لاہور (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور چڑیا گھر اور سفاری پارک کے اپ گریڈیشن منصوبے کی منظوری دے دی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں لاہور چڑیا گھر اور سفاری پارک کی اپ گریڈیشن کے پلان پر بریفنگ دی گئی، نگران وزیراعلیٰ نے دونوں منصوبوں کی منظوری دے دی۔
لاہور چڑیا گھر اور سفاری پارک میں نئے جانور اور پرندے لائے جائیں گے، پانڈا، دریائی گھوڑا، گینڈا، افریقن کبوتر اور کالا جیگوار کا چڑیا گھر میں اضافہ کیا جائے گا، دیگر جانور اور پرندے بھی چڑیا گھر کی رونق میں اضافہ کریں گے، اژدھا اور سانپ کی نئی اقسام بھی لاہور چڑیا گھر میں لائی جائیں گی، سفاری پارک میں ہاتھی، گینڈا، زرافہ، زیبرا، شترمرغ اور ہرن کی مختلف اقسام کا اضافہ کیا جائے گا، لاہور چڑیا گھر اور سفاری پارک کے ایکوریم میں 142 اقسام کی سمندری حیات بھی رکھی جائیں گی۔
جانوروں کے لئے عالمی معیار کے پنجرے بنائے جائیں گے، سفاری پارک میں افریقن زون، ڈیزٹ اور سالٹ رینج بنائے جائیں گے، نائٹ سفاری بھی شروع کی جائے گی، شہری سفاری پارک میں بنائے گئے خصوصی ہٹ میں قیام بھی کر سکیں گے، محسن نقوی نے لاہور چڑیا گھر اور سفاری پارک میں ای ٹکٹنگ سسٹم متعارف کرانے کی ہدایت بھی کر دی۔
نگران وزیراعلٰی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ لاہور چڑیا گھر اور سفاری پارک کو انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا۔