لاہور: (دنیا نیوز) میجر راجہ عزیز بھٹی نشان حیدر کا 56 واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے۔ وہ 1928ء میں ہانگ کانگ میں پیدا ہوئے اور 1947ء میں آزادی سے قبل پاکستان منتقل ہوئے جہاں انہوں نے ضلع گجرات کے گائوں لادیاں میں سکونت اختیار کی۔
میجر راجہ عزیز بھٹی نے ستمبر 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں لاہور کے قریب برکی کے مقام پر کمپنی کمانڈر کے طور پر اگلے مورچوں پر تعینات اپنی پلاٹون کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا اور دفاعی اہمیت کی حامل بی آر بی نہر کا بہادری سے دفاع کیا۔
دشمن کے ٹینکوں اور توپ خانے کی طرف سے مسلسل گولہ باری کے دوران انہوں نے اپنے بہادر سپاہیوں کے ساتھ بی آر بی نہر کا دفاع جاری رکھا اور اسی دوران دشمن کا ایک گولہ لگنے سے شہادت کے رتبے پر سرفراز ہوئے۔
Nation honours supreme sacrifice by Major Raja Aziz Bhatti Shaheed, NH in 1965 war.His gallant actions & exemplary leadership, inflicted heavy losses on Indian forces, successfully repulsing enemy attack on Lahore. His heroic feat inspires us 2 defend Pakistan, whatever the cost.
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) September 11, 2021
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ قوم میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی عظیم قربانی کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ عزیز بھٹی شہید کی بہادری اور مثالی قیادت نے بھارتی فوج کو بھاری نقصان پہنچایا اور لاہور پر دشمن کا حملہ کامیابی کے ساتھ ناکام بنایا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ان کی اس بہادری سے ہر قیمت پر پاکستان کے دفاع کے ہمارے جذبے کو تقویت ملتی ہے۔