈرون لانچ سائٹس کونشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

سینٹکام کے مطابق امریکی فورسز نے ایرانی فوجی کمانڈ سینٹرز، فضائی دفاع اور ساحلی نگرانی کے مقامات، بحری صلاحیتوں، میزائل اور ڈرون لانچ سائٹس اور مواصلاتی نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا۔

بیان میں کہا گیا کہ ان حملوں کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں اور شہری ملاحوں پر حملے کرنے کی ایران کی صلاحیت کو مزید کمزور کرنا ہے۔

امریکی فوج کمانڈر اِن چیف کی ہدایت پر ایران کو جواب دہ ٹھہرا رہی ہے۔ سینٹکام کی فورسز بدستور انتہائی چوکس، اپنے مشن پر مرکوز، مہلک کارروائی کے لیے تیار اور مکمل طور پر مستعد ہیں۔

امریکا کی مسلسل نویں رات ایران پر بمباری، کئی شہروں میں دھماکے

 امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹکام) کی جانب سے مسلسل نویں روز ایران پر حملوں کے دعوے کے ساتھ ہی ایران کے مختلف علاقوں بشمول تبریز، صوبہ ہرمزگان کے شہر سیریک، چابہار اور بوشہر میں دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

 

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے نے تبریز سے خبر دی ہے کہ شہر کے مغربی حصے کی جانب سے تین دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، تبریز سے ہولناک آتش زدگی کے مناظر کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں، تاہم حکام کی جانب سے اب تک اس واقعے کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔

 

غیر سرکاری ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ تبریز میں میزائل اڈوں کو نشانہ بنایا گیا، ان اڈوں کو اس سے پہلے ایران پر اسرائیلی اور امریکی حملوں کے گزشتہ مرحلے میں بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔

دوسری جانب سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے مقامی حکام کے حوالے سے خبر دی ہے کہ چابہار اور کنارک میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ صوبہ بوشہر کے شہر خورموج میں پاسدارانِ انقلاب کے ایک اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔