وزیر اعظم کی صدر مملکت، سیاسی دوستوں اور عسکری قیادت کو ٹیلیفون پر عید کی مبارکباد

Published On 04 May,2022 11:53 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر مملکت، سیاسی دوستوں اور عسکری قیادت کو ٹیلی فون پر عید کی مبارک دی، اہم امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

وزیر اعظم عید کے دوسرے روز بھی متحرک، صدر مملکت ،سیاسی اتحادی دوستوں، سروسز چیف اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کو ٹیلی فون کر کے عید کی مبارک دی اور ملکی ترقی کے لیے مل کرکام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ڈاکٹر عارف علوی کو ٹیلی فون پر عید کی مبارک دی جبکہ سابق صدر آصف زرداری،بلاول بھٹو، مولانا فضل الرحمان، سراج الحق ، مولانا اسعد محمود، محسن داوڑ، خالد مقبول صدیقی ، سردار اختر مینگل، علامہ ساجد میر، خالد مگسی ، محمود خان اچکزئی، علی نواز شاہ، شاہ زین بگٹی، اسلم بھوتانی، چوہدری سالک حسین کو بھی فون کیا اور عید پر مبارک دینے کے ساتھ ساتھ ملکی سیاسی صورتحال پر بات کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ،  نیول چیف محمد امجد خان نیازی اور فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو کو بھی فون کیا، ملکی سکیورٹی کے لیے عسکری قیادت کے اقدامات اور پیشہ وارنہ صلاحیتوں کو سراہا۔

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے مقبوضہ جموں و کشمیرمیں نماز عید کے اجتماعات پر پابندیوں کی سخت مذمت کی اور کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کی حق استصواب رائے ملنے تک بھرپور سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
 

Advertisement