کراچی: (دنیا نیوز) غیر ملکی ایئرلائنز نے بھی پاکستانی پائلٹس وملازمین کے خلاف کارروائی کا آغازکردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشتبہ پائلٹس لائسنس کے معاملے سے متعلق غیرملکی ایئرلائنزنے بھی پاکستانی ملازمین کے خلاف کارروائی کا آغازکردیا ہے۔ غیرملکی ایئرلائنزکی جانب سے کارروائیاں وزارتِ ہوابازی کی جاری فہرست کو بنیاد بناکرکی گئی ہیں۔
کویت ایئرویزنے 7 پاکستانی پائلٹس اور56 انجینئرزکو گراؤنڈ کردیا، قطر، اومان ایئراور ویتنام ایئرمیں موجود پاکستانی پائلٹس، انجئنیرز، گراؤنڈ ہینڈلنگ سٹاف کی فہرستیں تیارکرلی گئی ہیں۔ فہرست میں موجود ناموں کوپاکستانی اتھارٹیزکی رپورٹ موصول ہونے تک مبینہ طورپرگراؤنڈ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پی آئی اے نے پائلٹس کے لائسنسزکے حوالے سے مختلف سفارتخانوں اوربین الاقوامی ایوی ایشن اتھارٹیزکو خطوط ارسال کردیے، خط میں مشتبہ پائلٹس کو گراؤنڈ کرنے اور اصل لائسنسز کے حامل پائلٹس کے پروازیں بدستور آپریٹ کرنے کا بتایا گیا ہے۔
ایوی ایشن فہرستوں کے مطابق پی آئی اے، سرین اورایئربلو کے اوسطاً ایک تہائی ہواباز مشتبہ لائسنس کے حامل ہیں، ایوی ایشن ڈویژن کی جاری فہرست میں متعدد غلطیوں کی موجودگی کا بھی انکشاف کیا گیا ہے۔
پی آئی اے کے 141 کی فہرست میں ڈیڑھ سال قبل معطل کئے گئے 17 ہواباز بھی شامل ہیں۔ فہرست میں ایسے پائلٹس کے نام بھی شامل جو مستند لائسنسز کے حامل ہیں، تمام تر تفصیلات کی دستیابی کے باوجود متعدد پائلٹس کا پرسنل نمبر ہی موجود نہیں۔