پشاور:(دنیا نیوز ) خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے حسن خیل میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں دہشت گردوں کے سرغنہ ایاز عرف محمد اور احمدی عرف کوچی ہلاک جبکہ 2 دیگر زخمی ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن 30 اور 31 مئی کی درمیانی شب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا مؤثر انداز میں پتہ لگایا، آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا سرغنہ ایاز عرف محمد اور دہشت گرد احمدی عرف کوچی مارا گیا جبکہ دو دیگر دہشت گرد زخمی ہو گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے، اہل علاقہ نے سکیورٹی فورسز کے آپریشن کو سراہا، مزید کہنا تھا کہ علاقے میں موجود کسی دوسرے دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔