لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی ممکنہ گرفتاری کے سلسلہ میں پولیس کی بھاری نفری ظہور الٰہی روڈ پہنچ گئی۔
چودھری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس اہلکار تعینات کر دئیے گئے، پرویز الٰہی کے گھر سے کسی کو باہر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
یہ بھی پڑھیں: منصوبوں میں مبینہ کرپشن کیس: پرویز الہٰی کی عبوری ضمانت خارج
بتایا گیا ہے کہ ایس پی عمارہ شیرازی بھی پولیس نفری کے ساتھ ظہور الٰہی روڈ پر موجود ہیں، چودھری پرویز الٰہی کے وکلا بھی ان کی رہائشگاہ پہنچ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ آج ہی لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے کیس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی ضمانت خارج کی تھی۔
ترجمان کے مطابق چودھری پرویز الٰہی گھر پر موجود نہیں ہیں، پولیس سرچ وارنٹ دکھائے تو گھر میں تلاشی کی اجازت دیں گے۔
پرویز الٰہی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گھر میں صرف خواتین موجود ہیں، سرچ وارنٹ کیساتھ صرف لیڈی پولیس اہلکار گھر میں داخل ہوسکتی ہیں۔
لیگل ٹیم کی پولیس حکام سے بات چیت
چودھری پرویز الٰہی کی لیگل ٹیم نے پولیس سے سرچ وارنٹ مانگتے ہوئے کہا کہ پہلی بات یہ ہے کہ پرویز الٰہی گھر میں موجود نہیں ہیں، دوسری بات یہ ہے کہ سرچ وارنٹ دکھا دیں ہم خود آپ کو گھر کی تلاشی لے دیتے ہیں، تیسری بات یہ ہے کہ آپ نے دونوں باتوں کو نہیں ماننا تو پھر جو دھکا کرنا ہے کر لیں یہ رہا دروازہ۔
پولیس حکام نے لیگل ٹیم سے کہا کہ اندر جا کر بات کر لیتے ہیں، جس کے بعد پولیس حکام اور لیگل ٹیم چودھری پرویز الٰہی کے گھر کے اندر چلی گئی۔