اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
شیریں مزاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو ہونے والے واقعات کی مذمت کرتی ہوں، اسلام آباد ہائی کورٹ میں انڈرٹیکنگ بھی جمع کرا دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جی ایچ کیو، پارلیمان جیسے اداروں پر حملے کی مذمت کرتی ہوں، ریاستی علامتوں کو نشانہ بنانے کی سب کو مذمت کرنی چاہیے، ہمیشہ ہر قسم کے تشدد کے خلاف ہوں۔
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے سیاست چھوڑ رہی ہوں، آج سے میں تحریک انصاف یا کسی بھی سیاسی جماعت کا حصہ نہیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ میرے خاوند کے انتقال کو 5 ماہ ہو گئے ہیں، اس وقت میری ترجیح میرے بچے ہیں، میری طبعیت ٹھیک نہیں ہے سب کا بہت بہت شکریہ۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کو عدالت سے رہائی کے بعد پانچویں مرتبہ گرفتار کیا گیا تھا۔
شیریں مزاری کو جوڈیشل مجسٹریٹ کھاریاں اختر علی کی عدالت میں پیش کیا گیا، شیریں مزاری پر الزام تھا کہ انہوں نے کھاریاں میں پاکستان مخالف مظاہرے میں شرکت کی اور ہجوم کو اشتعال دلایا۔