اسلام آباد:(دنیا نیوز) 30 روزے پورے ہوگئے، آج ملک بھر میں عیدالفطر منائی جائے گی، اسلام آباد میں فیصل مسجد، لاہور میں بادشاہی مسجد، کراچی میں میمن مسجد میں بڑے اجتماعات کی تیاریاں، سکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیئے گئے جبکہ مختلف سیاستدان عید الفطر منانے کے لئے آبائی علاقوں میں چلے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب لاہور میں عید منائیں گے، صدر مملکت کراچی، عمران خان اسلام آباد، آصف زرداری نوابشاہ، چودھری برادران گجرات میں نماز ادا کریں گے۔
میاں نواز شریف اور اسحاق ڈار لندن میں عید منائیں گے، گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ، مریم نواز احسن اقبال، چو دھری سرور، خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق، علیم خان، امیر جماعت اسلامی سراج الحق لاہور میں عید منائیں گے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ راولپنڈی، یوسف رضا گیلانی، شاہ محمود قریشی ملتان، مولانا فضل الرحمان ڈیرہ اسماعیل خان، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کراچی، رانا ثنا ء اللہ فیصل آباد میں عید منائیں گے۔
سعودی عرب، خلیجی ریاستوں اور یورپی ممالک میں عید الفطر منائی گئی، مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں نماز عید کے رُوح پرور مناظر دیکھنے کو ملے، امت مسلمہ کی خوشحالی و کامیابی کیلئے دعائیں، بھارت، بنگلا دیش اور سری لنکا میں منگل کو عید ہوگی۔
ادھر عید شاپنگ کا فائنل مرحلہ شروع ہوچکا ہے، مارکیٹوں میں گہما گہمی، چاند رات پر بازاروں میں رش کے ریکارڈ ٹوٹ گئے، کپڑوں کے بعد میچنگ جوتوں اور جیولری کی تلاش، بچہ پارٹی بھی خریداری کے لیے پرجوش دکھائی دی۔
عید پر سجنا سنورنا خواتین پر ختم، بیوٹی پارلرز میں جگہ باقی نہ رہی، ہیئر ڈائی، پیڈی کیور، مینی کیور، فیشل اور اسکن پالش پر زور رہا۔
لڑکوں کے بھی عید پر منفرد نظر آنے کے جتن، سیلونز کا رخ کر لیا، بالوں کا من پسند اسٹائل بنوانے میں مصروف رہے، فیشل اور مساج کے ذریعے اچھا دکھنے کی کوششیں بھی کیں۔
مہندی کے بغیر عید کا مزہ کہاں، حنا لگے ہاتھوں کی سج دھج ہی نرالی، بچیاں بھی نت نئے ڈیزائن لگوانے میں پیش پیش رہیں۔
چوڑیوں کے بغیر سولہ سنگھار بھی ادھورا ہوتا ہے، کلائیوں میں کانچ کی دھنک ہر رنگ پر بھاری ہوتی ہے، اسٹالوں پر خواتین کا رش رہا اور بھاؤ تاؤ میں مصروف رہیں۔
کوئٹہ کے شہریوں کو روایتی ٹوپی کی تلاش رہی، جاذب نظر واسکٹ بھی عید ڈریس کا حصہ رہی، کسی کو کالر والی، کسی کو بغیر کالر کے گول گلے والی پسند آئی۔
میٹھی عید اور میٹھے پکوان لازم و ملزوم ہوتے ہیں، بڑے تہوار کی بڑی خوشیاں منانے کیلئے پھیونیوں کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے، خریداری کیلئے دکانوں پر رش بھی رہا۔
عید ٹرینوں میں بھی ہاؤس فل رہا، کراچی سے پنجاب جانے والی گاڑیوں میں سیٹ ملنا مشکل رہی، اپنوں کے ساتھ تہوار منانے کے لیے مسافر جتن کرتے رہے۔
عید کا مزہ اپنوں کے سنگ، ٹرانسپورٹرز پردیسیوں کی مجبوریوں کا فائدہ اٹھاتے رہے، بسوں کے منہ مانگے کرائے، انتظامیہ کی خاموشی سے شہری لٹنے پر مجبور رہے۔
گرم روزوں کے بعد ٹھنڈی عید کی نوید سنادی گئی، بارشوں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہونے اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کی پیش گوئی کی گئی، مغربی سسٹم کے اثرات کے باعث کراچی میں گرد آلود ہواؤں کا راج رہا۔
شاہین آفریدی، حارث رؤف اور محمد عامر نے انگلینڈ میں عید منالی
دنیا بھر میں ماہ رمضان المبارک کے بعد عید کی خوشیاں منائی جاتی ہیں، بابائے کرکٹ انگلینڈ میں کاؤنٹی کھیلتے قومی فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی، حارث رؤف اور محمد عامر عید کے رنگ میں رنگ گئے ، دونوں نوجوان کرکٹرز نے عید مبارک کا پیغام بھی دیا جبکہ بورڈ حکام سے ناراض محمد عامر نے اپنی اہلیہ نرجس کے ساتھ تصویر شیئر کی۔
ادھر پشاور میں عید منانے والے قومی باؤلر ساجد خان اور نسیم شاہ بھی دیدہ زیب لباس میں نظر آئے، اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مداحوں کے لیے ’’عید مبارک‘‘ کا پیغام لکھ کر تصاویر شیئر کیں۔
پاکستان میں ایک بار پھر دو عیدیں، خیبر پی کے میں عیدالفطر منائی گئی
پاکستان میں ایک بار پھر دو عیدیں ہو گئیں، خیبر پختونخوا میں سرکاری سطح پر عیدالفظر منائی گئی، پشاور میں سو سے زائد نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پی کے محمود خان نے گورنر ہاؤس پشاور میں نمازعید ادا کی، عید کا بڑا اجتماع چارسدہ روڈ پر واقع عید گاہ میں ہوا جہاں صوبائی وزرا ، سرکاری افسران سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے نماز عید ادا کی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ نماز عید کے بعد ملک کی سلامتی و استحکام کی دعائیں مانگی گئیں۔ پشاور کی دیگر مساجد میں بھی عید کے بڑے اجتماعات ہوئے۔
ہزارہ ڈویژن میں کوئی شہادت نہیں ملی۔ قائم مقام گورنر مشتاق غنی کہتے ہیں مرکزی کمیٹی کے اعلان پر منگل کو ہی عید منائیں گے۔