خلاصہ
- لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کی ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ مبینہ طور پر پاکستان کی معاشی و سیاسی صورتحال کا بھارت کے ساتھ موازنہ کر رہے ہیں۔
سرکاری سطح پر کی گئی تحقیقات اور فیکٹ چیک کے مطابق یہ ویڈیو اور اس میں موجود آڈیو مکمل طور پر جعلی ہے اور اسے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی تقریباً ایک منٹ طویل ویڈیو میں بظاہر یہ دکھایا گیا ہے کہ خواجہ آصف پریس کانفرنس کر رہے ہیں، اس میں بیک گراؤنڈ آڈیو کے ذریعے یہ تاثر دیا گیا کہ خواجہ آصف کہہ رہے ہیں کہ ’’پاکستان اور بھارت نے ایک ہی وقت میں آزادی حاصل کی تھی لیکن آج دونوں ممالک کی ترقی میں واضح فرق ہے‘‘۔
— Ministry of Information & Broadcasting (@MoIB_Official) August 24, 2026
آڈیو میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ بھارت نے ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور معیشت میں خود کو مضبوط کر لیا ہے جبکہ پاکستان پیچھے رہ گیا ہے اور وہ عوام کو موجودہ صورتحال پر سوال اٹھانے کا کہہ رہے ہیں۔
پاکستان کی وزارت اطلاعات و نشریات نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر اس ویڈیو کا فیکٹ چیک جاری کرتے ہوئے اسے مکمل طور پر ’جعلی‘ قرار دیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات نے واضح کیا کہ ویڈیو میں موجود آواز وزیر دفاع خواجہ آصف کی نہیں بلکہ اسے کمپیوٹر سافٹ ویئر اور آڈیو کلوننگ کے ذریعے تیار کیا گیا ہے۔
خواجہ آصف نے حقیقت میں ایسا کوئی بیان یا پریس کانفرنس جاری نہیں کی۔ یہ ویڈیو ایک پرانی پریس کانفرنس کی ویڈیو کلپ کو لے کر اس پر مصنوعی آڈیو فٹ کر کے ایڈٹ کی گئی ہے۔