پنجاب کا نگران وزیر اعلیٰ کون؟ فیصلہ آج ہو گا

Published On 22 January,2023 12:18 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کا نگران وزیر اعلیٰ کون؟ نامزدگی کا فیصلہ آج کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی نامزدگی کے لیے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں اجلاس آج شام 6 بجے ہو گا، اجلاس میں چاروں ممبران اور سیکرٹری الیکشن کمیشن شریک ہوں گے۔

اجلاس میں پارلیمانی کمیٹی کےنگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئےتجویز کردہ ناموں پر غور کیا جائے گا، الیکشن کمیشن تجویز کردہ ناموں میں سے ایک نام کا انتخاب کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: نگران وزیر اعلیٰ کا تقرر، پنجاب میں 2018ء جیسی صورتحال پیدا ہو گئی

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری کی آئینی مدت میں آج رات تک وقت باقی ہے، آئینی ماہرین کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب تقرری کی آئینی مدت آج رات 10 بج کر 10 منٹ تک ہے۔

خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام تجویز کئے گئے ہیں جبکہ حزب اختلاف نے محسن رضا نقوی اور احد چیمہ کو نامزد کر رکھا ہے۔