لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ شہباز شریف پارٹی کے اندر ہونیوالی نا انصافیوں کا غصہ غیر آئینی مطالبات کرکے نہ نکالیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف اور پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پارٹی کے اندر ہونے والی نا انصافیوں کا غصہ غیر آئینی اور غیر جمہوری مطالبات کرکے نہ نکالیں۔ پہلے طے کر لیں کہ وہ پارٹی کے اندر ہیں یا بڑے میاں نے اپنوں کے ذریعے "باہر" کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایم ایل این کی سیاست کو بڑے میاں صاحب اور ان کی صاحبزادی نے دفن کر دیا ہے۔ پاکستان میں کرپشن کا سورج طلوع کرنے والے لندن میں غروب ہو چکے ہیں۔ یہ ملکی عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے۔ اگر یہ اقتدار میں ہوں تو حکومت آئینی مدت پوری کرے،عوام اگر اقتدار عمران خان کو دیں تو ان سے برداشت نہیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جنہیں سرکاری وسائل اور پروٹوکول استعمال کرنے کی دہائیوں پر محیط لت لگی ہو وہ اقتدار و اختیار کے بغیر ایسے ہی تڑپتے ہیں جیسے مچھلی پانی کے بغیر۔ اگر ملک میں آج مہنگائی ہے تو اس کی وجہ آپ کی اربوں کھربوں کی کرپشن اور غیر ملکی قرضے ہیں جو آپ ذاتی مفاد کے لئے لیتے رہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سیاسی انا کی تسکین کیلئے جمہوری نظام سے نہ کھیلیں۔ انہیں سابقہ دور میں قومی اسمبلی میں کی گئی اپنی تقاریر کیوں نہیں یاد آرہیں؟ اپنی ایک پلیٹ حلوے کے لیے پوری دیگ کیوں الٹانا چاہتے ہیں۔؟ نواز شریف اپنے بھائی اور مریم نواز اپنے چچا شہباز شریف کے ساتھ وہی سلوک کر رہے ہیں جو زرداری اور بلاول نے مل کرمولانا فضل الرحمان سے کیا ہے۔