عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے لاہور روانگی میں تاخیر

Published On 12 May,2023 07:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے زمان پارک لاہور کیلئے روانگی تاخیر کا شکار ہو گئی ہے۔

لاہور روانگی کیلئے کارکنان اور سپورٹرز کی بڑی تعداد چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے قافلے میں شامل ہے، زمان پارک میں بھی لاہور کے کارکنان اور سپورٹرز اپنے لیڈر سے اظہار یکجہتی کیلئے موجود ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے اطراف میں شیلنگ کے باعث عمران خان کی روانگی تاخیر کا شکار ہے، ڈی آئی جی سکیورٹی اسلام آباد نے عمران خان سے ملاقات میں روٹ کلئیرنس کے حوالے سے انہیں آگاہ کیا۔

سری نگر ہائی وے بند ہونے کی وجہ سے اندرون شہر میں ٹریفک جام ہے، سیکٹر جی 10، جی 11، جی 9 سروس روڈ پر گاڑیوں کی لائنیں لگ چکی ہیں، ہائیکورٹ کے اطراف سیکٹر جی 10 کی گلیوں میں بھی گاڑیوں کی آمدورفت میں اضافہ ہوا ہے، پولیس نے سری نگر ہائی وے سیکٹر جی 13 اور پشاور موڑ سے بند کر رکھی ہے۔

اسلام آباد پولیس کا مؤقف

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق جی تیرہ اور جی الیون میں کچھ لوگ پٹرول بموں کے ساتھ دیکھے گئے ہیں جبکہ کچھ لوگوں کے پاس اسلحہ کا بھی گمان ہے، ایسے حالات میں دہشتگردی کے خدشات میں اضافہ ہو جاتا ہے، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

ترجمان پولیس نے مزید بتایا کہ فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے ہیں، سرچ ٹیمیں قرب و جوار میں حالات کا جائزہ لے رہی ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل چیئرمین تحریک انصاف کی لیگل ٹیم نے بنی گالہ میں قیام کا مشورہ دیا تھا، بعد میں راہداری ضمانت ملنے پر لاہور زمان پارک جانے کا فیصلہ کیا گیا، پی ٹی آئی نے اپنے کارکنان کو زمان پارک پہنچنے کی ہدایت بھی کی ہے۔