اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس نے 16 دسمبر کو ترکی روانگی کے وقت کسی قسم کا پروٹوکول یا استثنی نہیں لیا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں مزید کہا گیا چیف جسٹس نے ایئر پورٹ پر لیموزین اور وی آئی پی لاؤنج کی سہولت لینے سے بھی انکار کیا، اہلیہ مسز سرینا عیسیٰ نے اے ایس ایف کے خواتین کے مخصوص کمرے میں جاکر تلاشی دی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ایئرپورٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے مسز سرینا عیسیٰ کی جسمانی تلاشی کی تصدیق کی جا سکتی ہے، رجسٹرار سپریم کورٹ نے سیکرٹری ایوی ایشن کو خط لکھ کر تضاد کی نشاندہی کی تھی، سابق ججز اور ان کی بیگمات کو ایئرپورٹ پر جسمانی تلاشی سے استثنیٰ حاصل تھا۔
جاری کئے گئے اعلامیہ میں مزید کہا گیا حاضر سروس ججز کی بیگمات کی تلاشی لی جاتی ہے، رجسٹرار کے خط پر وضاحت کی بجائے ڈی جی اے ایس ایف نے ججز کی بیگمات کو استثنیٰ دینے کا خط جاری کر دیا۔