نون لیگ نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کا شیڈول جاری کر دیا

Published On 22 October,2021 12:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نون لیگ نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کا شیڈول جاری کر دیا۔ خانیوال اور سیالکوٹ میں کل میدان لگے گا۔ گوجرانوالہ، گجرات، ساہیوال اور ملتان میں 24 اکتوبر کو مظاہرے ہوں گے۔

مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر راناثناءاللہ نے پنجاب میں مہنگائی کے خلاف عوامی احتجاجی مظاہروں کا شیڈول جاری کر دیا۔ ڈاکٹرز، لیبر اور تاجر سمیت تمام تنظیموں اور ونگز کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔ جس میں کہا گیا کہ تمام مظاہروں میں عوامی شرکت کو یقینی اور حکومتی نااہلی، کرپشن، مہنگائی پہ عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہوا جائے۔

ملتان میں 24 اکتوبر اتوار کو دوپہر 2 بجے چوک حسین آگاہی سے احتجاجی جلوس نکلے گا۔ سیالکوٹ میں ہفتے کے روز 3 بجے چوک علامہ اقبال میں مہنگائی کے خلاف احتجاج ہوگا۔ 23 اکتوبر کو سنگلا نوالہ چوک خانیوال میں احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔ گوجرانوالہ پریس کلب کے سامنے اتوار کو 3 بجے احتجاج ہوگا۔ گجرات میں اتوار کے روز پریس کلب کے سامنے احتجاج ہوگا۔ 24 اکتوبر چوک حسین آگاہی ملتان میں احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔

لیگی رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران نیازی حکومت سے نجات سے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی سے قوم کو نجات مل سکتی ہے، یہ ظالم، کرپٹ اور نالائق حکومت جائے تو ہی عوام کو مہنگائی سے ریلیف ملے گا، ظالم حکمرانوں کو گھر بھجوانے کے لئے عوام گھروں سے نکلیں، اس گرتی ہوئی دیوار کو آخری دھکا دیں۔
 

Advertisement