ملتان: (دنیا نیوز) جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر اقتدار ملتا ہے تو صاحب اقتدار ہوکر ہر شہری کے حق کا تحفظ کرنا ہے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک سجاد کو جماعت میں شمولیت پر خوش آمدید کہتا ہوں، میری زندگی کی تعمیر میں اس بستی کا بڑا کردار ہے، میں شوگر کا مریض ہوں لیکن آم کھانے ادھر ہی آیا کرتا ہوں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کا تاسیس کسی ایک مسلک کے علماء کا نہیں، برصغیر کے تمام مکاتب فکر کے علماء تاسیس کے وقت موجود تھے، ہم نے سیاست کی ہے، دینی اور مذہبی رویوں کو برقرار رکھا ہے، ہم نے ان رویوں کو اپنایا جس میں فرقہ واریت کی گنجائش نہیں۔
جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ اختلاف میں نرمی اور شدت پیدا کرنا انسان کے اپنے اختیار میں ہے، ہمیں اختلافات میں نرمی کو فروغ دینا ہے شدت کو نہیں، عوام کے ساتھ ہمارا تعلق سماجی ہونا چاہئے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حق بات کو فروغ دینا شائستہ لب ولہجے میں بھی ہوسکتا ہے، اللہ لوگوں کو دعوت کا طریقہ سکھاتا ہے، جمعیت علماء اسلام ایک سیاسی قوت ہے، اسلام کے خلاف کوئی فتنہ کھڑا ہوتا ہے تو مقابلہ کرنا ہمارے فرائض میں شامل ہے۔