عمران خان کی زیر قیادت انتخابی ریلی گڑھی شاہو سے داتا دربار کی جانب رواں دواں

Published On 13 March,2023 06:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں انتخابی ریلی داتا دربار کی جانب رواں دواں ہے۔

 تحریک انصاف کی انتخابی ریلی گڑھی شاہو چوک سے اپنی منزل داتا دربار کی جانب سفر جاری ہے، ریلی میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی کثیر تعداد شریک ہے، گڑھی شاہو پہنچنے پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے ریلی کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

گڑھی شاہو چوک پہنچنے پر کارکنوں کی جانب سے قیادت کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی، اپنی گاڑی میں موجود سابق وزیر اعظم عمران خان نے ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا، ریلی گڑھی شاہو سے داتا دربار پہنچ کر اختتام پذیر ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم،وزیرداخلہ سے جان کا خطرہ،سپریم کورٹ سے سکیورٹی مانگ رہے ہیں: عمران

سابق وزیر اعظم عمران خان کے استقبال کیلئے دو موریہ پل پر آتش بازی کی گئی جبکہ پی ٹی آئی کی ریلی کے داتا دربار پہنچنے پر استقبال کیلئے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے، داتا دربار کے باہر کنٹینر لگا کر سٹیج سجا دیا گیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ تمام رکاوٹوں کے باوجود لاہور کی عوام جگہ جگہ عمران خان کا تاریخی استقبال کر رہی ہے، وہ عوام کے دلوں پر حکمرانی کرتے ہیں، زندہ دلانے لاہور نے تاریخی استقبال کر کے یہ ثابت کر دیا کہ وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ریلی میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر دیکھ کر حکمرانوں کے ہوش اڑ چکے ہیں، توشہ خانہ چوروں کو عوام کا سمندر بہا کر لے جائے گا، مریم نواز اور ان کے حواریوں کی منفی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہو چکی ہے، ان کی فضول گفتگو پر عوام دھیان نہیں دیتے۔ 

Advertisement