اسلام آباد: (دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ملک میں آئین اور قانون کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ کا کیس بانی پی ٹی آئی پر 4 مرتبہ بنایا گیا، تاریخ میں ایسی مثال کہیں نہیں ملتی، القادر ٹرسٹ اور توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری نہیں بنتی، ان دونوں کیسز میں سزا دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی پر صرف ایک کیس ہے، جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کرکے بشریٰ بی بی کو جیل میں رکھا گیا ہے، بشریٰ بی بی ایک غیر سیاسی خاتون ہیں، بشریٰ بی بی کو جیل میں رکھ کر بانی پی ٹی آئی کو قرب پہنچانے اور کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اگر سزا دینی ہے تو دیں، ان کو خود بھی معلوم ہے اگر سزا سنائی تو دوسری عدالت سے سزا فوری ختم ہو جائے گی، بانی پی ٹی آئی ذہنی اور جسمانی طور پر مضبوط ہیں، بانی پی ٹی آئی کو کوئی نہیں توڑ سکا، ملک میں اس وقت جان اور مال کا تحفظ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں ایک نامور شخص کو انصاف نہیں مل رہا تو عام شخص کو کیا امید ہو گی، سیاسی ،قانونی اور آئینی طور پر ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے، ان آئینی ترامیم کو میں شیطانی ترامیم کہتا ہوں، لوگوں کو اٹھایا جارہا ہے، کوشش کی جارہی ہے لوگ غیر آئینی ترامیم کیلئے ووٹ دیں، ایک خاص حکمران ٹولے کے مفادات کیلئے سارا کھیل رچایا جارہا ہے۔
رہنما تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں تذبذب کا ماحول بنا ہوا ہے، تمام سختیوں کے باوجود ہم سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے، کل ہمارا احتجاج ہورہا ہے، کوشش کررہے ہیں چیزوں کو آئین وقانون کے دائرے میں رکھتے ہوئے کریں۔
شیخ وقاص اکرم
پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ آئینی ترمیم ملک میں صرف اور صرف ایک فرد واحد کے لئے لائی جارہی ہیں، یہ ترامیم بانی پی ٹی آئی کو مزید نقصان پہنچانے کیلئے لائی جارہی ہیں، ان لوگوں کو پارلیمان میں بھی ایک خاص مقصد کے لئے بٹھایا گیا ہے، جب تک پی ٹی آئی موجود ہے ہم آخری سانس تک ان ترامیم کی مخالفت کرینگے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں پارلیمنٹ کے اندر سے ایم این ایز کو اٹھایا گیا، پہلے یہ باہر سے حملہ کر رہے تھے اب پارلیمنٹ میں رہتے ہوئے کررہے ہیں، ہم آئین کے تحفظ کے لئے ملک میں موجود ہیں،ہمارے ایم این ایز کے نمبرز پورے ہیں، ہمارے ایم این ایز ہمارے بغیر کہیں نہیں جاسکتے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ الیکشن کمیشن پارٹی بن چکا ہے، ملک میں بحران صرف اور صرف الیکشن کمیشن کی وجہ سے ہے، ہم نے کل جلسہ کرنا تھا لیکن یہ ہمیں جگہ ٹھیک نہیں دیتے، این او سی دے کر یہ راستے بند کر دیتے ہیں، جلسے کا وقت دو بجے دیتے ہیں، کون دن دو بجے جلسہ کرتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کل لیاقت باغ میں ہم بھر پور احتجاج کرینگے، یہ ہمارا آئینی حق ہے اس کو ہم سے کوئی نہیں چھین سکتا، جو بھی ملک لوٹنے والوں کو پناہ دے گا وہ ملک کا دشمن ہے۔