لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان کی ابھرتی ہوئی اداکارہ زینب شبیر نے ساتھی اداکار اسامہ خان کے ساتھ شادی کی خبروں کو جعلی قرار دے دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ زینب شبیر نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے ایک سوال کے جواب میں اداکار اسامہ خان کے ساتھ افیئر اور شادی کی خبروں کی تردید کی۔
زینب شبیر نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ ایک ڈرامہ میں اسامہ نے میرے منگیتر کا کردار ادا کیا تھا جس میں منگنی کی رسم کی ریکارڈنگ سے ایک تصویر میں نے سوشل میڈیا پر شیئر کر دی ‘‘ ۔
اداکارہ نے کہا کہ ’’ تصویر شیئر کرنے کے بعد لوگوں کی جانب سے مبارکباد اور دعاؤں کا سلسلہ شروع ہو گیا حالانکہ میں نے بہت سمجھانے کی کوشش کی یہ محض ڈرامے کی ریکارڈنگ ہے اور کچھ نہیں ‘‘۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر اکثر زینب شبیر کا نام اسامہ خان سے منسوب کیا جاتا ہے جبکہ اس سے قبل اداکار اسامہ بھی ایسی افواہوں پر سخت رد عمل دے چکے ہیں۔