فیصل آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس کا سٹیٹس برقرار رکھنے کے لیے لابنگ شروع کر دی گئی ہے، ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے بھی اس مرتبہ اچھی خبر آئے گی، پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فیڈمک کے اکنامک زونز کا دورہ کیا، ایم تھری انڈسٹریل سٹی اور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا بھی دورہ کیا۔ چیئرمین فیڈمک کاشف اشفاق کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے لئے بیرون ممالک موجود سفارتخانے فیڈمک کی بھرپور معاونت کریں گے۔ فیڈمک کو جس ملک میں سرمایہ کاروں تک رسائی کی ضرورت ہے فارن آفس ان کی بھرپور مدد کرے گا، سرمایہ کاری لانے کے لئے وزارت خارجہ میں الگ اکنامک ونگ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کا سٹیٹس برقرار رکھنے کے لیے لابنگ شروع کر دی گئی ہے، ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے بھی اس مرتبہ اچھی خبر آئے گی، پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کپاس کی پیداوار میں کمی پر قابو پانے کے لئے ریسرچ پر بھرپور توجہ دینی ہو گی، فیڈمک کا ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 1500 ایکڑ پر ایگرو بیسڈ اکنامک زون کے قیام کا منصوبہ زراعت کی ترقی کے لیے بہترین اقدام ہے، اس سے ملتان، خانیوال، سرگودھا اور فیصل آباد کے کاشتکاروں کو یکساں فوائد حاصل ہوں گے۔