سیالکوٹ: (دنیا نیوز) سیالکوٹ کے حلقہ پی پی 38 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل ختم ہو گیا ہے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کو ن لیگ پر 6176ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔
ابھی تک دنیا نیوز کو موصول ہونے والے 130 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار 48524 ووٹ لے کر آگے جبکہ مسلم لیگ ن کے طارق سبحانی 42348 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
خیال رہے کہ یہ نشست مسلم لیگ ن کے چودھری خوش اختر سبحانی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ پنجاب اسمبلی کے حلقہ 38 پر کل 8 امیدوار ضمنی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔
حلقہ پی پی 38 میں کل ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار 422 ہے، جن کے لئے 165 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے۔ حلقہ میں مردوں کیلئے 262 اور خواتین کیلئے 225 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے۔