سمارٹ لاک ڈاؤن کا دوسرا روز، پنجاب کے 10 اضلاع میں آج بھی تعلیمی ادارے بند

Published On 25 November,2023 08:50 am

لاہور: (دنیا نیوز) سموگ کی روک تھام کیلئے لاہور سمیت پنجاب کے 10 اضلاع میں لاک ڈاؤن کا آج دوسرا روز ہے۔

لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالا، ملتان، ساہیوال اور سرگودھا ڈویژن میں آج بھی تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بند ہیں جبکہ تمام شہروں میں مارکیٹیں تین بجے کھلیں گی اور اتوار کو ہر طرح کا کاروبار بند رہے گا۔

لاہور میں اتوار کو مال روڈ پر گاڑیوں کا داخلہ بند ہوگا، صرف سائیکل سواروں کو اجازت ہوگی۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تیز بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں آج تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ سندھ کے کچھ اضلاع میں بھی آندھی اور بارش کا امکان ہے۔

کراچی میں موسم ابر آلود رہے گا، جبکہ بارش سے درجہ حرارت میں کمی آئے گی۔

اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے پنجاب میں صبح کے وقت سموگ اور دھند چھائے رہنے کی بھی پیشگوئی کی ہے۔