لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورت حال کو قابو میں رکھنے کیلئے تمام قانونی اقدامات اٹھانے کا حکم دے دیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبے میں امن و امان سے متعلق اجلاس کا انعقاد کیا گیا، انسپکٹر جنرل پولیس نے امن وامان کی صورتحال اور شر پسندوں کے خلاف جاری آپریشن بارے بریفنگ دی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ حکام کو صوبے میں امن وامان کیلئے تمام قانونی اقدامات کا حکم دیتے ہوئے شرپسندوں اور حملہ آوروں کی جلد شناخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سرکاری املاک میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کر کے دہشتگردی کا بد ترین مظاہرہ کیا گیا، کورکمانڈر سمیت سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے، حملہ آوروں کی شناخت کر کے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔
نگران وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پرتشدد واقعات میں ملوث بلوائیوں کے سہولت کاروں کیخلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سی سی پی او لاہور، سیکرٹری قانون، سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن اور متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔