خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کے پی حکومت ابھی تک رمضان پیکج کی تقسیم تو دور اعلان بھی نہیں کرسکی۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پنجاب میں رمضان نگہبان پیکج کی تقسیم کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے، ہر مستحق کو میرٹ کی بنیاد پر اسکی دہلیز پر امداد پہنچائی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت کےلیے بانی کی آنکھ،بانی کے دانت اور بانی کی جیل میں آسائشیں اہم ہیں، کے پی حکومت کا فوکس رمضان سے زیادہ رہائی فورس اور نیا فتنہ پھیلانے پر ہے جبکہ خیبر پختونخواہ میں ابھی تک ڈیجیٹل ڈیٹا ہی جمع نہیں کیا جا سکا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا گزشتہ سال بھی کے پی حکومت کا رمضان پیکج پارٹی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی فہرستوں پر دیا گیا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے صوبے بھر میں سروے مکمل کیا، اس سروے کے تحت پنجاب کے ہر شہری کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا ہے، پنجاب میں اسی سروے کے تحت 42 لاکھ خاندانوں کو رمضان نگہبان کارڈ مل رہے ہیں تاہم اسی کے تحت مسیحی برادری کو بھی امدادی رقم الگ سے مل رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا رمضان پیکج ہے، پنجاب واحد صوبہ ہے جس میں 74 سہولت بازار فنکشنل ہو چکے ہیں۔
مریم کے دسترخوان سے روزانہ ہر تحصیل میں دو ہزار روزہ داروں کی افطاری کروائی جا رہی ہے۔