راولپنڈی: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف کے آنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، عمران خان کی قیادت میں اگلا الیکشن لڑیں گے، ہر پارٹی چاہتی ہے اسٹیبلشمنٹ اس کے سر پر ہاتھ رکھے، اسٹیبلشمنٹ کہتی ہے وہ منتخب حکومت کے ساتھ ہوگی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے راولپنڈی میں زیر تعمیر زچہ بچہ ہسپتال کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سال بلدیاتی انتخابات کا ہے، عمران خان کی قیادت میں عام انتخابات میں حصہ لیں گے، اگلا الیکشن عمران خان کا ہی ہے، ہم وہ اتحادی ہیں جو ہر حال میں پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب آدمی کیلئے صحت بڑا مسئلہ ہے، وزیراعظم عمران خان کا ایجنڈا ہے غربت میں کمی ہو، امید ہے عمران خان 5 ویں سال مہنگائی ختم کریں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف آنے کی تاریخ بتائیں، اپنی جیب سے ٹکٹ دوں گا۔ منی بجٹ پاس ہوگا، کوئی قیامت نہیں آئے گی، اتحادی جماعتوں کے ناراض ہونے کا بھی یہی وقت ہوتا ہے، 50 سال سیاست کی، کسی قبضہ گروپ کو مضبوط نہیں ہونے دیا۔