راجوڑی: (دنیا نیوز) مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی نسل کشی جاری ہے، بھارتی فوج نے ضلع راجوڑی میں مزید 2 کشمیری شہید کر دیئے۔ تین روز میں شہدا کی تعداد 7 ہو گئی۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارت بربریت سے باز نہ آیا۔ قابض فوج نے 2 نوجوانوں کو ضلع راجوڑی کے علاقے کیری میں سرچ آپریشن کی آڑ میں شہید کر دیا، علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر کے گھر گھر تلاشی بھی لی گئی۔ ظالمانہ کارروائی کے خلاف کشمیریوں نے احتجاج کیا۔ تین روز کے دوران شہدا کی تعداد 7 ہوگئی۔
کشمیر میڈیا سروس نے جون میں ہونیوالے بھارتی سفاکیت کی رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ مہینے میں 54 کشمیریوں کو شہید کیا گیا، شہدا میں دو بچے بھی شامل تھے۔ 82 افراد کو گرفتار کیا گیا، 29 کشمیری بھارتی فوج کی گولیوں سے زخمی بھی ہوئے، دو خواتین بیوہ ہوئیں، 5 بچے یتیم ہوئے اور کشمیریوں کے 25 گھروں کو تباہ بھی کیا گیا۔